Tag: ریسٹورنٹ

  • کراچی میں شلوار قمیض پہنے شہری کو ریسٹورنٹ میں داخلے سے روک دیا گیا، ویڈیو رپورٹ

    کراچی میں شلوار قمیض پہنے شہری کو ریسٹورنٹ میں داخلے سے روک دیا گیا، ویڈیو رپورٹ

    کراچی میں قومی لباس پہنے نوجوان کو ریسٹورنٹ میں داخلے سے روک دیا گیا، ریسٹورنٹ کے منیجر نے شلوار قمیض کو ’’چیپ ڈریسنگ‘‘ قرار دیا، اور کہا ہم پینڈوؤں کو سروس نہیں دیتے، شہری نے اس عدم مساوات پر عدالت سے رجوع کر لیا۔

    We don’t serve pendu یہ کہنا ہے کراچی کے ایک نجی ریسٹورنٹ کا، شہری عبد الطیف ایڈووکیٹ کو! جو اپنے دوستوں کے ہمراہ وہاں کھانا کھانے گئے تھے۔

    شہری کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس حوالے سے ریسٹورنٹ میں احتجاج کیا تو منیجر نے انھیں کہا تماشا نہیں کرو چلے جاؤ ورنہ ہم زبردستی نکال دیں گے۔

    عبدالطیف ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ اپنے خلاف اس رویے پر انھوں نے ہتک عزت کا نوٹس بھیجا، تاہم جواب نہیں آیا تو اب کورٹ سے رجوع کیا ہے، ماہرین سماجیا ت کے مطابق ایک اچھے سماج کے لیے انصاف، مساوات، احترام، اور رواداری جیسی اقدار کا ہونا ضروری ہے۔ کراچی جیسے شہر میں قومی لباس پہننے پر ریسٹونٹ سے نکالنے کا مبینہ واقعہ معاشرے میں عدم مساوات اور غیر امتیازی سلوک کو ظاہر کرتا ہے۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • اب انسان کے بجائے ’’اے آئی شیف‘‘ ریسٹورنٹ چلائیں گے!

    اب انسان کے بجائے ’’اے آئی شیف‘‘ ریسٹورنٹ چلائیں گے!

    مصنوعی ذہانت انسانی زندگی کے کئی شعبوں میں داخل ہوچکی ہے اب ریسٹورنٹ بھی اے آئی کے ذریعہ چلائے جائیں گے جو اپنے کام میں ماہر بھی ہوں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دبئی میں رواں برس ستمبر میں ایسا ریسٹورنٹ کھلا رہا ہے جس میں شیف کی ذمہ داری کوئی ماہر انسانی شیف نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سنبھالے گا۔

    یہ ریسٹورنٹ دنیا کی سب سے بلند عمارت برج الخلیفہ میں ’’ووہو‘‘ کے نام سے کھولا جا رہا ہے۔ اس میں جو شیف ذمہ داریاں نبھائے گا وہ کوئی انسان نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تخلیق کیا گیا ہے۔

    ماہرین نے شیف آئیمین کے نام سے ایسا بڑا ماڈل اے آئی ڈیزائن کیا گیا ہے جو کھانا پکانے کی صلاحیتوں کے ساتھ کئی زبانیں سمجھنے کا ماہر بھی ہوگا۔

    اس منفرد ہوٹل کے بانیوں میں سے ایک احمد اویتن کیکر کا کہنا ہے کہ آئیمین ایک اے آئی اور انسان کا پورٹ مینیو ہے۔ جو کئی دہائیوں سے فوڈ سائنس ریسرچ، سالماتی مرکب کے اعداد وشمار اور دنیا بھر میں کھانا پکانے کی روایات کی ایک ہزار ترکیبیں جانتا ہے۔

    ووہو ریسٹورنٹ میں انسان صرف کھانا کھانے کے لیے ہی دکھائی دیں گے۔ اس کے علاوہ مینیو سے لے کر تمام خدمات تک سب شیف آئیمان انجام دے گا۔

    آئیمین شیف ماڈل بنانے والوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ اے آئی شیف کوئی چیز چکھ، سونگھ اور ریسٹورنٹ آنے والے گاہکوں سے عام شیف کی طرح بات چیت نہیں کر سکتا، لیکن اس کا ماڈل ایسے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ کھانوں کی ساخت، ذائقہ اور تاثیر کے بارے میں مکمل معلومات رکھتا ہے۔

    آئیمین کو ایسی ترکیبیں تیار کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ کھانوں کے ان اجزا کو دوبارہ استعمال کیا جا سکے جو اکثر ریسٹورنٹ میں ضائع ہوتے ہیں، جیسے گوشت کی پرتیں یا چربی۔

    ووہو ریسٹورنٹ کے بانیوں کا کہنا ہے کہ آئیمین ایسا با صلاحیت شیف ہے جس کو پوری دنیا کے ریسٹورنٹ کا لائسنس دیا جا سکتا ہے۔

  • چین کے ریسٹورنٹ میں خوفناک آتشزدگی، 22 افراد زندہ جل گئے

    چین کے ریسٹورنٹ میں خوفناک آتشزدگی، 22 افراد زندہ جل گئے

    چین کے شمال مشرقی صوبے میں ایک ریسٹورنٹ میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 22 افراد زندہ جل گئے جب کہ متعدد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

    چینی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ چین کے شمال مشرقی صوبے لیاؤننگ کے شہر لیاؤیانگ کے ریسٹورنٹ میں منگل کی دوپہر میں لگی۔ اس وقت ریسٹورنٹ میں شہریوں کی بڑی تعداد کھانےکے لیے موجود تھی۔

    اچانک لگنے والی آگ اتنی خوفناک تھی کہ اس میں 22 افراد زندہ جل گئے جبکہ متعدد جھلس کر زخمی ہو گئے۔ فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

    حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے تاہم اس سانحے کی تحقیقات جاری ہیں اور آگ لگنے کی وجوہات تلاش کی جا رہی ہیں۔

    چین کے صدر شی جن پنگ نے آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقامی حکام کو زخمیوں کو علاج کے لیے ہر ممکن سہولیات اور ان کے اہل خانہ کو مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    اس کے ساتھ ہی چینی صدر نے متعلقہ حکام کو ملک بھر میں آگ سے حفاظت کے اقدامات کو مضبوط بنانے کی ہدایات بھی کی ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ رواں ماہ چین میں آتشزدگی کا دوسرا بڑا سانحہ ہے۔ 9 اپریل کو، شمالی چین کے ہیبی صوبے کے چینگڈے شہر کی لونگہوا کاؤنٹی میں ایک نرسنگ ہوم میں لگنے والی آگ میں 20 بزرگ شہری ہلاک ہو گئے تھے۔

  • شاہد آفریدی داماد شاہین اور بیٹیوں کے ہمراہ کراچی کی فوڈ اسٹریٹ پہنچ گئے

    شاہد آفریدی داماد شاہین اور بیٹیوں کے ہمراہ کراچی کی فوڈ اسٹریٹ پہنچ گئے

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی اپنے داماد شاہین آفریدی اور بیٹیوں کے ہمراہ کراچی کے معروف ریسٹورنٹ پہنچ گئے۔

    ریٹائرمنٹ کے بعد بھی مداحوں کے دلوں میں مقام رکھنے والے معروف جارح مزاج بیٹر شاہد آفریدی قومی ٹیم کے موجودہ پیسر اور اپنے داماد شاہین آفریدی کو لے کر رات کا کا کھانا کھانے کراچی کے معروف ریسٹورنٹ پہنچے، انھیں اہلخانہ کے ہمراہ دیکھ کر عوام کو خوشگوار حیرت ہوئی۔

    لیفٹ آرم پیسر اور سابق جارح مزاج بلے باز کو اپنے درمیان دیکھ کر عوام کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جو ان کے ساتھ وقتاً فوقتاً سیلفیاں بنواتی رہی۔

    اہلخانہ کے ہمراہ کراچی میں کھانے پینے کے مقام پر اس طرح جانے کی ویڈیو شاہد آفریدی نے خود اپنے یو ٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی ہے، شاہین شاہ کے مطابق وہ پہلی مرتبہ کراچی میں ایسے عوامی مقام پر آئے ہیں۔

    قومی پیسر کا کہنا تھا کہ یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں جبکہ انھوں نے کراچی کے کھانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا یہاں کے لوگ مصالحے دار کھانوں سے زیادہ لطف اندوز ہوتے ہیں۔

    اس موقع پر شاہد آفریدی نے کہا کہ عام طور پر شاہین دنبہ کھاتا ہے لیکن آج ہم نے اسے کراچی کا ’بن کباب‘ کھلایا ہے، ان کے سسر کا کہنا تھا کہ کراچی کراچی ہے،

    شاہد آفریدی نے کہا کہ عوامی مقام پر اس طرح کبھی لوگوں کے درمیان بھی آنا چاہیے، تمام سلیبریٹریز کو اس طرح عوام کے درمیان جانا چاہیے، پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

  • میکڈونلڈز نے بائیکاٹ سے پریشان ہوکر اسرائیل کی طرف رخ کرلیا

    میکڈونلڈز نے بائیکاٹ سے پریشان ہوکر اسرائیل کی طرف رخ کرلیا

    مشہور و معروف فوڈ چین میکڈونلڈز نے مسلم ممالک میں ہونے والے بائیکاٹ سے پریشان ہو کر اسرائیل میں اسرئیلی کمپنی سے اپنے تمام تر شئیر خریدنے کی تیاری کر لی۔

    خبر ایجنسی کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیل کی غزہ کے لوگوں کے کھلے عام قتل کے بعد دنیا بھر کے مسلم ممالک نے متعدد اسرائیلی پراڈکٹ کا بائیکاٹ کیا تھا، جس میں مشہور فاسٹ فوڈ چین میکڈونلڈز بھی شامل ہے، صارفین کی جانب سے بائیکاٹ مہم سے ان کے کاروبار پر ’معنی خیز‘ اثر پڑا ہے۔

    اس کے علاوہ کمپنی ایلونیل کی جانب سے صیہونی افواج کو غزہ جنگ کے دوران فری میلز مہیا کرنے کے سبب بھی مشرقِ وسطی میں امریکی ریسٹورنٹ کو بائیکاٹ کا سامنا تھا اور فروخت میں بھی کمی واقع ہو ئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق ملائشیا اور انڈونیشیا میں بائیکاٹ کی وجہ سے ریسٹورنٹس کی سیلز میں نمایاں کمی ہوئیم جبکہ جرمنی نے رواں سال جنوری میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپنا پہلا سی ماہی سیلز ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    جنوری میں بھی سی ای او کرس کیمپزنسکی نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا ’جنگ اور اس سے منسلک غلط معلومات کی وجہ سے مشرق وسطیٰ اور خطے سے باہر کی کئی مارکیٹیں معنی خیز کاروباری اثرات کا سامنا کر رہی ہیں جو میکڈونلڈز جیسے برانڈز کو متاثر کر رہی ہیں۔‘

    تاہم اب مکڈونلڈز نے اپنا 30 سال پرانا اسرائیلی فرنچائز ایلونیل لمٹیڈ سے واپس خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، حصص گرنے کے بعد امریکی ریسٹورنٹ اسرائیلی فرنچائز سے دو سو پچیس ریسٹورنٹس کو خریدے گا جس سے 5 ہزار سے زائد افراد کا روزگار وابستہ ہے، کمپنیوں نے لین دین کی شرائط کو ظاہر نہیں کیا۔

  • پی ٹی آئی رہنما کا ریسٹورنٹ سیل کردیا گیا

    پی ٹی آئی رہنما کا ریسٹورنٹ سیل کردیا گیا

    کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی نے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا ریسٹورنٹ سیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق خرم شیر زمان نے میڈیا کو بتایا کہ آج سندھ حکومت نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے میرے ریسٹورنٹ کو سیل کردیا ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بغیر جواز کے ریسٹورنٹ سیل کیا گیا کسی قسم کا کوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔

    ادھر پی ٹی ۤآئی رہنما خرم شیر زمان کے بیان پر سندھ فوڈ اتھارٹی کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کی رہائشگاہ سب جیل قرار

    بیان میں کہا گیا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی نے صدرمیں ریسٹورنٹ کوسیل کیا، یہاں صفائی کاناقص انتظام تھا اور ورکرزکا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی نہیں تھا ساتھ یہ بھی بتایا گیا کہ ریسٹورنٹ پاکستان تحریک انصاف کےرہنما خرم شیرزمان کی ملکیت ہے۔

  • کراچی میں ریسٹورنٹ رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ مسترد، نیا مطالبہ سامنے آگیا

    کراچی میں ریسٹورنٹ رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ مسترد، نیا مطالبہ سامنے آگیا

    کراچی : سیکریٹری آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوی ایشن نے ریسٹورنٹ رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا اور کہا حکومت فیصلے پرنظر ثانی کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوی ایشن فیضان راوت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ریسٹورنٹ رات 10 بجے بند کرنے کا حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہیں۔

    فیضان راوت کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیارہیں، 10بجے ریسٹورنٹ بند کرناناممکن ہے،حکومت فیصلے پرنظر ثانی کرے۔

    سیکریٹری آل کراچی ریسٹورنٹ نے کہا کہ ہم ریسٹورنٹ12بجے تک کھولنے کی اجازت مانگ رہے ہیں، حکومت نے نظرثانی نہیں کی تو احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔

    یاد رہے سندھ حکومت کی جانب سے توانائی بچت پروگرام کے تحت کراچی میں شاپنگ مالز اور مارکیٹیں رات ساڑھے آٹھ بجے، شادی ہال اور ریسٹورنٹس رات دس بجے بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

  • ویڈیو: ریسٹورنٹ میں ملزمان اسلحے کے زور پر نقدی اور موبائل فون لوٹ کرفرار

    ویڈیو: ریسٹورنٹ میں ملزمان اسلحے کے زور پر نقدی اور موبائل فون لوٹ کرفرار

    کراچی: شہر قائد میں نرسری کے قریب لٹیروں نے ایک واردات میں ریسٹورنٹ سے لوٹ مار کرکے فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پر ٹیپو سلطان کی حدود میں نرسری کے قریب ایک ریسٹورنٹ میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، جس کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، واردات 5 لٹیروں نے کی۔

    ملزمان اسلحے کے زور پر 1 لاکھ کیش اور 2 موبائل فون لوٹ کر فرار ہوئے، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پہلے دو ملزمان ریسٹورنٹ کے اندر آئے اور سیکیورٹی گارڈ سے رپیٹر چھینا جس کے  بعد دیگر ملزمان اندر آنے کے بعد مختلف کمروں کی تلاشی لیتے رہے۔

    دوسری جانب پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے ساتھ ہی عملے سے بیان بھی لیا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی شہر ڈاکوؤں اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث لٹیروں کے لیے جنت بن چکا ہے، جب کہ انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی کہیں بھی نظر نہیں آتی۔

     

     

  • کیا آپ نے کسی ریسٹورنٹ میں اتنے بدتمیز ویٹر دیکھے ہیں؟

    کھانے کے لیے بہترین جگہ کا انتخاب کرتے وقت لوگ بہت سی چیزوں کو مدنظر رکھتے ہیں، جس میں ریسٹورنٹ کا ماحول، کھانا اور قیمت اولین ترجیح ہوتی ہے۔

    آپ اگر کسی ریسٹورنٹ میں جاتے ہیں تو سب سے پہلے وہاں کی بہترین سروس سے متاثر ہوتے ہیں لیکن اگر آپ آپ امریکہ میں کیرن کے ریسٹورنٹ پر جاتے ہیں، تو کسی اچھی بات کی توقع نہ کریں۔

    ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں امریکہ کی کیرن ریسٹورنٹ میں ملنے والی سروس کی ایک جھلک دکھائی گئی ہے۔

    امریکہ کا یہ ریسٹورنٹ اپنی سروس کی وجہ سے بہت مشہور ہے، تاہم انکی سروس اخلاقی نہیں بلکہ سروس میں بدتمیزی سے پیش آنا شامل ہے۔

    https://twitter.com/BornAKang/status/1612232172592861184?s=20&t=5L1IqHDuIzgJRtSkPg9avQ

    اس ریسٹورنٹ میں ویٹرز جان بوجھ کر صارفین کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہیں، انہیں پھینکتے ہوئے کھانا پیش کرتے ہیں اور نازیبا حرکت بھی کرتے ہیں۔

    اس پوسٹ کو 9.2 ملین سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے جبکہ ٹوئٹر صارفین میں ایک بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ نے اسے  مضحکہ خیز قرار دیا  جبکہ  بہت سے لوگوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ایسا ریسٹورنٹ چلانا جو جان بوجھ کر صارفین کے ساتھ بدتمیزی کرتا ہے وہ نفرت کو فروغ دیتا ہے۔

  • نشے میں دھت دو افراد نے ریسٹورنٹ کے ویٹر کو قتل کردیا

    نشے میں دھت دو افراد نے ریسٹورنٹ کے ویٹر کو قتل کردیا

    پونا: بھارت کے شہر پونے میں نشے میں دھت دو افراد نے ایک نوجوان ویٹر کو سُوپ میں چاول ہونے کے باعث قتل کر دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے شہر پونے میں ایک ریسٹورنٹ پر دو افراد نشے کی حالت میں گئے، جہاں انہوں نے مٹن سوپ میں چاول ہونے کی وجہ سے غصے میں ویٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دونوں افراد 19 سالہ لڑکے کو قتل کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہو گئے، اس واقعے کے دوران انہوں نے دو مزید افراد کو بھی زخمی کیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نشے کی حالت میں تھے اور جب انہوں نے مٹن سُوپ میں چاول دیکھے تو انہیں غصہ آگیا اور ویٹر پر حملہ کردیا۔

    اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر نے کہا کہ لڑکے کے سر پر چوٹ لگی جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہو گیا۔

    ایک ملزم کی شناخت وجے وگھیر کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دوسرے کا نام معلوم نہیں ہو سکا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہو چکا ہے اور ان کی تلاش جاری ہے۔