Tag: ریلوے پولیس

  • ریلوے پولیس میں بھرتی کیلیے جعل سازی کرنا نوجوانوں کو مہنگا پڑگیا

    ریلوے پولیس میں بھرتی کیلیے جعل سازی کرنا نوجوانوں کو مہنگا پڑگیا

    کراچی : محکمہ ریلوے پولیس میں بھرتی کیلیے انتظامیہ کو دھوکہ دینے والا ملزم اور اصل امیدوار رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلوے پولیس میں بھرتی کے لیے ٹیسٹ دینے والا جعل ساز اصل امیدوار سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

    ملزم خضر اصل امیدوار احسن اقبال کی جگہ امتحان دینے ٹیسٹ سینٹر آیا تھا، دوڑ مکمل ہونے کے بعد کمیٹی نے کاغذات کی جانچ پڑتال کی تو امیدوار جعلی نکلا۔

    ملزم خضر نے اصل امیدوار کا رول نمبر اور شناختی کارڈ دیا جو مختلف نکلا، کمیٹی نے ملزم کی نشاندہی پر اصل امیدوار احسن کو بھی موقع پر گرفتار کرلیا۔

    امیدوار نے تفتیس میں انکشاف کیا اس نے خضر کو بھرتی دوڑ میں شرکت کیلئے معاوضے کے طور پر 50ہزار روپے دیئے۔

    دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس مغل پورہ ورکشاپس میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جعل ساز ملزم سے دیگر ساتھیوں کی نشاندہی اور وارداتوں کے لیے تفتیش کی جارہی ہے۔

  • ریلوے پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنادی، کروڑوں مالیت کی ہیروئن برآمد

    ریلوے پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنادی، کروڑوں مالیت کی ہیروئن برآمد

    پشاور : ریلوے پولیس نے ٹرین کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنادی، 3 کلو ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق پشاور کینٹ اسٹیشن پر شک کی بنیاد پر ایک مسافر کے سامان کی تلاشی لی گئی تو اس کےقبضےسے3کلو ہیروئن برآمد ہوئی جس کی عالمی مارکیٹ میں قیمت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔

    ملزم ٹرین کے ذریعے منشیات پشاور سے دوسرے شہر اسمگل کرنا چاہتا تھا۔ ملزم کو گرفتار کرکے تھانہ ریلوے پولیس پشاور کینٹ اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اس دوران 9 کاروائیوں میں دو خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 کروڑ سے زائد مالیت کی 12.636 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی پشاور ریلوے اسٹیشن پر کارروائی کرتے ہوئے بذریعہ ٹرین کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن کی اسمگلنگ ناکام بناکر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    ملزم جعفر ایکسپریس پر سفر کے لیے ریلوے اسٹیشن پشاور سٹی پہنچا تھا۔ ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق ایس ایچ او جمال عبدالناصر نے شک کی بنیاد پر مذکورہ مسافر کی تلاشی لی اور سامان سے ایک کلو سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی۔

  • ٹرین سے ملنے والا لاوارث بیگ مالک تک کیسے پہنچا؟‌

    ٹرین سے ملنے والا لاوارث بیگ مالک تک کیسے پہنچا؟‌

    کراچی : ریلوے پولیس کینٹ اسٹیشن کراچی ڈویژن نے ایمانداری اور فرض شناسی کی مثال قائم کرتے ہوئے لاوارث بیگ اس کے مالک کے حوالے کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریلوے پولیس اہلکار کو کراچی کینٹ اسٹیشن پر کھڑی رحمان بابا ایکسپریس کی بوگی میں لاوارث بیگ برتھ پر رکھا ملا تھا۔

    مذکورہ لاوارث بیگ میں لاکھوں روپے مالیت کی گھڑی، زیورات، قیمتی سامان اور ہزاروں روپے کی نقدی موجود تھی۔

    لاوارث بیگ

    ریلوے پولیس حکام نے بتایا ہے کہ قیمتی سامان سے بھرا یہ بیگ اس کے حقیقی مالک کے حوالے کردیا گیا ہے، جسے وہ ٹرین کے اندر بھول گیا تھا۔

    پولیس ہیلپ سینٹر کینٹ اسٹیشن سے رابطہ کرنے پر لاوارث بیگ اور اس میں رکھا قیمتی سامان مالک کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    مسافر نے اپنا بیگ اور قیمتی سامان بحفاظت ملنے پر ریلوے پولیس کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال ریلوے پولیس نے ایمانداری کی مثال قائم کرتے ہوئے زیورات سے بھرا بیگ مالک کے حوالے کردیا تھا۔

    مسافر اپنا بیگ کراچی کینٹ اسٹیشن پر بھول گیا تھا، بیگ میں سونے کے زیورات، کپڑوں کے جوڑے اور لیڈیز پرس موجود تھا۔

  • ریلوے پولیس نے 2 مسافروں سے بھاری تعداد میں خطرناک اسلحہ برآمد کر لیا

    ریلوے پولیس نے 2 مسافروں سے بھاری تعداد میں خطرناک اسلحہ برآمد کر لیا

    پشاور: ریلورے پولیس نے 2 مسافروں سے 5 خطرناک خنجر  اور 30 بور پستول کی 100 گولیاں برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق ریلویز پولیس کی ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہے، پشاور ڈویژن کی ریلوے اسٹیشن پشاور کینٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 2 مسافر کو گرفتار کرلیا۔

    ریلوے پولیس کے ترجمان کے مطابق ملزمان کو ایس ایچ او پشاور جمال عبد الناصر نے شک کی بنا پر چیک کیا، تلاشی لینے پر ملزمان کے قبضے سے خطرناک خنجر اور پستول کی گولیاں برآمد کرلی گئیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم زبیر اور ذیشان خنجروں اور پستول کی گولیوں کو ٹرین خیبر میل کے ذریعے کراچی لیجانا چاہتے تھے، دونوں ملزمان کو ریلویز پولیس نے موقع پر گرفتار کرلیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس پشاور کینٹ میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • ریلوے اور پولیس ملازمین کے لیے بڑی خبر

    ریلوے اور پولیس ملازمین کے لیے بڑی خبر

    کراچی: محکمہ ریلوے نے ریلویز پولیس ملازمین کا فکسڈ ٹی اے ڈی اے الاؤنس ختم کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے پولیس ملازمین کو دیا جانے والا فکسڈ ٹی اے ڈی اے الاؤنس ختم کر دیا گیا ہے، جس سے اہلکاروں میں شدید مایوسی اور تشویش پھیل گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ریلوے پولیس اہلکاروں کا فکسڈ الاؤنس اخراجات میں کمی لانے کے لیے ختم کیا گیا، تاہم پولیس ملازمین جو ٹرینوں کے ساتھ یا کوئی اور ڈیوٹی سر انجام دیتے ہیں، انھیں ٹی اے ڈی اے ادا کیا جاتا رہے گا۔

    ذرائع کے مطابق ریلویز پولیس دیگر لا انفورسمنٹ ایجنسیوں کے مقابلے میں پہلے سے کم تنخواہ وصول کرنے کے علاوہ اگست 2012 کے ریٹ سے فکسڈ ٹی اے ڈی اے وصول کر رہی تھی۔

    دوسری طرف دیگر لا انفورسمنٹ ایجنسیاں 30 جون 2023 کے ریوائزڈ ریٹ سے ٹی اے ڈی اے وصول کر رہی ہیں۔ ریلویے پولیس ملازمین نے وزیر اعظم شہبازشریف سے اس صورت حال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

  • ریلوے پولیس اہلکار نے ٹرین سے گرنے والے مسافر کی جان بچا لی

    ریلوے پولیس اہلکار نے ٹرین سے گرنے والے مسافر کی جان بچا لی

    کراچی: شہر قائد میں ٹرین میں چڑھتے وقت توازن برقرار نہ رکھ سکنے والے مسافر کی جان کو اس وقت خطرہ لاحق ہو گیا تھا جب اس کا پیر پھسل گیا، تاہم ریلوے پولیس اہلکار نے بروقت اسے کھینچ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے پولیس اہلکار نے ٹرین سے گرنے والے ایک مسافر کی جان بچائی ہے، جس پر سہیل نامی مسافر نے پولیس کانسٹیبل مجاہد بٹ کا شکریہ ادا کرنے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔

    لانڈھی اسٹیشن پر پاک بزنس ایکسپریس بغیر اسٹاپ کے اچانک رک گئی تھی، کراچی سے لاہور جانے والا مسافر سہیل پانی لینے اتر گیا، تاہم اس دوران ہی ٹرین چل پڑی تو مسافر نے بھاگ کر ریل پر چڑھنے کی کوشش کی تاہم اس کا پیر پھسل گیا۔

    پلیٹ فارم پر ریلوے کانسٹیبل مجاہد بٹ نے مسافر کو ٹرین سے نیچے گرتے وقت کھینچ لیا، اس حادثے میں مسافر کے کپڑے پھٹ گئے، اور چپل ریل میں رہ گئی، لوگوں کے شور مچانے پر ٹرین ڈرائیور نے بھی ٹرین کو روک لیا تھا۔

    بعد ازاں ریلوے پولیس کانسٹیبل نے مسافر سہیل کو بہ حفاظت دوبارہ ٹرین میں سوار کرایا۔

  • ملت ایکسپریس کیس، عدالت نے میر حسن کی حفاظتی ضمانت منسوخ کر دی، گرفتاری کا حکم

    ملت ایکسپریس کیس، عدالت نے میر حسن کی حفاظتی ضمانت منسوخ کر دی، گرفتاری کا حکم

    حیدرآباد: عدالت نے ملت ایکسپریس میں مریم بی بی پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکار کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملت ایکسپریس میں ایک خاتون مریم بی بی پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکار میر حسن کی حفاظتی ضمانت عدالت نے منسوخ کر دی، اور اس کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

    عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم میر حسن کی ضمانت منسوخ کی، جب کہ ملزم میر حسن گرفتاری کے خوف سے عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ ریلوے پولیس نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ ملزم کو میرٹ پر شرائط پوری کیے بغیر ضمانت دی گئی تھی، ریلوے پولیس نے کہا عید کے دنوں میں جج نے پراسیکیوٹر کے دلائل کے بغیر ملزم کو ضمانت دینے کا فیصلہ کیا۔

    اس کیس کی سماعت سیکنڈ سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ہوئی۔

    رہائی کے بعد تفتیش میں عدم تعاون

    ریلوے پولیس کانسٹیبل کو 13 اپریل کو حیدرآباد میں مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، عدالت نے پولیس ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انھیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا، تاہم 16 اپریل کو حیدرآباد میں ریلوے پولیس نے سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ سے ایک درخواست میں استدعا کی کہ کانسٹیبل میر حسن ضمانت حاصل کرنے کے بعد تفتیش میں کوئی تعاون نہیں کر رہا۔

    مریم بی بی پر تشدد کی ویڈیو یہاں دیکھیں

    ریلوے پولیس نے استدعا کی کہ ملزم کا میڈیکل کرانا نہایت ضروری ہے تاکہ ملزم کی ذہنی کیفیت کے بارے میں مجاز میڈیکل آفیسر سے سرٹیفیکیٹ حاصل کیا جا سکے، اس لیے درخواست ہے کہ ملزم سے تفتیش کے لیے ان کا ضمانتی حکم نامہ منسوخ کیا جائے اور ان کا پولیس ریمانڈ منظور کیا جائے۔

    واقعہ کب اور کیسے پیش آیا؟

    یہ افسوس ناک واقعہ 7 اپریل کو پیش آیا تھا، بیوٹی پارلر میں محنت مزدوری کرنے والی 29 سالہ خاتون مریم بی بی ملت ایکسپریس کے ذریعے اپنے بچوں کے ہمراہ کراچی سے فیصل آباد جا رہی تھیں کہ راستے میں پولیس اہلکار میر حسن نے ان پر بد ترین تشدد کیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، بعد ازاں بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں مریم بی بی ریل سے گرنے یا گرائے جانے کے باعث جاں بحق ہو گئیں تھیں۔

    مریم بی بی کے اہلخانہ نے ریلوے پولیس کے کانسٹیبل میر حسن کے خلاف ضلع بہاولپور کے تھانہ چنی گوٹھ میں قتل کا مقدمہ درج کیا ہے، جس میں کہا گیا کہ پولیس کانسٹیبل نے مریم کے ساتھ چھیڑ خانی کی، مارا پیٹا اور پھر احمد پور شرقیہ میں جان بوجھ کر انھیں ریل گاڑی سے دھکا دے کر باہر پھینک دیا۔

    کیا مریم بی بی ذہنی مریضہ تھیں؟ اہم سوال کا جواب مل گیا

    دوسری طرف 15 اپریل کو پاکستان ریلویز نے اپنی پریس ریلیز میں کہا کہ دورانِ سفر مریم بی بی نے مسافروں کا سامان بکھیرنا شروع کیا تو مسافروں نے پولیس کانسٹیبل کو بلا لیا، کانسٹیبل نے خاتون پر ہاتھ اٹھایا اور انھیں دوسرے ڈبے میں شفٹ کر دیا۔ ترجمان پاکستان ریلویز نے کہا کہ خاتون کے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کے بیان کے مطابق خاتون نے اچانک چلتی ٹرین سے چھلانگ لگائی، نیز کانسٹیبل کی ڈیوٹی کراچی سے حیدر آباد تک تھی‘ جب کہ خاتون کے ٹرین سے گرنے کا واقعہ ضلع بہاولپور کے ریسکیو 1122 میں رپورٹ ہوا۔

    ادھر بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس کیس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سمجھنے کے لیے جب فارنزک اور میڈیکو لیگل کے ماہرین سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں خاتون کو ٹرین سے دھکا دیا جانا خارج از امکان نہیں ہے۔ خاتون کے جسم پر موجود زخموں کو دیکھ کر بہ ظاہر ایسا لگتا ہے کہ خاتون ٹرین سے سر کے بل گریں، جو دھکا دینے یا پیر پھسلنے سے ہو سکتا ہے۔

  • ریلوے پولیس نے زیورات سے بھرا بیگ مالک کے حوالے کردیا!

    ریلوے پولیس نے زیورات سے بھرا بیگ مالک کے حوالے کردیا!

    ریلوے پولیس کراچی ڈویژن نے ایمانداری اور فرض شناسی کی مثال قائم کرتے ہوئے زیورات سے بھرا بیگ مالک کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کینٹ اسٹیشن پر ایک لاوارث بیگ ملا تھا جس میں زیورات پائے گئے تھے، اس بیگ کو بحفاظت تھانے میں جمع کرادیا گیا تھا۔

    ریلوے پولیس حکام نے بتایا کہ زیورات سے بھرا بیگ حقیقی مالک کے حوالے کردیا گیا ہے۔ مسافر اپنا بیگ کراچی کینٹ اسٹیشن پر بھول گیا تھا۔

    بیگ میں سونے کے زیورات، کپڑوں کے جوڑے اور لیڈیز پرس تھا۔ مالک کو تلاش کرکے زیورات سے بھرا بیگ حوالے کردیا گیا۔

    ریلوے پولیس حکام نے مزید بتایا کہ مسافر نے زیورات والا بیگ واپس ملنے پر ریلوے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

  • ریلوے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے والا 3 رکنی گینگ گرفتار

    ریلوے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے والا 3 رکنی گینگ گرفتار

    کراچی: محکمہ ریلوے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے والا تین رکنی گینگ گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریلویز پولیس کی جانب سے اسمگلنگ اور چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ریلویز پولیس لاہور ڈویژن کی ایک بڑی کارروائی میں‌ ریلوے ڈیزل شیڈ لاہور سے ٹرین انجنوں سے قیمتی تانبے کی تار چوری کرنے والا گینگ گرفتار کر لیا گیا۔

    ڈیزل شیڈ سے تین ملزمان کو ریلوے مٹیریل سمیت رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے، تینوں ملزمان کے قبضے سے ریلوے کی لاکھوں روپے مالیت کی تار برآمد کی گئی، ملزمان کے قبضے سے ایک پسٹل بھی برآمد ہوا ہے۔

    ملزمان پر پہلے بھی متعدد مقدمات درج ہیں، جن کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس لاہور میں مقدمہ درج کر لیا گیا، اور ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

    ریلویز پولیس اسپیشل برانچ نے سکھر میں بھی ایک بڑی کارروائی کی ہے، جس میں ٹرین جعفر ایکسپریس سے مضر صحت بڑی مقدار میں بھارتی گٹکا برآمد کیا گیا، ریلویز پولیس اسپیشل برانچ نے ٹرین جعفر ایکسپریس میں مشکوک شخص کی تلاشی لی تھی، جس پر ملزم کے سامان سے مضر صحت گٹکے کے پیکٹ برآمد ہوئے۔

    ملزم کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس روہڑی میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

  • استعمال شدہ ریلوے ٹکٹیں ٹیمپر کر کے دوبارہ فروخت کیے جانے کا انکشاف

    استعمال شدہ ریلوے ٹکٹیں ٹیمپر کر کے دوبارہ فروخت کیے جانے کا انکشاف

    ملتان: ریلوے پولیس نے ملتان میں ایک ایسے جعل ساز کو گرفتار کیا ہے جس نے انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ تقریباً ایک برس سے استعمال شدہ ریلوے ٹکٹ ٹیمپر کر کے دوبارہ فروخت کر رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے پولیس نے جعلی ٹکٹیں بنا کر فروخت کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا ہے، ملزم نوید احمد سے بڑی تعداد میں استعمال شدہ اوپن ریلوے ٹکٹیں، اور پلیٹ فارم ٹکٹیں برآمد ہوئیں۔

    جعل سازی میں ملوث ملزم سے بڑی تعداد میں جعلی ٹکٹ بنانے والا سامان بھی برآمد ہوا ہے، ایس پی ملتان کا کہنا تھا کہ ملزم استعمال شدہ ٹکٹوں کو ٹیمپر کر کے مسافروں کو فروخت کرتا تھا۔

    ایس پی ریلویز پولیس شاہد نواز کے مطابق نوید احمد نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کے وہ پچھلے 10 ماہ سے اس جعل سازی کے کام میں ملوث ہے، ملزم سے 821 مختلف اقسام کی استعمال شدہ ریلوے ٹکٹیں برآمد ہوئی ہیں۔

    ملزم سے ریلوے کے بوگس ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل شدہ 50 ہزار روپے رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے، پولیس نے ملزم سے جعلی ٹکٹوں میں استمعال ہونے والی مختلف شہروں کی بوگس مہریں بھی برآمد کی ہیں۔

    ایس پی شاہد نواز کے مطابق ملزم سے جعلی ٹکٹ بنانے میں استعمال ہونے والے اوزار برآمد ہوئے ہیں، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریلوے ٹکٹوں کی جعل سازی میں ملوث ملزمان کے خلاف کروائیاں جاری رہیں گی۔