Tag: ریاض

  • خروج و عودہ کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت

    خروج و عودہ کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت

    ریاض: خروج و عودہ حاصل کرنے کے بعد سفر نہ کریں تو کیا مشکل ہوسکتی ہے، سعودی حکام نے اس حوالے سے وضاحت کردی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے، آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں ان سے آگاہی ضروری ہے۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ کی بیشتر خدمات (جوازات) آن لائن فراہم کی جارہی ہیں، گزشتہ برس کرونا وائرس کے دوران اقامہ اور دیگر معاملات کو نمٹانے کے لیے جوازات نے ابشر اور مقیم پورٹل پر خصوصی سروس کا آغاز کیا تھا۔

    جوازات کے ٹویٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ اپنے سائق خاص (فیملی ڈرائیور) کا ہروب لگایا تھا مگر اب وہ واپس ڈیوٹی پر آگیا ہے، ہروب کیسے کینسل کروایا جائے۔

    جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ گھریلو ملازمین کے ہروب کو کینسل کروانے کے لیے 15 دن کا وقت ہوتا ہے، جوازات کی ڈیجیٹل خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے ہروب کینسل کروانا ممکن ہے۔ مقررہ دو ہفتے کے اندر ابشر پورٹل پر موجود سروس تواصل میں جائیں جہاں مطلوبہ براؤز میں تفصیلات درج کریں اور ارسال کردیں۔

    خیال رہے کہ ابشر پورٹل پر جہاں اقامہ کی تجدید و خروج و عودہ ویزے کے حصول کے علاوہ متعدد سہولتیں موجود ہیں وہاں خصوصی طور پر جاری کردہ براؤز تواصل کا بھی اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل رسائل والطلبات کے عنوان سے یہ سہولت محدود طریقے سے پیش کی جارہی تھی۔

    تواصل کے معنی رابطے کے ہیں اور اس سروس کا بنیادی مقصد لوگوں کو جوازات کے دفتر میں بلائے بغیر ان کے مسائل کو حل کرنا ہے۔

    تواصل سروس پر کسی بھی معاملے کے بارے میں جو خود کار طریقے سے مکمل نہیں ہوتا درخواست دی جاسکتی ہے، تاہم اس کے لیے اہم امور کا خیال رکھنا ضروری ہے جن میں درخواست دیتے ہوئے معاملے کے درست اور مختصر نکات درج کیے جائیں، اگرکوئی دستاویزی ثبوت بھی ہو تو اس کی فوٹو اپ لوڈ کردی جائے۔

    ایک غیر ملکی کی جانب سے خروج و عودہ کے حوالے سے پوچھا گیا کہ خروج و عودہ حاصل کرلیا، مگر سفرکرنے کا ارادہ ملتوی کردیا کیا اس صورت میں کسی قسم کی مشکل ہو سکتی ہے؟

    جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ خروج و عودہ ویزے کی مدت کے دوران سفر نہ کرنے پر اسے کینسل کروانا لازمی ہے، بصورت دیگر ویزا کینسل نہ کرنے پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ خروج و عودہ کی فیس ماہانہ بنیاد پر وصول کی جاتی ہے جو 100 ریال ماہانہ ہے جبکہ کم از کم 2 ماہ کی مدت کا خروج و عودہ جاری کروایا جاتا ہے۔

    یہ بھی خیال رکھا جائے کہ خروج و عودہ جاری ہونے کے بعد جمع کروائی گئی فیس ناقابل واپسی ہوتی ہے۔

    ویزے کی مدت کے دوران اسے استعمال نہ کرنے یعنی سفر نہ کرنے کی صورت میں یہ لازمی ہے کہ ویزے کو مقررہ مدت کے دوران کینسل کروایا جائے، بصورت دیگر مدت ختم ہونے پر ایک ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے۔ جب تک جرمانہ ادا نہیں کیا جاتا اقامہ کی تجدید میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔

  • کمسن بچی کی تیندوے کو ٹہلانے کی ویڈیو وائرل

    کمسن بچی کی تیندوے کو ٹہلانے کی ویڈیو وائرل

    ریاض: سعودی عرب میں کمسن بچی کی تیندوے کو سیر کروانے کی ویڈیو نہ صرف سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی بلکہ حکام بھی حرکت میں آگئے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کمسن بچی ایک پارک شدہ گاڑی سے نیچے اترتی ہے اور کسی کو کھینچ کر باہر نکالتی ہے جو بعد ازاں تیندوا ثابت ہوا۔

    تیندوا بچی سے سنبھل نہیں رہا اور وہ اس کے گلے میں بندھی زنجیر سے بمشکل اسے قابو کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سعودی حکام نے واقعے کا نوٹس لے لیا، حکام کا کہنا ہے کہ یہ جنگلی حیات کے حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اس پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں جنگلی جانوروں کو گھر میں رکھنے پر پابندی عائد ہے اور اس کی خلاف ورزی پر 10 سال قید اور 3 کروڑ ریال کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔

    سعودی عرب میں گزشتہ ہفتے ہی ایک پالتو شیر کے ہاتھوں سعودی شہری کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد سعودی حکام نے اس حوالے سے ایک بار پھر وارننگ دی ہے۔

  • سعودی عرب: 12 سالہ رائٹر کا عالمی ریکارڈ

    سعودی عرب: 12 سالہ رائٹر کا عالمی ریکارڈ

    ریاض: سعودی عرب کی 12 سالہ مصنفہ ریتاج الحازمی نے 2 ناول شائع کرنے کے بعد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کروا لیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی 12 سالہ مصنفہ ریتاج الحازمی نے اپنے 2 ناول شائع ہونے کے بعد گنیز ورلڈ ریکارڈ میں ناول سیریز کی سب سے کم عمر مصنفہ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

    ریتاج الحازمی نے اس سال اپنا تیسرا ناول بھی شائع کیا ہے جبکہ وہ مزید دو پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    ریتاج کو افسانے اور تخیلاتی کہانیاں پڑھنے کا شوق تھا، ان کا تجسس اس وقت مزید بڑھ گیا جب 2016 میں ان کے والد انہیں ایک دکان پر رکھی بڑے مصنفین کی کتابوں کے شیلف کے سامنے لے گئے، وہ ان کتابوں کے ساتھ اپنی تصنیف بھی دیکھنا چاہتی تھیں۔

    ریتاج نے اپنے ہم عمر افراد کے لیے لکھنے کا ارادہ کیا کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر کتابیں بڑی عمر والے افراد کے لیے ہیں، انہوں نے بتایا کہ جس دن سے میں نے پڑھنے پر اپنی توجہ مرکوز کی تو میں نے ارادہ کر لیا کہ بڑی ہو کر کیا بننا چاہتی ہوں۔

    کم عمر ناول نگار کا خیال تھا کہ ان کی پہلی کتاب افسانہ نگاری پر ہو، وہ چاہتی ہیں کہ ان کی کتاب میں ایک ایسا خیال ہو جو قارئین کو ان کے خواب پورا کرنے میں معاون ہو۔

    ریتاج نے اپنی پہلی کتاب کا مسودہ مکمل کرنے کے بعد اسے ایڈیٹر کے پاس بھیجا جس نے اسے بتایا کہ اسے پہلے سوچنے سے کہیں زیادہ تفصیل سے بیان کرنے کی ضرورت ہے۔

    ان کے والد نے اصرار کیا کہ وہ اس کام میں مہارت حاصل کرنے اور لکھنے کے اسلوب کے بارے میں جاننے کے لیے کچھ کورسز کریں، اس کے بعد انہوں نے اپنی کتاب کا پورا مسودہ دوبارہ لکھا۔

    انہوں نے بتایا کہ میں نے جو کچھ اس کے بارے میں سیکھا اسے لکھنا شروع کیا۔

    ریتاج نے سنہ 2018 کے آخر میں اپنی پہلی کتاب ٹریژر آف دی لاسٹ سی مکمل کی، اسے ایڈیٹر کے پاس بھیجا اور اپنا دوسرا ناول پورٹل آف دی ہڈن ورلڈ لکھنا شروع کردیا۔ یہ دونوں کتابیں سنہ 2019 میں شائع ہوگئی تھیں۔

    انہوں نے بتایا کہ دو کتابوں کی اشاعت کے بعد انہوں نے ریاض بین الاقوامی کتاب میلے میں شرکت کی اور وہاں میں نے اپنی پہلی کتاب پر دستخط کیے۔ اس وقت ان کا ایک ٹی وی چینل نے انٹرویو بھی کیا۔

    ریتاج نے جنوری 2020 میں ایک پبلشنگ ہاؤس کے ساتھ معاہدہ کیا ہے اور اسی سال اپنی سیریز کی تیسری کتاب لکھنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔

    ریتاج کا کہنا ہے کہ سب کے لیے میرا پیغام ہے خاص طور پر میری عمر کے ان افراد کے لیے جو بڑے خواب دیکھتے ہیں وہ انتظار نہ کریں جو کچھ کرنا ہے ابھی کریں، آپ کے پاس آئیڈیاز ہیں تو مواقع بنائیں۔

  • سعودی عرب میں سمندری سیاحت کا شاندار ٹور

    سعودی عرب میں سمندری سیاحت کا شاندار ٹور

    ریاض: سعودی عرب نے بحیرہ احمر میں سیاحت کے لیے شاندار ٹور تشکیل دیا ہے اور اس کے لیے بین الاقوامی کروز کمپنی سے معاہدہ کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ایم ایس سی کروزز کمپنی جدہ سے سعودی کروز کمپنی کے تعاون سے بحیرہ احمر دریافت کرنے کے لیے نئے سیاحتی پروگرام کرے گی، ایم ایس سی کروزز کا ہیڈ کوارٹر سوئٹزر لینڈ میں ہے۔

    ایم ایس سی کروزز نے کہا کہ ایکم ایس سی میگنفک پر 7 روزہ ٹور جدہ سے روانہ ہوگا اور العقبہ بندرگاہ میں لنگر انداز ہوگا۔ وہاں سے اردنی شہر البترا جائے گا۔

    اس کے بعد مصری بندرگاہ سفاجا پہنچے گا، دورے میں الاقصر میں تاریخی مقامات کی سیر بھی کروائی جائے گی جبکہ کروز الوجہ اور ینبع بندرگاہوں پر بھی سٹیشن کرے گی۔

    سعودی کروز کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے ایم ایس سی کروزز کے ساتھ طویل المیعاد شراکت کا پروگرام بنایا ہے۔

    کمپنی کے رکن فواز فاروقی نے کہا کہ ہم مستقبل میں سعودی روٹس پر چلنے والے جہازوں کی تعداد اور حجم بڑھانے کے امکانات دریافت کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ بحیرہ احمر کے سیاحتی پروگرام نومبر 2021 سے شروع ہوں گے اور ان کا سلسلہ مارچ 2022 تک چلے گا۔

  • ہیلتھ ورکر نے سعودی شہری کو کرونا ویکسین کے نام پر خالی انجیکشن لگا دیا

    ہیلتھ ورکر نے سعودی شہری کو کرونا ویکسین کے نام پر خالی انجیکشن لگا دیا

    ریاض: سعودی عرب میں ایک ہیلتھ پریکٹشنر نے سعودی شہری کو کرونا وائرس ویکسین کے نام پر دوا سے خالی سرنج سے انجیکشن لگا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض میں ایک ایشیائی پریکٹشنر کو گرفتار کیا گیا ہے، جس نے ایک سعودی شہری کو کرونا وائرس کی ویکسین کے نام پر خالی انجیکشن لگا دیا تھا، اور اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی۔

    اتوار کو جاری ایک بیان میں ریاض میں محکمہ صحت کے جنرل ڈائریکٹوریٹ نے وضاحت کی کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کا تعلق اسی واقعے سے ہے، جس میں ایک ایشیائی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ یہ واقعہ ایک ماہ قبل کا ہے، ویڈیو میں ایک سعودی شہری کو ایک ایسا انجیکشن لگاتے دیکھا گیا جس میں کرونا سے بچاؤ کی ویکسین موجود نہیں تھی۔

    بیان کے مطابق جب واقعے کی تحقیقات کی گئیں تو مذکورہ ہیلتھ پریکٹشنر کا تعلق ریاض کے ایک نجی میڈیکل کالج سے نکلا، جسے گرفتار کر لیا گیا، جب کہ مذکورہ شہری سے بھی رابطہ کر کے انھیں ضروری ہیلتھ سروسز فراہم کی گئیں۔

    ڈائریکٹوریٹ نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کا رویہ ہر صورت میں ناقابل قبول ہے، نہ ہی وزارت صحت کے منظور شدہ طبی اصولوں کے مطابق ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کے سلسلے میں متعلقہ حکام مزید تحقیقات کر رہے ہیں، ضوابط کے مطابق جو بھی ضروری اقدام اٹھانا پڑا، اٹھایا جائے گا۔

  • سعودیہ ایئر لائنز کا سفر کرنے والوں کے لیے اہم اعلان

    سعودیہ ایئر لائنز کا سفر کرنے والوں کے لیے اہم اعلان

    ریاض: سعودیہ ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ وہ ڈیجیٹل ٹریول اینڈ ہیلتھ پاس کی آزمائش کرے گی، یہ ایپ پرواز کی تفصیلات اور پاسپورٹ ڈیٹا سمیت ذاتی معلومات کے علاوہ کرونا ٹیسٹ کے تصدیق شدہ نتائج اور ویکسی نیشن کا ثبوت بھی محفوظ رکھ سکتی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودیہ ایئر لائنز نے گذشتہ روز اعلان کیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ایاٹا کے تیار کردہ ڈیجیٹل ٹریول اینڈ ہیلتھ پاس کی آزمائش کرے گی۔

    ہیلتھ پاس کی آزمائش 19 اپریل سے کوالالمپور تا جدہ روٹ پر شروع ہوگی۔

    ڈیجیٹل ٹریول پاس ایک موبائل ایپ ہے جو مسافروں کو آسان اور محفوظ طریقے سے سفری معلومات اور دستاویزات کا اہتمام کرنے میں مدد کرتی ہے اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کسی بھی سرکاری احتیاطی تقاضوں کو پورا کرتی ہے۔

    یہ ایپ پرواز کی تفصیلات اور پاسپورٹ ڈیٹا سمیت ذاتی معلومات کے علاوہ کرونا ٹیسٹ کے تصدیق شدہ نتائج اور ویکسی نیشن کا ثبوت بھی محفوظ رکھ سکتی ہے۔ اس میں ٹیسٹنگ لیبارٹری یا ایئر لائنز کے ساتھ مطلوبہ معلومات کو محفوظ طریقے سے شیئر کرنے کا آپشن شامل ہے۔

    ایاٹا کے مطابق صارفین کو اپنے ڈیٹا کی سیکیورٹی کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ خفیہ ہے اور فون پر یہ خفیہ شکل میں ہی محفوظ کیا جاتا ہے۔ اگر ایپ کو ڈیلیٹ کردیا جائے تو صارف کا وہ سب ڈیٹا ہے جو اس میں محفوظ ہے، وہ بھی ڈیلیٹ ہوجائے گا۔

    اس ایپ کا مقصد مسافروں کے لیے محفوظ اور منظم سفری تجربے کو یقینی بنانے میں مدد دینا ہے، یہ بین الاقوامی سفر پر محفوظ واپسی کو بھی یقینی بنانے کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو شہری ہوا بازی کے شعبے کی عالمی وبا کے اثرات سے بحالی میں مدد فراہم کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔

    جانچ اور آزمائش کے اس عمل کے دوران ایاٹا اس ایپ کو ایئر لائن نیٹ ورک کے لیے تیارکرنے کا کام کرے گی۔

    ریاض سے تعلق رکھنے والے عبداللہ المحسن نے اس بارے میں کہا ہے کہ یہ ایک خوش آئند ہے۔ مجھے توقع ہے کہ اس ایپ کی باقاعدہ منظوری دے دی جائے گی اور تمام بین الاقوامی پروازوں پر اس کا اطلاق ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اس کی مدد سے میرے لیے یہ ثبوت فراہم کرنا ممکن ہو جائے گا کہ میں نے کووڈ 19 ویکسین لگوا رکھی ہے، یوں مجھے اپنا استثنیٰ ثابت کرنے میں آسانی ہوگی۔

    ڈیجیٹل پاس کی آزمائش کا سلسلہ 17 مئی تک جاری رہے گا، ایپ استعمال کرنے والے مسافروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاہم اسے ضرورت قرار نہیں دیا گیا۔

    آزمائشی مدت کے دوران مسافروں کے لیے سفر کے دوران ایسی روایتی دستاویزات، مطبوعہ یا ڈیجیٹل شکل میں ساتھ رکھنا ضروری ہے جس میں کسی مجاز کلینک کے ذریعہ پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ موجود ہو کیونکہ امیگریشن اور صحت کے حکام اس کا تقاضہ کر سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ٹریول پاس سعودی عرب کے لیے موجودہ سفری یا داخلے کی ضروریات کی جگہ نہیں لیتا جو اگر قابل اطلاق ہو تو کارآمد پاسپورٹ اور ویزا رکھنے پر مشتمل ہے۔

  • سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سوشل میڈیا اسٹارز بھی پھنس گئے

    سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سوشل میڈیا اسٹارز بھی پھنس گئے

    ریاض: سعودی عرب میں سوشل میڈیا کی ان معروف شخصیات کے خلاف کارروائی کی گئی جو تجارتی اشیا کی تشہیر کر رہے تھے، جس کی وجہ سے لوگوں کی غیر معمولی تعداد وہاں پہنچ کر کرونا وائرس ایس او پیز کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے اور تجارتی مراکز کے اشتہارات بنانے پر اسنیپ چیٹ کی مزید 13 معروف شخصیات کے خلاف کیسز درج کر لیے گئے۔

    اب تک اسنیپ چیٹ کی معروف شخصیات کی تعداد 20 ہو چکی ہے جن پر کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی درج کی گئی ہے۔ سعودی وزارت تجارت نے کرونا وائرس کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

    اسنیپ چیٹ کی جن مشہورشخصیات پر خلاف ورزی درج کی گئی ہے ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تجارتی مراکز کے لیے اشتہاری مہم کی جس سے ان مارکیٹس میں لوگوں کا غیر معمولی رش ہوگیا جس کی وجہ سے کرونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرنا ممکن نہیں رہا۔

    قبل ازیں وزارت تجارت نے اسنیپ چیٹ کی 7 معروف شخصیات جن میں خواتین بھی شامل تھیں، کے خلاف مقدمہ دائر کر کے ان کا کیس وزارت داخلہ کو ارسال کردیا تھا جبکہ مزید خلاف ورزیوں پر 13 شخصیات کے خلاف کیس وزارت داخلہ کو ارسال کیا گیا ہے۔

    اس ضمن میں وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ تجارتی مالز اور مارکیٹوں میں سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کو یقینی بنانے کے لیے وزارت نے واضح طور پر ہدایت کی تھی کہ مارکیٹوں میں سماجی فاصلے کے اصول پر سختی سے عمل کیا جائے جس کی پابندی کرنا مارکیٹ و دکاندار کا فرض ہے، خلاف ورزی پر چالان کیا جائے گا۔

    وزارت تجارت کی جانب سے جاری ہدایت کے باوجود سوشل میڈیا کی معرف شخصیات نے مختلف دکانوں، شورومز، ورکشاپس، فرنیچر اور گھڑیوں کی دکان کا اشتہار بناتے ہوئے لوگوں کو وہاں آنے کی دعوت دی جس سے دکانوں اور تجارتی مراکز میں غیر معمولی رش ہونے کا اندیشہ پیدا ہوا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے متعدد کمرشل دکانوں اور مالز کو بند کیا جاچکا ہے جن کی اشتہاری مہم سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات نے کی تھی، افتتاح والے دن لوگوں کی بڑی تعداد میں وہاں پہنچنے سے سماجی فاصلے کے اصول پر عمل ممکن نہ ہونے پر مالز کو بھی سیل کیا گیا تھا۔

  • کرونا وائرس: سعودی وزارت صحت نے خبردار کردیا

    کرونا وائرس: سعودی وزارت صحت نے خبردار کردیا

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت صحت نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے وہ مریض جن میں علامات ظاہر نہیں ہورہیں اس وبا کے دوبارہ پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار کے مطابق کرونا وائرس لگنے کے 46 فیصد کیسز، مرض میں مبتلا ایسے افراد سے میل جول کی وجہ سے ہو رہے ہیں جنہیں پتہ نہیں ہوتا کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وبا کی علامتیں ظاہر نہ ہونے سے وہ لاعلمی میں ایک دوسرے سے ملتے جلتے رہتے ہیں اور انجانے میں ان کے احباب اور رشتہ دار کو وائرس لگ جاتا ہے۔

    وزارت صحت نے لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ کرونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر کی سختی سے پابندی کریں۔

    ہدایت کے مطابق خصوصاً حفاظتی ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں، ایسا کرنے پر لوگ ان لوگوں کی جانب سے بیماری منتقل ہونے سے بچے رہیں گے جنہیں خود بیماری لاحق ہونے کا علم نہیں ہوتا۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں جمعے کو دوسرے دن بھی کرونا وائرس کے 900 سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 7 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔

    اس سے قبل مملکت میں کرونا وائرس کے یومیہ نئے کیسز 100 سے بھی کم آرہے تھے، 7 ماہ بعد اب نئے کیسز دوبارہ بڑھ رہے ہیں۔

  • سعودی عرب: رمضان کے چاند کے حوالے سے اہم خبر

    سعودی عرب: رمضان کے چاند کے حوالے سے اہم خبر

    ریاض: سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے لوگوں سے چاند دیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے والے اپنی گواہی ریکارڈ کروا سکتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے اتوار کی شام رمضان کا چاند دیکھنے کی اپیل کردی ہے، عدالت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جو بھی رمضان کا چاند دیکھے اپنی گواہی ریکارڈ کروا سکتا ہے۔

    جمعے کو عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ام القریٰ کیلنڈر کے مطابق شعبان کا چاند 29 رجب کو دکھائی نہیں دیا تھا، جس کا سبب مملکت میں موسم کا غبار آلود ہونا بتایا گیا۔ اس کے بعد ام القریٰ کے کیلنڈر کے مطابق تاریخ کا تعین کیا گیا۔

    عدالت نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اتوار کو مملکت کے تمام علاقوں میں رمضان کا چاند دیکھنے کی اپیل کی جاتی ہے۔

    عدالت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی کو رمضان کا چاند دکھائی دے تو وہ اپنی گواہی کو ریکارڈ کروائے، اتوار کو چاند دکھائی نہ دینے کی صورت میں پیر جو کہ ام القریٰ کیلنڈر کے مطابق 30 شعبان، جبکہ عدالتی فیصلے کے مطابق 29 شعبان ہے، کی شام کو چاند دیکھا جائے۔

  • سعودی عرب: سیاحت کے فروغ کے لیے اہم کوشش

    سعودی عرب: سیاحت کے فروغ کے لیے اہم کوشش

    ریاض: سعودی عرب میں سیاحت کی بین الاقوامی تنظیم اپنا دفتر قائم کرے گی جس سے مملکت میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق دارالحکومت ریاض میں عالمی تنظیم سیاحت کا ریجنل آفس قائم کرے گا جو مملکت کی طرف سے عالمی تنظیم کے لیے تحفہ ہوگا۔

    سعودی سرکاری گزٹ ام القریٰ نے جمعے کو یہ اطلاع شائع کی ہے کہ سعودی کابینہ نے عالمی تنظیم سیاحت اور مملکت کے درمیان ریجنل آفس کے حوالے سے ہونے والے معاہدے کی منظوری دی ہے۔

    عالمی تنظیم اور سعودی عرب نے 17 ستمبر 2020 کو تبلیسی سٹی میں معاہدہ کیا تھا جو 10 نکات پر مشتمل ہے۔ اس کے تحت سعودی عرب عالمی تنظیم کو ریجنل آفس کے لیے مفت عمارت مہیا کرے گا البتہ ریاض میں دفتر کی جگہ کا انتخاب فریقین مل جل کر کریں گے۔

    عالمی تنظیم سیاحت ریجنل آفس کے تمام اہلکاروں کا تقرر کرے گی، ڈائریکٹر سمیت تمام اہلکاروں کی تقرری آرگنائزیشن ہی انجام دے گی۔ تمام اہلکار عالمی تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی نگرانی میں کام کریں گے۔