Tag: ریلوے پولیس اہلکار

  • ریلوے پولیس اہلکار کی حاضر دماغی نے ایک اور مسافر کی جان بچالی

    ریلوے پولیس اہلکار کی حاضر دماغی نے ایک اور مسافر کی جان بچالی

    کراچی: ریلوے پولیس اہلکار کے بروقت رسپانس نے ضعیف مسافر کو بڑے حادثے سے بچالیا،مسافر نے جان بچانے پر ریلویز پولیس اہلکار کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے پولیس اہلکار کی حاضر دماغی نے ایک اور مسافرکی جان بچالی، مسافر غلام اکبر نے میانوالی اسٹیشن پر چلتی تھل ایکسپریس سے اترنے کی کوشش کی، جلد بازی اور لاپرواہی کی وجہ سے مسافر اترتے وقت اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور پھسل گیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے ہیڈ کانسٹیبل محمد انور نے مسافرکو ٹرین کے نیچے آنے سے بچایا۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے اہلکار کے بروقت رسپانس نے ضعیف مسافر کو بڑے حادثے سے بچالیا، مسافر غلام اکبر نے ویڈیو پیغام کے ذریعے جان بچانے پر ریلویز پولیس اہلکار کا شکریہ ادا کیا۔

    یاد رہے دو ماہ قبل سٹی اسٹیشن کراچی سے روانہ ہونے والے پہلی عید اسپیشل ٹرین ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی تھی ، کوئٹہ ریلوے پولیس کے ایک اہل کار نے بروقت ٹرین کو حادثے سے بچایا تھا۔

  • ویڈیو: ریلوے پولیس اہلکار نے عید اسپیشل ٹرین کو بڑے حادثے سے بچا لیا

    ویڈیو: ریلوے پولیس اہلکار نے عید اسپیشل ٹرین کو بڑے حادثے سے بچا لیا

    کراچی: سٹی اسٹیشن کراچی سے آج روانہ ہونے والے پہلی عید اسپیشل ٹرین ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، کوئٹہ ریلوے پولیس کے ایک اہل کار نے بروقت ٹرین کو حادثے سے بچا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج منگل کو پہلی عید اسپیشل ٹرین ریلوے اسٹیشن ہرک اور مچھ سائیڈنگ کے درمیان پہنچی تو کوچ کی ڈیسک بریک میں اچانک آگ لگ گئی، تاہم ریلویز پولیس کوئٹہ کے اے ایس آئی شفیق شہزاد نے اسے کسی بڑے حادثے سے بچا لیا۔

    آگ لگنے پر ایسکارٹ انچارج اے ایس آئی شفیق شہزاد نے آگ بجھانے والے آلے کے ذریعے بر وقت قابو پایا، اور اہل کار کی بہادری اور ذمے داری کی بدولت سینکڑوں مسافر بڑے حادثے سے بچ گئے۔

    آگ پر قابو پانے کے بعد ٹرین کو دن ساڑھے 12 کے قریب منزلِ مقصود کے لیے روانہ کیا گیا۔

    واضح رہے کہ آج کراچی سے پہلی عید اسپیشل ٹرین سٹی اسٹیشن سے روانہ ہوئی تھی، کراچی سے پشاور جانے والی ٹرین میں 1202 مسافر سوار تھے، یہ ٹرین 13 کوچز پر مشتمل تھی، جس نے 28 اسٹیشنوں پر رکنا تھا۔

    ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ عید اسپیشل ٹرین سے ریلوے کو 32 لاکھ روپے کی آمدن ہوئی ہے، آج روانہ ہونے والی ٹرین کل رات 3 بجے پشاور پہنچے گی۔

  • ریلوے پولیس اہلکار نے ایمانداری کی عمدہ مثال قائم کردی

    ریلوے پولیس اہلکار نے ایمانداری کی عمدہ مثال قائم کردی

    کراچی: ریلوے پولیس اہلکار نے ٹرین سے ملا قیمتی سامان سے بھرا پرس خاتون کو واپس لوٹا کر ایمانداری کی عمدہ مثال قائم کردی، شاہ حسین ایکسپریس میں سوار خاتون پرس بھول گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے پولیس ٹرین اسکارڈ یونٹ کی ایمانداری کااحسن اقدام سامنے آیا ، ایک فیملی محمد ندیم اور اہلیہ محمد ندیم روہڑی سے کراچی شاہ حسین ایکسپریس میں آ رہے تھے، جب ٹرین شاہ حسین ایکسپریس لانڈھی اسٹیشن پہنچی تو مذکورہ فیملی جو بوگی نمبر 13 میں اپنا سامان لیڈیز پرس جلدی میں بھول کر لانڈھی اسٹیشن اتر گئے۔

    ریلوے پولیس کانسٹیبل محمد حنیف ٹرین میں معمول کے مطابق گشت کرتے ہوئے بوگی نمبر 13 پہنچا تو ایک پرس ملا جو وہ کراچی پہنچنے پر ریلوے پولیس ہیلپ سینٹر لے آیا، پرس کو کانسٹیبل کے روبرو کھول کر چیک کیا گیا، جس میں سے (1) ایک عدد موبائل فون آئی فون 5 (2) ایک عدد موبائل فون چارجر (3) دو عدد شناختی کارڈ (4) دو عدد بینک چیک بک (5) ایک عدد گھڑی مردانہ اور ضروری سامان ملا۔

    بعد ازاں فیملی سے رابطہ ہونے کے بعد فیملی ریلوے پولیس ہیلپ سینٹر کراچی کینٹ آئی ، جس نے اپنا سامان ہیلپ سنٹر سے وصول کیا اور ریلوے پولیس کا شکریہ ادا کیا اور ریلوے پولیس کی عوامی خدمات کو سراہا۔