Tag: ریلوے

  • پاکستان ریلوے شدید ترین مالی بحران کا شکار ہے: خواجہ سعد رفیق

    پاکستان ریلوے شدید ترین مالی بحران کا شکار ہے: خواجہ سعد رفیق

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے شدید ترین مالی بحران کا شکار ہے، ریلوے کی بہتری ایک دو سال کا کام نہیں اس کے لیے دہائیاں چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے شدید ترین مالی بحران کا شکار ہے، ریلوے کو بہتر ادارہ بنائیں گے ہار نہیں مانیں گے۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سلیکٹڈ ریلوے اسٹیشنز کی برانڈنگ کریں گے، آہستہ آہستہ برانڈنگ پورے پاکستان میں لے کر جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی ریلوے نے سنہ 1988 میں بہتری کا آغاز کیا تھا، ریلوے کی بہتری ایک دو سال کا کام نہیں اس کے لیے دہائیاں چاہئیں۔

  • ریلوے میں نئی ویگنز کا اضافہ

    لاہور: پاکستان ریلوے میں مزید نئی ویگنز رواں برس شامل کردی جائیں گی، جدید ویگنز کی سسٹم میں شمولیت سے ریلوے کے ذریعے مال کی ترسیل کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال مارچ میں مزید 130 ویگنز ریلوے سسٹم میں شامل ہوجائیں گی، ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی معاہدے کے تحت باقی 620 ویگنیں پاکستان میں بنیں گی۔

    نئی ویگنز سے ریلوے آمدن میں سالانہ ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوگا۔

    موجودہ ویگنز 60 ٹن وزن کے ساتھ 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہیں، نئی ویگنز میں 70 ٹن وزن کے ساتھ 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت ہے۔

    جدید ویگنز کی سسٹم میں شمولیت سے ریلوے کے ذریعے مال کی ترسیل کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔

  • ریلوے کے اکانومی کلاس کا کرایہ بھی ہزاروں روپے کردیا گیا

    ریلوے کے اکانومی کلاس کا کرایہ بھی ہزاروں روپے کردیا گیا

    لاہور: محکمہ ریلوے نے کرایوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، اکانومی کلاس کے کرایے بڑھا کر 3 ہزار روپے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے نے کرایوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، قراقرم ٹرین کی اکنامی کلاس کا کرایہ 3 ہزار روپے کردیا گیا۔

    خیبر میل کا کراچی سے پشاور اے سی سلیپر کلاس کا کرایہ 11 ہزار روپے کردیا گیا، اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 6 ہزار 200 روپے اور اے سی اسٹینڈرڈ کلاس کا کرایہ 4 ہزار 200 سے بڑھا کر 7 ہزار روپے کر دیا گیا۔

    کراچی ایکسپریس کا لاہور کراچی کے درمیان اے سی سلیپر کا کرایہ 9 ہزار روپے، اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 5 ہزار 700 سے بڑھا کر 7 ہزار روپے، اے سی اسٹینڈرڈ کلاس کا کرایہ 4 ہزار 150 سے بڑھا کر 5 ہزار روپے اور اکنامی کلاس کا کرایہ 3 ہزار روپے کر دیا گیا۔

    رحمٰن بابا ایکسپریس ٹرین کی اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 7 ہزار روپے، اے سی اسٹینڈرڈ کا 5 ہزار روپے اور اکانومی کلاس کا 3 ہزار روپے کر دیا گیا۔

    پاک بزنس ایکسپریس ٹرین اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 7 ہزار روپے کردیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سے کراچی کے لیے ٹرین آپریشن 5 اکتوبر کو بحال کیا جائے گا۔

  • عرب امارات اور عمان کے درمیان ٹرین سروس کا اعلان

    عرب امارات اور عمان کے درمیان ٹرین سروس کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان کے درمیان ریلوے نیٹ ورک کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان نقل و حمل میں تیزی آئے گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان کے درمیان طے پانے والے ایک اہم معاہدے میں ایک ریلوے نیٹ ورک کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو دونوں ممالک کو آپس میں جوڑے گا۔

    یو اے ای نیشنل ریل نیٹ ورک کے ڈویلپر اور آپریٹر نے سلطنت عمان ریل کے ساتھ مشترکہ طور پر مساوی ملکیت والی کمپنی قائم کرنے کے لیے ایک معاہدہ کیا ہے، جسے عمان اتحاد ریل کمپنی کہا جائے گا۔

    3 بلین ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری کے ساتھ، یہ آنے والا انفراسٹرکچر عمان کی صحار بندرگاہ کو ابو ظہبی سے جوڑ دے گا۔

    303 کلو میٹر پر محیط اس ریلوے میں جدید ترین مسافر ٹرینیں چلائی جائیں گی جو صحار سے ابو ظہبی کے سفر کے وقت کو ایک گھنٹہ 40 منٹ تک کم کر سکتی ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے صحار سے العین تک کا سفر صرف 47 منٹ کا رہ جائے۔

    اس دوران مال بردار ٹرینیں 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ معاہدے پر اتحاد ریل کے سی ای او شادی مالک اور اسیاد گروپ کے سی ای او عبدالرحمن سالم الحاتمی نے دستخط کیے۔

    ابو ظہبی گورنمنٹ میڈیا آفس نے بھی ایک ٹویٹ میں اعلان کیا کہ اس معاہدے کے تحت، نئی کمپنی اس اتحاد ریل منصوبے کے لیے بنیاد اور ورک پلان، بشمول اس کے مالیاتی طریقہ کار اور شیڈول بنائے گی۔

    کمپنی دونوں ممالک کے معیارات کے مطابق ریل نیٹ ورک کے ڈیزائن، ترقی اور آپریشن کو بھی سنبھالے گی جو صحار اور ابو ظہبی کو جوڑتا ہے۔

    ریلوے ٹریک کے ذریعے دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے ساتھ جوڑ کر انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کی صنعتوں میں نئے امکانات پیدا ہوں گے۔

  • ڈانس پارٹی کے بعد تیزگام آپریٹر نے ریلوے کو کروڑوں روپے کی ادائیگی روک دی

    ڈانس پارٹی کے بعد تیزگام آپریٹر نے ریلوے کو کروڑوں روپے کی ادائیگی روک دی

    کراچی: ڈانس پارٹی کے بعد تیزگام آپریٹر نے ریلوے کو کروڑوں روپے کی ادائیگی بھی روک دی۔

    تفصیلات کے مطابق تیز گام ٹرین کے نجی آپریٹر کی من مانیاں عروج پر ہیں، آپریٹر نے ڈانس پارٹی کے بعد محکمہ ریلوے کو کروڑوں روپے کی ادائیگی بھی روک دی۔

    تیز گام کی ڈائننگ کار میں رقص کی محفل کے واقعے کے بعد کرائے کی مد میں ایڈوانس پیسے جمع نہیں کرائے گئے، ذرائع کا کہناہے کہ نجی آپریٹر ایڈوانس بکنگ کی مد میں کروڑوں روپے مسافروں سے وصول کر چکا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نجی آپریٹر مسافروں سے کروڑوں روپے وصول کر کے محکمہ ریلوے کو جمع نہیں کرا رہا، رقم جمع نہ کرانے سے محکمہ ریلوے کو کروڑوں روپے نقصان ہوگا۔

    یاد رہے کہ ٹرین میں رقص کی محفل سجانے پر ٹرین کے نجی آپریٹر این سی ایس کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کیا جا چکا ہے، محکمہ ریلوے نے کراچی، سکھر، لاہور اور ملتان کے ڈی سی اوز کو تیز گام کا نتظام سنبھالنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی آپریٹر نے معاہدے کے مطابق کرائے کی رقم کی پیشگی ادائیگی روک دی ہے، معاہدے کی شق کی خلاف ورزی پر محکمہ ریلوے نے راولپنڈی اور کراچی سے چلنے والی تیز گام میں پلیٹ فارم اور ٹرین میں ٹکٹ جاری اور چیک کرنے کا انتظام سنبھال لیا ہے۔

    محکمہ ریلوے نے ہفتے سے ٹرین کے ٹکٹ جاری کرنے کا نظام واپس لیا، جب کہ آج اتوار کو راولپنڈی اور کراچی سے چلنے والی ٹرین میں محکمہ ریلوے کا عملہ تعینات کیا گیا ہے۔

  • پنجاب میں موسلا دھار بارش سے ریلوے کا نظام درہم برہم

    پنجاب میں موسلا دھار بارش سے ریلوے کا نظام درہم برہم

    لاہور: صوبہ پنجاب میں موسلا دھار بارش سے ریلوے نظام درہم برہم ہوگیا، درجنوں ٹرینیں منزل سے پہلے روک دی گئیں جبکہ متعدد تاخیر کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں موسلا دھار بارش سے ریلوے نظام درہم برہم ہوگیا، گجرات ریلوے اسٹیشن کے ٹریک پر پانی جمع ہونے سے ٹرینوں کی آمد و رفت بے حد متاثر ہوئی ہے۔

    خیبر پختونخواہ اور راولپنڈی سے آنے والی ٹرینوں کو گجرات سے پہلے روک دیا گیا، سندھ سے آنے والی ٹرینیں بھی رک گئیں۔

    ریل گاڑیوں کی آمد و رفت ڈھائی گھنٹے سے متاثر ہے، عوامی ایکسپریس، جعفر ایکسپریس، تیز گام اور ریل کار ڈھائی گھنٹے سے جہلم اسٹیشن پر موجود ہیں۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث ٹریک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، پانی جمع ہونے کے باعث ٹرینیں ڈی ریل ہونے کا خدشہ ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام ٹرینوں کو روکا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق ٹرینوں کی آمد و رفت کی بحالی سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے، گجرات ریلوے اسٹیشن کے ٹریکس مکمل طور پر پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

  • کراچی کا بذریعہ ریل پورے ملک سے رابطہ منقطع

    کراچی کا بذریعہ ریل پورے ملک سے رابطہ منقطع

    کراچی: طوفانی بارشوں کے باعث بذریعہ ریل پورے ملک کا کراچی سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر ٹھٹھہ کے علاقے جھمپیر اور کوٹری کے اطراف طوفانی بارشیں ریلوے آپریشنز معطل کرگئیں، کراچی کا ریل کے ذریعے ملک بھر سے 10 گھنٹے سے رابطہ منقطع ہے۔

    بلوچستان میں شدید بارشوں اور پہاڑوں سے آنے والے تیز پانی کی وجہ سے جھمپیر اور میٹنگ اسٹیشن کے درمیان ریلوے پٹری میں بریچ ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے اندرون ملک سے آنے اور جانے والی تمام مسافر ٹرینز اور مال گاڑیوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی کا شدید بہاؤ ریلوے پٹڑی کے نیچے لگے پتھروں اور مٹی کو بہا لے گیا ہے، جھمپیر اور میٹنگ اسٹیشن کے درمیان ریلوے پٹری دو جگہ سے متاثر ہوئی، 6 سے 8 فٹ تک ٹریک کے نیچے سے پتھر بہہ گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پٹری کے نیچے سے پتھر نکل جانے سے ٹریک کمزور ہو کر قابل استعمال نہیں رہا۔

    ڈی سی او کراچی ڈویژن اسحاق بلوچ کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک کے نیچے پتھر ڈالنے کے لیے پتھر اور ضروری ساز و سامان کی ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پانی کا بہاؤ ابھی بھی کافی تیز ہے، جس کی وجہ سے بحالی کاموں میں تاخیر ہو رہی ہے، کوشش ہے کہ مزید پٹری متاثر نہ ہو، جب کہ ریلوے آپریشن پٹری کی بحالی تک معطل رہے گا۔

    ڈی سی او کے مطابق کراچی سے روانہ ہونے والی علامہ اقبال ایکسپریس کو جھمیپر پر روک دیا گیا ہے، کراچی آنے والی ہزارہ اور عوام ایکسپریس کو کوٹری میں روکا گیا ہے، قراقرم ایکسپریس کو جنگشاہی پر، کراچی ایکسپریس دھابیجی میں، زکریا کو بن قاسم پر روکا گیا ہے۔

  • عید الفطر کے دوران ٹرین کا سفر کرنے والوں کے لیے خوشخبری

    عید الفطر کے دوران ٹرین کا سفر کرنے والوں کے لیے خوشخبری

    لاہور: عید الفطر کے دوران ٹرین کا سفر کرنے والوں کے لیے بڑی رعایت کا اعلان کردیا گیا، رعایت عید کے تینوں دن جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے عید کے 3 روز مسافروں کے لیے ٹکٹ میں 30 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نجی شعبے میں راولپنڈی سے ملتان جانے والی ٹرین تھل ایکسپریس کے کرایوں میں بھی کمی کی گئی ہے۔

    کمی کا اطلاق عید الفطر کے ایام میں کیا گیا ہے، راولپنڈی تا کراچی سرسید ایکسپریس نے عید کے دن کے لیے کرایوں میں 40 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔

  • ریلوے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    ریلوے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    لاہور: پاکستان ریلویز نے ملتان اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی تھل ایکسپریس بحال کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے انتظامیہ نے عوام کی سہولت کے پیش نظر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ملتان ۔ راولپنڈی ۔ ملتان کے درمیان براستہ کندیاں، اٹک سٹی گولڑہ شریف چلنے والی تھل ایکسپریس (129UP/130DN) کو 21 اپریل 2022 سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تھل ایکسپریس ملتان سے صبح 8 بجے روانہ ہو کر مظفر گڑھ، بھکر، کندیاں، جنڈ، اٹک سٹی، حسن ابدال اور گولڑہ شریف اسٹاپ کرتی ہوئی رات 10 بجکر 20 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔

    اسی طرح تھل ایکسپریس راولپنڈی سے صبح 7 بجے روانہ ہو کر اسی روٹ سے ہوتی ہوئی رات 9 بجکر 35 منٹ پر ملتان پہنچے گی۔

    یہ ٹرین ایک اے سی اسٹینڈرڈ، 7 اکانومی کلاس کوچز، ایک بریک وین اور ایک پاور پلانٹ پر مشتمل ہوگی۔

  • ریلوے کی سالانہ 2 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے: وفاقی وزیر

    ریلوے کی سالانہ 2 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے: وفاقی وزیر

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے نے اجلاس کو بتایا کہ ریلوے کی سالانہ 2 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر محمد قاسم کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی بھی شریک تھے۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے اجلاس کو بتایا کہ ریلوے کی سالانہ 2 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے، 54 ہزار سے زائد میٹر لگا کر چوری بچائی جا سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے کی پٹریاں آدھی رات کو اکھاڑی گئیں، مکمل ٹریک کی نگرانی کا بندوست نہیں، ملک کے 600 ارب روپے ضائع ہو سکتے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے استنبول تک ریل چلائی جا رہی ہے، بلوچستان حکومت 15 ارب دے تو کوئٹہ سے تافتان ٹریک بحال کریں گے۔ پشاور سے طور خم کا پرانا روٹ خیبر پختونخواہ حکومت بحال کر رہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ترکمانستان اور سینٹرل ایشیا میں ریلوے ٹریک بچھ گئے ہم وہیں کھڑے ہیں۔