Tag: ریاض

  • سعودی عرب، ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق

    سعودی عرب، ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حادثہ گزشتہ شب پرانی ساحلی شاہراہ مکہ اللیث ہائی وے پر پیش آیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود ایک ہی خاندان کے 7 افراد کی قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔

    رپورٹ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں ایک شخص اور اس کی دو بیویاں، ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں، اس کے علاوہ گاڑی میں موجود 4 بیٹیاں زخمی ہوئیں۔

    حادثے میں جاں بحق افراد کو شہدائے حرم قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے جبکہ زخمی ہونے والی چار لڑکیاں اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

    ریسکیو اداروں کے مطابق حادثے کا شکار خاندان آبائی گاؤں سے چھٹیاں گزار کر واپس مکہ مکرمہ آرہا تھا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب میں اندوہناک ٹریفک حادثہ، ماں اور چار بچے جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں اندوہناک ٹریفک حادثے میں ماں اور چار بچے جاں بحق ہوگئے تھے، امارتی خاندان ہفتہ وار چھٹیاں منانے سعودی عرب پہنچا تھا۔

    اماراتی خاندان دو الگ الگ گاڑیوں میں سوار تھا جن میں سے ایک اُن کا بیٹا اور دوسری والد چلا رہے تھے۔ والد کے ساتھ گاڑی میں دو بھائی اور تین بہنیں جبکہ دوسری میں ماں اور بیٹا بیٹھے تھے۔

    اہل خانہ کے مطابق واقعہ ہائی وے پر اُس وقت پیش آیا جب دونوں گاڑیاں تیز رفتاری سے سفر طے کررہی تھیں کہ اچانک مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سامنے آگئی جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا۔

  • سعودی عرب: غیرملکی انجینئرز کے پیشہ تبدیل کرنے پر پابندی عائد

    سعودی عرب: غیرملکی انجینئرز کے پیشہ تبدیل کرنے پر پابندی عائد

    ریاض: سعودی عرب میں غیرملکی انجینئرز کے پیشہ تبدیل کرنے پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ پانچ برس سے کم تجربے والے غیرملکی انجینئرز ملازمت کے اہل نہیں ہوں گے۔

    عرب میڈیا کے مطابق وزارت محنت و سماجی بہبود اور سعودی انجینئرز کونسل کے مشترکہ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ سعودی عرب میں مقیم کسی غیرملکی انجینئرز کو اپنا پیشہ تبدیل کرنے کا اختیار نہیں ہوگا جبکہ 5 برس سے کم تجربے والے غیرملکی انجینئرز پر ملازمت کے دروازے بند کردئیے گئے ہیں۔

    انجینئرز کونسل کے چیئرمین سعد الشہرانی نے کہا کہ تعمیراتی شعبے میں سعودائزیشن پر عمل درآمد کی خاطر انجینئرنگ کے ہر ٹھیکے دار کو 10 فیصد سعودی انجینئرز تعینات کرنے کا پابند کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب ملازمتی پابندیاں، غیرملکیوں پر مزید 41 پیشوں کے دروازے بند

    ان کا کہنا تھا کہ نجی اور سرکاری کمپنیوں کے تعاون سے انجینئرز کے لیے روزگار ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ کمپنیوں کو مختلف شعبوں میں کتنے انجینئرز کی ضرورت ہے۔

    سعد الشہرانی نے کہا کہ جو لوگ سعودی عرب میں انجینئرنگ کے شعبے میں ملازمت کے خواہش مند ہیں ان کا سعودی مملکت میں آنے سے قبل ان کے آؓبائی وطن میں ہی امتحان لیا جائے گا اور اس امتحان میں پورا اترنے کے بعد ہی کوئی سعودی ادارہ یا فرم ویزہ جاری کرسکے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی غیرملکی انجینئر ڈگری حاصل کرنے کے فوراً بعد ہی سعودی عرب میں ملازمت کا اہل نہیں ہوگا، تجربے کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازمی ہوگا۔

  • سعودی عرب: نومنتخب گورنروں، وزراء اور ارکان شوریٰ نے حلف اُٹھا لیا

    سعودی عرب: نومنتخب گورنروں، وزراء اور ارکان شوریٰ نے حلف اُٹھا لیا

    ریاض: سعودی عرب میں نو منتخب گورنروں، وزراء اور مجلس شوریٰ کے ارکان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ہمراہ اپنے اپنے عہدوں کا حلف اُٹھا لیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب دارالحکومت ریاض میں الیمامہ شاہی محل میں منعقد ہوئی جس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔

    عہدوں کا حلف اُٹھانے والوں میں وزیر مملکت شہزادہ ترکی بن محمد فہد بن عبدالعزیز، نیشنل گارڈ کے وزیر شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز، وزیر مملکت عبداللہ مبارک، وزیر تعلیم حمد بن محمد الشیخ شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب، وزارتی کونسل میں ردوبدل، وزیر خارجہ تبدیل

    عہدوں کا حلف اُٹھانے والے دیگر وزراء میں وزیر اطلاعات ترکی بن عبداللہ الشبانہ، اسیر کے گورنر شہزادہ ترکی بن طلال بن عبدالعزیز، گورنر الجوف شہزادہ فیصل بن نواف بن عبدالعزیز، مجلس شوریٰ کے ارکان محمد بن حمود المزید اور محمد عسیری شامل ہیں۔

    یہ پڑھیں: شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو نیشنل گارڈ کا وزیر کیوں مقرر کیا گیا

    اس موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نو منتخب عہدیداروں کو ان کے فرائض منصبی کی انجام دہی کے لیے خصوصی ہدایات بھی دیں۔

  • سعودی عرب میں دریافت قدرتی غاروں کو سیاحتی مقامات میں شامل کرنے کی تیاری

    سعودی عرب میں دریافت قدرتی غاروں کو سیاحتی مقامات میں شامل کرنے کی تیاری

    ریاض: سعودی جیولوجیکل سروے نے ملک میں دریافت قدرتی غاروں کو سیاحتی مقامات میں شامل کرنے کی تیاری شروع کردی۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی جیولوجیکل سروے اتھارٹی کے سرکاری ترجمان طارق اباالخیل نے بتایا کہ اتھارٹی کئی غاروں کو سیاحوں کے لیے پرکشش بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    جیولوجیکل سروے اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ان میں بعض غاروں کی عمر تین کروڑ برس سے بھی زیادہ ہے جبکہ جیولوجیکل سروے کے ماہرین نے تفصیلی مطالعاتی تحقیق کے بعد ان غاروں کا انکشاف کیا ہے۔

    طارق اباالخیل نے کہا کہ 250 سے زیادہ غاروں کے انکشاف کے علاوہ ہزاروں غیر دریافت شدہ غاروں کے وجود کے ساتھ مملکت میں ماحولیاتی اور ارضیاتی سیاحت میں ترقی دیکھی جارہی ہے، ہمیں چاہئے کہ اس قدرتی دولت کی حفاظت کریں جو مملکت کو مالا مال بناتی ہے۔

    مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جبل اللوز آمد، تصاویر وائرل

    دوسری جانب سعودی جیولوجیکل سروے اتھارٹی میں غاروں کے شعبے کے سربراہ محمود الشنطی نے ان قدرتی غاروں کو قومی دولت قرار دیا جس میں نادر نوعیت کی ماحولیاتی سیاحت کے لیے عناصر اکٹھا ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ان میں بعض غاروں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں اکیڈمک اسٹڈیز اور سائنسی ریسرچ کے کام میں بھی لایا جاسکتا ہے۔

  • شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو نیشنل گارڈ کا وزیر کیوں مقرر کیا گیا

    شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو نیشنل گارڈ کا وزیر کیوں مقرر کیا گیا

    ریاض : شاہ سلمان نے مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو ریاست کی اہم ترین وزارت نیشنل گارڈز کا وزیر مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں سعودی کابینہ کی ازسر نو تشکیل عمل میں لائی گئی ہے، دو روز قبل ہونے والے اجلاس میں کئی وزراء کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق شاہ سلمان کی جانب سے سعودی عرب کے نیشنل گارڈز کا قلمدان سعودی شہزادے عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز کو سونپا گیا ہے۔

    شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز وزیر نیشنل گارڈ سے قبل بیک وقت مکہ مکرمہ کے ڈپٹی گورنر اور شاہ سلمان یوتھ سینٹر کے چیئرمین تھے۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے دو برس تک نائب گورنر کی حیثیت سے حج امور کی برائے راست نگرانی کرتے رہے ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ نوجوان شہزادے کو اہم تقریبات میں کئی مرتبہ ولی عہد محمد بن سلمان کے ہمراہ دیکھا گیا ہے اور سعودی حکومت نوجوان شہزادے کی کارکردگی سے مطمئن ہے جس کے باعث انہیں نیشنل گارڈز کی اہم ترین وزارت کا قلم دان سونپا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ وزارت نیشنل گارڈز انتہائی اہم ہے جس کا کام سعودی عرب کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایک ماہ تک جاری رہنے والے الجنادریہ ثقافتی میلے کی سیکیورٹی ذمہ داری بھی نیشنل گارڈز کے ذمہ ہوتی ہے، الجنادریہ ثقافتی میلے کا انعقاد سعودی حکومت کی جانب سے کیا جاتا ہے جو ریاست کا اہم ترین ثقافتی میلہ ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب، وزارتی کونسل میں ردوبدل، وزیر خارجہ تبدیل

    عرب میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ، اطلاعات اور تعلیم، انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس اور اسپیس اتھارٹی کے سربراہ سمیت کئی سربراہوں کو تبدیل کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب میں بارشوں کا 25 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    سعودی عرب میں بارشوں کا 25 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    ریاض : سعودی عرب میں بارشوں کا پچیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، ہلاکتوں کی تعداد تک تیس تک پہنچ گئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

    عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے مختلف شہروں میں گزشتہ تین روز سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں اہم شاہراہیں، انڈر پاس، پبلک مقامات سمیت کئی جگہیں زیر آب آگئی ہیں۔

    سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اورجدہ میں طوفانی بارشوں سے سیلابی پانی گھروں اور عمارتوں میں داخل ہوگیا اور سیکڑوں گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث نظام زندگی معطل ہوگئی تھی، موسلا دھار بارشوں کے باعث سڑکیں اور انڈر پاسز زیر آب آگئیں تھیں۔

    دوسری جانب کویت اردن میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے اور کئی گھر اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، اردن میں سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں بارہ افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ دو ہفتوں سے جاری بارشوں سے درجنوں افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔

  • سعودی عرب: چچا زاد بھائی کے سفاک قاتل کا سر قلم کردیا گیا

    سعودی عرب: چچا زاد بھائی کے سفاک قاتل کا سر قلم کردیا گیا

    ریاض: سعودی عرب میں چار سال قبل اپنے چچا زاد بھائی کو بے دردی سے قتل کرنے والے جنگجو گروپ داعش کے ایک رکن کا سر قلم کردیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے سعودی شہری ماجد سعد بن رضی کا سر قلم کرنے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔

    [bs-quote quote=”داعش کے جنگجو کی اس سفاکیت کے واقعے نے سعودی مملکت کے شہریوں کو خوف زدہ کردیا تھا” style=”style-6″ align=”left”][/bs-quote]

    استغاثہ کے مطابق داعش کا یہ جنگجو سعودی عرب کے علاقے حائل میں اپنے چچا زاد بھائی کو صحرائی علاقے میں لے گیا تھا، وہاں اس کو بے دردی سے قتل کردیا تھا اور پھر اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی تھی۔

    مجرم کو سعودی عدالت نے دہشت گردی کے جرائم میں قصور وار قرار دے کر سزائے موت سنائی تھی، اس کی جاری کردہ ویڈیو میں مقتول جان بخشی کی دہائی دے رہا تھا اور بار بار اس کو سعد کہہ کر پکار رہا تھا اور اس کو جان سے نہ مارنے کے واسطے دیتا رہا۔

    داعش کے جنگجو کی اس  واقعے نے سعودی مملکت کے شہریوں کو خوف زدہ کردیا تھا۔

    مجرم نے حال ہی میں دو پولیس اہلکاروں کے قتل کا بھی اعتراف کیا تھا اور صوبہ الشملی میں محکمہ ٹریفک کے ایک سارجنٹ عبدالسعود کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔

  • سعودی عرب: طوفانی بارش سے ریاض میں نظام زندگی مفلوج

    سعودی عرب: طوفانی بارش سے ریاض میں نظام زندگی مفلوج

    ریاض: سعودی عرب میں تیز اور موسلا دھار طوفانی بارش نے دار الحکومت ریاض میں نظامِ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا، اہم شاہراہیں پانی سے بھر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض میں گزشتہ روز موسلا دھار طوفانی بارش سے معمولاتِ زندگی معطل ہو گئے، جمعے کے روز دار الحکومت اور گرد و نواح میں بادل خوب جم کر برسے۔

    [bs-quote quote=”گاڑیاں پانی میں بہنے لگیں جن میں موجود افراد کو زندہ نکال لیا گیا” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    تیز بارش سے انڈر پاسز میں پانی جمع ہونے کے باعث دریاؤں کا منظر پیش کرتے رہے، جب کہ درجنوں گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں، جمعے کو 3 بجے کے قریب بادلوں نے گھن گرج کے ساتھ برسنا شروع کیا اور چاروں جانب پانی ہی پانی ہوگیا۔

    شہر کے گرد میلوں پر محیط روڈ پر بارش کے دوران ٹریفک جام ہو گیا اور کچھ ہی دیر میں پانی بھرتا چلا گیا، انڈر پاسز کے قریب گاڑیاں پانی میں بہنے لگیں جن میں موجود افراد کو زندہ نکال لیا گیا، تاہم چند افراد کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

    طوفانی بارش کے باعث کئی جگہوں پر سائن بورڈ بھی زمین بوس ہو گئے، صناعیہ قدیم میں نشیبی علاقہ ہونے کی وجہ سے پانی بھر گیا جس میں پانی لوگوں کے گھروں میں بھی داخل ہوگیا جس سے لوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔


    یہ بھی پڑھیں:  سعودیہ میں‌ بنا دنیا کا سب سے بڑا واٹر پارک گنیز بُک آف ورلڈ میں شامل


    شہر کے دیگر اور پوش علاقوں میں بھی بارش کے پانی کی وجہ سے مسائل نے جنم لیا، انڈسٹریل ایریا میں بھی پانی جمع ہوا اور کئی وئیر ہاؤسز میں پڑا سامان متاثر ہوا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 10 روز تک موسم غیر یقینی رہے گا جب کہ آئندہ دنوں میں منطقہ شرقیہ اور تبوک ریجن میں بھی شدید بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

  • سعودی ریلوے ریاض سے الجوف تک نائٹ سروس شروع کررہی ہے

    سعودی ریلوے ریاض سے الجوف تک نائٹ سروس شروع کررہی ہے

    جدہ: سعودی ریلوے کمپنی (سار) نے اعلان کیا ہے کہ وہ ریاض سے الجوف تک کے لیے اپنی پہلی نائٹ ٹرین شروع کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ریلوے کا کہنا ہے کہ الجوف کے ریلوے اسٹیشن پر آپریشن سے متعلق تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور اسے پسنجر لائن میں نئے اور پانچویں اسٹیشن کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

    کمپنی کےمطابق اس نئی نائٹ ٹرین سے بدھ کے روز سے مستفیددہوسکیں گے ، ان میں خصوصی طور پر نائٹ کیبن بھی قائم کیے گئے ہیں اور یہ ریاض سے الجوف تک براستہ ہیل اور القاسم جائے گی۔

    سعودی ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس کی ہر کوچ میں چار مسافروں کی جگہ ہوگی جنہیں دورانِ سفر تکیہ ، کمبل اور وائی فائی فراہم کیا جائے گا۔ مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے پورے سفر میں سرونگ ٹیم بھی موجود رہے گی۔

    ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ مسافر جو روزانہ سفر کرتے ہیں یا طویل سفر اختیار کرتے ہیں ، ان کی سہولت کے لیے کمپنی کی ویب سائٹ، موبائل ایپ اور کسٹمر سروس سنٹر ز پر ٹکٹس بک کرانے کی سہولت موجود ہے۔

    یاد رہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان کا ویژن 2030 سعودی عرب کو ایک ایسی ہائی ٹیک ریاست میں تبدیل کرنے کا عزم ہے جس کے تحت سعودی عرب تیل کی پیدا وار پر انحصار ختم کرتے ہوئے جدید معاشی ذرائع پر انحصار کرے گا۔

    محمد بن سلمان کا یہ آئیڈیا انہیں سعودی نوجوانوں میں بے پناہ مقبول کررہا ہے اور جمال خاشقجی اور سعودی شہزادوں کی حراست جیسے واقعات کے باوجود انہیں تاحال اپنے عوام کی حمایت حاصل ہے۔

    رواں ہفتے کے آغاز پر انہوں نےجوہری ری ایکٹر کا سنگِ بنیاد رکھا تھا، یہ تقریب عبدالعزیز سٹی برائے سائنس اور ٹیکنالوجی ( کے اے سی ایس ٹی) میں منعقد ہوئی تھی۔

    اس موقع پر سعودی ولی عہد نے سات انتہائی اہم منصوبوں کا بھی افتتاح کیا تھا۔ یہ  تمام منصوبے قابلِ تجدید توانائی ، پانی صاف کرنے ، جینیٹک ادویہ اور طیارہ سازی کی صنعت سے متعلق تھے۔

  • ریاض : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی مسیحی وفد سے ملاقات

    ریاض : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی مسیحی وفد سے ملاقات

    ریاض : مشرق وسطیٰ اہم اسلامی ریاست سعودی عرب میں مسیحی برادری کے ایجنلی فرقے کے ایک وفد نے دارالحکومت ریاض میں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں بسنے والی مسیحی آبادی کا ایک وفد ان دنوں مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہے، عیسائیوں کے ایک فرقے ایجنلی کے وفد نے سعودی ولی عہد بن سلمان سے ملاقات کے دوران مذہبی روادری کے حوالے سے گفتگو کی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایجنلی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر بالخصوص مشرق وسطیٰ میں دہشت گردی کے خاتمے، برداشت، روادری امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلم امہ اور مسیحی برادری کو مشترکا طور پر کام کرنا ہوگا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایجنلی عیسائیوں کے وفد سے ملاقات کے موقع سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر، عالم اسلام رابطہ کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد عیسیٰ اور امریکا میں تعینات سعودی سفیر خالد بن سلمان بھی موجود تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں انجیلی عیسائیوں کی تعداد تقریباً ساٹھ کروڑ ہیں، جو غیر جانب دار ممالک میں کثیر تعداد میں آباد ہیں۔

    خیال رہے کہ انجیلی عیسائیوں کے الگ سفارت خانے ہیں جبکہ دنیا کے 85 ممالک میں نمائندہ دفاتر اور 160 مملکتوں میں سرگرمیاں موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں بسنے والے انجیلی عیسائی اسرائیل کے حامی و مددگار ہیں، جو اسرائیل کی سیاسی، اخلاقی اور مالی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیتے ہیں۔