Tag: ریاض

  • سعودی عرب: گھریلو ملازماؤں کے بارے میں اہم ہدایات

    سعودی عرب: گھریلو ملازماؤں کے بارے میں اہم ہدایات

    ریاض: سعودی عرب میں حکام کا کہنا ہے کہ گھریلو ملازمائیں مملکت کے 7 ایئرپورٹس پر آسکتی ہیں جہاں سے آجر کا انہیں وصول کرنا لازمی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں گھریلو ملازمین کے ادارے مساند کا کہنا ہے کہ ایگزٹ ری انٹری ویزے (خروج و عودہ ویزے) پر آنے والی گھریلو ملازماؤں کی دستاویزی کارروائی کے لیے سعودی عرب کے سات ایئر پورٹس مختص کیے گئے ہیں۔

    مساند کا کہنا ہے کہ 7 ایئر پورٹس میں سے کسی ایک سے گھریلو ملازمہ کی کارروائی کروانا اور مملکت پہنچنے پر استقبال آجر کی ذمہ داری ہے۔

    کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض، کنگ فہد ایئرپورٹ ظہران، امیر نائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ، امیر محمد بن عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مدینہ منورہ، حائل انٹرنیشنل ایئرپورٹ، الاحسا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گھریلو ملازمائیں خروج و عودہ ویزے پر پہنچیں گی۔

    ایئرپورٹ سے ان کی کارروائی کروا کے اپنے ہمراہ گھر لے جانا کفیل کی ذمہ داری ہے۔ ملازمہ سے رابطہ بھی کفیل کے ذمے ہے۔

    خیال رہے کہ محکمہ پاسپورٹ اس سے قبل یہ بات واضح کر چکا ہے کہ پہلی بار کوئی گھریلو ملازم اپنے وطن سے سعودی عرب پہنچے گی تو اس کی کارروائی ریکروٹنگ ایجنسی کے ذمے ہو گی تاہم خروج و عودہ ویزے پر واپس آنے والی ہر گھریلو ملازمہ کی کارروائی آجر کے ذمے ہے۔

  • سعودی عرب: خریداری کے دوران سیاحوں کی ٹیکس کی ادائیگی، حکام کی وضاحت

    ریاض: سعودی عرب میں بیرون ملک سے آنے والے سیاح خریداری کے دوران جو ٹیکس ادا کرتے ہیں، اس کی واپسی کے حوالے سے حکام نے وضاحت جاری کی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ٹیکس، کسٹم اور زکوٰۃ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فی الوقت مملکت میں آنے والے سیاحوں کو واپسی پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) واپس نہیں دیا جا سکتا، واٹ کی واپسی قانون کی شق نمبر 73 سے مشروط ہوگی۔

    کسٹم و ٹیکس اتھارٹی نے قانون کی شق نمبر 73 کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی اس امر کی پابند نہیں کہ مملکت آنے والے سیاحوں کو واپسی پر یہاں خریداری پر وصول کیا گیا ٹیکس واپس کیا جائے۔

    قانون کی شق کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے ایک یا ایک سے زائد سروسز مہیا کرنے والوں کو متعین کیا جائے جو سیاحوں کا کیس وصول کر کے ان کی نیابت کرتے ہوئے اتھارٹی میں واٹ کی واپسی کا مطالبہ کریں۔

    اتھارٹی کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ایسی سروس مہیا کرنے والے اداروں کی فہرست جاری کریں۔

    قانون کی شق 73 میں اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کے لیے ایسے سیاح جو جی سی سی ممالک کے رہائشی نہ ہوں وہ اپنا کیس مقررہ سروس مہیا کرنے والے ادارے میں جمع کروا سکتے ہیں۔

    ان سیاحوں کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ جو اشیا انہوں نے خریدی ہیں وہ انہیں مملکت یا جی سی سی میں استعمال نہیں کریں گے بلکہ اپنے ملک لے کر جائیں گے۔

    واٹ کی واپسی کا مطالبہ جمع کرواتے وقت سیاح کا مملکت میں موجود ہونا ضروری ہے، سروس مہیا کرنے والے ادارے کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ کیس کا اچھی طرح مطالعہ کرنے کے بعد اتھارٹی کو ارسال کرے تاکہ وہاں سے منظوری جاری کی جا سکے۔

    اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ کیس موصول ہونے کے بعد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کی منظوری کی صورت میں رقم اسی سروس مہیا کرنے والے ادارے کو منتقل کر دی جائے گی، جس کے ذریعے کیس جمع کروایا گیا تھا، سروس مہیا کرنے والے ادارے کا اختیار ہوگا کہ وہ واپسی کی رقم سے اپنی مقرر کردہ فیس وصول کرے۔

    اتھارٹی کو یہ حق ہوگا کہ وہ موصول ہونے والے کیس کو مکمل یا جزوی طور پر رد کر دے، کیس کی واپسی کی صورت میں متعلقہ ایجنٹ کو کیس بھیج دیا جائے گا جس کے ذریعے اتھارٹی کو جمع کروایا گیا تھا۔

  • ریاض جانے والے ملزم سے جوتوں میں چھپائی گئی ہیروئن برآمد

    ریاض جانے والے ملزم سے جوتوں میں چھپائی گئی ہیروئن برآمد

    کراچی: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے این ایف اور اے ایس ایف نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ریاض جانے والے ملزم سے جوتوں میں چھپائی گئی 820 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدار میں منشیات ضبط کر لی اور متعدد افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے۔

    اے این ایف کی ایک کارروائی میں لاہور ایئر پورٹ پر بھی ٹرالی بیگ سے 489 گرام ہیروئن برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد ترنول ٹول پلازہ اور موٹر وے ٹول پلازہ پر کارروائیوں میں 83 کلو کے قریب منشیات برآمد کی گئی، اور خاتون سمیت 5 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

    اےاین ایف اور ایف سی نے خیبر پاک افغان سرحد پر کارروائی میں 29 کلو چرس برآمد کی، کراچی سپر ہائی وے پر خاتون سے ایک کلو کرسٹل ہیروئن اور 900 گرام آئس برآمد کی گئی۔

    گوادر کے قریب درختوں میں چھپائی گئی 185 کلو منشیات برآمد کی گئی، چمن میں کارروائی کرتے ہوئے 586.8 لیٹر ممنوعہ کیمیکل برآمد کی گئی، کوئٹہ شہر ہزار گنجی میں ایک کار سے 105 کلو چرس برآمد ہوئی، جب کہ تربت میں کارروائی کے دوران خالی مکان سے 490 کلو چرس برآمد ہوئی۔

    ادھر جامشورو میں لونی کوٹ پولیس کی ایم نائن موٹر وے پر کارروائی کے دوران وین سے 50 کلو چرس برآمد ہوئی، پولیس نے رتوڈیرو کے رہائشی وین ڈرائیور محمد ابراہیم بروہی کو گرفتار کر لیا، ملزم کے دیگر ساتھوں کی تلاش کے لیے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • دوران حج کرین حادثہ، بن لادن کمپنی پر 20 ملین ریال جرمانہ عائد

    دوران حج کرین حادثہ، بن لادن کمپنی پر 20 ملین ریال جرمانہ عائد

    ریاض: سنہ 2015 میں حج کے دوران کرین گرنے کے واقعے پر فوجداری اپیل کورٹ نے نیا فیصلہ جاری کرتے ہوئے بن لادن کمپنی پر 20 ملین ریال کا جرمانہ کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مکہ مکرمہ فوجداری اپیل کورٹ نے حرم کرین کیس کا نیا فیصلہ جاری کیا ہے۔

    عدالت نے بن لادن کمپنی کو لاپروائی اور سلامتی ضوابط کی خلاف ورزی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے 20 ملین ریال کا جرمانہ کیا ہے۔

    فوجداری اپیل کورٹ نے 3 ملزمان کو 6 ماہ قید اور 30 ہزار ریال جرمانے، جبکہ 4 ملزمان کو 4 ماہ قید اور 15 ہزار ریال جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    فوجداری اپیل کورٹ نے فیصلے میں حرم کرین کیس میں ہلاک ہونے والوں کی دیت کی ذمہ داری کمپنی پر نہیں ڈالی۔

    باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجداری اپیل کورٹ کا فیصلہ اگر سپریم کورٹ میں چیلنج نہ کیا گیا تو مقررہ قانون کے مطابق یہ فیصلہ حتمی شکل اختیار کرلے گا۔

  • سعودی معیشت ترقی کی دوڑ میں سب کو پیچھے چھوڑ گئی

    سعودی معیشت ترقی کی دوڑ میں سب کو پیچھے چھوڑ گئی

    ریاض: گزشتہ برس سعودی عرب کی معیشت جی 20 ممالک میں سرفہرست رہی اور اس کی شرح نمو سب سے زیادہ رہی، حکام کا کہنا ہے کہ مملکت نے ہر سطح پر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے مملکت میں نئی تبدیلیوں اور قومی کارکردگی کے حوالے سے وزیر بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کے ساتھ مشترکہ کانفرنس کی ہے۔

    ماجد القصبی نے کہا کہ 2022 کرونا وبا کے مسائل اور یوکرینی بحران کے باعث دنیا کے کئی ممالک کے لیے مشکل ثابت ہوا، تاہم مملکت نے ہر سطح پر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم تجارت کے شعبے اور انسانیت نواز امداد کی فراہمی میں سرفہرست رہے، علاوہ ازیں سیاسی، اقتصادی، ٹیکنالوجی، ثقافتی اور کھیلوں کے شعبوں میں عالمی مرکز کی حیثیت بنائی۔

    قائم مقام وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد نے 2022 کے دوران 21 منصوبے اور اسٹریٹیجک پالیسیاں شروع کیں، ان کا فائدہ مستقبل قریب میں ملے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ وبا کے مسائل اور روس یوکرین بحران کے باعث کاروں کی برآمد میں کمی ریکارڈ کی گئی، انٹرنیشنل سپلائی لائن کو مشکلات پیش آئیں تاہم یہ بات درست نہیں کہ گاڑیوں کی درآمد رجسٹرڈ ڈیلرز تک محدود کردی گئی ہے۔

    حقیقت یہ ہے کہ عام لوگ بھی گاڑیاں درآمد کر سکتے ہیں، شورومز بھی گاڑیاں درآمد کرنے کے مجاز ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مملکت کےاندر اور باہر سے عمرہ زائرین اور نمازی معمول کے مطابق حرمین شریفین کا رخ کرنے لگے ہیں، عمرہ زائرین کی تعداد 10 ملین تک پہنچ چکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دانشمند قیادت کے وژن کی بدولت مملکت کی معیشت جی 20 میں شامل ممالک میں سرفہرست رہی، 2022 میں سعودی عرب کی شرح نمو سب سے زیادہ رہی ہے۔

    اس موقع پر وزیر بلدیات و دیہی آباد کاری امور ماجد الحقیل نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے ریاض اور گنجان آباد شہروں کے لیے 100 ملین مربع میٹر کی زمین رہائشی پروگرام کے لیے مختص کی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ وزارت گزشتہ 4 برسوں کے دوران 14 لاکھ سے زیادہ خاندانوں کو رہائش کی سہولت فراہم کر چکی ہے، یہ اعداد و شمار گزشتہ 40 برس کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔

    وزیر بلدیات و دیہی آباد کاری امور کا کہنا ہے کہ ایک ماہ سے بھی کم مدت میں ریاض میں بس سروس شروع کی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں جدہ شہر کے باشندوں کو سیلاب کے مسائل سے نجات دلانے کے لیے ڈیڑھ ارب ریال کا بجٹ مختص ہے۔

  • سعودی عرب: ملازمین کے 80 لاکھ ریال کے تنازعات

    سعودی عرب: ملازمین کے 80 لاکھ ریال کے تنازعات

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے 80 لاکھ ریال مالیت کے تنازعات نمٹا دیے، یہ تنازعات آجروں اور اجیروں کے درمیان تھے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے 2022 کے دوران 80 لاکھ ریال مالیت کے تنازعات نمٹا دیے۔

    وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آجروں اور اجیروں کے درمیان مالی تنازعات تیزی سے نمٹانے کے لیے ایک طریقہ کار کے تحت کام کر رہی ہے۔

    پہلے مرحلے میں کوشش کی جاتی ہے کہ فریقین کے دعوے سن کر تنازعات برادرانہ ماحول میں طے کروائے جائیں۔

    اگر فریقین اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہیں اور وہ کیس آگے بڑھانا چاہتے ہیں تو ایسی صورت میں وزارت کی مصالحتی کمیٹی، کیس کورٹ کے حوالے کردیتی ہے، باقاعدہ سماعت کے بعد دلائل و شواہد کی بنیاد پر فیصلہ دیا جاتا ہے۔

    عسیر ریجن میں وزارت کے ڈائریکٹر جنرل ہادی الشہرانی نے بتایا کہ 80 لاکھ ریال سے زیادہ کے 4500 سے زیادہ کیسز میں اجیروں کے حقوق ادا کروائے گئے۔

  • سعودی عرب: گھریلو عملے کی انشورنس کے حوالے سے وضاحت

    سعودی عرب: گھریلو عملے کی انشورنس کے حوالے سے وضاحت

    ریاض: سعودی حکام نے گھریلو عملے کی انشورنس کے حوالے سے کہا ہے کہ انشورنس کا پروگرام تجرباتی ہے اور اسے کروانا لازمی نہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں گھریلو عملے کی سہولتوں کے لیے قائم سرکاری پورٹل مساند کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ گھریلو عملے کے ملازمت کے معاہدوں کا انشورنس پروگرام فی الحال تجرباتی ہے، لازمی نہیں۔

    مساند کا کہنا ہے کہ تجرباتی انشورنس پروگرام 22 جنوری 2023 کے بعد ہونے والے ملازمت کے نئے معاہدوں کی انشورنس تک محدود ہے۔

    مساند کے مطابق متعلقہ فریق کو اس سے استفادے کا حق ہے تاہم انشورنس پروگرام کا حصہ بننا لازمی نہیں ہے۔

    مساند کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر امیدوارریکروٹنگ کے معاہدے کی انشورنس کروانا نہ چاہتا ہو تو وہ معاہدہ انشورنس پروگرام کو نظر انداز کرسکتا ہے۔

  • سعودی عرب: گھروں میں بندر پالنے والے افراد ہوشیار

    سعودی عرب: گھروں میں بندر پالنے والے افراد ہوشیار

    ریاض: سعودی عرب کے قومی مرکز برائے افزائش جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ گھروں میں پالے جانے والے بندر مرکز کے حوالے کردیے جائیں، بندر پالنا خطرات کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں جنگلی حیاتیات کی افزائش کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے کسی بھی علاقے میں اگر کسی کے پاس بندر (بابون) ہوں تو وہ انہیں سینٹر کے حوالے کردیں۔

    قومی مرکز نے ٹویٹر پر بیان میں کہا کہ بندر کسی ذمہ داری کے بغیر وصول کیے جائیں گے، کسی قسم کا کوئی معاوضہ نہیں دیا جائے گا۔

    مرکز نے کہا کہ بندر پالنا خطرات کو دعوت دینا ہے، ان سے امراض اور وائرس انسانوں میں منتقل ہو جاتے ہیں، علاوہ ازیں گھروں یا زرعی فارموں میں بندر رکھنا ماحولیاتی قانون کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔

    جنگلی حیاتیات کی افزائش کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ بندروں کی تعداد بڑھنے سے نقصانات ہوتے ہیں، یہ عام افراد کی نسبت بچوں پر حملہ کرتے ہیں جبکہ ان کی بیماری اور وائرس انسانوں میں فوراً منتقل ہوتے ہیں۔

    گھروں میں ان کی موجودگی سے ماحولیاتی توازن بگڑتا ہے، یہ زراعت کو تباہ و برباد کردیتے ہیں، گھروں اور تنصیبات میں گھس کر عوامی املاک کو نقصان پہنچاتے ہیں اور سیاحتی مقامات کو بھی مخدوش کر دیتے ہیں۔

  • سعودی عرب میں 5 کھرب ریال کے معدنی ذخائر

    سعودی عرب میں 5 کھرب ریال کے معدنی ذخائر

    ریاض: سعودی عرب میں پائے جانے والی مختلف معدنیات کے ذخائر کا تخمینہ 5 ٹریلین ریال لگایا گیا ہے، گزشتہ سال کے آخر تک 44 ہزار مربع کلو میٹر سے زیادہ کے رقبے پر 377 معدنیاتی کانیں ریکارڈ پر آئی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت صنعت و معدنیات نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں معدنیات کے ذخائر کا تخمینہ 5 ٹریلین ریال تک لگایا گیا ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ سال کے آخر تک 44 ہزار مربع کلو میٹر سے زیادہ کے رقبے پر 377 معدنیاتی کانیں ریکارڈ پر آئی ہیں۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ کانیں 76 مکہ مکرمہ میں ہیں، ریاض 60 کانوں کے حوالے سے دوسرے پر ہے۔

    مدینہ منورہ میں 53 جبکہ سب سے کم کانیں جن کی تعداد 4 ہے حدود شمالیہ ریجن میں ہیں۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ 20 سے زیادہ مختلف قسم کی معدنیات مملکت میں ریکارڈ کی گئی ہیں، ان میں آئرن، سونا، تانبہ، گرینائٹ اور سنگ مرمر وغیرہ قابل ذکر ہیں۔

  • ریاض میں دنیا کا سب سے بڑا ای سپورٹس اور گیمنگ فیسٹیول

    ریاض میں دنیا کا سب سے بڑا ای سپورٹس اور گیمنگ فیسٹیول

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں دنیا کا سب سے بڑا ای سپورٹس اور گیمنگ فیسٹیول منعقد ہونے جارہا ہے جس میں دنیا بھر سے شائقین شرکت کریں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا ای سپورٹس اور گیمنگ فیسٹیول رواں برس جولائی میں ریاض میں 30 ملین ڈالر کے عالمی ریکارڈ پرائز پول کے ساتھ منعقد ہوگا۔

    6 جولائی کو شروع ہونے والے گیمرز 8: دی لینڈ آف ہیروز کے عنوان سے شروع ہونے والے 8 ہفتوں کے ایونٹ میں سپورٹس مقابلے، معروف فنکاروں کی لائیو موسیقی، شوز، کمیونٹی گیمنگ، تعلیمی پلیٹ فارمز اور ثانوی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔

    سعودی ای سپورٹس فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ فیصل بن بندر کے مطابق ریاض بلیوارڈ سٹی میں منعقد ہونے والا ایونٹ اس موسم گرما میں گیمرز اور تفریح کے متلاشیوں کے لیے یکساں ہدف بننے کی کوشش کر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہیروز کی سرزمین عالمی سطح کے ای سپورٹس چیمپئنز اور گیمنگ یونیورس سے محبت کرنے والوں کے لیے جگہ ہے، یہ وہ موقع ہے جہاں آپ شان کے لیے مقابلہ کر سکتے ہیں اور اپنی منتخب کردہ کہانی کی دنیا کے درمیان چلنے والے ہیرو بن سکتے ہیں۔

    پچھلے سال کے فیسٹیول کی کامیابی کے بعد جسے 14 لاکھ سیاح دیکھنے آئے دوسرے ایڈیشن میں 15 ملین کے انعامی پول کو دگنا کر دیا گیا۔

    سنہ 2022 میں دنیا بھر کی گیمنگ لیگز نے ٹاپ فائیو ٹائٹلز میں مقابلہ کیا جن میں راکٹ لیگ، فورٹ نائٹ، ڈوٹا 2 ریاض ماسٹرز، ٹام کلینسیز رینبو سکس سیج اور پی یو بی جی موبائل شامل ہیں۔

    اس میں 61 ممالک کی 113 بین الاقوامی ٹیموں کے 391 ٹاپ کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

    پچھلے سال کے ایجنڈے کے متوازی گیمرز 8 کا اختتام نیکسٹ ورلڈ فورم کے ساتھ ہوگا جو اپنی نوعیت کا پہلا سپورٹس اور گیمنگ پلیٹ فارم ہے۔

    یہ صنعت کے رہنماؤں، عالمی کھلاڑیوں اور پوری دنیا کے سرمایہ کاروں کو پینل مباحثوں، ورکشاپس اور ایکٹیویشن کے سلسلے میں شامل کرنے کے لیے اکٹھا کرے گا۔

    گیمرز 8 سعودی ای سپورٹس فیڈریشن کے تحت قائم ایک انیشی ایٹو ہے جو گیمنگ انڈسٹری کے اردگرد ایک انفراسٹرکچر کی تعمیر، ای سپورٹس کے ارد گرد کمیونٹیز اور ایکو سسٹم بنانے، مقامی تخلیق کاروں کے لیے قابل عمل ملازمتیں فراہم کرنے اور مملکت کو عالمی ای سپورٹس ہب کے طور پر پوزیشن دینے کی کوشش کرتی ہے۔

    سعودی ای سپورٹس فیڈریشن کے چیئرمین نے گزشتہ برس بتایا تھا کہ 23.5 ملین سے زیادہ سعودی شہری جو خود کو گیمر سمجھتے ہیں، ای سپورٹس فیسٹیول سے امید ہے کہ وہ ایک ایسا موقع پیدا کرے گا جہاں لوگ نہ صرف گیمز سے لطف اندوز ہوں گے بلکہ اپنے شوق کے ذریعے کیریئر کا راستہ بھی بنائیں گے۔