Tag: ریلوے پولیس

  • اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن پر لڑکی سے زیادتی کا مرکزی ملزم گرفتار ہو گیا

    اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن پر لڑکی سے زیادتی کا مرکزی ملزم گرفتار ہو گیا

    اوکاڑہ: ریلوے اسٹیشن پر لڑکی سے زیادتی کا مرکزی ملزم گرفتار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ منڈی احمد آباد پولیس نے ایک کارروائی میں ٹرین میں لڑکی سے زیادتی کے ملزم حسیب کو گرفتار کر لیا۔

    ملزم حسیب کو کراچی ریلوے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جس کے خلاف ریلوے پولیس اسٹیشن ساؤتھ کراچی میں مقدمہ درج ہے۔

    اس افسوس ناک واقعے میں پاکستان ریلوے کے پی آر اسٹاف حسیب نے اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن پر ایک نوجوان لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا تھا، یہ واقعہ 10 مئی کو کو پیش آیا۔

    کراچی پہنچنے پر زیادتی کی شکار لڑکی نے پولیس اسٹیشن ساؤتھ میں ریلوے ملازمین کے خلاف شکایت درج کرا دی تھی۔ ریلوے انتظامیہ نے زیادتی کیس سامنے آنے کے بعد اسٹیشن ماسٹر کو غفلت برتنے پر معطل کر دیا تھا۔

  • کراچی ایکسپریس آتش زدگی، ریلوے پولیس اور عملے کی غفلت سامنے آ گئی

    کراچی ایکسپریس آتش زدگی، ریلوے پولیس اور عملے کی غفلت سامنے آ گئی

    کراچی: سکھر کے قریب کراچی ایکسپریس کی ایک بوگی میں آگ لگنے کے واقعے میں ریلوے پولیس اور عملے کی غفلت سامنے آ گئی ہے، واقعے میں 7 افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں جب آگ لگی تو اس آگ کو بھڑکنے میں تقریباً 15 منٹ لگے تھے، تاہم ٹرین میں موجود عملے نے نہ آگ بجھائی، نہ ہی ٹرین رکوانے کے لیے بروقت ایمرجنسی میں کچھ کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے پولیس اہل کاروں اور عملے کے پاس مسافروں کو ریسکیو کرنے کے لیے وقت تھا، تاہم بوگی میں آگ بجھانے کے آلات سمیت کوئی مناسب انتظام نہیں تھا، اس لیے ریلوے عملہ آگ بجھانے والا فائر سلنڈر تلاش کرتا رہا، تب تک آگ پھیل گئی۔

    ذرائع کے مطابق بر وقت آگ کی اطلاع دینے اور ہنگامی ریسکیو کرنے سے مسافروں کی جانیں بچ سکتی تھیں، واضح رہے کہ تیزگام میں آگ لگنے کے بعد ہر ٹرین میں آگ بجھانے کے آلات لازمی قرار دیے گئے تھے۔

    کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں خوفناک آتشزدگی، 7 افراد جاں بحق

    ایک ریلوے ملازم نے بتایا کہ ٹرینوں کی تاخیر کی وجہ سے انھیں نہ صفائی، نہ الیکٹرک وائرنگ نہ تکنیکی جائزہ لینے کا وقت ملتا ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی ایکسپریس میں آگ لگنے سے 3 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، آگ لگتے ہی مسافروں نے ٹرین رکنے تک چلتی ٹرین سے بھی چھلانگیں لگائیں، جس سے کئی افراد زخمی ہوئے جو گمبٹ اسپتال میں زیر علاج ہیں، تاہم ایک بزرگ خاتون زخمی ہونے کے بعد جاں بر نہ ہو سکیں۔

  • ریلوے پولیس کی گیس سلنڈرز کے خلاف بڑی کارروائی، ڈائننگ کار والے بھی زد میں آ گئے

    ریلوے پولیس کی گیس سلنڈرز کے خلاف بڑی کارروائی، ڈائننگ کار والے بھی زد میں آ گئے

    کراچی: ریلوے پولیس نے ملک بھر میں گیس سلنڈرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سلنڈر قبضے میں لے لیے، اس کارروائی میں ریل گاڑیوں میں ڈائننگ کار والے بھی زد میں آ گئے، جن کے پاس اجازت نامے بھی موجود ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ ریلوے گیس سلنڈرز کے خلاف آنکھیں بند کر کے کارروائیاں کرنے لگا، ٹرین کی ڈائننگ کار میں سلنڈر کی اجازت دینے کے بعد گیس سیلنڈر کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، ڈائننگ کار والوں کے پاس ریلوے ہیڈ کوارٹرز کا جازت نامہ بھی موجود ہے، تاہم ریلوے پولیس نے ان کے خلاف بھی کارروائیاں کیں اور مقدمات درج کیے۔

    پاکستان ریلوے پولیس نے ملک بھر میں گیس سلنڈرز، چولھوں اور دیگر آتش گیر مادوں اور ممنوع اشیا کے خلاف کریک ڈاوٴن کیا، اس دوران ریلوے اسٹیشنز پر معروف کھانے پینے کی آؤٹ لیٹس سے بھی گیس سیلنڈر ہٹا دیے گئے، ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز، پلیٹ فارمز، ٹرینوں اور ڈائننگ کاروں سے 69 گیس سلنڈرز اور چولھے قبضے میں لیے گئے جب کہ گیس سلنڈر رکھنے کے الزام میں 54 مقدمات کا بھی اندراج کیا گیا۔

    کراچی ڈویژن نے 6 مقدمات کا اندراج کیا اور 10 گیس سلنڈرز کو قبضے میں لیا، سکھر ڈویژن نے 5 مقدمات کا اندراج کیا اور پانچ گیس سلنڈرز اور چولھے قبضے میں لیے، لاہور ڈویژن نے 15 مقدمات کا اندراج کیا اور 23 گیس سلنڈرز اور چولھے قبضے میں لیے، راولپنڈی ڈویژن نے 4 مقدمات کا اندراج کیا اور 5 گیس سلنڈرز اور چولھے تحویل میں لیے، ملتان ڈویژن نے 24 مقدمات کا اندراج کیا اور 24 گیس سلنڈرز اور چولھے قبضے میں لیے۔

    محکمہ ریلوے کے مطابق یہ کارروائی ریلوے مسافروں، اسٹیشنز، ٹرینوں اور دیگر احاطہ جات کو جانی و مالی نقصان سے بچانے کے لیے کی گئی ہے۔

  • پاکستان میں تمباکو نوشی کرنے والوں کے لیے بری خبر آ گئی

    پاکستان میں تمباکو نوشی کرنے والوں کے لیے بری خبر آ گئی

    کراچی: محکمہ ریلوے نے ایک بڑا فیصلہ کر لیا ہے، ہوائی جہاز کے بعد ریل گاڑیوں میں بھی تمباکو نوشی پر پابندی عائد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پولیس ریلوے آفس نے تمباکو نوشی پر پابندی سے متعلق مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ریلوے اسٹیشن اور ریلوے کے دفاتر میں تمام اقسام کی تمباکو نوشی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے تمام ریلوے اسٹیشنز اور دفاتر پر اس فیصلے کا اطلاق ہوگا، پابندی امتناع تمباکو نوشی آرڈیننس 2002 کے تحت عائد کی گئی ہے، تمباکو نوشی پر پابندی کا فیصلہ وزارت قومی صحت کی سفارش پر کیا گیا۔

    مراسلے کے مطابق ریلوے اسٹیشنز کی حدود میں تمام اقسام کی تمباکو نوشی پر پابندی ہوگی، ریلوے اسٹیشنز پر دکان دار، ویٹرز، ہاکر، قلی تمباکو نوشی نہیں کر سکیں گے، قانون شکن کے خلاف امتناع تمباکو نوشی ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی، امتناع تمباکو نوشی آرڈیننس کے تحت ٹرینیں پبلک ٹرانسپورٹ ہیں۔

    وزارت ریلوے کے افسران قانون شکنوں کے خلاف کارروائی کے مجاز مقرر کیے گئے ہیں، ٹرین ڈرائیور، کنڈیکٹر، گارڈ، ویٹنگ روم منیجر مجاز افسران ہوں گے، ریلوے پولیس کا اے ایس آئی، بالا رینک افسر کارروائی کا مجاز ہوگا، پولیس متعلقہ ریلوے اسٹیشن پر قانون پر عمل درآمد کے لیے ذمہ دار ہوگی۔

  • ریلوے پولیس کی بڑی کارروائی، بولان میل سے 10 کلو سے زائد چرس برآمد

    ریلوے پولیس کی بڑی کارروائی، بولان میل سے 10 کلو سے زائد چرس برآمد

    کراچی: پاکستان ریلوے پولیس کی ایک کارروائی میں بولان میل سے 10 کلو 500 گرام چرس برآمد کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ٹرین بولان میل سے دس کلو سے زائد چرس برآمد کر لی۔

    ملزم احمد اللہ نے سیب کے کاٹن میں چرس کے 09 پیکٹ چھپا رکھے تھے، دوران سفر ریلوے پولیس نے ملزم کے مشکوک سامان کی تلاشی لی تو اس میں سیب کے کاٹن میں سے چرس نکل آئی۔

    ملزم کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس کوئٹہ میں مقدمہ کا اندراج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت نئی نسل کومنشیات سے بچانے کے لئے جہاد کر رہی ہے، شہریار آفریدی

    خیال رہے کہ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر آئے دن منشیات اسمگلنگ کے واقعات ہو رہے ہیں، تاہم ایئرپورٹس حکام یہ کوششیں ناکام بناتے رہے ہیں، اب ریل گاڑی کے ذریعے بھی منشیات اسمگلنگ ہو رہی ہے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل وفاقی وزیر نارکو ٹکس شہر یار آفریدی نے کہا تھا کہ حکومت نئی نسل کو منشیات سے بچانے کے لیے جہاد کر رہی ہے، ڈرگ رپورٹس کو خفیہ رکھا جا رہا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو نشے کی لت سے بچانا ہے۔

  • سانحہ تیزگام: ریلوے پولیس کی ابتدائی تحقیقات مکمل، حادثے کی وجہ سامنے آ گئی

    سانحہ تیزگام: ریلوے پولیس کی ابتدائی تحقیقات مکمل، حادثے کی وجہ سامنے آ گئی

    لاہور: ریلوے پولیس نے رحیم یار خان میں تیزگام ایکسپریس میں آگ لگنے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی ہے، فرانزک ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثہ ٹرین میں سلنڈر پھٹنے کے باعث پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق تیزگام حادثے کا مقدمہ ٹرین گارڈ محمد سعید کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ تھانہ ریلوے پولیس خان پور ملتان ڈویژن میں درج کیا گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے کی بنیادی وجہ گیس سلنڈر کا پھٹنا قرار دیا گیا۔

    ڈی جی فرانزک ایجنسی کا کہنا ہے کہ پولیس اور فرانزک ماہرین نے سلنڈر کے ٹکڑے جمع کر کے فرانزک لیبارٹری بجھوا دیے، فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر تاحال کام میں مصروف ہیں۔

    ڈاکٹر اشرف طاہر نے بتایا کہ بہاولپور ملتان کے فرانزک ماہرین شواہد جمع کر رہے ہیں، اطلاعات کے مطابق 65 لاشیں ناقابل شناخت ہیں، جن کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا، لواحقین کو ٹریس کر کے ان کا بھی ٹیسٹ کیا جائے گا۔

    تازہ ترین:  لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 74 افراد جاں بحق

    ڈی جی کا کہنا تھا کہ ٹرین کی بجلی سے آگ لگنے کے امکانات کم ہوتے ہیں، تاہم اس سلسلے میں حتمی کچھ نہیں کہا جا سکتا، سانحے کی حتمی رپورٹ آنے میں وقت لگے گا۔

    متضادات بیانات

    ادھر تیزگام سانحہ ریلوے انتظامیہ کی اہلیت پر سوال اٹھا گیا ہے، مسافر بھی متضادات بیانات دے رہے ہیں، ایک زخمی مسافر نے بیان دیا کہ تیز گام ایکسپریس میں آگ چولھا جلانے کے دوران لگی، چائے بنا رہے تھے کہ آگ بھڑک اٹھی۔ بعض مسافر کہتے ہیں آگ اے سی کمپارٹمنٹ میں لگی، جب کہ فوٹیج کے مطابق آگ پہلے اکانومی کلاس میں لگی، اور اے سی بوگی صحیح سلامت تھی۔

    خاندان لاپتا، مسافروں کا احتجاج

    کراچی سے راولپنڈی جانے والے ایک خاندان کا تاحال پتا نہیں چل سکا ہے، خاتون ریحانہ، امجد، ذوالفقار، 7 سال کا جسٹن کل روانہ ہوئے تھے، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ امجد کا موبائل کسی اور شخص کے پاس ہے، جس نے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے، امجد کا فون اٹھانے والے شخص نے امجد سے بات نہیں کروائی، کینٹ اسٹیشن پر بھی کوئی مدد یا معلومات نہیں دی جا رہی، رشتہ داروں کو لیاقت پور روانہ کر دیا ہے۔

    ادھر ملتان میں سانحہ تیزگام کے متاثرہ مسافروں نے احتجاج شروع کر دیا ہے، مسافروں نے تیز گام ٹرین کو روک لیا، ان کا کہنا تھا کہ وزیر ریلوے غلط بیانی کر رہے ہیں، ٹرین میں آگ بجھانے کا کوئی سامان موجود نہیں تھا، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

  • ریلوے پولیس نے لاہور سے بھارت ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

    ریلوے پولیس نے لاہور سے بھارت ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

    لاہور: پنجاب میں ریلوے پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ہیروئن بھارت اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ہیروئن کے 555گرام وزن کے دو پیکٹ بھارت جانے والی گڈز ٹرین کی بوگی نمبر 60618 میں چھپائے گئے تھے، جسے ریلوے پولیس نے آمد کرلیے۔

    پاکستان ریلوے پولیس انسپکٹر غلام عباس کھچی، انسپکٹر رانا بابر و دیگر عملے نے دوران چیکنگ ہیروئن برآمد کر لی۔

    ہیروئن کے 555گرام وزن کے دو پیکٹ گڈز ٹرین کی بوگی نمبر 60618 میں چھپائے گئے تھے۔ ریلوے پولیس کی مدعیت میں پرچہ بھی درج کر لیا گیا ہے جبکہ ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز شارق جمال خان نے ڈی ایس پی افتخار کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہے جو تین دن میں تفتیش کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔

    یاد رہے کہ 24 مئی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پراینٹی نارکوٹکس فورس نے مسافر کے قبضے سے1 کلو سے زائد آئس ہیروئن برآمد کی تھی۔

    اے این ایف حکام کے مطابق ملزم چائے کے پیکٹ میں آئس ہیروئن چھپا کراسمگل کرنا چاہتا تھا، ملزم ثاقب کے ہمراہ خاتون جمیل اختربھی سفرکرنا چاہتی تھی۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پراے این ایف کی کارروائی‘ 2 افراد گرفتار

    واضح رہے کہ 24 مارچ کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی تھی۔

  • چابی گم ہونے پر پولیس کو ہتھکڑی کھلوانے کے لیے ملزم کو لاک ماسٹر کے پاس لے جانا پڑا

    چابی گم ہونے پر پولیس کو ہتھکڑی کھلوانے کے لیے ملزم کو لاک ماسٹر کے پاس لے جانا پڑا

    رائیونڈ: ریلوے پولیس سے ملزم کو لگائی گئی ہتھکڑی کی چابی گم ہو گئی، ہتھکڑی کھلوانے کے لیے لاک ماسٹر کے پاس لے جانا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی عوام ایکسپریس جب ساہیوال ریلوے اسٹیشن پہنچی تو ٹرین میں موجود مسافر جبرائیل اور محمد عرفان کے مابین سیٹ پر بیٹھنے پر جھگڑا ہوگیا جس پر ٹرین گشت پر مامور لاہور ریلوے پولیس نے جبرائیل نامی مسافر کو ہتھکڑی لگا دی۔

    پولیس کے مطابق جبرائیل کا تعلق کرم ایجنسی جب کہ محمد عرفان کا بہاول پور سے تعلق ہے۔

    رائیونڈ پہنچنے پر فریقین میں صلح ہوئی تو ریلوے پولیس کے اہل کار نے ملزم کی ہتھکڑی کھولنے کے لیے جیب سے چابی نکالنی چاہی تو معلوم ہوا کہ چابی کھو چکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جرائم میں ملوث تین ملزمان گرفتار، اسحلہ اور مسروقہ سامان برآمد

    بعد ازاں ملزم کو رائے ونڈ کے مختلف تھانوں میں لے جایا گیا مگر ہتھکڑ ی نہ کھل سکی جس پر ریلوے پولیس اہل کار مسافر کو مین بازار میں موجود لاک ماسٹر کے پاس لے گئے جہاں ملزم کو ہتھکڑی کاٹ کر رہائی نصیب ہوئی۔

    ریلوے پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹرین گشت پارٹی کے پاس موجود ہتھکڑی سرکاری نہیں ہے، سرکاری ہتھکڑی مضبوط اور دیسی ساخت کی ہوتی ہے جب کہ ٹرین گشت پارٹی کے پاس چائنا ساخت کی ہتھکڑی تھی جس کی چابی کسی بھی تھانے کے پاس نہیں ہوتی۔

  • لاہور:گالف اینڈ کنٹری کلب کے ملازمین کی سڑک پر افطاری

    لاہور:گالف اینڈ کنٹری کلب کے ملازمین کی سڑک پر افطاری

    لاہور : معروف گالف اینڈ کنٹری کلب کے ملازمین نے افطاری ہوٹل کے باہر سٹرک کے کنارے کی،ملازمین کا کہنا ہے کہ صبح دس بجے دوبارہ اسی جگہ پروہ اکھٹے ہوں گے.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز پولیس اور لاہور پولیس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئےگالف اینڈ کنٹری کلب کی انتظامیہ سمیت تمام ملازمین کو لیز پر دی گئی زمین پر قبضہ کرکے انتظامیہ اور ملازمین کو باہر نکال دیا.

    ملازمین نے احتجاجا افطاری سٹرک کے کنارے پر کی،ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ کل دوبارہ اپنے آفس ٹائم آئیں گے اور اپنی ڈیوٹی ویسے ہی سرانجام دیں گے،اُن کا کہنا تھا کہ ان کے کے پاس اسٹے آرڈر موجود ہے امید ہے کہ صبح ریلوے انتظامیہ پہلے جیسا برتاو نہیں کرے گی.

    یاد رہے کہ گذشتہ روز ریلوے پولیس نے لاہور میں کینال روڈ پر واقع نجی گالف کلب کوسیل کردیاتھا، کلب کے عملے اور مہمانوں کو باہرنکال دیا گیا.

  • لاہور: پولیس کی جانب سے اے آر وائی کے رپورٹرز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد

    لاہور: پولیس کی جانب سے اے آر وائی کے رپورٹرز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد

    لاہور: وزیر ریلوے سعد رفیق کی کوششیں ناکام رہیں، لاہور کی عدالت نے ریلوے پولیس کی جانب سے اے آر وائی کے رپورٹرز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی ہے۔

    عوام کے تحفظ کیلئے اے آر وائی کی کاوش حکومت کی نظر میں جرم ٹھہری ہے۔ ریلوے میں سیکیورٹی نقائص منظر عام پر لانا جمہوریت کی دعویدار حکومت کو بہت ناگوار گزرا ہے۔

    اے آر وائی کے رپورٹرز ذالقرنین شیخ اور آصف قریشی کو دھر لیا گیا ہے۔ سچ دکھانے کے جرم میں دونوں کو دہشت گردوں اور پیشہ ور مجرموں کی طرح ہتھکڑیاں لگا کر ریمانڈ کے لئے عدالت لایا گیا۔

    وزیر ریلوے سعد رفیق اور ان کی پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا گیا ہے تاکہ اپنی تحویل میں مرضی کے بیان لئےجاسکیں ہیں، لیکن آزاد عدلیہ نے کوششیں ناکام بنادیں ہیں۔

    لاہورکی عدالت نے دلائل کاجائزہ لینے کے بعد اے آر وائی کے رپورٹرز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی ہے۔ پیشی پر ذوالقرنین شیخ کا کہنا تھا کہ خواجہ سعدرفیق کو ریلوے کی کرپشن دکھائی تھی۔ انھوں نے بتایا پولیس اہلکار کہتے ہیں کیس میں سعد رفیق کا دباؤ ہے۔

    اے آروائی کے نمائندے آصف قریشی نے عزم دہرایا کہ حق اور سچ کی آواز بلند کی ہے اور کرتے رہیں گے اور آزاد عدلیہ کے فیصلے کے بعد قانونی تقاضوں کے تحت ضمانت کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ ریلوے حکام کی ملی بھگت سے اسلحہ غیرقانونی طور پرپاکستان کے ایک شہر سے دوسرے شہرمنتقل کرنے کی خبرمنظرِ عام پر لانے کے جرم میں کل سے پولیس کی تحویل میں اے آروائی نیوزکے نمائندوں کو آج عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریلوے پولیس نے اے آر وائی کے نمائندوں کا ریمانڈ لینے کے لئےعدالت سے استدع کی تھی۔