Tag: ریسلر

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا ہلک ہوگن کے انتقال پر ردعمل

    ڈونلڈ ٹرمپ کا ہلک ہوگن کے انتقال پر ردعمل

    واشنگٹن(25 جولائی 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریسلر ہلک ہوگن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیڈرل ریزرو بینک کےدورےکے بعد میڈیا سے گفتگو میں ہلک ہوگن کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے ایک اچھے دوست کو کھودیا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہلک ہوگن صحیح معنوں میں ’’میگا‘‘ کے حامی تھے، ہلک ہوگن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر امریکی صدر نے لکھا کہ ہلک ہوگن نے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں بھی شاندار تقریر کی تھی، انہوں نے دنیا بھر کے مداحوں کو محظوظ کیا اور اُن کا ثقافتی اثر بے حد وسیع تھا۔

    ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں چل بسے

    امریکی صدر نے مزید کہا کہ ہلک ہوگن کی اہلیہ اسکائی اور اہلِ خانہ سے تعزیت کرتا ہوں، ہلک ہوگن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ  ہمارے بغیر دنیا کی معیشت بیٹھ جائے گی، جاپان کے ساتھ ٹیرف ڈیل سے امریکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، ہماری پالیسی کی نتیجے میں یورپی یونین نے دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز 71 برس کی عمر میں ہلک ہوگن امریکا کے شہر فلوریڈا میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

  • ویڈیو: انتظامیہ نے اعظم خان کی انٹری پر ریسلر ’بگ شو‘ کا گانا بجا دیا

    ویڈیو: انتظامیہ نے اعظم خان کی انٹری پر ریسلر ’بگ شو‘ کا گانا بجا دیا

    نیوزی لینڈ کرکٹ انتظامیہ نے پاکستان کے مڈل آڈر اعظم خان کی انٹری کے وقت میدان میں معروف ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر بگ شو کا گانا بجا دیا۔

    پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 5 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں مدمقابل تھیں جہاں میزبان ٹیم نے مہمان ٹیم کو 45 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 کی واضح برتری حاصل کی۔

    نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنائے جبکہ پاکستان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    تاہم اس میچ میں ایک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس کے بعد پاکستانی فینز نیوزی لینڈ کی انتظامیہ پر تنقید کررہے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آڈر بیٹر و کیپر اعظم خان اپنی صحت کی وجہ سے اکثر سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا شکار ہوتے ہیں تاہم ایک انٹرنیشنل سیریز کے گراؤنڈ میں انہیں ٹرول کیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب پاکستان کی اننگز کے دوران وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان بیٹنگ کرنے آئے تو انٹری کے وقت میدان میں انتظامیہ نے معروف ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر بگ شو کا گانا بجا دیا۔

    ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پاکستانی مداحوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کررہے ہیں کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے اس حوالے سے سوال کیا جائے۔

  • معروف ریسلر سمیع زین نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    معروف ریسلر سمیع زین نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ریسلر سمیع زین نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔

    بین الاقوامی ریسلر سمیع زین نے گزشتہ روز تصاویر شیئر کیں جس میں انہیں مسجد الحرام میں احرام میں دیکھا جاسکتا ہے۔

    سمیع زین نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ پیشہ ور ریسلر اور ڈبلیو ڈبلیو ای کے ساتھ ان مقامات پر بھی جاتے ہیں جن کا خواب میں بھی نہیں سوچا۔

    ڈبلیو ڈبلیو ای کا نائٹ آف دا چیمپئنز ایونٹ سعودی شہر جدہ آج رات ہوگا جس میں شرکت کیلئے سمیع زین سمیت کئی ریسلر سعودیہ میں موجود ہیں۔

    سمیع زین ڈبلیو ڈبلیو ای کے ریسلر ہیں اور کئی ٹائٹلز جیت چکے ہیں۔

  • بھارت: ریسلنگ کے مقابلے کے دوران ریسلر ہلاک

    بھارت: ریسلنگ کے مقابلے کے دوران ریسلر ہلاک

    نئی دہلی: بھارت میں ایک پہلوان لڑائی کے دوران ہلاک ہوگیا، پہلوان کو مدمقابل نے زمین پر پٹخا تھا جس سے اس کی گردن ٹوٹ گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ایک گاؤں میں ریسلنگ کا مقابلہ منعقد ہوا جس میں ساجد اور مہیش نامی دو مقامی پہلوانوں نے حصہ لیا۔

    مقابلے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوگئی جس میں ایک پہلوان کو زمین پر گرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ساجد نے مہیش کو اٹھا کر زور سے زمین پر پٹخا، اس دوران مہیش کی گردن مڑ کر ٹوٹ گئی۔

    داؤ کے بعد مہیش بے ہوش ہوگیا جس پر مجمع خوشی سے چلانے لگا، تاہم جلد ہی یہ خوشی تشویش میں بدل گئی جب ساجد نے زمین پر گرے مہیش کو اٹھانے کی کوشش کی لیکن وہ بے حس و حرکت پڑا رہا۔

    اس دوران مزید افراد بھی دونوں کے گرد جمع ہوگئے اور مہیش کو ہوش میں لانے کی کوشش کرنے لگے۔ اسپتال لے جائے جانے کے بعد مہیش کو مردہ قرار دے دیا گیا۔

    مقامی پولیس کے مطابق انہیں اس واقعے کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں نہ ہی کسی نے کوئی رپورٹ درج کروائی ہے، اگر کوئی واقعے کی رپورٹ درج کرواتا ہے تو وہ اپنی کارروائی کا آغاز کریں گے۔

  • میچ ہارنے کے بعد خاتون ریسلر کی خودکشی: اسپورٹس افسر کا اہم بیان

    میچ ہارنے کے بعد خاتون ریسلر کی خودکشی: اسپورٹس افسر کا اہم بیان

    نئی دہلی: ریسلنگ کا میچ ہارنے سے دلبرداشتہ خاتون ریسلر کی خودکشی کے بعد اسپورٹس افسر کا کہنا ہے کہ مقابلہ مکمل طور پر منصفانہ طریقے سے منعقد کیا گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون ریسلر کی خودکشی کے بعد بھرت پور کے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ستیہ پرکاش نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقابلہ مکمل طور پر منصفانہ طریقے سے منعقد کیا گیا تھا اور ریتیکا میچ کے بعد خوشی خوشی گھر چلی گئی تھی۔

    افسر کا کہنا تھا کہ ریتیکا نے کس وجہ سے یہ انتہائی قدم اٹھایا، یہ کہنا مشکل ہے۔ وہ اس کی موت کے بارے میں جان کر سخت حیران و پریشان ہیں۔

    ریسلر ریتیکا فوگاٹ نے 12 سے 14 مارچ کے دوران ریاست راجستھان کے شہر بھرت پور میں ہونے والے جونیئر ویمن ریسلنگ مقابلوں میں حصہ لیا تھا، ریاستی سطح کے ان مقابلوں میں تمام جونیئر، جونیئر خواتین اور مردوں کی ریسلنگ کے مقابلے منعقد ہوئے۔

    ریتیکا ویمن ریسلنگ کے فائنل تک پہنچ گئی تھیں، تاہم میچ میں کچھ بدمزگی ہوئی تھی۔ میچ کے اختتام پر پہلے ریتیکا کو فاتح قرار دیا گیا لیکن پوائنٹس کے سلسلے میں بحث ہوئی جس کے بعد ریتیکا کی حریف کو فاتح قرار دیا گیا۔

    6 منٹ کے میچ کے بعد ریتیکا اپنے گھر چلی گئی تھیں تاہم اسی رات انہوں نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی جس کا علم گھر والوں کو صبح ہوا۔

    ریتیکا معروف پہلوان مہاویر سنگھ فوگاٹ کی بھتیجی بھی تھیں اور ان کے اکھاڑے میں 5 سال سے تربیت حاصل کر رہی تھیں۔ مہاویر سنگھ کی بیٹیاں گیتا اور ببیتا بھی ملک کی معروف ریسلرز ہیں جن پر بالی ووڈ فلم دنگل بھی بنائی جا چکی ہے۔

    واقعے کے بعد ملک بھر میں دکھ کی لہر دوڑ گئی، پولیس کیس کے مختلف خطوط پر تفتیش کر رہی ہے۔

  • رنگ آف پاکستان‘ ایک  بار پھر مشہورغیرملکی ریسلر پاکستان آرہے ہیں

    رنگ آف پاکستان‘ ایک بار پھر مشہورغیرملکی ریسلر پاکستان آرہے ہیں

    اسلام آباد: رنگ آف پاکستان انٹرنیشنل ریسلنگ مقابلوں کے لیے غیر ملکی ریسلرز کی آمد دو دن بعد شروع ہورہی ہے، تین سال میں 45 غیر ملکی ریسلر پاکستان آچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق رنگ آف پاکستان کے زیراہتمام تین روزہ رنگ آف پاکستان انٹرنیشنل ریسلنگ مقابلوں میں شرکت کے لئے غیر ملکی پہلوانوں کی آمد 26 اگست سے اسلام آباد میں شروع ہو گی جبکہ ایونٹ کے مقابلے 28اگست کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوں گے۔

    ایونٹ میں پاکستانی ریسلر بادشاہ پہلوان ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔ گذشتہ روز رنگ آف پاکستان کے چیئرمین پیر سید عاصم علی شاہ کے مطابق مقابلوں میں دس غیر ملکی کے علاوہ پاکستانی ریسلرز بھی حصہ لے رہے ہیں جن برطانیہ، امریکہ، فرانس، پاکستان، بیلجیئم، سوٹزرلینڈ اور ہنگری کے پہلوان شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس لیاقت جمنازیم کی نہ دستیابی کی بنا پر ہمیں ایونٹ الیونتھ ہاور میں ملتوی کرنا پڑا اور پھر ہم نے اس کا لاہور میں کامیاب انعقاد کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے ایک پرامن ملک ہیں اور وزیراعظم عمران خان بھی ایک کھلاڑی رہے ان کی بھی خواہش ہے ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کی بحالی چاہتے ہیں ان کی قیادت میں پاکستان 1992ءمیں کرکٹ کا عالمی چمپئن بننا۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کرکے ان کو ایونٹ کے بارے میں آگاہ کروں گا اور اس کے علاوہ ان سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں رنگ آف پاکستان کو جگہ الاٹ کرنے درخواست کریں گے اور رنگ آف پاکستان اپنی مدد آپ کے تحت کھیلنے کے لئےرنگ بناکر وہاں پر گراس روٹ پر پہلوانوں کو تربیت دیں گے اور جس سے ملک میں پہلوانی کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔

    پیر عاصم شاہ نے کہا کہ ہم گذشتہ تین برسوں میں 25 مختلف ممالک کے 45 نامور پہلوان پاکستان لائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں سے ملک میں پہلوانی کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا

  • معروف ریسلر ٹریپل ایچ کی ’داڑھی‘ والی تصاویر وائرل

    معروف ریسلر ٹریپل ایچ کی ’داڑھی‘ والی تصاویر وائرل

    میلبرن: ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ریسلر ٹرپل ایچ کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس میں انہوں نے داڑھی رکھی ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے منفرد انداز اور کھیل سے مختصر عرصے میں لاکھوں دلوں کی دھڑکن بننے والے معروف ریسلر آج کل آسٹریلیا میں موجود ہیں جہاں وہ اپنے مداحوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔

    گزشتہ روز ٹریپل ایچ نے ملیبرن شہر میں منعقد ہونے والے پروگرام میں شرکت کی جس میں اُن کے تقریباً 65 ہزار سے زائد مداح اپنے ہردل عزیز ریسلر کو دیکھنے کے لیے آئے تھے۔

    ٹریپل ایچ نے مداحوں کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے اور اُن کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

    ریسلر کی حالیہ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر ہوئیں تو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں کیونکہ اس میں ٹریپل ایچ ایک نئے چہرے اور انداز میں دکھائی دے رہے ہیں۔

    کوٹ پینٹ زیب تن کیے معروف ریسلر نے داڑھی رکھ لی ہے، اُن کے اس نئے انداز کو مداحوں نے بہت پسند کیا۔

    ویڈیو دیکھیں: ‘رشتے میں تو ہم تمہارے باپ لگتے ہیں پرنام ہے ٹرپل ایچ’

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر موجود شوبز شخصیات اپنی تصاویر شیئر کرتی ہیں جن کا مقصد مداحوں کے ساتھ وقتاً فوقتاً رابطہ رکھنا اور انہیں اپنے کام یا زندگی سے متعلق آگاہی دینا ہوتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اور خصو صاً مداح تصاویر اور ویڈیوز کو نہ صرف پسند کرتے ہیں بلکہ اپنی ہردل عزیز شخصیت کو نئے روپ میں دیکھ کر خوش بھی ہوتے ہیں۔

    یاد رہے کہ ٹریپل ایچ نے اب تک 23 ریسلنگ کے ٹائٹل اپنے نام کیے، انہوں نے 8 بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ میں فتح حاصل کی جبکہ پانچ بار ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن، پانچ بار انٹر کونٹینٹل چیمپئن ، دو بار یورپین چیمپئن، 2 بار ورلڈ ٹیگ ٹیم چیمپئن اور ایک بار ٹیگ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

  • غیرملکی ریسلر کراچی میں گھر خریدنے اور رہائش کے خواہش مند

    غیرملکی ریسلر کراچی میں گھر خریدنے اور رہائش کے خواہش مند

    کراچی: معروف انٹرنیشنل ریسلر ٹائنی آئرن نے شہر قائد میں مکان خریدنے کی خواہش کا اظہار کردیا، غیر ملکی ریسلرز نے پان کھا کر عوام سے محبت کا ثبوت بھی دیا۔

    تفصیلات کے مطابق رنگ آف پاکستان کا دوسرا ایڈیشن آئندہ ماہ کراچی اور اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا جس میں بین الاقوامی خواتین اور مرد ریسلرز اپنے کھیل کا مظاہرہ پیش کریں گے۔

    غیرملکی پروفیشنل ریسلرز اور خصوصاً خواتین کھلاڑیوں کی پاکستان آمد سے ملک کا مثبت امیج دنیا کے سامنے جاریا ہے، پہلے ایڈیشن میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں نے دوبارہ پاکستان آمد پر مسرت کا اظہار کیا۔

    رنگ آف پاکستان کی لانچنگ تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں انٹرنیشنل ریسلرز کا تعارف کروا گیا، برطانوی ریسلر بریم جو ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ ڈبلیو ڈبلیو ای نیکسٹ میں بطور ٹیگ ٹیم صلاحیتوں کے جوہر دکھاچکے ہیں وہ اب پاکستان اوربالخصوص کراچی آنے پر کافی خوش ہیں۔

    اس موقع پر امریکی ریسلر ٹائنی آئرن نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی میں پانچ کمروں کا گھر خریدنے کے خواہش مند ہیں اور اُن کی دلی خواہش یہ کہ اُن کے ہمسائے ملنسار ہوں تاکہ وہ لسی پی سکیں اور بچوں کو ریسلنگ کے گُر بھی سکھائیں۔

    بریم (تھامس ریمنڈ لاٹیمر) کا کہنا تھا کہ میرے لیے پاکستان اور بالخصوص کراچی آنا اعزاز کی بات ہے کیونکہ سیکیورٹی رسک کے حوالے سے بہت سی باتیں سُنی تھیں جو بالکل غلط ثابت ہوئیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی بہت محبت کرنے والے لوگ ہیں،یہاں ریسلنگ کے چاہنے والوں کی کمی نہیں جو خوشی کی بات ہے۔ بریم نے بتایا کہ انھیں آم بہت پسند ہے جبکہ پان کھانے کا تجربہ ان کے لیے منفرد ثابت ہوا۔ بین الاقوامی ریسلر کا کہنا تھا کہ پان کا ذائقہ تھوڑا تیز تھا مگر آئندہ جب بھی موقع ملا وہ اسے دوبارہ ضرور کھائیں گے۔

    برطانوی ریسلر کا کہنا تھا کہ رنگ آف پاکستان نے پروفیشنل ریسلرز کو شائقین کے سامنے لانے کا بہترین موقع فراہم کیا، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ  ہماری حوصلہ افزائی کے لیے بڑی تعداد میں لوگ آئیں اور میگا ایونٹ کو کامیاب بنائیں۔

    برطانوی ریسلر ٹائنی آئرن جو مسلسل پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے بے تاب رہتے ہیں اور اب انہیں پاکستانیوں سے کافی محبت ہوگئی ہے، گزشتہ برس جب وہ پاکستان آئے تو ہر محفل میں انھوں نے قیمہ اور لسی کا ذکر تھا چھیڑا تھا۔

    کراچی میں منعقد ہونے والی تقریب کے دوران ٹائنی آئرن نے حاضرین کے سامنے میٹھا پان کھایا اور ثابت کیا کہ وہ پاکستانیوں جیسا ذوق بھی رکھتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ٹائنی آئرن کا کہنا تھا کہ انھوں نے کافی سارے پان پیک کروا لیے ہیں جو وہ برطانیہ میں اپنے دوستوں اور اہل خانہ کو کھلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ٹائنی آئرن کو برطانیہ میں جسامت کے لحاظ سے انکریڈیبل ہلک کا لقب مل چکا ہے۔

    پاکستانی نژاد فرانسیسی ریسلر بادشاہ پہلوان خان ایڈیشن ون کے چیمپیئن رہے انہوں نے اے آر وائی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میرے دورے کا مقصد پاکستان میں پروفیشنل ریسلنگ اکیڈمی کا قیام ہے ۔

    انھوں نے بتایا کہ کراچی میں غیر معیاری ریسلنگ کے مقابلوں کی ہوا چل پڑی ہے جس میں شامل ہونے والے ریسلرز غیر تربیتی یافتہ ہیں، اس کی وجہ سے آرگنائزرز نوجوانوں کی جانوں سے بھی کھیل رہے ہیں۔

    بادشاہ پہلوا ن کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص ٹی وی میں مقابلے دیکھ کر ریسلر نہیں بن سکتا بلکہ اس کے لیے پروفیشنل ٹرینر (استاد) سے تربیت حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔

    خیال رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے تعاون سے پروفیشنل ریسلنگ کا میلہ اگلے ماہ اگست میں کراچی اور اسلام آباد میں سجے گا جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ریسلرز کنگ آف دی رنگ بنے کے لیے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • معروف ریسلر کین نے سیاسی میدان میں قدم رکھ دیا، میئر کا انتخاب لڑیں گے

    معروف ریسلر کین نے سیاسی میدان میں قدم رکھ دیا، میئر کا انتخاب لڑیں گے

    لاس اینجلس: لڑائی اور دنگے کی دنیا میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے معروف ریسلر جیکبز عرف ’کین‘ نے سیاسی دنیا میں قدم رکھتے ہوئے آئندہ عام انتخابات لڑنے کا اعلان کردیا۔

    امریکی میڈیاکے مطابق کین نے ریسلنگ کھیل کے ساتھ نئے سفر  کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے سیاسی دنیا میں انٹری دی اور آغاز میں ہی شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ معروف ریسلر نےساتھ ہی امریکا کی حکومتی پارٹی ریپبلکن میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔

    حکومتی پارٹی نے کین کو میئر کے انتخاب لڑنے کے لیے نامز کیا جس کے بعد انہوں نے پرائمری الیکشن یعنی ابتدائی مرحلے کے انتخابات میں 20 ووٹوں سے فتح حاصل کی اور ناکس کاؤنٹی کی میئر شپ کے لیے کا راستہ ہموار کرلیا۔

    مزید پڑھیں: رائل رمبل، ڈبلیو ڈبلیو ای کے مشہور ریسلر سعودی عرب میں جوہر دکھائیں گے

    اگلے اور حتمی مرحلے یعنی میئر کے انتخابات میں اُن کا مقابلہ ڈیموکریٹک کے امیدوار لنڈے ہینی سے ہوگا، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ معروف ریسلر آخری مقابلے میں بھی باآسانی فتح حاصل کرلیں گے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جیت کا اعلان کرتے ہوئے معروف ریسلر نے تاریخی فتح پر ووٹرز اور اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کا بھی اعلان کیا۔

    جیکبز کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ انتخابی مہم کے ساتھ ساتھ ریسلنگ کے مقابلوں میں بھی باقاعدگی سے شرکت کریں گے تاکہ اُن کا مداحوں سے رابطہ منقطع نہ ہو۔ امریکی میڈیا کے مطابق الیکشن میں فتح حاصل کرنے یعنی میئر منتخب ہونے کے بعد کین کو مصرفیات کے باعث ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہنا ہوگا تاہم ریسلر نے ابھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: معروف ریسلر جان سینا کرکٹ کی دنیا میں داخل

    واضح رہے کہ ناکس کاؤنٹی کی میئر شپ کے انتخابات اگست میں ہوں گے جس کے لیے امریکا کی دونوں بڑی جماعتوں یعنی ڈیموکریٹس اور ری پبلکن نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • جاپانی خاتون ریسلر نے ریو اولمپکس میں عالمی ریکارڈ بنادیا

    جاپانی خاتون ریسلر نے ریو اولمپکس میں عالمی ریکارڈ بنادیا

    ریو ڈی جنیرو: جاپانی خاتون ریسلر کاؤری آئچو نے مسلسل چوتھا طلائی تمغہ جیتنے والی اولمپک کی تاریخ کی پہلی خاتون ایتھلیٹ بننے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق برازیل میں جاری ریواولمپکس 2016 میں ریسلنگ کے ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت کر جاپانی خاتون ریسلر نے اولمپکس میں مسلسل چار بار طلائی تمغے جیت کر عالمی ریکارڈ بنادیا.

    برازیل میں ریو اولمپکس 2016 میں دلچسپ مقابلوں کے ساتھ ساتھ عالمی ریکارڈ بننے اور ٹوٹنے کا سلسلہ بھی جاری ہے.

    کاؤری آئچو نے ریو اولمپکس 2016 کے ویمنز فری اسٹائل 58 کلو گرام کیٹگری فائنل میں چوتھا گولڈ میڈل جیتا اور وہ اولمپک گیمز کے کسی بھی ایونٹ میں مسلسل چوتھا گولڈ میڈل حاصل کرنے والی پہلی خاتون ایتھلیٹ بن گئیں.

    جاپانی خاتون ریسلر سالہ کاؤری آئچو 2004، 2008 اور 2012 میں 63 کلو گرام کیٹگری میں تین گولڈ میڈل اپنے نام کرچکی ہیں.

    انہوں نے 10 مرتبہ عالمی چیمپیئن رہنے والی روسی ایتھلیٹ ویلریا کوبلووا زہلوبوا کو ہرا کر کامیابی اپنے نام کی.

    کاؤری آئچو نے چوتھے گولڈ میڈل پر قبضہ کر کے یہ اعزاز حاصل کرنے والی جاپان کی پہلی خاتون ریسلر بھی بن گئی ہیں.

    واضح رہے کہ جاپانی ریسلر اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں مسلسل 4 میڈلز جیتنے والوں کی فہرست میں شامل ہوگئیں،اولمپکس مقابلوں میں مسلسل 4 میڈلز جیتنے والوں امریکی پیراک مائیکل فیلپ، امریکی ایتھلیٹ کارل لوئس، ایتھلیٹ ال اوریٹر، ایتھلیٹ بین این سیلے، ایتھلیٹ پاؤل ایلز اسٹروم شامل ہیں.