Tag: ریاض

  • ریاض: گودام سے ہزاروں غیر معیاری ادویات برآمد

    ریاض: گودام سے ہزاروں غیر معیاری ادویات برآمد

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک گودام پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 3 ہزار غیر معیاری ادویات ضبط کرلی گئیں، گودام اور فارمیسی کو سیل کردیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق دارالحکومت ریاض میں ایک فارمیسی کے گودام سے 3 ہزار غیر معیاری ادویہ کا سٹاک برآمد کر کے ضبط کرلیا گیا ہے۔

    سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کے افسران نے خصوصی رپورٹ پر وزارت تجارت، وزارت صحت اور سیکیورٹی فورسز کے تعاون سے فارمیسی کے گودام پر چھاپہ مارا تھا، فارمیسی اور گودام دونوں کو سربمہر کردیا گیا ہے۔

    فارمیسی کے گودام سے مختلف قسم کی غیر معیاری دواؤں، اینٹی بائیوٹک، میک اپ اورطبی لوازمات برآمد ہوئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گودام میں یہ اشیا اتھارٹی کے مقرر کردہ ضوابط کو نظر انداز کر کے نامناسب جگہ ذخیرہ کی گئی تھیں۔

    سعودی ایف ڈی اے کے افسران نے فارمیسی اور گودام کو سربمہر کر کے حکم دیا ہے کہ قواعد و ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے گودام کو ازسر نو ترتیب دیا جائے اور آئندہ غیر معیاری دوائیں گودام میں نہ رکھی جائیں۔

  • محکمہ پاسپورٹ کی آن لائن خدمات میں اضافہ

    محکمہ پاسپورٹ کی آن لائن خدمات میں اضافہ

    ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ نے آن لائن خدمات میں اضافہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام گھر بیٹھے اس سے مستفید ہوسکیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹوریٹ نے ابشر کے ذریعہ ای خدمات کو مزید وسعت دی ہے، ابشر پروگرام کے ذریعے آن لائن سروس میں عوام کے لیے مزید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

    محکمہ پاسپورٹ کی آن لائن خدمات میں اپنے ابشر کے اکاونٹ پر لاگ ان کر کے ’میری خدمات‘ میں جا کر عام خدمات میں پیغامات اور درخواست کو منتخب کیا جا سکتا ہے۔

    اس کے بعد محکمہ پاسپورٹ سے متعلق مزید سہولیات کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹ کے خانے میں لنک کرنے سے مطلوبہ خدمات اور معلومات واضح ہو جائیں گی۔

    محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ آن لائن خدمات کو مزید فروغ دینے سے عام لوگوں کا ڈائریکٹوریٹ جنرل پاسپورٹ کے عہدیداروں سے رابطہ کرنا اور اپنی مشکلات پر بات چیت کرنے میں آسانی ہوگی۔

    مذکورہ محکمے سمیت سعودی حکومت انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے ذریعے اپنی بہت سی خدمات پیش کر رہی ہے۔

    سعودی عرب اس وقت انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن کے شعبے میں پورے خطے میں سب سے بڑی مارکیٹ ہے جو عالمی سطح پر 13 ویں پوزیشن پر ہے۔

  • کرونا وائرس: سعودی عرب کے سرکاری اسپتالوں میں 80 ہزار بیڈ مختص

    کرونا وائرس: سعودی عرب کے سرکاری اسپتالوں میں 80 ہزار بیڈ مختص

    ریاض: سعودی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں 80 ہزار سے زائد بیڈ کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہر طرح سے تیار ہیں، سرکاری اسپتالوں میں 80 ہزار سے زیادہ بیڈ کرونا وائرس کے علاج کے لیے موجود ہیں۔

    وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبد العبد العالی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے صحت کے ادارے منفرد صحت خدمات پیش کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر تمام شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو کرونا وائرس کے معائنے اور علاج کی مفت سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، اس حوالے سے تمام تیاریاں موجود ہیں۔

    دوسری جانب سعودی اسپتالوں نے کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں کسی بھی متوقع اضافے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں۔

    الشرق الاوسط نے دمام میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر زکریا الصفران کے حوالے سے بتایا کہ اگر خدانخواستہ متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا تو مشرقی ریجن میں متاثرین کے علاج کے لیے مزید اسپتال شامل کرلیے جائیں گے۔

    ان کا کہنا ہے کہ مشرقی ریجن کے دمام میڈیکل کمپلیکس میں کرونا کے متاثرین کے علاج کی سہولت بھی بڑھا دی جائے گی، قرنطینہ کے مریضوں کی تعداد میں 28 فیصد تک اضافہ کردیا جائے گا۔ انتہائی نگہداشت کے شعبے میں 190 فیصد تک اضافہ ممکن ہوگا۔

  • سعودی عرب میں موبائل کمپنیوں نے ایک ماہ کے بل معاف کر دیے

    سعودی عرب میں موبائل کمپنیوں نے ایک ماہ کے بل معاف کر دیے

    ریاض: کرونا وائرس کے باعث ہونے والے معاشی نقصانات کے پیش نظر سعودی عرب میں موبائل کمپنیوں نے اپنے صارفین کے ایک ماہ کے بل معاف کر دیے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں موبائل کمپنیوں (ایس ٹی سی، زین، موبایلی) نے قرنطینہ کی زد میں آنے والوں کو اپریل کے بل معاف کردیے۔

    سعودی عرب کی تینوں بڑی موبائل کمپنیوں نے اعلان کیا ہے کہ جو سعودی اورغیر ملکی تارکین قرنطینہ کے پابند بنائے گئے ہیں ان سے اپریل 2029 کا بل نہیں لیا جائے گا۔

    تینوں مواصلاتی کمپنیوں نے قرنطینہ میں رکھے جانے والے صارفین کے لیے اپریل کا بل معاف کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    مواصلاتی کمپنیوں نے یہ سہولت کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی اداروں کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا ساتھ دینے کے لیے کیا ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے تمام سعودی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کا علاج مفت فراہم کرنے کا شاہی فرمان جاری کیا ہے۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس کے تمام مریضوں کا علاج مفت کرنے کا شاہی فرمان

    سعودی عرب: کرونا وائرس کے تمام مریضوں کا علاج مفت کرنے کا شاہی فرمان

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے آن لائن اجلاس میں کرونا وائرس سے متاثرہ تمام افراد بشمول اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کا علاج مفت کروانے کا شاہی فرمان جاری کردیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی کابینہ کا آن لائن اجلاس منگل کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا، کابینہ نے اندرون و بیرون ملک سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کی صحت و سلامتی کے حوالے سے صحت انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    شاہ سلمان بن عبد العزیز نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی پابندی پر سعودی شہریوں کو سراہا۔

    اجلاس میں کرونا وائرس سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام سرکاری اداروں کی کارکردگی سے متعلق خصوصی رپورٹ پیش کی گئی، کابینہ نے تمام متعلقہ اداروں خصوصاً وزارت صحت کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔

    سعودی کابینہ نے اس بات پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا کہ شہریوں کو اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے سلسلے میں تمام ضروری سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں۔

    اجلاس کے بعد قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے بتایا کہ کابینہ نے کہا کہ تمام سعودیوں، مقیم غیر ملکیوں اور اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کا علاج سرکاری اور نجی اسپتالوں میں مفت فراہم کرنے کا شاہی فرمان انسانیت نوازی کی علامت ہے۔

    کابینہ نے تجدید پذیر توانائی کے شعبے کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ کمیٹی تشکیل دی جس کا سربراہ ولی عہد کو مقرر کیا گیا۔ وزیر توانائی کو اسپین میں ایٹمی سلامتی کونسل کے ساتھ ایٹمی سلامتی کے سلسلے میں معلومات کے تبادلے کے لیے مفاہمتی یادداشت کا اختیار بھی تفویض کیا گیا۔

    وزیر داخلہ کو انٹر پول کے ساتھ مملکت میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کا ریجنل آفس قائم کرنے کے لیے معاہدے کا اختیار سپرد کیا گیا۔

    اجلاس میں متعدد تقرریاں بھی کی گئیں، ڈاکٹر ریما بنت صالح العذل کو نجی اداروں اور دیمہ بنت عبد العزیز آل الشیخ کو این جی اوز کا نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات رکھنے والا قرنطینہ

    سعودی عرب: فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات رکھنے والا قرنطینہ

    ریاض: سعودی عرب کے شہر حائل میں قائم قرنطینہ میں فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں، قرنطینہ میں موجود افراد کو مہمانوں جیسا درجہ دیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر حائل میں قائم قرنطینہ میں صحت عامہ کے انچارج مشاری الجمیل نے کہا ہے کہ ہمارے یہاں قرنطینہ کا نظام بڑا معیاری ہے، ممکنہ طور پر متاثرہ شخص کے قرنطینہ میں داخلے سے لے کر فارغ کیے جانے تک کی کارروائی مقررہ ضوابط کے مطابق کی جاتی ہے۔

    مشاری الجمیل کا کہنا ہے کہ قرنطینہ فائیو سٹار ہوٹل سے کم نہیں، اگر کسی شخص پر شبہ ہوتا ہے کہ وبا زدہ علاقے سے آنے کے باعث ممکن ہے کہ وہ کرونا میں مبتلا ہو تو اسے یہاں لایا جاتا ہے اور اس کا فوری طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔

    ان کے مطابق اگر انفلوائنزا کی علامتیں نظر آتی ہیں تو اسے ہسپتال میں ٹھہرا دیا جاتا ہے، انفلوئنزا سے علاج کے بعد کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے شبے میں اسے قرنطینہ میں منتقل کردیا جاتا ہے۔

    صحت عامہ کے انچارج کا کہنا ہے کہ قرنطینہ میں زیر علاج ہر فرد کو الگ کمرہ دیا جاتا ہے جس سے اسے نکلنے کی اجازت نہیں ہوتی، اگر کوئی بچہ کرونا وائرس سے متاثر ہو تو اس کے ہمراہ اس کی ماں اور باپ کو الگ کمرے میں رکھا جاتا ہے۔

    ان کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرین کے ساتھ قرنطینہ میں سلوک وزارت صحت کے مہمانوں کے طور پر کیا جاتا ہے، مریضوں کی تمام فرمائشیں پوری کی جاتی ہیں اور انہیں فائیو اسٹار جیسی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

    انچارج نے بتایا کہ اسپیلشسٹ فوڈ کمپنی انہیں ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا فراہم کرتی ہے، وزارت صحت کمپنی کو باقاعدہ ٹھیکہ دیے ہوئے ہے، تمام کھانے حفظان صحت کے عین مطابق ہوتے ہیں۔ قرنطینہ میں اعلیٰ درجے کا لانڈری بھی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قرنطینہ میں تمام مریضوں کو جملہ صحت خدمات 24 گھنٹے مہیا ہوتی ہیں، بعض مریضوں نے اے ٹی ایم سروس فراہم کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے، اس سلسلے میں ایک بینک سے رابطہ بھی کرلیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب میں خون عطیہ کرنے والوں کے لیے ہوم سروس شروع

    سعودی عرب میں خون عطیہ کرنے والوں کے لیے ہوم سروس شروع

    ریاض: سعودی عرب میں خون کا عطیہ دینے والوں کے لیے بلڈ بینک کی جانب سے ہوم سروس شروع کردی گئی، موبائل یونٹ خون کا عطیہ لینے کے لیے لوگوں کے گھروں پر پہنچنا شروع ہوگیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حائل میں وزارت صحت کے بلڈ بینک کی جانب سے خون کا عطیہ دینے والوں کو ہوم سروس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، بلڈ ڈونرز کو سینٹر آنے کی ضرورت نہیں صرف ایک کال یا واٹس ایپ میسج پر موبائل یونٹ ان کی رہائش پر پہنچ جائے گا۔

    وزارت صحت کے بلڈ بینک کی جانب سے خصوصی سروس کا انتظام کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدام کے پیش نظر کیا جارہا ہے، ہوم سروس کے علاوہ اسپتالوں میں قائم بلڈ بینک اپنی جگہ حسب معمول کام کرتے رہیں گے۔

    ہوم سروس بلڈ بینک کے لیے وزارت صحت کی جانب سے موبائل عملہ مخصوص کیا گیا ہے جو ان افراد سے رابطہ کر کے انہیں یہ سہولت مہیا کرے گا جو خون کا عطیہ دینے کے خواہش مند ہوں۔

    گھر پر خون کا عطیہ وصول کرنے کے لیے بلڈ بینک کی جانب سے واٹس ایپ پر بھی خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے، موبائل یونٹ صبح 11 سے شام 6 تک کام کریں گے۔

    لوگوں کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنے کی خاطر موبائل بلڈ بینک سروس کی جانب سے ’گھروں پر رہیں‘ کا سلوگن اختیار کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس پر عمل کریں۔

  • سعودی محکمہ ٹریفک کا شہریوں کے لیے سہولت کا اعلان

    سعودی محکمہ ٹریفک کا شہریوں کے لیے سہولت کا اعلان

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس تاخیر سے وصول کرنے پر لگنے والا جرمانہ فی الحال معطل کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کے بعد ایک ہفتے کے اندر کارڈ وصول نہ کرنے پر مقررہ جرمانہ 100 ریال معطل کر دیا گیا ہے۔

    ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہری نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر محکمہ ٹریفک سے استفسار کیا تھا کہ میں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروا چکا ہوں، مجھے ایک ایس ایم ایس موصول ہوا ہے جس میں لکھا ہے کہ اگر ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کی تاریخ سے سات روز کے اندر ڈرائیونگ لائسنس کارڈ وصول نہ کیا تو 100 ریال جرمانہ لگا دیا جائے گا۔

    شہری نے دریافت کیا کہ موجودہ حالات میں کس طرح اس جرمانے سے بچا جاسکتا ہے اور مجھے کیا کرنا ہوگا؟

    سعودی محکمہ ٹریفک نے شہری کے استفسار کا جواب دیتے ہوئے اطمینان دلایا کہ ان دنوں یہ جرمانہ معطل کر دیا گیا ہے، شہری اب ڈرائیونگ لائسنس یا استمارہ ابشر کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک نے کہا کہ اگر ڈرائیور کا قومی پتہ ہو تو (واصل) ڈاک سروس کے ذریعے بھی نیا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا جا سکتا ہے۔

  • سعودی عرب: سینکڑوں افراد موسم کا لطف اٹھانے کے لیے جمع ہوگئے، پولیس کا ایکشن

    سعودی عرب: سینکڑوں افراد موسم کا لطف اٹھانے کے لیے جمع ہوگئے، پولیس کا ایکشن

    ریاض: سعودی عرب میں حائل کی وادی میں سینکڑوں لوگ موسم کا لطف اٹھانے کے لیے جمع ہوگئے، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کو منتشر کردیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس کے انسداد کے لیے گھروں تک محدود رہنے کی حکومتی ہدایات کے باوجود حائل میں بارش کے بعد سہانے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے متعدد شہری فیملیوں سمیت قریبی وادی میں جمع ہوگئے۔

    وادی میں جمع ہونے والے شہریوں کو واپس بھیجنے اور انہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے فوری مداخلت کی۔

    حائل ریجن میں پولیس کے سربراہ کرنل حبیب بن عطا اللہ الجہنی کا کہنا ہے کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ وادی میں متعدد شہری، خواتین اور بچوں سمیت موسم کا لطف اٹھانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق انہیں بھیڑ لگانے اور جمع ہونے سے روکنے کے لیے فوری طور پر پولیس کی ٹیموں کو روانہ کیا گیا، پولیس اہلکاروں نے وادی کو ہر طرف سے گھیر لیا اور شہریوں کو جگہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی۔

    کرنل حبیب بن عطا اللہ کا کہنا تھا کہ وادی میں جمع ہونے والے شہریوں نے کرونا کے انسداد کے لیے جاری کوششوں کے برخلاف کام کیا ہے۔

    خیال رہے کہ حائل کے قریب ایسی متعدد وادیاں ہیں جہاں سال بھر بارش ہوتی ہے اور موسم خوشگوار رہتا ہے، سیر و تفریح کے لیے اکثر لوگ وہاں کا رخ کرتے ہیں۔

  • اقامہ رکھنے والے افراد کے لیے ضروری ہدایت

    اقامہ رکھنے والے افراد کے لیے ضروری ہدایت

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اقامہ رکھنے والے وہ افراد جو فضائی راستے بند ہونے کی وجہ سے سعودی عرب واپس نہیں آسکے، ان کے ویزوں کی مدت میں توسیع کردی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ جو افراد کرونا وائرس کے سبب فضائی راستے بند ہونے کی وجہ سے سعودی عرب نہیں آسکے انہیں خصوصی رعایت دی جائے گی۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ وہ افراد جو چھٹی پر پاکستان گئے ہوئے ہیں اور وقت مقررہ پر سعودی عرب نہیں آسکے، ان کے خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری ویزوں) کی مدت میں توسیع کر دی جائے گی۔

    سعودی اداروں کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ جوں ہی حالات نارمل ہوں گے اور سفری پابندیاں ختم ہوں گی، تو ویزوں کی توسیع خود کار طریقے سے کی جائے گی۔

    تاہم اس بارے میں کیا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا اس کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 12 سو 99 سامنے آچکے ہیں جبکہ 8 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔