Tag: ریاض

  • جبل نور پر قائم عارضی دکانیں ہٹا دی گئیں

    جبل نور پر قائم عارضی دکانیں ہٹا دی گئیں

    ریاض: مکہ مکرمہ میں جبل نور پر قائم کچی اور عارضی دکانیں اور گیسٹ ہاؤسز ہٹا دیے گئے، مذکورہ مقام پر صفائی اور جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ بھی کروایا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ماتحت ممنوعہ سرگرمیوں کے انسداد پر مامور کمیٹی کے ارکان نے جبل نور کے علاقے میں قائم عارضی دکانیں اور دیسی طرز کے گیسٹ ہاﺅسز ہٹا دیے ہیں۔

    یہاں پر مقیم غیر ملکی یہاں زائرین کو کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے کے لیے فرشی دکانیں قائم کیے ہوئے تھے۔

    مکہ میونسپلٹی کے اہلکاروں نے میدان عرفات میں جبل رحمت اور مکہ مکرمہ میں جبل ثور اور غار ثور کے راستوں پر واقع کچی دکانیں بھی ہٹا دی ہیں۔

    ان تمام مقامات پر صفائی اور جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ بھی کروایا گیا۔

    حکام نے ان تمام مقامات پر زائد المیعاد غذائی اشیا ضبط کر کے تلف کروائیں جبکہ کھانے پینے کی اشیا کی تیاری میں استعمال ہونے والے گیس سلنڈر بھی ضبط کرلیے گئے۔ غیر قانونی طریقے سے یہاں قائم جھونپڑے بھی ہٹا دیے گئے۔

    خیال رہے کہ جبل نور مکہ مکرمہ میں واقع ہے، دنیا بھر سے حج، عمرے اور زیارت پر سعودی عرب آنے والے لاکھوں افراد جبل نور اور غار حرا کی زیارت کو بھی اپنے پروگرام میں شامل رکھتے ہیں۔

  • سعودی عرب: 10 لاکھ نقلی چارجر ضبط کرلیے گئے

    سعودی عرب: 10 لاکھ نقلی چارجر ضبط کرلیے گئے

    ریاض: سعودی اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن نے گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف مارکیٹس سے 10 لاکھ نقلی چارجر اور دیگر الیکٹرانک اشیا ضبط کرلیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ سال 2019 کے دوران یومیہ 2 ہزار 739 نقلی چارجر اور الیکٹرانک اشیا ضبط کی گئیں، سال کے اختتام تک یہ تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

    سعودی اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ آرگنائزیشن چارجرز کے حوالے سے اپنے اسٹینڈرڈ مقرر کیے ہوئے ہے۔

    ان کے مطابق چارجر درآمد کرنے والے تاجروں کو اس کا پابند بنایا جا رہا ہے، تاجروں پر ایک پابندی یہ لگائی گئی ہے کہ وہ کوئی بھی چارجر سعودی مارکیٹ میں لانے سے قبل آئی ای سی ای ای کا سرٹیفکیٹ ضرور حاصل کریں۔

    اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن نے ایک اور پابندی یہ لگائی ہے کہ درآمد کرنے والا تاجر فیکٹری سے براہ راست رابطہ کرے، یہ پابندی اس لیے لگائی گئی ہے تاکہ سعودی بازاروں کو نقلی چارجر سے بچایا جاسکے۔

    انہوں نے بتایا کہ سال 2019 کے دوران 7 ہزار 560 لائسنس جاری کیے گئے، یہ لائسنس لینے والے وہ تاجر تھے جو آئی ای سی ای ای کی شرط پوری کر رہے تھے۔

    اس حوالے سے سنہ 2018 کے مقابلے میں 82 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    سعودی اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن کا مزید کہنا ہے کہ سعودی محکمہ کسٹم پر یہ پابندی لگائی گئی ہے کہ وہ ایسا کوئی چارجر یا الیکٹرانک سامان ملک میں داخل نہ ہونے دیں جو سعودی اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن کے معیار پر پورے نہ اترتے ہوں۔

    یاد رہے کہ آرگنائزیشن کے افسران صارفین کو نقلی اشیا سے بچانے کے لیے اچانک چھاپے مارتے ہیں، سنہ 2019 کے دوران 6 لاکھ 12 ہزار چھاپے مارے گئے۔ یہ سنہ 2018 کے مقابلے میں 52 فیصد زیادہ تھے۔

  • سعودی عرب: مارچ کے لیے پیٹرول کی قیمت کا اعلان

    سعودی عرب: مارچ کے لیے پیٹرول کی قیمت کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں مارچ کے لیے پیٹرول کے نرخوں کا اعلان کردیا گیا، نئے نرخ بدھ 11 مارچ سے نافذ ہوں گے اور 10 اپریل تک مؤثر رہیں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی آئل کمپنی آرامکو نے مارچ کے لیے پیٹرول کے نرخوں کا اعلان کیا ہے، پیٹرول کی گزشتہ ماہ کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔

    آرامکو کا کہنا ہے کہ نئے نرخ بدھ 11 مارچ سے نافذ ہوں گے اور 10 اپریل تک مؤثر رہیں گے۔

    اعلامیے کے مطابق پیٹرول 91 بدھ سے 1 ریال 55 ہللہ فی لیٹر، جبکہ پیٹرول 95، 2 ریال 11 ہللہ فی لیٹر فروخت کیا جائے گا۔

    آرامکو نے اعلان کیا تھا اب ہر ماہ کی 10 تاریخ کو پیٹرول کے نرخوں پر نظر ثانی کی جائے گی، اس کا اطلاق ہر ماہ کی گیارہ تاریخ سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 29 سال کی ریکارڈ کمی واضح ہوئی ہے، امریکی خام تیل کی قیمت 30 فیصد کمی کے بعد 29 ڈالر 88 سینٹ فی بیرل پر آگئی۔

    عالمی منڈی میں خام تیل کی یہ قیمتیں 1991 کی خلیجی جنگ کے بعد 29 سال کی کم ترین سطح پر آئی ہیں، امریکی خام تیل کی قیمت میں 11 ڈالر 374 سینٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 29 ڈالر 88 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔

     

  • سعودی عرب: گھر میں پانی کی ٹنکی سے لاش برآمد

    سعودی عرب: گھر میں پانی کی ٹنکی سے لاش برآمد

    ریاض: مکہ مکرمہ میں ایک گھر میں پانی کی ٹنکی سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی، پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں ایک مکان کی ٹنکی میں نامعلوم شخص کی لاش پائی گئی، واقعہ مسفلہ محلے کے ایک مکان میں ہوا۔

    ابتدائی جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ لاش کسی افریقی تارک وطن کی ہے،  مقامی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اطلاع مکان کے رہائشیوں نے دی ہے کہ انہیں گھر کی زیر زمین ٹنکی میں کسی نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور شہری دفاع کی مدد سے لاش کو نکال لیا گیا۔

    پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا کہ تفتیشی کارروائی ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ واقعہ میں کون ملوث ہے جبکہ لاش کی شناخت کرنا بھی باقی ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی مکہ مکرمہ میں ہی ایک کمپنی کی مسجد میں پاکستانی تارک وطن کی لاش پائی گئی تھی۔

    پولیس کے مطابق واقعہ الشرائع محلے کے مخطط 5 میں پیش آیا تھا جہاں ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کے لیے مسجد بنا رکھی تھی۔

  • سعودی شیئرز مارکیٹ میں ریکارڈ کمی، سرمایہ کار پریشان

    سعودی شیئرز مارکیٹ میں ریکارڈ کمی، سرمایہ کار پریشان

    ریاض: کرونا وائرس اور تیل کے نرخوں میں زبردست کمی کے بعد سعودی شیئرز مارکیٹ میں ریکارڈ کمی دیکھی جارہی ہے، خلیجی شیئرز مارکیٹ میں بھی مندی کا سلسلہ جاری ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی شیئرز مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آغاز پر نومبر 2008 کے بعد ریکارڈ کمی دیکھی گئی ہے، سعودی شیئرز کی قدر میں 8.3 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 100 کمپنیوں کے شیئرز کی قدر 10 فیصد تک کم ہوگئی ہے جبکہ دیگر شیئرز میں کمی کا تناسب 7 اور 5 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    شیئرز کا لین دین 7.15 ارب ریال کا رہا، یہ ستمبر 2019 کے بعد سے کیش میں شیئرز کے لین دین کی سب سے بڑی شرح ہے۔

    خلیجی شیئرز مارکیٹ میں بھی گراوٹ دیکھی گئی، کویت اسٹاک ایکسچینج میں 10 فیصد، دبئی میں 7.9 فیصد اور ابو ظہبی مارکیٹ میں 5.4 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔

    خلیجی شیئرز مارکیٹ میں یہ کمی گذشتہ ہفتے کے آخر میں تیل کے نرخوں میں رونما ہونے والی زبردست کمی کے بعد ہوئی ہے۔ تیل کے نرخ گزشتہ ہفتے 10 فیصد کم ہوئے تھے، جولائی 2017 کے بعد سے یہ تیل کے نرخوں میں ریکارڈ کمی تھی۔

    تیل کے نرخوں میں یہ کمی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ہوئی ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر کی معیشتوں کو نقصان پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ ماہ سے یورپی و ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی دیکھی جارہی ہے۔

  • سعودی عرب: مخصوص خواتین کو 5 سال کے لیے مفت اقامہ دینے کا فیصلہ

    سعودی عرب: مخصوص خواتین کو 5 سال کے لیے مفت اقامہ دینے کا فیصلہ

    ریاض: سعودی عرب نے مملکت میں مقیم غیر ملکی مطلقہ اور بیوہ خواتین کے لیے 5 سالہ مفت اقامہ حاصل کرنے کا طریقہ کار متعارف کروا دیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے طلاق یافتہ یا بیوہ خواتین کے لیے 5 سالہ مفت اقامہ حاصل کرنے کا طریقہ کار متعارف کروا دیا ہے۔

    بیوہ یا مطلقہ کو 5 سالہ اقامے کے حصول کے لیے مخصوص دستاویزات اور کاغذات پیش کرنا ہوں گے، محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ 5 سالہ مفت اقامہ صرف ان مطلقہ یا بیوہ خواتین کو دیا جائے گا جو سعودی اولاد کی مائیں ہوں۔

    محکمہ پاسپورٹ نے سعودی اولاد کی غیر ملکی ماں کو مفت اقامہ دینے کے لیے لائحہ عمل بھی جاری کیا ہے، جس کے مطابق بیوہ یا مطلقہ کو مندرجہ ذیل دستاویزات پیش کرنا ہوں گی۔

    درخواست گزار کو پہلے مستقل اقامے والا فارم بھرنا ہوگا، پاسپورٹ کی فوٹو کاپی اور اقامہ کارڈ کی فوٹو کاپی پیش کرنا ہوگی اس کے علاوہ طلاق نامے کی فوٹو کاپی کے ساتھ نکاح نامے کی فوٹو کاپی بھی دینا ہوگی۔

    اس کی شرط یہ ہے کہ نکاح نامے پر وزارت داخلہ کی جانب سے شادی کی منظوری بھی تحریر ہو۔ سعودی محکمہ پاسپورٹ کے مطابق  سعودی اولاد کے برتھ سرٹیفکیٹ کی کاپی  اور فیملی کارڈ کی فوٹو کاپی پیش کرنا ہوگی۔

    ایک حلفیہ دستاویز  یہ بھی پیش کرنا ہوگی کہ وہ مطلقہ یا بیوہ اپنے شوہر کی وفات یا طلاق ملنے کے بعد اب تک کسی اور کے نکاح میں نہیں ہے، شوہر کے انتقال کی صورت میں ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا۔

  • ریاض: 3 لاکھ 36 ہزار سعودی خواتین کو تجارتی لائسنس جاری

    ریاض: 3 لاکھ 36 ہزار سعودی خواتین کو تجارتی لائسنس جاری

    ریاض: سعودی عرب میں خواتین تجارت سمیت ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں، گزشتہ 2 برسوں میں 3 لاکھ 36 ہزار سعودی خواتین کو تجارتی لائسنس جاری کیے گئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت نے اعلان کیا ہے کہ سنہ 2019 کے دوران خواتین کو 1 لاکھ 11 ہزار تجارتی لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔ یہ شرح سنہ 2018 کے مقابلے میں 49 فیصد زیادہ ہیں۔

    حالیہ لائسنس جاری کیے جانے کے بعد سعودی عرب میں تاجر خواتین کے تجارتی لائسنسوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 36 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

    وزارت تجارت کے مطابق خواتین نے سب سے زیادہ تھوک، ریٹیل اور تعمیرات کے شعبوں کے لائسنس حاصل کیے، علاوہ ازیں قیام و طعام کی تجارتی سرگرمیوں کے لیے بھی لائسنس جاری کروائے گئے۔

    خواتین نے امدادی صنعتوں، انتظامی خدمات، سبسڈی خدمات اور سائنسی، تکنیکی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے لیے بھی لائسنس حاصل کیے۔

    وزارت تجارت کے مطابق تمام سعودی خواتین کو تجارتی لائسنس آن لائن جاری کیے گئے اور خواتین کو وزارت کے دفتر آنے کی زحمت نہیں دی گئی۔

    وزارت کا مزید کہنا ہے کہ جب بھی کسی خاتون نے تجارتی لائسنس کے لیے درخواست دی، تو فوری طور پر آن لائن درخواست منظور کرلی گئی۔ کسی خاتون کو کسی طرح کی کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔

  • سعودی عرب: نماز جمعہ کے دوران امام مسجد پر چاقو سے حملہ، ملزم گرفتار

    سعودی عرب: نماز جمعہ کے دوران امام مسجد پر چاقو سے حملہ، ملزم گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں ایک شخص نے نماز جمعہ کے دوران جامع مسجد کے امام پر چاقو سے حملہ کردیا، حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جازان ریجن کی بیش کمشنری کی جامع مسجد کے امام کو نماز کے دوران چاقو سے زخمی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

    امام کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی حالت قدرے بہتر بتائی جارہی ہے۔

    واقعہ اس وقت پیش آیا جب جامع مسجد کے امام نماز جمعے کی دوسری رکعت میں تھے کہ اچانک ایک شخص نے ان پر چاقو سے حملہ کر دیا۔

    حملہ آور کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ذہنی مریض ہے، ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جس سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور اسی قصبے کا رہائشی ہے اور کافی عرصے سے نفسیاتی اسپتال میں زیر علاج تھا۔

  • سعودی عرب میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول

    سعودی عرب میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول

    ریاض: سعودی عرب میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کھول دیا گیا۔ اکیڈمی میں 100 فیصد عملہ سعودی شہریوں پر مشتمل ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی ریجن کے شہر الاحسا میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کھولا گیا ہے۔

    اسکول کو ’ایسٹرن پراونس ڈرائیونگ اکیڈمی‘ کا نام دیا گیا ہے، اسکول کی افتتاحی تقریب میں گورنر شہزادہ سعود بن نائف اور الاحسا کے کمشنر شہزادہ بن جلوی موجود تھے۔

    ڈرائیونگ اکیڈمی کی عمارت 3 ہزار 500 مربع میٹر کے رقبے میں تعمیر کی گئی ہے جبکہ ٹریننگ کا میدان 50 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اکیڈمی کو 115 گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جبکہ 11 انٹرا ایکٹو سمیلیٹر مہیا کیے گئے ہیں۔ ان کی مدد سے مشرقی ریجن کی خواتین حقیقی ڈرائیونگ کا تجربہ کریں گی۔

    اکیڈمی میں پانچ اسمارٹ کلاسیں کھولی گئی ہیں۔ ایک کلینک، انٹرنیٹ کے ذریعے امتحان کا کمرہ، کانفرنس ہال اور رابطہ مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔

    الاحسا میں قائم کی جانے والی اس لیڈیز ڈرائیونگ اکیڈمی کو ایک اعزاز یہ بھی حاصل ہے کہ یہاں 100 فیصد عملہ سعودی شہریوں پر مشتمل ہے۔ اس کی سرپرستی آرامکو کمپنی کر رہی ہے۔

    آرامکو کے چیئرمین انجینیئر امین الناصر کا کہنا ہے کہ خادم حرمین شریفین نے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت کا تاریخی فرمان جاری کر کے لاکھوں سعودی خواتین اور لڑکیوں کے لیے ترقی کے امکانات روشن کردیے۔

    ان کے مطابق اس کی بدولت یہ خواتین اپنے قدموں پر کھڑی ہو رہی ہیں۔ اس فیصلے کا سعودی معیشت، ترقی اور کاروبار کے ماحول پر بڑا خوشگوار اثر مرتب ہو رہا ہے۔

  • کرونا وائرس: سعودی ایئرپورٹس اور جہازوں پر جراثیم کش اسپرے

    کرونا وائرس: سعودی ایئرپورٹس اور جہازوں پر جراثیم کش اسپرے

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر فضائی سفر میں سخت احتیاط کی جانے لگی، ایئرپورٹس کے تمام حصوں اور جہازوں پر جراثیم کش اسپرے کیے جا رہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ شہری ہوا بازی نے مسافروں کی سلامتی اور فضائی سفر کو وبائی بیماریوں سے پاک رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر مزید سخت کردی ہیں۔

    محکمہ شہری ہوا بازی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے انسداد کے لیے سفر سے پہلے، سفر کے دوران اور سفر کے بعد احتیاطی تدابیر پر عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

    محکمے کے مطابق سفر سے پہلے تمام مسافروں کا طبی معائنہ ہوتا ہے، پرواز کے دوران کام کرنے والے عملے کو دستانے اور ماسک پہنے رکھنے کی سختی سے تاکید کر دی گئی ہے۔

    محکمے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سفر کے دوران کسی مریض پر شبہ ہوجائے تو اسے کس طرح باقی مسافروں سے دور رکھا جائے اور اس کی استعمال کی جانے والی جگہ کو کس طرح وائرس سے پاک کیا جائے اس کی مکمل تربیت عملے کو دی گئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق جہاز میں سوار ہونے سے پہلے تمام مسافروں کا اسکین کیا جاتا ہے تاکہ یقین ہوجائے کہ کسی میں کرونا کا شبہ نہیں ہے، جہازوں کے علاوہ ایئرپورٹ کے تمام حصوں کو بھی جراثیم کش مواد سے صاف کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سفر کے بعد منزل مقصود تک پہنچنے پر جب تمام مسافر جہاز سے اتر جاتے ہیں تو جہاز کے اندرونی حصے کو بھی اچھی طرح سے صاف کیا جاتا ہے اور اس میں جراثیم کش مواد کا سپرے کیا جاتا ہے۔