Tag: ریلوے

  • ریلوے کی زمین واگزار کرانے کیلئے بڑا آپریشن، لکڑیوں کے بنے گھر مسمار کردیے گئے

    ریلوے کی زمین واگزار کرانے کیلئے بڑا آپریشن، لکڑیوں کے بنے گھر مسمار کردیے گئے

    راولپنڈی : ریلوے کی زمین و اگزار کرانے کیلئے بڑا آپریشن کرتے ہوئے مریڑ ریلوے پل کے ساتھ قائم کیے گئے لکڑیوں کے گھر مسمار کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے کی ہدایت پر راولپنڈی ریلوے ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف بڑا ایکشن کیا گیا۔

    وفاقی وزیرِریلوے محمدحنیف عباسی کی خصوصی ہدایت پر راولپنڈی ڈویژن میں بڑا آپریشن ہوا، ڈی ایس نور الدین داوڑ نے ریلوے کی زمین واگذار کرانے کے لیئے آپریشن کا آغاز کردیا۔

    آپریشن مین مریڑ ریلوے پل کے ساتھ واقع لکڑیوں کے بنے گھر بھی گرا دیئے گئے، پچھلی 2 دہائیوں سے یہاں خانہ بدوشوں کی جھگیاں تھیں جو اب پختہ تعمیرات میں ڈھل چکی تھی۔

    اینٹی انکروچمنٹ عملے نے ریلوے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ آپریشن کا آغاز کیا، پنڈی کی سول ایڈمنسٹریشن نے اس آپریشن میں بڑا ساتھ دیا۔

    ڈی ایس پنڈی نے بتایا کہ اس آپریشن میں تقریباً 14 کینال کی ایراضی خالی کرائی گئی۔ جسکی مالیت کروڑوں روپے کی ہے۔

    وزیر ریلویز حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ریلوے کی زیر قبضہ تمام اراضی کوواگزار کروانے تک آپریشن جاری رہے گا، ریلوے کی زمین کا ایک انچ بھی کسی کو ہڑپنے نہیں دیں گے ، تجاوزات کے خلاف یہ آپریشن پورے ملک میں کیے جائیں گے۔

    ڈی ایس ریلوے نے کہا کہ یہ آپریشن قانون کی عملداری اور ریلوے نظام کی بہتری اور عوامی مفاد میں کیا جا رہا ہے۔

  • ’’اب وزیر سمیت کسی کیلئے ٹرین لیٹ نہیں ہو گی‘‘ محکمہ ریلوے سے متعلق بڑے فیصلے کر لیے گئے!

    ’’اب وزیر سمیت کسی کیلئے ٹرین لیٹ نہیں ہو گی‘‘ محکمہ ریلوے سے متعلق بڑے فیصلے کر لیے گئے!

    محکمہ ریلوے سے متعلق بڑے فیصلے کر لیے گئے ٹرینوں کی آمدورفت اور ریلوے ریسٹ ہاؤسز سے متعلق بھی بڑی پابندی عائد کر دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں اجلاس ہوا جس میں متعلقہ حکام نے وفاقی وزیر کو ریلوے اسٹرکچر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جب کہ ڈویژنز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر ایلی ویٹر لگانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی ابتدا پنڈی اسٹیشن سے کی جائے گی۔ اس کے علاوہ فریٹ ٹرینوں کی بکنگ آن لائن کر کے اس میں انسانی مداخلت ختم کرنےکا فیصلہ کیا گیا۔

    وفاقی وزیر نے ریلوے ریسٹ ہاؤسز میں غیر متعلقہ افراد اور ریٹائرڈ افسران کی رہائش پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے ریلوے کالونیوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی فہرست طلب کر لی۔

    وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کمرشل پوٹینشل کی حامل ریلوے زمینوں کا بریک اپ بھی طلب کر لیا اور 3 ماہ میں ٹرینوں کی باقاعدگی 90 سے 95 فیصد لانے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ اب وزیر سمیت کسی کے لیے ٹرین لیٹ نہیں ہوگی، میں خود ٹرینوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کروں گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈی ایس ریلوےکی کارکردگی کا ماہانہ جائزہ لیا جائے گا اور کارکردگی کے جائزہ کیلیے وہ اسٹاف کے بغیر دفاتر اور اسٹیشنز کے دورے کریں گے۔

    حنیف عباسی نے کہا کیماڑی حیدرآباد سیکشن پر فوری کام شروع کرنے اور ایل ایل ون پر سفری دورانیہ کم کرنےکے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور ایم ایل ون پر انجینئرنگ رکاوٹیں ختم کرنےکے لیے ایک سال کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ رکاوٹیں ختم کرنےسے ٹرینوں کا سفری دورانیہ کم ہوگا۔

    انہوں نے ٹریک بحالی پروجیکٹس پر کام تیز کرنے، مال گاڑیوں سے زیادہ ریونیو حاصل کرنے اور مسافر ٹرینوں کی آن لائن بکنگ کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایات کیں۔

  • عید الفطر کے لیے اسپیشل ٹرینوں کا شیڈول جاری

    عید الفطر کے لیے اسپیشل ٹرینوں کا شیڈول جاری

    وزارت ریلوے نے عید الفطر کے موقع پر اسپیشل ٹرینوں کا شیڈول جاری کر دیا۔

    پاکستان ریلویز نے عیدالفطر کے موقع پر 5 اسپیشل ٹرینوں کا شیڈول جاری کیا ہے، جس کا مقصد عید کے دوران ملک بھر کے مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور محفوظ سفر فراہم کرنا ہے۔

    وزیر ریلوے حنیف عباسی کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین 26 مارچ کو کراچی کینٹ اسٹیشن سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی، یہ ٹرین 16 بوگیوں پر مشتمل ہوگی اور حیدرآباد، روہڑی، ملتان اور ساہیوال کے راستے اگلے روز لاہور پہنچے گی۔

    دوسری عید اسپیشل ٹرین 26 مارچ کو کوئٹہ سے پشاور کینٹ کے لیے روانہ ہوگی، 11 بوگیوں پر مشتمل یہ ٹرین ملتان اور ساہیوال کے راستے سفر کرتے ہوئے پشاور پہنچے گی۔


    کن طلبہ کو عید گفٹ دیا جا رہا ہے؟


    تیسری عید اسپیشل ٹرین 27 مارچ کو لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی، یہ ٹرین 16 بوگیوں پر مشتمل ہوگی اور خانیوال، ملتان، ساہیوال اور روہڑی کے راستے کراچی پہنچے گی۔

    چوتھی عید اسپیشل ٹرین 27 مارچ کو کراچی سٹی اسٹیشن سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی، جو 14 بوگیوں پر مشتمل ہوگی اور فیصل آباد، سرگودھا اور لالا موسیٰ کے راستے راولپنڈی پہنچے گی۔

    پانچویں عید اسپیشل ٹرین 28 مارچ کو کراچی کینٹ اسٹیشن سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی، یہ ٹرین تقریباً 16 بوگیوں پر مشتمل ہوگی اور براستہ ملتان، فیصل آباد لاہور پہنچے گی۔

    تمام خصوصی عید ٹرینیں اکانومی کلاس، اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرڈ کلاس کی بوگیوں پر مشتمل ہوں گی، مسافروں کی پیشگی بکنگ کا عمل بھی شروع کیا جا چکا ہے۔

    ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس (ڈی ایس) کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ خصوصی ٹرینوں کی روانگی کے وقت اپنے متعلقہ اسٹیشنوں پر موجود رہ کر انتظامات کی خود نگرانی کریں۔

  • رات کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹرین نہیں چلا سکتے، ریلوے حکام کا انکشاف

    رات کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹرین نہیں چلا سکتے، ریلوے حکام کا انکشاف

    اسلام آباد: ریلوے حکام کی جانب سے قومی اسمبلی کی سب قائمہ کمیٹی میں کئی انکشافات کیے گئے ہیں جن سے پاکستان میں ریلوے کی صورت حال کا پتا چلتا ہے۔

    قائمہ کمیٹی میں ریلوے حکام نے انکشاف کیا کہ سیکیورٹی کے خدشات اتنے ہیں کہ رات کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹرین نہیں چلا سکتے، بلوچستان کے لیے ریلوے کو بہت زیادہ انوسٹمنٹ درکار ہے۔

    ریلوے حکام نے بتایا کہ کوئٹہ کے ٹریک پر فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ چاہیے، روس سے پاکستان ریلوے کی کوئٹہ ٹریک پر بات چیت ہوئی ہے، روس کا کوئٹہ ریلوے ٹریک سے ماسکو تک ٹرین چلانے کا منصوبہ ہے، پاکستان اور روس اس معاملہ پر بات کر رہے ہیں۔

    آج رمیش لال کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی سب قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ممبر کمیٹی احمد سلیم نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے پہاڑوں پر ریلوے پہنچا دیا ہے اور ہم میدان میں ریلوے نہیں چلا پا رہے ہیں، ہماری سوچ سے زیادہ پاکستان کو لوٹا جا رہا ہے، چیئرمین کمیٹی نے کہا انگریز جو ٹرین اور ٹریک ہمیں دے کر گئے، ہم اس کو بھی چلا نہیں سکے۔

    ریلوے حکام نے یہ بھی بتایا کہ فیصل آباد میں ریلوے کا پلاٹ لاگت لگوانے کے لیے بھیجا ہے، اس کو کمرشل استعمال کے لیے دینا ہے، ملک کے دیگر شہروں میں بھی یہ کام جاری ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ ریلوے کی مارکیٹنگ کمپنی ریڈیمپکو ہے، کمیٹی نے اگلی میٹنگ میں ریڈیمپکو کی 13 سالہ کارکردگی پر بریفنگ طلب کی۔

    اجلاس میں لاہور شالیمار اسپتال کا ریلوے کی زمین پر 50 سال سے موجودگی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، حکام نے بتایا کہ لاہور شالیمار اسپتال ریلوے کے 18 ایکڑ زمین پر قائم ہے، ممبر کمیٹی وسیم قادر نے سوال اٹھایا کہ کیا 1970 میں یہ زمین ریلوے نے پنجاب کو سرکاری اسپتال کے لے دی تھی؟ پنجاب حکومت نے ریلوے زمین پر اسپتال بنا کر پرائیویٹ کر دیا، کیا اس کا ایک آنا بھی نہیں دیا گیا؟

    ریلوے حکام نے کہا کہ اس کے بدلے ہمیں ڈپٹی کمشنر 18 ایکڑ زمین دے دیں، لیکن پنجاب حکومت اس زمین کا 7 ارب روپے دینا چاہتی ہے، لیکن 50 سال کا کرایہ بھی پنجاب حکومت ریلوے کو دے۔ ممبر کمیٹی وسیم قادر کا کہنا تھا کہ شالیمار اسپتال میں تو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے کام ہو رہا ہے۔

  • کے الیکٹرک اور ریلوے کے درمیان واجبات کا تنازع شدت اختیار کرگیا

    کے الیکٹرک اور ریلوے کے درمیان واجبات کا تنازع شدت اختیار کرگیا

    کے الیکٹرک اور ریلوے کے درمیان واجبات کا تنازع شدت اختیار کرگیا ہے جس کی وجہ سے ریلوے کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی ایس ریلوے ناصر خلیلی کا کہنا ہے کہ بجلی منقطع ہونے سے کراچی ریلوے کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے، بجلی بند ہونے سے ریلوے کا آن لائن بکنگ سسٹم بھی بیٹھ گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ بجلی بند ہونے سے ریلوے کا آٹو سگنل بھی بند ہوجائے گا۔

    ڈی ایس ریلوے کے مطابق کے الیکٹرک کو نوٹس دیا کہ وہ ریلوے کے ماہانہ واجبات ادا کرے، اگر واجبات ادا نہ کیے تو ریلوے بھی کے الیکٹرک کے واجبات ادا نہیں کرے گا۔

    ناصر خلیلی نے کہا کہ کے الیکٹرک کے اس عمل سے مسافروں کو نقصان پہنچے گا۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا مؤقف

    دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے کو بقایا جات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے بجلی کی فراہمی جاری رکھنا ممکن نہیں ہے۔

    کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے کے 31 کنکشنز پر واجب الادا بل کی رقم 43 کروڑ روپے ہے، ریلوے بجلی کی بحالی کے لیے فوری طور پر واجبات ادا کرے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بغیر ادائیگی کے بجلی کی فراہمی ممکن نہیں، بجلی منطقع کرنے سے قبل بلوں کی ادائیگی کی یاد دہانی کے لیے متعدد نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔

  • فری وائی فائی، نجی انتظامیہ نے کراچی پنڈی ٹرین چلا دی

    فری وائی فائی، نجی انتظامیہ نے کراچی پنڈی ٹرین چلا دی

    کراچی: نجی انتظامیہ کے تحت کراچی سے راولپنڈی کے لیے سرسید ایکسپریس چلا دی گئی.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز نے کہا ہے کہ سرسید ایکسپریس نے نجی انتظامیہ کے تحت سروس شروع کر دی، یہ ٹرین کراچی اور راولپنڈی کے درمیان چلے گی، 16 کوچز پر مشتمل یہ ترین فیصل آباد کے روٹ سے جایا کرے گی۔

    ٹرین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائی گئی ہے، جس میں ایک اے سی سلیپر، 3 اے سی بزنس اور 1 اے سی اسٹینڈرڈ کوچز شامل ہیں، 8 اکانومی کوچز کے ساتھ ساتھ ڈائننگ کار بھی ٹرین کا حصہ ہے۔

    ریلویز کے مطابق ایک اعلیٰ سطح کی کمپنی ٹرین میں کھانا فراہم کرے گی، پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لیے بھی خاص انتظامات کیے گئے ہیں، ٹرین میں مسافروں کے لیے فری وائی فائی کی سہولت بھی میسر ہوگی، جب کہ ٹرین کے ٹکٹ کی ادائیگی گھر بیٹھے موبائل ایپلیکیشنز کے ذریعے بھی کی جا سکے گی۔

    سر سید ایکسپریس سے پاکستان ریلویز کو سالانہ تقریباً 3 ارب روپے آمدن ہوگی، سی ای او ریلوے عامر بلوچ کا کہنا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے خود انحصاری آئے گی، ریونیو بڑھے گا، اگلے ماہ مزید 10 ٹرینیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کا ارادہ ہے۔

  • ویڈیو: چلتی ٹرین میں پرس چھین کر چھلانگ لگا کر بھاگنے والا چور پکڑا گیا

    ویڈیو: چلتی ٹرین میں پرس چھین کر چھلانگ لگا کر بھاگنے والا چور پکڑا گیا

    کراچی: ریلوے پولیس نے چلتی ٹرین میں خواتین سے پرس چھین کر چھلانگ لگا کر بھاگنے والے چور کو پکڑ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریلویز پولیس سکھر نے ایک کارروائی میں ٹرینوں میں مسافروں کا سامان چوری کرنے والے علی رضا نامی چور کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ریلوے پولیس حکام کے مطابق ملزم علی رضا نے چلتی ٹرین اقبال ایکسپریس سے خاتون کا پرس چوری کیا اور چھلانگ لگا دی، تاہم روہڑی اسٹیشن کے پلیٹ فارم 3 پر ریلویز پولیس اہلکاروں نے ملزم کو بھاگتے ہوئے قابو کر لیا۔

    ملزم کے پاس سے حیدرآباد کی رہائشی خاتون مسافر کا چوری کیا ہوا پرس برآمد ہوا، پرس میں مسافر خاتون کا موبائل فون، ہزاروں روپے اور ضروری دستاویزات موجود تھیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ ریلویز پولیس روہڑی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • چاند پر ریل گاڑی چلانے کی تیاریاں، ناسا کا بڑا اقدام

    چاند پر ریل گاڑی چلانے کی تیاریاں، ناسا کا بڑا اقدام

    واشنگٹن : امریکی خلائی ایجنسی ناسا چاند پر جدید ریلوے نظام قائم کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے، قمری ٹرینیں سطح کے ارد گرد موجود مواد کی منتقلی کا کام کرسکتی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے چاند پر ریلوے نظام بنانے انسانوں اور سامان کو مریخ پر منتقل کرنے کے منصوبے کیلئے فنڈنگ ​​کا آغاز کردیا ہے۔

    اس حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ناسا کے (این آئی اے سی) پروگرام کے عہدیدار نے کہا ہے کہ ناسا ایسے منصوبوں پر کام کرے گا جو سائنس فکشن جیسے تصورات ہیں تاہم اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ وہ جلد ہی عمل میں لائے جائیں گے۔

     moon's

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ممکن ہے کہ کسی بھی دن مستقبل میں یہ تصورات حقیقت کا روپ دھار لیں گے۔

    ناسا عہدیدار کا کہنا تھا کہ مذکورہ منصوبوں میں چاند پر ریلوے کا جدید نظام، دوربین اور انسانوں اور سامان کو مریخ تک لے جانے کے لیے ٹرانزٹ سسٹم شامل ہیں۔ اس مقصد کیلئے مجموعی طور پر چھ منصوبے ہیں جن میں سے ادارہ ابتدائی مراحل سے گزر چکا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے میں یہ منصوبے مزید تحقیق کے لیے اگلے دو سالوں تک 600,000 ڈارلز جمع کرلیں گے۔

  • ریلوے سے 440 روپے کی واپسی کیلئے شہری کی 5 سال جدوجہد !

    ریلوے سے 440 روپے کی واپسی کیلئے شہری کی 5 سال جدوجہد !

    آگرہ: ریلوے سے 440 روپے کی رقم حاصل کرنے کے لیے آگرہ کے ایک 63 سالہ شخص نے پانچ سال سے زیادہ عرصے تک عدالتی جنگ لڑی، اس دوران شہری 45 بار سماعتوں میں شریک ہوا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 63 سالہ شخص نے اپنی طویل جدوجہد کے بعد بالآخر کامیابی حاصل کرلی، آگرہ ڈسٹرکٹ کنزیومر فورم کی عدالت نے مذکورہ شخض کے حق میں فیصلہ سنایا، ریلوے کو یہ رقم 7 سالانہ سود کے ساتھ حوالے کرنے کا حکم دیا۔

    عدالت کا حکم جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر ادائیگی میں 45 دن سے زیادہ تاخیر ہوئی تو سود بڑھ کر 9 فیصد ہوجائے گا۔

    عدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ وہ شکایت کنندہ کو قانونی فیس کے ساتھ مالی اور ذہنی پریشانی پیدا کرنے کے لیے اضافی 8,000 روپے ادا کریں۔

    یہ معاملہ 2017میں اس وقت سامنے آیا جب منالال اگروال نے 1,570 روپے میں اتر پردیش سمپرک کرانتی ایکسپریس میں بندہ جنکشن سے آگرہ کینٹ اسٹیشن تک جانے کے لئے 2ndاے سی ٹکٹ خریدا۔

    تاہم، جب ٹرین پہنچی تو اس کے ساتھ کوئی 2nd اے سی کوچ منسلک نہیں تھا اور شہری کو بغیر اے سی کے سفر کرنا پڑا اور مشکلات جھیلنا پڑیں۔

  • چین کا پاکستان میں 58 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے جدید ریلوے منصوبہ

    چین کا پاکستان میں 58 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے جدید ریلوے منصوبہ

    اسلام آباد : پاکستان میں چین کی جانب سے ریلوے کے شعبے میں ہونے والی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کو امریکی میڈیا نے مہنگا ترین منصوبہ جبکہ چین نے اس نئے جدید ریلوے نظام کے منصوبے کو قابل عمل قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے پاکستان میں 58 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے نئے جدید ترین ریلوے نظام کا منصوبہ پیش کرتے ہوئے اسے قابل عمل قراردیا ہے، چائنا ریلوے فرسٹ سروے اینڈ ڈیزائن انسٹی ٹیوٹ نے مذکورہ جدید منصوبے کو تجارت کے فروغ اور خطے کی جغرافیائی سیاست کیلئے بھی اہم قرار دیا ہے۔

    اس حوالے سے امریکی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان اور چین کا58بلین ڈالر کا ریلوے منصوبہ مغربی ممالک پر انحصار کم کردے گا، یہ ’ون بیلٹ ون روڈ پروجیکٹ‘ کا سب سے مہنگا ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق منصوبے میں تجارت اور جغرافیائی سیاست کو نئی شکل دینے کی صلاحیت موجود ہے، چین پاکستان ریلوے کا تخمینہ58 بلین امریکی ڈالر لگایا گیا ہے،1860میل ریلوے سسٹم گوادر کو چینی شہر کاشغر سے جوڑ دے گا، ریل لنک قدیم سلک روڈ رابطوں کو بحال کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

    واضع رہے کہ چین کے ساتھ پاکستان کوملانے والا ریلوے کا یہ سب سے بڑا چینی ٹرانسپورٹ منصوبہ ہوگا۔ اس منصوبے کو بنانے والا چائنہ ریلوے فرسٹ سروے انسٹیٹیوٹ اس سے قبل بھی کئی بین الاقوامی ریل سسٹم بنا چکا ہے جن میں انڈونیشیا میں ایشیا کا جدید ترین ریلوے سسٹم بھی شامل ہے۔