Tag: ریاض

  • سعودی طلبا کا اہم کارنامہ

    سعودی طلبا کا اہم کارنامہ

    ریاض: سعودی عرب میں طلبا نے کرونا وائرس کی مانیٹرنگ کا آلہ تیار کرلیا، آلے کی مدد سے کسی مقام پر آنے والے افراد کو اسکین کیا جاسکتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی طلبا کے ایک گروپ نے ایسا آلہ تیار کیا ہے جو پبلک مقامات جیسے کلینک وغیرہ پر مریضوں کے پہنچتے ہی انہیں سکین کرتا ہے اور اگر ان کا ٹمپریچر غیر معمولی ہو تو فوراً عملے کو الرٹ کر دیتا ہے۔

    یہ ڈیوائس درجہ حرارت معلوم کرنے کے فوراً بعد اسے سینی ٹائزنگ کے عمل سے جوڑتی ہے جس میں موجود الٹرا وائلٹ شعاعیں والٹ اور موبائل فون جیسی اشیا کو سینی ٹائز کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

    صنعتی الیکڑانکس اور انجینئرنگ کی تعلیم سے وابستہ طالب علم عادل التوبیتی کا کہنا ہے کہ ٹیم وبائی مرض کی وجہ سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد کرنے کی خواہش کی وجہ سے اس پر کام کرنا چاہتی تھی۔

    ٹیلی کام اینڈ الیکڑانکس کالج کے طلبا نے یہ آلہ گریجویشن پروجیکٹ کے طور پر تیار کیا ہے، طلبا کے پروفیسر السوریہی کا کہنا ہے کہ ہم کسی ایسی چیز پر کام کرنا چاہتے تھے جو لوگوں کی خدمت کے لیے کارآمد ثابت ہو سکے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے عام اصولوں کو یقینی بنانا اب بے حد ضروری ہوگیا ہے، ذاتی طور پر جانچ کرنے کے روایتی طریقوں کی جگہ کچھ ایسی چیزوں کا استعمال کرنا چاہیئے جو زیادہ مناسب ہو۔

    ٹیم کے مطابق اس منصوبے کو 2 ماہ میں مکمل کیا گیا ہے اور اب یہ مارکیٹنگ اور فروخت کے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔

  • ریاض: اسپتال کے سیکیورٹی گارڈ کے لیے وزیر صحت کا تحفہ

    ریاض: اسپتال کے سیکیورٹی گارڈ کے لیے وزیر صحت کا تحفہ

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض کے ایک اسپتال میں تعینات سیکیورٹی گارڈ کی فرض شناسی نے حکام کو بھی متاثر کردیا، سعودی وزیر صحت کی جانب سے گارڈ کو تعریفی خط موصول ہوا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ریاض کے ایک اسپتال میں فرض شناس سیکیورٹی گارڈ کو یادگاری تحفہ اور شکریے کا خط پیش کر کے سرپرائز دیا ہے۔

    سیکیورٹی گارڈ کو دیے گئے خط میں اس کے اخلاص اور ڈیوٹی کی غیر معمولی پابندی کی ستائش کی گئی ہے۔

    وزیر صحت نے خط میں لکھ کہ رفیق کار محمد الحارثی آپ کی حسن کارکردگی، ایثار، آنے جانے والے افراد کا خیر مقدم، عالی ہمتی، خوش گفتاری اور مسکرا کر استقبال کرنا سب کو اچھا لگ رہا ہے۔ میں سب کی جانب سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور آپ کے لیے ممنونیت اور قدر و منزلت کے جذبات رکھتا ہوں۔

    وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے وزیر صحت کی جانب سے تحفہ اور توصیفی سند الحارثی کو پیش کیا ہے۔

    سیکیورٹی گارڈ کی حسن کارکردگی کی رپورٹ وزارت صحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے دی تھی جنہیں اسپتال میں مختلف لوگوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے بھیجا گیا تھا۔

  • سعودی عرب: طویل عرصے سے مقیم فلپائنی نرس انتقال کر گئیں

    سعودی عرب: طویل عرصے سے مقیم فلپائنی نرس انتقال کر گئیں

    ریاض: سعودی عرب میں طویل عرصے سے مقیم ایک فلپائنی نرس انتقال کر گئیں جس نے مقامی افراد کو غمزدہ کردیا، نرس اپنی نرم دلی کے باعث بے حد مشہور تھیں اور انہیں ام اسماعیل کہا جاتا تھا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مسلسل 40 برس تک خدمت کرنے والی فلپائنی نرس کے انتقال پر باحہ میں رنج و الم کی لہر دوڑ گئی، نرس باحہ کی القری کمشنری میں رہائش پذیر تھیں اور وہ گردے فیل ہو جانے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئیں۔

    مقامی افراد فلپائنی نرس کو ام اسماعیل کہہ کر مخاطب کرتے تھے، نرس ہیلتھ سینٹر آنے والے مریضوں کی مدد اور علاج میں ہمیشہ پیش پیش رہتی تھیں ،علاقے کے تمام لوگ ان سے مانوس تھے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ام اسماعیل پر ڈیوٹی کے دوران فالج کا حملہ ہوا تھا، انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت مزید خراب ہوگئی اور ان کے گردے فیل ہوگئے۔ مقامی افراد نے ان کی مدد کے لیے 25 ہزار ریال جمع کر کے روانہ کیے تھے۔

    بعد ازاں فلپائنی نرس صحت زیادہ خراب ہوجانے پر فلپائن واپس چلی گئی تھیں جہاں ان کی خواہش تھی کہ اپنے رشتہ داروں کے درمیان رہ کر علاج کروائے۔

    تاہم وطن پہنچنے کے بعد ان کی حالت زیادہ خراب ہوگئی اور بالآخر وہ چل بسیں، نرس کی موت کی اطلاع پر مقامی افراد نے غائبانہ نماز جنازہ ادا کی اور شاندار الفاظ میں انہیں خراج عقید پیش کیا۔

  • سعودی عرب میں تیار کار جلد دستیاب ہونے کی توقع

    سعودی عرب میں تیار کار جلد دستیاب ہونے کی توقع

    ریاض: سعودی حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت کے اندر بنائی گئی پہلی کار سنہ 2022 میں دستیاب ہوجائے گی، کار اسمبلی سینٹر کا انجینیئرنگ ڈیزائن حتمی مراحل میں ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق انڈسٹریل ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر محمد الزہرانی کا کہنا ہے کہ جبیل میں رائل کمیشن نے مطلوبہ انفراسٹرکچر پر کام شروع کیا ہے جو تین بین الاقوامی کار ساز کمپنیوں کو مملکت میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرے گا۔

    محمد الزہرانی نے توقع ظاہر کی کہ سنہ 2022 میں سعودی عرب میں پہلی کار تیار ہو جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کار اسمبلی سینٹر کا انجینیئرنگ ڈیزائن حتمی مراحل میں ہے، یہ سینٹر جنوبی کوریا کے کار ساز ادارے سانگ یونگ موٹر کمپنی کے اشتراک سے بنایا جا رہا ہے۔

    انڈسٹریل ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ رائل کمیشن کی جانب سے کی گئی اسٹڈی کے مطابق سنہ 2040 تک سعودی عرب میں آٹو انڈسٹری میں 10 ارب ڈالر سے زائد کی براہ راست سرمایہ کاری متوقع ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ سعودی عرب کی جی ڈی پی میں 80 ارب ریال کا حصہ ڈالے گا اور 27 ہزار براہ راست ملازمتیں فراہم کرے گا۔

    محمد الزہرانی کا مزید کہنا تھا کہ مملکت کا آٹو کمپلیکس اسٹریٹجک انڈسٹریل منصوبے کا حصہ ہے۔ جبیل انڈسٹریل سٹی اور راس الخیر انڈسٹریل سٹی گاڑیوں کی تیاری کے لیے خام مال کا 90 فیصد فراہم کرتے ہیں۔

  • کرونا وائرس سے صحت یابی کے بعد 72 سالہ شخص کے لیے گاڑی کا تحفہ

    کرونا وائرس سے صحت یابی کے بعد 72 سالہ شخص کے لیے گاڑی کا تحفہ

    ریاض: سعودی عرب میں 72 سالہ شخص کے کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد اس کے بیٹے اور خاندان نے انہیں گاڑی تحفے میں دی، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    سعودی وہب سائٹ کے مطابق جازان ریجن کے ایک خاندان نے اپنے والد 72 سالہ محسن قصادی کو کرونا وائرس سے صحت یابی پر نئی گاڑی کا تحفہ دیا ہے۔

    محسن قصادی کے بیٹے موسیٰ نے بتایا کہ والد کے وبائی مرض سے صحت یابی کی خوشی میں احسان مندی کے اظہار کے لیے گاڑی کا تحفہ دیا ہے۔

    موسیٰ نے کہا کہ میرے والد 2 ہفتے سے موت و حیات کی کشمکش میں تھے، والد نے ہماری تعلیم و تربیت میں اپنی ساری توانائیاں لگا دیں۔ اولاد کا بھی فرض ہے کہ جب ماں باپ بوڑھے ہوجائیں تو وہ انہیں تنہا نہ چھوڑیں۔

    تحفے میں دی گئی گاڑی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تو صارفین نے اس کی غیر معمولی پذیرائی کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی کو خوب سجایا گیا تھا، گاڑی کی چابی لیتے وقت محسن قصادی کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آگئے۔

  • ڈاکار ریلی: ریس میں شریک ٹرک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا

    ڈاکار ریلی: ریس میں شریک ٹرک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا

    ماسکو / ریاض: سعودی عرب میں ہونے والی ڈاکار ریلی 2021 کے دوران روسی ٹرک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا، دو روز قبل ایک فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بھی ریس کے دوران حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہوچکا ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق رواں برس سعودی عرب میں ہونے والی ڈاکار ریلی 2021 کے دوران روسی ٹرک ایک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق روسی کاماز ماسٹر ٹیم کا ٹرک جسے ڈرائیور انتون شیبلوف چلا رہے تھے، ڈاکار ریلی میراتھن کے منتظمین کے ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔ روسی میڈیا کے مطابق میراتھن کے بارہویں مرحلے کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔

    وہاں موجود افراد کی جانب سے واقعے کی ویڈیو بھی بنا لی گئی۔

    روسی ٹیم کے پریس اتاچی ایرک خیرالن نے میڈیا کو بتایا کہ ریس کے دوران جب ٹرک تیز رفتاری سے اسپرنگ بورڈ پر اچھلا تو اس نے ہیلی کاپٹر کے ایک سرے کو انتہائی قریب سے چھو لیا، ہیلی کاپٹر انتہائی نچلی پرواز کر رہا تھا۔

    خوش قسمتی سے ٹرک کے انتہائی معمولی ٹکرانے سے اور ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی حاضر دماغی سے کوئی بڑا حادثہ رونما ہونے سے بال بال بچ گیا، اس حادثے کے نتیجے میں ٹرک کے انٹیک کو معمولی نقصان پہنچا۔

    دو روز قبل ڈاکار ریلی میں ایک فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بھی ہلاک ہوچکا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بیار شربان ساتویں راؤنڈ کے دوران حادثے سے دو چار ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہوا۔ موٹر سائیکل سوار کو فضائی ایمبولینس کے ذریعے جدہ سے فرانس لے جایا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

    سعودی وزارت کھیل اور ڈاکار ریلی کی انتظامیہ نے موٹر سائیکلسٹ کے اہل خانہ سے تقزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

  • سعودی عرب: ڈوبتے ہوئے بچے کو بچانے والا شہری ہیرو قرار

    سعودی عرب: ڈوبتے ہوئے بچے کو بچانے والا شہری ہیرو قرار

    ریاض: ایک سعودی شہری نے تیراکی نہ جاننے کے باوجود ایک بچے کو ڈوبتے ہوئے دیکھا تو بلا جھجھک پانی میں چھلانگ دی اور بچے کی جان بچا لی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ایک سعودی شہری نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے ایک بپھری ہوئی ندی میں ڈوبتے ہوئے بچے کو بچا لیا جب کہ وہ تیرنا بھی نہیں جانتا تھا۔

    بچہ برساتی ندی کے کنارے پانی میں گر گیا تھا جو پانی کے تیز بہاؤ کے باعث سنبھل نہیں سکا، ڈوبتے ہوئے بچے کو دیکھ کر اس شخص نے پانی میں چھلانگ لگا دی۔

    وہاں موجود افراد کی جانب سے بنائی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ ندی کے گدلے پانی کی سطح پر موجود ہے جبکہ کچھ لوگ کنارے سے خوفزدہ حالت میں اسے دیکھ رہے ہیں۔

    ایسے میں سعودی شہری عامر الشہری نے تیراکی نہ جانتے ہوئے اور اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے کسی حفاظتی اقدام کے بغیر ندی میں چھلانگ لگا دی۔ شہری نے اپنے حواس بحال رکھتے ہوئے بچے کو تیز بہاؤ سے نکال کر اپنی طرف کھینچا اور پانی سے باہر نکلنے میں اس کی مدد کی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے علاقے عسیر کے شمال مغرب میں احد تھربان کے قریب اس برساتی ندی میں پانی کا بہاؤ گزشتہ دنوں کی موسلا دھار بارش کے باعث کافی تیز ہوگیا ہے۔

    حالیہ بارشوں کے باعث اس طرح کے ندی نالے کناروں سے باہر بہہ نکلتے ہیں جس کی وجہ سے مقامی حکام نے عوام کو ایسے علاقوں سے دور رہنے کی پرزور اپیل اور تاکید کی ہے۔

    دوسری جانب مذکورہ شہری عامر نے ندی کے قریب رہنے والے تمام افراد کو اپنے بچوں کو ندی کے کنارے سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے

    ان کے اس بہادرانہ اقدام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عربی میں ہیش ٹیگ ہیرو عامر الشہری ٹرینڈ کرنے لگا۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ہمت کی تعریف کی جبکہ ایک سعودی تاجر نے انہیں 2 ہزار 667 ڈالر انعام بھی دیا۔

  • سعودی عرب: 25 سال بعد برفباری نے شہریوں کو حیران کردیا

    سعودی عرب: 25 سال بعد برفباری نے شہریوں کو حیران کردیا

    ریاض: سعودی عرب کے شہر بللسمر میں 25 سال بعد برفباری ہوئی جس نے مقامی شہریوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا، مرکز موسمیات نے مزید برفباری کی پیشنگوئی کی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق عسیر ریجن کی کمشنری بللسمر میں نصف صدی کے بعد زبردست برفباری ہوئی ہے۔ یہ علاقہ سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔

    برفباری سے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں میں خوشی اور حیرت کی لہر دوڑ گئی، برفباری سے کھیتوں اور زرعی فارمز کے مناظر نہایت دلکش ہوگئے۔

    بللسمر کے باشندو ں نے برفبای کے مناظر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں، موسمیات کے ماہرین اور بزرگوں کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے۔

    بللسمر کا علاقہ سطح سمندر سے 3 ہزار میٹر کی بلندی پر واقع ہے، برفباری کے بعد یہاں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگئی ہے۔

    ماہر موسمیات سمیر الاسمری کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح برفباری ہوئی جس سے درجہ حرارت منفی ہوگیا، یہاں 50 برس میں پہلی بار یہ منظر دیکھنے کو ملا ہے۔ شہر میں تقریباً ایک ہفتے سے روزانہ بارش ہو رہی ہے۔ یہاں کا مطلع اکثر ابر آلود رہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بللسمر اور عسیر کے بیشتر علاقوں کا موسم ان دنوں غیر مستحکم ہے، یہاں درجہ حرارت منفی تک پہنچا ہوا ہے اسی وجہ سے برفباری بھی ہوئی۔

    قومی مرکز برائے موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ عسیر ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہونے والی ہے اور یہاں مزید برفباری ہوگی۔

    فلکیات کی عرب تنظیم کے رکن ڈاکٹر خالد الزعاق نے بتایا کہ موسم سرما کا دوسرا حصہ شروع ہوگیا ہے اور اس دوران سخت سردی پڑے گی۔ یہ موسم 26 دن جاری رہے گا۔

  • سعودی خواتین کی طبی شعبے میں اہم تحقیق کے لیے یونیسکو کا ایوارڈ

    سعودی خواتین کی طبی شعبے میں اہم تحقیق کے لیے یونیسکو کا ایوارڈ

    ریاض: سعودی عرب کی 2 خواتین کو طبی شعبے میں اپنی تحقیق کے لیے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو نے معتبر ترین اعزاز سے نوازا ہے، ایک خاتون نے دل کا آلہ تیار کیا جبکہ دوسی خاتون نے بصارت سے محرومی سے متعلق جینز کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اہم تحقیق کی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق 2 سعودی خواتین نے حال ہی میں لاریل یونیسکو ایوارڈ حاصل کیے ہیں۔ ان دونوں خواتین نے سائنس مڈل ایسٹ ریجنل ینگ ٹیلنٹ پروگرام کے لیے کیے جانے والے کام پر یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔

    27 سالہ سعودی خاتون اسرار دمدم کو پی ایچ ڈی اسٹوڈنٹس کیٹگری میں اعزاز کی حقدار قرار دیا گیا ہے، اسرار نے دل کے لیے ایک خاص قسم کا آلہ بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔

    یہ آلہ صحت مند دل کی حرکات کو منظم کرنے کے طریق کار میں انقلاب کے مترادف ہےِ اس کے لیے ادویہ، الیکٹریکل انجینیئرنگ اور الیکٹرو فزکس کو باہم مربوط کیا گیا ہے۔

    اسرار کا کہنا تھا کہ بعض امراض اور حرکت قلب بند ہوجانے جیسے دل کے رویوں پر مبنی سرگرمیاں ایسی ہیں جو کسی بھی وقت اچانک وقوع پذیر ہو سکتی ہیں۔ محققین ایسے مسائل کے لیے نئے حل دریافت کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ایسی ڈیوائس کی تیاری کے امکانات کی تحقیق کر رہے تھے کہ جس میں ایکچویٹر موجود ہو جو دل کے عضلات کی معاونت کرنے اور پمپنگ کے عمل میں مدد دے سکے۔

    اسرار کا کہنا تھا کہ انہوں نے آلے میں سلیکون کے ساتھ شہد کے چھتے کو استعمال کیا، اس میں لچک اور پھیلاؤ کی صلاحیت موجود تھی چنانچہ دل کے پھیلنے کے ساتھ یہ پلیٹ فارم ٹوٹتا نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر میری اس تحقیق کو ترقی دی گئی تو یہ ڈاکٹرز کو دل اور شریانوں کے امراض کا ابتدائی مرحلے میں پتہ لگانے کے قابل بنا دے گی۔

    اسرار کی یہ تحقیق اپلائیڈ فزکس لیٹرز جرنل میں شائع ہوئی جس کے بعد دمدم نے اپنی توجہ نئی کمپنیوں کی دنیا کی جانب مبذول کی، اس کے لیے انہیں مسک فاؤنڈیشن کے تعاون سے کیلی فورنیا میں ایک تربیتی پروگرام سے مدد ملی۔

    دوسری سعودی خاتون لامہ العبدی ہیں جنہیں لاریل یونیسکو پروگرام کے پوسٹ ڈاکٹر ریسرچرز کیٹگری میں کرومیٹن پر ان کی تحقیق کے ساتھ بصارت سے محرومی سے متعلق جینز کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے ریسرچ کے اعتراف میں اعزاز دیا گیا ہے۔

    کرومیٹن ایک مادہ ہے جو کروموسوم میں پایاجاتا ہے اور جو وراثتی مادے یعنی ڈی این اے اور پروٹین یعنی لحمیات پر مشتمل ہوتے ہیں۔

    العبدی نے اپنا منصوبہ چند برس قبل شروع کیا تھا جو پرڈیو یونیورسٹی انڈیانا میں ان کی پی ایچ ڈی ریسرچ کی توسیع تھا، العبدی یہ تحقیق کر رہی تھیں کہ مختلف کیمیائی مرکبات میں ہونے والی تبدیلی ڈی این اے پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہے۔

    وہ آج کل ریاض کے کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹرمیں خدمات انجام دے رہی ہیں، انہوں نے آنکھوں کو متاثر کرنے والے تغیرات کے بارے میں طبی سمجھ بوجھ کے لیے کافی کام کیا ہے۔

    یاد رہے کہ وژن 2030 کے اعلان کے بعد سے سعودی عرب خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بنیادی کام کر رہا ہے، العبدی نے کہا کہ میں نوجوان سعودی خواتین کو اپنی دلچسپی اور صلاحیتوں کے فروغ کے لیے دستیاب حوصلہ افزائی اور تعاون سے استفادہ کرتے دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں۔

    دونوں خواتین کا کہنا ہے کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ کام کی ترغیب دلانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ان کا خواب ہے۔

  • سعودی عرب: سیلاب میں ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش جاری

    سعودی عرب: سیلاب میں ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش جاری

    ریاض: سعودی عرب میں تیز بارشوں کے بعد سیلاب میں بہہ جانے والے نوجوان کی تلاش جاری ہے، نوجوان کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    سعودی میڈیا کے مطابق سلطنت کے مختلف شہروں میں تیز بارشیں اور طوفان آیا جس کے باعث بعض علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی۔

    ایسے میں حائل میں ایک سعودی نوجوان کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد تیزی سے وائرل ہوئی جس کے بعد اس کی تلاش کا کام شروع کردیا گیا۔

    سعودی سول ڈیفنس کی ٹیمیں اور درجنوں رضا کار سیلاب میں ڈوبی وادی میں نوجوان کو ڈھونڈ رہے ہیں۔

    وادی حائل میں بھی ان دنوں سیلابی صورتحال ہے جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔