Tag: ریفرنڈم

  • پی آئی اے میں ریفرنڈم کا حکم نامہ مسترد، یونین رہنماؤں کی اسلام آباد طلبی

    پی آئی اے میں ریفرنڈم کا حکم نامہ مسترد، یونین رہنماؤں کی اسلام آباد طلبی

    کراچی : پی آئی اے میں نئے ریفرنڈم کے احکامات مسترد کر دیئے گئے، ایئر لیگ کی جانب سے دائر درخواست پر این آئی آر سی نے نیا حکم نامہ جاری کر دیا۔

    این آئی آر سی کی جانب سے پہلے جاری کی گئی ججمنٹ کو دوبارہ غور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایئر لیگ کے کارکنوں کا سی بی اے آفس میں رش لگا ہوا ہے، این آئی آر سی نے 12 فروری کو تمام یونین رہنماؤں کو اسلام آباد طلب کرلیا۔

    این آئی آر سی اسلام آباد بینچ کی جانب سے پی آئی اے میں نئے ریفرنڈم نہیں کرائے جاسکے، گزشتہ پیپلزیونٹی کےعہدیداروں نے جنرل مینجر آئی آر راشد ظفر کے دفتر کا گھیراؤ کرلیا تھا، موجودہ سی بی اے ائیرلیگ اورپیپلزیونٹی کے کارکنوں کے درمیان لڑائی کی نوبت تک آگئی تھی۔

    پی آئی اے ہیڈ آفس میں دونوں گروپ آمنے سامنے آگئے، پی آئی اے سیکیورٹی اور پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی۔


    مزید پڑھیں: قانون کے تحت ریفرنڈم کا انعقاد چاہتے ہیں، صدرائیرلیگ


    پیپلزیونٹی نے عدالت کے حکم کے مطابق نئے ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کیا، جبکہ جنرل مینجر آئی آر راشد ظفر نئے ریفرنڈم کے احکامات دینے سے گریزاں ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • قانون کے تحت ریفرنڈم کا انعقاد چاہتے ہیں، صدرائیرلیگ

    قانون کے تحت ریفرنڈم کا انعقاد چاہتے ہیں، صدرائیرلیگ

    کراچی : پی آئی اے ائیر لیگ کے صدر شمیم اکمل نے کہا ہے کہ ہم نے ادارے میں شدید مالی بحران کے باوجود مزدوروں کی تنخواہوں میں ریکارڈ اضافہ کرایا، مزدوروں کے حق میں جو ہوسکا ہم نے کیا، قانون کے تحت ریفرنڈم کا انعقاد چاہتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صحا فیوں کے اعزاز میں دئے گئے استقبالیہ سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ائیر لیگ نے ویٹ لیز پر جہاز لینے کی ہمیشہ مخالفت کی ہے، ویٹ لیز پر جہاز لینا قومی ائیرلائن سے دشمنی کے مترادف ہے۔

    ریفرنڈم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیکشن دس ریفرنڈم سے نہیں روکتا، انتظامیہ کو دیکھنا ہوگا کہ وہ ریفرنڈم کے لیے کس طرح مواقع فراہم کرے گی، ہم ریفرنڈم کے لیے تیار ہیں اور قانون کے تحت ریفرنڈم کا انعقاد چاہتے ہیں، اب انتظامیہ کو دیکھنا ہوگا کہ وہ ریفرنڈم کا انعقاد کیسے کرائے گی؟

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس کی گئی ہڑتال میں ہڑتالیوں کا حد سے تجاوز کرنا لازمی سروس ایکٹ کا جواز بنا، جس کی موجودگی میں تمام امیدواروں کو دشواریوں کا سامنا ہوگا، بصورت دیگر پی آئی اے کا نقصان ہوگا۔

    شمیم اکمل نے کہا کہ مالی بحران سے قومی ادارہ کو نکالنے اور اس کے لئیے قربانی دینے کو تیار ہیں لیکن قربانی کا سلسلہ اوپر سے شروع کیا جائے۔ پی آئی اے کا مراعات یافتہ طبقہ ادارے کے لیے نقصان دہ ہے، ہم نے مراعات یافتہ طبقہ کے خلاف یمیشہ حکومت کی مخالفت کی۔

  • ترکی میں تاریخی آئینی ریفرنڈم کےلیےووٹنگ

    ترکی میں تاریخی آئینی ریفرنڈم کےلیےووٹنگ

    انقرہ : ترکی میں صدراتی نظام کےلیے آئینی ریفرنڈم کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ریفرنڈم میں ترک شہری آئینی تبدیلیوں کی منظوری یا مخالفت کا فیصلہ کریں گے۔

    تفصیلات کےمطابق ترکی میں صدارتی نظام رائج کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ترک عوام آج ریفرنڈم میں کریں گے۔ریفرنڈم کی کامیابی کی صورت میں ترکی میں پارلیمانی نظام کےبجائےصدارتی نظام نافذ ہوجائے گا۔

    ترک صدرطیب اردگان کا کہنا ہےکہ صدارتی نظام سےایک مستحکم ریاست قائم ہو گی،جس سےملک میں خوشحالی آئےگی۔
    صدارتی نظام کے لیےہونے والےریفرنڈم میں اندرون ملک پانچ کروڑ 53 لاکھ سے زائد رائے دہندگان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    تازہ ترین سروے کے مطابق ترک عوام کی اکثریت صدارتی ڈرافٹ کی حمایت کر رہی ہے۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔


    صدر کے اختیارات میں توسیع‘ترک پارلیمنٹ نے منظوری دے دی


    یاد رہےکہ رواں سال جنوری میں ترک پارلیمنٹ نےصدر کے اختیارات بڑھانے سے متعلق نئے قانون کی منظوری دے دی تھی۔

    ترک پارلمینٹ سے منظور ہونے والے نئے قانون کے متعلق ناقدین کا کہنا تھا کہ اس قانون کی مدد سے صدر اپنے اختیارات میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں،جبکہ اردگان کا کہنا تھاکہ نیا قانون امریکہ اور فرانس کےمماثل ہوگا۔

    واضح رہےکہ نئی اصلاحات کے تحت ملک کے وزیراعظم کا عہدہ موجودہ وزیراعظم بن علی یلدرم کے بجائے کسی اور شخصیت کے پاس جائے گا یا پھر اس عہدے کے جگہ نائب صدر لیں گے۔

  • ترک صدر کے اختیارات میں اضافے کےلیے ریفرنڈم کا اعلان

    ترک صدر کے اختیارات میں اضافے کےلیے ریفرنڈم کا اعلان

    انقرہ : ترک صدر کے اختیارات میں اضافے کے حوالے سے رواں سال اپریل میں ریفرنڈم ہوگا،جس کے بعد صدر کے پاس وزراکی تقرری کا بھی اختیار ہوگا۔

    تفصیلات کےمطابق ترک صدر رجب طیب اردگان کے اختیارات میں اضافے کے حوالے سے رواں سال 16اپریل کو ریفرنڈم کرایاجائےگا،جس کے بعد وہ بہت سے قوانین سے متعلق حکم جاری کرسکیں گے۔

    رجب طیب اردگان نےجمعے کےروزاصلاحات کے بل پر دستخط کیے تھے جس سے رائے شماری کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔صدر کے پاس نئی اصلاحات کی منظوری کے بعد نئے اختیارات ہوں گے جن کے تحت وہ وزرا کا تقرر کر سکیں گے۔

    ترک صدر کا کہنا ہے کہ یہ تجویز کردہ اصلاحات ترکی کو مزید مستحکم کرنے میں مدد دیں گے تاہم ناقدین صدر پر آمرانہ رویے کا الزام لگا رہے ہیں۔

    مقامی میڈیا کےمطابق اس بل میں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ ملک میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات ایک ہی وقت میں منعقد ہوں گے جس کے لیےممکنہ تاریخ تین نومبر 2019 ہے۔

    مزید پڑھیں:صدر کے اختیارات میں توسیع‘ترک پارلیمنٹ نے منظوری دے دی

    یاد رہےکہ گزشتہ ماہ ترک پارلیمنٹ نےصدر کے اختیارات بڑھانے سے متعلق نئے قانون کی منظوری دے دی تھی۔

    واضح رہےکہ نئی اصلاحات کے تحت ملک کے وزیراعظم کا عہدہ موجودہ وزیراعظم بن علی یلدرم کے بجائے کسی اور شخصیت کے پاس جائے گا یا پھر اس عہدے کے جگہ نائب صدر لیں گے۔

  • برطانیہ میں یورپ سے الحاق کے حق میں مظاہرے

    برطانیہ میں یورپ سے الحاق کے حق میں مظاہرے

    لندن : برطانیہ کے یورپ کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کے خواہش مند لوگوں نے لندن سمیت ملک کے کئی شہروں میں ریلیاں نکالی جن میں ہزاروں افراد شریک ہوئے.

    تفصیلات کے مطابق یورپ کے ساتھ الحاق یا اس سے انخلا کے حوالے سےرواں سال 23 جون کو ہونے والے ریفرنڈم کے بعد یہ یورپ میں شمولیت کے حامی لوگوں کی جانب سے یہ پہلا باقاعدہ مظاہرہ تھا.

    ان ریلیوں کا مقصد حکومت پر دباؤ ڈالنا ہے کہ وہ یورپ سے انخلا کے لیے باقاعدہ عمل شروع کرنے میں تاخیر کرے.

    اس موقع پر برطانیہ کے دارلحکومت لندن میں یورپ سے انخلا کے حامیوں نے مرکزی ریلی نکالی.

    مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ یورپی ممالک کے ساتھ برطانیہ کے معاشی،ثقافتی اور معاشرتی تعلقات کو مضبوط بنائے.

    *برطانوی پاؤنڈ 31سال کی کم ترین سطح پر، عالمی،ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی

    لندن کے مرکزی جلوس کے شرکا نے زیادہ تر گھر پر بنائے ہوئے کتبے اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور یہ جلوس ہائیڈ پارک، حکومتی دفاتر کے علاقے وائیٹ ہال اور پارلیمان کی عمارت سے قریب سے گزرا.

    یاد رہے کہ پیر کو پارلمینٹ میں ایک مرتبہ پھر یہ بحث ہو گی کہ آیا یورپ شمولیت یا انخلا کے حوالے سے ایک دوسرا ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے یا نہیں.

    *برطانوی عوام کا یورپی یونین سے علیحدگی کا فیصلہ

    واضح رہے کہ جون میں ہونے والے ریفرنڈم میں انخلا کے حق میں فیصلہ ہونے کے بعد انٹرنیٹ پر ایک یادداشت جاری کی گئی تھی جس پر چالیس لاکھ سے زیادہ لوگوں نے دستخط کیے تھے، لیکن اس موقع پر حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے ایک جوابی بیان میں کہا گیا تھا کہ ریفرنڈم کے نتائج کا احترام کیا جائے گا.

  • برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے یا نہ رہنے کے فیصلے پر ریفرنڈم آج ہورہا ہے

    برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے یا نہ رہنے کے فیصلے پر ریفرنڈم آج ہورہا ہے

    لندن : برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے یا اس سے الگ ہونے کے فیصلے پر ریفرنڈم آج ہورہا ہے،گذشتہ روز ریفرنڈم کی مہم کے آخری دن سیاست دانوں کی جانب سے عوام کو اپنی جانب مائل کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی.

    تفصیلات کے مطابق آج ہونے والےریفرنڈم میں چار کروڑ ساٹھ لاکھ افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں،یورپی یونین میں رہنے یا نکل جانے پر برطانیہ میں گذشتہ روز ریفرنڈم کی مہم کے آخری دن سیاست دان عوام کو اپنی جانب مائل کرنے کے لیے بھرپور زور لگاتے رہے.

    برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون،جیریمی کوربن اور ٹم فیرن برطانیہ میں ریلیوں سے خطاب میں اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین میں رہنا برطانیہ کے لیے بہتر ہے اور وہ محفوظ رہے گا،دوسری جانب بورس جونسن اور نائجل فراج یورپی یونین سے نکل جانے پر زور دیتے رہے.

    آج ہونے والے ریفرنڈم میں برطانوی عوام سے پوچھا جائے گا کہ کیا برطانیہ کو یورپی یونین میں رہنا چاہیے یا نہیں.

    *برطانیہ یورپین یونین کا حصہ رہے گا یا نہیں، فیصلہ 23 جون کو ہو گا

    یاد رہےاس ریفرنڈم کی مہم بدھ کی رات کو ختم ہوگئی اور سیاست دانوں کی جانب سے ووٹرز کو اپنی جانب مائل کرنے کی بھر پور کوشش کی گئی.

  • قاہرہ: نئے آئین کی تشکیل کے لئے منعقدہ ریفرنڈم کے نتائج کا اعلان

    قاہرہ: نئے آئین کی تشکیل کے لئے منعقدہ ریفرنڈم کے نتائج کا اعلان

    مصر میں نئے آئین کی تشکیل کے لئے منعقدہ ریفرنڈم کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ سرکاری نتائج کے مطابق اٹھانوے فیصد مصری عوام نے نئے آئین کی تشکیل کو مصر کے مستقبل کےلئے خوش آئند قرار دے دیا۔

    مصر میں سپریم الیکشن کمیٹی کیجانب سے جاری شدہ ریفرنڈم کے نتائج کےمطابق اٹھانوے فیصد مصری عوام ملک میں نئےآئین کے نفاذ کے حق میں ہیں اور حکومت کے ساتھ ہیں۔

    اس موقع پر سپریم الیکشن کمیٹی کے سربراہ نبیل سلیب کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم نہایت کامیاب رہا جس میں دو کروڑ سے زائد مصریوں نے حق رائے دہی استعمال کیا جو مصر کی آبادی کا اڑتیس اعشاریہ چھ فیصدہیں۔

    مصر میں گذشتہ برس جولائی میں محمد مرسی کی حکومت کےخاتمےکے بعد سے مصر کی سابق حکمران جماعت اخوان المسلمون پر اس کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہے۔

  • مصر:ریفرنڈم میں پچانوے فیصد مصری آئینی اصلاحات کے حامی

    مصر:ریفرنڈم میں پچانوے فیصد مصری آئینی اصلاحات کے حامی

    مصر میں نئے آئین کے مسودے کی منظوری کے لئے ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج آنا شروع ہوگئے, پچانوے فیصد نتائج کے مطابق عوام آئین میں اصلاحات کے لئے رضامند ہے۔ جنرل سیسی کے حامیوں نے جشن منایا۔

    غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ابتدائی نتائج کے تحت دو روزہ پولنگ کے دوران عوام نے نئے آئین کے مسودے کو منظور کرنے کے لئے رضامندی کا اظہار کردیا ہے۔

    نئے آئین کے مطابق فوجی سربراہ کے لیے صدارتی انتخاب لڑنے کی راہ ہموار ہوجائے گی اور ملک کا صدر مذہبی گروپوں پر پابندی لگانے کا مجاز ہوگا، ریفرینڈم کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

    ریفرنڈم کے دوران اخوان المسلمین کے چار سو چوالیس ارکان کو بھی گرفتار کیا گیا، واضح رہے کہ گزشتہ برس مصر کے منتخب صدر محمد مرسی کو فوج کی جانب سے معزول کئے جانے کے بعد مصر بھر میں ان کے حامیوں اور پولیس و فوج کے درمیان جھڑپوں، فسادات اور دیگر واقعات میں اب تک ہزاروں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔