Tag: ریاض

  • کرونا وائرس: جدہ میں ہونے والا بین الاقوامی فلم فیسٹول ملتوی

    کرونا وائرس: جدہ میں ہونے والا بین الاقوامی فلم فیسٹول ملتوی

    ریاض: سعودی عرب میں ہونے والا ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کرونا وائرس کے پیش نظر ملتوی کردیا گیا، نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے مدنظر فیسٹول ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیسٹول 12 سے 21 مارچ تک جدہ شہر میں ہونے والا تھا۔

    ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیسٹیول رواں سال ہی کسی تاریخ میں منعقد کیا جائے گا، جب بھی حالات بہتر ہوں گے فیسٹول کے انعقاد کا اعلان کردیا جائے گا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ التوا کا فیصلہ مشکل تھا، ہمیں اس کا دکھ ہے تاہم کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔ اگر یہ رکاوٹ حائل نہ ہوتی تو فیسٹول ضرور ہوتا۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل سعودی عرب کی 6 مختصر فلمیں نیٹ فلکس پر پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، مذکورہ فلمیں بین الاقوامی ایوارڈز بھی حاصل کر چکی ہیں۔

    مذکورہ فلمیں رواں ماہ کے آخر تک نیٹ فلکس پر 190 ممالک میں دیکھی جاسکیں گی۔

  • سعودی عرب میں صحت انشورنس رکھنے والوں کے لیے خوشخبری

    سعودی عرب میں صحت انشورنس رکھنے والوں کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی عرب میں صحت انشورنس رکھنے والوں کے لیے خوشخبری، کرونا وائرس کا علاج بھی انشورنس میں شامل کر دیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کونسل کا کہنا ہے کہ نئے کرونا وائرس اور اس جیسے دیگر تمام امراض کا علاج میڈیکل انشورنس اسکیم میں شامل ہے۔

    کونسل کے مطابق اس کے تحت طبی معائنہ، علاج کی تجویز، ادویات اور ایسی تمام مشینی خدمات فراہم کی جائیں گی جن سے انشورنس اسکیم کو خارج نہ کیا گیا ہو۔

    کو آپریٹو ہیلتھ انشورنس کے ترجمان یاسر المعارک نے بتایا کہ کرونا وائرس میڈیکل انشورنس اسکیم میں شامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جس طرح تنفس کے نظام پر حملہ آور کسی بھی قسم کے وائرس کا علاج میڈیکل انشورنس کے تحت کیا جاتا ہے کرونا وائرس اور اس جیسے ہر وائرس سے متاثر افراد کا علاج میڈیکل انشورنس کے تحت کیا جائے گا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ انشورنس کونسل صحت خدمات فراہم کرنے والے تمام اداروں سے رابطے میں ہے، اس امر کی کوشش کی جا رہی ہے کہ میڈیکل انشورنس کروانے والوں کو مناسب ہیلتھ انشورنس سروس مہیا ہو اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی تاخیر نہ ہو۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انشورنس کروانے والوں کو صحت کی بہترین خدمات بلا تاخیر فراہم کی جائیں۔

  • کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ میں صفائی کے سخت انتظامات

    کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ میں صفائی کے سخت انتظامات

    ریاض: زائرین کی حفاظت کے پیش نظر خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں تاہم کرونا وائرس کے خدشے کے تحت ان انتظامات میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکومت نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے انتظامات کے لیے جنرل پریذیڈنسی کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا ہوا ہے جس کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن السدیس احتیاطی تدابیر کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    جنرل پریذیڈنسی کے سیکریٹری محمد بن مصلح الجابری نے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بتایا ہے کہ ایک خصوصی مشین کا انتظام کیا گیا ہے جس سے مسجد الحرام کے فرش، چھتوں اور قالینوں پر جراثیم کش اسپرے کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام کے دروازوں، نماز کی جگہوں اور تمام خالی مقامات پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے اور قالینوں پر بھی اس کا اسپرے کیا جا رہا ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام میں قالین کی تبدیلی کا دورانیہ محدود کردیا گیا ہے اور یہ جلدی جلدی تبدیل کیے جارہے ہیں۔ مسجد الحرام کے اندرونی و بیرونی صحن 24 گھنٹے میں 6 مرتبہ دھوئے جا رہے ہیں۔

    الجابری کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر صحنوں کی دھلائی الگ سے کی جاتی ہے، طہارت خانوں کی صفائی بھی 6 مرتبہ کی جارہی ہے۔ آب زمزم کی ٹونٹیوں پر جراثیم کش اسپرے بھی بار بار کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ آب زمزم کے کولر کے اسٹینڈز اور استعمال شدہ گلاس بھی فوراً تبدیل کیے جارہے ہیں، تازہ ہوا کا انتظام بھی صد فیصد کردیا گیا ہے۔

    مسجد الحرام و مسجد نبوی ﷺ کی جنرل پریذیڈنسی کی خصوصی ٹیموں نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عمرے اور زیارت کے لیے آنے والوں کو حفاظتی ماسک بھی پیش کرنا شروع کر دیے ہیں۔

  • مکہ مکرمہ میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام کا فیصلہ

    مکہ مکرمہ میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام کا فیصلہ

    ریاض: سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ میں مقیم خواتین کا مطالبہ پورا کرتے ہوئے لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے منصوبے پر غور شروع کردیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے منصوبے پر غور کیا جا رہا ہے، ابھی تک اس حوالے سے کوئی سرمایہ کار سامنے نہیں آیا۔

    ذرائع کے مطابق ریجنل ڈائریکٹر ٹریفک پولیس کرنل فواز الحازمی نے لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے حوالے سے پراپرٹی سیکٹر میں کام کرنے والی ایک نجی کمپنی کے صدر دفتر کا دورہ اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ریجنل ڈائریکٹر ٹریفک پولیس اور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے مابین خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام اور فراہم کی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے غور کیا گیا اور اس حوالے سے اہم پیشرفت بھی کی گئی۔

    متوقع ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے حوالے سے تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا، توقع ہے منصوبے پر جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد مکہ مکرمہ میں مقیم خواتین کا مطالبہ ہے کہ انہیں ڈرائیونگ سکول کی اشد ضرورت ہے۔

    فی الوقت سب سے قریبی اسکول طائف اور جدہ میں ہے جہاں داخلہ لینا مشکل ہے، اگر داخلہ مل جائے تو روزانہ کلاسوسز میں شرکت کرنا اس سے زیادہ مشکل ہے۔

  • مکہ مکرمہ کی مسجد میں پاکستانی تارک وطن کی لاش برآمد

    مکہ مکرمہ کی مسجد میں پاکستانی تارک وطن کی لاش برآمد

    ریاض: مکہ مکرمہ کی ایک مسجد میں ایک پاکستانی تارک وطن کی لاش پائی گئی، پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق الشرائع پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک کمپنی کی مسجد میں پاکستانی تارک وطن مردہ پایا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ الشرائع محلے کے مخطط 5 میں پیش آیا جہاں ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کے لیے مسجد بنا رکھی ہے۔

    پولیس کے جائے وقوع پر پہنچنے سے پہلے ہلال احمر کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، طبی ٹیم نے ابتدائی معائنے کے بعد مذکورہ شخص کی موت کی تصدیق کردی جس کے بعد لاش کو کنگ فیصل اسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کا آغاز ہو چکا ہے اور جلد اس کے نتائج سے آگاہ کر دیا جائے گا۔

    دوسری جانب جدہ میں بھی ایک اپارٹمنٹ سے ایک بھارتی تارک وطن کی لاش برآمد ہوئی۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ تارک وطن کی عمر 30 سال کے لگ بھگ ہے۔ کیس ممکنہ طور پر خودکشی کا لگتا ہے۔

  • کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی بھرپور تیاریاں

    کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی بھرپور تیاریاں

    ریاض: سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 25 اسپتال تیار کرلیے گئے ہیں جن میں کرونا کے مریضوں کو الگ تھلگ رکھنے کے لیے 22 سو سے زیادہ بستر مختص ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے ایک پریس کانفرس کے دوران کہا ہے کہ سعودی عرب اب تک کرونا وائرس سے پوری طرح سے پاک ہے اور ایک بھی مریض ریکارڈ پر نہیں آیا۔

    مذکورہ پریس کانفرنس میں صحت، حج، عمرہ اور خارجہ کی وزارتوں کے نمائندے شریک ہوئے۔ تمام نمائندوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے ہر سطح پر احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں۔ کسی ادارے کی لیب سے جاری کردہ رپورٹ میں کرونا وائرس کا کوئی مریض ریکارڈ پر نہیں آیا۔

    وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے جو بھی تبدیلی ہوگی اس کے مطابق مزید احتیاطی تدابیر کی جائیں گی، ضرورت پڑی تو اسکولوں اور کالجوں میں تدریسی عمل بھی معطل کردیا جائے گا۔

    پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 25 اسپتال بھی تیار کرلیے گئے ہیں جن میں کرونا کے مریضوں کو الگ تھلگ رکھنے کے لیے 22 سو سے زیادہ بستر مختص ہیں۔

    ترجمان وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وزارت تعلیم کے افسران نے خصوصی اسکیمیں تیار کر رکھی ہیں، ہیلتھ ایمرجنسی کے لیے اسپیشل سینٹر مخصوص کردیے گئے ہیں جبکہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اسپیشل آپریشن سینٹر قائم کیا گیا ہے جو وائرس کے حوالے سے معلومات جمع کرتا رہے گا۔

  • سعودی عرب میں کام کرنے والے غیر ملکی انجینیئرز کے لیے بری خبر

    سعودی عرب میں کام کرنے والے غیر ملکی انجینیئرز کے لیے بری خبر

    ریاض: سعودی عرب میں کام کرنے والے غیر ملکی انجینیئرز کے لیے بری خبر آگئی، انجینیئرنگ کے شعبے میں بھی سعودائزیشن کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی کا کہنا ہے کہ ایک ماہ کے اندر انجینیئرنگ کے شعبے میں بھی سعودائزیشن کے فیصلے کا اعلان کردیا جائے گا۔

    سعودی وزیر کے مطابق اس کے فوری بعد تمام انجینیئرز سعودی تعینات کروائے جائیں گے اور یہ کام پوری قوت سے انجام دیا جائے گا۔ ان دنوں تمام شعبوں کی سعودائزیشن کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ہمارا ہدف یہ ہے کہ سعودی کالجوں، یونیورسٹیوں اور انسٹی ٹیوٹس سے نئے فارغ ہونے والے سعودی نوجوانوں کو نجی اداروں اور کمپنیوں میں کھپا دیا جائے۔

    سعودی وزیر کے مطابق مختلف شعبوں کی سعودائزیشن سے متعلق وزارت کی کوشش ہے کہ ہر شعبے کے لیے سعودائزیشن کی مخصوص شرح مقرر کردی جائے۔ یہ کام فارماسسٹ اور ڈینٹل میڈیسن کی طرز پر انجام دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ زیادہ زور اس بات پر ہوگا کہ ایسے شعبے اور ایسے ادارے جن میں سعودی زیادہ رغبت رکھتے ہوں اور جو سعودیوں کے لیے زیادہ پرکشش ہوں ان میں زیادہ سے زیادہ سعودائزیشن ہو۔ ان اداروں اور شعبوں پر کام کرنے والے سعودیوں کی تنخواہیں بھی اچھی ہوں۔

    سعودی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں انجینیئرنگ اور اکاﺅنٹنٹ جیسے شعنے خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔

  • حرم شریف کا فرش روزانہ کتنی مرتبہ دھویا جاتا ہے؟

    حرم شریف کا فرش روزانہ کتنی مرتبہ دھویا جاتا ہے؟

    ریاض: حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حرم شریف میں آنے والے زائرین کی صحت و سلامتی کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے اور حرم شریف کی صفائی کے لیے سخت اصول اپنائے جاتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ حرم مکی شریف اور مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کی سلامتی کے لیے روزانہ چار مرتبہ فرش کودھویا جاتا ہے جبکہ 13 ہزار 500 قالین روزانہ تبدیل کر دیے جاتے ہیں۔

    حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن قالینوں پر نماز پڑھی جاتی ہے انہیں روزانہ کی بنیاد پر خصوصی آلات کے ذریعہ صاف کیا جاتا ہے، پھر انہیں جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔

    حرم مکی شریف میں قالینوں کے شعبے کے سربراہ جابر بن احمد ودعانی نے کہا ہے کہ حرم مکی میں بچھائے جانے والے تمام قالین صرف ایک دن استعمال کیے جاتے ہیں۔

    ان کے مطابق ان قالینوں کو روزانہ صاف کیا جاتا ہے اور انتہائی جدید آلات کی مدد سے جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے، علاوہ ازیں حرم کے جن مقامات میں قالین نہیں بچھے وہاں روزانہ چار مرتبہ جراثیم کش مواد سے صفائی کی جاتی ہے۔

    اس سے قبل حرم شریف کی صفائی کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ طواف کرنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر کس طرح منٹوں میں 5 لاکھ مربع میٹر رقبے کو دھو کر صاف کر دیا جاتا ہے۔

    ادارہ امور حرمین کے مطابق حرم کے فرش کو دھونے کے عمل کا مکمل دورانیہ 45 منٹ کا ہے، اس دوران پانچ لاکھ مربع میٹر فرش کو جراثیم کش ادویات سے دھونے کے بعد خوشبو والے محلول سے مہکایا جاتا ہے۔

    حرم کے فرش کی دھلائی میں 3 ہزار 76 کارکن حصہ لیتے ہیں جو مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔

  • سعودی عرب میں نیا ٹریفک قانون متعارف

    سعودی عرب میں نیا ٹریفک قانون متعارف

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ صرف ٹریفک سگنل پر دھیان دینے کے بجائے ٹریفک اہلکار کے اشارے پر بھی توجہ دی جائے، وگرنہ بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض اہم شاہراہوں پر متعین ٹریفک پولیس اہلکار کی ہدایات پر عمل نہ کرنا ٹریفک خلاف ورزی شمار ہوگی۔

    اس خلاف ورزی پر 500 سے 900 ریال تک چالان کیا جا سکتا ہے۔

    ٹریفک پولیس نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ میں کہا ہے کہ بعض مقامات پر ضرورت پڑنے کی صورت میں ٹریفک اہلکاروں کو متعین کیا جاتا ہے جو ٹریفک سگنل کی موجودگی میں بھی اپنے طور پر ٹریفک کو رواں رکھنے کے عمل کو جاری رکھتے ہیں۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق ڈرائیوروں کو چاہیئے کہ وہ ٹریفک سگنل کے بجائے ٹریفک اہلکار کے اشارے پر توجہ دیں جو حالات کو دیکھتے ہوئے ٹریفک کو منظم کر رہا ہوتا ہے۔

    ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قانون کی دفعہ 4 کی شق نمبر 7 کے مطابق ٹریفک اہلکار کے اشارے پر عمل نہ کرنا قانون شکنی شمار ہوگی اور ایسا نہ کرنے والے پر 900 ریال تک چالان کیا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ محکمہ ٹریفک نے جنوری 2020 کے شروع میں ٹریفک قانون کا لائحہ عمل جاری کیا تھا، محکمے نے خبردار کیا تھا کہ خطرناک ٹریفک خلاف ورزیوں پر 20 ہزار ریال تک جرمانے ہیں۔

  • سعودی عرب میں سب سے بڑا گیس کا ذخیرہ

    سعودی عرب میں سب سے بڑا گیس کا ذخیرہ

    ریاض: سعودی عرب میں سب سے بڑے گیس ذخیرے کا جلد افتتاح کردیا جائے گا جس کے بعد سعودی عرب دنیا کے گیس پیدا کرنے والے بڑے ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت سپریم ہائیڈرو کاربنز کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سعودی عرب میں قدرتی گیس کے اخراج، تیاری اور اسے توانائی کے متبادل ذریعے کے طور پر اپنانے کا اعلان کیا گیا۔

    اجلاس میں سعودی عرب کے مشرق میں الجافورہ گیس فیلڈ کو ترقی دینے کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، یہ گیس فیلڈ ملک میں گیس کا اب تک دریافت کیا گیا سب سے بڑا ذخیرہ ہے جس کی لمبائی 170 کلومیٹر ہے اور چوڑائی 100 کلو میٹر ہے۔

    ذخیرے میں قدرتی گیس کے ذخائر کے حجم کا تخمینہ 200 ٹریلین مکعب فٹ لگایا گیا ہے جس میں اعلیٰ معیار کا مائع گیس موجود ہے۔

    اجلاس کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس شعبے کی ترقی میں سعودی ارامکو کی کاوشوں کی تعریف کی، ارامکو نے گیس فیلڈ میں 1 کھرب 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔

    سنہ 2036 تک الجافورہ گیس فیلڈ سے گیس کے اخراج کا تخمینہ 2.2 ٹریلین مکعب فٹ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

    ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ منصوبے سے قومی آمدنی میں اضافہ ہوگا، اگرچہ اس کی تکمیل میں 22 سال کا عرصہ لگ سکتا ہے مگر یہ گیس فیلڈ حکومت کے لیے سالانہ 8.6 بلین ڈالر کی خالص آمدنی حاصل کرے گا۔

    اس کی تکمیل کے بعد سعودی عرب دنیا کے گیس پیدا کرنے والے بڑے ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا۔