Tag: ریاض

  • سعودی عرب میں نیا قانون منظور، تارکین وطن رشتے داروں کو عمرہ ویزا پر بلاسکیں گے

    سعودی عرب میں نیا قانون منظور، تارکین وطن رشتے داروں کو عمرہ ویزا پر بلاسکیں گے

    ریاض: سعودی عرب نے مملکت میں مقیم شہری اور تارکین وطن کو خوشخبری سنادی جس کے مطابق غیرملکی شہری اپنے رشتے داروں کو عمرہ ویزا پر بلاسکیں گے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکام نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے شہری اور ملک میں مقیم تارکین وطن اپنے قریبی رشتے داروں کے لیے عمرہ ویزا جاری کرسکیں گے، وزارت حج عمرہ کے سیکریٹری ڈاکٹرعبدالعزیز وزان نے بتایا کہ ویزے سے متعلق اس نئے قانون کو بہت جلد نافذ کیا جائے گا۔

    نئے قانون کے مطابق سعودی عرب میں مقیم تمام تارکین وطن اپنے تین سے پانچ رشتے داروں کو عمرہ ویزا جاری کرواسکتے ہیں، سعودی شہری اور غیرملکی سال میں تین مرتبہ اپنے عزیزوں کو عمرہ کے لیے سعودی عرب بلاسکیں گے۔

    عمرہ ویزا جاری کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ عمرے کے خواہش مند افراد اپنے ملک میں کسی عمرہ ایجنٹ سے پیکیج خریدتے ہیں اور اسی کے مطابق انہیں عمرہ ویزا جاری کیا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب: نئی ویزا پالیسی جاری کردی گئی

    ڈاکٹر عبدالعزیز وزان کے مطابق اس قانون کے شرائط کے تحت رشتے دار قریبی ہونے چاہئیں اور جن رشتے داروں کو عمرہ ویزا پر بلایا جائے گا ان کی مکمل میزبانی اور ان کے ویزے کی مدت ختم ہونے سے پہلے ان کی وطن واپسی کی ذمہ داری بھی ان کے قریبی عزیر پر ہوگی۔

    نئی پالیسی کے مطابق کسی بھی فلسطینی مسلمان کو اردن اور لبنان کے ویزے پر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جس سے لاکھوں فلسطینیوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ سال نومبر میں اپنی نئی ویزا پالیسی کے تحت فلسطینیوں پر حج اور عمرہ کی ادائیگی پر پابندی عائد کردی تھی۔

  • سعودی عرب کی الحائر جیل میں قیدی رشتہ ازدواج میں‌ منسلک

    سعودی عرب کی الحائر جیل میں قیدی رشتہ ازدواج میں‌ منسلک

    ریاض: سعودی عرب کی الحائر جیل میں ایک قیدی شادی کے بندھن میں بندھ گیا، شادی کی تقریب کے تمام تر انتظامات جیل انتظامیہ نے انجام دئیے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی جیل میں قید ایک قیدی کی شادی جیل حکام کی جانب سے دھوم دھام سے کرادی گئی، تقریب میں پولیس اہلکاروں سمیت قیدی کے قریبی رشتے داروں نے بھی شرکت کی، شادی کے تمام اتر انتظامات جیل انتظامیہ نے بخوبی انجام دئیے۔

    تقریب کے اختتام پردولہا دلہن کو نقدی کے علاوہ تحفے تحائف بھی پیش کیے گئے تھے، ریاستی سلامتی کے ادارے نے شادی کی تقریب کی تصاویر بھی جاری کیں۔

    جیل انتظامیہ کے مطابق قیدی کو اپنی نوبیہاتا دلہن کے ساتھ مہینے میں ایک بار تین سے پانچ گھنٹے ملاقات کا موقع بھی مل سکے گا۔

    مزید پڑھیں: میکسیکو کی جیل میں 63 قیدی رشتہ ازدواج میں منسلک

    سعودی عرب میں زیادہ تر افراد کی جانب سے جیل انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا گیا ہے جبکہ کچھ لوگوں کی جانب سے اس پر تنقید کی گئی ہے۔

    قبل ازیں مارچ 2016 میں بھی ایک اور قیدی کی اسی طرح کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں جیل انتظامیہ کی طرف سے تمام انتظامات کیے گئے تھے، دولہا قیدی کو اس وقت کے ولی عہد اور وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن تائف کی طرف سے نقد رقم کے علاوہ تحائف بھی دئیے گئے تھے۔

    یاد رہے کہ ریاض کی مرکزی جیل کا نام الحائر جیل ہے یہ ریاض شہر سے 29 کلو میٹر دور واقع ہے، اس کا افتتاح 1983 میں ہوا تھا، حکومت اسے جیل کے بجائے اصلاحیہ کا نام دیتی ہے، اصلاحیہ سے مراد وہ مقام جہاں منحرف لوگوں کی اصلاح کی جاتی ہے۔

  • سعودی عرب نے غیرملکیوں کے اہل خانہ کے لیے نئی شرط عائد کردی

    سعودی عرب نے غیرملکیوں کے اہل خانہ کے لیے نئی شرط عائد کردی

    ریاض: سعودی حکومت نے ملک میں کام کرنے والے غیرملکیوں کے اہل خانہ پر وزٹ ویزا کی تجدید کے لیے ہیلتھ انشورنس کی شرط عائد کردی۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے ملک میں کام کرنے والے غیرملکیوں کے اہل خانہ پر ہیلتھ انشورنس کی شرائط عائد کردیں، ہیلتھ انشورنس کی شرط کا اعلان گزشتہ روز ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹس کی جانب سے کیا گیا۔

    ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آئندہ جب غیرملکی ورکرز اپنے خاندان کے افراد کے وزٹ ویزے کی الیکٹرانک تجدید کرائیں گے تو انہیں انشورنس کا سرٹیفکیٹ بھی دکھانا ہوگا بصورت دیگر تجدید نہیں کی جائے گی۔

    اس نئی شرط کے حوالے سے جنرل سیکریٹریٹ آف دی کونسل آف کو آپریٹو ہیلتھ انشورنس اور نیشنل انفارمیشن کے اشتراک سے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: سعودی حکام کا غیرملکی سیاحوں کی ویزہ فری انٹری پرغور

    رپورٹ کے مطابق حج اور عمرہ ویزے اور سفارتی ویزے پر آنے والے وزیٹرز اس شرط سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    وزٹ ویزے کی تجدید کی مدت ختم ہونے میں 7 روز باقی ہونے سے لے کر مدت ختم ہونے کے تین دن بعد تک تجدید کروائی جاسکے گی۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں پہلے ہی غیرملکی ورکرز پر نئی شرائط لاگو کی جاچکی ہیں جس میں سالانہ فیس، غیرملکیوں کے کاروبار میں سعودی عرب کے مقامی لوگوں کی شمولیت شامل ہے۔

    سعودی عرب کے اس اقدام کے سبب بیشتر غیرملکی سعودی عرب چھوڑنے پر مجبور ہوچکے ہیں اور بعض تنہا سعودی عرب میں ملازمت کررہے ہیں اور اہل خانہ کو اپنے وطن واپس بھیج دیا ہے۔

  • ریاض : سعودی ایوی ایشن کی جانب سے ایئر شو کا انعقاد

    ریاض : سعودی ایوی ایشن کی جانب سے ایئر شو کا انعقاد

    ریاض : سعودی ایوی ایشن کی جانب سے اپنی نوعیت کی پہلی فضائی مظاہروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا جو کہ12مارچ سے14مارچ 2019 تک سعودی دارالحکومت ریاض میں ال تھمامہ ائیر پورٹ کے مقام پرجاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ال ترتھ فاؤنڈیشن کے بانی شہزادہ سلطان بن سلمان اور سعودی اسپیس کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چئیرمین نے اس نمائش کا آج باقاعدہ افتتاح کردیا۔

    افتتاحی تقریب میں امارات اور سعودی ائیر بس اے380 سمیت مختلف ممالک کے طیارے موجود ہیں، ایوی ایٹر اور اسٹنٹ طیاروں نے اپنی کارکردگی کے جوہر دکھاتے ہوئے فضا کو مختلف رنگوں سے سجا دیا۔

    نمائش میں سفیرِ پاکستان راجا علی اعجاز کے ساتھ پاکستانی سفارت خانے کے کمرشل اتاشی عامر حسین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ دنیا بھر سے مختلف بین الاقوامی کمپنیوں اور اداروں کے پندرہ سو سے زائد نمائندگان اس نمائش کا حصہ ہوں گے، جس میں گلوبل انڈسٹریل اور ڈیفینس سولوشن پاکستان کی جانب سے بھی اسٹال لگایا گیا ہے۔

    نمائش کا مقصد تجارتی، کاروباری اور ہوائی اڈوں کے بنیادی ڈھانچوں کو فروغ دینا ہے، مذکورہ جگہ پر سو سے زائد واحد اور جڑواں انجن کے ماڈلز، ٹربو پروپس اور ایگزیکٹو طیاروں کی نمائش بھی کی جائے گی۔

    اس موقع پر سفیرِ پاکستان راجہ علی اعجاز کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس نمائش سے پاک سعودی مشترکہ فضائی تعلقات کو وسیع پیمانے پر فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔

  • پہلے بین الاقوامی سہہ روزہ ایئر شو کا انعقاد آج سے ریاض میں ہوگا

    پہلے بین الاقوامی سہہ روزہ ایئر شو کا انعقاد آج سے ریاض میں ہوگا

    ریاض : سعودی عرب میں پہلے بین الاقوامی سہہ روزہ ایئر شو کا انعقاد آج سے ہوگا، ایئرشو میں دنیا بھر سے750نمائش کنندگان شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر ریاض میں پہلے بین الاقوامی سہہ روزہ ایئر شو کا انعقاد آج بروز منگل سے ہوگا، سعودی ایئر شو12تا14مارچ تک جاری رہے گا۔

    مذکورہ ایئرشو اپنی نوعیت کی پہلی ایوی ایشن اور ایئراسپیس نمائش ہے، ایئر شو کا انعقاد التھومامہ ایئرپورٹ ریاض میں کیا جائے گا، نمائش میں چیئرمین سعودی اسپیس اتھارٹی شہزادہ سلطان بن سلمان شریک ہوں گے۔

    اس کے علاوہ سعودی ایئرشو میں دنیا بھر سے750نمائش کنندگان اور1500کمپنیوں کے مندوب شرکت کریں گے، ایئرشو کا مقصد کمرشل، بزنس، جنرل ایوی ایشن، ایئرپورٹ انفرا اسٹرکچر کا فروغ ہے۔

  • سعودی عرب میں میوزیکل انسٹیٹیوٹ کے قیام پر غور

    سعودی عرب میں میوزیکل انسٹیٹیوٹ کے قیام پر غور

    ریاض: سعودی عرب کی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل شیخ نے کہا ہے کہ وہ مملکت میں موسیقی کے فروغ کے لیے ایسے ادارے قائم کرنے پر غور کررہے ہیں جن میں باقاعدہ موسیقی کی تربیت فراہم کی جائے گی۔

    عرب میڈیا کے مطابق ترکی آل شیخ نے ان خیالات کا اظہار ریاض میں قائم شاہ فہد کلچرل سینٹر میں منعقدہ ایک میوزیکل شو کے موقع پر فنکاروں اور موسیقاروں سے ملاقات کے دوران کیا۔

    شاہ فہد کلچرل سینٹر میں ہونے والے موسیقی پروگرام میں 15 سعودی ستاروں نے شرکت کی اور سعودی عرب میں موسیقی کی 50 سال پرانی یاد تازہ کی گئی۔

    اس موقع پر سعودی فنکاروں نے مرحوم گلوکار ابوبکر سالم بلفقیہ کو خراج عقیدت پیش کیا، پروگرام میں ابوبکر سالم کا نغمہ ہولو گرام کے ذریعے پیش کرکے 50 سال پرانی یاد تازہ کی گئی۔

    پروگرام میں سعودی موسیقار احمد فتحی کے نغمے کی ریکارڈنگ سنائی گئی، تقریب میں دیگر فنکاروں عبداللہ الرویش، محمد عبدہ، عبادی الجوہر، ابوبکر سالم کے صاحبزادے اصیل ابوبکر اوردیگر نے بھی فن کے جوہر دکھائے۔

    پروگرام میں انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل شیخ نے ابوبکر سالم کے صاحبزادے سے ملاقات کی اور کہا کہ وہ ملک میں موسیقی کے فروغ کے لیے میوزیکل انسٹیٹیوٹ قائم کرنے پر غور کررہے ہیں۔

  • عالمی برادری شام کا بحران ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرے، عادل الجبیر

    عالمی برادری شام کا بحران ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرے، عادل الجبیر

    ریاض: سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے کہا ہے کہ عالمی برادری شام کا بحران ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے کہا کہ اس بات کی توقع کی جارہی ہے کہ شام کی خود مختاری اور یکجہتی کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور غیرملکی فورسز کو وہاں سے دور کردیا جائے گا، عالمی برادری بھی شام کا بحران ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔

    مسئلہ فلسطین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم ایسے حل کا مطالبہ کرتے ہیں جس میں بین الاقوامی قراردادوں اور 1967 کی سرحدوں کے مطابق فلسطینیوں کے حقوق کی ضمانت شامل ہو۔

    عادل الجبیر نے کہا کہ یمن میں آئینی حکومت کے شانہ بشانہ سعودی عرب کا موقف بھی واضح ہے، سعودی عرب حوثیوں کی ان خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے جو ایران کی سرپرستی میں کی جارہی ہیں۔

    مزید پڑھیں: شام میں بارودی سرنگ کا دھماکا، 20 افراد ہلاک

    سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب یمنی عوام کے لیے ہر قسم کی سپورٹ فراہم کررہا ہے تاکہ ان کی مشقت کو دور کیا جاسکے، انسانی حقوق سے متعلق ایرانی خلاف ورزیوں بالخصوص الاہواز کے علاقے میں ان کے ارتکاب کو روکا جائے۔

    دوسری جانب یمن میں سعودی عرب کے سفیر محمد الجابر نے کہا کہ یمن میں امن کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں، سعودی عرب یمن کے سیاسی حل اور اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس کی تمام تر کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ الحدیدہ میں اجلاس کے دوران آئینی حکومت کے وفد نے بین الاقوامی مبصرین کی ٹیم کے سربراہ کو حوثیوں کی جانب سے فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

  • امریکا میں سعودی عرب کی نئی سفیر ریما بنت بندر کون ہیں؟

    امریکا میں سعودی عرب کی نئی سفیر ریما بنت بندر کون ہیں؟

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شاہی خاندان کی شہزادی ریما بنت بندر کو امریکا میں سفیر مقرر کیا ہے انہیں سعودی عرب میں وزیر کا پروٹوکول حاصل ہوگا۔

    عرب میڈیا کے مطابق شہزادی ریما بنت بندر کو امریکا میں تعینات شہزادہ خالد بن سلمان کی جگہ سفیر مقرر کیا گیا ہے، شہزادہ خالد بن سلمان کو سعودی عرب میں نائب وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے۔

    شہزادی ریما 24 اکتوبر 1983 کو امریکا میں اپنے والد شہزادہ بندر بن سلطان کے ہمراہ واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے میں داخل ہوئیں، شہزادی ریما کے والد نے 22 سال تک دونوں ملکوں کے اہم تاریخی ادوار میں سفارت کاری کے فرائض انجام دئیے۔

    امریکا میں قیام کے دوران شہزادی ریما نے سفارتی آداب و رموز اپنے والد شہزادہ بندر سلطان سے سیکھے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں کامیابی کے ساتھ خدمات انجام دیں، ان کی جرأت ہمت اور سفارتی رموز سے آگاہی کی بنا پر امریکا جیسے طاقت ور ملک میں انہیں سفیر مقرر کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر امریکا میں تعینات

    شہزادی ریما متعدد سرکاری اسپورٹس کمیٹیوں کی سربراہ رہنے والی پہلی سعودی خاتون ہیں، انہوں نے تعلیمی اداروں میں بچیوں کے لیے اسپورٹس کی تعلیم متعارف کرائی اور خواتین کو کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی ترغیب دی۔

    شہزادی ریما نے امریکا میں سفیر مقرر کیے جانے پر سعودی فرمانروا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے اعتماد کا اظہار کرنے پر ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکا میں پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گی اور سفارتی محاذ پر سعودی عرب کا ہر ممکن دفاع کریں گی۔

  • سعودی عرب کے تعلیمی اداروں میں چینی زبان سکھانے کے منصوبے کا آغاز

    سعودی عرب کے تعلیمی اداروں میں چینی زبان سکھانے کے منصوبے کا آغاز

    ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ چین کے موقع پر جہاں دونوں ملکوں میں اقتصادی تعاون کے فروغ کے کئی معاہدے طے پائے  وہیں سعودی عرب کے تعلیمی اداروں میں چینی زبان سکھانے کے منصوبے کا بھی آغاز ہورہا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے تعلیمی اداروں میں چینی زبان سکھانے کے منصوبہ کا مقصد چین کی اہمیت اور دونوں ملکوں کے درمیان جاری تعلقات کو مستقبل میں مزید مستحکم کرنا ہے تاکہ دونوں ملک مستقبل میں ایک دوسرے کی اقتصادی قوت اور سرمایہ کاری کے موقع پر بھرپور طریقے سے استفادہ کرسکیں۔

    سعودی عرب چینی کلچر اور ثقافت سے آگاہی کے لیے چینی طلباء کو اپنے ہاں تعلیم کے حصول کی اجازت دے گا اور ویژن 2030 کے اہداف کے حصول کے لیے سعودی عرب میں چینی زبان سے آگاہی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد دیوار چین کے مناظر دیکھ کر حیران، ویڈیو وائرل

    مبصرین کا خیال ہے کہ سعودی عرب میں چینی زبان سکھانے کے کورسز کا آغاز دونوں ملکوں میں تعلیمی افق میں اہم پیش رفت ثابت ہوں گے، چینی زبان سعودی اور چینی قوموں کے درمیان پل کا کام کرے گی، اور دونوں قوموں کے درمیان تجارتی روابط میں اضافہ ہوگا۔

    سعودی عرب کے تعلیمی اداروں میں چینی زبان سکھانے سے یہ واضح ہورہا ہے کہ سعودی عرب بیجنگ کو کس قدر اقتصادی اہمیت دیتا ہے، چین سعودی عرب کے لیے بہت بڑا اقتصادی شراکت دار ہوسکتا ہے، چین اس وقت دنیا کی دوسری بڑی معاشی طاقت ہے اور سعودی عرب چینی اقتصادی حجم سے بھرپور فائدہ اُٹھا سکتا ہے۔

    مبصرین کے مطابق سعودی عرب میں چینی زبان سکھانے کے کورسز سے 50 ہزار افراد کو روزگار ملے گا جبکہ سالانہ 2 کروڑ چینی سیاح سعودی عرب میں سیاحت کی غرض سے آئیں گے۔

  • سعودی عرب میں ویزے سے قبل میڈیکل انشورنس لازمی قرار

    سعودی عرب میں ویزے سے قبل میڈیکل انشورنس لازمی قرار

    ریاض: سعودی حکام نے کسی بھی قسم کے ویزے کے حصول کے لیے میڈیکل انشورنس کو ضروری قرار دے دیا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی حکام بالا کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے ویزے کے حصول کے لیے میڈیکل انشورنس کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق حج اور علاج کی غرض سے آمد کے علاوہ تمام قسم کے ویزوں کے حصول کے لیے میڈیکل انشورنس کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے تاہم سفارتی پاسپورٹ کے حامل افراد اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    نئے فیصلے پر عمل درآمد تین ماہ کے بعد ہوگا، اس فیصلے کا مقصد سعودی عرب میں دوران قیام بیمار ہونے کی صورت میں مذکورہ شخص کے علاج کو ممکن بنانا ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی حکومت نے پاکستانیوں کے لیے ویزا فیس میں کمی کا اعلان کیا تھا، پاکستانیوں کے لیے فیسوں میں کمی کا اطلاق 15 فروری سے کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب نے پاکستانیوں کے لیے ویزا فیس میں کمی کا اعلان کردیا

    پاکستانی شہری پہلے سنگل انٹری کے لیے 2 ہزار ریال اور ملٹی پل انٹری کے لیے 3 ہزار ریال روپے ادا کرتے تھے۔

    پاکستانی شہری اب 2 ہزار ریال کی بجائے محض 338 ریال کی رقم ادا کرکے سعودی عرب کا ویزا باآسانی حاصل کرسکیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق سنگل انٹری فیس 338 ریال جبکہ ملٹی پل ویزا فیس 675 ریال کردی گئی ہے، دوسری جانب پاکستانی شہریوں نے بھی سعودی شہریوں اور تاجروں کے لیے ویزا فیس میں کمی کردی ہے، اس فیصلے کا اطلاق پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔