Tag: ریاض

  • سعودی حکومت کا ریاض کے لیے بڑے منصوبے کا اعلان

    سعودی حکومت کا ریاض کے لیے بڑے منصوبے کا اعلان

    ریاض سعودی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی ساپٹکو کا کہنا ہے کہ ریاض میں بس ٹرانسپورٹ منصوبہ 2020ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران شروع کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ رواں سال ریاض میں بس ٹرانسپورٹ منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ اس منصوبے کو شاہ عبدالعزیز منصوبہ برائے پبلک ٹرانسپورٹ کا نام دیا گیا ہے۔

    ساپٹکو کمپنی اس منصوبے کی 80 فیصد مالک ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر آنے والے اخراجات سے متعلق اعلاج مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت ریاض کے تمام طبقوں کو میسر ہوگی۔

    پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کا مقصد نجی گاڑیوں کا حد سے زیادہ استعمال روکنا اور پبلک ٹرانسپورٹ کو موثر شکل میں نافذ کرنا کہ جس سے ریاض کے سماجی، اقتصادی، ماحولیاتی اور ٹریفک حالات سے ہم آہنگ ہو۔

    مکہ سے مدینہ سفر کرنے والوں کے لیے سعودی حکومت کا بڑا اعلان

    واضح رہے کہ حرمین اسپیڈ ٹرین سروس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے دوران مکہ اور مدینہ کے درمیان روازنہ 16 ٹرینیں چلیں گی۔

  • سعودی عرب کا پہلی بار ثقافتی اسکالر شپ دینے کا اعلان

    سعودی عرب کا پہلی بار ثقافتی اسکالر شپ دینے کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب نے اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے طلبہ وطالبات کے لیے ثقافتی اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کردیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق مملکت کی تاریخ میں پہلی بار طلبہ و طالبات ثقافتی اسکالرشپ کے تحت بیرون ممالک کی یونیورسٹیوں میں فن وثقافت کے شعبے میں خصوصی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔

    سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحال آل سعود نے تاریخی اقدام کرتے ہوئے طالبعلموں کے لیے فن و ثقافت کے شعبے میں مہارت حاصل کے لیے نئی راہیں کھولی ہیں۔

    ثقافتی میدان میں بیرون ملک سعودی اسکالر شپس کئی دہائیوں سے بند تھی تاہم اب طالبعلم بیرون ملک اسکالرشپ پر جا کر آثار قدیمہ، ڈیزائننگ، میوزیم ، موسیقی ، تھیٹر ، فلم پروڈکشن، لڑیچر اور بصری فنون کی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔

    واضح رہے کہ اصلاحتی عمل کے تحت سعودی عرب میں سخت گیر پالیسیوں میں نرمی کی جارہی ہے، اس ضمن میں خواتین کو ڈرائیوننگ کی اجازت اور سیاحت کے فروغ کے لیے آسانیاں فراہم کرنے کےساتھ ساتھ تھیٹر اور فن و ثقافت کے شعبوں میں خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

  • نمبر پلیٹ کے ساتھ دو نمبری آپ کو بھاری نقصان پہنچا سکتی ہے

    نمبر پلیٹ کے ساتھ دو نمبری آپ کو بھاری نقصان پہنچا سکتی ہے

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے واضح کیا ہے کہ کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے جس پر 5 سے 10 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ کسی بھی گاڑی کا مالک دوسری گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال نہیں کر سکتا۔ ایسا کرنے پر پابندی ہے اور اس کی خلاف ورزی پر جرمانہ مقرر ہے۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق خلاف ورزی پر 5 ہزار ریال سے 10 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر ہے جبکہ صحیح نمبر پلیٹ لگانے تک گاڑی کو محکمے کی تحویل میں لے لیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سعودی ٹریفک قانون میں یہ سہولت دی گئی ہے کہ ایک ہی مالک کی ایک گاڑی کی نمبر پلیٹ دوسری گاڑی میں منتقل کی جاسکتی ہے بشرطیکہ محکمہ ٹریفک میں اس کا اندراج کروایا گیا ہو اور اس کی فیس ادا کردی جائے۔

    ایک شرط یہ بھی ہے کہ گاڑی کا ملکیت نامہ جسے سعودی عرب میں ’رخصتہ السیر‘ کہا جاتا ہے ایک ہی مالک کے نام پر ہو۔ گاڑی کی ملکیت کی منتقلی اور رخصتہ السیر کی تجدید کے لیے مؤثر انشورنس دستاویز بھی ضروری ہے۔

    مذکورہ انشورنس گاڑی فروخت ہونے کے بعد بھی مؤثر رہتی ہے، بس نئے مالک کو انشورنس کمپنی میں نجی معلومات کا اندراج کروانا پڑتا ہے۔ انشورنس کمپنی انشورنس کے مکمل دورانیے کی پابند ہوتی ہے خواہ گاڑی کا ملکیت نامہ انشورنس سکیم کے مؤثر ہونے کے دوران ختم کیوں نہ ہوگیا ہو۔

  • مکہ مکرمہ میں 112 غیر قانونی تارکین وطن گرفتار

    مکہ مکرمہ میں 112 غیر قانونی تارکین وطن گرفتار

    ریاض: مکہ مکرمہ میں 112 غیر قانونی تارکین کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ کے مشرقی علاقوں میں اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران 112 غیر قانونی تارکین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    حکام کے مطابق 3 مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران گرفتار ہونے والوں کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔ چھاپے پیر اور منگل کی درمیانی شب مارے گئے تاکہ سب کی گرفتاری کو یقینی بنایا جاسکے۔

    مکہ پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کارروائی غیر قانونی تارکین سے پاک مہم کے تحت کی گئی جس میں پولیس کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار بھی شامل تھے۔

    پولیس کے مطابق اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے قانون کی نظر سے چھپنے کے لیے دور دراز علاقوں کے علاوہ دیہی آبادیوں، پہاڑوں اور وادیوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار شدگان کا الشرائع، جعرانہ اور بئر الغنم تھانوں میں اندراج اور ابتدائی کارروائی کے بعد انہیں شمیسی جیل بھیج دیا جائے گا۔

  • جعلی ڈالر فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    جعلی ڈالر فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض کی پولیس نے جعلی ڈالر تیار کر کے مارکیٹ میں پھیلانے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ویڈیو کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے 3 افراد پر مشتمل ایک گروہ کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے 5 لاکھ جعلی ڈالر برآمد ہوئے۔

    سعودی اخبار کے مطابق جعلی ڈالر تیار کرنے والے گروہ کی گرفتاری اپنی نوعیت کا اہم واقعہ ہے۔

    وزارت داخلہ کے مطابق سیکیورٹی اہلکار کئی روز سے مذکورہ گروہ پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ گروہ کے بارے میں مختلف مقامات سے شکایات و رپورٹس بھی موصول ہورہی تھیں جس کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

    گروہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ جعلی ڈالروں کا سودا کر رہے تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے ان سے ڈالروں کا سودا کیا اور سودا ہوتے ہی رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

    گروہ میں شامل ارکان کی عمریں 40 سے 50 برس کے درمیان ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 2 لاکھ جعلی ریال بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    وزارت داخلہ کے مطابق دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔

  • سعودی حکومت کا بڑا فیصلہ، مفت ویزا

    سعودی حکومت کا بڑا فیصلہ، مفت ویزا

    ریاض : سعودی حکومت نے سیاحت کے فروغ  اور تارکین وطن کی سہولت کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے مفت ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، اس سہولت سے کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں مقیم تارکین وطن مستفید ہوسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں مقیم تارکین وطن کے لیے 3 روزہ مفت ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا, تارکین وطن چھٹیوں سے فائدہ اٹھا کر سعودی عرب سیاحت کے لیے آسکتے ہیں۔

    سعودی حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ 3 روزہ مفت ویزے جاری کریں۔ اس سلسلے میں سیاحت کے لیے سعودی عرب آنے والوں کو تمام سہولیات مہیا کریں۔

    سعودی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ ریاض سیزن کے پروگراموں کے اختتامی مرحلے کو کامیاب بنانے اور مدل بیسٹ ڈیجیٹل میوزک میلے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے بھی کیا گیا۔ ان پروگرامز میں سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں سعودی عرب پہنچنے کی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں سعودی عرب نے تیل پر انحصار کم کرنے اور مزید معاشی استحکام حاصل کرنے کے لیے اپنے دروازے بین الاقوامی سیاحوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • مکہ اور مدینہ کے درمیان چلنے والی حرمین ٹرین سروس بحال

    مکہ اور مدینہ کے درمیان چلنے والی حرمین ٹرین سروس بحال

    ریاض: مکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان حرمین ایکسپریس ٹرین بحال کردی گئی، ٹرین اب معمول کے مطابق چلے گی۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق مکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان چلنے والی حرمین ایکسپریس ٹرین بحال کردی گئی۔ بدھ کی صبح مدینہ منورہ سٹیشن سے روانہ ہونے والی حرمین ٹرین مکہ مکرمہ پہنچ گئی۔

    الحرمین ایکسپریس ٹرین اسٹیشن مدینہ منورہ کے ڈائریکٹر سعد الشہری کے مطابق مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان روزانہ 12 ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ 6 ٹرینیں مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ کے لیے اور 6 ٹرینیں مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کے لیے زائرین، شہریوں اور دونوں شہروں میں مقیم غیر ملکی افراد کو سفر کی سہولت فراہم کریں گی۔

    حرمین ٹرین ہفتے میں 5 دن بدھ سے لے کر اتوار تک چلیں گی۔ بقیہ 2 دن پیر اور منگل کو سروس بند ر ہے گی۔

    ٹرین سروس سے روزانہ 5 ہزار مسافروں کو سفر کی سہولت حاصل ہوگی۔ ایک سفر میں 417 مسافر ایک اسٹیشن سے دوسرے اسٹیشن کا سفر کرسکیں گے۔

    مستقبل میں مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ اور جدہ و رابغ کے درمیان ٹرینوں کی تعداد میں اضافے کا بھی امکان ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے مدینہ منورہ اور جدہ کے لیے بھی حرمین ٹرین سروس بحال کردی گئی تھی۔

  • دوسروں کی گاڑی چلانے والے ہوجائیں ہوشیار

    دوسروں کی گاڑی چلانے والے ہوجائیں ہوشیار

    ریاض: سعودی عرب میں ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ دوسروں کی گاڑی عارضی اتھارٹی لیٹر کے بغیر نہ چلائی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں دوسروں کی گاڑی عارضی لیٹر کے بغیر چلانے اور خلاف ورزی ریکارڈ ہونے کی صورت میں چالان گاڑی کے مالک کو بھرنا پڑے گا۔

    سعودی عرب میں ڈیجیٹل چالان سسٹم نافذ ہے جس کے تحت ٹریفک کی خلاف ورزی پر کیا جانے والا چالان براہ راست گاڑی کے مالک کے نام کاٹا جاتا ہے، چالان ہونے کی صورت میں گاڑی کے مالک کو چالان کی رقم ادا کرنا ہوگی۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق گاڑی چلانے کے لیے جاری کیے جانے والے اتھارٹی لیٹر میں ڈرائیور کے کوائف درج کیے جاتے ہیں، خلاف ورزی پر چالان اسی پر ہوگا جس کے کوائف اتھارٹی لیٹر میں درج کیے گئے ہوں گے۔

    ٹریفک پولیس کی جانب سے ابشر ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے گاڑی چلانے کے لیے عارضی یا مستقل بنیادوں پر اتھارٹی لیٹر جاری کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    محکمہ ٹریفک کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی ڈیجیٹل طریقے سے عارضی اتھارٹی لیٹر جاری کرانے کے اہل ہیں جن کے ایک کفیل ایک ہی ہوں۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق وہ سعودی جنہوں نے ڈرائیور رکھے ہیں وہ بھی اپنے ڈرائیوروں کے نام پر اتھارٹی لیٹر جاری کراسکتے ہیں۔

  • شوارمہ کھانے سے 262 افراد اسپتال پہنچ گئے

    شوارمہ کھانے سے 262 افراد اسپتال پہنچ گئے

    ریاض: سعودی عرب کے علاقے عسیر میں ایک ریستوران کا شوارمہ کھانے سے 262 افراد کی حالت غیر ہوگئی، متاثرین مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ عسیر ریجن کی تحصیل بحر ابو سکینہ میں پیش آیا جہاں ایک مشہور ریستوران میں شوارمے سے لوگوں کی بڑی تعداد زہر خوارنی کا شکار ہوگئی۔

    واقعہ دو روز قبل پیش آیا تھا، ابتدائی طور پر 40 افراد متاثر ہوئے تاہم 2 روز میں زہر خورانی سے متاثرہ افراد کی تعداد 262 ہوگئی۔ عسیر ریجن کے محکمہ صحت نے متاثرین کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق اسپتالوں میں 65 متاثرین اب بھی زیر علاج ہیں جبکہ مریضوں کے مختلف ٹیسٹ لیے جارہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں 40 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع تھی، متعدد لوگ زہر خورانی کا شکار ہونے کے باوجود اسپتالوں سے رجوع نہیں کر رہے تھے۔

    محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ متاثرین میں سے کسی کی موت واقع نہیں ہوئی۔ پولیس نے ریستوران میں کام کرنے والے تمام افراد کو تحویل میں لے لیا ہے۔

    دوسری جانب میونسپلٹی کے افسران نے ریستوران پہنچ کر 41 سے زیادہ نمونے جمع کر کے لیبارٹری بھیج دیے ہیں جن کی رپورٹ آئندہ 72 گھنٹوں کے اندر مل جائے گی۔

    گورنر عسیر شہزادہ ترکی بن طلال نے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ متاثرین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فرہم کریں۔

    عسیر کے میئر ڈاکٹر ولید الحمیدی نے بھی ہنگامی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی ہے، کمیٹی کو صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • دفتر میں کسی اور کے لیے حاضری لگانا حرام ہے یا جائز، فتویٰ آ گیا

    دفتر میں کسی اور کے لیے حاضری لگانا حرام ہے یا جائز، فتویٰ آ گیا

    ریاض: دفاتر میں اپنے دوسرے ساتھیوں کے لیے حاضری لگانا عام ہے، تاہم سعودی عرب میں اس سلسلے میں فتویٰ سامنے آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں سینئر علما کی کمیٹی کے اہم رکن نے دفاتر میں دوستوں اور دفتری ساتھیوں کے لیے حاضری لگانے کے عمل کو حرام قرار دے دیا ہے۔

    شاہی دیوان کے مشیر شیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر الشثری نے کام کی جگہ پر تاخیر سے آنے والے ساتھیوں کے لیے حاضری لگانے کے عمل کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حرام ہے اور ایک قسم کا دھوکا اور جھوٹ ہے۔

    شیخ الشثری نے یہ فتویٰ ایک مقامی ٹی وی چینل کے پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں دیا، ایک شخص نے فون پر سوال کیا کہ وہ ڈیوٹی پر تاخیر سے پہنچتا ہے تو اپنے ساتھی سے حاضری لگانے کا کہہ دیتا ہے، کیا یہ فعل درست ہے؟

    شیخ الشثری نے جواب میں کہا کہ یہ فعل ایک قسم کا جھوٹ ہے اور دھوکا دہی کے زمرے میں آتا ہے، انسان کو اپنے کام پر بروقت پہنچنا چاہیے، یہ اس کی ذمہ داری ہے، اور اس سلسلے میں وہ اللہ سے مدد طلب کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب اپنے کسی ساتھی یا دوست کو حاضری لگانے کے لیے کہا جاتا ہے تو اسے ایک مشکل اور تنگی میں ڈال دیا جاتا ہے۔

    شاہی دیوان کے مشیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ بہت سے لوگ ایسے کام انجام دیتے ہیں جن میں ان کے لیے دنیا یا آخرت میں کوئی فائدہ نہیں ہوتا، لوگوں کو اس طرز عمل سے پرہیز کرنا چاہیے۔