Tag: ریلوے

  • آج 15 اکتوبر کو جناح ایکسپریس کے کرایے آدھے وصول کیے جائیں گے

    آج 15 اکتوبر کو جناح ایکسپریس کے کرایے آدھے وصول کیے جائیں گے

    کراچی: جناح ایکسپریس میں اکانومی کلاس کی بوگیوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے، آج 15 اکتوبر سے بوگیاں لگائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق جناح ایکسپریس کی اکانومی کلاس کی بوگیوں میں اضافہ کر دیا گیا، آج سے اضافی بوگیاں لگائی جا رہی ہیں، وزیر ریلوے نے آج 15 اکتوبر کے لیے جناح ایکسپریس کا آدھے کرائے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ منگل کے دن جناح ایکسپریس کا کرایہ آدھا وصول کیا جائے گا، کراچی سے لاہور تک کرایہ 1825 سے کم کر کے 950 کر دیا گیا، جناح ایکسپریس کے کرائے میں یہ کمی صرف آج 15 اکتوبر کے لیے ہے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ جناح ایکسپریس کے ساتھ اکانومی کلاس کے ڈبے لگائے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنز پر ایک ہزار دکانیں بھی بنائی جائیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  محکمہ ریلوے نے ریکارڈ ہدف حاصل کرلیا

    وفاقی وزیر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا تھا کہ 5 کی بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کر دیں گے، جو افسر یا ملازم 8 بجے ڈیوٹی پر نہیں پہنچے گا اس کی غیر حاضری لگائی جائے گی، فریٹ ٹرین کو 80 کی بجائے 40 گھنٹے میں تبدیل کیا گیا، پاکستان واحد ملک ہے جس نے پسنجر میں 10 ارب زیادہ کمائے۔

    خیال رہے کہ محکمہ ریلوے نے 14 ماہ کے مختصر عرصے میں کارگو ٹرینیں چلانے کا بھی ریکارڈ ہدف حاصل کر لیا ہے، یہ کراچی ڈویژن کی بڑی کام یابی تھی جب اس نے 1 ہزار سے زائد کارگو ویگن لوڈ کرنے کا غیر معمولی ہدف حاصل کیا جن میں سے 1002 ویگن 15 مختلف مال گاڑیوں سے تعلق رکھتی ہیں۔

  • 5 کے بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کردیں گے: شیخ رشید

    5 کے بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کردیں گے: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 5 کے بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کردیں گے، جو افسر یا ملازم 8 بجے ڈیوٹی پر نہیں پہنچے گا اس کی غیر حاضری لگے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ فریٹ ٹرین کو 80 کے بجائے 40 گھنٹے میں تبدیل کیا، پاکستان واحد ملک ہے جس نے پسنجر میں 10 ارب زیادہ کمائے۔ اس سال میں ہم نے 3 ماہ میں ٹارگٹ سے آدھا ملین زیادہ کمایا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 5 کے بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کردیں گے، وزیر اعظم سے درخواست ہے وہ ننکانہ صاحب اسٹیشن کا افتتاح کریں۔ جو افسر یا ملازم 8 بجے ڈیوٹی پر نہیں پہنچے گا اس کی غیر حاضری لگے گی۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم لگا دیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جناح ایکسپریس کے ساتھ اکانومی کلاس کے ڈبے لگا رہے ہیں، آرمی چیف کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ٹینڈر کھلنے جا رہے ہیں۔ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے۔ سنہ 1861 کی پٹڑی برطانیہ نے ڈالی تھی اب پہلی دفعہ کام ہونے جا رہا ہے۔ ایک ہزار دکانیں ریلوے اسٹیشنوں پر بنانے جا رہے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فضل الرحمٰن اور شہباز شریف کی کوئی چیز فائنل نہیں۔ مولانا کے آگے کنواں ہے اور پیچھے کھائی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا ہے، عمران خان نے مودی کو پھنسا دیا ہے نہ جان چھوٹ سکتی ہے نہ بچ سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور پاک فوج کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہیں، کرفیو اٹھے گا تو کشمیر کے مجاہد اور کشمیری جان ہتھیلی پر رکھ کر باہر نکلیں گے۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ انتخابات کی باتیں کرنے والوں کی چیخیں سنائی دیں گی، سب کہتے ہیں فوج پولنگ اسٹیشنز کے باہر نہ ہو، اگر فوج نہ ہو تو یہ پولنگ کے ڈبے اٹھا کر اپنے ساتھ لے جائیں۔ عمران خان 6 آدمی رہا کر دیں تو یہ ساری تحریکیں ٹھس ہوجائیں۔ یہ پرانے کیس ہیں، عمران خان تو ابھی ان پر کیس بنائیں گے۔

  • ریلوے ملازمین کی قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتیاں، قائمہ کمیٹی کا تحفظات کا اظہار

    ریلوے ملازمین کی قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتیاں، قائمہ کمیٹی کا تحفظات کا اظہار

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اراکین نے ملازمین کی قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتیوں پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے، جس پر وزارت ریلوے نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق آج معین وٹو کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارت ریلوے نے بذریعہ کمپیوٹر قرعہ اندازی بھرتیوں کے معاملے پر بریفنگ دی، بتایا گیا کہ چھوٹے ملازمین کی بذریعہ قرعہ اندازی بھرتیاں قواعد اور حکومتی پالیسی کے تحت ہیں۔

    اراکین کمیٹی نے قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتیوں پر تحفظات کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا ریلوے میں میرٹ کے بر خلاف من پسند افراد کی بھرتیاں جاری ہیں، تاہم وزارت ریلوے نے کہا کہ بھرتیاں شفاف اور میرٹ پر کی جا رہی ہیں، وزارت ریلوے نے اراکین کمیٹی کو بھرتیوں سے متعلق تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

    وزارت ریلوے کے حکام نے سی پیک میں شامل ریلوے منصوبوں پر بھی کمیٹی کو بریفنگ دی، بتایا گیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی منظوری 2015 میں دی گئی تھی، سی پیک میں شامل ریلوے منصوبے حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں، ایم ایل ون منصوبے کا پی سی ون منظوری کے مراحل میں ہے، اس پر 8.2 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔

    حکام نے بتایا کہ ایم ایل ون منصوبہ تین مراحل میں 5 سال میں مکمل ہوگا، ریلوے لائنز پر پھاٹک ختم ہوں گے، ٹریکس پر گزرنے کے لیے انڈر پاس، فلائی اوور تعمیر کیے جائیں گے اور باڑ لگائی جائے گی، گوادر تا مستونگ اور حویلیاں تا خنجراب ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ ایم ایل ون منصوبہ رواں مالی سال میں شروع کرنے کا ہدف ہے، اس کی تکمیل سے ریل کا سفر مزید آسان ہوگا، کراچی تا لاہور ریل سفر 18 کے بجائے 10 گھنٹے، لاہور تا ملتان فاصلہ 5 کے بجائے 3 گھنٹے، اسلام آباد تا لاہور ساڑھے چار کے بجائے اڑھائی گھنٹے، کراچی سے حیدر آباد کا سفر دو کے بجائے ڈیڑھ گھنٹے میں طے ہوگا۔

  • شیخ رشید کا ریلوے اسٹیشنز پر فوڈ اسٹریٹ بنانے کا اعلان

    شیخ رشید کا ریلوے اسٹیشنز پر فوڈ اسٹریٹ بنانے کا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر فوڈ اسٹریٹ بنانے جا رہے ہیں۔ 80 لاکھ مسافروں کا اضافہ ایک ریکارڈ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ امریکا کو افغانستان میں ہماری ضرورت ہے، امریکا بھارت کو چین کے خلاف استعمال کرنا چاہتا ہے، ایم ایل ون پر آئی ایم ایف کی پابندی صرف پروپیگنڈا ہے۔ ٹرینوں کو 160 کلو میٹر کی رفتار پر لے کر جا رہے ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میری لائن صرف شہباز شریف کے ساتھ فٹ ہے، شہباز شریف کے علاوہ میرا کسی سے رابطہ نہیں۔ فضل الرحمٰن کو عبد الغفور حیدری کے ذریعے پیغام پہنچایا ہے۔ ساری اپوزیشن مسئلہ کشمیر پر عمران خان کے پیچھے کھڑی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ کل وزیر اعظم نے عالم اسلام کی ترجمانی کی، وزیر اعظم نے جس جذبے سے کیس لڑا وہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ خسارے کو ختم کرنا ہمارا ٹاسک ہے۔ عمران خان کی ہدایت پہ روڈ کا لوڈ ٹریک پر لے کر آنا ہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ 15 اکتوبر سےجناح ایکسپریس میں اکانومی کلاس شروع کی جائے گی، تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر فوڈ اسٹریٹ بنانے جا رہے ہیں۔ 80 لاکھ مسافروں کا اضافہ ایک ریکارڈ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرین شیڈول متاثر ہوا ہے جس کا صرف حل ایم ایل ون ہے، ایم ایل ون کے علاوہ ریلوے کے پاس کوئی دوسرا پلان نہیں۔ او آئی سی کانفرنس پاکستان میں ہونے جا رہی ہے۔ اب اگر جنگ ہوئی تو وہ آخری اور ایٹمی جنگ ہوگی۔ مریکا سپر پاور ہے وہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلتا ہے۔

  • ریلوے میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہوا: پارلیمانی سیکریٹری

    ریلوے میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہوا: پارلیمانی سیکریٹری

    اسلام آباد: پارلیمانی سیکریٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ریلوے کی سواریوں میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہو چکا ہے، ہم نے ریلوے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں بھی اضافہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے قومی اسمبلی اجلاس میں محکمہ ریلوے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں ریلوے میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہوا۔

    انھوں نے کہا ریلوے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں بھی اضافہ کیا گیا، دوسری طرف ریلوے کے اخراجات کم کیے گئے، ریلوے اپنے ٹریک پر رواں دواں ہے بلکہ پھل پھول رہا ہے۔

    فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ فیصل آباد ریلوے اسٹیشن بھوت بنگلے کا منظر پیش کرتا تھا، اب اس کی تزئین و آرایش شروع کر دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  محکمہ ریلوے کی بدانتظامی، ٹرینیں حسب معمول تاخیر کا شکار، مسافر اذیت میں مبتلا

    پارلیمانی سیکریٹری نے کہا محدود وسائل میں رہ کر ریلوے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ محکمہ ریلوے کی بد انتظامی اور حادثات سے ٹرینوں کی آمد و رفت کا شیڈول کچھ عرصے سے مسلسل تاخیر کا شکار ہے، ریلوے حکام ٹرین آپریشن کو معمول پر لانے میں ناکام رہے ہیں جس سے مسافروں کو انتظار کی کوفت اور اذیت کا سامنا ہے۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید نے رواں ماہ کہا تھا کہ 5 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کرنا ہے، ہم 138 ٹرینیں روزانہ چلا رہے ہیں، ساری ٹرینیں افسران اور مزدوروں کی محنت سے چلی ہیں، میں چاہتا ہوں سیاست سے بالاتر ہوکر ریلوے چلایا جائے۔

  • اگر کشمیریوں کے ساتھ کوئی نہ ہوا، تب بھی وہ اپنی جنگ لڑیں گے: شیخ رشید

    اگر کشمیریوں کے ساتھ کوئی نہ ہوا، تب بھی وہ اپنی جنگ لڑیں گے: شیخ رشید

    مانچسٹر: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ کوئی بھی نہ ہوا تو بھی کشمیری اپنی جنگ لڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج مانچسٹر میں بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ اور کشمیریوں کے ساتھ یوم یک جہتی منایا گیا، اس موقع پر وزیر ریلوے شیخ رشید نے مانچسٹر میں ایک مظاہرے سے خطاب کیا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ بی جے پی کا ایک بھی ممبر مسلمان نہیں ہے، مودی بھارت کو صرف ہندو اسٹیٹ بنانا چاہتا ہے، مودی نے یہ وقت اس لیے چُنا کیوں کہ پاکستان معاشی طور پر کم زور ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مودی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، مودی سن لے پاکستان 72 سال سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا تھا اور کھڑا رہے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کے یوم آزادی پر پاکستان بھر میں یوم سیاہ، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں

    شیخ رشید احمد نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ آج بھارتی یوم آزادی پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے، جو کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی کے اظہار کے لیے ہے۔

    پاکستان میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں کیا گیا، جب کہ شاہراہ دستور پر سیاہ جھنڈے لہرائے گئے، جن عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں کیا گیا ان میں ایوان صدر، وزیر اعظم آفس، سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ ہاؤس شامل ہیں۔

    ملک میں صوبائی حکومتوں نے بھی آج یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا تھا۔

  • پاکستان ریلویز کا مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں 20 فی صد اضافے کا اعلان

    پاکستان ریلویز کا مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں 20 فی صد اضافے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان ریلویز نے مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں 20 فی صد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مال بردار ریل گاڑیوں کے کرائے میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، پاکستان ریلویز نے بیس فی صد اضافے کا اعلان کیا۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق کرایوں میں اضافے کا اطلاق 10 اگست سے ہوگا، کرایوں میں اضافے کا اطلاق ایچ ایس ڈی اور کارگو ٹرینوں پر نہیں ہوگا۔

    وزارت ریلوے نے کرایوں میں اضافے کے سلسلے میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو احکامات جاری کر دیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان ریلوے میں اب نئی بھرتی ٹیسٹ اور انٹرویو کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگی

    یاد رہے کہ جون میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے کے کرایوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد یکم جولائی سے اکانومی کلاس کرائے میں 100 روپے کا اضافہ ہوا، مجموعی طور پر کرایوں میں 6 سے 7 فی صد اضافہ کیا گیا۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے کراچی سے مزید 3 فریٹ ٹرینیں چلانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

    شیخ رشید نے گزشتہ ماہ بتایا کہ وزارت نے تن خوا اور تیل پر 3 ارب کا اضافی خرچ اٹھایا ہے۔ تیل، پنشن اور تن خوا کی مد میں ساڑھے 12 ارب خرچ ہوئے۔ 24 ٹرینیں اور 2 مال گاڑیاں چلائی گئیں۔ سال میں 60 لاکھ مسافر بڑھائے گئے۔

    واضح رہے کہ پاکستان ریلوے میں نئی بھرتی کے سلسلے میں پالیسی بھی تبدیل کر دی گئی ہے، نئی بھرتیاں اب ٹیسٹ اور انٹرویو کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے ہوں گی، قرعہ اندازی میں نام نکلنے کی صورت میں میڈیکل کے بعد امیدوار کو ملازمت مل جائے گی۔

  • ریلوے انجن اپ گریڈ کرنے کے لیے امریکی کمپنی اسپیئر پارٹس بھجوارہی ہے، شیخ رشید

    ریلوے انجن اپ گریڈ کرنے کے لیے امریکی کمپنی اسپیئر پارٹس بھجوارہی ہے، شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ابھی دورہ امریکہ کی تھکان نہیں اتر ی او روہاں سے فنانشل او رملٹری سپورٹ کا فیصلہ ہو گیا ہے ،25جولائی کو 10جماعتوں نے اکٹھے ہو کر جلسیاں کی ہیں ،میں بتانا چاہتا ہوں کہ عمران خان ان جلسیوں سے نہیں جارہا ۔

    تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے ان خیالات کااظہار ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ ہمارے لئے اصل چیلنج معیشت اور مہنگائی ہے اور مجھے خوف ہے کہ اگر آئندہ ڈیڑھ سے دو ماہ میں مہنگائی کو کم نہ کیا گیا تو عوام ہم سے جواب مانگیں گے ، پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ مریم نواز پورس کی ہتھنی ہیں اور نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی تباہی کی ذمہ دار صرف اور صرف مریم نواز ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور آرمی چیف کی جتنی سپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو حاصل ہے ماضی میں اس کا تصور نہیں تھا ، ایم ایل ون کے معاملے پر سوموار کے روز میٹنگ ہونے جارہی ہے ، امریکن کمپنی ” جی “ یکم اگست کو لوکو موٹیو کے سپیئر پارٹس بھجوارہی ہے ، لاہور اور کراچی میں دو نئی واشنگ لائنز بنانے جارہے ہیں ۔

    شیخ رشید نے کہا کہ ریٹائر ہونے والے 100 ڈرائیورز کو ملازمتوں میں توسیع دی جائے گی ،ریلوے افسران کی ایک مہینے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے 60لاکھ مسافر بڑھ گئے ہیں اور ہم نے 10ارب روپے زیادہ منافع کمایا ہے ،کم و بیش 5ارب روپے خسارہ کم کیا ہے اس کے باوجود کہ ہمیں ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کابوجھ بھی برداشت کرنا پڑا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ دو لو کو موٹیو میں کیمرے لگا دئیے ہیں اور ٹرائل کرنے جارہے ہیں ۔ ریلوے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ٹی ایل اے ملازمین کو مستقل کرنے کی سمری منظوری کےلئے فوری بھجوائی جائے اور اس میں واشنگ لائن کے ملازمین کو ترجیح د ی جائے گی ۔ اس کے علاوہ لاہور اور کراچی میں دو نئی واشنگ لائنز بنانے کا بھی کہہ دیا ہے ۔ جن روٹس پر چھتوں پر سفر ہورہا ہے وہاں اضافی کوچز دی جائیں گی ۔

    انہوں نے کہا کہ ” جی “ کمپنی سے لو کو موٹیو کی خریداری میں ہنگامی کرپشن اور لوٹ مار کی گئی ، ان کے پاس انجنوں کے پاسپورڈ بھی نہیں ہیں ،کمپنی نے بتایا ہے کہ 9انجنوں کے سپیئر پارٹس یکم اگست تک آرہے ہیں ،20انجنوں کے حوالے سے بھی اور جلد فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ رائل پام کے معاملے پر سی ای او کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی بنا دی ہے اور کنسلٹنٹ کا ٹینڈر جلد ہوگا ،ہمارے پاس 90روز ہیں اور ہم نے اس میں پراسس کو مکمل کرناہے ،بین الاقوامی اور مقامی بڑی بڑی کمپنیوں نے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور ہم لاہور میں اس کلب کے ذریعے بہترین تفریح دیں گے۔

    انہوںنے کہا کہ یہاں گالف کھیلنے والوں تعداد 114ہزار تک بتائی گئی لیکن یہ 250سے 300تک ہے اس کے علاوہ 3 سے 4 ہزار ممبران ہیں ، گالفرز کی گاڑیاں خراب ہیں اور میں نے ہدایت کی ہے کہ جو 32گاڑیاں ہیں ان کے پارٹس ایک دوسرے سے تبدیل کر کے کم از کم 10گاڑیاں چلائی جائیں ۔

    ایم ایل ون کے بغیر ریلوے میں بہتری نہیں آسکتی اورسوموار کے روز وزیر اعظم کے ساتھ اس کی میٹنگ ہے ، جب تک ایم ایل ون نہیں آئے گا ریلوے میں ولی بھی بٹھا دیں حادثات نہیں رک سکتے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے عزت ، غیر ت اور بلند سوچ کے ساتھ امریکہ کادورہ کیا جو کامیاب رہا اور اس کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ابھی وزیر اعظم عمران خان کی دورہ امریکہ کی تھکان نہیں اتری کہ امریکہ سے فنانشل اور ملٹری سپورٹ کا فیصلہ ہو گیا ہے ۔

    عمران خان نے کابل میں بھی تاریخی کردار ادا کرنے کی بات کی ہے اور طالبان کودعوت دی جائے گی ۔ اس دور میں سارے میڈیا نے ایک بات کو نظر انداز کیا ہے کہ عمران خان نے امریکی صدر کے سامنے یہ بات کہی کہ ایران سے جنگ بلنڈر ہوگا اور کوئی بھی امریکی صدر کے سامنے یہ بات نہیں کہہ سکتا ۔ عمران خان نے ٹرمپ کے سامنے بیٹھ کر یہ بات کہی کہ اس غلطی سے خطے کا امن تباہ ہو جائے گا۔

    برطانیہ میں عمران خان کا ذاتی دوست وزیر اعظم آ چکا ہے ۔ ہمیں صرف مہنگائی اور معیشت کا چیلنج ہے ۔ پاک و ہند کی تاریخ میں 10جماعتوں نے کبھی اتنے ناکام جلسے نہیں کئے ، لاہو رمیں جلسیی کی گئی ، میں عقل کے اندھوں کوبتانا چاہتا ہوں کہ عمران خان ان جلسوںسے نہیں جارہا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 136ٹرینیں چلا لی ہیں اورجب تک نئی کوچز نہیں آئیں گی نئی ٹرینیں نہیں چلائیں گے ،اب پہلے سے چلنے والی ٹرینوں کی اپ گریڈیشن کریں گے۔

    انہوں نے ٹرینوں کی تاخیر کے حوالے سے کہا کہ ایک ماہ کی مہلت دیدیں،بارشوں کی وجہ سے سگنل سسٹم متاثر ہوتا ہے ، ہماری 136میں سے 6ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں لیکن وہ بھی ایک ماہ میں ٹھیک ہو جائیں گی ، اس وقت ہما ری ٹرینیں بمپر ٹو بمپر ہیں اور ہمارے پاس عید کے بعد کیلئے بھی بکنگ نہیں ہے ، میں نے کہا ہے کہ بکنگ آفسز کے عملے کو کسی او رکام میں لگایا جائے ۔

  • ٹرین حادثات میں اضافہ، ریل گاڑیوں کے انجنز میں کیمرے لگانے کی سفارش

    ٹرین حادثات میں اضافہ، ریل گاڑیوں کے انجنز میں کیمرے لگانے کی سفارش

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور ریلوے نے ٹرین حادثات میں اضافے کے باعث ریل گاڑیوں کے انجنز میں کیمرے لگانے کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور ریلوے کا چیئرمین اسد جونیجو کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹرین حادثات میں اضافے پر سینیٹ قائمہ کمیٹی نے سفارشات پیش کیں۔

    کمیٹی نے ریل گاڑیوں کے انجنز میں کیمرے لگانے کی سفارش کی، کمیٹی کا کہنا تھا کہ تمام ریل گاڑیوں کے انجن کے اندر اور سامنے کیمرے لگائے جائیں۔ کیمرے سے ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ کی مانیٹرنگ کی جائے۔

    کمیٹی نے سفارش کی کہ کیمرے انٹرنیٹ کی سہولت والے علاقوں میں لائیو کوریج دکھائیں، دور دراز کے علاقوں میں دوران سفر انجن والے کیمرے ریکارڈنگ کریں۔ مرکزی کنٹرول روم سے ٹرین ڈرائیورز کو ہمہ وقت مانیٹر کیا جائے۔

    دوران اجلاس سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ بہت سے حادثات کے بعد پتہ چلتا ہے ڈرائیور سوگیا تھا، بسوں میں کیمرے لگ سکتے ہیں تو ریل گاڑیوں میں کیوں نہیں۔

    قائمہ کمیٹی نے ریلوے کے نئے ٹرین انجنز کو مصروف روٹس پر چلانے کی سفارش کردی، چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ مصروف روٹس پر نئے انجنز چلانے کے حادثات سے بچا جا سکے گا۔

    اجلاس میں سی ای او پاکستان ریلوے نے مزید نئی ٹرینیں نہ چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں مزید نئی ٹرینیں نہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں تمام مسافر بردار ٹرینوں کی از سر نو مکمل جانچ پڑتال کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

  • سابق حکمران اللہ کی پکڑ میں آچکے ہیں: شیخ رشید

    سابق حکمران اللہ کی پکڑ میں آچکے ہیں: شیخ رشید

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اللہ کی طرف سے سابق حکمران پکڑ میں آچکے ہیں، انہوں نے جو مال لوٹا ہے ان کے کام نہیں آ رہا ہے۔ مریم نواز نے ن لیگ کو مروا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد گوالمنڈی پل پر پہنچ گئے، شیخ رشید نے نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے سمیت مون سون کے پیشگی انتظامات کا جائزہ لیا۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نالہ لئی گند کی جگہ نہیں، نالہ لئی زحمت ہے یہ رحمت بنے گا۔ سیلاب سے متعلق راولپنڈی ضلعی انتظامیہ الرٹ ہے، پی سی ون بن گیا فنڈز کے لیے وزیر اعظم کو کہا ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش ہے سیلاب سے 2 گھنٹے پہلے الارمنگ سہولت مل جائے، تجاوزات سے متعلق بھی سی او کارپوریشن سے بات کی ہے۔

    سیاسی مخالفین کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اللہ کی طرف سے یہ پکڑ میں آچکے ہیں، انہوں نے جو مال لوٹا ہے ان کے کام نہیں آ رہا ہے۔ مریم نواز نے ن لیگ کو مروا دیا۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی کوشش ہے ان کی اور ان کے بیٹے کی بچت ہوجائے، 90 دن میں بڑے بڑے لوگ اپنے انجام کو پہنچیں گے۔