Tag: ریاض

  • سعودی عرب میں خود کار چالان سسٹم نصب، آج سے کام کرے گا

    سعودی عرب میں خود کار چالان سسٹم نصب، آج سے کام کرے گا

    ریاض: سعودی عرب کے الجوف ریجن میں آج اتوار سے خود کار چالان سسٹم کام کرے گا جو سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر خود کار چالان کرے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے الجوف ریجن میں ٹریفک پولیس اتوار سے سیٹ بیلٹ اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر خود کار طریقے سے چالان کرنے کا آغاز کرے گی۔

    ٹریفک پولیس کے ٹویٹر پر جاری بیان کے مطابق الجوف کے علاقے کی متعدد شاہراہوں پر خود کار چالان سسٹم کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ سسٹم کو ادارے کے مرکزی نیٹ ورک سے جوڑنے کے بعد تجرباتی مراحل بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    خود کار چالان کا آغاز اتوار سے کیا جا رہا ہے، ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خود کار طریقے سے کیے جانے والے چالان میں سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر 150 ریال جرمانہ مقرر ہے۔

    30 دن کے اندر دوبارہ خلاف ورزی ریکارڈ ہونے کی صورت میں چالان کی رقم دو گنا کر کے 300 ریال کردی جائے گی۔

    ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال بھی انتہائی سنگین خلاف ورزی شمار کیا جاتا ہے جس پر 500 سے 900 ریال کا چالان کیا جاتا ہے۔

  • سعودی شہزادے کا انتقال، تدفین آج ہوگی

    سعودی شہزادے کا انتقال، تدفین آج ہوگی

    ریاض: سعودی شہزادہ عبد العزیز بن عبداللہ بن عبد العزیز بن ترکی السعود انتقال کر گئے، شہزادے کی نماز جنازہ اور تدفین آج بروز ہفتہ دارالحکومت ریاض میں ہوگی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہزادہ عبد العزیز بن عبداللہ بن عبد العزیز بن ترکی السعود انتقال کر گئے، سعودی شاہی عدالت نے شہزادے کے انتقال کی تصدیق کر دی۔

    مرحوم شہزادے کی نماز جنازہ اور تدفین آج بروز ہفتہ دارالحکومت ریاض میں ہوگی۔

    شہزادہ عبد العزیز بن عبد اللہ بن عبد العزیز بن ترکی السعود کے انتقال پر شاہی خاندان کے افراد کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی شہزادی مداوی بنت عبداللہ مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئی تھیں۔

    قبل ازیں 7 جولائی کے روز سعودی شہزادہ خالد بن سعود بن عبدالعزیز رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے تھے، شہزادے کی نماز جنازہ اور آخری رسومات سعودی درالحکومت ریاض میں ادا کی گئی تھیں۔

  • سعودی عرب: پلاسٹک سرجری کرنے والی جعلی ڈاکٹر گرفتار

    سعودی عرب: پلاسٹک سرجری کرنے والی جعلی ڈاکٹر گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں ایک جعلی خاتون ڈاکٹر خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے جو بغیر کسی ڈگری کے پلاسٹک سرجری آپریشنز کر رہی تھیں، طویل عرصے تک یہ کام کرنے کے دوران خاتون نے لاکھوں ریال کمائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر حائل کے محکمہ صحت نے کہا ہے کہ پرائیویٹ میڈیکل سینٹر سے ایک جعلی عرب خاتون ڈاکٹر کو گرفتار کیا گیا ہے جو بغیر کسی ڈگری کے پلاسٹک سرجری آپریشنز کر رہی تھیں۔

    مذکورہ عرب خاتون طویل عرصے یہ کام کر رہی تھی اور اس کے ذریعے لاکھوں ریال کما رہی تھیں۔

    مقامی محکمہ صحت نے ٹویٹر پر جاری بیان میں عرب خاتون کی شہریت نہیں بتائی البتہ کہا ہے کہ وہ پلاسٹک سرجری کا کام کسی مستند ڈگری کے بغیر انجام دے رہی تھی۔

    محکمہ صحت نے عرب خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے اس کی فائل متعلقہ ادارے کے حوالے کر دی ہے جو پوچھ گچھ مکمل کر کے اس کے خلاف مقررہ سزا کا فیصلہ کرے گا۔

  • سعودی عرب: سڑک پیدل عبور کرنے پر بھاری جرمانہ عائد

    سعودی عرب: سڑک پیدل عبور کرنے پر بھاری جرمانہ عائد

    ریاض: سعودی عرب میں شاہراہ پیدل عبور کرنا ممنوع قرار دے دیا گیا ہے، محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ جس نے پیدل شاہراہ عبور کرنے کی کوشش کی اس پر ایک ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں پیدل شاہراہ عبور کرنے پر 1000 ریال جرمانہ مقرر کر دیا گیا، اس سلسلے میں محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ شاہراہیں عبور کرنے والے راہ گیروں پر جرمانہ ہوگا-

    محکمہ ٹریفک نے ٹویٹر کے ذریعے کہا ہے کہ شاہراہ پیدل عبور کرنا بھی ٹریفک کی خلاف ورزیوں میں شامل ہے، اس سے نہ صرف راہ گیر کی زندگی خطرات سے دوچار ہو جاتی ہے بلکہ ٹریفک بھی معطل ہو جاتا ہے اور اس طرح مزید ٹریفک حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

    سعودی عرب: جعلی اقامے بیچنے والا گروہ گرفتار

    محکمہ ٹریفک نے کہا کہ ممکنہ حادثات کو روکنے کے لیے شاہراہوں کے ایک طرف سے دوسری طرف آنا جانا منع قرار دیا گیا ہے، جو شخص شاہراہ عبور کرے گا اس پر ایک ہزار سے دو ہزار ریال تک کا جرمانہ ہوگا-

    محکمہ ٹریفک کے مطابق ہزار ریال جرمانہ معمول کے مطابق ہوگا، ٹریفک اتھارٹی مقرر کردہ انتہائی جرمانہ 2 ہزار ریال بھی لگا سکتی ہے تاہم اس سلسلے میں اسباب کی نشان دہی کرنی ہوگی۔

  • سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ہزاروں ریال کا جرمانہ

    سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ہزاروں ریال کا جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز کی متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد پولیس نے جرمانے کیے، سینکڑوں افراد پر فی کس 1 ہزار ریال جرمانہ لگایا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مملکت میں عوامی مقامات پر مقررہ ایس او پیز کی بے شمار خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، جازان اور قصیم میں ماسک کی پابندی نہ کرنے پر جرمانے کیے گئے ہیں۔

    قصیم پولیس نے ماسک کی پابندی نہ کرنے والے 85 افراد پر 85 ہزار ریال کے جرمانے کر دیے، فی کس 1 ہزار ریال جرمانہ لگایا گیا ہے۔

    قصیم پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام نے بارہا تاکید کی ہے کہ کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر کی سختی سے پابندی کروائی جائے اور خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔

    ترجمان نے بتایا کہ چھاپہ مہم کے دوران 85 افراد پبلک مقامات پر بغیر ماسک کے گھومتے ہوئے پائے گئے۔ اان میں سے ہر ایک پر 1 ہزار ریال جرمانہ کیا گیا، خلاف ورزیاں قصیم ریجن کی مختلف کمشنریوں میں مختلف مقامات پر ریکارڈ کی گئیں۔

    جازان میں بھی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے گئے ہیں، جازان میں 152خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں اور 1 ہزار ریال فی کس جرمانہ کیا گیا۔

    خیال رہے کہ سعودی وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر شخص کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک پہنے یا رومال سے اپنا منہ اور ناک کو ڈھک کر رکھیں۔

    عوامی مقامات پر ماسک استعمال نہ کرنے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

  • سعودی عرب کی کنگ عبد العزیز یونیورسٹی کا اہم اعزاز

    سعودی عرب کی کنگ عبد العزیز یونیورسٹی کا اہم اعزاز

    ریاض: سعودی عرب کی کنگ عبد العزیز یونیورسٹی عرب دنیا میں صف اول کی جامعہ بن گئی، دنیا بھر میں بہترین جامعات کی فہرست میں اس کا نمبر 143 واں ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی 3 یونیورسٹیاں عرب ممالک کی 10 بہترین جامعات کی فہرست میں شامل کی گئی ہیں، متحدہ عرب امارات کی 2، قطر کی ایک جبکہ مصر، لبنان اور عمان کی 1، 1 یونیورسٹی اس فہرست کا حصہ ہے۔

    کیو ایس کی 2021 کے حوالے سے دنیا کی ایک ہزار بہترین یونیورسٹیوں کی جاری کردہ فہرست میں عرب دنیا کی 10 بہترین یونیورسٹیاں عالمی سطح پر 143 اور 650 کے درمیان آئی ہیں۔

    کیو ایس بہترین یونیورسٹی کی درجہ بندی کے لیے 6 مختلف معیار استعمال کر رہا ہے۔ یونیورسٹی کی اکیڈمک شہرت، لیبر مارکیٹ میں اس کے طالب علموں کی حیثیت، طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے تدریسی عملے کی تعداد، پروفیسران کی ڈگریوں کی حیثیت، غیر ملکی طلبہ کی تعداد اور تدریسی عملے میں غیر ملکی اساتذہ کا تناسب دیکھ کر ہی یونیورسٹی کا رتبہ طے کیا جاتا ہے۔

    دنیا بھر میں پہلے، دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر امریکی یونیورسٹیاں ہیں، ان میں میسا چوسٹس ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ پہلے نمبر پر اسٹین فورڈ یونیورسٹی دوسرے اور کیلی فورنیا انسٹی ٹیوٹ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ مشہور زمانہ برطانوی یونیورسٹیاں، ہارورڈ اور آکسفورڈ بالترتیب تیسرے اور پانچویں نمبر پر ہے۔

    سعودی جامعات میں کنگ عبد العزیز یونیورسٹی عرب دنیا میں اول اور دنیا بھر میں 143 ویں نمبر پر رہی البتہ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس کی پوزیشن بہتر ہوئی، گزشتہ سال اس کا نمبر 150 واں تھا۔

    عرب جامعات میں کے ایف یو پی ایم دوسرے نمبر پر رہی، عالمی سطح پر اس کی پوزیشن 186 ویں ہے، گزشتہ سال عالمی سطح پر اس کا نمبر 189 تھا۔

    خلیفہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی عرب دنیا میں تیسرے اور عالمی سطح پر 211 ویں نمبر پر رہی، یہ 2007 میں قائم کی گئی تھی۔

  • سعودی اسکولوں میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کیا ہیں؟

    سعودی اسکولوں میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کیا ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب میں اسکولوں کے لیے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز جاری کردی گئیں، قومی مرکز نے بچاؤ کی 6 اہم تدابیر مقرر کی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں متعدی امراض سے بچاؤ اور انسداد کے قومی مرکز وقایۃ نے اسکولوں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر جاری کی ہیں، طلبہ و طالبات، اساتذہ اور انتظامی عملے پر حفاظتی تدابیر کی پابندی لازمی ہوگی۔

    متعدی امراض سے بچاؤ کے قومی مرکز نے بچاؤ کی 6 اہم تدابیر مقرر کی ہیں۔

    ان تدابیر کے مطابق طلبہ اور عملے کو کرونا وائرس سے متعلق آگاہی دی جائے، اس سے بچاؤ کے طریقے بتائے جائیں۔ اسکولوں کے ہیلتھ گائیڈز کو آگاہی لٹریچر مہیا کیا جائے۔

    تمام اسکولوں میں صابن اور ہاتھ صاف کرنے والے لوشن فراہم کیے جائیں، واش روم میں ہاتھ دھونے کے لیے صابن کا بندوبست کیا جائے۔

    وزارت صحت کے مقرر کردہ سینی ٹائزر سے اسکول کی تمام کرسیوں، بینچوں اور ڈیسکوں وغیرہ کی مسلسل صفائی کا اہتمام کیا جائے۔ اسکولوں میں پبلک مقامات کو سینی ٹائز کیا جائے۔

    طلبہ کے زیر استعمال واش رومز مسلسل صاف کیے جائیں، ایسے تمام مقامات کو خاص طور پر زیادہ اہتمام سے سینی ٹائز کیا جائے جو طلبہ اور عملے کے استعمال میں زیادہ رہتے ہوں مثلاً دروازوں کے ہینڈل، ڈائننگ ٹیبلز، نشستوں کے دستے اور لفٹس کے بٹن وغیرہ۔

    اسکولوں میں صاف ستھری ہوا کی فراہمی اور خراب ہوا کی نکاسی کا انتظام ہو۔

    جن طلبہ کے حوالے سے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کا شبہ ہوجائے انہیں پہلی فرصت میں ہیلتھ سینٹر بھیج دیا جائے، اسکول ہیلتھ گائیڈ روزانہ کی بنیاد پر طلبہ کا معائنہ کرے، شفا یاب ہونے تک طالب علم کی اسکول حاضری پر پابندی لگائی جائے۔

    کسی طالب علم کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کا یقین ہوجائے تو اسے سکول آنے سے روک دیا جائے اور فٹنس سرٹیفیکیٹ کے بغیر اسکول واپسی پر پابندی لگا دی جائے۔

    ایسے طلبہ، اساتذہ اور عام عملے پر کڑی نظر رکھی جائے جو کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں سے مل چکے ہوں، اس سلسلے میں اسکول اور ہیلتھ سینٹر ایک دوسرے کی مدد کریں۔ ایسے کسی بھی طالب علم، استاد یا کارکن کے اسکول آنے پر پابندی لگا دی جائے جو کرونا وائرس کے مریض سے مل چکا ہو۔

  • سعودی عرب: شوہر سے علیحدگی کا مطالبہ کرنے والی خاتون کو قانونی کارروائی کا خطرہ

    سعودی عرب: شوہر سے علیحدگی کا مطالبہ کرنے والی خاتون کو قانونی کارروائی کا خطرہ

    ریاض: سعودی عرب میں ایک خاتون نے 9 ماہ تک اپنے شوہر کے واٹس ایپ پیغامات کی نگرانی کرنے کے بعد اس سے طلاق کا مطالبہ کردیا، قانونی مشیروں کے مطابق بیوی کی حرکت قابل گرفت ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ایک خاتون نے اپنے شوہر سے علیحدگی کا مطالبہ کرنے کے لیے انوکھا طریقہ اختیار کیا۔

    خاتون خاوند کے واٹس ایپ اکاؤنٹ کی کاپی کر کے 9 ماہ تک اس کی نگرانی کرتی رہیں اور پھر شوہر سے علیحدگی کی درخواست دائر کردی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق بیوی کو شبہ ہوگیا تھا کہ شوہر اسے دھوکہ دے رہا ہے، شبہ دور کرنے کے لیے وہ مسلسل 9 ماہ تک ان کے تمام واٹس ایپ پیغامات کا جائزہ لیتی رہی اور پھر علیحدگی اور طلاق کی درخواست کردی۔

    شوہر نے تنازعہ سے بچنے کے لیے مصالحت کی پیشکش کی ہے۔

    قانونی مشیر خالد ابو راشد نے واٹس ایپ کی کاپی کر کے اس کی نگرانی کی قانونی حیثیت پر قانونی رائے دیتے ہوئے کہا کہ خاتون نے جو کچھ کیا وہ قانون کی نظر میں جرم ہے، یہ انفارمیشن کرائم کے دائرے میں آتا ہے جس کی سزا ایک برس قید اور 5 لاکھ ریال تک جرمانہ ہے۔

    ابو راشد نے کہا کہ شوہر، بیوی، باپ یا بھائی کوئی بھی کسی کے بھی موبائل کو ہیک کرنے کا مجاز نہیں۔ ایسا کرنا قانوناً جرم ہے۔

    ان کے مطابق اس سلسلے میں خاندانی تعلقات کو بھی مدنظر نہیں رکھا جاتا، خاندان کا کوئی بھی فرد کسی بھی فرد کے موبائل کو ہیک کرنے یا اس میں مذکور معلومات حاصل کرنے کا مجاز نہیں ہے۔

  • شاہ سلمان کی ہدایت پر بیروت کے متاثرین کے لیے مزید امدادی سامان روانہ

    شاہ سلمان کی ہدایت پر بیروت کے متاثرین کے لیے مزید امدادی سامان روانہ

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی خصوصی ہدایت پر شاہ سلمان امدادی مرکز کے تحت سانحہ بیروت کے متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ایک اور کھیپ روانہ کردی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں شاہ سلمان امدادی مرکز کے تحت سانحہ بیروت کے متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر تیسرا طیارہ بیروت پہنچ گیا۔

    امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے مرکز کے مشیر ڈاکٹر علی الغامدی نے کا کہنا تھا کہ مملکت سے بیروت کے لیے روانہ کیے جانے والے امدادی سامان کی تیسری کھیپ میں وینٹی لیٹرز، ایمرجنسی کے لیے درکار ہنگامی طبی یونٹ کے آلات، اینٹی بائیوٹک ادویات، درد کم کرنے والی مسکن ادویات، جراثیم کشن مواد، حفاظتی ماسک کے علاوہ بے گھر افراد کے لیے خیمے، کمبل، اشیائے خور و نوش کے علاوہ ڈسپوز ایبل برتن اور دیگر اشیا شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے خصوصی شاہی فرمان جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بیروت کی بندرگاہ پر ہونے والے خوفناک دھماکے کے بعد متاثرہ لبنانی عوام کے لیے فوری امدادی مہم کا آغاز کیا جائے۔

    شاہ سلمان بن عبد العزیز کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے فوری طور پر شاہ سلمان امدادی مرکز کے تحت امدادی اشیا کی ترسیل کا آغاز کردیا گیا تھا۔

    اس سے قبل جمعے کو 2 طیارے 120 ٹن سے زائد امدادی سامان لے کر بیروت کے رفیق الحریری انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے تھے۔

  • سعودی عرب: ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کرونا وائرس سے صحتیاب

    سعودی عرب: ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کرونا وائرس سے صحتیاب

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد ڈھائی لاکھ سے زائد ہوگئی، وائرس سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 3 ہزار 130 ہوگئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے, ہفتہ 8 اگست کو کرونا وائرس کے 1 ہزار 469 نئے کیسز سامنے آئے۔

    وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 87 ہزار 262 تک پہنچ گئی ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 سے مزید 1 ہزار 492 افراد صحتیاب ہوئے جبکہ مجموعی طور پر اس وبائی مرض سے 2 لاکھ 50 ہزار 440 افراد اب تک صحتیاب ہو چکے ہیں۔

    سعودی عرب کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے 33 ہزار 692 ایکٹو کیسز ہیں جس میں 1 ہزار 828 انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہیں۔

    ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کرونا وائرس سے مزید 37 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 3 ہزار 130 ہوگئی ہے۔

    وزارت صحت کی جانب سے تاکید کی گئی ہے کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے، سماجی فاصلے کے اصول کو کسی بھی حالت میں فراموش نہ کریں کیونکہ کرونا سے بچاؤ کے لیے یہ انتہائی اہم ضابطہ ہے جس پر عمل کر کے اس مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔