Tag: ریاض

  • سعودی عرب حادثہ، جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی بھی شامل

    سعودی عرب حادثہ، جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی بھی شامل

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پیش آنے والے افسوس ناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب حادثے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 35 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، ریاض سے مکہ جانے والی بس میں 39 مسافر سوار تھے، جاں بحق ہونے والے 35 افراد میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ حادثے میں بچ جانے والے 4 مسافروں میں ایک پاکستانی شہری اکبر بھی شامل ہے، جب کہ جاں بحق افراد کی صحیح تعداد اور دیگر تفصیلات جلد منظر عام پر آ جائیں گی۔

    ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا پاکستانی سفارتی مشن کے 3 حکام رابطے کے لیے متعین کر دیے گئے ہیں، جن میں عبد الشکور شیخ، مجید حسین اور طارق محمود شامل ہیں جن سے معلومات کے لیے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

    تازہ ترین:  سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 35 افراد جاں بحق

    دفتر خارجہ نے رابطہ نمبر بھی جاری کر دیے ہیں، کہا گیا ہے کہ خارجہ کے حکام سے 00966552773332، 0096532347340 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے، جب کہ سفارتی حکام سے 00966583723184 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں مدینہ منورہ سے 170 کلو میٹر دور ہجرہ روڈ پر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق جب کہ 4 افراد زخمی ہو گئے تھے، بس اور ٹرک ٹکرانے سے بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

    سعودی میڈیا کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق افریقی اور ایشیائی ممالک سے ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا اور ولی عہد سے ملاقاتیں

    وزیر اعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا اور ولی عہد سے ملاقاتیں

    ریاض: وزیر اعظم عمران خان نے سعودی فرماں روا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن اور عالمی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ریاض پہنچنے کے بعد سعودی فرمانروا اور ولیٔ عہد سے ملاقاتیں کیں، جن میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے سعودی قیادت کے ساتھ علاقائی امن کی خاطر خطے میں اختلافات ختم کرنے پر گفتگو کی، اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے شاہ سلمان کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔

    مزید تفصیل:  وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے

    دوسری طرف پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وفود کی سطح پر مشاورتی عمل شروع ہو گیا ہے، عمران خان پاکستانی وفد جب کہ محمد بن سلمان سعودی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، مشاورتی عمل میں سعودی عرب اور ایران میں جاری تنازعے کے ممکنہ حل پر غور کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم ایرانی قیادت سے ملاقاتوں پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اعتماد میں لیں گے۔

    قبل ازیں، وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے ایک روزہ دورے پر ریاض پہنچے تو شاہ خالد ایئر پورٹ کے رائل ٹرمینل پر گورنر ریاض، وزیر مملکت اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر نے ان کا استقبال کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی ذوالفقار بخاری بھی وزیر اعظم کے ہم راہ ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے

    وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے

    ریاض: وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے ایک روزہ دورے پر ریاض پہنچ گئے، شاہ خالد ایئر پورٹ کے رائل ٹرمینل پر گورنر ریاض نے ان کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران اور سعودی عرب کے درمیان مصالحت کے مشن پر وزیر اعظم عمران خان ریاض پہنچ گئے ہیں، جہاں گورنر ریاض، وزیر مملکت اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی ذوالفقار بخاری بھی وزیر اعظم کے ہم راہ ہیں۔ وزیر اعظم نے گورنر ریاض فيصل بن بندر بن عبد العزيز سے ملاقات کی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ سعودی عرب میں سعودی قیادت کو دورہ ایران میں پیش رفت پر اعتماد میں لیں گے، عمران خان کا دورہ خطے میں امن و سلامتی کے اقدام کا حصہ ہے۔

    ’’ایران سعودی کشیدگی کا حل، اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی کو تیار ہے‘‘

    عمران خان سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    اس سے قبل اتوار کو وزیر اعظم نے خلیج میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ایران کا دورہ بھی کیا تھا، جہاں انھوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات کی۔

    وزیر اعظم نے کہا دونوں ممالک کے تنازع کی وجہ سے خطے اور دنیا کو نقصان ہوگا کیوں کہ تیل کی قیمتیں بڑھیں گی، خلیج کی موجودہ صورتحال پر تنازعات سے بچنے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سہولت کاری کر سکتے ہیں۔

  • ایران، خطے اور عالمی سلامتی کیلئے خطرہ ہے: سعودی عرب

    ایران، خطے اور عالمی سلامتی کیلئے خطرہ ہے: سعودی عرب

    ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کو ریاض، خطے اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خبردار کیا کہ ناصرف سعودی عرب بلکہ پورا خطہ اور عالمی امن ایران کی وجہ سے خطرے سے دوچار ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق 14 ستمبر کو سعودی عرب میں حکومت کے زیر انتظام چلنے والی دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی آرامکو کے دو پلانٹس پر ڈرون حملے ہوئے تھے، جس کا الزام ایران پر عاید کیا گیا ہے۔

    سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملوں اور اس کے نتیجے میں تیل کی پیداوار میں کی جانے والی کمی کی وجہ سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 19.5 فیصد تک کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔

    اس ضمن میں سعودی عرب کی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایران کو حملوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ تیل تنصیبات پر حملوں میں ایرانی ہتھیار استعمال کیے گئے۔

    بتایا گیا کہ امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک گفتگو میں سعودی تنصیبات پر حالیہ حملوں کے بعد رونما ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    تیل تنصیبات پر ایرانی ہتھیار استعمال ہوئے، سعودی عرب کا بھی دعویٰ

    امریکی وزیر دفاع نے تیل کی دو تنصیبات پر حملوں کے بارے میں واشنگٹن کے موقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کو آرامکو کی تیل تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف تمام ممکنہ ’آپشنز‘ بروئے کار لانے کا عندیہ دیا۔

    دوسری جانب سعودی عرب کے وزرا کونسل کے اجلاس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا کہ ’ریاض اپنی تنصیبات پر حملوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

  • ریاض : کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد

    ریاض : کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد

    ریاض : سعودی عرب میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلیے آرپارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی،جس میں پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور کشمیر بنے گا پاکستان کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا.

    تقریب سے  رانا عبدالرؤف، شیخ اسرار، حنیف بابر اور خالد رانا نے خطاب کیا انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں تمام سیاسی و سماجی جماعتیں کشمیر کے معاملے میں یکجا ہیں جبرو تشدد کے بل بوتے پر کسی بھی قوم سے اس کی آزادی کا حق چھینا نہیں جا سکتا۔

    مقررین نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں تمام سیاسی و سماجی جماعتیں کشمیر کے معاملے میں یکجا ہیں اور جبرو تشدد کے بل بوتے پر کسی بھی قوم سے اس کی آزادی کا حق چھینا نہیں جا سکتا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی26 کروڑوں عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مودی جو کر رہا ہے اس کو منہ کی کھانی پڑے گی۔

    مسئلہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر ہو رہا ہے کشمیر کا مسئلہ دنیا کے کونے کونے میں اجاگر کرنے میں حکومت پاکستان کا بہت بڑا کردار ہے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان اور بھارت مقبوضہ کشمیر کا تنازع پر امن طریقے سے حل کریں، سعودی عرب

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی تمام پارٹیز کے عہدے داروں کا کہنا تھا کہ کشمیر کے تین فریق ہیں انڈیا، پاکستان اور کشمیر اور کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کرنے کے لیے پاکستان اپنا اخلاقی اور سفارتی کردار ادا کرے گا۔

  • سعودی عرب میں تیل فیکٹریوں پر ڈرون حملہ، پاکستان کا اظہار مذمت

    سعودی عرب میں تیل فیکٹریوں پر ڈرون حملہ، پاکستان کا اظہار مذمت

    ریاض/اسلام آباد: سعودی عرب کی تیل کی دو بڑی فیکٹریوں پر ڈرون حملوں کے نتیجے میں آگ لگ گئی، یہ فیکٹریاں سعودی عرب کی ریاستی ملکیت میں چلنے والی کمپنی چلاتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی میڈیا نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو کی دو فیکٹریز پر ڈرون حملے کیے گئے، جس کی ذمہ داری یمن کے حوثی باغیوں نے قبول کر لی ہے۔

    سعودی وزات خارجہ کا کہنا ہے کہ ہفتے کی صبح دمام کے قریب کمپنی کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا، آئل ریفائنری میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، تاہم آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

    سعودی وزارت خارجہ نے حملے کے ذرایع سے متعلق کچھ نہیں بتایا ہے، اور ان کا یہ کہنا ہے کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں، حملے میں جانی نقصان سے متعلق بھی کچھ نہیں بتایا گیا۔

    ادھر سعودی عرب میں تیل فیکٹری پر حملے پر پاکستان نے شدید اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے سے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان 19 ستمبر کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم تیل کی فیکٹری پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان امید کرتا ہے کہ ایسے واقعات آیندہ نہیں ہوں گے۔

    دفتر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ ایسے واقعات سے علاقائی امن کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، پاکستان امن و سلامتی میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 19 ستمبر کو 2 روزہ دورے پر سعودی عرب جا رہے ہیں، سفارتی ذرایع کا کہنا ہے کہ ان کے ہم راہ وزیر خارجہ، مشیر خزانہ، مشیر تجارت بھی ہوں گے۔

    وزیر اعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، وزیر اعظم سعودی عرب سے ہی یو این اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا جائیں گے۔

  • سعودی شہزادہ فیصل بن فہد انتقال کرگئے

    سعودی شہزادہ فیصل بن فہد انتقال کرگئے

    ریاض: سعودی عرب کے شہزادے فیصل بن فہد بن مسہری بن جلوی السعود انتقال کرگئے۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی شہزادہ فیصل بن فہد بن مسہری بن جلوی السعود دار فانی سے کوچ کرگئے، ان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فہد، شہزادہ فہد بن مسہری کے بیٹے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق فہد بن مسہری سعودی عرب القاسم ضلع کے سابقہ شہزادے تھے۔

    شہزادہ فیصل بن فہد کی نماز جنازہ ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی گئی۔

    شہزادہ فیصل بن فہد کے انتقال پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ودیگر نے اظہار تعزیت کیا ہے۔

  • سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر 4 روز کی تعطیلات کا اعلان

    سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر 4 روز کی تعطیلات کا اعلان

    ریاض: سعودی حکومت نے ملک کے قومی دن کے موقع پر پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر میں 4 روز کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے ملک کے قومی دن کے موقع پر پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں چار روز کی چھٹی دے دی، تعطیلات 20 سے 23 ستمبر تک ہوگی اور 24 ستمبر سے دفاتر، اسکول معمول کے مطابق کھلیں گے۔

    سعودی گیزٹ کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ تعطیلات کا اعلان سعودی عرب کی وزارت سول سروس نے کیا۔

    سعودی منسٹری کا کہنا ہے کہ 22 ستمبر کو اتوار کا روز ہے اور جمعے کے روز ویسے ہی تعطیل ہوتی ہے جبکہ ایک اضافی چھٹی سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے ہوں گی۔

    سعودی عرب کے اسٹاک ایکسچینج کے مطابق پیر 23 ستمبر کے روز تداول کی وجہ سے ویسے ہی تعطیل ہوتی ہے۔

    تعطیلات پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں اداروں میں ہوں گی۔

    رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں جشن آزادی کا دن کنگ عبدالعزیز بن سعود کی جانب سے 1932 سے منایا جارہا ہے۔

    سعودی عرب اپنا 89 جشن آزادی شایان شان طریقے سے منائے گی اس مناسبت سے نغمے اور ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا، شاہراہوں پر پرچم آویزاں کیے جائیں گے۔

  • سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا

    سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا

    ریاض: سعودی سپریم کورٹ کے مطابق سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا ہے، سعودی عرب میں یوم العرفۃ 10 اگست اور عید الاضحیٰ 11 اگست بروز اتوار کو ہوگی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں پہلی ذوالحج کل بروز جمعہ 2 اگست کو ہوگی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب کی فیڈرل اتھارٹی ہیومن ریسورسز کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ 11 اگست سے 13 اگست تک پرائیویٹ اور سرکاری دفاتر بند رہیں گے اور ملازمین کی چھٹیاں ہوں گی۔

    دریں اثناء سعودی سپریم کونسل نے شہریوں سے چاند دیکھنے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد عوام کی جانب سے شہادتیں موصول ہوئیں تو سرکاری سطح پر اعلان کیا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق پوری دنیا میں 1.6 بلین مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے عید قرباں منائیں گے۔

  • سعودی عرب، گاڑیوں میں خوفناک تصادم کی ویڈیو وائرل

    سعودی عرب، گاڑیوں میں خوفناک تصادم کی ویڈیو وائرل

    ریاض: سعودی عرب میں ہائی وے پر دو گاڑیوں میں تیز رفتاری کے باعث ہونے والے تصادم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں ہائی وے پر دو گاڑیوں میں تیز رفتاری کے سبب خوفناک تصادم ہوا، حادثے کے زخمی شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    جزان ہائی وے پر حادثہ صبح 10:25 پر پیش آیا، عینی شاہدین کے مطابق ایک زخمی کے علاوہ تین دوسرے زخمیوں کو ریسکیو اداروں نے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    سعودی شہری کی جانب سے سوشل میڈیا ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ پر ویڈیو شیئر کی گئی جو دیکھتے دیکھتے وائرل ہوگئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جزان ہائی وے پر پک اپ ٹرک جارہا ہے کہ کار تیزی سے آتے ہوئے پک اپ ترک سے ٹکراتی اور ٹرک رانگ وے پر جاکر دوسری گاڑیوں سے ٹکرا جاتا ہے۔

    سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریسکیو اہلکاروں اور پولیس اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور زخمی شخص کو اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد سے حادثات رونما ہوئے تھے ایک حادثے میں خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی تھیں۔