Tag: ریاض

  • سعودی عرب: سیاحت میں ہر سال اضافہ

    سعودی عرب: سیاحت میں ہر سال اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں سیاحوں کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہوتا جارہا ہے اور رواں برس حکومت نے ڈھائی کروڑ سیاحوں کی آمد کا ہدف رکھا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ لگانے والوں سے کہا ہے کہ وہ نئے قواعد و ضوابط کی پابندی کریں تاکہ مسابقت پر مبنی اور پرکشش ماحول قائم ہو۔

    الخطیب نے مملکت کے مختلف علاقوں کے شہریوں سے آن لائن ماہانہ میٹنگ کے دوران کہا کہ قومی پیداوار میں سیاحت کا حصہ 3.2 فیصد ہو چکا ہے اور 2030 میں 10 فیصد تک پہنچ جائے گا۔

    احمد الخطیب کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے سال رواں کے دوران بیرون مملکت سے 25 ملین سیاحوں کی آمد کا ہدف مقرر کیا ہے۔

    الخطیب کا کہنا تھا کہ پچھلے سال سیاحت کے شعبے میں ملازمتوں کی تعداد 2021 کے مقابلے میں 15 فیصد بڑھ کر 8 لاکھ تک پہنچ گئی جس میں سعودی خواتین کا تناسب 44 فیصد ہے۔

    الخطیب نے کہا کہ ان کی وزارت، سیاحت کے مختلف پروگراموں میں 10 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، یہ ہدف اس وقت حاصل ہوگا جب ہمارے ہاں ہوٹلنگ اور ٹورازم کے شعبے میں تربیت کے لیے جدید طرز کے انسٹی ٹیوٹ قائم ہوں۔

    سنہ 2022 کے دوران سیاحت کے شعبے میں 2021 کے مقابلے میں 93 فیصد اضافے کے ساتھ 185 ارب ریال خرچ کیے گئے۔

  • سعودی عرب: 4 روزہ تعطیل کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں رواں ماہ 4 دن کی ایک ساتھ تعطیل ہوگی، یہ تعطیلات یوم تاسیس کے موقع پر دی جائیں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی حکومت نے سال رواں کے دوران یوم تاسیس (فاؤنڈیشن ڈے) پر عام تعطیل کی تفصیلات جاری کی ہیں، سرکاری و پرائیویٹ اور بغیر منافع والے سیکٹرز کے ملازمین کو تنخواہ سمیت چھٹی ملے گی۔

    سرکاری اداروں کے ملازمین اس سال یوم تاسیس پر 2 دن چھٹی کریں گے، بدھ 22 فروری کو یوم تاسیس کی چھٹی ہوگی، سرکاری ملازمین جمعرات کو بھی چھٹی منائیں گے۔

    سول سروس قانون کی دفعہ 128 کے تحت اگر دو چھٹیوں کے درمیان ایک ورکنگ ڈے آئے تو ایسی صورت میں ورکنگ ڈے بھی چھٹی شمار کیا جاتا ہے، اس طرح سعودی عرب کے تمام سرکاری ملازمین چار دن کی مسلسل چھٹی کریں گے۔

    شاہ سلمان بن عبد العزیز نے گزشتہ برس شاہی فرمان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پہلی سعودی ریاست کی تاسیس کی یاد میں ہر سال 22 فروری کو یوم تاسیس پر سرکاری تعطیل ہوگی۔

    یاد رہے کہ فروری 1727 کو امام محمد بن سعود نے پہلی سعودی ریاست قائم کی تھی۔

  • سعودی عرب کا ایک اور تجارتی اعزاز

    ریاض: سعودی عرب کی کنگ عبداللہ بندرگاہ نے گزشتہ برس ریکارڈ بزنس کیا جس کے بعد اسے دنیا کی دوسری سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی پورٹ کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کی کنگ عبداللہ پورٹ نے 2022 میں کنٹینر تھرو پٹ میں 3.25 فیصد ریکارڈ کیا اور دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی پورٹس میں اپنا مقام مضبوط کیا ہے۔

    کنگ عبداللہ پورٹ کے سی ای او جے نیو کا کہنا ہے کہ ہمیں فخر ہے کہ بین الاقوامی تجارت کو عالمی اقتصادی بحران سے پیدا ہونے والے چیلنجز کے باوجود پورٹ نے 2022 میں مثبت کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی اس کے کاروباری ماڈل، اس کی صنعتی صلاحیتوں، سعودی عرب کے لاجسٹکس اور سمندری شعبوں میں اس کے غیر متنازعہ کردار کی توثیق ہے۔

    کنگ عبداللہ پورٹ نے 2022 میں ایک کامیاب سال گزارا ہے جسے اپریل میں الفلینر کی جانب سے دنیا کی دوسری سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی پورٹ کے طور پر تسلیم کیا گیا تھا۔

    کنگ عبد اللہ پورٹ کو پچھلے چار برسوں میں دو بار اس باوقار درجہ بندی سے نوازا گیا ہے جو اس کے بنیادی ڈھانچے کو مزید ترقی دینے، اس کی پیشکش کی گہرائی اور وسعت کو بہتر بنانے اور اس کے کاموں کو بڑھانے کے لیے مسلسل کوششوں کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

    پورٹ نے اپنے کنٹینر ٹرمینل پر 29 لاکھ 5 ہزار 306 کنٹینرائزڈ کارگو ہینڈل کیے جو 2021 میں 28 لاکھ 13 ہزار 920 ریکارڈ کیے گئے تھے۔

    کنگ عبداللہ پورٹ نے ایک اور اہم سنگ میل میں اپنے پہلے ٹرائل کے حصے کے طور پر آسٹریلیا کو 288 ٹرکوں کی ترسیل کی سہولت فراہم کی۔

  • سعودی عرب: نئے پاسپورٹ کی تفصیلات کیسے اپ ڈیٹ کی جائے؟

    سعودی عرب: نئے پاسپورٹ کی تفصیلات کیسے اپ ڈیٹ کی جائے؟

    ریاض: سعودی حکام نے اس حوالے سے وضاحت اور ہدایات جاری کی ہے کہ نئے پاسپورٹ کی تفصیلات جوازات کے سسٹم میں کیسے اپ ڈیٹ کی جائے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے قانون کے مطابق مملکت میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے اسپانسرز کے ذمے کارکنوں کی دستاویزات مکمل رکھنے کی ذمہ داری ہوتی ہے جس میں کارکنوں کا اقامہ، ان کی سالانہ میڈیکل انشورنس، خروج وعودہ یا فائنل ایگزٹ ویزے کا اجرا و دیگر امور کی انجام دہی شامل ہے۔

    ایک شخص نے جوازات سے استفسار کیا کہ چھٹی پرگیا تھا جہاں پاسپورٹ ایکسپائر ہوگیا، نیا پاسپورٹ بنوایا ہے اب نقل معلومات کیسے کروائی جائے؟

    اس حوالے سے جوازات کی جانب سے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ کارکن کے اسپانسر اپنے ابشر یا مقیم پلیٹ فارم کے ذریعے کارکن کے نئے پاسپورٹ کی تفصیلات جوازات کے سسٹم میں اپ ڈیٹ کرسکتے ہیں۔

    پاسپورٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کو عربی میں نقل معلومات کہا جاتا ہے جس کا مطلب ہے نئے پاسپورٹ کے بارے میں معلومات کو جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرنا۔

    جوازات کے ابشر پلیٹ فارم پر نقل معلومات کی سہولت فراہم کی گئی ہے، بعض اوقات ابشر کے خود کار سسٹم کے ذریعے پاسپورٹ کو اپ ڈیٹ کرنے میں دشواری ہونے کی صورت میں ابشر پر ہی موجود تواصل سروس کے ذریعے پاسپورٹ کی معلومات اپ ڈیٹ کی جاسکتی ہیں۔

    نئے پاسپورٹ کی تفصیلات جوازات کے سسٹم میں اپ ڈیٹ کرنے کے لیے پرانے اور نئے پاسپورٹ کو اسکین کر کے کارکن کے اقامے کے ساتھ اسے تواصل سروس پر اپ لوڈ کی جائے۔

    تواصل سروس پر اپ لوڈ کیے جانے کے ایک سے تین دن کے اندر جوازات کے اہلکار نئے پاسپورٹ کا اندراج سسٹم میں کر دیتے ہیں۔

  • سعودی عرب کے لیے ایک اور اعزاز

    سعودی عرب کے لیے ایک اور اعزاز

    ریاض: سنہ 2022 میں لگ بھگ 2 کروڑ افراد نے سعودی عرب کا دورہ کیا جس کے بعد سعودی عرب سیاحت کے حوالے سے پہلے نمبر پر آگیا۔

    اردو نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے ورلڈ ٹور ازم آرگنائزیشن کے اعداد و شمار کے مطابق عرب ممالک آنے والے سیاحوں کی تعداد کے حوالے سے سعودی عرب پہلے نمبر پر ہے۔

    سنہ 2022 کے پہلے 9 مہینوں میں 18 ملین سے زیادہ مسافروں نے سعودی عرب کا دورہ کیا۔

    متحدہ عرب امارات 14.8 ملین سیاحوں کے ساتھ عرب ممالک میں دوسرے جبکہ 2022 کی پہلی تین سہ ماہیوں میں 11 ملین سیاحوں کے ساتھ مراکش تیسرے نمبر پر تھا۔

    سعودی عرب کی وزارت سرمایہ کاری کے اعداد و شمار کے مطابق 2030 تک ہر سال 100 ملین سیاحوں تک پہنچنے کے سعودی وژن کے مطابق مملکت کے سیاحتی اخراجات گزشتہ سال کی پہلی ششماہی میں 7.2 بلین ڈالر تک پہنچ گئے۔

    سعودی عرب آنے والے سیاحوں کی اس غیر معمولی تعداد نے دنیا بھر کے ٹریول ماہرین کی توجہ مبذول کروائی ہے جو دبئی میں مئی میں ہونے والے عریبین ٹریول مارکیٹ 2023 کے آئندہ ایونٹ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    عربین ٹریول مارکیٹ کے منتظم نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ یہ تقریب عالمی سطح پر ہونے والے سعودی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گی جو مملکت کی سیاحت کے اثرات پر توجہ مرکوز کرے گی۔

    عریبین ٹریول مارکیٹ کے ڈائریکٹر ڈینیئل کرٹس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اے ٹیم ایم 2023 سعودی سربراہی اجلاس ایک مثالی فورم پیش کرے گا اس میں مشرق وسطیٰ اور اس سے باہر کے ٹریول پروفیشنلز اور پالیسی ساز مملکت کے بڑھتے ہوئے سیاحت کے شعبے میں مواقع اور چیلنجز کو تلاش کر سکتے ہیں۔

    سالانہ تقریب میں سعودی عریبین ایئر لائنز، فلائی ناس، مکہ کلاک رائل ٹاور، اسما ہاسپیٹیلٹی کمپنی، آئی آف ریاض، صدانہ ریئل اسٹیٹ کمپنی اور سعودی عماد فار ایئرپورٹ سروسز اینڈ ٹرانسپورٹ سپورٹ کی میزبانی کی توقع ہے۔

    ڈینیئل کرٹس نے مزید کہا کہ نیوم اور بحیرہ احمر پراجیکٹ جیسی آنے والی گیگا ڈویلپمنٹس سے لے کر مملکت کی تازہ ترین ویزا اصلاحات اس کے سفری شعبے کو تقویت دے رہی ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ عریبین ٹریول مارکیٹ آنے والے ایڈیشن کے دوران سعودی عرب ایک بڑے ڈرا کارڈ کی نمائندگی کرے گا۔

  • سرمایہ کاری کے لحاظ سے سعودی عرب آگے رہے گا یا عرب امارات؟

    ریاض: رواں سال 2023 میں سعودی عرب کے سرمایہ کاری کے لحاظ سے متحدہ عرب امارات کو بھی پیچھے چھوڑنے کا امکان ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق ایک صنعتی رپورٹ میں سعودی عرب کی 2023 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) حاصل کرنے میں متحدہ عرب امارات کو پیچھے چھوڑنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

    سنہ 2012 کے بعد ایسا پہلی بار ہو سکتا ہے کیونکہ دونوں ممالک فنڈز کی آمد کے بڑے بینیفشری بن رہے ہیں۔

    لومینا کراس بارڈر انسائٹ کی رپورٹ کے مطابق 2022 میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ نے 40 بلین ڈالر کی ریکارڈ بلندیوں کو چھوا جو پچھلے سال کے مقابلے میں 58 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ اور یو کے ٹو مڈل ایسٹ سرمایہ کاری کو آگے بڑھانے والے کلیدی منصوبوں میں انفراسٹرکچر اور انجینیئرنگ، سیاحت اور مہمان نوازی اور صاف، قابل تجدید توانائی خاص طور پر سعودی عرب کے میگا پروجیکٹس شامل ہوں گے۔

    مثال کے طور پر سعودی عرب کے بنیادی ڈھانچے کے 7 بڑے منصوبوں کی تعمیر پر 690 بلین ڈالر کی لاگت آئے گی، ان منصوبوں میں نیوم، روشن، الدرعیہ گیٹ، جدہ سینٹرل، بحیرہ احمر پراجیکٹ، العلا اور القدیہ شامل ہیں۔

    رپورٹ میں مزید پیش گوئی کی گئی ہے کہ مشرق وسطیٰ اور یورپ کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری 2023 میں ریکارڈ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کی سطح کو آگے بڑھائے گی۔

    رپورٹ کے مطابق عالمی کارپوریٹس اور فنڈز تیزی سے خطے میں اپنی جڑیں بنا رہے ہیں اور ٹیلنٹ کی منتقلی جاری ہے، سنہ 2023 مشرقِ وسطیٰ میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کے لیے ایک اور ریکارڈ سال ہونے کی توقع ہے۔

    رپورٹ میں خطے میں موجودہ شراکت داری میں ایک اہم تبدیلی کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے کیونکہ برطانیہ کی فرمز مشرق وسطیٰ میں مشترکہ منصوبوں کا دوبارہ جائزہ لیں گی تاکہ ان کی مطابقت کا تعین کیا جا سکے۔

  • سعودی عرب: ٹکٹ خریدنے کے ساتھ ویزا بھی ملے گا

    سعودی عرب: ٹکٹ خریدنے کے ساتھ ویزا بھی ملے گا

    ریاض: سعودی عرب میں سیاحتی ویزوں کے حوالے سے نیا اعلان کردیا گیا، 96 گھنٹوں کے ویزے پر عمرہ بھی کیا جاسکے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) کے ترجمان عبد اللہ الشہرانی کا کہنا ہے کہ سیاحت اور عمرے کی غرض سے سعودی عرب آنے والوں کے لیے ویزے کی سہولت جلد فراہم کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مملکت آنے کے لیے ٹکٹ خریدتے وقت 96 گھنٹے کا ویزا جاری کروایا جا سکے گا۔

    ترجمان کے مطابق سعودی وژن 2030 کے تحت السعودیہ کی پروازوں کے مسافروں کو ٹکٹ خریدتے وقت سیاحتی ویزا جاری کروانے کی سہولت دی جائے گی۔

    اس حوالے سے ڈیجیٹل سسٹم کو جلد مؤثر کیا جائے گا، سعودی وژن کے مطابق مملکت زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاحوں کو اپنے ہاں آنے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیاحتی ویزے کا دورانیہ چار دن کا ہوگا، اس پر عمرہ بھی کر سکتے ہیں، تقریبات اور پروگراموں میں شرکت کی جا سکتی ہے۔ سعودی عرب کے کسی بھی شہر آ جا سکتے ہیں۔

    السعودیہ نے اس سلسلے میں متعدد سرکاری اداروں مثلاً وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت حج و عمرہ اور ضیوف الرحمان پروگرام سے تعاون حاصل کیا ہے۔

    عبداللہ الشہرانی کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال کے دوران بین الاقوامی پروازوں میں 40 فیصد اضافہ کیا جائے گا جبکہ داخلی پروازوں کے لیے 5 لاکھ مزید نشستیں بڑھائی جائیں گی۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ سنہ 2023 کے دوران السعودیہ کے فضائی بیڑے میں 10 نئے طیاروں کا اضافہ ہوگا، سات ایئر بسز 321 نیو اور 3 بوئنگ شامل کیے جائیں گے۔

  • عمرہ زائرین کے لیے جدید ’ہینڈ فری‘ چھتری

    ریاض: سعودی نوجوانوں نے عمرہ زائرین کے لیے ایسی چھتری تیار کی ہے جو جسم کے ساتھ منسلک ہوجاتی ہے اور کم جگہ گھیرتی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی نوجوانوں پر مشتمل ایک گروپ نے عازمین حج کی سہولت کے لیے ہینڈ فری چھتری کی تیاری میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

    ہینڈ فری چھتری کے ماڈلز کو جدہ سپر ڈوم میں ہونے والی حج و عمرہ نمائش و کانفرنس میں بھی متعارف کروایا گیا ہے، چھتری کو بڑی تعداد میں لوگوں نے پسند کیا۔

    ہینڈ فری چھتری تیار کرنے والے گروپ کے سربراہ عبد اللطیف السبیعی کا کہنا ہے کہ چھتری تیار کرنے کی بنیادی سوچ حجاج کو خانہ کعبہ کا طواف کرتے دیکھ کر آیا۔

    انہوں نے کہا کہ دوران طواف اور مشاعر مقدسہ میں دھوپ سے بچنے کے لیے چھتری استعمال کرنا ہوتی ہے، روایتی چھتری کے کافی نقصانات ہیں۔ یہ تیز ہوا سے ٹوٹ جاتی ہے جبکہ اس کے نکلے ہوئے تار دوسروں کو لگتے ہیں جس سے مشکل پیش آتی ہے۔

    عبد اللطیف نے مزید کہا کہ چھتری کے آئیڈیے کو عملی شکل میں ڈھالنے میں 3 سے 4 برس کا عرصہ لگا، کوشش تھی کہ ایک ایسی چیز تیار کی جائے جسے استعمال کرنا آسان ہو اور اس کے فوائد زیادہ ہوں۔

    گروپ میں شامل ایک اور ممبر نے کہا کہ ہینڈ فری چھتری کا استعمال انتہائی آسان ہے، اس کے ساتھ جو بیلٹ دی گئی ہے وہ آسانی سے کمر کے گرد کسی جاتی ہے جس کی وجہ سے چھتری کو ہاتھ میں اٹھائے نہیں پھرنا پڑتا۔

    علاوہ ازیں اسے جس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے اس سے دوسرے لوگوں کو بھی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

  • سعودی عرب میں موسلا دھار بارشیں: کیا بادلوں کو منتشر کرنے پر کام ہورہا ہے؟

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مملکت میں موسلا دھار بارش کے پیش نظر بادلوں کو منتشر کرنے کی افواہوں میں کسی قسم کی حقیقت نہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی کا کہنا ہے کہ مملکت میں بادلوں کو منتشرکرنے کا کوئی عملی پروگرام نہیں ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بادلوں کو منتشر کرنے کی افواہیں عام طور پر موسم برسات میں پھیلائی جاتی ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ مملکت میں کلاؤڈ سیڈنگ کا پروگرام ہے جس کا مقصد بارش کے امکانات میں اضافہ کرنا ہے، کیونکہ ہمارے یہاں بہت بڑا صحرائی علاقہ ہے جہاں پانی کے ذخیروں کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔ یہ پانی بارش سے اکھٹا کیاجاتا ہے۔

    خیال رہے کہ سوشل میڈیا پرکچھ دنوں سے ایسی اطلاعات گردش کر رہی تھیں جن میں کہا جارہا تھا کہ مصنوعی بارش یعنی کلاؤڈ سیڈنگ کی طرح مملکت میں بادلوں کو منتشر کرنے پر بھی کام ہو رہا ہے۔

  • حج اور عمرہ سے متعلق مزید سہولیات فراہمی کا منصوبہ

    حج اور عمرہ سے متعلق مزید سہولیات فراہمی کا منصوبہ

    ریاض: سعودی عرب میں حج اور عمرہ سے متعلق تمام سہولیات ڈیجیٹلی فراہم کرنے کے لیے کام جاری ہے، عازمین حج ای ویزا کے لیے درخواست دینے سے لے کر ہوٹلوں اور پروازوں کی بکنگ تک آسانی سے پورے دورے کا انتظام کر سکتے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق برطانوی حجاج کی کونسل کے سی ای او راشد موگرادیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں حج اور عمرہ شعبے کی تمام سطحوں پر بڑی ڈیجیٹل تبدیلی، خدمات کی فراہمی کو ہموار اور عازمین حج کے تجربات میں اضافہ کرے گی۔

    جدہ میں حج ایکسپو 2023 سے خطاب کرتے ہوئے راشد موگرادیا کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کر بہت اچھا محسوس ہوا کہ خدمت فراہم کرنے والے ایسی مصنوعات اور خدمات تخلیق کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں جو عازمین حج کے تجربات کو بڑھاتی ہیں۔

    یاد رہے کہ عازمین کے لیے حج کو آسان بنانے کے لیے مفت اسمارٹ کارڈ شروع کرنے کے منصوبے کی رونمائی حج ایکسپو میں کی گئی، کارڈ میں عازمین حج کی ذاتی معلومات ہوں گی اور اسے الیکٹرانک ایپلی کیشن سے منسلک کیا جائے گا۔

    کارڈ کی ڈویلمپنٹ وزارت حج و عمرہ اور اوقاف کی جنرل اتھارٹی کے درمیان ایک معاہدے کے بعد ہوئی ہے۔

    راشد موگرادیا کا کہنا تھا کہ ایکسپو میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ ملنا اور نئے لوگوں کے ساتھ جڑنا بہت اچھا رہا، نسک کا انٹر ایکٹو پویلین خاص طور پر متاثر کن تھا۔

    واضح رہے کہ نسک عمرہ زائرین کی منصوبہ بندی اور بکنگ کا باضابطہ پلیٹ فارم ہے جسے گزشتہ سال وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے شروع کیا تھا۔

    نسک کے ساتھ دنیا بھر کے عازمین حج ای ویزا کے لیے درخواست دینے سے لے کر ہوٹلوں اور پروازوں کی بکنگ تک آسانی سے پورے دورے کا انتظام کر سکتے ہیں۔

    راشد موگرادیا کا کہنا تھا کہ نسک بہت جلد بین الاقوامی عازمینِ حج کے لیے ایک آن لائن حج پورٹل کے لیے تیار ہے جس سے لوگ براہ راست پیکجز کا انتخاب اور بکنگ کر سکیں گے۔