Tag: ریاض

  • سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد تجارتی اداروں پر جرمانے

    سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد تجارتی اداروں پر جرمانے

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے والے 9 تجارتی اداروں پر جرمانے عائد کر دیے گئے، تجارتی سرگرمیوں کے ذمہ داران کو سماجی فاصلے کے اصول یقینی بنانے کے لیے سختی سے ہدایات کی گئی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے کرونا وائرس کی ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے پر 9 تجارتی اداروں پر جرمانے عائد کر دیے، میونسپلٹی کی جانب سے وزارت صحت کے جاری کردہ کرونا ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تفتیشی کارروائیاں جاری ہیں۔

    مکہ میونسپلٹی کے تفتیشی یونٹ نے ایس او پیز کی پابندی پر عمل درآمد کے حوالے سے بازاروں اور تجارتی مراکز پر چھاپے مارے، اس دوران ایس او پیز کی متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں۔

    مکہ میونسپلٹی نے تجارتی اداروں اور صحت عامہ سے تعلق رکھنے والی تجارتی سرگرمیوں کے ذمہ داران کو تاکید کی ہے کہ وہ سماجی فاصلے کے اصول یقینی بنانے کے لیے اپنے کارکنان اور صارفین سے عمل کروائیں۔

    ذمہ داران کو تاکید کی گئی ہے کہ دکانوں اور تجارتی اداروں میں سینی ٹائزر فراہم کریں، تمام اداروں میں حد سے زیادہ عملے اور گاہکوں کو جمع نہ ہونے دیں اور اگر کسی کارکن میں کرونا وائرس کی علامتیں دکھائی دیں تو پہلی فرصت میں اسے ڈیوٹی سے روک دیا جائے۔

    واضح رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے تجارتی اور صنعتی اداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ کرونا وائرس سے محفوظ رہیں۔

  • سعودی عرب: کرپشن کے جرم میں سینکڑوں افراد کے خلاف مقدمات درج

    سعودی عرب: کرپشن کے جرم میں سینکڑوں افراد کے خلاف مقدمات درج

    ریاض: سعودی عرب میں کرپشن اور اثر و رسوخ استعمال کر کے غیر قانونی کام کروانے کے جرم میں 226 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن (نزاہہ) نے 150 سے زائد فوجداری مقدمات درج کر لیے ہیں، عرب نیوز نے کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن کے حوالے سے بتایا کہ یہ فوجداری مقدمات 226 افراد کے خلاف درج کیے گئے ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

    جن افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں ان میں وزارت دفاع میں کام کرنے والے کئی افسران اور سرکاری ملازمین کے علاوہ دیگر افراد شامل ہیں۔

    ان افراد سے مشکوک مالی معاملات کے لین دین، رشوت لینے، اثر و رسوخ استعمال کرنے، فراڈ، عوام کے پیسے کا ضیاع اور غیر قانونی مالی فواد حاصل کرنے کے لیے منی لانڈرنگ کے ذریعے ایک ارب 23 کروڑ ریال (328 ملین ڈالر) حاصل کرنے کے الزامات پر تفتیش کی جا رہی ہے۔

    اس مقدمے میں 48 مدعا علیہان سے تفتیش کی گئی جن میں سے 19 وزارت دفاع کے ملازمین، 3 سرکاری ملازمین، 19 کاروباری شخصیات اور 8 کمپنیوں میں کام کرنے والے افراد شامل ہیں۔

    ان میں سے 44 افراد پر تفتیش کے بعد فرد جرم عائد کر دی گئی اور حکام چوری شدہ رقم وصول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    دوسرے مقدمے میں مملکت کے ایک علاقے میں کوالٹی مینجمنٹ کے ایک ڈائریکٹر اور ان کے 2 بھائیوں کی گرفتاری شامل ہے جنہوں نے ایک کاروباری شخص (میونسپلٹی میں کنٹریکٹر) کو متعدد منصوبوں کا ٹھیکہ دینے کے عوض 170 ملین ریال کی رشوت لی تھی۔

    تیسرے مقدمے میں وزارت خزانہ کے ایک نمائندے کی گرفتاری شامل ہے جنہوں نے حکومتی اداروں سے 23 ملین ریال کے معاہدے رکھنے والے ادارے کی مالی بے ضابطگیوں کو نظرانداز کرنے کے لیے ایک لاکھ ریال رشوت لی تھی۔

    اسی طرح چوتھے مقدمے میں نیشنل گارڈ کے ایک ریٹائرڈ میجر جنرل کو وزارت کے معاہدوں کے حصول میں مدد فراہم کرنے کے عوض ایک کمپنی سے ملازمت کے دوران 82 لاکھ ریال رشوت لینے پر گرفتار کیا گیا۔

    اس مقدمے میں کمپنی کے 3 ملازمین کو بھی ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    پانچویں مقدمے میں وزارت صحت نے ٹھیکے دینے والے ایک ڈائریکٹر کو گرفتار کرنے میں مدد کی جنہوں نے مریضوں سے متعلق کاغذی کارروائی کے عوض شعب آرکائیوز میں ایک ملازم کو 70 ہزار ریال رشوت ادا کی۔

    آخری کیس میں وزارت تعلیم کے ایک ملازم کو دوران ملازمت لوگوں کو ملازمت دینے کے لیے 20 ہزار ریال کی رشوت لینے پر گرفتار کیا گیا۔

  • ریاض کے ہوٹل میں سلنڈر دھماکا، 1 شخص جاں بحق

    ریاض کے ہوٹل میں سلنڈر دھماکا، 1 شخص جاں بحق

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ایک ہوٹل میں گیس سلنڈر میں ہونے والے دھماکے سے 1 شخص جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق واقعہ المونسیہ کے علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں پیش آیا، گیس سلنڈر دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ہوٹل کا فرنیچر اور سجاوٹ کی اشیا وغیرہ ٹوٹ کر بکھر گئیں، ہوٹل کے شیشے بھی دھماکے سے ٹوٹ گئے۔

    ہوٹل میں ہونے والے دھماکے کی شدت سے برابر کی دکانوں کو بھی کافی نقصان پہنچا۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے امدادی یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد علاج کے لیے اسپتال پہنچا دیا۔

    جاں بحق شخص کی لاش بھی اسپتال کے سرد خانے پہنچا دی گئی۔

    شہری دفاع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ دھماکے کی تحقیقات کے لیے متاثرہ ہوٹل کو متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

  • سعودی آئل کمپنی آرامکو کا اہم اقدام

    سعودی آئل کمپنی آرامکو کا اہم اقدام

    ریاض: سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو کے بمپر بانڈ کی فروخت مستحکم ہونے کا امکان ہے، آرامکو نے ڈالر کی برتری والے بانڈز کی فروخت کے لیے مارکیٹنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی آئل کمپنی آرامکو نے ڈالر کی برتری والے بانڈز کی فروخت کے لیے مارکیٹنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، اس اقدام سے آرامکو خلیجی ممالک کی جانب سے نئے قرضوں کی فروخت میں شامل ہوگئی ہے۔

    یاد رہے کہ تیل کے نرخوں میں ہونے والی کمی سے پورے خطے کی کارپوریشنز کو قرضوں کی منڈیوں میں سرگرمیوں کی ترغیب دے رہی ہے، اس صورتحال کے باعث پہلے ہی بانڈ کے اجرا کا سلسلہ شروع ہوگیا جو گزشتہ برس کے ریکارڈ 100 ارب ڈالر کی حد عبور کر گیا۔

    توقع ہے کہ یہ رجحان آئندہ برس بھی جاری رہے گا اور قرضوں کا اجرا 140 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا، گولڈ مین سیکس کے مطابق اس رقم کا زیادہ تر حصہ خلیجی ریاستوں اور لاطینی امریکہ سے آئے گا۔

    اے ڈی سی بی کی چیف اکانومسٹ مونیکا ملک کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کی موجودہ صورتحال قرضوں میں اضافے کے حوالے سے آرامکو کے لیے سازگار ہے۔ توقع ہے کہ طلب بھی مستحکم ہوگی اور اکٹھے ہونے والے فنڈز سے ڈیویڈنڈ ادائیگیوں میں مدد ملے گی۔

    آرامکو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سی آئی ٹی آئی، گولڈ مین سیکس انٹرنیشنل، ایچ ایس بی سی، جے پی مورگن، مورگن اسٹینلے اور این بی سی کیپٹل قرضوں کی فروخت پر کام کر رہی ہیں۔

    آرامکو نے فروخت کے حجم کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جو پہلے ہی 20 ارب ڈالر کے آرڈرز حاصل کر چکی ہے۔

  • سعودی محکمہ ٹریفک کی ڈرائیورز کو اہم ہدایت

    سعودی محکمہ ٹریفک کی ڈرائیورز کو اہم ہدایت

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیورز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی کے عقبی حصے میں سامان کے لیے جنگلہ نصب کروانا گاڑی اور جان دونوں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے گاڑی کے عقبی حصے میں سامان کے لیے جنگلہ نصب کروانے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سامان اور جان دونوں کے لیے خطرے کا باعث ہے۔

    محکمہ ٹریفک نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گاڑی کے عقبی حصے میں نصب کیے جانے والے جنگلے غیر محفوظ ہوتے ہیں اور ان سے گاڑی کا توازن بگڑتا ہے۔

    محکمہ ٹریفک کی جانب سے کہا گیا کہ گاڑی پر لادے جانے والا سامان بھی انتہائی حد سے زیادہ ہوتا ہے۔

    محکمہ ٹریفک نے ویڈیو میں مزید کہا کہ مملکت میں گاڑیوں کے مالکان عقبے حصے میں جس قسم کے جنگلے نصب کرتے ہیں وہ کار ساز کمپنیوں کے تیار کردہ نہیں ہوتے، عام طور پر جس جگہ لگائے جاتے ہیں وہ گاڑی کے سائلنسر کے قریب ہوتا ہے جس سے آگ لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

  • سعودی عرب: ٹریفک جرمانے سے بچنے کا طریقہ

    سعودی عرب: ٹریفک جرمانے سے بچنے کا طریقہ

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے بتایا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران جرمانے سے بچتے ہوئے لین کیسے تبدیل کر سکتے ہیں؟

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیورز کو لین کی پابندی کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی خلاف ورزی پر خود کار نظام کے تحت جرمانہ ہوگا۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ لین کی تبدیلی سے قبل قاعدوں اور ضابطوں کی پابندی کی جائے، یہ اپنی اور دوسرے لوگوں کی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔

    محکمے کے مطابق لین کی تبدیلی سے پہلے اس بات کا یقین کر لینا ضروری ہے کہ اس سے خود ڈرائیور اور دوسرے مسافروں کی سلامتی محفوظ رہے گی۔

    محکمے نے بتایا کہ لین کیسے تبدیل کریں کہ جرمانہ نہ ہو، اس سلسلے میں بتایا گیا کہ لین تبدیل کرنے سے مناسب وقت پہلے انڈیکیٹر دینا ضروری ہے، یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ جس لین کی طرف منتقل ہو رہے ہیں وہ گاڑیوں سے خالی ہے۔

    محکمے کے مطابق اس بات کو بھی دیکھنا ہوگا کہ جس لین کی طرف منتقل ہونے جا رہے ہیں وہاں گاڑی چلانے میں کوئی ممانعت تو نہیں نہ ہی وہاں چلنے پر کوئی ٹریفک خلاف ورزی ہے۔

    واضح رہے کہ ریاض، جدہ اور دمام کی سڑکوں پر لین کی پابندی نہ کرنے والوں کی خلاف ورزیوں کا اندراج خود کار نظام کے ذریعے ہوگا۔ جو ڈرائیور لین کی پابندی نہیں کریں گے ان پر ٹریفک کو معطل کرنے اور راہ گیروں کی زندگیوں کو خطرات سے دوچار کرنے کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جائیں گی۔

  • کرونا وائرس کی اندرونی ساخت کی تصاویر سامنے آگئیں

    کرونا وائرس کی اندرونی ساخت کی تصاویر سامنے آگئیں

    ریاض: سعودی سائنسدان کرونا وائرس کی اندرونی ساخت کی تصاویر تشکیل دینے میں کامیاب ہوگئے، تصاویر کی مدد سے وائرس کا توڑ نکالنے کی کوششوں میں مزید بہتری آئے گی۔

    سعودی عرب کی کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں نے کرونا وائرس کی تھری ڈی ماڈل کے ذریعے تازہ ترین تصاویر جاری کی ہیں۔

    اس ماڈل میں وائرس کی بیرونی اور اندرونی سطحوں کی تفصیلی تصویر کشی کی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی ایسی تفصیلی منظر کشی پہلے نہیں کی گئی۔

    اس ماڈل کو بنانے کے لیے ماہرین نے الیکٹرانک مائیکرو اسکوپس کی اسکین (شبیہہ) کی ہائی ریزولوشن تصاویر لیں جس کے بعد یہ ماڈل بنایا گیا۔

    ماڈل میں وائرس کی اندرونی ساخت اور بیرونی سطح پر موجود پروٹین اسپائیکس کو ظاہر کیا گیا ہے، یہ پروٹین اسپائیکس انسانی خلیے کو دھوکہ دیتی ہیں جس کی وجہ سے وہ ایک راستہ کھول دیتا ہے، جس کے بعد وائرس باآسانی خلیے کے اندر داخل ہو کر اس جسم کو انفیکٹڈ کردیتا ہے۔

    کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے تیاری کے مراحل میں موجود زیادہ تر ویکسینز انہی پروٹین اسپائیکس سے بچاؤ فراہم کرنے کے لیے کام کریں گی۔

    ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ ان تفصیلی تصاویر کی مدد سے کرونا وائرس کی مؤثر ویکسین اور دوائیں بنانے میں مزید مدد مل سکے گی۔

  • سعودی عرب کے مختلف شہروں میں شجر کاری مہم کا آغاز

    سعودی عرب کے مختلف شہروں میں شجر کاری مہم کا آغاز

    ریاض: سعودی عرب میں وسیع پیمانے پر شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا، شجر کاری مہم مملکت کے وژن 2030 کا حصہ ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت زراعت کی جانب سے مملکت کے مختلف شہروں میں شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا، شجر کاری مہم میں نائب وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر منصور ھلال المشیطی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

    طائف میں شجر کاری مہم میں 50 خواتین اور مرد رضا کاروں نے حصہ لیا جنہوں نے طائف کمشنری کے علاقے عکرمہ میں 120 پودے لگائے۔ شجر کاری کے لیے ماحول دوست پودوں کا انتخاب کیا گیا جو طائف کے موسم کے مطابق تھے۔

    مہم کے دوران لوگوں کو شجر کاری کی اہمیت اور ماحول پر سبزے کے مفید اثرات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    یہ شجر کاری مہم مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے شروع کی گئی جس میں ماحولیات اور قدرتی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے جنگلات کے پھیلاؤ اور سبزے کے تحفظ کو یقینی بنانا شامل ہے۔

    مہم میں وزارت زراعت کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں لگانے کے لیے پودوں کے بیچ بھی مفت فراہم کیے گئے، علاوہ ازیں شجر کاری کی اہمیت پر مشتمل ہینڈ بلز اور کتابچے بھی تقسیم کیے گئے۔

  • سعودی محکمہ ٹریفک کی ٹریفک قوانین کے حوالے سے وضاحت

    سعودی محکمہ ٹریفک کی ٹریفک قوانین کے حوالے سے وضاحت

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے حوالے سے ایک اور وضاحت جاری کی ہے، یہ وضاحت سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کے بعد دی گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے وضاحت کی ہے کہ ٹریفک قوانین میں ایسا کوئی ضابطہ نہیں جس کے تحت گاڑی میں پیٹرول کی ٹنکی ایک چوتھائی سے کم ہونے کو ٹریفک خلاف ورزی شمار کیا جائے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے جو دعویٰ کیا جا رہا ہے وہ غلط ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک مقامی شہری کے استفسار پر محکمہ ٹریفک کا کہنا تھا کہ اطمینان کے لیے محکمہ ٹریفک کی ویب سائٹ پر جا کر خلاف ورزیوں کا چارٹ بھی دیکھا جا سکتا ہے جس میں اس طرح کی کسی خلاف ورزی کا ذکر نہیں۔

    مذکورہ شہری نے محکمہ ٹریفک سے رابطہ کر کے دریافت کیا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی حقیقت کیا ہے جس میں ایک شخص دعویٰ کر رہا ہے کہ وہ سیکیورٹی ادارے سے رابطہ کر کے پوچھ رہا ہے کہ کیا پیٹرول کی ٹنکی ایک چوتھائی سے کم خالی ہو تو یہ ٹریفک خلاف ورزی ہے۔

    ویڈیو کلپ میں مقامی شہری یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا رہا ہے کہ ٹریفک اہلکاروں نے اسے روک کر فیول ٹینک چیک کیا تھا جو ایک چوتھائی سے کم خالی پایا گیا، مجھ سے کہا گیا کہ یہ ٹریفک خلاف ورزی ہے، یہ بات درست ہے یا نہیں۔

    مذکورہ وائرل ویڈیو میں اس بات کی تصدیق نہیں ہو پا رہی کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص کسی سرکاری ادارے سے رابطے میں ہے یا نہیں تاہم وہ یہ تاثر دینے کی کوشش ضرور کر رہا ہے۔

  • دانت برش کرتے ہوئے خاتون نے ٹوتھ برش نگل لیا

    دانت برش کرتے ہوئے خاتون نے ٹوتھ برش نگل لیا

    ریاض: سعودی عرب میں ایک خاتون نے دانت برش کرتے ہوئے ٹوتھ برش کو نگل لیا جس کے بعد ڈاکٹرز کو ان کا آپریشن کرنا پڑا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق 20 سالہ خاتون مکہ مکرمہ کے النور اسپیشلسٹ اسپتال کی ایمرجنسی میں پہنچیں اور بتایا کہ دانتوں کو برش کرتے ہوئے انہوں نے حادثاتی طور پر ٹوتھ برش نگل لیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ برش کرنے کے دوران ٹوتھ برش ان کے ہاتھ سے پھسلا اور حلق میں چلا گیا، انہوں نے اسے ہاتھ سے نکالنے کی کوشش کی لیکن اس کوشش میں وہ حلق میں مزید نیچے چلا گیا اور وہاں سے معدے میں پہنچ گیا۔

    خاتون کا ایکسرے اور سی ٹی اسکین کیا گیا جس میں ان کے معدے میں ٹوتھ برش کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر آپریشن تھیٹر منتقل کردیا گیا۔

    وہاں موجود ڈاکٹرز نے صرف 20 منٹ کے آپریشن میں ان کے معدے سے برش نکال لیا۔

    النور اسپیشلسٹ اسپتال ترجمان کے مطابق خاتون کی حالت بہتر ہے اور وہ صحت یابی کی جانب گامزن ہیں۔