Tag: ریلوے

  • لاہور آنے اور جانے والی ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی

    لاہور آنے اور جانے والی ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی

    لاہور: ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ پشاور اور راولپنڈی سے لاہور آنے اور جانے والی ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے، متعدد ٹرینوں کو آج کے روز کے لیے معطل کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور اور راولپنڈی سے لاہور آنے اور جانے والی ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے، ٹرینوں کو براستہ جنڈ، بسال، سرگودھا، سانگلہ ہل اور شیخو پورہ، لاہور روانہ کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ سبک خرام، اسلام آباد ایکسپریس، راول ایکسپریس کو آج معطل کیا گیا ہے، جعفر ایکسپریس کو پشاور اور لاہور کے درمیان آج کے روز معطل کر دیا گیا جبکہ خیبر میل کو پشاور اور لاہور کے درمیان آج کے روز معطل کیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق گرین لائن کو راولپنڈی اور لاہور کے درمیان آج کے روز معطل کیا گیا ہے، تیز گام ایکسپریس کو راولپنڈی، لاہور اور کراچی کے درمیان جبکہ پاکستان ایکسپریس کو راولپنڈی اور کراچی کے درمیان آج کے روز معطل کیا گیا ہے۔

  • ٹرینوں کا نیا ٹائم ٹیبل جاری

    ٹرینوں کا نیا ٹائم ٹیبل جاری

    کراچی: موسم سرما کے لیے ٹرینوں کا نیا ٹائم ٹیبل جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے لیے ٹرینوں کا نیا ٹائم ٹیبل جاری کیا گیا ہے، جو 15 اکتوبر سے نافذ العمل ہوگا۔

    دھابیجی اور میرپور خاص کے شہریوں کے لیے خوش خبری ہے کہ لاک ڈاؤن میں بند کی گئی شاہ لطیف ایکسپریس کو ان دو شہروں کے درمیان سفر کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔

    نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق ملت ایکسپریس کو جہانیاں اور دنیا پور ریلوے اسٹیشن پر اسٹاپ کرنے کی اجازت ہو گی، جب کہ مختلف اسٹیشنز پر اپ اینڈ ڈاؤن کی 9 ٹرینوں کے اسٹاپ ختم کر دیے گئے۔

    خیبر میل (2DN) کا خیرپور ریلوے اسٹیشن، بہاؤالدین زکریا ایکسپریس کا سرہاری ریلوے اسٹیشن، اٹک پسنجر کا سوہان برج ریلوے اسٹیشن، جنڈ پسنجر کا کنجور ریلوے اسٹیشن، موہنجو داڑو پسنجر کا انرپور، بڈھا پور، گوپانگ، کھنوٹ، منجند، سن، بوبک روڈ، اور خدا آباد کے اسٹاپ ختم کر دیے گئے ہیں۔

    ملت ایکسپریس ملتان سے روٹ تبدیل کر کے براستہ لودھراں، جہانیاں، خانیوال سے کراچی جائے گی، نئے اوقات کے مطابق مہران ایکسپریس میرپور خاص سے صبح 5 بجکر 45 منٹ پر روانہ ہوگی۔

    اٹک پسنجر (201UP) ماڑی انڈس سے 3 بجے روانہ ہوگی، موہنجو داڑو ایکسپریس کوٹری سے صبح 10 بجکر 15 منٹ پر روانہ ہوگی۔

  • ہوا کی رفتار سے تیز دوڑنے والی ٹرین

    ہوا کی رفتار سے تیز دوڑنے والی ٹرین

    زیورخ: ٹیکنالوجی کے ماہرین اب ایک ایسی ریل بنانے جا رہے ہیں جو ہوا سے بھی تیز رفتار میں دوڑے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سوئٹزر لینڈ کے ماہرین ایک ایسی تیز رفتار ٹرین تیار کر رہے ہیں، جو ہوا کی رفتار سے بھی زیادہ تیز دوڑنے کی صلاحیت رکھے گی۔

    کمپنی کا دعویٰ ہے کہ سوئٹزرلینڈ سے زیورخ کا سفر، جو ٹرین میں تقریباً ساڑھے تین گھنٹے اور جہاز سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے میں طے کیا جاتا ہے، وہ اس ٹرین میں صرف 17 منٹ میں طے کرنا ممکن ہوگا۔

    زیر زمین چلنی والی یہ کیپسول ٹرین 745 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑے گی، مسافر کیپسول نما ڈبوں (پوڈ) میں بیٹھ کر اس کے سفر سے لطف اندوز ہوں گے۔

    اس انڈر گراؤنڈ کیپسول ٹرین کی تیاری سے وابستہ ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ اس کی مدد سے ٹرانسپورٹ سے متعلق شہریوں کو درپیش مسائل حل ہو جائیں گے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جتنی دیر میں 7 ٹرینیں زیورخ پہنچیں گی، اتنی دیر میں یہ کیپسول ٹرین زیورخ کے 7 چکر لگا چکی ہوگی۔

  • چیک ریپبلک: ٹرینوں میں خوف ناک تصادم، ہلاکتیں

    چیک ریپبلک: ٹرینوں میں خوف ناک تصادم، ہلاکتیں

    پراگ: چیک ریپبلک میں 2 مسافر ٹرینوں میں خوف ناک تصادم میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کو یورپی ملک چیک ریپبلک میں دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں تین افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    یہ حادثہ دارالحکومت پراگ سے 140 کلو میٹر دور پیش آیا، جب میونخ سے پراگ جانے والی ایکسپریس ٹرین اسٹاپ سگنل پر نہ رکی اور مقامی ٹرین سے ٹکرا گئی۔

    حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں دونوں ٹرینوں کے ڈرائیور اور ایک شہری ہلاک ہوئے، ٹکراؤ کے نتیجے میں 50 مسافر بھی زخمی ہوئے ہیں، 8 زخمیوں کی حالت نازک تھی جس پر انھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریل گاڑی میں جرمن مسافر بھی سوار تھے، معمولی زخمی ہونے والے 10 جرمن مسافروں کو ایمبولینس کے ذریعے جرمنی کے اسپتال پہنچایا گیا۔ مقامی پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مرنے والے تینوں افراد چیک باشندے تھے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق آپس میں ٹکرانے والی ٹرینوں میں جرمنی کی ہائی اسپیڈ لوکوموٹیو EX 351 اور چیک کی لوکل ٹرین شامل تھی، تصادم کے نتیجے میں جرمن ٹرین کا انجن تباہ ہو گیا ہے۔

    پولیس نے حادثے کے مقام پر کسی تخریب کاری کے امکان کی تلاش کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم ابتدائی نتائج سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ تیز رفتار ٹرین اسٹاپ سگنل کو نہیں دیکھ سکی تھی۔

  • ریلوے مسافر ہوشیار، ویکسین نہ لگوانے والوں سے متعلق بڑا فیصلہ

    ریلوے مسافر ہوشیار، ویکسین نہ لگوانے والوں سے متعلق بڑا فیصلہ

    کراچی: وزارت ریلوے نے کرونا ویکسینیشن مہم سے متعلق اہم اقدامات کیے ہیں، ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں پر یکم ستمبر سے کووِڈ چارج لاگو کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت ریلوے کے نوٹیفکیشن کے مطابق سیکریٹری / چیئرمین ریلویز حبیب الرحمان گیلانی نے این سی او سی کی ہدایت کی روشنی میں ریلوے ملازمین اور ان کے اہل خانہ سمیت ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کرونا ویکسین لگوانے کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق کرونا ویکسینیشن کے بغیر سفر کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے، ایک جانب وزارت ریلوے نے ڈیم فنڈ ختم کرنے کر دیا ہے تو دوسری جانب کووِڈ سرچارج لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خسارے کا شکار ریلوے نے منافع میں اضافے کے لیے ریلوے مسافروں سے کووِڈ سرچارج وصو ل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ایسے مسافر جنھوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہوگی، ان پر یکم ستمبر 2021 سے کووڈ چارج لاگو کیا جائے گا، جو 10 فی صد اضافی کرایے کی صورت میں ہوگا۔

    ترجمان ریلوے نے کہا ریلوے ملازمین اور ان کی فیمیلیز 31 اگست تک ویکسین لگوا لیں، یکم ستمبر سے اْن کی تنخواہ بند کر دی جائے گی، یکم جنوری 2022 سے صرف 20 سال سے کم عمر والے مسافروں کو ویکسین کے بغیر سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔

    ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو یکم ستمبر کے بعد ریلوے رعایتی کارڈز کا اجرا بھی بند کر دیا جائے گا، ملازمین کی ویکسینیشن کے لیے ریلوے اسپتال میں ویکسینیشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔

    مسافروں کو دوران سفر ویکسین سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا، اور ویکسینیشن نہ کروانے والے مسافروں کو یکم اپریل 2022 سے سفر کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق بڑے ریلوے اسٹیشنز بشمول پشاور، راولپنڈی، لاہور، ملتان، کراچی اور روہڑی پر کرونا ویکسین سینٹر قائم کیے جائیں گے۔ چیف میڈیکل آفیسر ریلویز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ این سی او سی سے مل کر ویکسینیشن کی سپلائی کو تمام سینٹرز پر یقینی بنائیں تاکہ تمام لوگ اپنی ویکس نیشن کروا سکیں۔

  • ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ، کیا بزرگوں، صحافیوں اور ملازمین کو حاصل رعایت برقرار رہے گی؟

    ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ، کیا بزرگوں، صحافیوں اور ملازمین کو حاصل رعایت برقرار رہے گی؟

    لاہور: پاکستان ریلویز نے خسارے کے باعث اپ اینڈ ڈاؤن کی متعدد ٹرینوں کو نجی شعبے کو آؤٹ سورس کیا ہے، اب ذرائع ریلوے نے ٹرینوں میں سفری رعایت کے حوالے سے وضاحت کی ہے کہ مذکورہ رعایت برقرار رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نجی شعبے کو آؤٹ سورس کی جانے والی ٹرینوں میں سفری رعایت کے معاملے پر ذرائع نے کہا ہے کہ صحافیوں، بزرگ شہریوں اور ریلوے ملازمین کو ٹکٹس میں حاصل رعایت برقرار رہے گی۔

    پاکستان ریلوے نے سرکاری دستاویزات میں واضح کیا ہے کہ نجی شعبہ اس رعایت کو ختم نہیں کرے گا، ٹرینوں کے بڈ ڈاکومنٹ میں شامل کمرشل کمٹمنٹ کی شق M کے تحت نجی فرمز ریلوے اتھارٹیز کی جانب سے دی گئی رعایت دینے کی پابند ہیں۔ نجی فرمز نے ٹرینوں کے بڈ ڈاکومنٹس کی اس شق سے اتفاق کر کے ٹرینوں کے لیے بڈز جمع کرائیں، بڈز تسلیم ہونے پر نجی شعبے کو ٹرینوں کی الاٹمنٹ کے معاہدے میں بھی اس شق کو شامل کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل پاکستان ریلویز نے 34 مسافر ٹرینوں کے کمرشل مینجمنٹ کو نجی شعبے کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ مسافروں کو بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

    اس سلسلے میں انتظامیہ نے اوپن ٹینڈرنگ کے ذریعے پہلے ہی پیش کی گئی 17 مسافر ٹرینوں کے ساتھ بولی لگانے کا عمل کھولا تھا، تاہم بولی دہندگان میں عدم دل چسپی کی وجہ سے 17 میں سے صرف 11 ٹرینیں واحد بولی حاصل کر سکی تھیں۔

    وزارت ریلوے کے ایک ذیلی ادارے پاکستان ریلوے ایڈوائزری اینڈ کنسلٹنسی سروسز لمیٹڈ (PRACS) نے 17 ٹرینوں میں سے 8 ٹرینیں حاصل کی ہیں، جن میں تیز گام، ہزارہ، ملت اور قراقرم جیسے اہم روٹس پر چلنے والی ٹرینیں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق قراقرم ایکسپریس کے لیے 1.8 بلین روپے کی سالانہ بولی پیش کی گئی۔

  • عید پر ریلوے حکام نے کرایوں میں کمی کر دی

    عید پر ریلوے حکام نے کرایوں میں کمی کر دی

    لاہور: ریلوے حکام نے فریٹ کرایوں میں 5 سے 25 فی صد تک کمی کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے ذرائع نے کہا ہے کہ فریٹ کرایوں میں 5 سے 25 فی صد تک کمی کر دی گئی ہے، فریٹ کرایوں میں کمی کا اطلاق 20 سے 22 جولائی تک ہوگا، ریلوے حکام کا فیصلہ عید کی چھٹیوں میں تاجر برادری کی سہولت کے لیے کیا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ کوئلہ ٹرینوں کے کرایوں میں 5 فی صد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، کنٹینرز ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فی صد کمی کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ جنرل کارگو کے کرایوں میں 25 فی صد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ عید کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے محکمہ ریلوے نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ عید کے تینوں دن ٹرینوں کی بروقت آمد اور روانگی کو یقینی بنایا جائے، اور مسافروں کا ہر صورت خیال رکھا جائے۔

    عیدالاضحیٰ: ریلوے مسافروں کے لیے خوشخبری

    ریلوے حکام نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ مسافروں اور عملے کو سختی سے کرونا ایس اوپیز پر عمل کرایا جائے، خیال رہے کہ عید کے موقع پر مسافروں کے لیے خصوصی عید ٹرینیں بھی چلائی جارہی ہیں۔

  • مسافروں کے لیے عید اسپیشل ٹرینوں سے متعلق بڑی خوش خبری

    مسافروں کے لیے عید اسپیشل ٹرینوں سے متعلق بڑی خوش خبری

    کراچی: محکمہ ریلوے نے اپنا فیصلہ بدلتے ہوئے عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی خبر کا اثر سامنے آ گیا، محکمہ ریلوے نے عید کے موقع پر کراچی اور راولپنڈی سے عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلوے کی جانب سے عید اسپیشل ٹرینیں نہ چلانے کی وجہ سے ہزاروں مسافروں شدید پریشانی کا شکار ہو گئے تھے، تاہم اے آر وائی ہزاروں مسافروں کی آواز بنا، اور اب فیصلے کے مطابق ریلوے عید پر تمام ٹرینوں میں اضافی کوچز لگا رہا ہے اور عید اسپیشل ٹرینیں بھی چلا رہا ہے۔

    تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلوے کے پاس مسافر کوچز کی کمی کی وجہ سے کراچی سے صرف ایک عید اسپیشل ٹرین چلائی جائے گی، اور عید اسپیشل ٹرینوں میں اے سی بوگیوں کی کمی کی وجہ سے صرف اکانومی کلاس کی کوچز لگائی جا رہی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ہزاروں مسافروں کے لیے صرف 11 بوگیوں پر مشتمل عید اسپیشل ٹرین چلائی جائے گی، جب کہ ریلوے انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کی سہولت کے لیے اضافی رش کے پیش نظر 2 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین کراچی سٹی سے 19 جولائی کو دوپہر 1 بجے روانہ ہو کر راولپنڈی پہنچے گی، دوسری عید اسپیشل ٹرین راولپنڈی سے 24 جولائی کو دن 11 بجے روانہ ہو کر کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔

    اس سے قبل ریلوے نے پہلی بار عید الاضحیٰ کے موقع پر عید اسپیشل ٹرینیں نہ چلانے کا فیصلہ کیا تھا، ترجمان ریلوے کا کہنا تھا کہ عید پر معمول کی ٹرینوں کے ساتھ دو، دو اضافی کوچز کی تجویز زیر غور ہے، کیوں کہ ملت ایکسپریس حادثے کی وجہ سے محکمہ ریلوے کو بوگیوں کی کمی کا سامنا ہے۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق ملت ایکسپریس حادثے کے بعد ایگزامنرز نے بوسیدہ بوگیوں کی کلیئرنس بند کر دی ہے، ملت ایکسپریس حادثے میں ایک ٹرین ایگزامنر کو معطل کیا جا چکا ہے، محکمہ ریلوے کے پاس موجود 400 سے زائد بوسیدہ بوگیوں کو زبردستی چلایا جا رہا تھا۔

    تاہم دوسری جانب عید پر اسپیشل ٹرینیں نہ چلانے کے فیصلے سے مسافروں کو شدید پریشانی لا حق ہوئی، اس فیصلے کے بعد بس والوں نے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا تھا، اور عید پر آبائی علاقوں میں جانے والے پردیسی بکنگ آفس پر پریشانی کا شکار نظر آئے۔

  • ذہین بندر جو 9 سال تک ریلوے میں ملازمت کرتا رہا

    ذہین بندر جو 9 سال تک ریلوے میں ملازمت کرتا رہا

    پالتو جانوروں کی اپنے مالک سے وابستگی انوکھی بات نہیں اور وہ اکثر ان کے چھوٹے موٹے کام بھی کردیا کرتے ہیں، تاہم ایک ذہین بندر ایسا بھی رہا ہے جو 9 سال تک اپنے مالک کے ساتھ ریلوے میں ملازمت کرتا رہا۔

    سنہ 1981 میں دونوں ٹانگوں سے معذور ایک شخص نے ایسا بندر دیکھا جو دو بیلوں کو چلاتا ہوا لے کر جارہا تھا، یہ شخص لکڑی کی ٹانگوں کی مدد سے چلا کرتا تھا۔

    وہ اس بندر کو دیکھ کر بہت متاثر ہوا اور اس کے پیچھے چل پڑا، بندر بیلوں کو ایک گھر تک لے گیا۔ اس شخص نے دروازہ بجایا تو بندر کا مالک باہر نکلا۔ اس نے کہا کہ اگر وہ اپنے بندر کو اس کے ہاتھ فروخت کردے تو وہ اسے منہ مانگی قیمت دے گا۔

    اس شخص کا کہنا تھا کہ وہ اپنی معذوری کی وجہ سے اس بندر کو بطور مددگار اپنے ساتھ رکھنا چاہتا ہے۔

    بندر کے مالک نے اس کی معذوری دیکھتے ہوئے اسے ایسے ہی بندر دے دیا، یہ شخص ریلوے میں ملازمت کیا کرتا تھا اور اس کا کام تھا ریل کے لیے کانٹا بدلنا۔ اس نے یہ کام بندر کو بھی سکھا دیا۔

    اگلے 9 سال تک بندر ٹرینوں کے لیے کانٹا بدلتا رہا اور اس دوران اس نے ذرا بھی غلطی نہیں کی۔

    معذور شخص کے ساتھ بطور مددگار کام کرنے والا صرف یہ ایک بندر ہی نہیں بلکہ اکثر اوقات کتے بھی نابینا یا گونگے بہرے افراد کے مددگار ہوتے ہیں۔ ایسے کتوں کے گلے میں سبز یا نیلا بیلٹ ہوتا ہے۔

    اگر آپ کو کبھی کہیں سبز یا نیلا بیلٹ پہنے کوئی کتا دکھائی دے تو یا اسے فوراً پولیس کے حوالے کریں یا پھر اس کی پیچھے چل پڑیں، کیونکہ ایسی صورت میں کتے کا معذور مالک مشکل میں ہوتا ہے اور کتا کسی کو مدد کے لیے طلب کرنے آیا ہوتا ہے۔

  • ریلوے پھاٹک پر ٹرین کے سامنے گیس ٹینکر آ گیا، حادثے میں کئی افراد زخمی

    ریلوے پھاٹک پر ٹرین کے سامنے گیس ٹینکر آ گیا، حادثے میں کئی افراد زخمی

    سانگھڑ: اندرون سندھ کے علاقے ٹنڈو آدم کے قریب خدا آباد ریلوے پھاٹک پر ٹرین اور ایک گیس ٹینکر میں ٹکر ہو گئی، جس کے باعث کئی افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج شام 5:30 بجے پر رحمان بابا ایکسپریس ٹنڈو آدم کے قریب خدا آباد پھاٹک پر سامنے سے آنے والے گیس باؤزر سے ٹکرا گئی، حادثے کے باعث رحمان بابا ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

    حادثے میں رحمان بابا ایکسپریس کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور زخمی ہو گئے ہیں، ریل گاڑی پر سوار چند مسافر بھی معمولی زخمی ہو گئے، جب کہ گیس ٹینکر کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر فرار ہوگئے۔

    حادثے کے بعد اپ اینڈ ڈاؤن دونوں ٹریک بند ہو گئے، ٹرینوں کی آمد و رفت بھی معطل ہو گئی ہے، اطلاعات کے مطابق ٹینکر پھاٹک کراس کرتے ہوئے خراب ہونے سے ٹریک پر رک گیا تھا، حادثے میں ایل پی جی سے بھرا ٹینکر تباہ ہوگیا، تاہم حادثے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    روپورٹس کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس کراچی سے پشاور جا رہی تھی، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خدا آباد ریلوے پھاٹک کھلا رہنے کے باعث حادثہ پیش آیا۔

    حادثے میں ریل گاڑی کا ایک کوچ ڈی ریل ہو گیا ہے، رحمان بابا ایکسپریس کے انجن اور ایک بوگی کو شدید نقصان پہنچا۔

    انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس عارف نواز خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹینکر ڈرائیور اور کنڈیکٹر کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے، آئی جی ریلوے نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے، مسافروں کی جان خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔