Tag: ریسکیو ورکرز

  • چنئی: طوفانی بارش کے دوران پھنسے عامر خان کو ریسکیو ورکرز نے بچالیا

    چنئی: طوفانی بارش کے دوران پھنسے عامر خان کو ریسکیو ورکرز نے بچالیا

    چنئی میں میں طوفانی بارش اور سیلابی صورتحال کے دوران بالی وڈ اداکار عامر خان بھی وہاں پھنس گئے، امدادی کارکنوں نے انھیں ریسکیو کیا۔

    بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی میں ان دنوں طوفانی بارشیں ہورہی ہیں اور ہوائوں کے جھکڑ چل رہے ہیں جس کے باعث وہاں ایمرجنسی کی صورتحال ہے۔ بھارتی اداکار وشنو وشال نے سوشل میڈیا پر تصوریر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں اور عامر خان کو چنئی سے امدادی کارکنوں نے ریسکیو کیا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’ہم جیسے لوگ جو پھنسے ہوئے تھے ان کی مدد کرنے پر فائر اینڈ ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ۔‘ ساتھ ہی انھوں نے معروف اداکار عامر خان کے ساتھ تصوری بھی پوسٹ کی۔

    انھوں نے مزید لکھا کہ ’کراپکم میں ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، ہم نے3 کشتیوں کو امدادی کاموں میں حصہ لیتے دیکھا ہے۔ اس آزمائشی وقت میں تامل ناڈو کی حکومت زبردست کام کررہی ہے۔ تمام انتھک محنت کرنے والوں کا شکریہ۔‘

    ان کی پوسٹ پر اسٹیٹ انڈسٹری منسٹر ڈاکٹر ٹی آر بھی راجہ نے کہا کہ آپ اپنے ساتھ کھڑے عامر خان کا شکریہ ادا کرنا بھی نہ بھولیں جو واقعی ایک عظیم انسان ہیں۔

    منسٹر نے لکھا کہ ’عامر خان نے ریسکیو ہونے کے لیے اپنی باری کا انتظار کیا۔ انھوں نے اپنا نام استعمال کرنے سے قطعی گریز کیا۔ ان میں بہت زیادہ انکساری ہے وہ بہترین انسان ہیں۔‘

  • کراچی میں‌ ریسکیو ورکرز نے مثال قائم کر دی، خاتون کی بچوں سمیت خود کشی کی کوشش ناکام

    کراچی میں‌ ریسکیو ورکرز نے مثال قائم کر دی، خاتون کی بچوں سمیت خود کشی کی کوشش ناکام

    کراچی: شہر قائد میں ریسکیو ورکرز نے مثال قائم کرتے ہوئے خاتون کی بچوں سمیت خود کشی کی کوشش ناکام بنا دی، علی حسن اور شہریار نے بروقت قدم اٹھاتے ہوئے چھوٹی بچیوں سمیت 4 قیمتی جانیں بچا لیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعہ کے دن کراچی میں نیٹی جیٹی پل سے ایک خاتون نے تین بچوں سمیت پانی میں چھلانگ لگا دی تھی، جس پر پورٹ گرینڈ پر بیٹھی فیملیز نےشور مچا دیا، شور سن کر پورٹ گرینڈ انتظامیہ کی ریسکیو ٹیم نے چاروں کو بچا لیا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی تھی، فوٹیج میں خاتون کو بچوں کے ساتھ چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا گیا، پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آ کر بچوں سمیت چھلانگ لگائی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام شام رمضان میں خاتون اور بچوں کی جان بچانے والے ریسکیو ورکرز علی حسن اور شہریار کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، علی حسن نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کراچی میں نیٹی جیٹی پل ایک ایسی جگہ ہے جہاں آئے دن خود کشی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، کبھی کبھی گرنے کے حادثات بھی پیش آتے ہیں۔

    علی حسن نے بتایا کہ حادثے والے دن ہم نیچے افطاری کر رہے تھے اور یہ خاتون اپنے تین بچوں کے ساتھ اوپر موجود تھی، اچانک ہمارے پیچھے سے آوازیں آنا شروع ہو گئیں، کہ پانی میں خاتون بچوں سمیت کود گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس وقت ہم چار لڑکے تھے، ہم نے فوری طور پر بوٹ اسٹارٹ کی اور 18 سیکنڈز کے اندر ہم ان تک پہنچے اور ماں اور دو بچوں کو فوری طور پر نکال لیا۔

    دوسرے ریسکیو ورکر شہریار نے بتایا کہ ایک بچی شیرخوار تھی، چھ مہینے کی، خاتون نے بتایا کہ میری چھوٹی بچی بھی ہے، تو وہ کچھ فاصلے پر تھی، میں نے دیکھا کہ وہ الٹی ہو گئی تھی اور ڈوبنے والی تھی جب میں نے اسے نکال لیا۔

    علی حسن نے بتایا کہ خاتون کو بچوں سمیت پانی میں کودنے اور ہمارے ریسکیو آپریشن میں ٹوٹل 48 سیکنڈز صرف ہوئے۔

    ریسکیو ورکرز کے مطابق جب بچوں کو باہر نکالا گیا تو خواتین ریسکیو ورکرز نے بچوں کے پیٹ دبا کر اس سے پانی نکالا، اور اس طرح بر وقت ان کی جانوں کو بچایا گیا۔

    ریسکیو ورکرز کا کہنا تھا کہ انھوں نے کوئی ٹریننگ حاصل نہیں کی ہے، بس دیکھ کر اور لوگوں سے سیکھ کر ہنگامی طور پر اقدام کر لیتے ہیں۔

    علی حسن کا کہنا تھا کہ جب بچوں کو نکالا گیا تو جسم میں پانی بھرنے سے ان کا رنگ نیلا ہونے لگا تھا۔

    ریسکیو ورکرز نے کہا کہ حادثات تو ہوتے رہتے ہیں، لیکن سندھ حکومت کو چاہیے کہ ایسے اقدامات کریں کہ لوگوں کو اپنی جانیں تلف کرنے کا موقع نہ ملے۔