Tag: ریلوے کرائے

  • ریلوے نے کرایوں میں اضافے کی وجہ بتا دی

    ریلوے نے کرایوں میں اضافے کی وجہ بتا دی

    کراچی: پاکستان ریلویز نے نئے اضافہ شدہ کرایوں کا اطلاق کر دیا، محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ اسے تنخواہوں کی مد میں خطیر رقم کی کمی کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے نے کہا ہے کہ اسے اپنے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 1 سے ڈیڑھ ارب روپے کی کمی کا سامنا ہے، محدود ٹرین آپریشن اور مالی بحران کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ کیا گیا۔

    ادھر ریلوے نے ٹرین آپریشن شروع کر دیا ہے، محکمے کے مطابق اکانومی کلاس کے کرائے میں 23 فی صد جب کہ اے سی کلاس کے کرائے میں 19 فی صد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

    کراچی ایکسپریس کی اکانومی کلاس کا کرایہ 2350 سے بڑھا کر3000 روپے، اے سی بزنس 7000، اے سی اسٹینڈرڈ 5000، اے سی سلیپر کا کرایہ 9000 کر دیا گیا ہے۔

    ریلوے کے اکانومی کلاس کا کرایہ بھی ہزاروں روپے کردیا گیا

    نوٹیفیکیشن کے مطابق قراقرم ایکسپریس کی اکانومی کلاس کا کرایہ 3000 اور اے سی بزنس کا 7000 روپے کر دیا گیا ہے۔

    پاک بزنس ایکسپریس کی اکانومی کلاس کا کرایہ بڑھا کر 3000 روپے، اے سی اسٹینڈرڈ کلاس کا کرایہ بڑھا کر 5000 روپے، اے سی بزنس کا کرایہ 7000 کر دیا گیا ہے۔

    رحمان بابا ایکسپریس کی بزنس کلاس کا 9000، اے سی اسٹینڈرڈ کا کرایہ 8000، اکانومی کلاس کا کرایہ 3000 مقرر کیا گیا ہے، خیبر میل اے سی سلیپر کا کرایہ 11000، اے سی بزنس 8000، اے سی اسٹینڈرڈ 7000 اور اکانومی کا کرایہ 3000 کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان ریلوے نے رواں سال جون میں بھی مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 20 فی صد اضافہ کیا تھا۔ خیبر میل ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس پہلے روہڑی اور پشاور تک چلائی جا رہی تھیں۔

    محکمہ ریلوے نے 5 اکتوبر سے مزید 3 ٹرینیں کراچی ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس اور پاک بزنس ایکسپریس لاہور اور کراچی کے درمیان چلانے کا اعلان کیا ہے۔ مسافروں کی سہولت کے لیے پانچوں ٹرینوں میں بوگیوں کی تعداد 19 تک بڑھائی گئی ہے۔

  • عید پر ریلوے حکام نے کرایوں میں کمی کر دی

    عید پر ریلوے حکام نے کرایوں میں کمی کر دی

    لاہور: ریلوے حکام نے فریٹ کرایوں میں 5 سے 25 فی صد تک کمی کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے ذرائع نے کہا ہے کہ فریٹ کرایوں میں 5 سے 25 فی صد تک کمی کر دی گئی ہے، فریٹ کرایوں میں کمی کا اطلاق 20 سے 22 جولائی تک ہوگا، ریلوے حکام کا فیصلہ عید کی چھٹیوں میں تاجر برادری کی سہولت کے لیے کیا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ کوئلہ ٹرینوں کے کرایوں میں 5 فی صد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، کنٹینرز ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فی صد کمی کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ جنرل کارگو کے کرایوں میں 25 فی صد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ عید کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے محکمہ ریلوے نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ عید کے تینوں دن ٹرینوں کی بروقت آمد اور روانگی کو یقینی بنایا جائے، اور مسافروں کا ہر صورت خیال رکھا جائے۔

    عیدالاضحیٰ: ریلوے مسافروں کے لیے خوشخبری

    ریلوے حکام نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ مسافروں اور عملے کو سختی سے کرونا ایس اوپیز پر عمل کرایا جائے، خیال رہے کہ عید کے موقع پر مسافروں کے لیے خصوصی عید ٹرینیں بھی چلائی جارہی ہیں۔

  • شیخ رشید نے ریلوے کرایوں سے متعلق خوش خبری سنا دی

    شیخ رشید نے ریلوے کرایوں سے متعلق خوش خبری سنا دی

    لاہور: وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں ہونے جا رہا ہے، ریلوے کرایے بڑھانے کی تجویز کو میں نے مسترد کر دیا ہے۔

    شیخ رشید نے آج پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا کہ ایم ایل ون کے سلسلے میں رواں ماہ ایکنک میں دستخط ہوں گے، وزیر اعظم چین سمیت جہاں بھی گئے ہر جگہ ایم ایل ون کی بات کی، یہ آج حقیقت بن چکا ہے، 10 سال میں ریلوے پہلی بار انقلاب میں داخل ہونے جا رہی ہے۔

    شیخ رشید نے کہا ایم ایل ون انقلابی منصوبہ ہے، ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو اس سے روزگار ملے گا، ریلوے میں نوکریاں بھی اب میرٹ پر ہی ملیں گی، محکمے میں کرپشن کرنے والوں کے خلاف نیب سے رجوع کریں گے۔

    انھوں نے گزشتہ روز شیخوپورہ میں ریل حادثے سے متعلق کہا کہ حادثے کے وقت پھاٹک بند تھا، مسافر بس والے نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سائیڈ سے گاڑی نکالنے کی کوشش کی اور افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں 20 مسافر جاں بحق ہوئے۔

    کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین کی زد میں ویگن آگئی، 20 افراد جاں بحق

    چینی بحران کیس کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ چینی کا کیس دونوں طرف یعنی اپوزیشن اور حکومتی سطح پر، سنجیدہ ہو سکتا ہے، ای سی سی اور کابینہ میں میرا واحد نوٹ ہے کہ چینی کی ایکسپورٹ نہیں ہونی چاہیے۔

    انھوں نے کہا اپوزیشن کرپٹ اور منی لانڈر ہے یہ حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، پی ٹی آئی کے لوگوں سے گزارش ہے کہ اپنے گندے کپڑے ٹی وی پر آ کر نہ دھوئیں، افسوس ہے کہ اپوزیشن وہ کام نہیں کر رہی جو ہم اپنے خلاف کر رہے ہیں، یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، نہ ہم آخری چوائس ہیں اور نہ ہم مائنس ون ہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ مجھ پر چار خود کش حملے میں ہو چکے ہیں لیکن میں کبھی نہیں گھبرایا، تاہم یہ کرونا وائرس کی بیماری دشمن کو بھی نہ لگے، اللہ شہباز شریف کو بھی صحت دے۔

  • پاکستان ریلویز کا مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں 20 فی صد اضافے کا اعلان

    پاکستان ریلویز کا مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں 20 فی صد اضافے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان ریلویز نے مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں 20 فی صد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مال بردار ریل گاڑیوں کے کرائے میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، پاکستان ریلویز نے بیس فی صد اضافے کا اعلان کیا۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق کرایوں میں اضافے کا اطلاق 10 اگست سے ہوگا، کرایوں میں اضافے کا اطلاق ایچ ایس ڈی اور کارگو ٹرینوں پر نہیں ہوگا۔

    وزارت ریلوے نے کرایوں میں اضافے کے سلسلے میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو احکامات جاری کر دیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان ریلوے میں اب نئی بھرتی ٹیسٹ اور انٹرویو کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگی

    یاد رہے کہ جون میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے کے کرایوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد یکم جولائی سے اکانومی کلاس کرائے میں 100 روپے کا اضافہ ہوا، مجموعی طور پر کرایوں میں 6 سے 7 فی صد اضافہ کیا گیا۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے کراچی سے مزید 3 فریٹ ٹرینیں چلانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

    شیخ رشید نے گزشتہ ماہ بتایا کہ وزارت نے تن خوا اور تیل پر 3 ارب کا اضافی خرچ اٹھایا ہے۔ تیل، پنشن اور تن خوا کی مد میں ساڑھے 12 ارب خرچ ہوئے۔ 24 ٹرینیں اور 2 مال گاڑیاں چلائی گئیں۔ سال میں 60 لاکھ مسافر بڑھائے گئے۔

    واضح رہے کہ پاکستان ریلوے میں نئی بھرتی کے سلسلے میں پالیسی بھی تبدیل کر دی گئی ہے، نئی بھرتیاں اب ٹیسٹ اور انٹرویو کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے ہوں گی، قرعہ اندازی میں نام نکلنے کی صورت میں میڈیکل کے بعد امیدوار کو ملازمت مل جائے گی۔

  • پسنجر، انٹر سٹی ٹرینوں کے کرایوں میں 2 سے 8.5 فی صد اضافہ کر دیا گیا

    پسنجر، انٹر سٹی ٹرینوں کے کرایوں میں 2 سے 8.5 فی صد اضافہ کر دیا گیا

    کراچی: پاکستان ریلویز نے کرایوں میں اضافہ کرتے ہوئے پسنجر، انٹر سٹی ٹرینوں کے کرایوں میں 2 سے 8.5 فی صد اضافہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے ترجمان نے کہا ہے کہ ریلوے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، کرایوں میں 2 سے 8.5 فی صد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ کرایوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا، اضافے کا فیصلہ تیل کی قیمتیں بڑھنے پر کیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق کرایوں میں اضافے کا اطلاق 50 کلو میٹر تک سفر پر نہیں ہوگا، اکانومی کلاس کے کرایوں میں 100 روپے سے کم اضافہ کیا گیا، جب کہ اسپیشل ٹرینوں کے کرائے قراقرم ایکسپریس کے برابر رکھے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ حکومت کا ریلوے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

    یاد رہے کہ تین دن قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے کے کرایوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم جولائی سے اکانومی کلاس کرائے میں 100 روپے کا اضافہ ہوگا، کرایوں میں 6 سے 7 فی صد اضافہ کیا جا رہا ہے۔

    شیخ رشید نے کہا تھا کہ جو ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں ان میں کوئی اضافہ شامل نہیں کیا جائے گا۔

    ادھر سندھ حکومت نے وفاق سے ریلوے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے، وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ شیخ رشید نے ریلوے نظام کو جان بوجھ کر تباہ کر دیا ہے، کرایوں میں اضافہ کر کے ریلوے کو مزید تباہ کیا جا رہا ہے۔

  • سندھ حکومت کا ریلوے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

    سندھ حکومت کا ریلوے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

    کراچی: سندھ حکومت نے وفاق سے ریلوے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا، وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ریلوے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے یکم جولائی سے اکانومی کلاس کرائے میں 100 روپے کا اضافہ کر دیا ہے، مجموعی طور پر کرایوں میں 6 سے 7 فی صد اضافہ کیا گیا ہے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کرایوں میں اضافے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ قابل مذمت ہے۔

    اویس شاہ نے کہا کہ شیخ رشید نے ریلوے نظام کو جان بوجھ کر تباہ کر دیا ہے، کرایوں میں اضافہ کر کے ریلوے کو مزید تباہ کیا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ریلوے کے کرایوں میں 6 سے 7 فیصد اضافہ

    سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ نے سوال کیا کہ کرایوں میں اضافہ کر کے وزیر ریلوے شیخ رشید کس کو خوش کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 3 جولائی کی شام کو مسافر ٹرین سر سید ایکسپریس کا افتتاح ہوگا، وزیر اعظم عمران خان راولپنڈی اسٹیشن پر ٹرین کا افتتاح کریں گے، میانوالی ایکسپریس کو لاہور، سرگودھا ایک ماہ میں چلایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی سے مزید 3 فریٹ ٹرینیں چلائیں گے، جو ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں اس میں اضافہ نہیں ہوگا۔ مختلف ٹرینوں کے کرایوں میں 3 سے 10 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔ 50 کلو میٹر کے اندر سفر کرنے والوں کے ٹکٹ پر اضافہ نہیں ہوگا۔