Tag: ریلوے خسارہ

  • پاکستان ریلویز کو ایک سال میں 48 ہزار ملین روپے سے زائد کا خسارہ

    پاکستان ریلویز کو ایک سال میں 48 ہزار ملین روپے سے زائد کا خسارہ

    اسلام آباد: پاکستان ریلویز کو ایک سال میں 48 ہزار ملین روپے سے زائد کا خسارہ اٹھانا پڑا ہے، یہ انکشاف ریلوے آڈٹ رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز کی آڈٹ رپورٹ میں یہ تشویش ناک انکشاف سامنے آیا ہے کہ محکمے کو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 2022-23 میں زائد خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    آڈٹ رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلویز کو مالی سال 2022-23 میں 48195.28 ملین روپے کے خسارے کا سامنا ہوا، ریلوے انتظامیہ کئی برسوں سے ریلوے کے نقصانات کو صفر کرنے میں ناکام رہی، گزشتہ برسوں سے خسارہ 2.04 فی صد زیادہ تھا۔

    گزشتہ مالی سال ریلوے کی آپریشنل لاگت 111914.79 ملین روپے رہی، اس کے مقابلے ریلوے نے 63717.92 ملین روپے کمائے، ریلوے کو آپریشنل لاگت کی مد میں 48,196.87 روپے کے نقصان کا سامنا ہوا۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی

    وفاقی حکومت نے سبسڈی کی صورت میں ریلوے کو 47500 ملین روپے بھی فراہم کیے تھے، حکومت کی جانب سے سبسڈی ریلوے کے نقصانات میں کمی کے لیے تھی۔ رپورٹ کے مطابق اوور ڈرافٹ پر 5.9 بلین کا انٹرسٹ پاکستان ریلویز کے کھاتوں میں درج ہی نہیں کیا گیا۔

  • 5 کے بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کردیں گے: شیخ رشید

    5 کے بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کردیں گے: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 5 کے بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کردیں گے، جو افسر یا ملازم 8 بجے ڈیوٹی پر نہیں پہنچے گا اس کی غیر حاضری لگے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ فریٹ ٹرین کو 80 کے بجائے 40 گھنٹے میں تبدیل کیا، پاکستان واحد ملک ہے جس نے پسنجر میں 10 ارب زیادہ کمائے۔ اس سال میں ہم نے 3 ماہ میں ٹارگٹ سے آدھا ملین زیادہ کمایا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 5 کے بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کردیں گے، وزیر اعظم سے درخواست ہے وہ ننکانہ صاحب اسٹیشن کا افتتاح کریں۔ جو افسر یا ملازم 8 بجے ڈیوٹی پر نہیں پہنچے گا اس کی غیر حاضری لگے گی۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم لگا دیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جناح ایکسپریس کے ساتھ اکانومی کلاس کے ڈبے لگا رہے ہیں، آرمی چیف کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ٹینڈر کھلنے جا رہے ہیں۔ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے۔ سنہ 1861 کی پٹڑی برطانیہ نے ڈالی تھی اب پہلی دفعہ کام ہونے جا رہا ہے۔ ایک ہزار دکانیں ریلوے اسٹیشنوں پر بنانے جا رہے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فضل الرحمٰن اور شہباز شریف کی کوئی چیز فائنل نہیں۔ مولانا کے آگے کنواں ہے اور پیچھے کھائی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا ہے، عمران خان نے مودی کو پھنسا دیا ہے نہ جان چھوٹ سکتی ہے نہ بچ سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور پاک فوج کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہیں، کرفیو اٹھے گا تو کشمیر کے مجاہد اور کشمیری جان ہتھیلی پر رکھ کر باہر نکلیں گے۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ انتخابات کی باتیں کرنے والوں کی چیخیں سنائی دیں گی، سب کہتے ہیں فوج پولنگ اسٹیشنز کے باہر نہ ہو، اگر فوج نہ ہو تو یہ پولنگ کے ڈبے اٹھا کر اپنے ساتھ لے جائیں۔ عمران خان 6 آدمی رہا کر دیں تو یہ ساری تحریکیں ٹھس ہوجائیں۔ یہ پرانے کیس ہیں، عمران خان تو ابھی ان پر کیس بنائیں گے۔

  • 120 دن کا ٹارگٹ ہے‘ ریلوے کو اپنے پاؤں پرکھڑا کریں گے‘ شیخ رشید

    120 دن کا ٹارگٹ ہے‘ ریلوے کو اپنے پاؤں پرکھڑا کریں گے‘ شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیربرائے ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ریلوے کی زمینوں کو لینڈ مافیا سے واگزار کرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے میں آن لائن ٹکٹس کی مزید سہولت دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ 120 دن کا ٹارگٹ ہے، ریلوے کو اپنے قدموں پر کھڑا کریں گے اور ریلوے کا خسارہ اسی سال کم کیا جائے گا۔

    وفاقی وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے سے پیار پاکستان سے پیار ہے، ہمیں ایک قوم کا مقروض نہیں ہونا چاہیے، ریلوے کو ایران اور ترکی کی طرف لے کرجائیں گے اور اپنی ریل کو دوسرے ملکوں کی طرح بنائیں گے۔

    شیخ رشید احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے ہیڈ آفس میں ہفتے کو چھٹی نہیں ہے، پہلے روز سے میرا موٹو آرام حرام ہے، ریلوے کے ملازمین ایک گھنٹہ مزید کام کریں گے اور شام 5 کے بجائے 6 بجے تک کام کریں گے۔

    وفاقی وزیرریلوے کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا 100 دن کا وعدہ ہے، قوم سے میں نے 20 دن زیادہ مانگے ہیں۔

    ریلوے میں اب صرف کام ہوگا‘ شیخ رشید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے میں اب صرف کام ہوگا، ریلوے کے غیر ضروری اخراجات ختم کردیے جائیں گے۔