Tag: ریلوے کی خبریں

  • اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق

    اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق

    اسلام آباد: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے ریل حادثات کی وجہ اضافی ریل گاڑیوں کو قرار دے دیا، کہا اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریل سیکورٹی کی تمام ایس او پیز پر کمپرومائز کیا ہے، صدر کو خوش کرنے کے لیے انھوں نےدھابیجی ایکسپریس چلائی۔

    سابق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ن لیگ دور میں ریلوے کے ایندھن کا ذخیرہ 20 روز کا تھا، موجودہ حکومت میں ریلوے کے ایندھن کا ذخیرہ 3 دن رہ گیا ہے۔

    سعد رفیق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریل کرایوں میں اضافے کی بھی شدید مذمت کی، کہا تبدیلی سرکار نے ریلوے کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا، ن لیگ نے ریلوے ریونیو کو 50 ارب تک پہنچایا تھا، ریلوے کا سالانہ ترقیاتی بجٹ بھی 40 ارب تک پہنچایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  شیخ رشید کو وزارت ملنے کے بعد ریل حادثات بڑھ گئے: اپوزیشن، استعفے کا مطالبہ

    انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریلوے کے ترقیاتی بجٹ کے لیے 16 ارب رکھے ہیں، جب کہ اس بجٹ میں ریلوے کے خسارے کا تخمینہ بھی 39 ارب لگایا گیا۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے آنے کے ساتھ ہی ریل کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے، دو روز قبل ریل کرایوں میں دوبارہ 7 فی صد اضافہ کیا گیا۔

    متعلقہ خبر:  سندھ حکومت کا ریلوے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کو سالانہ 100 ارب روپے بجٹ درکار ہے، باقی اداروں کی طرح پاکستان ریلوے کو بھی تباہ کر دیا گیا، تبدیلی سرکار منتخب کرانے والے تبدیلی کے مزے لے رہے ہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے پر بھی حکومت قوم سے جھوٹ بول رہی ہے، ایم ایل ون پر چین سے معاہدہ نہیں محض ایم او یو ہوا۔

  • ریلوے کی نج کاری نہیں ہو رہی، 1800 کلو میٹر ڈبل ٹریک بنائیں گے، پھاٹک ختم ہو جائیں گے: شیخ رشید

    ریلوے کی نج کاری نہیں ہو رہی، 1800 کلو میٹر ڈبل ٹریک بنائیں گے، پھاٹک ختم ہو جائیں گے: شیخ رشید

    لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 1800 کلو میٹر ڈبل ٹریک بنائیں گے، ریلوے پھاٹک ختم ہو جائیں گے، یہ پاکستان کی تاریخ کا بہت بڑا واقعہ ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے کی نج کاری نہیں ہو رہی ہے، ایسی باتیں فضول ہیں، 30 سال ریلوے میں بہت مضبوط لوگ رہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے اخراجات میں کوئی اضافہ نہیں کیا، اس سال ایک ارب کا اسکریپ فروخت کیا ہے، وزیر اعظم عمران خان 15 مئی کو سرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔

    [bs-quote quote=”میں روزے میں ہوں اور آپ لوگ پھر مجھے بلاول کی طرف لے جا رہے ہیں، پورے رمضان بلاول کے خلاف بات نہیں ہوگی۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”شیخ رشید”][/bs-quote]

    وزیر ریلوے نے کہا کہ کل ریلوے ملازمین کو میری طرف سے لاہور میں افطاری ہے، نواز شریف نے جتنے لوگ جمع کیے اس سے 4 گنا زیادہ میری افطار پارٹی میں تھے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ آج یا کل کی بات ہے، حکومت نے پوری کوشش کی کہ عام آدمی پر دباؤ نہ آئے، وزیر اعظم نے پیر کو شام ساڑھے 5 بجے میٹنگ بلائی ہے، پیر کو کابینہ ایمنسٹی اسکیم پر بات کرے گی، اسد عمر جلد دوبارہ کابینہ کا حصہ ہوں گے، وہ نا تجربہ کار آدمی نہیں ہیں، غلط الزام نہ لگایا جائے۔

    بلاول بھٹو سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ میں روزے میں ہوں اور آپ لوگ پھر مجھے بلاول کی طرف لے جا رہے ہیں، پورے رمضان بلاول کے خلاف بات نہیں ہوگی، محترمہ بے نظیر کا کیس سننے بیٹا تک نہیں گیا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین ایل بی ڈبلیو ہو چکے، ریفرنس بھی ان کے خلاف جا چکا، جہانگیر ترین بہت کام کے آدمی ہیں لیکن وہ ضائع ہو چکے ہیں۔

  • آئی ایم ایف مجبوری ہے، ڈاکو لٹیرے ملک لوٹ کر گئے ہیں: شیخ رشید

    آئی ایم ایف مجبوری ہے، ڈاکو لٹیرے ملک لوٹ کر گئے ہیں: شیخ رشید

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مجبوری ہے، ڈاکو لٹیرے ملک کو لوٹ کر گئے ہیں۔ عمران خان کو معلوم ہی نہیں تھا کہ کس طرح ملک کو لوٹا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم کی جانب سے افتتاح کی جانے والی تھل ایکسپریس آج صبح راولپنڈی سے ملتان روانہ ہوگئی۔ وزیر ریلوے شیخ رشید بھی ٹرین میں سوار ہیں۔

    ٹرین کندیاں، میانوالی، لیہ، کوٹ ادو اور مظفر گڑھ سے ہوتے ہوئے ملتان پہنچے گی۔ ٹرین روزانہ ملتان سے راولپنڈی اور راولپنڈی سے ملتان چلا کرے گی، دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ 4 گھنٹے کم ہو کر 11 گھنٹے رہ جائے گا۔

    750 سے زائد مسافروں کی گنجائش والی تھل ایکسپریس میں 10 بوگیاں ہیں۔

    پہلے روز تھل ایکسپریس میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے مفت سفر کی سہولت رکھی گئی ہے۔

    ٹرین روانگی سے قبل وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرین مزدوروں نے بنائی ہے، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ 20 فریٹ ٹرینیں چلانا میرا ہدف ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں غریب بستی ہے وہاں تک پٹری لے کر جاؤں گا، آرام ہم پر حرام ہے۔ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان تاریخی ہوگا۔ عمران خان نے ملک کے لیے سعودی ولی عہد سے ذاتی تعلقات بنائے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے سربراہ سے بھی پاکستان کے لیے ذاتی تعلقات بنائے گئے۔ آئی ایم ایف مجبوری ہے، ڈاکو لٹیرے ملک کو لوٹ کر گئے ہیں۔ عمران خان کو معلوم ہی نہیں تھا کہ کس طرح ملک کو لوٹا گیا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ میں بھی وزیر اعظم ہوتا تو آئی ایم ایف کے پاس جاتا، 40 بندوں کی لائن لگی ہے، سب جیل جائیں گے۔ ’گولی اندر ہوگی اور یہ چوہے جالندھر ہوں گے‘۔

  • ترک ریل کمپنیوں کے وفود کا وزارت ریلوے کا دورہ

    ترک ریل کمپنیوں کے وفود کا وزارت ریلوے کا دورہ

    اسلام آباد: ترک ریل کمپنیوں کے وفود نے وزارت ریلوے کا دورہ کیا اور وزیر ریلوے شیخ رشید سے ملاقات کی، اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز پاک ترک تعلقات سے استفادہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کی سرکاری ریل کمپنیوں تلماس اور ریمیساس کے وفود نے وزارت ریلوے کا دورہ کیا۔ ریل کمپنیوں نے پاکستان ریلویز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ترک کمپنیوں نے پاکستانی ریل آپریشنز میں شراکت داری پر بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی زیر صدارت اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر ریلوے نے ترک وفود کو ریلوے میں جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ترکی کی سرکاری کمپنیوں کا دورہ 5روزہ ہے، کمپنیاں پاکستان ریلویز کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیں گی۔

    ترک کمپنیوں نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو دورہ ترکی کی دعوت بھی دی۔ ترک وفد نے وفاقی وزیر ریلوے کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ترکی آ کر ریلوے نظام کا معائنہ کریں۔

    اس موقع پر وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی برادر اسلامی ممالک ہیں، پاک ترک تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں، پاکستان ریلویز پاک ترک تعلقات سے استفادہ کرے گا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ترک ریلوے کے لیے پاکستان ریلویز کے منصوبے اوپن ہیں، ترک ریلوے کمپنیاں آئیں اور مل کر کام کریں۔ ترک تجربے سے رسالپور لوکو موٹیو اور ریلوے کیرج فیکٹریز کو بہتر کریں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے کے ذریعے پورے خطے کو جوڑا جا سکتا ہے، خطے کو جوڑنے سے معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ پاکستان عالمی پارٹنر شپس سے ریلوے نیٹ ورک کو ترقی دے رہا ہے۔

  • شیخ رشید کا نابینا افراد کے اسکولوں کے لیے ریلوے پلاٹ دینے کا اعلان

    شیخ رشید کا نابینا افراد کے اسکولوں کے لیے ریلوے پلاٹ دینے کا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نابینا افراد کے اسکولوں کی تعمیر کے لیے ریلوے پلاٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نابینا افراد کے لیے ریلوے کا ٹکٹ 100 فیصد مفت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نابینا افراد کے اسکولوں کی تعمیر کے لیے ریلوے پلاٹ دینے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں کے لیے ریلوے پلاٹ ایک روپیہ ماہانہ کرائے پر دیں گے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ خواہش ہے معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے بڑا کام کروں، نابینا افراد کے لیے 100 فیصد ریلوے کا فری ٹکٹ کا اعلان کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے کی اراضی پر نابینا افراد کے اسکول کے لیے جگہ دینے کا اعلان کیا۔ راولپنڈی کے شہریوں کے لیے جلد میگا پروجیکٹ شروع کرنے جا رہا ہوں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ خواہش ہے ان منصوبوں کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان کریں، نالہ لئی ایکسپریس وے کا منصوبہ ایف ڈبلیو او کو دے دیا ہے، غازی بروتھا منصوبہ راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ناگزیر ہے۔

  • 31 دسمبر تک کی لاہور کراچی میں تمام ٹکٹیں ختم ہو چکی ہیں: شیخ رشید

    31 دسمبر تک کی لاہور کراچی میں تمام ٹکٹیں ختم ہو چکی ہیں: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 23 دسمبر کو رحمٰن بابا ایکسپریس کراچی سے پشاور تک چلنا شروع ہوگی۔ 31 دسمبر تک لاہور کراچی میں تمام ٹکٹیں ختم ہو چکی ہیں۔ قبل از وقت ٹکٹوں کی فروخت عوام کا اعتماد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ہماری مدد کی، پچھلے ہفتے آمدن 26 کروڑ 12 لاکھ تھی، اس ہفتے آمدن 45 کروڑ ہے، ساڑھے 6 لاکھ لیٹر تیل بچایا ہے۔ 31 دسمبر تک لاہور کراچی میں تمام ٹکٹیں ختم ہو چکی ہیں۔ قبل از وقت ٹکٹوں کی فروخت عوام کا اعتماد ہے۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ 23 دسمبر کو رحمٰن بابا ایکسپریس کراچی سے پشاور تک چلنا شروع ہوگی۔ ریلوے میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔ تمام ریلوے اسٹیشنوں پر اسٹال اور میڈیکل اسٹور کا کہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 24 تاریخ کو سپریم کورٹ میں ریلوے سے متعلق سماعت ہے۔ ایک ہزار پٹرول پمپس کی جگہیں لیز پر دینا چاہتے ہیں۔ 70 ہزار ویگنوں کا اسٹاک موجود ہے۔ دھند کے باعث موٹر وے پر لوڈ زیادہ ہوا تو ریلوے مدد کے لیے بھرپور تیار ہوگی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جمعے اور ہفتے کو لوگ ٹرینوں کی چھتوں پر آرہے ہیں، میں نے سختی سےمنع کیا۔ لوگوں نے ریلوے پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ 31 دسمبر تک اچھی خبر سنائیں گے، امید ہے ایم ایل ون کا فیصلہ ہو جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ راولپنڈی لاہور کے درمیان ایک گھنٹے کا سفر کم ہو جائے گا، کوشش ہے کہ چین سے مناسب قیمت اور شرح سود پر ایم ایل ون لے کر چلیں۔ مال گاڑیوں سے متعلق کچھ نجی شراکت داروں نے دلچسپی دکھائی ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان ایک اور ٹرین چلانے کا منصوبہ ہے۔ کراچی پشاور کا کرایہ بس کے راولپنڈی لاہور کے کرائے کے برابر ہے۔ ہم سے پہلے منصوبہ بندی نہیں صرف خریداری ہی کی گئی، 8 ارب پر سگنل چھوڑ کر آئے تھے 32 ارب پر آگئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے کا تمام عملہ بہت محنت کر رہا ہے۔ چاہتا ہوں کہ وزیر اعظم عملے کا ایک گریڈ بڑھا دیں۔ ڈھائی لاکھ پودے اور 24 نئی نرسریاں لگائی ہیں۔ 25 دسمبر کو کارکردگی میں ریلوے نمبر ون ہوگا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ پچھلی حکومتوں میں 55 انجنوں کی حالت زیادہ ٹھیک نہیں۔ 68، 69 انجنوں کی حالت ٹھیک نہیں۔ اپنے محصولات سے ریلوے چلا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی نے چھوٹے مسئلے پر استعفی ٰدیا ان کو سراہنا چاہیئے، پاک فوج حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاک فوج ملک کی معیشت کو مضبوط دیکھنا چاہتی ہے، عدلیہ آئین کی حکمرانی کے لیے کھڑی ہے، عوام چیف جسٹس کی طرف دیکھتے ہیں۔

  • شیخ رشید کا گوادر میں ریلوے اسٹیشن تعمیر کرنے کا اعلان

    شیخ رشید کا گوادر میں ریلوے اسٹیشن تعمیر کرنے کا اعلان

    کوئٹہ: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کے پاس کسی کی پرچی نہیں چلتی، ریلوے میں 10 ہزار بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں گی۔ دوسری جانب وزیر ریلوے نے گوادر میں ریلوے اسٹیشن تعمیر کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ شیخ رشید کے پاس کسی کی پرچی نہیں چلتی، ریلوے میں 10 ہزار بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں گی۔

    گورنر نے کہا کہ شیخ رشید دن رات کام کر رہے ہیں ان کا مشکور ہوں، شیخ رشید نوکریوں کے ساتھ ریلوے کا خسارہ بھی کم کر رہے ہیں۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ 100 دنوں کا پلان وقت سے پہلے مکمل کرلیں گے، بلوچستان حکومت گوادر میں ریلوے کے لیے زمین فراہم کر چکی ہے۔ گوادر میں ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کے بعد اسے ڈویژن بنایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تمام ٹرینوں کو فعال کر دیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کام کر رہے ہیں، انہوں نے ملک کی ترقی کا ایجنڈا اٹھایا ہوا ہے، ’عمران خان ان میں سے نہیں جو مال لوٹ کر کھا جائیں‘۔

    شیخ رشید نے کہا کہ گوادر میں ریلوے اسٹیشن کا سنگ بنیاد وزیر اعظم عمران خان رکھیں گے۔ بلوچستان حکومت سے درخواست کی ہے کہ 280 ایکڑ زمین مزید دی جائے۔

    وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ بلوچستان کو آج دو تحفے دے کر جا رہا ہوں، غیر فعال 2 پلانٹس کی بحالی اور واپڈا کے ذریعے بحالی کی ہدایت کردی۔ ’سندھ بلوچستان پانی کے تنازع کو جلد حل کیا جائے گا‘۔

    انہوں نے کہا کہ سعد رفیق کو جیل سے قبل کوئٹہ کی پرانی ریل گاڑیوں کا چکر کھانا چاہیئے۔ ماضی میں بلوچستان کو اہمیت نہیں دی گئی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو یقین دلاتے ہیں ان کی ترقی کے لیے کام کریں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان کو مینڈیٹ دے کر جارہا ہوں وہ اپنے آپ کو واٹر منسٹر بھی سمجھیں۔

  • وزیر ریلوے سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی ملاقات

    وزیر ریلوے سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے کی اپ گریڈیشن اولین ترجیح ہے، پاکستان ریلویز ایشیائی ترقیاتی بینک کو خوش آمدید کہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے کی اپ گریڈیشن اولین ترجیح ہے، پاکستان ریلویز ایشیائی ترقیاتی بینک کو خوش آمدید کہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو جامع منصوبوں کی اشد ضرورت ہے، حکومتی ضروریات اور ترجیحات کو مد نظر رکھنا ضروری ہے۔

    وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک کا مفادات اولین ترجیح ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر ریلوے نے محکمے کی حالت سدھارنے کے لیے مختلف کمپنیوں اور بیرون ملک پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دے رکھی ہے۔

    اس سے قبل شیخ رشید نے کہا تھا کہ ای سی سی نے 70 ہزار پری پیڈ میٹر لگانے کا فیصلہ کیا ہے، 100 دن میں 10 نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ این ایل سی کے 10 انجن ہیں جن کا 5 کروڑ روپے ماہوار خرچہ ہے۔ ریلوے کی حالت ایسی ہے کہ اب فیصلے نہ کیے تو کبھی نہیں کر پائے گی۔

  • رواں ماہ موہن جو دڑو ایکسپریس چلائی جائے گی: شیخ رشید

    رواں ماہ موہن جو دڑو ایکسپریس چلائی جائے گی: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ غریب کے لیے 100 روپے ٹکٹ کم کرنا پڑا تو کروں گا۔ 16 تاریخ کو موہن جو دڑو ایکسپریس چلائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ میں مسافروں کے لیے چوتھی ٹرین چلائی ہے، انشا اللہ 16 تاریخ کو موہن جو دڑو ایکسپریس چلائی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ 5 کروڑ مسافروں کی تعداد کو 7 کروڑ تک لے کر جائیں گے، 10 فریٹ کو بڑھا کر 12 تک کرنا چاہتے ہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ جو ڈی ایس اپنی پٹری کی مینٹیننس کا خیال نہیں کرے گا وہ معطل ہوگا، ریلوے کے پیسے جن پر واجب الادا ہیں، وصولی کے لیے اقدام کر رہے ہیں۔ ریلوے کے 15 آئل ڈپو کا فوری آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آڈٹ میں جو لوگ ذمے دار ہوئے ان کے خلاف کارروائی ہوگی،

    ان کا کہنا تھا کہ قلی اب پھر سے لال وردی اور لال پگڑی پہنیں گے، کراچی سے پشاور تک اسٹینڈرڈ گیج ٹریک بچھائیں گے۔ ریلوے کی بہتری کے لیے عمران خان جو فیصلہ کریں گے وہی لاگو ہوگا۔

    شیخ رشید نے بتایا کہ ای سی سی نے 70 ہزار پری پیڈ میٹر لگانے کا فیصلہ کیا ہے، 100 دن میں 10 نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ این ایل سی کے 10 انجن ہیں جن کا 5 کروڑ روپے ماہوار خرچہ ہے۔ ریلوے کی حالت ایسی ہے کہ اب فیصلے نہ کیے تو کبھی نہیں کر پائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ غریب کے لیے 100 روپے ٹکٹ کم کرنا پڑا تو کروں گا۔ سی پیک کا سب سے بڑا حامی ہوں، سی پیک پاکستان کے لیے ریڑھ کی ہڈی حیثیت رکھتا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دھند میں ٹرینیں چلانے کے لیے انجنوں پر آلات لگائیں گے، ریلوے میں غفلت برتنے والے افسران کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ 10 ہزار نوکریاں چاہئیں ورنہ ریلوے لولی لنگڑی ہوجائے گی۔

  • ریلوے میں 23 ہزار نوکریوں کی ضرورت ہے: وزیر ریلوے

    ریلوے میں 23 ہزار نوکریوں کی ضرورت ہے: وزیر ریلوے

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے میں 23 ہزار نوکریوں کی ضرورت ہے جبکہ فوری طور پر 10 ہزار نوکریوں کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں ایمرجنسی کے حالات ہیں، افرادی قوت کی کمی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے میں 23 ہزار نوکریوں کی ضرورت ہے جبکہ فوری طور پر 10 ہزار نوکریوں کی ضرورت ہے۔ گولڑہ ریلوے اسٹیشن اور میوزیم کے لیے لوگ آئیں اور سرمایہ کاری کریں۔

    انہوں نے کہا کہ 15 اکتوبر سے ریلوے اسٹیشن پر صاف پانی کا ٹینڈر کھول رہے ہیں، ریلوے ٹریکنگ اور وائی فائی سے متعلق لوگ کام کر رہے ہیں۔ ریلوے کے بکنگ آفس رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹرینوں میں وائی فائی کی سہولت جلد فراہم کریں گے۔ ایم ایل ون اور ٹو ریلوے کی بہتری کے لیے بہترین منصوبے ہیں، ایم ایل ون یا ٹو پر فوری کام شروع ہونے جا رہا ہے۔ یہ سی پیک میں بھی اہم منصوبہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کی تعداد 100 دنوں میں 10 سے 15 پر لے کر جائیں گے، ٹرینوں کی تعداد بڑھانے سے متعلق معاہدے ہوگئے ہیں۔ 30 ستمبر تک ٹرینوں کی تعداد 10 سے بڑھ کر 15 ہوجائے گی۔

    وفاقی وزیر ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کو ویلکم کرتے ہیں کہیں بھی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، خوشحال خان ایکسپریس کے حادثے سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔ حادثے سے متعلق 30 ستمبر تک رپورٹ دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ فریٹ کی تعداد 100 دنوں میں 10 سے 15 پر لے کر جائیں گے، فریٹ کی تعداد بڑھانے سے متعلق معاہدے ہو گئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریلوے ہیڈ کوارٹرز کراچی منتقل کر رہے ہیں، ریلوے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مانیٹرنگ کمیٹی بنا دی ہے۔ اس وقت ریلوے کا خسارہ 38 ارب روپے ہے۔