Tag: ریلوے

  • ملک بھر میں ریلوے کا بکنگ نظام بیٹھ گیا

    ملک بھر میں ریلوے کا بکنگ نظام بیٹھ گیا

    کراچی: ملک بھر میں ریلوے کا بکنگ نظام بیٹھ گیا، بکنگ کا نظام بیٹھ جانے سے ریلوے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔ مسافر بھی سخت پریشانی کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت پورے پاکستان میں ریلوے کا ریزرویشن نظام بیٹھ گیا، کراچی کینٹ، سٹی اسٹیشن، لانڈھی اور ڈرگ روڈ میں ریلوے بکنگ دفاتر پر ریزرویشن بند ہوگئی۔

    صبح 8 بجے سے کھلنے والے دفاتر میں بکنگ بند ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    صبح 10 بجے تک بھی ریلوے ریزرویشن نظام بحال نہ کیا جاسکا، ریلوے گارڈز ریزرویشن چارٹ کے بغیر ٹرینوں میں روانہ ہوگئے۔

    بکنگ کا نظام بیٹھ جانے سے ریلوے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے باعث ریلوے میں سخت احتیاطی تدابیر اپنائی جارہی ہیں، ریلوے حکام نے ایس او پیز کے تحت ٹرین عملے کے ٹکٹ ہاتھ میں لے کر چیک کرنے پر پابندی لگائی ہے۔

    علاوہ ازیں مسافروں کے اندر داخل ہوجانے کے بعد کوچز کے دروازے بند کردینے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔ ٹرینوں میں داخلے اور نکلتے ہوئے عملے کو مسافروں سے سماجی فاصلہ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

  • ٹرین کو منزل کی جانب لے کر جاؤں گا: اعظم سواتی

    ٹرین کو منزل کی جانب لے کر جاؤں گا: اعظم سواتی

    راولپنڈی: وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ ٹرین کو ان شاء اللہ منزل کی جانب لے کر جاؤں گا، ایم ایل ون پاکستان کی دفاعی طاقت سے منسلک ہے۔

    آج ریلوے کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پشاور، کابل اور ازبکستان کے درمیان ٹرین چلے گی، اس معاہدے پر ازبکستان اور افغانستان کے صدور نے دستخط کر دیے ہیں۔

    اعظم سواتی نے کہا کہ ٹرین معاہدے کے سلسلے میں کل عبدالرزاق داؤد اور میری وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی ہے، 4.5 ارب ڈالر کے ٹرین معاہدے پر عمران خان دستخط کریں گے، یہ معاہدہ ازبکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم لے کر آئیں گے۔

    مفت شناختی کارڈ، شیخ رشید نے وزیرداخلہ بنتے ہی عوام کو بڑی خوشخبری سنادی

    قبل ازیں، وزیر ریلوے نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات کی، جس میں سی پیک منصوبے، ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کر نے اور ایم ایل ون کے حوالے سے بات چیت ہوئی، اعظم سواتی کو عاصم سلیم باجوہ نے نئی ذمے داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

    چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون ملک کا اہم تر ین منصوبہ ہے، وزیر ریلوے نے کہا پاکستان ریلوے کا مستقبل اس منصوبے سے جڑا ہے، جس سے ڈیڑھ لاکھ افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے، منصوبے کی تکمیل سے ٹرین کی رفتار 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی۔

    واضح رہے کہ 11 دسمبر کو شیخ رشید احمد سے ریلوے کی وزارت کا قلم دان لے کر انھیں وزارت داخلہ کا قلم دان سونپاگیا تھا، جب کہ وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی کو وزارت ریلوے کا قلم دان دیا گیا۔

    شیخ رشید نے قلم دان کی تبدیلی کے بعد اپنے بیان میں کہا تھا کہ ریلوے میرے دل کے قریب رہی ہے، ڈھائی سال ریلوے کی ترقی کے لیے کام کیا، کچھ غلط کیا تو ذمہ داری لیتا ہوں، انشاءاللہ پاکستان ریلوے ترقی کرے گی۔

  • پاکستان ریلویز کا ٹرینوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    پاکستان ریلویز کا ٹرینوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    کراچی: پاکستان ریلویز نے 8 ٹرینوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ ریلوے نے ٹرینوں کی نج کاری کے حوالے سے نجی شعبے سے پروپوزل طلب کر لیے ہیں، کہا جا رہا ہے کہ ٹرینوں کی نج کاری مسافروں کی سہولت کے لیے کی جا رہی ہے۔

    تاہم سرسید ایکسپریس، ہزارہ ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس، بدر ایکسپریس اور نارووال پسنجر منافع میں چلنے والی ٹرینیں ہیں، ان منافع بخش ٹرینوں کو بھی نجی شعبے کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

    جو ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کیے جانے کا فیصلہ ہوا ہے، ان میں کراچی سے راولپنڈی کے درمیان چلنے والی سرسید ایکسپریس، کراچی سے حویلیاں چلنے والی ہزارہ ایکسپریس، کراچی سے لاہور چلنے والی شالیمار ایکسپریس، لاہور سے ماری انڈس چلنے والی میانوالی ایکسپریس، لاہور سے سیالکوٹ چلنے والی نارووال پسنجر، کراچی سے میر پور خاص چلنے والی مہران ایکسپریس، لاہور سے ملتان چلنے والی بدر ایکسپریس شامل ہیں۔

    کراچی سے ملتا ن براستہ جیکب آباد چلنے والی موہن جو دڑو ایکسپریس کے لیے 3 روٹ پر پروپوزل مانگا گیا ہے، جن میں کراچی براستہ جیکب آباد سے ملتان ، کوٹری براستہ جیکب آباد سے ملتان اور تیسرا روٹ کوٹری براستہ دادو سے سکھر شامل ہیں۔

    ٹرینوں کی نج کاری کے لیے پری بڈ کانفرنس لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد کی جائے گی، ٹرینوں کی نج کاری کے حوالے سے ٹینڈر کاغذات ریلوے ہیڈ کوارٹرز سے جاری کیے جائیں گے، ٹیکنکل پروپوزل 13 نومبر تک لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

    13 نومبر کو ہی ٹیکنکل پروپوزل جمع کرانے والوں کی موجودگی میں ہی کھولی جائیں گی، کراچی نجی شعبے میں چلنے والی ٹرینوں کا صرف اسٹاف نجی ہوگا، باقی انجن بوگیاں، تکنیکی معاونت اور تیل محکمہ ریلوے فراہم کر ے گا۔

  • پاکستان ریلویز: ٹرینوں کے روٹ تبدیل، نئے اسٹاپ مقرر

    پاکستان ریلویز: ٹرینوں کے روٹ تبدیل، نئے اسٹاپ مقرر

    کراچی: پاکستان ریلویز نے کئی ٹرینوں کے روٹ تبدیل کر دیے ہیں جب کہ دو ٹرینوں کے نئے اسٹاپ مقرر کر دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور براستہ فیصل آباد کراچی کے درمیان شالیمار ایکسپریس کا روٹ تبدیل کر دیا گیا ہے، کراچی لاہور براستہ ساہیوال کراچی چلنے والی کراچی ایکسپریس کا روٹ بھی تبدیل کر دیا گیا۔

    شالیمار ایکسپریس اور کراچی ایکسپریس موجودہ روٹ کی بجائے ملتان سے چلیں گی۔

    ادھر پاکستان ریلوے سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خوش خبری بھی دی گئی ہے، عوام کی سہولت کے لیے تیز گام اور خیبرمیل کے نئے اسٹاپ مقرر کر دیے گئے ہیں۔

    محکمہ ریلوے نے راولپنڈی کراچی راولپنڈی کے درمیان چلنے والی تیزگام کو گھوٹکی ریلوے اسٹیشن پر اور پشاور سے کراچی کے درمیان چلنے والی خیبر میل کو خیرپور ریلوے اسٹیشن پر 2 منٹ کے لیے اسٹاپ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

    عوام کے لیے دو منٹ کے اسٹاپ کی یہ سہولت 3 ماہ کے لیے عارضی طور پر حاصل ہوگی۔

  • سرکلر ریلوے کا ٹھیکا ایف ڈبلیو او کو دے دیا ہے: شیخ رشید

    سرکلر ریلوے کا ٹھیکا ایف ڈبلیو او کو دے دیا ہے: شیخ رشید

    کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے آج کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے شاہ لطیف اسٹیشن لیول کراسنگ کا دورہ کیا، اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ منصوبے کا ٹھیکا فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو دے دیا گیا ہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ سرکلر ریلوے کا کام شروع ہو رہا ہے ہر 15 دن میں کراچی آیا کروں گا، کے سی آر کے فیز ون میں سٹی سے شاہ عبداللطیف تک ٹریک کلیئر کرا دیا ہے، 30 میں سے 12 کلومیٹر ٹریک کلیئر کرایا جا چکا ہے، سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ تمام لائنز کلیئر کرائی جائیں۔

    انھوں نے کہا بے دخل لوگوں کو بساناحکومت سندھ کی ذمے داری ہے، ریلوے محکمہ تو سپریم کورٹ کے فیصلے پر پورا عمل کرے گی، انھوں نے بتایا کہ منصوبے پر ساڑھے 10 ارب روپے کے اخراجات ہوں گے، 1.8 ارب روپے پہلے فیز میں خرچ کریں گے، سندھ حکومت سے رابطے میں ہیں، کے سی آر پر کوئی جھگڑا نہیں، ہر 15 دن بعد کے سی آر منصوبے کا جائزہ لینے آتا رہوں گا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج میں صرف سرکلر ریلوے کے لیے آیا ہوں، سیاست پر کل بات کروں گا۔

    وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے سی ای او ریلوے نثار احمد میمن، ڈی ایس ریلوے ارشد اسلام خٹک کے ہم راہ کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے شاہ لطیف اسٹیشن لیول کراسنگ نمبر 19 پر پریس کانفرنس کی۔

    انھوں نے کہا کہ میں نے مچھر کالونی اور گیلانی اسٹیشن کا وزٹ کیا ہے، سرکلر ریلوے کے لیے ہم نے کوچز بنا لی ہیں، کیریج فیکٹری میں بوگیاں تیار ہو رہی ہیں جس دن کوچز تیار ہو جائیں گی ایک ماڈل کوچ کینٹ اسٹیشن پر عوام کے لیے رکھ دی جائے گی، 24 بریجز لیول کراسنگ سندھ حکومت نے بنانے ہیں اور ایف ڈبلیو او کو ٹھیکا دے دیا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا سپریم کورٹ آف پاکستان کا سخت حکم ہے کہ ریلوے لائنز کے ساتھ تجاوزات کو ختم کیا جائے، اس لیے جو لوگ گھروں سے بے دخل ہوں گے ان کے لیے سندھ حکومت سے درخواست کریں گے کہ ان کی سیٹلمنٹ کے لیے انتظامات کیے جائیں۔

  • ریلوے مزدوروں کے لیے جو کرنا چاہتا تھا نہ کر سکا: شیخ رشید

    ریلوے مزدوروں کے لیے جو کرنا چاہتا تھا نہ کر سکا: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں وہ کچھ نہ کر سکا جو ریلوے مزدوروں کے لیے کرنا چاہیے تھا، جب تک ریلوے ترقی نہیں کرے گی مزدور کی زندگی نہیں بدلے گی۔

    ان خیالات کا اظہار آج شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، انھوں نے کہا ہمیں چین کے ساتھ مل کر پاکستان ریلوے کو ٹھیک کرنا ہے، 9.1 بلین امریکی ڈالر کا جو معاہدہ تھا اسے 6.8 بلین ڈالر پر لے کر آئے، ایم ایل ون کو پشاور سے جلال آباد، تفتان سے قندھار لے کر جائیں گے، جب تک ریلوے ترقی نہیں کرے گی مزدور کی زندگی نہیں بدلے گی۔

    وزیر ریلوے نے کہا ریلوے کے معاشی حالات کرونا کے بعد مزید خراب ہو گئے ہیں، وبا کی وجہ سے ہم خسارے میں چلے گئے، زندہ رہا تو ایم ایل ون میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روزگار دوں گا۔

    اپوزیشن کی اے پی سی پر تنقید کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف نے جو تقریر کی وہ جندال، مودی اور را کی تقریر تھی، مریم نواز نے پہلے بھی مروایا اب بھی نواز شریف کو مروائیں گی۔

    انھوں نے کہا نہ دھرنا ہوگا نہ استعفے ہوں گے، یہ سینیٹ الیکشن سے پہلے پہلے عمران خان سے جھگڑا چاہتے ہیں، ابھی تو ملاقاتوں کا ذکر کیا ہے ٹیلی ڈیٹا لیک کیا تو شور پڑ جائے گا، را کا ایجنٹ نہیں، مجھے فخر ہے پاک فوج کا ترجمان ہوں، اپنی گن اور کارتوس کے ساتھ پاکستان کا دفاع کروں گا۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ میری ایک سیٹ ہے لیکن ٹی وی کا سب سے بڑا لیڈر ہوں، جہاں یہ جلسہ کریں گے میں بھی وہی جلسہ کروں گا اور قوم کو اصل حالات سے آگاہ کروں گا۔

  • 87 شہروں اور 10 ٹائم زونز سے گزرنے والی دنیا کی منفرد ترین ٹرین

    87 شہروں اور 10 ٹائم زونز سے گزرنے والی دنیا کی منفرد ترین ٹرین

    ٹرین کا سفر نہایت خوبصورت ہوتا ہے، دنیا میں ایک ٹرین ایسی بھی ہے جو مشرق سے لے کر مغرب تک 87 شہروں اور 10 ٹائم زونز سے گزرتی ہے جبکہ دوران سفر باہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک بدلتا رہتا ہے۔

    دنیا کی طویل ترین اور مصروف ترین ریلوے لائن، جسے سائبرین ٹرانس کہا جاتا ہے، روس میں واقع ہے۔ یہ ریلوے کا ایسا جنکشن ہے جو ماسکو کو دور مشرقی روس سے جوڑتا ہے اور یہ ٹریک ماسکو سے روس کے مشرق بعید کے شہر ولادی وستوک تک پھیلا ہوا ہے۔

    اس ریلوے ٹریک کی تعمیر کا آغاز 9 مارچ 1891 سے ہوا اور 21 جون 1904 کو مکمل ہوا۔ یہ ریلوے لائن 2 ٹریکس پر مشتمل ہے اور ایشیا اور یورپ کے درمیان پل کا کام کرتی ہے، اسے روس کی فولادی سڑک بھی کہا جاتا ہے۔

    اس ریلوے لائن کی لمبائی 9 ہزار 289 کلو میٹر ہے، یہ یورپ کے ساتھ ساتھ چین، جاپان، کوریا، ویتنام اور جنوبی ایشیا کو بھی روس کے ساتھ ملاتی ہے۔

    اس ریلوے لائن کا نقشہ بنانے اور حکومت سے اس کی منظوری لینے کے لیے 10 برس کا عرصہ لگا۔ ریلوے لائن کی تعمیر میں 6 لاکھ 20 ہزار افراد نے حصہ لیا جبکہ اس کی لاگت 90 ملین پاؤنڈز ہے۔

    یہ ٹرین دوران سفر بیکال جھیل کے سیاحتی مقام پر 45 منٹ کے لیے رکتی ہے جہاں سیاح اتر کر جھیل کی نظارہ کرتے ہیں۔

    روس کی 30 فیصد تجارت اسی ریلوے لائن کے ذریعے ہوتی ہے، یہ ٹرین ہر سال 2 لاکھ کنٹینرز یورپ کی منڈیوں تک پہنچاتی ہے۔

    سائبرین ٹرانس ٹریک دنیا کے ایک تہائی حصے کو ڈھانپے ہوئے ہے، مشرق سے لے کر مغرب تک اس میں 10 ٹائم زونز آتے ہیں۔ اس ٹرین کا 19 فیصد حصہ یورپ کی سرحدوں سے گزرتا ہے جبکہ 81 فیصد حصہ ایشیا کی سر حدوں سے گزرتا ہے۔

    راستے میں آنے والے شہروں کی تعداد 87 ہے جبکہ دریاؤں کی تعداد 16 ہے، دوران سفر درجہ حرارت 28 ڈگری سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک بدلتا رہتا ہے۔

    اگر آپ ماسکو سے ولادی وستوک تک سفر کرنا چاہتے ہیں تو آپ کے پاس 1600 ڈالر کی رقم ہونی چاہیئے۔

  • 3 مسافر ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ

    3 مسافر ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پاکستان ریلوے نے 3 مسافر ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اٹک پسنجر ٹرین، ملتان ۔ راولپنڈی مہر ایکسپریس اور جنڈ ۔ اٹک پسنجر ٹرین نجی شعبے کے حوالے کردی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے نے 3 مسافر ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سب سے پہلے 20 ستمبر سے اٹک پسنجر ٹرین نجی شعبے کو دی جائے گی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر سے ملتان، راولپنڈی کے لیے مہر ایکسپریس بھی نجی شعبہ چلائے گا، جبکہ اسی روز جنڈ اور اٹک چلنے والی پسنجرٹرین کو بھی نجی شعبے کے حوالے کردیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ میں 5 سال کے ریلوے خسارے کی تفصیلات پیش کی گئیں جس میں بتایا گیا کہ 5 سال کے دوران ریلوے 187 ارب سے زائد خسارے میں رہا۔

    رپورٹ کے مطابق مالی سال 20-2019 میں ریلوے کا خسارہ سب سے زیادہ رہا، اس عرصے میں ریلوے کا خسارہ 50 ارب 15 کروڑ رہا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ مالی سال 19-2018 میں ریلوے کا خسارہ 32 ارب 76 کروڑ، مالی سال 18-2017 میں 36 ارب 62 کروڑ، مالی سال 17-2016 میں 40 ارب اور 16-2015 میں 26 ارب 99 کروڑ رہا۔

  • 5 سال کے دوران ریلوے میں کتنا خسارہ ہوا؟

    5 سال کے دوران ریلوے میں کتنا خسارہ ہوا؟

    اسلام آباد: محکمہ ریلوے کی گزشتہ 5 سال کے دوران خسارے کی رپورٹ سینیٹ میں پیش کردی گئی، سب سے زیادہ خسارہ مالی سال 20-2019 میں 50 ارب 15 کروڑ رہا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس کے وقفہ سوالات کے دوران گزشتہ 5 سال کے ریلوے خسارے کی تفصیلات پیش کردی گئیں، رپورٹ کے مطابق 5 سال کے دوران ریلوے 187 ارب سے زائد خسارے میں رہا۔

    رپورٹ کے مطابق مالی سال 20-2019 میں ریلوے کا خسارہ سب سے زیادہ رہا، اس عرصے میں ریلوے کا خسارہ 50 ارب 15 کروڑ رہا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ مالی سال 19-2018 میں ریلوے کا خسارہ 32 ارب 76 کروڑ جبکہ مالی سال 18-2017 میں یہ خسارہ 36 ارب 62 کروڑ رہا۔

    اسی طرح مالی سال 17-2016 میں ریلوے خسارہ 40 ارب اور 16-2015 میں 26 ارب 99 کروڑ رہا۔

    خیال رہے کہ ریلوے خسارہ ازخود نوٹس پر سپریم کورٹ نے ریلوے کی ری اسٹرکچرنگ کے لیے 4 ہفتے کی مہلت دی ہے۔

    چیف جسٹس، جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ فنڈز موجود ہیں تو منصوبہ مکمل ہونے میں وقت نہیں لگنا چاہیئے، 18 سو کلو میٹر کا ٹریک بچھانا چین کے لیے کوئی مشکل نہیں۔

  • چلتی ٹرین میں واردات، موبائل اڑا کر چور ٹرین سے کود گیا

    چلتی ٹرین میں واردات، موبائل اڑا کر چور ٹرین سے کود گیا

    حیدرآباد: چلتی ریل گاڑیوں میں بھی وارداتیں ہونے لگیں، ایک چور نے آج ریل میں ایک مسافر کا موبائل فون چرایا اور چلتی ریل سے کود گیا، تاہم گرفتار ہونے سے نہ بچ سکا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد نے ایک کارروائی میں چلتی ٹرین سے موبائل فون چوری کرنے والے ایک شخص قاسم عرف قاسو ولد منظور کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم حیدرآباد میں چلتی ٹرین سے چوری کے بعد اتر کر بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پلیٹ فارم نمبر 2 پر شالیمار ایکسپریس آ کر رکی تھی، اپنے مقررہ اسٹاپ کے بعد جب وہ روانہ ہو گئی تو اس دوران ایک لڑکا چلتی ٹرین سے کود کر تیز تیز قدموں سے حالی روڈ کالونی کی طرف جانے لگا۔

    رپورٹ کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر جرائم کی روک تھام کے سلسلے میں اس وقت تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد کے ایس ایچ او خالد محمود صائم اہل کاروں کے ساتھ موجود تھے۔

    چلتی ٹرین سے اترنے والے لڑکے پر پولیس اہل کاروں کو شک گزرا تو انھوں نے اسے روک لیا، ریل سے اترنے کی وجہ دریافت کی گئی تو وہ پریشان ہو گیا اور ٹال مٹول کرنے لگا، جس پر اہل کاروں نے اس کی جامہ تلاشی لی۔

    پولیس کے مطابق لڑکے کی قمیض کی جیب سے ایک موبائل فون ٹچ اسکرین انفینکس اسمارٹ بلیک کلر برآمد ہوا، لڑکے سے موبائل فون کے بارے میں پوچھا گیا تو اس نے ادھر کی ادھر کی باتوں کے بعد آخر کار تسلیم کر لیا کہ اس نے ایک بوگی سے چوری کیا ہے۔

    پولیس نے ملزم قاسم کو اس کا جرم قابل دست اندازی پولیس زیر دفعہ 379 ت پ کے مطابق گرفتار کیا اور ملزم کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد میں مقدمہ نمبر 28/2020 درج کر لیا۔