Tag: ریاض

  • سعودی عرب: کرونا وائرس ویکسی نیشن کا آغاز کہاں سے ہوگا؟

    سعودی عرب: کرونا وائرس ویکسی نیشن کا آغاز کہاں سے ہوگا؟

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس ویکسی نیشن کا آغاز چند روز میں بڑے شہروں میں کردیا جائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے معاون سیکریٹری ڈاکٹر عبد اللہ عسیری کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں کرونا وائرس ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا جائے گا، ویکسین لگانے کی ابتدا سعودی عرب کے بڑے شہروں سے کی جائے گی۔

    ڈاکٹر عسیری کا کہنا تھا کہ شعبہ طب سے منسلک اہلکاروں کو ویکسین لگانے کی خصوصی تربیت بھی دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا شمار دنیا کے ان 3 ممالک میں ہوگا جہاں کرونا ویکسین لگانے کا سب سے پہلے آغاز کیا گیا۔

    وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کرونا ویکسین حکومت کی جانب سے مفت فراہم کی جا رہی ہے، لوگوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی اور اہلخانہ کی ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کروائیں۔

    کرونا ویکسین کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ ویکسین کی 2 خوراکیں ایک شخص کے لیے مخصوص ہیں، پہلی ویکسی نیشن کے 3 ہفتے بعد دوسری ڈوز لگائی جائے گی۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس ویکسین کے لیے 1 لاکھ افراد کی رجسٹریشن

    سعودی عرب: کرونا وائرس ویکسین کے لیے 1 لاکھ افراد کی رجسٹریشن

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس ویکسین کے لیے، موبائل ایپ پر رجسٹریشن شروع ہونے کے ایک روز کے اندر 1 لاکھ افراد نے خود کو رجسٹر کروا لیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مملکت میں کرونا وائرس ویکسین کے لیے رجسٹریشن کروانے والوں کی تعداد 1 لاکھ ہوگئی ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ موبائل ایپ میں رجسٹریشن کے آغاز سے اب تک 1 لاکھ سے زائد شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں نے خود کو رجسٹرڈ کیا ہے۔

    وزارت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرونا ویکسین لینے کے خواہشمند مزید شہری و غیر ملکی موبائل ایپ میں خود کو رجسٹرڈ کرلیں۔

    وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویکسین کی دستیابی پر پہلے رجسٹریشن کرنے والوں کو پہلے بلایا جائے گا اور انہیں قریبی مرکز میں پیشگی وقت دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزارت صحت نے کرونا وائرس ویکسین لینے کے خواہشمندوں کو موبائل ایپ میں رجسٹریشن کی ہدایت کی تھی، وزارت کے مطابق 3 مراحل میں ویکسین دی جائے گی، یہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے بالکل مفت ہوگی۔

    پہلے مرحلے میں ان افراد کو ویکسین دی جائے گی جن کی عمریں 65 سال سے زیادہ ہیں، وہ افراد جو کرونا وائرس کے مریضوں سے براہ راست رابطے میں ہیں اور وہ جو مستقل بیماریوں میں مبتلا ہیں۔

    دوسرے مرحلے میں ان افراد کو شامل کیا جائے جن کی عمریں 50 سال سے زائد ہیں، صحت عملہ اور مستقل بیماریوں میں مبتلا افراد بھی اس مرحلے میں شامل ہوں گے۔

    تیسرے مرحلے میں یہ ان تمام شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے فراہم ہوگی جو ویکسین لینے کے خواہشمند ہوں گے۔

  • سعودی عرب: سال 2021 کا بجٹ پیش کردیا گیا

    سعودی عرب: سال 2021 کا بجٹ پیش کردیا گیا

    ریاض: سعودی عرب کا سال 2021 کا بجٹ پیش کردیا گیا، بجٹ میں شہریوں اور مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں کی صحت کو اولیت دی گئی ہے تاکہ کرونا وائرس وبا کے اثرات سے بخوبی نمٹا جا سکے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب نے سال 2021 کے لیے 990 ارب ریال کے قومی بجٹ کا اعلان کردیا، بجٹ میں آمدنی کا تخمینہ 849 ارب ریال لگایا گیا ہے جبکہ 2020 کے خسارے کو کم کر کے 141 ارب ریال پر لائے جانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

    بجٹ اجلاس کی صدارت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے آن لائن کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ رواں سال دنیا بھر کو کرونا وائرس کی وبا کا سامنا کرنا پڑا جس نے دنیا کی معیشت پر گہرے منفی اثرات مرتب کیے۔

    وبا کے دوران سعودی کابینہ نے امور صحت سے منسلک کرونا کی وبا سے ہلاک ہونے والے ہر کارکن کے لیے 5 لاکھ ریال مختص کیے تھے، یہ اعلان اس وقت سے نفاذ العمل تھا جب مملکت میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا۔

    خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا مزید کہنا تھا کہ اس میں شک نہیں کہ رواں برس تاریخ کا سخت ترین سال رہا۔

    انہوں نے کہا کہ سال رواں کے بجٹ میں ہم نے شہریوں اور مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں کی صحت کو اولیت دی ہے تاکہ کرونا وائرس وبا کے اثرات سے بخوبی نمٹا جا سکے۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس ویکسین کے لیے رجسٹریشن کیسے ہوگی؟

    سعودی عرب: کرونا وائرس ویکسین کے لیے رجسٹریشن کیسے ہوگی؟

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کی ویکسین لگانے کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ کار وضع کردیا گیا، رجسٹریشن توکلنا ایپ کے ذریعے ہوگی جو شروع کی جاچکی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ویکسی نیشن کمپنی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مازن حسنین کا کہنا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس ویکسین لگانے کے لیے توکلنا ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر مازن حسنین نے ایک مقامی ٹی وی کو انٹرویودیتے ہوئے کہا کہ وزارت صحت کے شیڈول کے مطابق سب سے پہلے ویکسین کرونا وائرس کے خطرناک مریضوں کو دی جائے گی۔

    ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے ڈاکٹر حسنین کا کہنا تھا کہ ویکسینشن کا طریقہ کار سینٹرلائزڈ کیا جائے گا جس کے لیے توکلنا ایپ پر مریضوں کو رجسٹر کرنے کے بعد مرحلہ وار انہیں ویکسین لگائی جائے گی۔

    پہلے مرحلے میں جن افراد کو ویکسین دی جائے گی اس کا تعین وزارت صحت کی جانب سے کیا جا چکا ہے، ابتدائی طور پر معمر اور خطرناک امراض کا شکار لوگوں کو ویکسین دی جائے گی۔

    ویکسی نیشن کا آغاز ترجیحی طور پر بڑے شہروں سے کیا جائے گا جس طرح کرونا وائرس ٹیسٹنگ کے لیے طریقہ کار ماضی میں وزارت صحت کی جانب سے اختیار کیا گیا تھا۔

    ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر مازن نے کہا کہ ُفائزر بائیونٹک کمپنی کی تیار کردہ ویکسین 16 برس سے زائد عمر کے افراد کے لیے ہی ہے، اس لیے ابتدائی طور پر یہ ویکسین 16 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد کو ہی دی جائے گی۔

    ڈاکٹر حسنین نے مزید کہا کہ کمپنی کی جانب سے جلد ہی 16 برس سے کم عمر بچوں کے لیے بھی ویکسین تیار کرلی جائے گی۔

    انہوں نے ایک بار پھر یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ویکسین کے بارے میں انتہائی باریک بینی سے تمام تجربات کا جائزہ لیا جا چکا ہے جس کے بعد ہی مذکورہ ویکسین کو مملکت کے لیے درآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    ڈاکٹر حسنین کا مزید کہنا تھا کہ ویکسین کی مملکت آمد کے ساتھ ہی اسے لگانے سے قبل ماہرین کو نمونے فراہم کیے جائیں گے جو ان کا تفصیلی جائزہ لیں گے تاکہ اس بارے میں پوری یقین دہانی کی جاسکے کہ جو کچھ ویکسین کی رپورٹس میں کہا گیا تھا وہ اس سے مطابقت رکھتی ہے۔

  • سعودی کسٹم حکام کی مملکت پہنچنے والے مسافروں کے لیے ضروری ہدایت

    سعودی کسٹم حکام کی مملکت پہنچنے والے مسافروں کے لیے ضروری ہدایت

    ریاض: سعودی عرب کے کسٹم حکام کی جانب سے مملکت پہنچنے والے مسافروں کو کہا گیا ہے کہ 60 ہزار ریال مالیت سے زائد رقم، سونے کے زیورات، قیمتی دھات یا غیر ملکی کرنسی رکھنے والے ظاہر نہ کرنے پر جرمانہ دینے کے پابند ہوں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ کسٹم کی جانب سے یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مملکت آنے اور جانے والے مسافر مقررہ حد سے زیادہ نقد رقم یا قیمتی اشیا کو ظاہر کرنے کے پابند ہیں۔

    محکمہ کسٹم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت آنے اور جانے والے ایسے مسافر جن کے پاس 60 ہزار ریال مالیت سے زائد رقم، سونے کے زیورات، قیمتی دھات یا غیر ملکی کرنسی ہو انہیں چاہیئے کہ وہ محکمہ کسٹم کی جانب سے فراہم کردہ ڈیکلریشن فارم بھر کراس پر تصدیق کروا لیں۔

    محکمہ کسٹم کی جانب سے فارم آن لائن بھی دستیاب ہے جسے وہ مملکت آمد سے قبل حاصل کر سکتے ہیں، علاوہ ازیں تمام ہوائی اڈوں اور کسٹم چیک پوسٹوں پر بھی فارم مہیا کیے گئے ہیں۔

    مذکورہ رقم یا قیمتی اشیا کے بارے میں محکمہ کسٹم کو مطلع نہ کیا جانا قانون شکنی شمار ہوگی جس کے مطابق مسافر سے برآمد ہونے والی اشیا اور کرنسی نوٹوں کی مجموعی مالیت کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    محکمہ کسٹم کا مزید کہنا تھا کہ خلاف ورزی دوسری مرتبہ دہرائے جانے کی صورت میں جرمانے کا تناسب 50 فیصد کردیا جائے گا۔

    تحقیقات میں اگر یہ ثابت ہوجائے کہ رقم منی لانڈرنگ میں استعمال کی گئی ہے تو ایسی صورت میں پوری رقم یا دیگر قیمتی اشیا ضبط کر کے خلاف ورزی کے مرتکب شخص کو پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: ملازمین کے لیے میڈیکل انشورنس کے حوالے سے اہم وضاحت

    سعودی عرب: ملازمین کے لیے میڈیکل انشورنس کے حوالے سے اہم وضاحت

    ریاض: سعودی کونسل آف کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کا کہنا ہے کہ جس دن سے کارکن کسی ادارے یا کمپنی میں کام شروع کرتا ہے اس دن سے ہی آجر کی جانب سے اس کے لیے میڈیکل انشورنس لاگو ہو جاتی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کونسل آف کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کا کہنا ہے کہ تجرباتی مدت کے دوران آجر کارکن کو میڈیکل انشورنس کی سہولت دینے کا پابند ہے۔

    کونسل آف کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کی جانب سے کہا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کونسل سے انشورنس اسکیم کے حوالے سے 5 ہزار 200 استفسارات کیے گئے جن میں سے بیشتر کارکنوں کو فراہم کی جانے والی میڈیکل سہولتوں کے بارے میں تھے۔

    کیے جانے والے استفسارات میں سب سے اہم سوال تجرباتی مدت کے دوران کارکن کو میڈیکل انشورنس کی فراہمی سے متعلق تھا جس میں دریافت کیا گیا تھا کہ کیا آجر ایسے کارکن کو میڈیکل انشورنس فراہم کرنے کا پابند ہے جو تجرباتی مدت کے دوران اس کے پاس کام کر رہا ہو؟

    اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کونسل کی جانب سے وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ جس دن سے کارکن کسی ادارے یا کمپنی میں کام شروع کرتا ہے اس دن سے ہی اس کے لیے میڈیکل انشورنس لاگو ہو جاتی ہے۔

  • سعودی بچے کو کھیلتے ہوئے لاکھوں ریال مالیت کے قیمتی پتھر مل گئے

    سعودی بچے کو کھیلتے ہوئے لاکھوں ریال مالیت کے قیمتی پتھر مل گئے

    ریاض: سعودی عرب میں ایک کم عمر بچے کو ساحل پر کھیلتے ہوئے قیمتی پتھر مل گئے جن کی مالیت لاکھوں ریال ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق تبوک کے علاقے الوجہ کے جنوبی سمندری ساحل پر ایک بچے کو کھیلتے ہوئے قیمتی عنبر مل گیا جس کا وزن 15 کلو ہے۔

    محمود ابو سالم کے مطابق ان کے بیٹے عبد الرحمٰن کو سمندری ساحل سے تیرتا ہوا قیمتی عنبر ملا ہے جو پتھروں سے مشابہہ ہے، اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ہیں جو 3 رنگوں سیاہ، سرمئی اور سرخ رنگ کے ہیں۔

    انہوں نے جب ان ٹکڑوں کے بارے میں تحقیق شروع کی تو انہیں پتہ چلا کہ یہ قیمتی عنبر کے ٹکڑے ہیں۔

    والد کا مزید کہنا تھا کہ وہ عنبر کو تاجروں کے پاس بیچنے کے لیے لے گئے تھے جنہوں نے اس کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

    مارکیٹ میں سرخ عنبر کی قیمت 170 ہزار ریال فی کلو ہے، مٹیالے رنگ کے عنبر کی قیمت 145 ہزار ریال فی کلو اور سیاہ رنگ کا عنبر 110 ہزار ریال فی کلو ہے۔

  • سعودی شہریوں کے لیے 3 لاکھ گھروں کے رہائشی منصوبے

    سعودی شہریوں کے لیے 3 لاکھ گھروں کے رہائشی منصوبے

    ریاض: سعودی عرب میں شہریوں کے لیے 3 لاکھ گھروں کے رہائشی منصوبے تعمیر کیے گئے جس سے سعودی شہریوں کی بڑی تعداد نے فائدہ اٹھایا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت ہاؤسنگ کے سکنی پروگرام سے 3 لاکھ سے زائد سعودی خاندان مستفید ہوئے ہیں۔

    وزارت ہاوسنگ کا سکنی منصوبہ سعودی شہریوں کو مملکت کے 8 علاقوں میں مختلف فنانسنگ کے ذریعے زمینیں اور مکانات فراہم کرتا ہے، اس منصوبے کا مقصد ایسے بے گھر خاندانوں کو اپنے گھر مہیا کرنا ہے جن کے پاس اپنا گھر نہیں ہے۔

    ہاؤسنگ کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ ماہ ریاض کے قریب شقرہ اور العینیہ میں بنگلوں کے لیے 11 منصوبے تیار کیے گئے ہیں۔

    مکہ مکرمہ میں الخرمہ رہائشی منصوبہ، القصیم میں العنیزہ رہائشی منصوبہ، اس کے علاوہ مملکت کے مشرقی علاقوں میں الخبر، حفر الباطن اور الاحسا۔ دوسری جانب شمالی سرحدی علاقوں میں رفحا ہاؤسنگ پروجیکٹ، حائل ہاؤسنگ پروجیکٹ اور القریات ہاؤسنگ منصوبہ الجوف اور اس کے علاوہ نجران ہاؤسنگ پروجیکٹ شامل ہے۔

    دریں اثنا ہاؤسنگ کی وزارت کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تاحال 42 ہاؤسنگ پروجیکٹ مکمل ہو چکے ہیں، ان منصوبوں میں 14 ہزار گھروں کو رہنے کے لیے مکمل کیا جا چکا ہے۔

  • سعودی عرب: بریسٹ کینسر کی تشخیص کے لیے موبائل یونٹس قائم

    سعودی عرب: بریسٹ کینسر کی تشخیص کے لیے موبائل یونٹس قائم

    ریاض: سعودی عرب میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص کے لیے موبائل یونٹس قائم کردیے گئے جن میں طبی معائنے اور میمو گرافی کی سہولیات موجود ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ امور صحت طائف کی جانب سے بریسٹ کینسر کی قبل از وقت تشخیص کے لیے موبائل یونٹ کی سہولت فراہم کردی گئی۔

    ریجنل امور صحت کے ادارے کی جانب سے بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیصی مہم کے سلسلے میں موبائل یونٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ اس یونٹ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ خواتین مستفید ہوسکیں۔

    موبائل یونٹ کے لانچنگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ریجن ڈائریکٹر صحت سعد القحطانی کا کہنا تھا کہ آگاہی پروگرام کا مقصد معاشرے میں اس شعور کو اجاگر کرنا ہے کہ کینسر لاعلاج مرض نہیں تاہم ضروری ہے کہ اس کی تشخیص ابتدائی مرحلے میں کرلی جائے۔

    موبائل یونٹ کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد المالکی نے بتایا کہ یونٹ مختلف مقامات پر موجود ہوگا جہاں آنے والی خواتین کی رجسٹریشن کرنے کے بعد ان کا طبی معائنہ کیا جائے گا بعد ازاں ضرورت پڑنے پر میمو گرافی کی جائے گی جس کی سہولت بھی اسی موبائل یونٹ میں فراہم کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ طبی معائنے اور میمو گرافی رپورٹ موبائل نمبر پر فراہم کردی جائے گی، اگر مزید علاج کی ضرورت ہو تو مریضہ کو متعلقہ طبی ادارے میں جانے کی ہدایت کی جائے گی جہاں ان کا باقاعدہ علاج کیا جائے گا۔

    ڈاکٹر المالکی نے مزید کہا کہ یاد رکھیں کینسر کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص سے علاج بہت آسان ہو جاتا ہے۔

    دوسری جانب ادارہ امور صحت کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ وزارت صحت کی جانب سے شہریوں اور غیر ملکیوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ممکنہ سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔

  • سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخ جاری

    سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخ جاری

    ریاض: سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخ جاری کردیے گئے، 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ریال 44 ہللہ اور 95 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ریال 55 ہللہ مقرر کی گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی آرامکو نے جمعرات کی شب پیٹرول کے نئے نرخ جاری کیے ہیں، پیٹرول کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعہ 11 دسمبر سے کیا جائے گا۔

    ماہ دسمبر کے لیے 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ریال 44 ہللہ ہوگی، آرامکو کے مطابق 95 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ریال 55 ہللہ مقرر کی گئی ہے۔

    ڈیزل اور کیروسین آئل کے نرخوں میں تبدیلی نہیں ہوئی جو 52 ہللہ اور 70 ہللہ فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیے جاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی آرامکو کی جانب سے ہر ماہ کی 10 تاریخ کو پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کیا جاتا ہے جن کا نفاذ اگلے دن سے ہوتا ہے۔

    رواں برس جولائی میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافے کی وجہ سے پیٹرول کے نرخوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا جسے بعد میں بتدریج کم کیا گیا۔

    اندرون ملک پیٹرول کے نرخ، سعودی عرب سے بین الاقوامی منڈیوں کے لیے تیل کی برآمد کے نرخوں میں تبدیلی کے حوالے سے بھی کم اور زیادہ کیے جاتے ہیں۔