Tag: ریس

  • چین نے تاریخ رقم کر دی، انسانوں اور روبوٹس میں پہلی میراتھن ریس کس نے جیتی؟

    چین نے تاریخ رقم کر دی، انسانوں اور روبوٹس میں پہلی میراتھن ریس کس نے جیتی؟

    بیجنگ: ایک طرف انسان تو دوسری طرف روبوٹس، چین میں پہلی بار انسانوں کے ساتھ روبوٹس نے میراتھن میں دوڑ لگائی۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے دارالحکومت بیجنگ میں 10 ہزار افراد نے ایک ٹریک پر جب کہ انسان نما روبوٹس نے دوسرے ٹریک پر مقابلہ کیا، ریس میں 21 روبوٹس نے حصہ لیا، ریس کے دوران روبوٹس گرتے پڑتے رہے، تاہم روبوٹس میں تیانگونگ الٹرا نامی روبوٹ نے ریس جیتی۔

    روبوٹ تیانگونگ الٹرا نے بیجنگ میں ’’ای ٹاؤن ہیومنائیڈ روبوٹ ہاف میراتھن‘‘ 2 گھنٹے 40 منٹ میں مکمل کی، تاہم اس کے مقابلے میں ایک انسانی ریسر نے صرف ایک گھنٹہ 11 منٹ اور 7 سیکنڈز کے سب سے کم وقت میں یہ ریس جیت لی۔چین روبوٹ میراتھن

    دنیا کی پہلی انسانی اور ہیومنائیڈ روبوٹ ہاف میراتھن 21 کلومیٹر یا تقریباً 13 میل کی دوڑ تھی، جس میں دس ہزار انسانوں کے ساتھ ساتھ اکیس بائی پیڈل روبوٹس بھی حصہ لے رہے تھے۔ ماہرین نے کہا روبوٹس میں تیانگونگ الٹرا کی کارکردگی اس لیے بہتر رہی کہ اس کی ٹانگیں اور بازو انسانوں جیسے بنائے گئے جو ریس میں حصہ لیتے ہیں۔


    جہاز بھر بھر کے آئی فونز واپس امریکا بھیج دیے گئے


    ریس کے دوران انسانی ریسرز کے لیے راستے میں پانی اور اسنیکس موجود تھے، جب کہ روبوٹس کو بیٹریوں اور تکنیکی آلات سے ریفریش کیا گیا۔ امدادی اسٹیشنوں پر موجود روبوٹ آپریٹ کرنے والے انجینئرز ان کی فوری مرمت کرتے دکھائی دیے۔

    یہ ہاف میراتھن بیجنگ حکومت کی طرف سے AI اور روبوٹس کے فروغ کے منصوبے کا ایک حصہ تھی، چین مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری بڑھا کر اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ امریکا کے خلاف اپنی تکنیکی طاقت کو بڑھانے کی کوشش میں ہے۔


  • کیا یوسین بولٹ کا ریکارڈ ایک عام آدمی نے توڑ دیا؟

    کیا یوسین بولٹ کا ریکارڈ ایک عام آدمی نے توڑ دیا؟

    نئی دہلی: بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ چاولوں کے کھیت میں ہونے والی ایک ثقافتی ریس میں ایک بھارتی شخص نے، عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ یوسین بولٹ کا تیز دوڑنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

    بھارتی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ مزدور سری نواسا نے روایتی کمبالا نامی علاقائی ریس میں حصہ لیا جس میں شامل افراد، چاول کے کھیت میں 2 بھینسوں کو پکڑ کر 100 میٹر تک دوڑ لگاتے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس شخص نے یہ فاصلہ 9.55 سیکنڈز میں طے کر کے معروف جمیکن ایتھلیٹ یوسین بولٹ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو یہ فاصلہ 9.58 سیکنڈز میں طے کرچکے ہیں۔

    جیسے ہی اس ریس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آئی، بھارتی میڈیا نے اس مزدور کو یوسین بولٹ کا ہم پلہ قرار دینا شروع کردیا، یہ نظر انداز کر کے اس شخص نے بھینسوں کی مدد سے یہ ریس جیتی، تو کمال بھینسوں کا ہوا، اس شخص کا نہیں۔

    بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک معروف رہنما مرلی دھر راؤ نے اپنے ٹویٹر پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے معروف ٹرینرز کو اس شخص کی تربیت کرنی چاہیئے۔

    ان کے اس ٹویٹ پر ریاستی وزیر کھیل کرن رجیجو نے جواب دیا کہ اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے حکام نے اس شخص سے رابطہ کرلیا ہے، سری نواسا پیر کے روز مرکزی اسپورٹس سینٹر پہنچ جائے گا اور میں یقینی بناؤں گا کہ ملک کے چوٹی کے ٹرینرز اس کی تربیت کریں۔

    سری نواسا کے اس کارنامے کے بعد جب متعدد ٹی وی چینلز نے اس کا انٹرویو کیا تو اس نے بتایا کہ اسے بچپن سے اس ریس میں حصہ لینے کا شوق تھا اور وہ گزشتہ 7 برس سے اس کھیل میں حصہ لے رہا ہے۔

    دوسری جانب دیوانے ہوئے بھارتی میڈیا کو کھیلوں کی گورننگ باڈی نے تنبیہہ کردی کہ وہ اس بھارتی شخص کے عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ سے موازنے سے گریز کریں۔

    گورننگ باڈی کا کہنا ہے کہ اولمپک انتظامیہ کے پاس رفتار جانچنے کے لیے سائنسی طریقے اور بہتر آلات موجود ہیں۔

    خیال رہے کہ افریقی ملک جمیکا کے ایتھلیٹ یوسین بولٹ کو دنیا کا تیز ترین انسان قرار دیا جاتا ہے۔ بے شمار ریکارڈز رکھنے والے بولٹ کی اوسط رفتار 23 میل فی گھنٹہ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ رفتار 27 میل فی گھنٹہ ہے۔

  • ابوظہبی ڈیزرٹ موٹر ریس کا میلہ سج گیا، پہلا روز فرنچ ڈرائیور کے نام

    ابوظہبی ڈیزرٹ موٹر ریس کا میلہ سج گیا، پہلا روز فرنچ ڈرائیور کے نام

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے صحرا میں فراٹے مارتی گاڑیوں کے مقابلوں کا آغاز ہوگیا، ابو ظہبی ڈیزرٹ چیلنج کا پہلا روز فرنچ ڈرائیور کے نام رہا۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظہبی ڈیزرٹ موٹر ریس کا میلہ سج گیا، متحدہ عرب امارات کے صحرا میں کامیابی کے لیے کھلاڑیوں کی تگ ودو شروع ہوگئی۔

    پہلے روز کے مقابلے میں فرینچ ریسر سیریل ڈیسپریس چھائے رہے، ڈیسپریس نے دو سو باسٹھ کلو میٹر کا فاصلہ انتالیس منٹ پندرہ سیکنڈ میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

    بائیک کیٹیگری میں برطانیہ کے سیم سندرلینڈ نے چھ منٹ کی برتری حاصل کرکے پہلا مرحلہ اپنے نام کیا، چار اپریل تک جاری رہنے والے مقابلے کے مزید چار مرحلے ہوں گے۔

    یو اے ای میں گذشتہ سال فروری میں ریڈ بل ایئر ریس ورلڈ چیمپیئن شپ ہوا تھا، ایئر ریس میں دنیا کے مختلف ممالک کے 14 ہوا بازوں نے شرکت کی تھی۔

    ایئر ریس میں متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کے جہازوں نے کرتب دکھائے، ریس میں ہوا بازوں نے فضائی کرتب دکھائے اور رکاؤٹوں کو عبور کیا تھا۔

    ابوظہبی ریس کے فاتح امریکی پائلٹ مائیکل گولین رہے جبکہ دوسری پوزیشن پر جاپان اور تیسری پوزیشن پر جمہوریہ چیک کے پائلٹ رہے تھے۔

  • پہلی عالمی قراقرم میراتھن پی اے ایف نلتر (گلگت) میں اختتام پذیر

    پہلی عالمی قراقرم میراتھن پی اے ایف نلتر (گلگت) میں اختتام پذیر

    گلگت : نلتر ویلی میں منعقدہ عالمی قراقرم میراتھن ریس اختتام پذیر ہوئی، جس میں 24 ممالک کے 35 عالمی اتھلیٹس نے 42 کلومیٹر پر محیط ریس میں شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے زیر اہتمام نلتر (گلگت) میں منعقدہ پہلی عالمی میراتھن اختتام پذیر ہوگئی جس میں دنیا بھر سے 150 سے زائد اتھلیٹس نے نلتر (گلگت)کی خوبصورت وادی میں منعقدہ میراتھن میں حصہ لیا۔

    پاک فضائیہ نے بین الاقوامی میراتھن ٹریول کمپنی، زیڈ ایڈوانچر اور سیرینا ہوٹلز کے باہمی اشتراک سے یہ مقابلے منعقد کروائے تھے، سطح سمندر سے11300 فٹ کی انتہائی اونچائی پر اپنی نوعیت کی یہ منفرد میراتھن نوجوانوں اور بوڑھوں، ملکی اور غیر ملکی، مرد و خواتین اتھلیٹس کا حسین امتزاج تھی۔

    میراتھن میں شریک تمام اتھلیٹس نے نلتر کے گرد موجود دنیا کے آٹھویں عجوبے قراقرم ہائی وے پر اس دوڑ میں حصہ لیا، 24 ممالک کے 35 عالمی اتھلیٹس نے 42 کلومیٹر پر محیط ریس میں شرکت کی جبکہ امیچور کٹیگری میں 21 کلومیٹر پر مشتمل ایک ہاف میراتھن کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔

    پہلی عالمی میراتھن ریس میں پاک فضائیہ کے ائیر وائس مارشل سرفراز خان، ائیر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائیر کمانڈ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    42 کلومیٹر پر محیط ریس میں گیزر گلگت کے اسلم خان پہلی جبکہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل مقامی نوجوان اسحاق خان نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ گلگت کے ہی عبید الرحمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    خواتین کی کٹیگری میں غیر ملکی اتھلیٹس چھائی رہیں اور تینوں پوزیشنز اپنے نام کرلی۔ برطانیہ کی کیرولین ڈریو نے پہلی، کینیڈین ہیتھرلی نے دوسری جبکہ ہنگری کی ایڈٹ کس نے تیسری پوزیشن حاصل کر سکیں۔

    21 کلومیٹر کی ڈور میں شاہد علی، عدنان خان اور نذر شاہ نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی کیٹگری کے خواتین کے مقابلوں میں نادیہ رحیم پہلی جبکہ کوکب سرور دوسری اور ثوبیہ علی تیسری پوزیشن کی حامل قرار پائیں۔


    مزید پڑھیں : نامورعالمی ایتھلیٹس قراقرم میراتھن میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئے


    یاد رہے کہ ایک روز قبل 24ممالک کے بہترین ایتھلیٹس قراقرم میراتھن میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئے، منفرد مقام اورسطح سمندر سے11300فٹ کی انتہائی اونچائی پر یہ میراتھن چیلنج نلتر ویلی میں منعقد ہو گا۔

    42.2KMاور21.1KMکے ان تاریخی مقابلوں میں عالمی اتھلیٹس کے ساتھ پاک افواج کے 70اور پاکستان کے 30ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ اس میراتھن کا مقصد بین الاقوامی شہرت یافتہ ایتھلیٹس کو پاکستان کی خوبصورتی سے روشناس کراناہے۔

    یہاں امر قابل ذکر ہے کہ دس سال کے ایتھلیٹ سے لے کر 80سال کی عمر کے اتھلیٹس اس ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ دنیا کے مختلف مما لک کے عالمی شہرت یافتہ رنرز جیسا کہ زیاد رحیم ( پاکستان)، ڈاکٹر جرگن کوہلمے ( جرمنی) ، جانوس اور ایڈٹ کِس (ہنگری) ، جان لم ینگ( ٹرینیڈاڈ) ، گوسپ راگوسو ( اٹلی) جے سی سانتا ٹریسا ( امریکہ) ، رین اولسن (ڈنمارک) اور کولن لی (یو کے) اس ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔

    اس ایونٹ میں اپنے معیار کی بلندی کے خواہاں پاکستانی ایتھلیٹس کو سیکھنے اور اپنے جوہر دکھانے کا ایک شاندار موقع میسر آ ئے گا، مزید براں آسٹریلیا ، بیلجیم مصر، تونیسیا، فیرو آئی لینڈ ، پولینڈ، قطر ، یو اے ای، ارجنٹینا ، آئرلینڈ، تائیوان ، چائنا ، سکاٹ لینڈ اورنیدر لینڈ کے رنرز بھی اس میراتھن میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔

  • سائیکل سوار پر دوران ریس ہرن آ گرا

    سائیکل سوار پر دوران ریس ہرن آ گرا

    ڈبلن: آئرلینڈ میں جاری ایک سائیکل ریس کے دوران ایک کھلاڑی کو اس وقت غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب دوران ریس درختوں سے اچانک ایک ہرن نے اس کے اوپر چھلانگ لگائی جس کے نتیجہ میں وہ زمین پر گر پڑا۔

    یہ غیر معمولی واقعہ آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں جاری ایک سائیکل ریس کے دوران پیش آیا۔ ریس میں شریک سائیکل سوار جب ڈبلن کے فونیکس پارک میں سے گزر رہے تھے تو اچانک درختوں کے درمیان سے ایک ہرن نے غیر متوقع طور پر ایک سائیکل سوار کے اوپر سے کودنے کی کوشش کی۔

    deer-2

    کودنے کے دوران ہرن سائیکل سوار سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں دونوں ہی زمین پر گر پڑے۔ ہرن تو فوراً ہی فرار ہوگیا تاہم سائیکل سوار کو تاخیر کے سبب ریس میں شکست کا سامنا کرنا پڑگیا۔

    شین او نامی سائیکل سوار واقعہ میں محفوظ رہا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کے ہیلمٹ نے اسے کسی گہری چوٹ سے بچالیا تاہم زوردار دھکے کے باعث اسے کندھے اور سر میں ہلکا سا درد محسوس ہوتا رہا۔

    مزید پڑھیں: آسمانی بجلی گرنے سے 300 بارہ سنگھے ہلاک

    اس غیر معمولی ’ایکسڈنٹ‘ کے باوجود شین نے اپنے اوسان بحال رکھے اور ریس کو مکمل کیا۔

    واقعہ کی تصویر کشی کرنے والے فوٹو گرافر ایرک کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعہ کو دیکھ کر حیران رہ گیا۔ ’میں نے دیکھا کہ ٹکرانے کے فوراً بعد ہرن گھبرا کر اٹھا اور بھاگ کھڑا ہوا۔ اسے کوئی چوٹ نہیں لگی تھی‘۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہاں ایک اور ہرن موجود ہے جو اس گڑبڑ کو دیکھ کر خود بھی پریشان ہوگیا اور وہاں سے بھاگ اٹھا۔