Tag: ریاض

  • سعودی حکومت کا اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرنے پر غور

    سعودی حکومت کا اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرنے پر غور

    ریاض: کرونا وائرس نے دنیا بھر کی معیشتوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور کاروبار زندگی ٹھپ ہوچکا ہے تاہم سعودی حکومت اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرنے پر غور کررہی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ سعودی حکومت اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرنے کی تجویز پر غور کررہی ہے۔

    وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت صحت عامہ کو نقصان پہنچائے بغیر اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرے گی، اس حوالے سے جائزے تیار کیے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا بحران کے نقصانات کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کرونا کی تازہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    وزیر خزانہ نے بتایا کہ شاہ سلمان نے جی 20 کے قائدین سے درخواست کر کے پہلی ہنگامی آن لائن سربراہی کانفرنس طلب کی تھی، کانفرنس کے موقع پر جی 20 کے قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ تمام ممالک مل کر وبا سے پیدا ہونے والے سماجی اور اقتصادی نقصانات کی تلافی کریں گے اور معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ کرونا بحران کئی ماہ تک چلے گا، ممکن ہے کہ اس سے پیدا ہونے والے صحت مسائل 2020 کے آخر تک چلتے رہیں، اگر صحت حالات نے اجازت دی تو حکومت اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے احتیاط، مسلسل نگرانی اور ضروری فیصلے جلد کرنے کا اہتمام کیا جائے گا۔

    وزیر خزانہ نے بتایا کہ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت سلامتی سعودی حکومت کی پہلی ترجیح ہے، وائرس سے نمٹنے کے لیے صحت کے شعبے کو 47 ارب ریال کا اضافی بجٹ دیا گیا ہے۔

    ان کے مطابق سعودی حکومت مزید مدد کے لیے کرونا بحران سے زیادہ متاثر ہونے والے شعبوں کے حالات کا مسلسل جائزہ بھی لے رہی ہے، فیسوں کی ادائیگی یا بعض فیسیں نہ لینے کی تجاویز زیر غور ہیں۔

    وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ فیسوں کی وصولی 6 ماہ سے 9 ماہ تک ملتوی کی جاسکتی ہے، جن فیسوں کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے انہیں مکمل طور پر معاف کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

  • سعودی عرب: شہریوں کی آسانی کے لیے سبزیوں اور پھلوں کی 10 نئی منڈیاں قائم

    سعودی عرب: شہریوں کی آسانی کے لیے سبزیوں اور پھلوں کی 10 نئی منڈیاں قائم

    ریاض: سعودی حکام نے مدینہ منورہ میں سبزیوں اور پھلوں کی 10 نئی منڈیاں قائم کردی ہیں تاکہ لوگوں کو پھل سبزی خریدنے میں آسانی فراہم کی جاسکے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مدینہ منورہ میونسپلٹی نے رمضان کی آمد پر شہر کے مختلف محلوں میں 10 مقامات پر تازہ سبزیوں اور پھلوں کی نئی منڈیاں قائم کی ہیں۔

    مدینہ میونسپلٹی نے ان دنوں مہم شروع کی ہے، اس کا لوگو ہے آپ کے بل پر آپ کی مدد، اس کا مقصد مقامی شہریوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا نیز سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو رمضان میں تازہ فروٹ اور سبزیاں آسانی کے ساتھ مہیا کرنا ہے۔

    مدینہ منورہ میں نئی سبزی اور فروٹ مارکیٹیں القبلتین، المستراح، البحر، الدعیساۃ، الجرف، الکصو، الخالدیہ، العزیزیہ، الحدیقہ، ارض الکردی محلوں میں کھولی گئی ہیں، مدینہ منورہ میں تجارتی مراکز اور سینٹرل مارکیٹ میں بھی پھل اور سبزیوں کے اسٹال لگے ہوئے ہیں۔

    میونسپلٹی کی کوشش ہے کہ کہیں بھی صارفین کا رش نہ ہو اور سبزیاں و پھل معمول کے مطابق تمام شہریوں اور تارکین کو ملتے رہیں۔

    حکام نے مدینہ منورہ میں نئی سبزی اور مارکیٹوں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سعودی شہری سبزیاں اور پھل فروخت کر رہے ہیں اور مدینے کے لوگ پھل اور سبزیاں خرید رہے ہیں۔

  • سعودی عرب: رمضان المبارک کے دوران سرکاری و نجی دفاتر کے اوقات کار کا اعلان

    سعودی عرب: رمضان المبارک کے دوران سرکاری و نجی دفاتر کے اوقات کار کا اعلان

    ریاض: رمضان المبارک کے پیش نظر سعودی عرب میں سرکاری و نجی دفاتر کے اوقات کار کا اعلان کردیا گیا، سرکاری دفاتر 5 جبکہ نجی دفاتر 6 گھنٹے کام کریں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت ہیومن ریسورسز نے رمضان المبارک کے دوران سرکاری و نجی شعبے کے ڈیوٹی اوقات جاری کر دیے ہیں۔

    وزارت نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران وزارتیں، سرکاری محکمے اور اداروں میں 5 گھنٹے ڈیوٹی ہوا کرے گی۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری محکموں کے ملازمین صبح 10 بجے ڈیوٹی کا آغاز کریں گے جبکہ دوپہر 3 بجے ڈیوٹی ختم ہوجائے گی۔ نجی شعبے کے ملازمین ڈیوٹی کے ایام میں روزانہ 6 گھنٹے کام کریں گے۔

    حکام نے کہا ہے کہ ہر ادارہ اپنے ملازمین کے ڈیوٹی اوقات کا آغاز اور اختام اپنی سہولت کے مطابق طے کرے گا۔

    دوسری جانب سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے ماہ رمضان کے دوران بینکوں، ترسیل زر کے مراکز اور ایکسپریس سروس کے اوقات کار کا بھی اعلان کردیا ہے۔

    ساما کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران بینکوں کی شاخیں صبح 10 سے دوپہر 2 بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ ترسیل زر کے مراکز روزانہ صبح 7 سے سہ پہر 4 بجے تک کھولے جائیں گے۔

  • 6 ہزار سعودی ڈاکٹر مختلف ممالک میں کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر

    6 ہزار سعودی ڈاکٹر مختلف ممالک میں کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر

    ریاض: کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے جہاں دنیا بھر میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جارہے ہیں وہیں 6 ہزار سعودی ڈاکٹر بھی مختلف ممالک میں اس لڑائی میں شریک ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ہیلتھ اسپیشلائزیشن کی سعودی کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ایمن عبدہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے 6 ہزار سے زائد ڈاکٹرز 30 ممالک میں کرونا وائرس کی وبا کے دوران صحت خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

    ڈاکٹر ایمن عبدہ کا کہنا ہے کہ سعودی ڈاکٹر جرمنی، فرانس، امریکہ اور جنوبی کوریا جیسے ملکوں میں کرونا وائرس سے متاثرین کے علاج معالجے میں حصہ لے رہے ہیں۔

    ان کے مطابق سعودی ڈاکٹر مختلف ممالک میں ریسرچ کے لیے گئے ہوئے تھے، ان دنوں بحران کے باوجود سعودی ڈاکٹروں نے انہی ممالک میں قیام کو ترجیح دی۔

    ڈاکٹر عبدہ نے مزید بتایا کہ سعودی عرب چالیس برس سے زائد عرصے سے صحت کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے اپنے شہریوں کو باہر بھیجتا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 25 لاکھ 57 ہزار سے زائد افراد کو متاثر کردیا جبکہ ہلاکتیں 1 لاکھ 77 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔

    اب تک 6 لاکھ 90 ہزار سے زائد مریض ڈاکٹروں کی جدوجہد کی بدولت صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جبکہ دیگر مریضوں کی زندگیاں بچانے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔

  • کرونا وائرس: سعودی عرب میں میونسپلٹی اور بلدیاتی کونسل کے کارکنان پر نئی پابندی

    کرونا وائرس: سعودی عرب میں میونسپلٹی اور بلدیاتی کونسل کے کارکنان پر نئی پابندی

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ میونسپلٹی اور بلدیاتی کونسلوں کے ورکرز کا ڈیوٹی کے دوران دستانے اور حفاظتی ماسک استعمال نہ کرنا قابل سزا ہوسکتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت بلدیات و دیہی امور نے کہا ہے کہ میونسپلٹی اور بلدیاتی کونسلوں کے ورکرز پر ڈیوٹی کے دوران دستانوں اور حفاظتی ماسک کا استعمال ضروری ہے۔

    یہ پابندی سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو نئے کرونا وائرس لگنے سے بچانے کے لیے لگائی گئی ہے۔

    وزارت بلدیات و دیہی امور نے مقامی شہریوں اور تارکین سے کہا ہے کہ اگر وہ میونسپلٹی اور بلدیاتی کونسلوں کے ورکرز کو ڈیوٹی کے دوران دستانے اور حفاظتی ماسک پہنے بغیر کام کرتے دیکھیں تو پہلی فرصت میں 940 پر رابطہ کر کے اطلاع دیں۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ دستانوں اور ماسک کے استعمال کی پابندی نہ کرنا قابل سزا جرم ہے۔

    یاد رہے کہ غیر ملکی ورکرز کی رہائش کو منظم کرنے والی کمیٹی ان دنوں مملکت بھر میں غیر ملکی ورکرز کی اجتماعی رہائش کے مراکز کو منظم کرنے میں مصروف ہے۔

    اس حوالے سے نجی اداروں اور کمپنیوں کے مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ 10 دن کے اندر رہائشی مراکز سے متعلق معلومات مہیا کردیں۔

  • سعودی عرب: رمضان المبارک میں بینکوں کے اوقات کار کا اعلان

    سعودی عرب: رمضان المبارک میں بینکوں کے اوقات کار کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک کے دوران بینکوں اور مالیاتی اداروں کے اوقات کار کا اعلان کردیا گیا، مملکت بھر میں ترسیل زر کے مراکز روزانہ صبح 7 سے سہ پہر 4 بجے تک کھولے جائیں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے اس سال رمضان اور عید الفطر کی تعطیلات کے دوران بینکوں، ترسیل زر کے مراکز اور ایکسپریس سروس کے اوقات کار کا اعلان کیا ہے۔

    ساما کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران بینکوں کی شاخیں صبح 10 سے دوپہر 2 بجے تک کھلی رہیں گی۔

    ساما نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ مہیا وسائل کے ذریعے اپنی شاخوں کے ناموں اور اوقات کار سے کھاتے داروں کو مطلع کرنے کا اہتمام کریں۔

    بیان کے مطابق مملکت بھر میں ترسیل زر کے مراکز روزانہ صبح 7 سے سہ پہر 4 بجے تک کھولے جائیں گے، ترسیل زر کے مراکز کے اوقات کار روزانہ 5 گھنٹے سے کم نہیں ہوں گے۔

    ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ترسیل زر کے مراکز کہاں کھلیں گے، کس وقت تک کھلیں گے اور کب سے کب تک کھلے رہیں گے اس کی تمام تفصیلات ترسیل زر کے مراکز کو اپنے طور پر صارفین کو دینا ہوگی۔ اس سلسلے میں تمام مراکز کرفیو کے اوقات کار کے پابند بھی ہوں گے۔

    ساما نے مزید بتایا کہ اس سال عید الفطر کی چھٹی جمعرات 28 رمضان مطابق 21 مئی کی ڈیوٹی مکمل کر کے شروع ہوگی، 8 شوال اتوار 31 مئی کو مالیاتی ادارے دوبارہ کام کرنا شروع کردیں گے۔

    ساما نے تمام بینکوں اور ترسیل زر کے مراکز پر پابندی لگائی ہے کہ وہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران اپنی بعض شاخیں کھولنے کا اہتمام کریں۔ کھاتے داروں کو اوقات کار، شاخوں کے ناموں اور ترسیل زر کے مراکز کے پتوں سے مطلع کرنے کا بھی اہتمام کریں۔

    علاوہ ازیں تمام بینکوں اور ترسیل زر کے مراکز اپنی شاخوں اور اوقات کار کی تفصیلات سے ساما کو آگاہ کرنے کے بھی پابند ہوں گے۔

    رمضان المبارک کے دوران سریع رفتار ترسیل زر کے سعودی نظام (سریع) ایکسپریس سروس کے اوقات کار صبح 10 سے لے کر سہ پہر 4 بجے تک کے ہوں گے۔

    جمعرات 28 رمضان 21 مئی کو ایکسپریس سروس بند ہوجائے گی پھر 3 شوال 26 مئی منگل کو ایکسپریس سروس صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔

  • سعودی عرب: عارضی فروٹ اور سبزی منڈی کا افتتاح

    سعودی عرب: عارضی فروٹ اور سبزی منڈی کا افتتاح

    ریاض: مکہ مکرمہ کی ایک میونسپلٹی میں عارضی فروٹ اور سبزی منڈی کھولی گئی ہے تاکہ مقامی افراد کو ضرورت کی سبزیاں اور فروٹ روزانہ کی بنیاد پر آسانی سے مہیا ہوں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے العوالی محلے میں عارضی فروٹ اور سبزی منڈی کا افتتاح کیا ہے جو کہ روزانہ صبح 7 سے سہ پہر 3 بجے تک مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے کھلی رہے گی۔

    میونسپلٹی میں بلدیاتی امور کے ڈائریکٹر جنرل عبد اللہ الزایدی نے بتایا کہ العزیزیہ بلدیاتی کونسل نے سبزی اور فروٹ منڈی کی سہولت فراہم کی ہے، یہاں آنے جانے کے راستے بنا دیے گئے ہیں۔

    سبزی اور فروٹ منڈی میں جانے اور اس سے نکلنے کے دروازے الگ رکھے گئے ہیں، منڈی میں رہنما بورڈ نصب کردیے گئے ہیں جبکہ فائر پروف خیمہ نصب ہے۔

    بلدیاتی امورکے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ عارضی پھل اور سبزی منڈی سے العوالی محلے کے باشندوں کو آسانی ہوگی، انہیں ضرورت کی سبزیاں اور فروٹ روزانہ کی بنیاد پر آسانی سے مہیا ہوں گے۔

    عبداللہ الزایدی نے مزید کہا کہ منڈی میں پھلوں اور سبزیوں کی دکانیں بنائی گئی ہیں اور نگرانی کا مؤثر نظام ہے، ان دکانوں پر صرف سعودی شہری ہی کام کرسکیں گے۔ غیر ملکیوں کو پھل اور سبزی فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ العزیزیہ بلدیہ کے اہلکاروں نے منڈی کے اطراف اور اندر صفائی اور سینی ٹائزنگ کا مکمل بندوبست کر رکھا ہے، مارکیٹنگ ٹرالیوں کا بھی انتظام ہے۔ انہیں مستقل بنیادوں پر سینی ٹائز کیا جا رہا ہے۔

    حکام کے مطابق منڈی میں آتے وقت لوگوں کا درجہ حرارت بھی ریکارڈ کیا جا رہا ہے، میونسپلٹی نے یہ انتظام بڑی سبزی منڈیوں میں بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے کے لیے کیا ہے۔

  • سعودی حکام کی جنرل اسٹورز مالکان کے لیے اہم ہدایت

    سعودی حکام کی جنرل اسٹورز مالکان کے لیے اہم ہدایت

    ریاض: سعودی حکام نے جنرل اسٹورز کے غیر ملکی مالکان کو کہا ہے کہ وہ آن لائن ادائیگی کا سسٹم 10 مئی تک وضع کرلیں تاکہ ان کا کاروبار ریکارڈ پر آسکے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودیوں کے نام سے غیر ملکیوں کے کاروبار کے انسداد پر مامور قومی ادارے نے کہا ہے کہ تمام جنرل اسٹورز (بقالے) اور اشیائے خوراک کے مراکز 10 مئی تک آن لائن ادائیگی کا مسئلہ حل کریں۔

    سعودی حکومت مقامی شہریوں کے نام سے غیر ملکیوں کے کاروبار کے رواج کی بیخ کنی کے لیے قومی مہم چلائے ہوئے ہے، اس مقصد کے لیے حکومت نے خصوصی قومی ادارہ قائم کیا ہے جسے سعودیوں کے نام سے غیر ملکیوں کے کاروبار کو ختم کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ عام طور پر جنرل اسٹورز (بقالے) اور کھانے پینے کی اشیا کا کاروبار کرنے والے مراکز پر غیر ملکی چھائے ہوئے ہیں اور مقامی شہری انہیں تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔

    اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے طے کیا گیا ہے کہ جنرل اسٹورز (بقالے) اور خوراک کے مراکز سارا لین دین آن لائن کریں تاکہ کاروبار کے حقائق ریکارڈ پر آسکیں اور ایسے غیر ملکیوں اور سعودیوں کے خلاف قانونی بنیاد پر کارروائی کی جا سکے جو اس غیر قانونی کام میں ملوث ہیں۔

  • سعودی حکام کا کسانوں کے لیے اہم اقدام

    سعودی حکام کا کسانوں کے لیے اہم اقدام

    ریاض: سعودی حکام نے ملک بھر میں کسانوں کی مدد کے لیے اسمارٹ فون ایپ لانچ کردی، فون ایپ کسانوں اور ماہرین زراعت کے درمیان رابطے میں معاون ثابت ہوگی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے کسانوں کے لیے اپنی ای خدمات متعارف کروا دی ہیں۔

    ان میں سے ایک زراعت گائیڈ نامی اسمارٹ فون ایپ بھی ہے جس کے ذریعے مختلف علاقوں میں کسانوں کو زراعت کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جاسکے گی۔

    اس ایپ کی تشکیل وزارت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جس کے تحت وزارت کو ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے اور کارکردگی میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

    وزارت میں جنرل ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بندر بن محمد کا کہنا ہے کہ ایپ پر موصول ہونے والی 80 فیصد گزارشات زراعت کے بارے میں معلومات اور مشاورت سے متعلق ہیں جس کا کسان جلد جواب چاہتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ ایپ کی بدولت کسان ملک بھر کے 300 ماہرین زراعت سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

    مذکورہ ایپ کے ذریعے دونوں پارٹیز (کسان اور ماہرین) وائس کالز اور ویڈیو کالز کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہوسکتے ہیں جبکہ دستاویزات کا تبادلہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

    ڈاکٹر بندر بن محمد کے مطابق وبا کے ان دنوں میں جب بالمشافہ ملاقات اور مشاورت ناممکن ہے، ایسے میں زراعت گائیڈ ایک اہم ضرورت بن چکی ہے۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس فنڈ میں خرد برد، 8 افراد گرفتار

    سعودی عرب: کرونا وائرس فنڈ میں خرد برد، 8 افراد گرفتار

    ریاض: سعودی عرب کے ادارہ انسداد کرپشن نے وزارت صحت کے 2 عہدے داروں سمیت 8 افراد کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا، مذکورہ افراد نے قرنطینہ کے طور پر ہوٹل میں رہائش کے لیے کرائے کی رقم میں خرد برد کی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ انسداد کرپشن نے وزارت صحت کے 2 عہدے داروں سمیت 8 افراد کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا ہے، ادارے کا کہنا ہے کہ وزارت صحت کے 2 اہلکاروں نے کرونا وائرس کے انسداد کے لیے حکومتی فنڈ سے ذاتی فائدہ اٹھایا ہے۔

    ادارے نے کہا ہے کہ مذکورہ افراد نے بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو قرنطینہ کے طور پر ہوٹل میں ٹھہرانے کے لیے کرائے کی رقم میں خرد برد کی، مذکورہ افراد نے ایک ہوٹل کی انتظامیہ کے ساتھ گٹھ جوڑ کیا اور اس سے معاہدہ کرنے کے لیے کمیشن کا مطالبہ کیا۔

    گرفتار شدگان میں 3 افراد ہوٹل کی انتظامیہ سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے وزارت صحت کے اہلکاروں کے ساتھ تعاون کیا ہے، چوتھا شخص وزارت سیاحت سے تعلق رکھتا ہے جس کے تعاون سے وزارت صحت کو ہوٹل کے ساتھ معاہدہ کرنا تھا۔

    ادارے کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے اپنے جرم کا اقرار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حکومت پر اضافی بوجھ ڈالا۔

    دوسری طرف ادارہ انسداد کرپشن نے ایک عسکری شعبے سے تعلق رکھنے والے اہلکار کو بھی گرفتار کیا ہے جس نے اپنے منصب سے فائدہ اٹھا کر وزارت صحت میں کام کرنے والے اپنے ایک رشتہ دار کے تعاون سے جعلی کرفیو پاس جاری کیے۔

    ادارہ انسداد کرپشن کا کہنا تھا کہ اس کیس میں ایک غیر ملکی بھی گرفتار ہوا ہے جس کے توسط سے جعلی کرفیو پاس 93 ہزار ریال میں فروخت کیے گئے، مذکورہ کیس ابھی تفتیش کے مراحل میں ہے جس کے متعلق مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔