Tag: ریاض

  • کویت سے سعودی عرب جانے والی گاڑیوں کے حوالے سے اہم وضاحت

    کویت سے سعودی عرب جانے والی گاڑیوں کے حوالے سے اہم وضاحت

    ریاض: کویت میں سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کویت سے سعودی عرب جانے والے غیر ملکیوں اور گاڑیوں سے فیس وصولی کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کویت میں سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کویت سے سعودی عرب جانے والے غیر ملکیوں اور گاڑیوں سے فیس کی وصولی کی اطلاعات غلط ہیں۔

    سعودی سفارتخانے کے ٹویٹر پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان دنوں سوشل میڈیا پر یہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ کویت سے سعودی عرب جانے والے غیر ملکیوں اور گاڑیوں پر فیس مقرر کردی گئی ہے۔

    بہت سے لوگوں نے یہ اطلاعات ملنے پر سفارتخانے سے رابطہ کر کے ان اطلاعات کی حقیقت دریافت کی ہے۔

    سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ یہ دعویٰ سراسر غلط اور بے بنیاد ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، کوئی بھی شخص ایسی کسی بھی اطلاع پر جو سرکاری ادارے سے جاری نہ ہوئی ہو کان نہ دھرے۔

  • پیدائشی معذور سعودی بچی نے حوصلے کی نئی مثال قائم کردی

    پیدائشی معذور سعودی بچی نے حوصلے کی نئی مثال قائم کردی

    ریاض: سعودی عرب میں ہاتھوں سے محروم کمسن بچی نے ہمت اور حوصلے کی نئی مثال قائم کردی، بچی نہ صرف ماہر تیراک اور مصورہ ہے بلکہ گھر کے کاموں میں بھی والدہ کا ہاتھ بٹاتی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق پیدائشی طور پر ہاتھوں سے محروم کم عمر سعودی بچی نے جسمانی معذوری کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے حوصلے اور ہمت کے بل بوتے پر نہ صرف تیراکی میں مہارت حاصل کی بلکہ وہ انتہائی خوبصورت ڈرائنگ بھی بناتی ہے۔

    طرفہ عبد العزیز نامی کمسن بچی پیدائشی طور پر ہاتھوں سے محروم ہے مگر مثالی ذہنی صلاحیتوں نے اسے جسمانی معذوری کا احساس ہونے نہیں دیا۔ طرفہ دونوں ہاتھوں سے محروم ہونے کے باوجود اپنی والدہ کے ساتھ ہر کام آسانی سے کرتی ہے۔

    ایک سعودی ٹی وی کے پروگرام میں طرفہ نے بتایا کہ وہ اپنے گھر آنے والے مہمانوں کے لیے نہ صرف قہوہ پیش کرتی ہے بلکہ اپنی والدہ کے ساتھ باورچی خانے میں ان کی مدد بھی کرتی ہے۔

    بچی کے والد نے بتایا کہ جب اہلیہ نے انہیں بتایا کہ طرفہ تیراکی میں خاص دلچسپی رکھتی ہے تو اس کے شوق کی تکمیل کے لیے اسے مخصوص افراد کو تیراکی کی تربیت دینے والے ادارے میں داخل کروایا جہاں اس نے اپنے شوق کی تکمیل کے لیے بہت جلد تیراکی پر عبور حاصل کرلیا۔

    والد کا مزید کہنا تھا کہ ان کی بیٹی پیدائشی طور پر معذور ہے لیکن اس نے کبھی اس معذوری کو اپنی کمزوری نہیں بنایا بلکہ ہمیشہ عام بچوں کی طرح ہر کام کرنے کی کوشش کی جس پر ہم رب کریم کا شکر ادا کرتے ہیں۔

  • کرونا وائرس کی ایک اور خطرناک علامت کا انکشاف

    کرونا وائرس کی ایک اور خطرناک علامت کا انکشاف

    ریاض: سعودی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس نظام ہاضمہ پر بھی حملہ آور ہورہا ہے جس کے لیے مزید احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی نیشنل ریسرچ سینٹر کے سابق سربراہ ڈاکٹر ہانی الناظر نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس ان دنوں نظام ہضم پر حملہ آور ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر الناظر نے شہریوں کو اس حوالے سے وائرس کے منفی اثرات سے بچنے کے لیے متعدد مشورے دیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایک پلیٹ میں کھانے سے پرہیز کریں، عام طور پر عرب ممالک میں ایک ہی پلیٹ میں فول کھایا جاتا ہے۔ موجودہ حالات میں عرب اپنی یہ عادت ترک کر دیں۔

    علاوہ ازیں شیشہ پینے سے پرہیز کریں، دکانوں میں بیٹھ کر شیشے کا استعمال بند کردیں۔ کپڑوں کا تبادلہ نہ کریں۔

    ڈاکٹر الناظر نے تاکید کی کہ سب لوگ وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر تدابیر کی پابندی کریں، ایسے کسی بھی شخص سے بات نہ کریں جو ماسک پہنے بغیر اونچی آواز میں بات کررہا ہو۔

    انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر فروخت کیے جانے والے مشروبات یا فاسٹ فوڈ بالکل نہ کھائیں۔ مصافحہ اور بغل گیر ہونے سے پرہیز کریں۔

    ڈاکٹر ناظر نے توقع ظاہر کی کہ چند ماہ بعد کرونا وائرس کا زور ٹوٹ جائے گا اور آئندہ موسم سرما میں اس کی شدت کم ہوگی۔ ماسک کی پابندی ہر حال میں کریں کیونکہ یہ پہلی دفاعی لائن ہے۔ ماسک پہننے والے کو کرونا وائرس لگنا مشکل ہے۔

  • سعودی حکام کا طلبہ کے لیے تعلیم دوست اقدام

    سعودی حکام کا طلبہ کے لیے تعلیم دوست اقدام

    ریاض: سعودی حکام نے بیرون ملک اسکالر شپ پر تعلیم حاصل کرنے والے سعودی طلبہ کے لیے سفر کے استثنائی اجازت نامے جاری کیے ہیں تاکہ وہ مذکورہ ممالک جا کر اپنی تعلیم مکم کر سکیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے بیرون ملک اسکالر شپ پر تعلیم حاصل کرنے والے سعودی طلبہ کے لیے وزارت تعلیم کے تعاون سے سفر کے استثنائی اجازت نامے جاری کیے ہیں۔

    سعودی طلبہ یہ اجازت نامے آن لائن حاصل کرسکتے ہیں، ان کے ہمراہ محرم کو بھی جانے کی اجازت ہوگی۔ محکمہ پاسپورٹ نے استثنائی سفری اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے طریقہ کار بھی جاری کیا ہے۔

    جاری کردہ طریقہ کار کے مطابق ابشر پلیٹ فارم پر جائیں، خدماتی آپشن کا انتخاب کریں پھر الجوازات کا آپشن سلیکٹ کریں۔

    جوازات کے مرکز الرسائل و طلبات پر جائیں اور نئی درخواست تحریر کریں۔

    محکمہ پاسپورٹ کا آپشن اختیار کرنے کے بعد سفر کے استثنائی اجازت نامے والا آپشن منتخب کریں۔

    بیرون ملک تعلیم کے لیے سفر کا اجازت نامہ صرف سعودی شہریوں کے لیے ہوگا، اس کی نشاندہی کریں۔ درخواست اوکے کر کے بھیج دیں۔

    محکمہ پاسپورٹ نے تاکید کی ہے کہ درخواست دیتے وقت کچھ امور کی پابندی ضروری ہے، اس ملک کا نام تحریر کریں جہاں طالب علم زیر تعلیم ہو۔

    ایسی کوئی بھی درخواست مسترد کردی جائے گی جس کا تعلق اسکالر شپ والے طالب علم سے نہیں ہوگا۔

    درخواست کا جواب تین ورکنگ ڈیز میں دے دیا جائے گا۔

    یہ سروس فی الوقت ابشر ایپلی کیشن میں دستیاب نہیں ہے۔

    اگر اسکالر شپ پر تعلیم پانے والے کے ہمراہ باپ، بھائی، شوہر، بیوی یا اولاد بھی ہوں تو درخواست میں ان کا نام شامل کرنا ہوگا۔ ہر ایک کا نام، قومی شناختی کارڈ اور رشتے کی نوعیت تحریرکرنا ہوگی۔

    اگر طالب علم اپنے خرچ پر تعلیم حاصل کر رہا ہو تو اسے مطلوبہ دستاویزات بھی منسلک کرنا ہوں گی جبکہ فیملی ریکارڈ سے محرم وغیرہ کی تصویر بھی منسلک کرنا ہوگی۔

  • سعودی عرب: کرائے کے مکانات میں رہائش پذیر افراد کے لیے بڑا ریلیف

    سعودی عرب: کرائے کے مکانات میں رہائش پذیر افراد کے لیے بڑا ریلیف

    ریاض: سعودی عرب میں مکانات کے کرائے میں کمی دیکھی جارہی ہے، جس کی سب سے بڑی وجہ کرونا وائرس اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مختلف عوامل ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ریئل اسٹیٹ ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا شروع ہونے کے بعد سے بعض فلیٹوں کے کرائے کم ہوئے ہیں۔

    ریئل اسٹیٹ ایجنسی کے ثامر القرشی نے بتایا کہ کرونا وائرس وبا کے باعث مقیم غیر ملکیوں کے مملکت چھوڑ دینے کے باعث مکانات کی طلب کم ہوئی ہے جبکہ 3 اور 4 کمروں والے فلیٹس کی رسد بڑھ گئی ہے لہٰذا چھوٹے فلیٹس کے کرائے خود بخود کم ہوگئے۔

    ایوان ہائے صنعت و تجارت کونسل میں غیر منقولہ جائیدادوں کی کمیٹی کے رکن حسین بن راجحہ نے کرایوں میں کمی کا ایک اور سبب بتایا۔

    ان کا کہنا ہے کہ کرونا بحران اپنی جگہ پر ہے تاہم حکومت کی جانب سے مکانات کی فراہمی کے باعث کرایہ دار مقامی شہری مکانات کے مالکان میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ مقامی شہریوں کی وجہ سے بھی مکانات خالی ہونے لگے ہیں۔

    غیر منقولہ جائیدادوں کے مور کے کنسلٹنٹ عمر السلیمان کے مطابق ان دنوں مکانات کے خریدار بڑھ گئے ہیں جبکہ پلاٹس خریدنے والوں کی تعداد کم ہوئی ہے، اس لیے کرایہ دار کم ہوتے جارہے ہیں۔ یہی کرائے کم ہونے کی بڑی وجہ ہے۔

  • سعودی سیکیورٹی اہلکار کی ایمانداری، سونے کے زیورات واپس مالک تک پہنچا دیے

    سعودی سیکیورٹی اہلکار کی ایمانداری، سونے کے زیورات واپس مالک تک پہنچا دیے

    ریاض: سعودی عرب میں سیکیورٹی اہلکار نے سونے کے زیورات سے بھرا بیگ اس کے مالک تک پہنچا دیا، قیمتی سامان واپس مل جانے پر مالک شکر گزاری اور خوشی سے نہال ہوگیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں سیکیورٹی اہلکار نے ایمانداری کا ثبوت دیتے ہوئے سونے کے زیورات سے بھرا بیگ مالک تک پہنچا دیا، زیورات سے بھرا بیگ سڑک کے کنارے ڈیوٹی پر موجود اہلکار کو ملا تھا۔

    مذکورہ واقعہ بلقرن کمشنری کے شہر سبت العلایہ میں پیش آیا جہاں پیٹرولنگ کے دوران پولیس اہلکار کو سڑک کے کنارے سیاہ رنگ کا بیگ دکھائی دیا، جس پر اہلکار نے فوری طور پر تھانے کو مطلع کیا۔

    اہلکار کی اطلاع پر علاقے کے تھانے سے تفتیشی ٹیم موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے بیگ تحویل میں لے کر اسے کھولا تو اس میں سے کپڑے اور سونے کے زیوارت برآمد ہوئے۔

    بیگ میں اس کے مالک کا ٹیلی فون نمبر اور ایڈرس بھی برآمد ہوا جس پر بیگ کے مالک سے رابطہ کر کے اس بارے میں اطلاع دی گئی۔

    پولیس کی کال موصول ہوتے ہی بیگ کے مالک فوری طور پر تھانے پہنچ گئے جنہوں نے بتایا کہ سفر کے دوران ان کا بیگ گر گیا تھا اور جب سے وہ اسے تلاش کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

  • شوہر کی ویڈیو گیم کھیلنے کی لت، بیوی خلع کے لیے عدالت پہنچ گئی

    شوہر کی ویڈیو گیم کھیلنے کی لت، بیوی خلع کے لیے عدالت پہنچ گئی

    ریاض: سعودی عرب میں ایک خاتون اپنے شوہر کی ویڈیو گیم کھیلنے کی لت سے تنگ آ کر عدالت پہنچ گئیں، خاتون کا مطالبہ ہے کہ انہیں خلع دلوائی جائے تاکہ وہ اس اذیت ناک زندگی سے چھٹکارہ حاصل کرسکیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی خاتون نے شوہر کی بے اعتنائی پر علیحدگی کے لیے وکیل کی خدمات حاصل کر لیں، خاتون کا کہنا ہے کہ شوہر انتہائی بے پروا ہے، کمپیوٹر گیم میں اس قدر گم رہتا ہے کہ نہ اسے میرا خیال ہے اور نہ بچوں کا۔

    مقامی لا فرم میں درخواست دائر کرتے ہوئے خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر کی بے اعتنائی اور بے پروائی سے تنگ آچکی ہے، شوہر گھر آتے ہی گھنٹوں اپنے موبائل پر مصروف رہتا ہے جس کی وجہ سے اس کا عائلی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

    خاتون کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس کا شوہر نہ تو اس کا خیال رکھتا ہے اور نہ ہی بچوں کا، اسے بس اپنے کھیل سے ہی فرصت نہیں ملتی جس کی وجہ سے اس کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔

    خاتون نے متعدد بار شوہر سے طلاق دینے کا مطالبہ بھی کیا لیکن وہ نہیں مانتا لہٰذا اب انہوں نے وکیل سے رجوع کیا ہے تاکہ عدالت کے ذریعے خلع حاصل کر کے اس زندگی سے چھٹکارہ حاصل کر سکیں۔

    مذکورہ لا فرم خاتون کے کیس کا مطالعہ کررہی ہے تاکہ اس کی جانب سے عدالت میں خلع کا مقدمہ دائر کیا جائے۔

    اس ضمن میں ماہرین نفسیات کا کہنا تھا کہ بعض اوقات معمولی سی باتیں وجہ نزاع بن جاتی ہیں، ایسے میں فریقین کو چاہیئے کہ وہ حوصلے اور تدبر سے کام لیں کیونکہ شوہر اور بیوی کا علیحدہ ہو جانا مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس عمل کے منفی اثرات بچوں پر مرتب ہوتے ہیں اور ان کا مستقبل تباہ ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

  • سعودی عرب میں انجینیئرز کی تنخواہ کتنی ہوگی؟

    سعودی عرب میں انجینیئرز کی تنخواہ کتنی ہوگی؟

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ سعودی انجینیئرز کی کم از کم تنخواہ 7 ہزار ریال ہوگی، نجی اداروں میں انجینیئرنگ کی 20 فیصد اسامیاں سعودیوں کے لیے مختص کی گئی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی نے کہا ہے کہ نجی اداروں اور کمپنیوں میں سعودی انجینیئر کی کم از کم تنخواہ 7 ہزار ریال ہوگی۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا تھا کہ اگر کسی ادارے میں سعودی انجینئر کو 7 ہزار ریال سے کم تنخواہ دی گئی تو ایسی صورت میں یہ مانا جائے گا کہ اس ادارے نے اپنے یہاں سعودی انجینیئر کا تقرر نہیں کیا ہے۔

    وزیر کے مطابق سعودائزیشن کی شرح پوری کرنے کے لیے سعودی انجینیئر کو کم از کم 7 ہزار ریال ماہانہ تنخواہ دینا ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ نجی اداروں میں انجینیئرنگ کی 20 فیصد اسامیاں سعودیوں کے لیے مختص کی ہیں، یہ فیصلہ سعودی شہریوں کو بڑے پیمانے پر روزگار دلانے کی قومی مہم کے تحت کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ وزارت افرادی قوت سرکاری اداروں اور سعودائزیشن کے نگراں اداروں کے تعاون و اشتراک سے پیشہ وارانہ ڈگریاں رکھنے والے سعودیوں کو مناسب روزگار دلانے کے پروگرام پر عمل کر رہی ہے۔

  • سعودی عرب: امریکا سے تعلیم یافتہ نوجوان چائے کا اسٹال لگانے لگا، حکام کا نوٹس

    سعودی عرب: امریکا سے تعلیم یافتہ نوجوان چائے کا اسٹال لگانے لگا، حکام کا نوٹس

    ریاض: سعودی عرب میں امریکا سے تعلیم یافتہ نوجوان کی چائے کا اسٹال لگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، وزارت افرادی قوت نے نوٹس لے کر نوجوان کو اسناد سمیت طلب کر لیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق امریکا سے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ماسٹرز ڈگری ہولڈر سعودی نوجوان کی ابہا میں چائے کی دکان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

    وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ڈگری ہولڈر سعودی نوجوان کے ویڈیو کلپ کا نوٹس لیا ہے۔ مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان ابہا الخمیس روڈ پر چائے فروخت کررہا ہے۔

    ویڈیو میں نوجوان امریکا سے امتیازی پوزیشن کے ساتھ انفارمیشن سسٹم میں ماسٹرز کی ڈگری بھی دکھا رہا ہے۔

    صارفین نے اس ویڈیو پر حیرانگی، افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزارت محنت و سماجی بہبود سے اس ویڈیو کا نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔

    وزارت افرادی قوت نے سعودی نوجوان سے کہا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں اپنی اسناد لے کر وزارت پہنچ جائے، اس کے لیے ملازمت کا بندوبست کیا جائے گا۔

    الریاض بینک نے بھی نوجوان کو ملازمت کی پیشکش کی ہے، الریاض بینک کی جانب سے کہا گیا کہ ہمارے یہاں نوجوان کی ملازمت مستقل ہوگی۔

    بینک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہم ایسے سعودی لڑکوں اور لڑکیوں کے متلاشی ہیں جو بڑے خواب دیکھتے ہیں اور عزم و ارادے کے مالک ہیں۔ ایسے باعزم نوجوان ہی ہمارا سرمایہ ہیں۔