Tag: ریاض

  • سعودی عرب: شوہر کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی سوشل میڈیا پر مدد کی اپیل

    سعودی عرب: شوہر کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی سوشل میڈیا پر مدد کی اپیل

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک خاتون نے سوشل میڈیا پر اپنے سابق شوہر کی تشدد کی ویڈیو شیئر کردی جس کے بعد متعلقہ حکام نے نوٹس لے لیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں ایک خاتون نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں ان کا سابق شوہر انہیں تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون لفٹ سے باہر نکلیں تو انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    اپنی پوسٹ میں خاتون نے درخواست کی کہ حکام اس کا نوٹس لے کر کارروائی کریں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے بچوں کو بھی سابق شوہر سے خطرہ ہے۔

    ان کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سینٹر فار ڈومیسٹک وائلنس کے ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ خاتون کی ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی ویڈیو پر ایکشن لے لیا گیا ہے۔

    جدہ میں فیملی پروٹیکشن یونٹ کو متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر واقعے کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: خاتون کو بلیک میل اور ان کا اکاؤنٹ ہیک کرنے والے کو سزا

    سعودی عرب: خاتون کو بلیک میل اور ان کا اکاؤنٹ ہیک کرنے والے کو سزا

    ریاض: سعودی عرب میں ایک خاتون کو بلیک میل کرنے اور اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک کرنے پر ایک غیر ملکی کو قید کی سزا سنا دی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں فوجداری عدالت نے عرب ملک سے تعلق رکھنے والے ایک غیر ملکی کو بلیک میلنگ پر ڈیرھ برس قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔

    مقامی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق ایک خاتون نے عدالت میں نامعلوم شخص کے خلاف شکایت دائر کی جس میں کہا گیا تھا کہ ایک نامعلوم شخص نے سوشل میڈیا پراس کا اکاؤنٹ ہیک کیا اور میری شہرت کو نقصان پہنچایا۔

    عدالت نے فوری طور پر سائبر کرائم کے ادارے کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کو تلاش کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ سائبر کرائم کے ادارے نے انتہائی مختصر وقت میں ملزم کی شناخت معلوم کر کے اسے حراست میں لے لیا۔

    ملزم کے قبضے سے متعدد اسمارٹ فونز بھی برآمد ہوئے جس میں مدعیہ کا ہیک کیے گئے اکاؤنٹ کا ڈیٹا بھی موجود تھا جس میں ہیک کرنے کے بعد اکاؤنٹ کو استعمال کرنے کی تمام تفصیلات بھی موجود تھیں۔

    تحقیقاتی ادارے کی جانب سے تیار کی جانے والی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسمارٹ فونز میں مختلف ناموں سے سوشل میڈیا کے دیگر اکاؤنٹس بھی موجود تھے جن کے ذریعے یومیہ بنیاد پر چیٹنگ اور تصاویر کا تبادلہ کیا جاتا تھا۔

    عدالت میں سماعت کے دوران ملزم نے بتایا کہ اس نے مدعیہ سے سوشل میڈیا پر دوستی کی جو ایک ماہ تک جاری رہی، اس دوران تصاویر کا بھی تبادلہ ہوا تاہم ملزم نے عدالت میں اس بات سے انکار کیا کہ اس نے خاتون کے اکاؤنٹ کو ہیک کیا اور نہ ہی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کیں۔

    عدالت نے دیگر ثبوتوں اور شواہد کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے مدعیہ کے دعوے کو درست قرار دے کر مجرم کو ڈیڑھ برس قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔

  • سعودی عرب: اسپتال میں داخل مریض تیسری منزل سے نیچے کود گیا

    سعودی عرب: اسپتال میں داخل مریض تیسری منزل سے نیچے کود گیا

    ریاض: سعودی عرب میں اسپتال میں داخل ایک مریض کھڑکی کا شیشہ توڑ کر تیسری منزل سے نیچے کود گیا، مریض کو معمولی زخم آئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق طائف کے شاہ عبد العزیز اسپشلسٹ اسپتال کی تیسری منزل سے مریض کھڑکی کا شیشہ توڑ کر پہلی منزل پر کود گیا۔

    مریض کو معمولی زخم آئے جسے فوری طور پر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں پہنچا دیا گیا۔

    اسپتال کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مریض اسپتال کی تیسری منزل کے کمرے میں داخل تھا جہاں سے اس نے آگ بجھانے والے سیلنڈر سے کھڑکی کا شیشہ توڑا اور ریلنگ کے ذریعے سلپ ہوتا ہوا پہلی منزل کی بالکونی میں جا گرا۔

    واقعے کے بعد فوری طور پر اسپتال کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو طلب کیا گیا جنہوں نے مریض کو ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کردیا۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریض کی جانب سے کھڑکی کا شیشہ توڑنے کی وجہ سے کانچ کے ٹکرے گرنے سے صفائی کا کارکن معمولی طور پر زخمی ہوگیا۔

  • سعودی عرب کا ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے لیے معاہدہ

    سعودی عرب کا ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے لیے معاہدہ

    ریاض: سعودی عرب نے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے لیے ایک برطانوی کمپنی سے معاہدہ کرلیا، بجلی اور ہائیڈروجن پر چلنے والی گاڑیاں، جہاز اور بحری تیار کیے جائیں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریڈ سی ڈویلپمنٹ کمپنی نے منصوبے میں مناسب اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ ذرائع کے اسٹینڈرڈ کا تعین کرنے کے لیے عالمی انجینیئرنگ کمپنی کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔

    برطانوی کمپنی 28 ہزار مربع میٹر رقبے پر مشتمل منصوبے کے لیے بری، بحری اور فضائی ٹرانسپورٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ماحول دوست لائحہ عمل پیش کرے گی۔

    بحیرہ احمر منصوبے کا جزوی افتتاح 2022 میں ہوگا جبکہ اس کی تکمیل 2030 میں متوقع ہے۔

    برطانوی کمپنی منصوبے کے لیے گاڑیوں کے علاوہ، جہاز، بحری جہاز اور ٹرانسپورٹ کے دیگر ذرائع کا خاکہ پیش کرے گی جو بجلی اور ہائیڈروجن پر چلنے والے ہوں گے۔

    ریڈ سی کمپنی کے سربراہ جون باغانو نے کہا ہے کہ ہمارا منصوبہ تجدید پذیر ہے جس میں ماحول دوست لوازمات کا استعمال کیا جاتا ہے، یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ ہم ماحول دوست خوبصورتی کو برقرار رکھ کر اسے آئندہ نسلوں کو منتقل کرنا چاہتے ہیں۔

    برطانوی کمپنی منصوبے میں بجلی اور ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑیوں کے اسٹیشن کا بھی تعین کرے گی جو منصوبے کی روح کے مطابق ہوں گے اور جن سے تجدید پذیر توانائی کا استعمال یقینی ہوگا۔

    یہ معاہدہ ریڈ سی کمپنی کا ایک اور کارنامہ ہے جس میں تجدید پذیر توانائی کو استعمال کرتے ہوئے منصوبے میں ٹرانسپورٹ کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، ان میں الیکٹرانک بائک، گالف کار، چھوٹے اور بڑے ٹرک، بسیں، بحری جہاز، ہیلی کاپٹر، لانچ، ایئرپورٹ ٹیکسی یہاں تک کہ سیاحتی بسوں کا بھی استعمال شامل ہوگا۔

    دوسری طرف برطانوی کمپنی کے مشرق وسطیٰ میں سربراہ کریس سیمور نے کہا ہے کہ ہم اپنے تجارتی منصوبوں میں تجدید پذیر توانائی اور ماحول دوست ذرائع کو ترجیح دیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم معاشرتی اقدار کو ملحوظ رکھتے ہوئے منصوبے تیار کرتے ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے ریڈ سی کمپنی کے ساتھ کام کا معیار تیار کریں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ دنیا کے اس بہترین اور نمایاں منصوبے میں ہم تجدید پذیر اور ماحول دوست توانائی کو استعمال کرتے ہوئے اپنا حصہ ڈالیں۔

    معاہدے کے مطابق برطانوی کمپنی صاف، تجدید پذیر اور ماحول دوست توانائی کا استعمال کرے گی اور شمسی توانائی اور پن چکیوں سے پیدا ہونے والی صاف ستھری بجلی استعمال ہوگی۔

  • کرونا وائرس سے صحت یاب افراد کے لیے سعودی وزارت صحت کی ہدایات

    کرونا وائرس سے صحت یاب افراد کے لیے سعودی وزارت صحت کی ہدایات

    ریاض: سعودی وزارت صحت نے ہدایت جاری کی ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر افراد صحت یاب ہونے کے بعد اپنی گاڑی اور گھر کو بھی سینی ٹائز کریں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے صحت یابی کے بعد گھر اور گاڑی کو بھی جراثیم کش محلول سے سینی ٹائز کر لیا جائے۔

    وزارت صحت سے کیے گئے ایک استفسار پر وزارت کا کہنا تھا کہ جو شخص کرونا وائرس میں مبتلا رہا، صحت یابی کے بعد اسے چاہیئے کہ وہ خود اور دوسروں کی حفاظت کے لیے گھر کو ڈیٹول یا کسی بھی جراثیم کش محلول کے ذریعے صاف کرلے۔

    احتیاطی تدابیر کے حوالے سے وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کرونا وائرس کی زندگی مختلف ماحول اور چیزوں کے لیے جدا ہوتی ہے، اس لیے احتیاط کا تقاضہ ہے کہ وہ افراد جو کرونا وائرس کے مرض میں مبتلا رہ چکے ہوں وہ گاڑی کو دھلوانے سے قبل اس پر اچھی طرح جراثیم کش مواد کا اسپرے کرلیں تاکہ وائرس مکمل طور پر ختم ہو جائے۔

    وزارت کا مزید کہنا تھا کہ مملکت میں کرونا وائرس کی وبا پر کافی حد تک قابو پایا جاچکا ہے تاہم احتیاط کے پیش نظر ضروری ہے کہ سماجی فاصلے کے اصول پر مکمل طور پر عمل کیا جائے۔

    ہاتھوں کی صفائی اور جراثیم کش محلول استعمال کرنے کے حوالے سے وزارت صحت کا کہنا تھا کہ گھروں سے باہر ہاتھوں کو سینی ٹائزکرتے رہیں۔

    مزید کہا گیا کہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ ہر 2 گھنٹے بعد ہاتھوں کو صابن سے 20 سیکنڈ تک اچھی طرح دھوئیں کیونکہ کرونا وائرس انسان سے انسان میں بڑی تیزی سے منتقل ہوتا ہے جو مصافحہ کرنے یا متاثرہ شخص سے قریب ہونے پر بھی دوسرے کو لگ سکتا ہے اس لیے سماجی فاصلے کے اصول کو عالمی طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: ٹیکس کی ہیرا پھیری پر متعدد کارروائیاں

    سعودی عرب: ٹیکس کی ہیرا پھیری پر متعدد کارروائیاں

    ریاض: سعودی حکام نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) کی ادائیگی کی متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کر کے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائیاں کیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق زکوٰۃ و ٹیکس کی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مملکت کی سطح پر ایک ہفتے کے دوران تفتیشی ٹیموں نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) کی مد میں 510 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مملکت میں یکم جولائی سے واٹ 5 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کیا جا چکا ہے, اس بارے میں تمام تجارتی اداروں کو متعدد بار متنبہ بھی کیا گیا ہے کہ واٹ کی ادائیگی میں کسی قسم کی ہیرا پھیری سے کام نہ لیا جائے۔

    اتھارٹی کی جانب سے واٹ کی وصولی کا طریقہ کار واضح ہے جس کے لیے وہ تمام ادارے جو اس سسٹم میں رجسٹرڈ ہیں وہ اس امر کے پابند ہیں کہ مقررہ تناسب سے واٹ ادا کریں۔

    ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی ادائیگی میں گڑبڑ کرنے والوں کے خلاف سخت سزائیں مقرر ہیں۔

    ادارہ ٹیکس کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تفتیشی ٹیموں نے مملکت کے مختلف شہروں اور قصبوں میں مارکیٹوں، دکانوں، ہوٹلوں اور دیگر تجارتی شعبوں کے 3 ہزار 616 تفتیشی دورے کیے جن میں 510 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔

    اس ضمن میں تفتیشی ٹیم کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ نوٹ کی جانے والی خلاف ورزیوں میں رسیدوں پر واٹ نمبر کا اندراج نہ ہونا جبکہ تمباکو کی مصنوعات پر واٹ کی مخصوص نشاندہی نہ کیے جانے کے علاوہ ہوٹلوں کی رسیدوں پر بھی واٹ سیریل نمبر درج نہیں کیا گیا۔

    ذمہ دار نے مزید بتایا کہ بیشتر چالان صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر کیے گئے جن کی تعداد 293 تھی۔

    ٹیکس کی جنرل اتھارٹی نے توجہ دلائی ہے کہ تجارتی ادارے ہر صورت میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس ادا کرنے کے پابند ہیں، وہ ادارے جو ٹیکس کی ادائیگی سے گریز کرتے ہیں ان کے بارے میں اطلاع دینے والوں کو انعام کے طور پر کیے جانے والے جرمانے کی رقم میں سے ڈھائی فیصد ادا کیا جائے گا۔

    اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ صارفین کسی بھی خریداری کے وقت واٹ سیریل نمر ضرور دیکھیں، خریداری کی رسید پر سیریل نمبر نہ ہونے کی صورت میں اتھارٹی کے متعلقہ شعبے میں رپورٹ درج کروائی جا سکتی ہے۔

  • سعودی حکومت کا روزگار کی فراہم کے لیے اہم اقدام

    سعودی حکومت کا روزگار کی فراہم کے لیے اہم اقدام

    ریاض: سعودی حکومت نے روزگار کی فراہمی کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے تربیتی پروگرام میں مزید 3 شعبوں کو شامل کرلیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی انسانی وسائل ڈویلپمنٹ فنڈ (ہدف) تمہیر نے اپنے تربیتی پروگرام میں مزید 3 شعبوں کو شامل کر لیا ہے، یہ نئے فارغ التحصیل سعودی افراد کی ملازمت کے لیے تربیتی پروگرام کا حصہ ہے۔

    اس پروگرام کا مقصد سعودائزیشن کے اقدام کو بڑھانا ہے جس میں انسانی وسائل و سماجی ترقی میں پیشہ ور افراد کی صلاحیتوں سے فائدہ حاصل کرنا اور ان افراد کو مارکیٹ میں فروغ دینا ہے۔

    پروگرام کا مقصد سعودی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔

    تمہیر پروگرام میں شامل کیے گئے نئے شعبوں میں اکاؤنٹنگ اور قانونی مشاورت کے پروگرام شامل ہیں، اس کے علاوہ بیوٹی پارلر میں مختلف قسم کی خدمات کے پروگرام بھی شامل ہیں۔

    سعودائزیشن کے فروغ کے لیے یہ ایک احسن قدم ہے جس کا مقصد مملکت میں سعودی نوجوانوں کے لیے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور سعودیوں کو ہر شعبے سے منسلک کرنا ہے۔

  • سعودی ماہرین نے بجلی پیدا کرنے کا نیا طریقہ ایجاد کرلیا

    سعودی ماہرین نے بجلی پیدا کرنے کا نیا طریقہ ایجاد کرلیا

    ریاض: سعودی ماہرین نے متبادل توانائی کے طور پر بجلی پیدا کرنے کا نیا طریقہ ایجاد کرلیا، اس ایجاد کے ذریعے سڑکوں کے نیچے خصوصی ڈیوائسز نصب کر کے ان میں بجلی اسٹور کی جا سکے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی شاہ عبد العزیز یونیورسٹی سے منسلک ماہرین نے بجلی پیدا کرنے کا نیا طریقہ ایجاد کر لیا ہے جس کے تحت پیدل چلنے سے کئی میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی۔

    اس ایجاد کے ذریعے سڑکوں کے نیچے خصوصی ڈیوائسز نصب کر کے ان میں بجلی اسٹور کی جا سکے گی، ذخیرہ کی جانے والی بجلی کی مقدار اتنی ہوگی کہ اس سے حرم شریف کی تمام لائٹیں روشن ہوسکیں گی۔

    اس ایجاد کو الیکٹرک جنریشن ٹیکنالوجی امریکا میں رجسٹر کروا لیا گیا ہے۔

    سعودی ڈاکٹر عبد الحمید الخطیب اور حسین باصی کا کہنا ہے کہ انہوں نے برسوں کی محنت کے بعد بالآخر بجلی پیدا کرنے کے لیے انتہائی آسان طریقہ دریافت کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے اپنی اس ایجاد کو پیٹنٹ بھی کروا لیا ہے۔

    ڈاکٹر عبد الحمید الخطیب نے ایجاد کے حوالے سے بتایا کہ وہ اس پروجیکٹ پر برسوں سے کام کر رہے تھے، ایجاد کے حوالے سے ہمیں ماحولیات کی ایک رپورٹ نے اس جانب سوچنے پر مجبور کیا کہ تیل کے علاوہ توانائی پیدا کرنے کا متبادل طریقہ دریافت کیا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جس وقت انسان زمین پرقدم رکھتا ہے تو اس سے مخصوص قسم کی توانائی پیدا ہوتی ہے، اس توانائی کو محفوظ کرنے کی ضرورت تھی، جس کےلیے ہم نے خصوصی ڈیوائس اور سینسرز پر کام کیا جو زمین میں مخصوص مقامات پرنصب کیے جاتے ہیں۔

    ٹریک کے نیچے زمین پر نصب سینسرز جب انسانی قدموں کا مخصوص دباؤ محسوس کرتے ہیں تو وہ فوری طور پر منسلک جینریٹرز کو سگنل پاس کرتے ہیں جو ان سگنلز کو ریسو کر کے انہیں توانائی میں تبدیل کر کے اسے سٹور کر لیتے ہیں۔

    ڈاکٹر عبد الحمید نے مزید بتایا کہ یہ ایجاد اس قدر آسان ہے کہ اس کی تنصیب پر نہ تو بڑی لاگت آئے گی اور نہ ہی اسے تیار کرنے کے لیے ماہرین درکار ہوں گے، عام لوگ بھی اسے استعمال کر سکیں گے۔

    ایک سوال پر ڈاکٹر الخطیب کا کہنا تھا کہ ڈیوائس عوامی مقامات پر نصب کی جا سکتی ہے، مثال کے طور پر مالز، واکنگ ٹریکس اور حرم شریف خاص کر سعی و صفا کے مقامات پر نصب کی جاسکتی ہے۔

  • کرونا وائرس: سعودی ڈاکٹر کا بڑا کارنامہ، ماہرین حیران

    کرونا وائرس: سعودی ڈاکٹر کا بڑا کارنامہ، ماہرین حیران

    ریاض: سعودی عرب کے ڈاکٹرز نے کرونا وائرس ٹیسٹ کا انتہائی آسان طریقہ دریافت کرلیا، اس کے ذریعے 100 فیصد نتائج منٹوں میں حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق شاہ عبد العزیز یونیورسٹی کے سعودی اسپیشلسٹ ڈاکٹر نے کرونا وائرس ٹیسٹ کا انتہائی آسان طریقہ دریافت کرلیا، کامیاب تجربے کے بعد ایجاد کو امریکی پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس میں رجسٹر بھی کر لیا گیا ہے۔

    شاہ عبدالعزیز یونیورسٹی کے اسپیشلسٹ ڈاکٹر ہانی الحضرمی نے بتایا کہ کووڈ 19 وائرس کے ٹیسٹ کے لیے اب تک پی سی آر ہی واحد معتبر ذریعہ تھا تاہم اس ٹیسٹ میں کافی وقت لگتا تھا جبکہ ٹیسٹ کروانے والے کے لیے بھی کئی دشوار گزار مراحل تھے۔

    ڈاکٹر ہانی نے مزید بتایا کہ جو طریقہ انہوں نے ایجاد کیا ہے اس کے ذریعے 100 فیصد نتائج منٹوں میں حاصل کیے جا سکتے ہیں جبکہ اس میں لاگت بھی اتنی نہیں ہوتی۔

    ٹیسٹ کے لیے جو آلہ استعمال کیا جائے گا اسے کسی بھی جگہ لے جایا جاسکتا ہے اور اس سے حاصل ہونے والے نتائج فوری طور پر سامنے آجاتے ہیں۔

    ڈاکٹر ہانی کا مزید کہنا تھا کہ ان کی ایجاد کردہ ڈیوائس عمرہ زائرین اور مملکت میں آنے والوں کے لیے کافی مفید ثابت ہوگی جس کا اہم ترین عنصر وقت ہے کیونکہ ڈیوائس فوری طور پر کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ سے آگاہ کردیتی ہے۔

    کرونا وائرس ٹیسٹنگ کٹ کی ایجاد کے حوالے سے ڈاکٹر ہانی کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ یہ ایجاد مکمل طور پر ہماری ہے، کسی بھی مرحلے میں ہم نے بیرونی ماہرین کی خدمات حاصل نہیں کیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنی ایجاد کو امریکی ادارے برائے ایجادت کے سامنے پیش کیا جس پر انہیں کامیابی کی سند بھی دی گئی، ساتھ ہی اس ایجاد کو رجسٹرڈ بھی کرلیا گیا۔

    ٹیسٹنگ کے حوالے سے ڈاکٹر ہانی کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی مختصر سی ڈیوائس ہے جسے ہوائی اڈوں، بری سرحدی چوکیوں، بندرگاہوں، مارکیٹس یا عوامی مقامات پر اسے رکھا جا سکتا ہے جہاں کسی کا بھی کرونا وائرس ٹیسٹ منٹوں میں کیا جانا ممکن ہوگا۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس ویکسین سے متعلق خوشخبری

    سعودی عرب: کرونا وائرس ویکسین سے متعلق خوشخبری

    ریاض: سعودی وزیر صحت نے کرونا وائرس کی ویکسین کے حوالے سے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب ویکسین حاصل کرنے والے اولین ممالک میں سے ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ سعودی عرب ان ممالک میں شامل ہے جو سب سے پہلے کرونا ویکسین حاصل کریں گے۔

    کرونا کوائرس کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان وزارت صحت کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ان اہم کمپنیوں سے معاہدے کر رکھے ہیں جو کرونا ویکسین پر کام کر رہی ہیں۔

    ڈاکٹر عبدالعالی نے مزید کہا کہ جلد ہی کرونا ویکسین لینے کے طریقہ کار کے بارے میں بھی اعلان کر دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اولین ترجیجات میں شامل ہے کہ اس بات کا مکمل اطمینان کر لیا جائے کہ حاصل کی جانے والی ویکسین کسی بھی قسم کے سائیڈ افیکٹ سے محفوظ ہو۔ ویکسین کے حوالے سے مکمل طور پر اطمینان کر لینے کے بعد ہی اس کے بارے میں تفصیلی اعلان کیا جائے گا۔

    مملکت میں کرونا وائرس کیسز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ سعودی عرب کا شمار ان ممالک میں ہوگیا ہے جہاں کرونا وائرس کی وبا قابو میں ہے اور حالات تیزی سے بہتری کی جانب رواں دواں ہیں۔

    ایک سوال پر ترجمان نے مزید کہا کہ وزارت صحت نے جو احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں ان پر اسی طرح عمل کیا جائے جیسا کہا گیا ہے کیونکہ احتیاط کے ذریعے ہی اب تک ہم نے اس وبا پر قابو پایا اور آئندہ بھی بہتر نتائج کے منتظر ہیں۔