Tag: ریاض

  • سعودی عرب میں بھی کرونا وائرس کیسز میں اضافہ، 2 اموات

    سعودی عرب میں بھی کرونا وائرس کیسز میں اضافہ، 2 اموات

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ 2 اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس کے نئے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سوموار کو کرونا وائرس کے 280 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 2 اموات ہوئی ہیں۔

    کرونا وبا کے آغاز سے اب تک کرونا کے متاثرین کی کل تعداد 8 لاکھ 32 ہزار 709 ہوگئی ہے، مزید 2 اموات کی تصدیق کے بعد مرنے والوں کی تعداد 9 ہزار 629 ہوگئی۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ریاض میں 102، جدہ میں 32، دمام میں 15 اور طائف میں 11 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ دیگر شہروں سے مجموعی طور پر 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق سوموار کو کرونا کے 123 مریض صحت یاب ہوئے، اب تک شفایاب ہونے والوں کی تعداد 8 لاکھ 18 ہزار 675 ہوگئی ہے، نئے مریضوں میں سے 68 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    سعودی عرب میں کرونا ویکسین مہم شروع کیے جانے سے اب تک 69.5 ملین افراد کو ویکسین دی گئی ہے جس میں 25 ملین کو تمام خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

  • ایمبولینس کو راستہ نہ دینا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی

    ایمبولینس کو راستہ نہ دینا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی

    ریاض: سعودی ہلال احمر اور حکام کا کہنا ہے کہ سڑک پر ایمبولینس کو راستہ نہ دینا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے، ایمبولینس کو ترجیحی بنیاد پر گزرنے کا موقع دینا ضروری ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی ہلال احمر اور محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ایمبولینسوں کو راستہ نہ دینا ٹریفک خلاف ورزی ہے، اتوار 26 مارچ سے خود کار نظام کے تحت خلاف ورزی ریکارڈ کرنا شروع کردی گئی ہے۔

    ہلال احمر کا کہنا ہے کہ نئی پابندی ٹریفک سلامتی کو یقینی بنانے اور جانوں کے تحفظ کی خاطر لگائی گئی ہے۔

    ادارے کی جانب سے کہا گیا کہ رائے عامہ سے اپیل کی جا چکی ہے کہ ایمبولینس کو ترجیحی بنیاد پر گزرنے کا موقع دیا جائے، ایمبولینس کے پیچھے گاڑیاں نہ دوڑائی جائیں، یہ بھی ٹریفک خلاف ورزی ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ موجودہ مرحلے میں خلاف ورزی خود کار سسٹم کے تحت دو حوالوں سے ریکارڈ ہوگی، ایک تو ایمبولینس کو آگے بڑھنے سے روکا جائے دوسرے یہ کہ ایمبولینس کا تعاقب کیا جائے۔

    ہلال احمر نے بیان میں اس یقین کا اظہار کیا کہ تمام لوگ جانوں کی سلامتی کی خاطر نئی پابندی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں تعاون کریں گے۔

  • سعودی عرب: ضرورت مند خاندانوں کے لیے رہائشی اسکیم کا اعلان

    سعودی عرب: ضرورت مند خاندانوں کے لیے رہائشی اسکیم کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں غریب خاندانوں کے لیے رہائشی اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے جسے شاہی قیادت کی جانب سے مکمل سرپرستی حاصل ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی اعلیٰ قیادت کی جانب سے انتہائی ضرورت مند خاندانوں کو مکان فراہم کرنے کی غرض سے فلاحی رہائشی اسکیم جاری کردی گئی ہے۔

    خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس مد میں 150 ملین ریال کا گراں قدر عطیہ پیش کیا ہے۔

    شاہ سلمان نے اس مد میں 100 ملین ریال اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 50 ملین ریال کا عطیہ پیش کیا ہے۔

    سعودی وزیر بلدیات و دیہی و آباد کاری امور ماجد الحقیل نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین اور ولی عہد نے جو گراں قدر عطیہ پیش کیا ہے اس پر کسی کو تعجب نہیں ہونا چاہیئے، قیادت سرکاری اور نجی اداروں کے فلاحی اور انسانیت نواز پروگراموں کی سرپرستی کرتی رہی ہے۔

  • رمضان المبارک میں کتنی بار عمرہ کرنے کی اجازت؟

    رمضان المبارک میں کتنی بار عمرہ کرنے کی اجازت؟

    ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں صرف ایک عمرہ کرنے کی اجازت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو عمرہ کرنے کا موقع دیا جاسکے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران کسی شخص کو ایک سے زیادہ عمرے کی اجازت نہیں ہے، تمام لوگ صرف ایک بار عمرہ کریں اور دوسروں کو بھی عمرہ کرنے کا موقع دیں۔

    وزارت حج و عمرہ کے مطابق رمضان میں ایک مرتبہ عمرے کی پابندی سے دوسروں کو اطمینان اور آسانی کے ساتھ عمرے کا موقع مل سکے گا، جو لوگ عمرہ کرنا چاہتے ہوں وہ نسک ایپ کے ذریعے پرمٹ جاری کروائیں اور وقت کی پابندی کریں۔

    وزارت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ عمرے کی مقررہ تاریخ اور وقت میں ترمیم کی گنجائش سسٹم میں موجود نہیں ہے، جو لوگ نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ جاری کروائیں گے اگر وہ اس میں ترمیم کرنا چاہتے ہوں تو انہیں پرمٹ منسوخ کروانا ہوگا۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ منسوخی کی کارروائی پرمٹ کا وقت شروع ہونے سے قبل ہی کروائی جا سکتی ہے، منسوخ کرنے کے بعد نیا پرمٹ جاری کروایا جائے۔

    وزارت کے مطابق اگر عمرہ پرمٹ منسوخ کروانے کے بعد نئے پرمٹ کے اجرا کے لیے وقت نہ ملے تو اس سے دلبرداشتہ نہ ہوں، بلکہ کوشش جاری رکھیں۔

  • سعودی عرب: نایاب ہرن کی حفاظت کے لیے اہم اقدام

    سعودی عرب: نایاب ہرن کی حفاظت کے لیے اہم اقدام

    ریاض: سعودی عرب میں نایاب نسل کے 40 ہرن پروٹیکٹڈ ایریا میں چھوڑے گئے ہیں، اس نایاب ہرن کی نسل کو معدومی کا خدشہ ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں امام عبد العزیز بن محمد رائل ریزرو ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے منگل کو 30 ریم نسل کے ہرن اور 10 الوضیحی نسل کے ہرن شاہ خالد محفوظ قومی جنگل میں چھوڑے ہیں۔

    اتھارٹی اور قومی مرکز، محفوظ قومی جنگل میں انواع و اقسام کے جانوروں کی افزائش اور ماحولیاتی توازن کی بحالی کے پروگرام مل کر چلا رہے ہیں۔

    اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر طلال بن عبداللہ الحریقی کا کہنا ہے کہ اتھارٹی نے ایسے جانور جنگل میں چھوڑے ہیں جن کی نسل ختم ہوتی جارہی ہے، اتھارٹی یہ کام قومی مرکز برائے افزائش جنگلی حیاتیات کے تعاون سے کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ملک کے مختلف علاقوں میں جنگلی حیاتیات کی افزائش کے لیے متعدد مرکز قائم کیے ہیں۔

    اتھارٹی کے مطابق یہ نایاب نسل کی افزائش پر کام کرنے والے ماہر بین الاقوامی مراکز میں اپنی حیثیت منوائے ہوئے ہے، سعودی مراکز اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کر رہے ہیں۔

    قومی مرکز برائے افزائش جنگلی حیاتیات کے ایگزیکٹو چیئرمین ڈاکٹر محمد علی قربان کا کہنا ہے کہ سعودی وژن 2030 کے اہداف حاصل کرنے کے لیے ماحولیاتی توازن پروگرام نافذ کیا جارہا ہے، جنگلی حیاتیات کے قومی جنگلوں کے تعاون سے نایاب نسل والے جانوروں اور قومی پودوں کی بحالی کا کام بھی کیا جارہا ہے۔

  • سعودی عرب کی پہلی خاتون باکسنگ ٹرینر

    سعودی عرب کی پہلی خاتون باکسنگ ٹرینر

    ریاض: ہالہ الحمرانی سعودی عرب کی پہلی خاتون باکسنگ ٹرینر ہیں جو اپنے باکسنگ کلب کی مالک ہیں اور لڑکیوں کو باکسنگ سکھا رہی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق باکسنگ کی پہلی سعودی خاتون ٹرینر ہالہ الحمرانی کا کہنا ہے کہ 12 سال کی عمر سے مارشل آرٹ میں دلچسپی پیدا ہوئی، 20 برس قبل کی بات ہے جب کراٹے کی ٹرینر کو دیکھ کر میرے دل میں بھی مارشل آرٹ سیکھنے کی خواہش ہوئی۔

    ہالہ الحمرانی کا کہنا تھا کہ جب تعلیم کے لیے امریکہ گئی تو وہاں تھائی باکسنگ سیکھنے لگی، کچھ عرصے بعد ایک روسی باکسر سے ملاقات ہوئی تو میں نے اس کا سٹائل اپنا لیا۔

    سعودی باکسنگ ٹرینر کا کہنا تھا کہ امریکہ سے واپسی پر باکسنگ کے مقابلوں میں شرکت کا اردہ تھا لیکن اس وقت لڑکیوں کے لیے اس کی کوئی گنجائش نہیں تھی، تب 2003 میں اپنے گھر میں لڑکیوں کو باکسنگ کی ٹریننگ دینا شروع کی۔

    انہوں نے بتایا کہ 13 برس تک گھر میں ٹریننگ دیتی رہی، اس کے بعد 2019 میں باکسنگ کلب قائم کرلیا۔

    ہالہ کا مزید کہنا تھا کہ اب میری زندگی کا واحد مشغلہ باکسنگ کی ٹریننگ ہے، میرا ماننا ہے کہ ہر لڑکی کو باکسنگ سیکھنی چاہیئے۔ لڑکیوں کو باکسنگ سکھا کر مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔

  • سعودی عرب: قوانین کی خلاف ورزی پر درجںوں تارکین وطن گرفتار

    سعودی عرب: قوانین کی خلاف ورزی پر درجںوں تارکین وطن گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں حکام نے اقامہ اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر 265 تارکین کو گرفتار کیا ہے جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ریاض پولیس نے اقامہ اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر 10 ممالک کے 265 تارکین کو گرفتار کیا ہے۔

    تارکین کا تعلق بنگلہ دیش، انڈیا، پاکستان، سوڈان، یمن، مصر، نیپال، افغانستان، ایتھوپیا اور سری لنکا سے ہے۔

    محکمہ امن عامہ کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں دارالحکومت کے جنوبی محلوں اور گاڑیوں کے سالانہ انسپیکشن (فحص الدوری) اسٹیشنوں کے اطراف عمل میں آئی ہیں۔

    حراست میں لیے جانے والے غیر ملکیوں کو قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ ادارے کے حوالے کیا گیا ہے۔

    محکمہ امن عامہ کا کہنا ہے کہ 16 دراندازوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر ایک مقامی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے، دراندازوں میں سے 11 کا تعلق یمن، 3 کا ایتھوپیا اور ایک کا صومالیہ سے ہے۔

  • سعودی عرب: رمضان میں اسکولوں کے اوقات کار کیا ہوں گے؟

    سعودی عرب: رمضان میں اسکولوں کے اوقات کار کیا ہوں گے؟

    ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک کے مہینے کے دوران اسکولوں کے اوقات کار 9 بجے کردیے گئے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے تمام ریجنز میں ماہ رمضان کے دوران اسکولوں میں تدریسی عمل کا آغاز صبح کے 9 بجے کیا جائے گا۔

    دوسری شفٹ دوپہرکے 1 بجے شروع ہوگی جبکہ تعلیم بالغاں کے لیے خصوصی کلاسیں رات کے ساڑھے 9 بجے لگیں گی۔

    جدہ کے ادارہ تعلیم کے ٹویٹر پر رمضان کے اوقات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اسکول صبح 9 بجے شروع کیا جائے گا، ریاض اور دیگر شہروں میں بھی اسکولوں کا آغاز صبح 9 بجے کیا جارہا ہے۔

    دیگر اداروں میں کام کا دورانیہ 5 گھنٹے رکھا گیا ہے جس کا آغاز صبح 10 سے سہ پہر 3 بجے تک ہے۔

  • ایمازون کی سعودی کاروباریوں کے لیے مزید سہولیات

    ایمازون کی سعودی کاروباریوں کے لیے مزید سہولیات

    ریاض: امریکی ای کامرس کمپنی ایمازون، سعودی عرب میں مقامی بزنس کے لیے لاکھوں نئے صارفین تک رسائی آسان بنا رہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق ایمازون نے مملکت بھر میں اپنے گلوبل رجسٹریشن سسٹم کا آغاز کر کے سعودی بزنس کے لیے لاکھوں نئے صارفین تک رسائی کو آسان بنا دیا ہے۔

    بیبان 2023 ایونٹ کے موقع پر ایمازون کے سعودی کنٹری منیجر عبدو چلالہ نے کہا کہ ایمازون گلوبل رجسٹریشن سسٹم مملکت میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے اداروں کو ترقی کرنے کے قابل بنائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ایمازون گلوبل رجسٹریشن سے اب مملکت میں ایک سادہ رجسٹریشن کے ساتھ انہیں عالمی سطح پر دستیاب 21 ایمازون سٹورز تک رسائی حاصل ہے۔

    عبدو چلالہ نے کہا کہ گلوبل رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے فروخت کنندگان کا ایکسپوژر اب چند ملین صارفین کی پہنچ سے پوری دنیا میں کروڑوں تک پہنچ جائے گا، یہ فروخت کنندگان کو دنیا بھر کے صارفین کے ردعمل کے بارے میں بھی جاننے کے قابل بناتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی فروخت کنندگان کو ایسے ٹولز فراہم کرتی ہے جو آن بورڈنگ کے عمل کو آسان بناتے ہیں اور بالآخر ایمازون پر فروخت کرتے ہیں۔

    کنٹری مینیجر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایمازون سیلر سینٹرل بھی ہے جو فروخت کنندگان کے لیے معلومات کا مرکز اورانہیں ہر ان پٹ پر مکمل اور جامع تفہیم فراہم کرتا ہے۔

    سیلر سینٹرل یونٹس، انوینٹری اور قیمتوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے علاوہ فروخت کنندگان کو زیادہ سے زیادہ صارفین تک پہنچنے اور ان کی مصروفیت بڑھانے کے لیے سفارشات بھی فراہم کرتا ہے۔

    ایمازون نے 2022 میں سعودی عرب کی سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز جنرل اتھارٹی کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے جس کا بنیادی مرکز 45 ہزار سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز کو سپورٹ کرنا اور انہیں ایما زون پر فروخت کرنے کے قابل بنانا ہے۔

  • رمضان المبارک: مسجد الحرام میں اعتکاف کرنے والوں کے لیے ایک اور سہولت

    رمضان المبارک: مسجد الحرام میں اعتکاف کرنے والوں کے لیے ایک اور سہولت

    ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام میں اعتکاف کرنے والوں کی سہولت کے لیے طبی انتظامات کیے جارہے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ نے مسجد الحرام میں رمضان کے دوران اعتکاف کرنے والوں کی سہولت کے لیے 100 ڈاکٹروں کا انتظام کیا ہے۔

    طبی عملہ 24 گھنٹے اعتکاف کرنے والوں کی صحت و سلامتی کے حوالے سے اپنی خدمات فراہم کرے گا۔

    حرمین شریفین انتظامیہ نے اعتکاف کرنے والوں کے لیے 70 آن لائن سروسز اور 9 سمارٹ ہیلتھ ایپس کا انتظام کیا ہے۔

    حرمین شریفین انتظامیہ رمضان کے دوران روزانہ 5 لاکھ لیٹر آب زم زم فراہم کرے گی، زم زم کے کولر مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں جگہ جگہ رکھے جائیں گے، سبیلیں بھی ہوں گی۔

    مسجد الحرام میں روبوٹ بھی زائرین کی خدمت پر مامور ہوں گے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین خصوصاً اعتکاف کرنے والوں کو مذہبی استفسارات کے جواب فراہم کرنے کے لیے ایپس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

    اعتکاف کرنے والوں کے لیے مسجد الحرام میں تہہ خانے میں اعتکاف کے انتظامات کیے گئے ہیں۔