Tag: ریلوے

  • پاکستان ریلوے کا نابینا افراد کو 50 فی صد رعایت دینے کا اعلان

    پاکستان ریلوے کا نابینا افراد کو 50 فی صد رعایت دینے کا اعلان

    اسلام آباد: حکومت نے ریل میں سفر کرنے والے نابینا افراد کو 50 فی صد رعایت دینے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اب نابینا افراد اور ان کے مددگار شخص کو کرایے میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔

    سینیٹ میں تقریر کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے مخصوص عمر کی افرادکو رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے معمر افراد کو 50 فی صدرعایت دی گی، بزرگ شہری شناختی کارڈدکھاکرسہولت حاصل کرسکتےہیں۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اکانومی کلاس میں غریبوں کے لئے کرایہ 150 کم کر دیں گے۔


    مزید پڑھیں: ریلوے کو بحران سے نکالنے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں‘ شیخ رشید


    ان کا کہنا تھا کہ ریلوے ٹریک کی حالت بہت خراب ہے، ایم ایل ون اورایم ایل ٹوکو بہتر بنایا جائے گا۔

    انھوں نے صارفین کو خوش خبر سنائی کہ 100 دن مکمل ہونے تک ٹرینوں میں وائی فائی کی فراہمی شکر کر دیں گے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے ریلوےاسٹیشنز پرذیلی ویٹر لگانے کے لئے ٹینڈردیے ہیں، ریلوے اسٹیشنز پر پہلے وہیل چیئر کی فیس تھی، جوہم نےختم کردی۔

  • وزیر ریلوے سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی ملاقات

    وزیر ریلوے سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے کی اپ گریڈیشن اولین ترجیح ہے، پاکستان ریلویز ایشیائی ترقیاتی بینک کو خوش آمدید کہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے کی اپ گریڈیشن اولین ترجیح ہے، پاکستان ریلویز ایشیائی ترقیاتی بینک کو خوش آمدید کہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو جامع منصوبوں کی اشد ضرورت ہے، حکومتی ضروریات اور ترجیحات کو مد نظر رکھنا ضروری ہے۔

    وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک کا مفادات اولین ترجیح ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر ریلوے نے محکمے کی حالت سدھارنے کے لیے مختلف کمپنیوں اور بیرون ملک پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دے رکھی ہے۔

    اس سے قبل شیخ رشید نے کہا تھا کہ ای سی سی نے 70 ہزار پری پیڈ میٹر لگانے کا فیصلہ کیا ہے، 100 دن میں 10 نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ این ایل سی کے 10 انجن ہیں جن کا 5 کروڑ روپے ماہوار خرچہ ہے۔ ریلوے کی حالت ایسی ہے کہ اب فیصلے نہ کیے تو کبھی نہیں کر پائے گی۔

  • رواں ماہ موہن جو دڑو ایکسپریس چلائی جائے گی: شیخ رشید

    رواں ماہ موہن جو دڑو ایکسپریس چلائی جائے گی: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ غریب کے لیے 100 روپے ٹکٹ کم کرنا پڑا تو کروں گا۔ 16 تاریخ کو موہن جو دڑو ایکسپریس چلائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ میں مسافروں کے لیے چوتھی ٹرین چلائی ہے، انشا اللہ 16 تاریخ کو موہن جو دڑو ایکسپریس چلائی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ 5 کروڑ مسافروں کی تعداد کو 7 کروڑ تک لے کر جائیں گے، 10 فریٹ کو بڑھا کر 12 تک کرنا چاہتے ہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ جو ڈی ایس اپنی پٹری کی مینٹیننس کا خیال نہیں کرے گا وہ معطل ہوگا، ریلوے کے پیسے جن پر واجب الادا ہیں، وصولی کے لیے اقدام کر رہے ہیں۔ ریلوے کے 15 آئل ڈپو کا فوری آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آڈٹ میں جو لوگ ذمے دار ہوئے ان کے خلاف کارروائی ہوگی،

    ان کا کہنا تھا کہ قلی اب پھر سے لال وردی اور لال پگڑی پہنیں گے، کراچی سے پشاور تک اسٹینڈرڈ گیج ٹریک بچھائیں گے۔ ریلوے کی بہتری کے لیے عمران خان جو فیصلہ کریں گے وہی لاگو ہوگا۔

    شیخ رشید نے بتایا کہ ای سی سی نے 70 ہزار پری پیڈ میٹر لگانے کا فیصلہ کیا ہے، 100 دن میں 10 نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ این ایل سی کے 10 انجن ہیں جن کا 5 کروڑ روپے ماہوار خرچہ ہے۔ ریلوے کی حالت ایسی ہے کہ اب فیصلے نہ کیے تو کبھی نہیں کر پائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ غریب کے لیے 100 روپے ٹکٹ کم کرنا پڑا تو کروں گا۔ سی پیک کا سب سے بڑا حامی ہوں، سی پیک پاکستان کے لیے ریڑھ کی ہڈی حیثیت رکھتا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دھند میں ٹرینیں چلانے کے لیے انجنوں پر آلات لگائیں گے، ریلوے میں غفلت برتنے والے افسران کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ 10 ہزار نوکریاں چاہئیں ورنہ ریلوے لولی لنگڑی ہوجائے گی۔

  • ریلوے اکیلی پاکستان کے قرضے اتار سکتی ہے: شیخ رشید

    ریلوے اکیلی پاکستان کے قرضے اتار سکتی ہے: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے کے پاس ایک لاکھ 76 ہزار ایکڑ زمین ہے، ریلوے اکیلی پاکستان کے قرضے اتارنے میں تاریخی کردار ادا کر سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے گرین پاکستان گرین ریلوے مہم کا آغاز کر دیا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پاکستان ریلوے کی پہلی نرسری کا مارگلہ ریلوے اسٹیشن پر افتتاح کر دیا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر شجر کاری کر رہے ہیں، شجر کاری مہم کے تحت ایک لاکھ 84 ہزار پودے لگا چکے ہیں۔ پاکستان ریلوے بہت جلد قوم کو بڑی خوش خبری دے گی، کوشش ہے کہ ریلوے کو بہتر ادارہ بنائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کل یا پرسوں سے لاہور کے لیے ایکسپریس ٹرین چلائیں گے، چین سے موسم بہتر بنانے کے لیے پودے منگوائیں گے۔ ہمارے پاس کوچز کی بہت کمی ہے۔ ریلوے کے افسران ادارے کو بہتر بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آپ 100 دن میں ریلوےادارے کی کارکردگی میں بہتری دیکھیں گے، ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔ ٹرینوں میں وائی فائی سمیت ون ونڈو آپریشن شروع کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کو عوام دوست ادارہ بنائیں گے۔ تھوڑا وقت دیں بہتری آنے میں کچھ وقت لگے گا۔ عمران خان کی ہدایت پر بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی۔ پچھلی دفعہ گیس میٹر لگائے تھے، اب بجلی کے میٹر لگاؤں گا۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے میں اب کرپشن بھول جائیں، معاہدوں سے کک بیکس نکالیں گے۔ سی پیک کے تحت 33 ہزار آسامیاں ہیں، بطور اپوزیشن بات کرنے کا انداز الگ ہوتا ہے۔ سی پیک کی کارکردگی میں ریلوے کلیدی کردار ادا کرے گی۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ ریلوے کی خراب کوچز کو دوبارہ قابل استعمال بنائیں گے، راولپنڈی میں بھی پانی اور بجلی کے مسائل ہیں۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عمران خان نے واضح کہا ہے کہ جس پر کرپشن کا الزام ہے کارروائی کریں، اسپتال پر کام شروع کروا کر چیف جسٹس نے مجھے خرید لیا ہے۔ لوٹی ہوئی رقم واپس لانے کا کام بہت مشکل ہے، عمران خان نے لوٹی ہوئی رقم لانے کا ٹاسک اپنے ہاتھ میں رکھا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے لوٹی ہوئی رقم ملک میں واپس لانے میں کامیابی ملے گی۔ ریلوے مزدوروں کو ایک گریڈ اپ کرنے کی سمری وزیر اعظم کو بھیج رہے ہیں۔ ایک لاکھ 76 ہزار ایکڑ زمین ریلوے کے پاس ہے، ’ریلوے اکیلی پاکستان کے قرضے اتارنے میں تاریخی کردار ادا کر سکتی ہے‘۔

  • ریلوے حکام کا سابق دور حکومت کی انکوائری کے لیے نیب کو خط

    ریلوے حکام کا سابق دور حکومت کی انکوائری کے لیے نیب کو خط

    لاہور: ریلوے میں مبینہ کرپشن اسکینڈلز کے معاملے پر ریلوے حکام نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو خط لکھ دیا۔ ریلوے حکام نے سابق دور حکومت کی انکوائری کے لیے خط لکھا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام نے مبینہ کرپشن اسکینڈلز کے معاملے پر سابق دور حکومت کی انکوائری کے لیے نیب کو خط لکھا ہے۔

    ذرائع کے مطابق خط میں ناقص کوالٹی کے 1800 ہارس پاور ویگن یکطرفہ بڈ میں خریدنے کا الزام لگاتے ہوئے خریداری کا مبینہ ذمہ دار سی ایم ای عدنان شفیع اور اے جی ایم انصر کو قرار دیا گیا۔

    خط میں کہا گیا کہ 58 چینی لوکو موٹیو بھی سنگل بڈ میں خریدے گئے، خریداری کے ذمہ دار سی ایم ای مبین الدین، طارق اور جی ایم ٹیکنیکل شاہد احمد قرار دیے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق دور میں خریدے گئے انجنوں کی مرمت کا کام چینی کمپنی کو دیا گیا، ٹھیکہ دینے کے ذمہ دار موجودہ اور سابق چیئرمین کو قرار دیا گیا۔

    خط میں کہا گیا کہ 30 ریلوے ٹریکس کی مرمت کا کنٹریکٹ 30 ارب میں ایک ہی کنٹریکٹر کو دیا گیا۔ خط میں کنٹریکٹر وارث انٹرنیشنل کو نوازنے کا الزام عائد کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 ہزار ہارس پاور کے 55 لوکو موٹیو امریکا سے زائد قیمت پر خریدنے کا الزام ہے جبکہ یہ لوکو موٹیو بھارت نے آدھی قیمت میں خریدے۔

    خط میں درجنوں پلاٹس لیز پر آئل کمپنیوں اور با اثر شخصیات کو دینے کا الزام اور بعض افراد کو بھاری معاوضوں اور مراعات پر نوازنے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔

  • ریلوے میں فرض شناس افسران کی تضحیک کی جارہی ہے، سعد رفیق

    ریلوے میں فرض شناس افسران کی تضحیک کی جارہی ہے، سعد رفیق

    لاہور : سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے، ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں رہ کر حکومت کی ہر غلطی کو پکڑیں گے، پی ٹی آئی نے جو وعدے کئے وہ پورے کرنا پڑیں گے۔

    رہنما مسلم لیگ نواز کا کہنا تھا کہ ریلوے میں فرض شناس افسران کی تضحیک کی جارہی ہے، وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے، عمران خان کی حکومت میں ہر چیز الٹی ہے کچھ سیدھا نہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم نے سسٹم کو ڈی ریل نہیں کیا، کنٹینر پر نہیں چڑھے، ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں، ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا، ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، آخری فتح پاکستان کےعوام کی ہوگی۔

    سابق وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کا ووٹ حق دلایا جائے، سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلاکر اوور سیز ووٹنگ پر بریفنگ دی جائے۔

  • 65 سال کے لوگوں کا آدھا ٹکٹ معاف ہوگا: وزیر ریلوے

    65 سال کے لوگوں کا آدھا ٹکٹ معاف ہوگا: وزیر ریلوے

    کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 65 سال کے لوگوں کا آدھا ٹکٹ معاف کرنے کا اعلان کرتا ہوں، ضعیفوں کا سلیپر میں 25 فیصد اور عام ڈبے میں 50 فیصد کرایہ معاف ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے آج کراچی پہنچے جہاں انہوں نے سٹی اسٹیشن کا دورہ کیا۔

    شیخ رشید کی جی ایم ریلوے اور ڈی ایس سمیت دیگر افسران سے تعارفی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ریلوے کی کارکردگی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال اور جائزہ لیا گیا۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں 20 کروڑ عوام ریل گاڑیوں کو سفر کے لیے استعمال کریں۔ اگلی میٹنگ میں ایم کیو ایم سے بھی بات ہوگی۔

    شیخ رشید نے کہا کہ 65 سال کے لوگوں کا آدھا ٹکٹ معاف کرنے کا اعلان کرتا ہوں، ضعیفوں کا سلیپر میں 25 فیصد اور عام ڈبے میں 50 فیصد کرایہ معاف ہوگا۔ 60 دن کے بعد دیکھ سکیں گے ٹرین کہاں تک پہنچ گئی۔

    انہوں نے کہا کہ 3 افسران کو ہٹا دیا، دو لوگوں کو ایک ماہ کی وارننگ دے کر جا رہا ہوں۔ پیر اور منگل کا دن ریلوے کا اہم دن ہوگا۔ ریل کو خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریل کے 42 ارب کے ڈیفالٹ کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ ریلوے کے اسپتالوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے لیے کھول دیں گے۔ ریل کے ملازمین کے لیے سب سے زیادہ گھر کراچی میں بن سکتے ہیں، کے الیکٹرک بھی میٹر لگانے کے لیے تیار ہوگئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے سے متعلق اپنا پروگرام کیبنٹ میں لے کر جا رہے ہیں، گرین لائن طرز کی دو نئی ریل گاڑیاں چلائی جائیں گی۔ ریلوے ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے۔ 606 بوگیاں خراب ہیں جنہیں درست کرنے کی ضرورت ہے۔

  • ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا: وزیر ریلوے

    ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا: وزیر ریلوے

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے کو جدت پسندی سے بدلا جا سکتا ہے۔ ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزارت ریلوے میں حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا کوئی لوکو موٹیو رکنا نہیں چاہیئے، پاکستان ریلوے کو سرمایہ کاری کے لیے کھولنا چاہیئے۔ ریلوے فریٹ کو ڈیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کو جدت پسندی سے بدلا جا سکتا ہے۔ ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا، ریلوے کو بہترین وزارت بنانا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزارت سنبھالنے کے بعد آرام مجھ پر حرام ہوگا۔ ریلوے کا خسارہ اربوں روپے ہے اور اسے کم کرنا اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سستی ٹرینیں چلا کر غریبوں کو سہولت دینے کے لیے پرعزم ہوں۔ غریبوں کو ریل گاڑی میں اے سی کی سہولت دینا ترجیح ہے۔

  • عیدالفطر، ریلوے کرائے میں 30 فیصد کمی

    عیدالفطر، ریلوے کرائے میں 30 فیصد کمی

    لاہور: پاکستان ریلویز نے عیدالفطر کے موقع پر خصوصی ٹرینیں چلانے اور کرائے میں 30 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کے اختتام اور عید الفطر کی آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ ریلوے نے فیصلہ کیا کہ ملک بھر میں اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے جانے والے افراد کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پاکستان ریلویز بھی اقدامات بروئے کار لائے۔

    ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محکمہ ریلوے نے ہر سال کی طرح اس سال بھی مسافروں کو عید پیکج دینے کا فیصلہ کیا جس کے تحت کرائے میں کمی کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: عید الفطر: ریلوے کرائے33 فیصد کم، 5 خصوصی ٹرین چلانے کا اعلان

    ریلوے ترجمان کے مطابق عید پر کرایوں میں30فیصدکمی ہوگی اور یہ رعایت تمام ٹرینوں کی ہر کلاس میں سفر کرنے والے مسافر کے لیے دی جائے گی جبکہ یہ سہولت عید کے تین روز تک دی جائے گی۔

    چیف ایگزیکٹر آفیسر آفتاب اکبر کا کہنا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر ملک کے تمام بڑے شہروں سے اضافی ٹرینیں بھی چلائی جائیں گی جبکہ ایڈوانس بکنگ پر مسافروں کو 20 فیصد رعایت بھی دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایت عید پیکج کے تحت ریلوے کرائے میں 33 فیصد کمی کی گئی تھی جبکہ پانچ خصوصی ٹرینیں بھی چلائی گئی تھیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • اعلیٰ عدلیہ کے گھر پر فائرنگ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے، ایاز صادق

    اعلیٰ عدلیہ کے گھر پر فائرنگ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے، ایاز صادق

    لاہور: قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے جج کے گھر پر فائرنگ بہت افسوسناک واقعہ ہے، جن لوگوں نے اس حرکت کے ذریعے ڈرانے یا دھمکانے کی کوشش کی انہیں کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔

    لاہور میں خطاب کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ میرا حلقہ اب 6 حلقوں میں بٹ گیا مگر میرا دل ریلوے کے لوگوں کیساتھ ہے، پاکستان میں بہت سے تجربات ہوئے چاہتا ہوں کہ  بروقت اور شفاف الیکشن ہوں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سیاست میں جس قسم کی انجینئرنگ ہورہی ہے وہ پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی سازش ہے، پارٹیاں بدلنےوالے اپنوں کے نہیں ہوسکے وہ کسی اور کے کیا ہوں گے کیونکہ وفاداریاں بدلنے والے جس جماعت سے بھی ہوں ایسے لوگوں کے نام تاریخ میں یاد نہیں رکھےجاتے۔

    مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ

    ایازصادق کا مزید کہنا تھا کہ نظام کی اپ گریڈیشن سے ریلوے کی کارکردگی بہتر ہوئی اور اب محکمے کی آمدنی 40 سے 45 کروڑ تک پہنچ چکی،  مجھ سے زیادہ ریلوے پر کوئی تنقید نہیں کرتا تھا کیونکہ خواہش ہے کہ ادارہ بہتر ہو۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری کنٹرول میں رہتے ہوئے بھی اداروں کو بہتر بنایا جاسکتا ہے، ریلوے کا محکمہ اپنے ریٹائرڈملازمین کو خود پنشن دیتا ہے، حکومت کو چاہئے دیگر اداروں کی طرح ریلوے ملازمین کو بھی سرکاری ادارے سے پینشن ادا کرے۔

    ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ اسی طرح کام کرتا رہا تو 15سے20 سال میں ہمارا شمار اُن ممالک میں ہوگا جن کا شمار دنیا کے پاس ریلوے کا بہترین نظام موجود ہے۔

    واضح رہے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر گذشتہ رات اور آج صبح فائرنگ کے واقعات پیش آئے تھے،  رات کو نامعلوم افراد نے اُن کے گھر کے مرکزی دروازے پر فائرنگ کی تھی  جبکہ صبح باورچی خانے کی کھڑکی پر گولی فائر کی گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔