Tag: ریلوے ٹکٹ

  • پاکستان ریلوے نے ٹکٹوں کی نئی پالیسی جاری کر دی

    پاکستان ریلوے نے ٹکٹوں کی نئی پالیسی جاری کر دی

    کراچی: پاکستان ریلوے نے ٹکٹوں کی نئی پالیسی جاری کر دی ہے، حکام کی جانب سے نئی ریفنڈ پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے۔

    پاکستان ریلوے کے مطابق ریفنڈ پالیسی کے تحت ریلوے کے مسافر پوائنٹ آف سیل سے خریدے گئے ٹکٹوں کے لیے، ٹرین روانگی سے 48 گھنٹے قبل تک 90 فی صد رقم واپس لے سکیں گے۔

    ریلوے ٹکٹوں کی واپسی کی یہ ریفنڈ پالیسی ’رابطہ‘ ایپ کے ذریعے خریدے گئے ٹکٹوں پر بھی لاگو ہوگی۔

    ٹرین روانگی سے 24 سے 48 گھنٹے قبل تک 80 فی صد رقم واپس کی جائے گی۔ روانگی سے 24 گھنٹے کے اندر 70 فی صد رقم واپس کی جائے گی۔ ٹرین کی روانگی کے بعد 2 گھنٹوں کے اندر 50 فی صد ریفنڈ دیا جائے گا۔

    اگر ٹرین 6 گھنٹے یا اس سے زیادہ لیٹ ہو تو مکمل رقم واپس کی جائے گی۔ پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) سے خریدے گئے ٹکٹوں کی واپسی صرف ان ہی کاؤنٹرز پر ہوگی۔ ریفنڈ لینے کے لیے مسافروں کو اصل ٹکٹ اور CNIC کی کاپی جمع کرانا ہوگی، جس پر انھیں کینسلیشن سلپ اور رقم دی جائے گی۔

    آن لائن ٹکٹوں کا ریفنڈ صرف اسی آن لائن سروس کے ذریعے ممکن ہوگا، جس سے ادائیگی کی گئی ہو۔ آن لائن ٹکٹوں کے لیے بھی وہی ریفنڈ پالیسی ہوگی جو POS کے لیے مقرر ہے۔

    آن لائن ٹکٹوں کا ٹرین کی روانگی کے بعد کوئی ریفنڈ نہیں دیا جائے گا۔ اگر ٹرین کی روانگی میں 1 گھنٹے 30 منٹ سے کم وقت باقی ہو تو آن لائن ٹکٹ کینسل نہیں ہوگا۔

    مسافروں کو چاہیے کہ وہ اپنی بکنگ سے متعلق درست معلومات حاصل کریں اور ریفنڈ کے قواعد کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹکٹ کی واپسی کے لیے درخواست دیں۔ مزید معلومات کے لیے قریبی ریلوے اسٹیشن یا پاکستان ریلوے کی آفیشل ویب سائٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

  • جاپان میں دریائے نشکی کے کنارے انوکھا ریلوے اسٹیشن!

    جاپان میں دریائے نشکی کے کنارے انوکھا ریلوے اسٹیشن!

    جاپان اپنی جدید عمارتوں اور منفرد طرزِ تعمیر کے علاوہ تیز رفتار ٹرینوں اور ریلوے کے جدید نظام کے لیے بھی مشہور ہے جن میں ایک انوکھا پلیٹ فارم بھی شامل ہے۔

    2019ء میں جاپان میں سریو مہارشی اسٹیشن (Seiryu Miharashi Station) تعمیر کیا گیا تھا جو کسی مقام اور منزل تک پہنچنے کا راستہ نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پہنچ کر مسافر قدرت کے حسین نظّاروں سے لطف اٹھا سکتے ہیں۔

    اس ریلوے اسٹیشن کا نہ تو کوئی داخلی دروازہ ہے اور نہ ہی کوئی خارجی پھاٹک۔ اس اسٹیشن پر کوئی ٹکٹ گھر نہیں ہے۔ یہاں تک صرف ٹرین کے ذریعے ہی پہنچا جا سکتا ہے اور اسی میں سوار ہو کر واپسی ممکن ہے۔

    جاپان کا سریو مہارشی ریلوے اسٹیشن لگ بھگ دس کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ جاپان کے علاقہ یماگوچی پریفکچر میں ناگوا اور نیکاسا اسٹیشنوں کے درمیان بنایا گیا ہے۔ اس اسٹیشن تک رسائی کے لیے سڑک یا کوئی دوسرا زمینی راستہ موجود نہیں ہے۔ اس لیے ٹرین ہی یہاں پہنچنے کا واحد ذریعہ ہے۔

    دراصل یہ ایک تفریحی پلیٹ فارم ہے اور عین دریائے نشکی کے کنارے پر تعمیر کیا گیا ہے۔ یہاں سیّاح دریا اور آس پاس کے حسین نظّاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے آتے ہیں۔

    یہ علاقہ موسمِ بہار میں‌ الگ ہی منظر پیش کرتا ہے اور سبزہ و گُل اور قسم قسم کی ہریالی لوگوں کو اپنی جانب کھینچتی ہے۔ یہاں لوگ موسمِ بہار میں آبشاروں، پہاڑوں اور سبزے کی خوب صورتی کا نظّارہ کرنے کے لیے آتے ہیں۔