Tag: ریاض

  • سعودی عرب: کرونا وائرس کا شکار خاتون کے یہاں بچے کی ولادت

    سعودی عرب: کرونا وائرس کا شکار خاتون کے یہاں بچے کی ولادت

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کووڈ 19 کی شکار خاتون کے یہاں صحت مند بچے کی ولادت ہوئی، بچے میں کرونا وائرس موجود نہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس کی دوسری مریضہ ہے جس نے بچے کو جنم دیا ہے، اس سے قبل مدینہ منورہ میں ایک افغان خاتون کے یہاں صحت مند بچے نے جنم لیا تھا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ خاتون کو ریاض کے میڈیکل کمپلیکس میں جن کی کرونا وائرس کی رپورٹ مثبت آئی تھی اور وہ اپنے حمل کے آخری ہفتے میں تھیں۔

    مذکورہ خاتون چند روز قبل کرونا کا شکار ہوئی تھیں جس کے بعد انہیں آئیسولیٹ کردیا گیا تھا، خاتون کی باقاعدہ دیکھ بھال طبی عملہ کر رہا تھا۔

    بعد ازاں ریاض کے الامام عبد الرحمٰن الفیصل میڈیکل کمپلیکس میں انہوں نے بچے کو جنم دیا۔ ولادت کے بعد نومولود کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا جس میں کرونا وائرس کا کوئی جرثومہ نہیں پایا گیا۔

    طبی عملے کا کہنا ہے کہ خاتون کی حالت بھی بہتر ہے اور وہ تیزی سے روبصحت ہو رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 20 ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیںِ جبکہ اب تک 152 اموات ہوچکی ہیں۔

  • سعودی عرب مقامی طور پر ڈرون تیار کرے گا

    سعودی عرب مقامی طور پر ڈرون تیار کرے گا

    ریاض: سعودی عرب مقامی طور پر ڈرون اور ایئر سسٹم تیار کرے گا، سعودی عرب فوج کا 50 فیصد سے زائد سامان ضرورت بھی اندرون ملک تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب سنہ 2021 میں 750 ملین ریال کی لاگت سے 6 قسم کے ڈرونز اور 40 ایئر سسٹم تیار کرے گا، سعودی جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز نے ڈیفنس ٹیکنالوجی کمپنی انترا کے تعاون سے ڈرونز فیکٹری قائم کی ہے۔

    سعودی جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز ڈرون اندرون ملک تیار کرنے کے لیے وسیع النبیاد انفراسٹرکچر تیار کر رہی ہے تاکہ پروگرام کے مطابق اسے جدید طرز کے ڈرونز تیار کرنے اور ان کی اصلاح و مرمت کے سلسلے میں بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر منفرد مقام حاصل ہوجائے۔

    ڈیفنس ٹیکنالوجی کمپنی انترا مختلف قسم کے جدید اور کثیر المقاصد ڈرونز تیار کرے گی۔

    اتھارٹی کے گورنر احمد بن عبدالعزیز العوھلی نے بتایا کہ سعودی جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز ڈرونز کی تیاری اور اصلاح و مرمت کا سہ جہتی منصوبہ تیار کیے ہوئے ہے۔ اس کے تحت اول تو ڈرونز پر ریسرچ کی جائے گی، دوم ڈرونز تیار کیے جائیں گے، علاوہ ازیں ڈرونز کے سودے بھی کیے جائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پروگرام ہے کہ سنہ 2030 تک سعودی عرب فوجی اسلحہ اور سازو سامان کا 50 فیصد سے زیادہ بجٹ اندرون ملک اسلحہ اور فوجی ساز و سامان پر خرچ کرے۔

    گورنر کے مطابق فوج کا 50 فیصد سے زائد سامان ضرورت اندرون ملک تیار ہو جبکہ 40 ایئر سسٹم تیار ہوں گے۔

    انترا کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین سلمان بن ناصر الشثری نے بتایا کہ ڈرونز پروجیکٹ کا 60 فیصد حصہ سعودی عرب میں تیار ہوگا اور یہ کام سعودی انجام دیں گے۔ فیکٹری کے 70 فیصد ملازم سعودی ہوں گے اور فیکٹری 60 فیصد پیداوار برآمد کرے گی۔

  • سعودی عرب میں ایک امریکی شہری کی ویڈیو کیوں وائرل ہوگئی

    سعودی عرب میں ایک امریکی شہری کی ویڈیو کیوں وائرل ہوگئی

    ریاض: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی اقدامات کی تعریف پر مبنی امریکی شہری کی ویڈیو نے لوگوں کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں مقیم امریکی شہری نے کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں سعودی اقدامات کی تعریف پر مبنی ایک ویڈیو بنائی، جو سوشل میڈیا پر بہت تیزی سے وائرل ہو گئی۔

    ویڈیو کلپ میں امریکی شہری محمد موفلود نے کہا ‘سعودی عرب کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال کر رہا ہے.’

    امریکی شہری نے ویڈیو میں کہا کہ وہ کرونا وبا کے دوران سعودی عرب میں قیام پر خود کو خوش قسمت سمجھ رہے ہیں، کیوں کہ حکومت کسی استثنیٰ کے بغیر ہر بات کا خیال رکھ رہی ہے، یہ سعودی حکومت کا ایک شان دار کارنامہ ہے۔

    ویڈیو میں امریکی شہری نے ہاتھ اٹھا کر دعا بھی کی، انھوں نے اللہ کو پکارا، کرونا وبا دور کر دے اور مملکت سعودی عرب کی پاسبانی کر۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں کو سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبد العزیز کی جانب سے حکم ہے کہ کرونا کے انفیکشن میں مبتلا ہر مریض کا مفت علاج کیا جائے، سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کے درمیان علاج کے سلسلے میں کوئی امتیاز نہ برتا جائے۔

    اسپتالوں کو یہ حکم بھی دیا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو بھی کرونا وائرس کے حوالے سے تمام سہولتیں مفت مہیا کی جائیں، آنے والے کسی مریض سے شناختی کارڈ طلب نہ کیا جائے۔

  • ریاض میں گاڑیاں چھیننے والا گروہ گرفتار

    ریاض میں گاڑیاں چھیننے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں گاڑیاں چھیننے اور چوری وارداتوں میں ملوث گروہ گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 7 مسروقہ گاڑیاں بھی برآمد ہوئیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریاض میں پولیس نے اسلحہ کے زور پر گاڑیاں چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 5 رکنی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔

    ریاض ریجن کے پولیس ترجمان کرنل شاکر التویجری کا کہنا ہے کہ پولیس کو گروہ کی تلاش تھی جس کے بارے میں مختلف علاقوں میں رپورٹ درج کروائی گئی تھی، پولیس ٹیم ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرگرم عمل تھی بالآخر انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

    ملزمان نے ابتدائی تحقیقات میں 20 گاڑیاں چوری کرنے کا اعتراف کیا جبکہ ان کے قبضے سے 7 مسروقہ گاڑیاں بھی برآمد ہوئیں جن کے بارے میں مختلف تھانوں میں رپورٹ کروائی گئی تھی۔

    کرنل التویجری نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے واردات کے دوران استعمال ہونے والی پستول اور ایک بندوق بھی برآمد ہوئی۔

    گروہ میں 4 سعودی اور ایک یمنی شامل ہے جن کی عمریں 20 سے 40 برس کے درمیان ہیں۔

    ملزمان کا ریمانڈ حاصل کر کے ان سے مزید تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد ان کا چالان تحقیقاتی ادارے میں جمع کروایا جائے گا جہاں سے مقدمہ دائر کر کے انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: گھر کو حجام کی دکان میں تبدیل کردینے والا شخص گرفتار

    سعودی عرب: گھر کو حجام کی دکان میں تبدیل کردینے والا شخص گرفتار

    ریاض: سعودی حکام نے گھر کو حجام کی دکان میں تبدیل کردینے کی اطلاع پر مذکورہ مقام پر چھاپہ مار کر ذمہ داران کو گرفتار کرلیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ کے علاقہ بنی مالک میں گھر کو باربر شاپ میں تبدیل کرنے والے غیر ملکی شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔

    جدہ میں الشرفیہ کی بلدیہ کے انسپکٹرز نے بنی مالک محلے میں تفتیشی کارروائی کے دوران ایک باربر شاپ پر چھاپہ مارا، یہ شاپ غیر قانونی طریقے سے ایک عمارت میں قائم کی گئی تھی۔

    انسپکٹرز نے غیر قانونی باربر شاپ سیل کردی جبکہ وہاں موجود مخصوص کرسیاں اورحجامت میں استعمال ہونے والے تمام آلات اور اشیا ضبط کرلیں۔ حجام کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا گیا۔

    دوسری جانب نجران میونسپلٹی کے اہلکاروں کو بھی اطلاع ملی کہ غیر ملکی کارکن اپنی رہائش پر ہم وطنوں کو حجامت کی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں اور مقرر کردہ پابندی کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

    اہلکاروں نے رہائش پر چھاپہ مارا اور غیر قانونی سرگرمی پر تارکین کو گرفتار کرلیا۔

    نجران میونسپلٹی کے نگراں ادارے کے ڈائریکٹر فائز بن رجا نے بتایا کہ تفتیشی ٹیموں نے اطلاع ملنے پر غیر ملکیوں کی رہائش پر چھاپہ مارا تھا۔

    تلاشی پر رہائش سے باربر شاپ میں استعمال ہونے والی مشینیں، آلات اور سامان نظر آنے پر ضبط کرلیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والے تارکین کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ ادارے کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس کا ’علاج‘ کرنے والا جعلی ڈاکٹر گرفتار

    سعودی عرب: کرونا وائرس کا ’علاج‘ کرنے والا جعلی ڈاکٹر گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں حکام نے کرونا کے علاج کا دعویٰ کرنے والے جعلی ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا، مذکورہ شخص غیر ملکی تھا جس نے ایک رہائشی کمپاؤنڈ میں کمرے کو کلینک میں تبدیل کیا تھا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کےعلاقے وادی الدواسر کمشنری میں جرائم کا سراغ لگانے والے ادارے نے کرونا وائرس کے جعلی معالج کو گرفتار کرلیا ہے۔

    وزارت داخلہ کے اہلکار نے بتایا کہ سراغرساں ادارے کو رپورٹ ملی تھی کہ اقامہ و محنت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والا ایک غیر ملکی کارکن وادی الدواسر میں کرونا کا معالج بنا ہوا ہے۔

    مذکورہ شخص نے ایک رہائشی کمپاؤنڈ میں کمرے کو کلینک میں تبدیل کیا ہے جہاں اس کے 5 معاون اس کے ہم وطنوں کو یہ جھانسہ دے کر لا رہے ہیں کہ وہ کرونا وائرس کا معالج ہے۔

    اطلاع ملتے ہی وادی الدواسر پولیس کے ڈائریکٹر کرنل فہد العتیبی نے ایک کمیٹی تشکیل دے کر جعلی معالج کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کی مہم سونپی۔

    وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بتایا کہ منصوبے کے مطابق غیر ملکی کارکن کے کلینک پر چھاپہ مارا گیا۔

    چھاپے کے دوران کلینک سے مختلف قسم کی دواؤں کا اسٹاک برآمد ہوا، پوچھ گچھ سے پتہ چلا کہ دوائیں نامعلوم ذرائع سے حاصل کی گئی تھیں جبکہ بھاری رقم بھی برآمد ہوئی۔

    سیکیورٹی اہلکاروں نے جعلی غیر ملکی معالج اور اس کے 5 معاونین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کی تحویل میں دے دیا۔

  • سعودی عرب: کرونا کی مفت تشخیص کے لیے ڈرائیو ان ٹیسٹ کی سہولت قائم

    سعودی عرب: کرونا کی مفت تشخیص کے لیے ڈرائیو ان ٹیسٹ کی سہولت قائم

    ریاض: سعودی عرب میں الاحسا ریجن میں کرونا وائرس کے ڈرائیو ان ٹیسٹ کی سہولت قائم کردی گئی جہاں ہر شخص کو مفت ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں الاحسا ریجن کی بلدیہ نے ادارہ صحت کے تعاون سے کرونا ڈرائیو ان ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی ہے، وہ افراد جو کوویڈ 19 کا ٹیسٹ کروانے کے خواہاں ہیں انہیں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    کرونا ڈرائیو ان ٹیسٹ سینٹر الاحسا شہر میں شاہ فہد شاہراہ پر قائم کیا گیا ہے جہاں اعلیٰ تربیت یافتہ طبی عملہ جدید ترین سامان کے ساتھ موجود ہوگا۔

    ڈرائیو ان ٹیسٹ سینٹر دو رویہ سڑک پر نصب کیا گیا ہے جہاں ٹیسٹ کیبن سے کچھ فاصلے پر اہلکار متعین ہوں گے جو ٹیسٹ کے لیے آنے والوں کی معلومات جس میں نام، شناختی کارڈ نمبر اور رابطہ نمبر کے علاوہ ایڈریس درج کریں گے۔

    سینٹر کی نگرانی ریجنل ادارہ صحت کے اہلکار کریں گے، سینٹر میں موجود طبی اہلکار آنے والوں کے نمونے حاصل کر کے انہیں سلپ فراہم کردیں گے بعد ازاں ٹیسٹ کے نتیجے کے بارے میں انہیں موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کر دیا جائے گا۔

    وزارت صحت کی جانب سے مختلف زبانوں میں کرونا آگاہی پروگرام بھی جاری کیا گیا ہے جس میں کرونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اور ہدایات درج ہیں۔

    وزارت صحت نے ایپلی کشن بھی لانچ کی ہے جس کے ذریعے چند سوالات کا جواب دے کر کوئی بھی اپنے طور پر یہ معلوم کرسکتا ہے کہ اسے کرونا وائرس ہے یا نہیں۔

  • ریاض: جعلی اشیا بنانے والے کارخانے پر چھاپہ

    ریاض: جعلی اشیا بنانے والے کارخانے پر چھاپہ

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض شہر کے وسط میں واقع جعلی اشیا تیار کرنے کے کارخانے کو سیل کردیا گیا، ضبط شدہ جعلی مواد تلف کردیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے تعاون سے ریاض شہر کے وسط میں واقع ایک بنگلے میں قائم جعلی اشیا تیار کرنے کے کارخانے کو سیل کردیا ہے۔

    وزارت تجارت نے ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وزارت کو اطلاع ملی تھی کہ شہر کے ایک پوش رہائشی علاقے میں غیر قانونی طور پر کارخانہ قائم کیا گیا ہے جہاں نامعلوم اشیا تیار کی جاتی ہیں۔

    اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا گیا جہاں صفائی کے لیے استعمال ہونے والا مواد اور بیوٹیشن کا سامان جعلی طریقے سے تیار کیا جا رہا تھا۔

    بنگلے سے بیوٹیشن کے لیے استعمال کی جانے والے مواد کی 39 ہزار تیار شدہ جعلی بوتلیں برآمد ہوئیں جبکہ 5 لاکھ سے زائد بوتلوں کے ڈھکن بھی برآمد ہوئے جنہیں معروف برانڈ کا ظاہر کیا جاتا تھا۔

    وزارت تجارت نے بنگلے کو سیل کر کے وہاں سے برآمد ہونے والا تمام جعلی سامان ضبط کر کے تلف کر دیا، جعلی طریقے سے فیکٹری لگانے والوں کے خلاف مقدمہ دائر کر کے ان کا چالان متعلقہ ادارے کو ارسال کردیا گیا۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی شرح زیادہ

    سعودی عرب: کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی شرح زیادہ

    ریاض: سعودی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی شرح کہیں زیادہ ہے، آئندہ مرحلے میں اس تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کےترجمان العبد العالی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرین میں 25 فیصد سعودی اور 75 فیصد غیر ملکی ہیں، ترجمان کے مطابق جمعے کو 1 ہزار 172 نئے مریضوں کے بعد مملکت بھر میں اب تک مصدقہ کیس 15 ہزار 102 ہوچکے ہیں۔

    وزارت صحت کے ترجمان نے پریس بریفنگ میں کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے بتایا کہ آئندہ مرحلے میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں حوصلہ بخش اضافہ ہوگا، اس کی بدولت اللہ کے فضل و کرم سے ہم اس وبا سے نجات پا جائیں گے۔

    ڈاکٹر العبد العالی کا کہنا تھا کہ اچھی بات یہ ہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحت پانے والوں کی تعداد جاں بحق ہونے والوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کرونا سے مرنے والے کیسز بہت کم ہیں، اس کا سب سے بڑا سبب تو اللہ کا فضل و کرم ہے۔

    ان کے مطابق اس کا دوسرا سبب مناسب وقت پر کرونا کے متاثرین کا مناسب علاج، تیسرا سبب ابتدائی مرحلے میں کرونا کے کیسز کی دریافت اور حفظان صحت کے ضوابط کا احترام ہے۔

  • سعودی عرب میں آن لائن شاپنگ میں اضافہ

    سعودی عرب میں آن لائن شاپنگ میں اضافہ

    ریاض: کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے باعث سعودی عرب میں آن لائن شاپنگ میں 400 فیصد اضافہ ہوگیا، حکام نے لاک ڈاؤن میں نرمی کر کے سحری کے وقت تک آن لائن ڈلیوری پہنچانے کی سہولت دے دی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن اور کرفیو لگنے سے سعودی عرب میں آن لائن شاپنگ میں اضافہ ہو گیا ہے، وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ماہ میں آن لائن خریداری میں 400 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    آن لائن شاپنگ میں یک دم اس قدر اضافے کے باعث مختلف قسم کی 30 ہزار شکایات بھی درج کروائی گئی ہیں جن میں اکثریت سامان کی فراہمی میں تاخیرکی اطلاعات ہیں۔

    وزارت تجارت و سرمایہ کاری کے ترجمان عبدالرحمٰن الحسین نے بتایا کہ کرونا وائرس کے باعث بہت سے علاقوں میں کرفیو جیسی صورتحال غیر معمولی ہے اور یہی وجہ سامان کی ترسیل میں تاخیر میں آڑے آرہی ہے۔

    عبد الرحمٰن نے مزید کہا کہ صارفین کے اس مسئلے سے نمٹنے اور بروقت ڈلیوری کو یقینی بنانے کے لیے مزید ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔

    سعودی عرب مانیٹری ایجنسی (ساما) کے قواعد کے مطابق خریدار کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ سامان کی بروقت فراہمی نہ ہونے کے سبب اپنی رقم واپس لے سکتا ہے، اگر اس نے آن لائن ادائیگی کی ہے تو 14 دن کے اندر پیسے اس کے اکاؤنٹ میں واپس آجائیں گے۔

    قومی تجارتی پروگرام بھی اس امر کو یقینی بنا رہا ہے کہ 10 مئی 2020 تک تمام منی مارٹ میں آن لائن ادائیگیوں کے ذریعے اشیا دستیاب ہوں۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے کیٹرنگ سروس، ریستوانوں اور فوڈ ڈیلیوری گاڑیوں کو آن لائن خدمات پیش کرنے کے لیے کرفیو اوقات میں نرمی کر کے گاہکوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سحری کے 3 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے۔