Tag: ریاض

  • سعودی عرب میں پولیس اسٹیشن پر حملہ ناکام، 4 دہشت گرد مارے گئے

    سعودی عرب میں پولیس اسٹیشن پر حملہ ناکام، 4 دہشت گرد مارے گئے

    ریاض: سعودی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 مسلح دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی سیکیورٹی فورسز نے ریاض کے شمالی علاقے الزلفی میں قائم پولیس تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا، سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

    رواں ماہ سعودی عرب میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کا یہ دوسرا حملہ ہے، اس سے قبل 9 اپریل کو سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا۔

    سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے تھے جبکہ دو کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب، سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک

    یاد رہے کہ رواں برس دس جنوری کو سعودی خفیہ ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے 6 مشتبہ افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

    خیال رہے کہ 9 اپریل کو ہونے والی کارروائی کے بارے میں سعودی حکام کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے دہشت گرد قطیف میں ہونے والے حملے میں ملوث تھے۔

  • سعودی عرب، گاڑی کی نمبر پلیٹ چھپانے پر 6 ہزار ریال جرمانہ

    سعودی عرب، گاڑی کی نمبر پلیٹ چھپانے پر 6 ہزار ریال جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں گاڑی کی نمبر پلیٹ چھپانے یا جزوی طور پر مٹانے پر 3 سے 6 ہزار ریال تک جرمانہ اور گاڑی کو پولیس تحویل میں لے لیا جائے گا۔

    عرب میڈیا کے مطابق محکمہ ٹریفک کی جانب سے ملک میں نئے ٹریفک قوانین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ قانون کی شق 6 کے مطابق ایسی گاڑیاں جن کی نمبر پلیٹوں کو کسی بھی طرح چھپایا گیا ہو یا جزوی طور پر انہیں مٹایا گیا ہو وہ قانون شکنی کے زمرے میں آتا ہے جس پر چالان کی حد 3 سے 6 ہزار ریال ہے۔

    جرمانے کے علاوہ گاڑی کو بھی مخصوص مدت تک جو پولیس انسپکٹر کی صوابدید پرمنحصر ہے پولیس یارڈ میں جمع کروادیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب، ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق

    ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹریفک قوانین واضح ہیں، گاڑیوں کی نمبر پلیٹ انتہائی اہم ہوتی ہے جسے کسی بھی طور چھپانا جرم ہوگا ایسا کرنے والوں کے خلاف پولیس اہلکار فوری فیصلہ کرنے کا مجاز ہے۔

    واضح رہے کہ ہائی وے پر بکثرت سفر کرنے والے ڈرائیور ڈیجیٹل چالان سسٹم سے بچنے کے لیے گاڑی کی نمبر پلیٹ پر ٹیپ لگا کر انہیں چھپا دیتے ہیں جس سے شاہراہوں پر نصب کیمرے ان کی تیز رفتاری پر چالان نہیں کرسکتے۔

    سعودی عرب میں تیز رفتاری کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں جس کی وجہ سے محکمہ ٹریفک کی جانب سے قوانین کو ازسر نو مرتب کرتے ہوئے چالان کی رقم میں اضافہ کیا گیا ہے۔

  • ریاض :‌دو برسوں میں 16 لاکھ غیر ملکیوں نے سعودی عرب کو خیر باد کہہ دیا

    ریاض :‌دو برسوں میں 16 لاکھ غیر ملکیوں نے سعودی عرب کو خیر باد کہہ دیا

    ریاض : سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں سعودی لیبر مارکیٹ سے اب تک 16 لاکھ غیر ملکی نکل گئے ہیں اور سب سے زیادہ وطن واپس جانے والوں میں پاکستان دوسرے نمبر پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب غیر ملکیوں پر عائد فیسوں کے علاوہ مرافقین فیس کی وجہ سے متاثر ہونے والوں میں انڈین شہری سر فہرست ہیں، وطن واپس جانے والوں کی جگہ سعودی شہریوں کو بھرتی کرنے میں تیزی آگئی ہے۔

    جدویٰ انویسٹمنٹ ادارے کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد وشمار اور مقامی اخبارات المدینہ اور مکہ میں شائع ہونے والی رپورٹوں میں کہا گیا کہ وطن واپس جانے والے غیرملکیوں کی وجہ سے سب سے زیادہ تعمیرات کا شعبہ متاثر ہوا ہے۔

    جدویٰ انویسٹمنٹ ادارے کے مطابق وطن واپس جانے والے غیر ملکیوں میں سے 57 فیصد کا تعلق تعمیرات کے شعبے سے ہے، اس شعبے میں کام کرنے والے 9 لاکھ 10 ہزار افراد اب تک وطن واپس جاچکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار سنہ 2017 سے لے کر اب تک کے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سنہ2017 کے دوران 6 لاکھ غیر ملکی وطن واپس چلے گئے تھے جبکہ سنہ 2018 کے دوران ان کی تعداد 10 لاکھ ہوگئی۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں پر عائد فیسوں کے علاوہ حکومت کی سعودائزیشن پالیسیوں نے نجی اداروں کو مجبور کردیا ہے کہ وہ غیر ملکیوں کو فارغ کریں، سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شعبوں میں دوسرے نمبر پر ریٹیل اور ہول سیل کا شعبہ ہے جس سے تین لاکھ 40 ہزار غیر ملکی نکل گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس کے بالمقابل 5 شعبے ایسے ہیں جن میں سعودائزیشن کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، سماجی سروس اداروں کے شعبے میں 52 ہزار سعودیوں کو بھرتی کیا گیا ہے۔

    ریٹیل اور ہول سیل شعبے میں 43 ہزار سعودی نوجوان بھرتی ہوئے ہیں، 20 ہزار نوجوانوں کو مالی سروس فراہم کرنے والے اداروں میں بھرتی کیا گیا ہے، اسی طرح اتصالات اور صنعت کے شعبے میں بھی سعودائزیشن کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

    سعودی خواتین میں بے روزگاری کی شرح میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے، سعودی لیبر مارکیٹ کا تجزیہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ تمام شعبوں میں سعودی خواتین کو بھرتی کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نجی شعبے میں سعودائزیشن کی مجموعی شرح میں 21.8 فیصد اضافہ ہوا ہے، سعودیوں میں بے روزگاری کی شرح میں 12.7 فیصد کمی ہوئی ہے، غیر ملکیوں کے لیبر مارکیٹ سے نکل جانے کے باوجود ابھی بھی نجی شعبے میں کام کرنے والے 79 فیصد غیر ملکی ہیں۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں غیر ملکیوں کی مردم شماری سے معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں میں انڈین شہری سب سے زیادہ ہیں، مجموعی آبادی کے مقابلے میں ان کا تناسب 19.4فیصد ہے۔

    دوسرے نمبر پر پاکستانی ہیں جن کی تعداد 14.5 فیصد ہے، تیسرے نمبر پر بنگلہ دیشی ، چوتھے پر مصری جبکہ پانچویں پر فلپائنی ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق غیر ملکیوں پر عائد فیسوں کے علاوہ مرافقین فیسوں (فیملی فیس) سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے غیر ملکی بھی یہی ہیں، وطن واپس جانے والوں میں سب سے زیادہ تعداد بھی ان کی ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی حکومت نے 2017 میں نجی شعبے پر غیر ملکی کارکن رکھنے پر فیسوں میں اضافہ کردیا تھا اسی طرح سعودی عرب میں رہنے والے غیر ملکی سربراہ خاندان پر فیملی فیس کا نفاذ کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس کے مطابق پہلے سال ہر فرد پر 100ریال ماہانہ، دوسرے سال 200ریال ماہانہ، تیسرے سال 300ریال ماہانہ جبکہ چوتھے سال 400ریال ماہانہ فیس عائد کی گئی تھی۔

  • سعودی عرب میں اپنے دوست کو قتل کرنے والے 2 بھارتیوں کے سر قلم

    سعودی عرب میں اپنے دوست کو قتل کرنے والے 2 بھارتیوں کے سر قلم

    ریاض: سعودی عرب میں اپنے ساتھی کو قتل کرنے کے جرم میں 2 بھارتی شہریوں کے سر قلم کردئیے گئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں لوٹ مار کی رقم کی تقسیم کے تنازع پر اپنے دوست کو قتل کرنے والے 2 بھارتی شہریوں ستوندر کمار اور ہرجیت سنگھ کے سر قلم کردئیے گئے، ستوندر کمار بھارتی شہر ہوشیارپور اور ہرجیت سنگھ کا تعلق لدھیانہ سے تھا۔

    عدالت نے رواں برس 28 فروری کو سزا سنائی تھی، بھارتی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے دونوں ملزمان کے سر قلم کرنے سے قبل اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

    واضح رہے کہ ستوندر کمار اور ہرجیت سنگھ کو 9 دسمبر 2015 میں حراست میں لیا گیا تھا، دوران تفتیش دونوں نے اپنے ساتھی عارف امام الدین کو قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: ہیروئن اسمگلنگ کا جرم: سعودی عرب میں پاکستانی میاں بیوی کے سر قلم

    دونوں ملزمان کے اہل خانہ ورک ویزے پر 2013 میں سعودی عرب گئے تھے، سعودی قوانین کے مطابق دونوں کی لاشیں لواحقین کے حوالے نہیں کی جائیں گی۔

    رپورٹ کے مطابق بھارت قونصلر پرکاش چند نے کیس کی معلومات کے لیے جیل کا دورہ کیا تھا تاہم دونوں ملزمان پہلے ہی اپنے جرم کا اعتراف کرچکے تھے۔

    واضح رہے کہ 12 اپریل کو ہیروئن اسمگلنگ کے جرم میں سعودی عرب میں پاکستانی میاں بیوی کا سر قلم کردیا گیا تھا، سعودی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ محمد مصطفی اور ان کی اہلیہ فاطمی اعجاز کو ہیروئن اسمگلنگ کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔

  • سعودی عرب میں آئندہ 3 ماہ کے لیے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ

    سعودی عرب میں آئندہ 3 ماہ کے لیے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں آئندہ تین ماہ کے لیے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عرب ریاستوں کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد سعودی عرب میں بھی پیٹرول کے نرخ بڑھا دئیے گئے ہیں، سعودی کی سرکاری پیٹرولیم کمپنی آرامکو کے مطابق ملک میں بینزین 91 پیٹرول کی قیمت 1.44 ریال فی لیٹر جبکہ بینزین 95 پیٹرول کی قیمت 2.10 ریال فی لیٹر کردی گئی ہے۔

    ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں میں مذکورہ اضافے کا اطلاق 14 اپریل سے کیا گیا۔

    رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے لیے ڈیزل کی قیمت 0.47 ریال فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت 0.64 یال فی لیٹر اور ایل پی جی کی قیمت 0.75 ریال فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: امارات، قطر اور عمان نے پیٹرول کے نرخوں میں اضافہ کردیا

    قبل ازیں رواں سال جنوری میں تین ماہ کے لیے پیٹرول کی قیمت مقرر کی گئی تھی جس کے مطابق بینزین 91 پیٹرول کی قیمت 1.37 ریال فی لیٹر جبکہ بینزین 95 پیٹرول کے نرخ 2.02 ریال فی لیٹر مقرر کیے گئے تھے۔

    آرامکو نے یہ اعلان بھی کیا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں تبدیلی کی صورت میں ملک میں پیٹرول کی قیمت بدیل کی جاسکتی ہے۔

    یاد رہے کہ وزارت توانائی و معدنیات یہ اعلان کرچکی ہے کہ ہر تین ماہ میں پیٹرول کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ دیگر عرب ممالک میں ہر ماہ پیٹرول کی قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے۔

  • سعودی عرب کو جرمن اسلحہ خریدنے کی اجازت مل گئی

    سعودی عرب کو جرمن اسلحہ خریدنے کی اجازت مل گئی

    ریاض: جرمنی نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سعودی عرب پر جرمن اسلحے کی خریداری پر عائد پابندی ختم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے پیش نظر جرمن حکام نے سعودی عرب کو ذمہ دار ٹھراتے ہوئے جرمن اسلحے کی فروخت روک دی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ جرمن حکام نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک کو جرمن اسلحہ برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

    سعودی عرب پر یہ بھی الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ یمن جنگ میں اتحادی افواج کے ساتھ مل کر عام شہریوں کے قتل عام میں بھی ملوث ہے، جبکہ ریاض حکومت اس کی تردید کرتی آئی ہے۔

    حال ہی میں سعودی اتحادی افواج کی جانب سے یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی تھی جس کے باعث درجنوں عام شہری مارے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ جرمن حکام نے گذشتہ ماہ فیصلہ کیا تھا کہ سعودی عرب کو مزید چھ ماہ تک اسلحہ فروخت نہیں کیا جائے گا، مروجہ پابندی میں توسیع کردی گئی، البتہ ذرائع اب یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ جرمنی سے سعودی عرب اسلحہ خرید رہا ہے۔

    سعودی عرب کو مزید 6 ماہ تک جرمن اسلحہ فراہم نہیں کیا جائے گا

    مذکورہ پابندی گزشتہ برس دو اکتوبر کو ترکی کے شہر استنبول کے سعودی قونصل خانے میں ریاض حکومت کے ناقد سعودی صحافی اور امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار جمال خاشقجی کے قتل کے بعد عائد کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ شروع میں جرمنی نے سعودی عرب کو جرمن ساختہ اسلحہ جات کی ترسیل پر یہ پابندی دو ماہ کے لیے لگائی تھی، جس کے بعد وفاقی جرمن حکومت نے مزید توسیع کر دی تھی۔

  • سعودی عرب، ایک پاکستانی سمیت 7 ممالک کے 55 شدت پسند گرفتار

    سعودی عرب، ایک پاکستانی سمیت 7 ممالک کے 55 شدت پسند گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں ایک پاکستانی سمیت 7 ممالک کے 55 شدت پسندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں ریاستی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں 7 ممالک کے 55 افراد گرفتار کیے گئے ہیں جن میں 34 سعودی شہری بھی شامل ہیں۔

    سعودی وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے 9 کا تعلق یمن، دو کا مصر جبکہ پاکستان، شام، میانمار اور افغانستان کا ایک، ایک شہری شامل ہے۔

    رپورٹ کے مطابق تمام ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ تین ماہ کے دوران حکام نے دہشت گردی کے الزامات میں 178 افراد گرفتار کیے ہیں۔

    مزید پڑحیں: سعودی عرب، سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب کے مشرقی صوبے القطیف میں واقع ابو حدریہ کے نزدیک چار دہشت گردوں نے پولیس کو دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کی تھی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب: دو امریکی شہریوں سمیت 7 سوشل میڈیا بلاگرز گرفتار

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں حقوق نسواں کے لیے آواز بلند کرنے والے دو امریکی شہریوں سمیت 7 سوشل میڈیا بلاگرز کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں سعودی عرب میں انسانی حقوق کے کاموں اور غیر ملکیوں سے رابطوں کے الزام میں سزا کاٹنے والی تین خواتین کارکنان کو عارضی طور پر رہا کیا گیا۔

  • ریاض میں مبینہ جوہری پلانٹ حتمی مراحل میں داخل، سیٹلائٹ تصاویر جاری

    ریاض میں مبینہ جوہری پلانٹ حتمی مراحل میں داخل، سیٹلائٹ تصاویر جاری

    ریاض : امریکی میڈیا نے ایک رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ امریکا کے زیر نگرانی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پہلا جوہری پلانٹ حتمی مراحل میں ہے، جس کی تصاویر بھی جاری کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کا شمار امریکا کے خاص اتحادیوں میں ہوتا ہے جو مشرق وسطیٰ میں امریکی ہتھیاروں کا بڑا خریدار بھی ہے اور دونوں اتحادی ممالک کا مشرق وسطیٰ میں مشترکا دشمن ایران ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں مصنوعی سیارے سے لی گئی مبینہ جوہری پلانٹ کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔

    دوسری جانب رپورٹ میں سعودی عرب کی جوہری سرگرمیوں پر اور بین الاقوامی معاہدوں میں شمولیت کے بغیر اس طرح کی ٹیکنالوجی کے استعمال پر تشویش کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاض میں یہ جوہری پلانٹ شاہ عبدالعزیز سائنس و ٹیکنالوجی سٹی کے جنوب مغربی حصے میں قائم کیا گیا ہے، گوگل ارتھ کی تازہ ترین تصاویر سے بھی اس پلانٹ کی تصدیق کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے مبینہ جوہری پلانٹ میں ایک عمودی کنٹینر کو دکھایا گیا ہے جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس میں جوہری ایندھن رکھا گیا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جوہری اسلحہ کے پھیلاﺅ کی روک تھام کے لیے کام کرنے والے اداروں اور عالمی معائنہ کاروں کی طرف سے اس پیش رفت پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

    عالمی توانائی ایجنسی اور سعودی مشن کی طرف سے سعودی عرب میں جوہری تنصیبات کے بارے میں کسی قسم کا رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا، ادھر شاہ عبد اللہ توانائی بورڈ کی جانب سے بھی کسی قسم کی وضاحت دینے سے گریز کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں برس فروری میں امریکی کانگریس نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ امریکا سعودی عرب میں جوہری ری ایکٹر تعمیر کرنے کی تیاری کررہا ہے۔

    امریکی کانگریس نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا سعودی عرب میں حساس جوہری توانائی منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایٹمی ری ایکٹر کی سعودی عرب منتقلی کا معاملہ ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر نگرانی چل رہا ہے.

    مزید پڑھیں : ٹرمپ انتظامیہ سعودیہ میں ایٹمی پلانٹ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، رپورٹ

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا نے سعودی عرب میں ایٹمی ری ایکٹر تعمیر کیا تو خطے عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا اور مشرق وسطیٰ میں ایٹمی ہتھیاروں کی طلب میں اضافہ ہوجائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ہفتے قبل وائٹ ہاؤس میں ایٹمی سائنس دانوں سے ملاقات کی تھی جس میں سعودی عرب میں جوہری توانائی منتقل کرنے کے حوالے گفتگو کی گئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹ کے ایک پینل نے جوہری توانائی سعودی عرب منتقل کرنے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔

  • سعودی عرب، منشیات اسمگلنگ کیس میں 2 پاکستانیوں سمیت چار افراد کے سر قلم

    سعودی عرب، منشیات اسمگلنگ کیس میں 2 پاکستانیوں سمیت چار افراد کے سر قلم

    ریاض: سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ کیس میں ملوث 2 پاکستانیوں سمیت چار افراد کے سر قلم کردئیے گئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ کا جرم ثابت ہونے پر 2 پاکستانیوں سمیت چار افراد کے سر قلم کردئیے گئے، مکہ میں جن کے سر قلم کیے گئے ان میں 2 پاکستانی، ایک یمنی شخص اور ایک نائیجیرن خاتون شامل ہیں۔

    رواں سال سعودی عرب میں مختلف جرائم میں 53 افراد کو سزائے موت دی جاچکی ہے، سعودی عرب میں سزائے موت دئیے جانے کی شرح دنیا میں بلند ترین شمار کی جاتی ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں دہشت گردی، ریپ، ڈکیتی اور منشیات کی اسمگلنگ پر سزائے موت دی جاتی ہے، انسانی حقوق کے ماہرین سعودی عرب میں ملزمان کے ٹرائل کے حوالے سے کئی بار سوال اٹھا چکے ہیں، تاہم سعودی حکومت کا موقف ہے کہ سزائے موت مزید جرائم کو روکنے کے لیے موثر ہے۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب: پاکستانی شہری کا سر قلم

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں ایک پاکستانی سیکیورٹی گارڈ کے قتل کے جرم میں یمن سے تعلق رکھنے والے 4 افراد کا سر قلم کردیا گیا تھا، 17 جولائی 2018 کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک پاکستانی شہری کے گودام میں ڈکیتی اور قتل کے جرم میں دو سعودیوں سمیت 5 افراد کا سر قلم کردیا گیا تھا۔

    سعودی عرب کی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ دو سعودی شہریوں اور افریقی ملک چاڈ سے تعلق رکھنے والے 3 افراد پر الزام تھا کہ انہوں نے ڈکیتی کے دوران گودام کے سیکیورٹی گارڈ کو مارا اور ان کے موبائل فون کو زبردستی اُٹھایا۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں 2016 میں مجموعی طور پر 144 افراد کو سزا دی گئی تھی تاہم انسانی حقوق کے گروپ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق 2016 میں سعودی عرب میں 150 سے زائد افراد کو سزائے موت دی گئی، رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 2015 میں سعودی عرب میں 158 افراد کو سزائے موت دی گئی تھی، جو گزشتہ دو دہائیوں میں سب سے زیادہ تھی۔

  • سعودی عرب کے شہریوں کے لیے ویزے کی شرط ختم کردی، فواد چوہدری

    سعودی عرب کے شہریوں کے لیے ویزے کی شرط ختم کردی، فواد چوہدری

    ریاض: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کاکہناہے وزیراعظم عمران خان کے آنے سے پاک سعودی عرب باہمی تعلقات میں گرمجوشی آئی، سعودی عرب کے شہریوں کے لیے ویزے کی شرط ختم کردی ہے، اب سعودی عرب کے شہری ایئرپورٹ پر ہی ویزہ لے سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض میں وزیراطلاعات فوادچوہدری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا سعودی عرب میں 20 لاکھ پاکستانی ملکی معیشت کےلیے کام کر رہے ہیں اور مقیم پاکستانی ترسیلات کا ایک چوتھائی بھیج رہے ہیں۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان کےآنےسےباہمی تعلقات میں گرمجوشی آئی، پاک بھارت کشیدگی میں سعودی عرب نےتناؤ کم کرنے کی کوشش کی، پاکستان میں فنون لطیفہ کے ادارے بہت مضبوط ہیں، سعودی عرب کوفنون لطیفہ سے متعلق مدد دے سکتے ہیں۔

    وزیراطلاعات نے کہا سعودی عرب کےشہریوں کےلیے ویزے کی شرط ختم کردی ہے،اب سعودی عرب کے شہری ایئرپورٹ پر ہی ویزہ لے سکتے ہیں ، امید ہے سعودی شہری بڑی تعدادمیں پاکستان آئیں گے۔

    ان کا کہنا تھا سعودی عرب کی جانب سےسیاحت پاکستانی معیشت کی سنبھالا دینے کے لیے ضروری ہے ، سعودی عرب نے قیام کے فوری بعد ہی پاکستان کو تسلیم کیا، حکومتی اقدامات سے پاکستان میں سیاحت کو فروغ مل رہا ہے۔

    مزید پڑھیں :   پاکستان اور سعودی عرب کا فلم ڈراما پروڈکشنز میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

    فوادچوہدری نے کہا سعودی عرب سے ڈارموں کے تبادلے کریں گے، ہم چاہتے ہیں کہ سعودی ایئرلائن میں پاکستانی موادپیش کریں، ہمارے ہیں سینیما کلچرکی تجدید ہورہی ہے، سعودی حکام چاہتےہیں پاکستانی سرمایہ کاران کے یہاں سینما بنائیں۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا ہمارے ڈراموں کامعیارکافی بہترہے،فلموں کا معیار بھی بہتر ہوا، پاکستانی فلمیں لگتی ہیں تو بھارتی فلمیں بزنس نہیں کر پاتیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے سعودی وزیر ثقافت سے بات چیت کے دوسرے دور میں دونوں ممالک کے درمیان فلم اور ڈراما پروڈکشنز میں تعاون بڑھانے کے لیے ورکنگ گروپ پر اتفاق ہو ا تھا۔

    وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  تھا کہ پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ولی عہد کے دورہ پاکستان کے بعد تعاون میں جدت آئی، پاکستان میں سعودی شہریوں کے لیے آن ارائیول ویزے کی سہولت دی گئی ہے، عرب ممالک کے سیاح پاکستانی معیشت میں کردار ادا کریں گے۔

    خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین گزشتہ روز سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچے تھے جہاں ان کا استقبال ایئر پورٹ پر پاکستان کے سفیر اعجاز راجا اور سعودی کلچرل وزارت کے حکام نے کیا تھا۔