Tag: ریلوے پھاٹک

  • ریلوے پھاٹک پر ٹرین کے سامنے گیس ٹینکر آ گیا، حادثے میں کئی افراد زخمی

    ریلوے پھاٹک پر ٹرین کے سامنے گیس ٹینکر آ گیا، حادثے میں کئی افراد زخمی

    سانگھڑ: اندرون سندھ کے علاقے ٹنڈو آدم کے قریب خدا آباد ریلوے پھاٹک پر ٹرین اور ایک گیس ٹینکر میں ٹکر ہو گئی، جس کے باعث کئی افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج شام 5:30 بجے پر رحمان بابا ایکسپریس ٹنڈو آدم کے قریب خدا آباد پھاٹک پر سامنے سے آنے والے گیس باؤزر سے ٹکرا گئی، حادثے کے باعث رحمان بابا ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

    حادثے میں رحمان بابا ایکسپریس کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور زخمی ہو گئے ہیں، ریل گاڑی پر سوار چند مسافر بھی معمولی زخمی ہو گئے، جب کہ گیس ٹینکر کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر فرار ہوگئے۔

    حادثے کے بعد اپ اینڈ ڈاؤن دونوں ٹریک بند ہو گئے، ٹرینوں کی آمد و رفت بھی معطل ہو گئی ہے، اطلاعات کے مطابق ٹینکر پھاٹک کراس کرتے ہوئے خراب ہونے سے ٹریک پر رک گیا تھا، حادثے میں ایل پی جی سے بھرا ٹینکر تباہ ہوگیا، تاہم حادثے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    روپورٹس کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس کراچی سے پشاور جا رہی تھی، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خدا آباد ریلوے پھاٹک کھلا رہنے کے باعث حادثہ پیش آیا۔

    حادثے میں ریل گاڑی کا ایک کوچ ڈی ریل ہو گیا ہے، رحمان بابا ایکسپریس کے انجن اور ایک بوگی کو شدید نقصان پہنچا۔

    انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس عارف نواز خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹینکر ڈرائیور اور کنڈیکٹر کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے، آئی جی ریلوے نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے، مسافروں کی جان خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

  • ریلوے پھاٹک نہ ہونے سے ایک اور حادثہ، 5 افراد جاں بحق

    ریلوے پھاٹک نہ ہونے سے ایک اور حادثہ، 5 افراد جاں بحق

    سکھر: روہڑی کے قریب پیارو واہ کے مقام پر ریلوے پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے حادثے میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے پھاٹک نہ ہونے سے ایک اور حادثہ پیش آ گیا، سکھر میں روہڑی کے قریب ریلوے انجن کی زد میں آ کر موٹر سائیکل سوار دو بچوں سمیت 5 افراد کی جانیں چلی گئیں۔

    حادثہ پیارو واہ کے مقام پر پھاٹک کراس کرتے وقت پیش آیا، ریسکیو ذرایع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں دو مرد ایک خاتون اور دو بچے شامل ہیں، متوفی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

    اطلاعات کے مطابق بد قسمت خاندان والے قریبی گاؤں میں ماموں کے گھر جا رہے تھے کہ حادثہ پیش آ گیا، دوسری طرف ذرایع کا کہنا ہے کہ خالی انجن روہڑی سے میرپور ماتھیلو جا رہا تھا،حادثہ روہڑی کے قریب پیارو واہ کے مقام پر 484 کلو میٹر کے مقام پر پیش آیا۔

    سندھ حکومت نے محکمہ ریلوے سے ریلوے پھاٹکوں پر گیٹ لگوانے کا مطالبہ کر دیا

    واضح رہے کہ سندھ میں ریلوے لائنز پر پھاٹک نہ ہونے سے تواتر کے ساتھ حادثات پیش آ رہے ہیں، جن میں قیمتی انسانی جانیں ضایع ہو رہی ہیں، تاہم وزارت ریلوے کی جانب سے تاحال اس پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی ہے۔

    گزشتہ ہفتے سندھ حکومت نے محکمہ ریلوے سے صوبے میں ایک بار ریلوے پھاٹکوں پر گیٹ لگوانے کا مطالبہ کیا تھا، صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ محکمہ ریلوے کی نا اہلی کی وجہ سے پھاٹکوں پر 50 سے زائد حادثات ہو چکے ہیں، پھاٹکوں پر کئی بار گیٹ لگانے کا کہا گیا لیکن کوئی سننے کو تیار نہیں۔

  • ریلوے کی نج کاری نہیں ہو رہی، 1800 کلو میٹر ڈبل ٹریک بنائیں گے، پھاٹک ختم ہو جائیں گے: شیخ رشید

    ریلوے کی نج کاری نہیں ہو رہی، 1800 کلو میٹر ڈبل ٹریک بنائیں گے، پھاٹک ختم ہو جائیں گے: شیخ رشید

    لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 1800 کلو میٹر ڈبل ٹریک بنائیں گے، ریلوے پھاٹک ختم ہو جائیں گے، یہ پاکستان کی تاریخ کا بہت بڑا واقعہ ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے کی نج کاری نہیں ہو رہی ہے، ایسی باتیں فضول ہیں، 30 سال ریلوے میں بہت مضبوط لوگ رہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے اخراجات میں کوئی اضافہ نہیں کیا، اس سال ایک ارب کا اسکریپ فروخت کیا ہے، وزیر اعظم عمران خان 15 مئی کو سرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔

    [bs-quote quote=”میں روزے میں ہوں اور آپ لوگ پھر مجھے بلاول کی طرف لے جا رہے ہیں، پورے رمضان بلاول کے خلاف بات نہیں ہوگی۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”شیخ رشید”][/bs-quote]

    وزیر ریلوے نے کہا کہ کل ریلوے ملازمین کو میری طرف سے لاہور میں افطاری ہے، نواز شریف نے جتنے لوگ جمع کیے اس سے 4 گنا زیادہ میری افطار پارٹی میں تھے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ آج یا کل کی بات ہے، حکومت نے پوری کوشش کی کہ عام آدمی پر دباؤ نہ آئے، وزیر اعظم نے پیر کو شام ساڑھے 5 بجے میٹنگ بلائی ہے، پیر کو کابینہ ایمنسٹی اسکیم پر بات کرے گی، اسد عمر جلد دوبارہ کابینہ کا حصہ ہوں گے، وہ نا تجربہ کار آدمی نہیں ہیں، غلط الزام نہ لگایا جائے۔

    بلاول بھٹو سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ میں روزے میں ہوں اور آپ لوگ پھر مجھے بلاول کی طرف لے جا رہے ہیں، پورے رمضان بلاول کے خلاف بات نہیں ہوگی، محترمہ بے نظیر کا کیس سننے بیٹا تک نہیں گیا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین ایل بی ڈبلیو ہو چکے، ریفرنس بھی ان کے خلاف جا چکا، جہانگیر ترین بہت کام کے آدمی ہیں لیکن وہ ضائع ہو چکے ہیں۔

  • حیدرآباد: ریلوے پھاٹک کے قریب دوکریکر دھماکے

    حیدرآباد: ریلوے پھاٹک کے قریب دوکریکر دھماکے

    حیدرآباد: سندھ میں ریلوے پھاٹک کے قریب دو کریکر دھماکے ہوئے، جبکہ دو مزید بم ناکارہ بنا دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے کوٹری ریلوے پھاٹک کے قریب 2کریکر دھماکے ہوئے، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ڈی آئی جی نعیم شیخ کا کہنا ہے کہ دھماکوں سے کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے 2 مزیدکریکر بم برآمد کیے جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔

    کریکر دھماکے خوف و ہراس پھیلانے کیلئے کیے گئے،پولیس نے تحقیقات شروع کردی، جلد ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

    حیدر آباد میں اس سے قبل بھی کئی بار کریکر حملے ہوچکے ہیں، اگست 2016 میں سخی عبدالوہاب فلائی اوور کے قریب کریک دھماکے میں 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    یاد رہے کہ جولائی 2016 میں ہی صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں میروخان چوک کے قریب کریکر دھماکے میں رینجرز کا 1 اہلکار جاں بحق جبکہ رینجرز کے چار اہلکاروں سمیت دو راہگیر زخمی ہوگئے تھے۔