Tag: ریاض

  • غیر ملکیوں کی واپسی: خصوصی پروازوں کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت

    غیر ملکیوں کی واپسی: خصوصی پروازوں کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت

    ریاض: سعودی عریبین ایئر لائنز انتظامیہ نے خصوصی پروازوں اور ان سے ریزرویشن کے طریقہ کار کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کی واپسی پروازوں کی سہولت سے مشروط ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) نے خصوصی پروازوں اور ان سے ریزرویشن کے طریقہ کار کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔

    السعودیہ کے مطابق خروج و عودۃ، ملازمت، اقامہ یا وزٹ ویزوں میں سے کوئی ایک ویزا رکھنے والے غیر ملکیوں کو جنہیں منگل 15 ستمبر 2020 سے سعودی عرب واپسی کی اجازت دی گئی ہے، وہ پروازوں کی سہولت سے مشروط ہے۔

    ان پروازوں سے سفر کرنے والے کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ جس ملک سے سفر کر رہا ہے اس سے اجازت نامہ حاصل کرے اور جس ملک میں جارہا ہے وہاں سے بھی اجازت حاصل کی جائے۔

    السعودیہ نے یہ بھی کہا کہ استثنائی پروازوں سے ریزرویشن کروانے والے کو ساری کاغذی کارروائی مکمل کرنا ہوگی، اسے ضروری دستاویزات پیش کرنا ہوں گی اور مطلوبہ کارروائی نمٹانا ہوگی۔

    علاوہ ازیں سفر کرنے والے ملک اور جس ملک کا سفر کیا جا رہا ہے ان دونوں سے بھی منظوری حاصل کرنا ہو گی۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وجہ سے تاحال بیرون ملک سے آنے والے پروازوں پر پابندی برقرار ہے اور اس حوالے سے حکام کی جانب سے کسی قسم کا لائحہ عمل جاری نہیں کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اعلان کے بعد غیر ملکیوں کی واپسی کے بارے میں لائحہ عمل جاری کیا جائے گا۔

  • گھر میں بھیڑیے پالنے والا سعودی نوجوان

    گھر میں بھیڑیے پالنے والا سعودی نوجوان

    ریاض: سعودی عرب میں ایک نوجوان نے اپنے گھر میں بھیڑیے پال لیے جو اس کے ساتھ گھر کے افراد کی طرح رہ رہے ہیں اور سب سے نہایت مانوس ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی نوجوان راید العریما نے قصیم ریجن کے الفوارہ شہر میں واقع اپنے گھر میں کئی بھیڑیے پالے ہوئے ہیں، نوجوان نے بھیڑیوں کے بچوں کی پرورش کی اور اب وہ خاندان کے فرد کے طور پر اس کے ساتھ رہنے لگے ہیں۔

    ایک انٹرویو میں سعودی نوجوان نے بتایا کہ مجھے بھیڑیے اچھے لگتے تھے اسی لیے انہوں نے بھیڑیا پالنا شروع کیا۔ ان کے مطابق ان کے گھر میں 6 بھیڑیے موجود ہیں اور اب تو ان کے گھر والے بھی بھیڑیوں سے نہایت مانوس ہوگئے ہیں۔

    سعودی نوجوان نے بھیڑیوں کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جنہیں دیکھ کر لوگ حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔

    راید العریما کا کہنا ہے کہ اسے ان منفرد جانوروں کے لیے ایک بڑا فارم بنانے کی خواہش ہے اور وہ چاہتا ہے کہ اسے اس کا لائسنس مل جائے۔

    ان کے مطابق جب وہ بھیڑیے کے بچے گھر پر لایا تھا تو اہلیہ نے مخالفت نہیں کی اور پھر رفتہ رفتہ سب لوگ ان سے مانوس ہوگئے۔ جب بھی وہ گھر سے دور جاتا ہے تو واپسی پر بھیڑیے اسے بچوں کی طرح ملتے ہیں۔

    نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ ان بھیڑیوں کو 9 کلو کچا گوشت کھلاتے ہیں، ہر بھیڑیے کی یومیہ خوراک ڈیڑھ کلو گوشت ہے، میرے جاننے والوں میں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو اپنے بھیڑیوں کو پیزا بھی کھلاتے ہیں۔

  • جدہ کے شہریوں کے لیے خوشخبری

    جدہ کے شہریوں کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں شہریوں کی تفریحی سہولت اور شہر کی خوبصورتی کے لیے مزید 3 نئے عوامی پارکس قائم کیے جارہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہر جدہ میں مزید 3 عوامی پارک قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ معاشرے کا ہر طبقہ سبزہ زاروں اور تفریحی مقامات سے لطف اٹھا سکے اور سبزہ زاروں کے حوالے سے فی کس حصے میں اضافہ ہوجائے۔

    جدہ میونسپلٹی نے ٹویٹرپر اپنے بیان میں کہا کہ الفضیلۃ محلے میں 12 ہزار 586 مربع میٹر کے پلاٹ پر ایک پارک تیار کیا جا رہا ہے۔

    میونسپلٹی کے مطابق دوسرا پارک الریاض محلے میں 11 ہزار 500 مربع میٹر اور تیسرا پارک الریان محلے میں 5 ہزار 545 مربع میٹر کے پلاٹ پر تیار کیا جارہا ہے۔

    تینوں پارک مکمل ہونے پر جدہ شہر کے سبزہ زاروں میں خوبصورت اضافہ ہوں گے۔

    خیال رہے کہ جدہ کو چہل قدمی کی سہولتوں سے آراستہ شہر ہونے کا اعزاز حاصل ہے، شہر میں سب سے زیادہ واکنگ ٹریکس ہیں جن پر بچے، جوان، خواتین اور بزرگ سب ہی چہل قدمی کرتے نظر آتے ہیں۔

    شہر میں 49 کلو میٹر طویل 23 واکنگ ٹریکس قائم ہیں۔ جدہ واٹر فرنٹ کا واکنگ ٹریک سب سے طویل ہے۔ یہ 4 ہزار 500 میٹر طویل اور 10 میٹر چوڑا ہے، دوسرے نمبر پر امیر فواز محلے کا واکنگ ٹریک آتا ہے۔ یہ بھی اتنا ہی طویل ہے البتہ اس کی چوڑائی 15 میٹر ہے۔

    شام کے وقت فیملیز چہل قدمی کے لیے واکنگ ٹریکس پر نظر آتی ہیں جبکہ صبح سویرے بھی بڑی تعداد میں لوگ ورزش اور چہل قدمی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

  • سعودی حکام کی امیگریشن قوانین کے تحت بلیک لسٹ کیے جانے کے حوالے سے وضاحت

    سعودی حکام کی امیگریشن قوانین کے تحت بلیک لسٹ کیے جانے کے حوالے سے وضاحت

    ریاض: سعودی حکام نے مملکت میں غیر ملکی شہریوں کے کسی صورت میں بلیک لسٹ ہوجانے کے حوالے سے وضاحت جاری کی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مملکت میں امیگریشن قوانین کے تحت بلیک لسٹ کیے جانے والوں کی مختلف کیٹگریز ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ خروج و عودہ یعنی ایگزٹ ری انٹری ویزے کی خلاف ورزی کرنے پر بلیک لسٹ کی مدت 3 برس ہے تاہم اس دوران اگر سابق کفیل چاہے تو وہ بلیک لسٹ کی مدت کے دوران یعنی 3 برس گزرنے سے قبل دوسرے ویزے پر بلا سکتا ہے۔

    حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی شخص عدالتی سزا کی وجہ سے بلیک لسٹ ہوتا ہے یعنی کسی جرم وغیرہ کی وجہ سے تو اس میں مدت مختلف ہوتی ہے جو ہر کیس کی نوعیت کے اعتبار سے مقرر کی جاتی ہے۔

    ایسی صورت میں مدت 3 برس سے لے کر 5 اور 10 برس تک ہوسکتی ہے۔

    دوسری جانب ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اب تک کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا، جیسے ہی حکام کی جانب سے اس بارے میں احکامات جاری ہوں گے مطلع کر دیا جائے گا۔

  • سعودی عرب میں لوڈنگ ٹرک رکھنے سے متعلق نیا ضابطہ جاری

    سعودی عرب میں لوڈنگ ٹرک رکھنے سے متعلق نیا ضابطہ جاری

    ریاض: سعودی عرب میں لوڈنگ ٹرک رکھنے سے متعلق نیا ضابطہ جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے سعودیوں کے لیے ’نجی لوڈنگ ٹرک‘ رکھنے کی تعداد مقرر کر دی، قانون کے مطابق اب سعودی شہری ایک سے زیادہ ٹرک اپنے نام پر نہیں رکھ سکیں گے۔

    نئے ضابطے کے مطابق نقل و حمل کے کاروبار سے منسلک ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو زیادہ سے زیادہ 9 ٹرک رکھنے کی اجازت ہوگی۔

    اس سلسلے میں ٹویٹر کے ذریعے سعودی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے نئے قواعد پر عمل کے لیے 2022 تک مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ نقل و حمل سے متعلق تمام کمپنیاں اور افراد ان قواعد پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔

    ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ 2022 تک اپنے معاملات درست کیے جا سکتے ہیں، اس کے بعد زیادہ ٹرک رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    دوسری طرف سعودی عرب میں غیر قانونی معیشت کا راستہ روکنے کے لیے اینٹی ٹریڈ کَور اَپ کمیٹی مختلف شعبہ جات میں قانون سازی کر رہی ہے تاکہ ان ملکی اور غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی ہو جو تجارتی پردہ پوشی میں ملوث ہیں۔

    سعودی عرب میں مقامی شہریوں کے نام پر غیر ملکیوں کا کاروبار کرنا بھی خلاف قانون ہے، مرتکب افراد کو 5 برس تک قید اور 50 لاکھ ریال جرمانے کی سزائیں دی جائیں گی۔ تجارتی جعل سازی کی روک تھام کے لیے نئے ضابطے بھی لائے جا رہے ہیں۔

  • سعودی خاتون میں غربت کے باجود دوسروں کی مدد کرنے کا جذبہ

    سعودی خاتون میں غربت کے باجود دوسروں کی مدد کرنے کا جذبہ

    ریاض: سعودی خاتون کی سخاوت اور دریا دلی نے سوشل میڈیا صارفین کو جذباتی کردیا، کھانے پینے کی اشیا بیچ کر اپنا پیٹ پالنے والی خاتون نے ضرورت مند کو مفت کھانا کھلایا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہر حائل کی خاتون ام محمد کی سخاوت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، خاتون کے لیے ام الایتام (یتیموں کی ماں) ہیش ٹیگ بن گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ام محمد کا تعلق حائل شہر سے ہے، آمدنی گزر بسر سے زیادہ نہیں اس کے باوجود وہ ہرکسی کی مدد میں پیش پیش رہتی ہیں۔

    ام محمد کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان سعودی خاتون کے پاس گیا اور کہنے لگا کہ میرے پاس کھانے پینے کو کچھ نہیں، ام محمد نے کہا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں میں تمہاری ماں ہوں اور تمہاری عزت میری عزت ہے۔

    ام محمد نے یہ جملے بے ساختہ انداز میں ادا کیے، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اسے غیر معمولی پذیرائی ملی۔

    سعودی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ام محمد کا کہنا تھا کہ وہ لگ بھگ دس برس سے دکان چلا رہی ہیں، 7 برس سے اپنے 3 بیٹوں اور ایک بیٹی کی پرورش کر رہی ہیں، شوہر کی وفات کے بعد مشکل میں تھی۔ بچوں کی خاطر حائل کے عوامی پکوان تیار کر کے فروخت کرنے لگی۔

    ان کے مطابق اسی دوران حائل میں فیصل الرمالی نے جو ہنر مند خاندانوں کے انچارج ہیں، مجھے کھانے پینے کی اشیا خریدنے کے لیے قرضہ دیا۔

    ام محمد کا کہنا ہے کہ حائل شہر میں سڑکوں اور پارکوں میں گھوم پھر کر کھانے پینے کی اشیا فروخت کر کے گزر بسر کی اور مشکلات اٹھائیں، مجھے معاشرے کے ہر طبقے کے دکھ درد کا احساس بھی ہے۔ ہمارے یہاں اعلیٰ اخلاق کے مالک اور سمجھدار لوگ بھی ہیں اور نالائق بھی۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت حیرت زدہ رہ گئیں جب محکمہ تفریحات کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ آئندہ آپ سڑکوں، گلیوں اور پارکوں میں کچھ نہ فروخت کریں، آپ کے سارے قرضے میرے ذمے ہیں۔ میں آپ کے لیے دکان کا انتظام کر رہا ہوں۔

    دوسری جانب ترکی آل شیخ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جب انہوں نے ام محمد کی وڈیو دیکھی تو ان کی نیند اڑ گئی، اسی لمحے طے کرلیا تھا کہ صبح ہوتے ہی ام محمد سے رابطہ کروں گا۔

  • سعودی عرب: سست رفتار ڈرائیونگ پر جرمانہ ہوگا

    سعودی عرب: سست رفتار ڈرائیونگ پر جرمانہ ہوگا

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے اہم ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہوں پر سست رفتار ڈرائیونگ سے گریز کریں، ایسا کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے اور سست رفتار ڈرائیونگ پر احتساب ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیوروں کو خبردار کیا ہے کہ شاہراہوں پر سست رفتار ڈرائیونگ سے گریز کریں، شاہراہوں پر سست رفتاری سے ٹریفک معطل ہوتی ہے اور حادثات کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے اور سست رفتار ڈرائیونگ پر احتساب ہوگا۔

    محکمے کی جانب سے کہا گیا کہ شاہراہوں اور سڑکوں پر سست رفتار ڈرائیونگ پر 100 سے ڈیڑھ سو ریال تک کا جرمانہ مقرر ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا تھا کہ بعض لوگ شاہراہوں اور سڑکوں سے گزرتے وقت رک کر باتیں کرنے لگتے ہیں، ایک ڈرائیور دوسرے ڈرائیور سے راستہ دریافت کرنے لگتا ہے یا سڑک پر رونما ہونے والے حادثے کو دیکھنے لگتے ہیں، یہ سب کچھ منع ہے۔

    محکمے کے مطابق سڑکوں اور شاہراہوں پر ایسا کرنے کی قطعاً اجازت نہیں ہے۔

  • گھریلو ملازماؤں کے حوالے سے سعودی حکومت کا بڑا فیصلہ

    گھریلو ملازماؤں کے حوالے سے سعودی حکومت کا بڑا فیصلہ

    ریاض: سعودی حکام نے پہلی مرتبہ آذر بائیجان سے گھریلو ملازمائیں لانے کی منظوری دے دی ہے، آذر بائیجان سے ملازماؤں کی درآمد کی لاگت دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں پہلی مرتبہ آذر بائیجان سے گھریلو ملازمائیں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حائل میں ریکروٹنگ ایجنسی نے بتایا ہے کہ آذر بائیجان سے گھریلو ملازمائیں لائی جائیں گی۔

    ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے متعلقہ حکام نے اس کی منظوری دے دی ہے۔

    ریکروٹنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ آذر بائیجان سے مسلم باورچی خواتین لانے کے لیے وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ماتحت مساند پلیٹ فارم سے لائسنس مل گیا ہے۔

    ایجنسی کے مطابق آذر بائیجان سے گھریلو ملازمہ لانے کی لاگت 15 ہزار ریال ہوگی، یہ اب تک معروف ملکوں سے گھریلو ملازماؤں کی درآمد کی لاگت کے حوالے سے مناسب ہے۔

    سری لنکا سے گھریلو ملازمہ لانے کی لاگت 25 ہزار ریال آرہی ہے جبکہ کارروائی مکمل کرنے میں 90 دن لگتے ہیں، فلپائن سے گھریلو باورچی خاتون کی درآمد کی لاگت 16 ہزار ریال ہے اور کارروائی 90 روز میں مکمل ہوتی ہے۔

    یاد رہے کہ آذر بائیجان مغربی ایشیا اور مشرقی یورپ کے درمیان واقع ملک ہے، اس کے مشرق میں بحر قزین، شمال میں روس، شمال مغرب مں جارجیا، مغرب میں آرمینیا اور جنوب میں ایران واقع ہیں۔

  • غیر ملکی پروازوں کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت

    غیر ملکی پروازوں کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت

    ریاض: سعودی حکام نے سعودی عرب میں غیر ملکی آمد و رفت کے حوالے سے ایک بار پھر وضاحت کی ہے کہ تاحال حکومت کی جانب سے کسی لائحہ عمل کا اعلان نہیں ہوا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وجہ سے تاحال بیرون ملک سے آنے والے پروازوں پر پابندی برقرار ہے اور اس حوالے سے حکام کی جانب سے کسی قسم کا لائحہ عمل جاری نہیں کیا گیا۔

    محکمہ پاسپورٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اعلان کے بعد غیر ملکیوں کی واپسی کے بارے میں لائحہ عمل جاری کیا جائے گا۔

    محکمہ پاسپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لیے مختلف ممالک سے پروازوں کی بحالی کے حوالے سے تاحال کسی قسم کی حتمی اطلاع نہیں، جیسے ہی متعلقہ اداروں کی جانب سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا سرکاری سطح پر اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں سعودی عرب میں رہنے والے تمام غیر ملکی جو خروج و عودہ پر اپنے ملک گئے ہوئے ہیں ان کی واپسی کے حوالے سے بھی تاحال کسی قسم کا سرکاری اعلان جاری نہیں ہوا ہے۔

    اسی طرح وہ غیر ملکی جو اپنے وطن گئے ہوئے ہیں ان کی واپسی بھی تاحال ممکن نہیں ہو رہی۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران جب مملکت میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری تھا تب حکومت نے مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں کے اقاموں میں 3 ماہ کی مفت توسیع کی تھی۔

    دوسری بار ایوان شاہی سے ان تارکین کو رعایت دی گئی جو بیرون مملکت چھٹی یعنی خروج و عودہ پر گئے ہوئے تھے۔

    علاوہ ازیں وزٹ ویزے پر آنے والے غیر ملکی جو حالات کے سبب سفری پابندی کی وجہ سے مقررہ مدت کے دوران اپنے ملک نہیں جاسکے تھے، ان کے ویزوں کی مدت میں بھی مفت توسیع کی گئی تھی۔

  • سعودی عرب میں سونے کی قیمت میں اضافہ

    سعودی عرب میں سونے کی قیمت میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، 24 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 233.18 ریال تک پہنچ گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں سونے کے نرخ بڑھ گئے، 24 قیراط 233.18 ریال تک پہنچ گیا۔ اس سے ایک روز قبل تک 24 قیراط کا ایک گرام سونا 232.93 میں دستیاب تھا۔

    21 قیراط کا ایک گرام سونا 203.82 ریال سے بڑھ کر جمعے کو 204.03 ریال ہوگیا۔

    18 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 174.89 ریال رہی جبکہ جمعرات کو یہ 174.7 ریال میں دستیاب تھا۔

    16 قیراط کا ایک گرام سونا 155.45 ریال تک پہنچ گیا، 14 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 136.02 ریال رہی۔ اسی طرح 12 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 116.59 ریال جبکہ 10 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 97.16 ریال ریکارڈ کی گئی۔

    سونے کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی منڈی میں جمعے کو سونے کی قیمتیں بڑھنے سے ہوا ہے، عالمی حصص اور امریکی بانڈز کے منافع کی قیمتیں بھی گر گئی ہیں۔