Tag: ریلوے

  • روٹ ترمیم کے بعد موہن جو دڑو ایکسپریس بحال

    روٹ ترمیم کے بعد موہن جو دڑو ایکسپریس بحال

    کراچی: موہن جو دڑو ایکسپریس کو روٹ میں ترمیم کے بعد دوبارہ بحال کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز نے 213 اپ موہن جو دڑو ایکسپریس کو بحال کر دیا ہے، کرونا وائرس کی وجہ سے ٹرین آپریشن کی معطلی سے قبل یہ ٹرین کوٹری اور روہڑی کے درمیان براستہ دادو، لاڑکانہ، شکارپور اور سکھر چلتی تھی۔

    کوئٹہ جیکب آباد کے مسافروں کی سہولت کے لیے اب یہ ٹرین بحال ہونے کے بعد کراچی سے براستہ کوٹری، سیہون، دادو، لاڑکانہ، کشمور، راجن پور، ڈی جی خان، مظفر گڑھ سے ہوتے ہوئے ملتان پہنچے گی۔

    موہن جو دڑو ایکسپریس 7 اکانومی کوچز پر مشتمل ہے جن کی مجموعی گنجائش 616 مسافروں کی ہے۔

    موہن جو دڑو ایکسپریس

    اس ٹرین کے روٹ تبدیل کرنے سے کراچی میں کام کرنے والے اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب کے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا، میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی ایس کراچی ارشد سلام خٹک نے کہا کہ یہ ٹرین نئی نہیں ہے بلکہ اس کے روٹ اور اسٹیشنوں کو صرف لوگوں کی سہولت کے لیے بڑھایا گیا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اس ٹرین میں کراچی سے ملتان تک کا 1000 کلو میٹر سفر سستے ترین کرائے یعنی صرف 920 روپے میں مکمل ہوگا۔

  • ریلوے مسافروں کے لیے اچھی خبر، ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول جاری

    ریلوے مسافروں کے لیے اچھی خبر، ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول جاری

    لاہور: کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کو دیکھتے ہوئے محکمہ ریلوے نے 5 ٹرینیں بحال کر دی ہیں اور ان ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز نے پانچ ٹرینیں بحال کر دی ہیں، محکمہ ریلوے کی جانب سے 17 اگست سے بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول بھی جاری کیا گیا ہے۔

    بحال ہونے والی ریل گاڑیوں میں ہزارہ، فرید، رحمان بابا، موہن جودڑو، بدرایکسپریس شامل ہیں، بدر ایکسپریس کا روٹ لاہور سے فیصل آباد کی بجائے ملتان تک بڑھا دیا گیا ہے، موہن جو دڑو ایکسپریس کا روٹ بھی کراچی سے براستہ لاڑکانہ ملتان تک بڑھایا گیا ہے۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق ہزارہ ایکسپریس 17 اگست صبح 6 بجے کراچی کینٹ سے حویلیاں روانہ ہوگی، فرید ایکسپریس 17 اگست کو شام ساڑھے 7 بجے کراچی سٹی سے لاہور روانہ ہوگی، رحمان بابا ایکسپریس صبح ساڑھے 9 بجے کراچی کینٹ سے پشاور روانہ ہوگی، بدر ایکسپریس شام ساڑھے 4 بجے ملتان کینٹ سے لاہور روانہ ہوگی، موہن جو داڑو ایکسپریس سہ پہر 3 بجے کراچی سٹی سے ملتان روانہ ہوگی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بدر، موہنجو داڑو ایکسپریس کا کرایہ پاکستان ریلوے کے قواعد کے مطابق ہو گا، کرونا صورت حال کی بہتری پر ٹرینوں کی مرحلہ وار بحالی جاری ہے۔

    بحال ہونے والی ٹرینوں کی آن لائن ریزرویشن شروع کر دی گئی ہے، واضح رہے کہ ریل گاڑیوں کی بحالی کا فیصلہ ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ کیا گیا ہے، مسافروں اور عملے کے لیے نہ سفر کے دوران بلکہ اسٹیشن پر بھی ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

    کرنا وائرس کی وجہ سے 24 مارچ کو ان ٹرینوں کو منسوخ کیا گیا تھا، اب 17 اگست سے چلنے والی تمام ٹرینوں میں این سی او سی کی تمام ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔

    ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • پاکستان اور ایران کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت اور تجارت میں اضافے کا منصوبہ

    پاکستان اور ایران کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت اور تجارت میں اضافے کا منصوبہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ کوئٹہ تافتان ٹریک کی اپ گریڈیشن پر 112 ارب روپے خرچ ہوں گے، اس پراجیکٹ کی تکمیل سے پاکستان اور ایران کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت اور تجارت میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اہم بات چیت کی گئی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کوئٹہ، تافتان ریل ٹریک کو اپ گریڈ کرنے کے حوالے سے فیزیبلیٹی اسٹڈی مکمل کر چکا ہے، اس ٹریک کی اپ گریڈیشن پر 112 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا اس ٹریک کے منصوبے کی تکمیل سے پاکستان اور ایران کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت اور تجارت میں اضافہ ہوگا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے تحت منظور ہونے والے ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں ریل کا انقلاب آئے گا، میری خواہش ہے کہ سی پیک منصوبے کے تحت پاکستان اور ایران کے درمیان ریل تعاون کو زیادہ تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔

    ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے اس موقع پر کہا کہ اکنامک کوآرڈینیشن آرگنائزیشن (ای سی او) کے تحت پاکستان، ایران اور ترکی فریٹ ٹرین کے حوالے سے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

    پاکستان ریلوے اور ایران ریل کے درمیان شراکت داری کے باہمی منصوبوں میں تیزی لانے کے لیے چیئرمین ریلوے کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے، دریں اثنا، ایرانی سفیر نے شیخ رشید کو ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ محمد اسلامی کا تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔

  • ریلوے کا سیلاب میں پھنسے مسافروں کی سہولت کے لیے شٹل ٹرین چلانے کا فیصلہ

    ریلوے کا سیلاب میں پھنسے مسافروں کی سہولت کے لیے شٹل ٹرین چلانے کا فیصلہ

    لاہور: وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سیلاب میں پھنسےمسافروں کی سہولت کے لیے شٹل ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سیلاب میں پھنسےمسافروں کی سہولت کے لیے 10 اگست کو صبح 10 بجے کوئٹہ سے سبی کے لیے شٹل ٹرین چلےگی،10اگست کو شام 4 بجے سبی سے کوئٹہ کے لیےشٹل ٹرین چلےگی۔

    وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیلاب سے سڑکوں کا نظام شدید متاثر ہوا ہے،کوئٹہ اور سبی کے درمیان مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے،سبی ریلوے اسٹیشن پرمسافروں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ڈی ایس ریلوے سبی کو مسافروں کو کوئٹہ پہنچانےکی ہدایت کی ہے،سڑکوں کا نظام بہتر ہونے تک کوئٹہ اور سبی کے درمیان شٹل ٹرین چلےگی۔

    بلوچستان کے ضلع بولان میں بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلے شکارپور سے کوئٹہ آنے والی 2 گیس پائپ لائنیں بہا کر لے گئے۔صوبے میں سیلابی صورت حال کے باعث محکمہ صحت نے صوبے کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

  • ریل میں پولیس اہل کاروں کو احکامات دیتے جعلی ریلوے افسران گرفتار

    ریل میں پولیس اہل کاروں کو احکامات دیتے جعلی ریلوے افسران گرفتار

    کراچی: ریل میں پولیس اہل کاروں کو چیکنگ کے احکامات دینے والے جعلی ریلوے افسران پکڑے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد نے ایک بڑی کارروائی کر کے جعلی ریلوے افسران گرفتار کر لیے، جعلی افسران دھڑلے سے پولیس اہل کاروں کو بھی احکامات دے رہے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق مظہر حسین اور کاشف حسین نامی دو افراد نے سکھر ایکسپریس میں پولیس والوں کو اپنا تعارف کرایا کہ وہ ریلوے افسران ہیں، دونوں ملزمان نے ٹرین میں چیکنگ کے لیے پولیس اہل کاروں کو احکامات بھی دیے، تاہم ریلوے پولیس اہل کار ان دونوں افراد کو ٹرین منیجر کے پاس لے گئے۔

    ترجمان ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ جب ٹرین منیجر محمد علی کو بتایا گیا کہ یہ ریلوے کے افسران ہیں اور ٹرین چیک کریں گے، تو انھوں نے دونوں افراد کو مشکوک سمجھ کر کراچی ڈویژن سے رابطہ کر لیا۔

    کراچی ڈویژن کے ریلوے آفیسر نے تصدیق کی کہ مذکورہ نام کے کوئی بھی ریلوے افسران کراچی ڈویژن میں نہیں ہیں، جس پر ٹرین منیجر نے مشکوک افراد سے ان کے محکمہ ریلوے کے کارڈ طلب کیے، مظہر حسین نے اپنا کارڈ پیش کیا تو معلوم ہوا کہ وہ جعلی ہے، جب کہ کاشف ریلوے کا کارڈ پیش نہ کر سکا۔

    ریلوے پولیس کے مطابق دونوں افراد کے پاس ریلوے ٹکٹ بھی نہیں تھے، انھوں نے ریلوے جعلی کارڈ استعمال کر کے اپنے آپ کو ریلوے افسران ظاہر کیا، حقیقت کھلنے پر دونوں ملزمان کو ریلوے ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد میں کیس درج کیا گیا ہے۔

  • شیخ رشید نے ریلوے کرایوں سے متعلق خوش خبری سنا دی

    شیخ رشید نے ریلوے کرایوں سے متعلق خوش خبری سنا دی

    لاہور: وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں ہونے جا رہا ہے، ریلوے کرایے بڑھانے کی تجویز کو میں نے مسترد کر دیا ہے۔

    شیخ رشید نے آج پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا کہ ایم ایل ون کے سلسلے میں رواں ماہ ایکنک میں دستخط ہوں گے، وزیر اعظم چین سمیت جہاں بھی گئے ہر جگہ ایم ایل ون کی بات کی، یہ آج حقیقت بن چکا ہے، 10 سال میں ریلوے پہلی بار انقلاب میں داخل ہونے جا رہی ہے۔

    شیخ رشید نے کہا ایم ایل ون انقلابی منصوبہ ہے، ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو اس سے روزگار ملے گا، ریلوے میں نوکریاں بھی اب میرٹ پر ہی ملیں گی، محکمے میں کرپشن کرنے والوں کے خلاف نیب سے رجوع کریں گے۔

    انھوں نے گزشتہ روز شیخوپورہ میں ریل حادثے سے متعلق کہا کہ حادثے کے وقت پھاٹک بند تھا، مسافر بس والے نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سائیڈ سے گاڑی نکالنے کی کوشش کی اور افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں 20 مسافر جاں بحق ہوئے۔

    کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین کی زد میں ویگن آگئی، 20 افراد جاں بحق

    چینی بحران کیس کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ چینی کا کیس دونوں طرف یعنی اپوزیشن اور حکومتی سطح پر، سنجیدہ ہو سکتا ہے، ای سی سی اور کابینہ میں میرا واحد نوٹ ہے کہ چینی کی ایکسپورٹ نہیں ہونی چاہیے۔

    انھوں نے کہا اپوزیشن کرپٹ اور منی لانڈر ہے یہ حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، پی ٹی آئی کے لوگوں سے گزارش ہے کہ اپنے گندے کپڑے ٹی وی پر آ کر نہ دھوئیں، افسوس ہے کہ اپوزیشن وہ کام نہیں کر رہی جو ہم اپنے خلاف کر رہے ہیں، یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، نہ ہم آخری چوائس ہیں اور نہ ہم مائنس ون ہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ مجھ پر چار خود کش حملے میں ہو چکے ہیں لیکن میں کبھی نہیں گھبرایا، تاہم یہ کرونا وائرس کی بیماری دشمن کو بھی نہ لگے، اللہ شہباز شریف کو بھی صحت دے۔

  • ریلوے ایڈوانس بکنگ سے متعلق خوش خبری

    ریلوے ایڈوانس بکنگ سے متعلق خوش خبری

    کراچی: محکمہ ریلوے نے 31 مئی کے بعد بھی ایڈوانس بکنگ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ایڈوانس بکنگ جاری رکھنے کے سلسلے میں نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ ریلوے نے 31 مئی کے بعد بھی ٹرینوں میں ایڈوانس بکنگ جاری رکھنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، لاک ڈاؤن کے دوران چلائی جانے والی 15 ٹرینوں کی ایڈاوانس بکنگ اکتیس مئی کے بعد بھی جاری رکھی جائے گی۔

    محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی ٹکٹوں کے بکنگ آفسز صبح 8 سے رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے، کراچی میں سٹی ریلوے اسٹیشن، حیدر آباد، روہڑی اور سکھر بکنگ آفس کھلا رہے گا۔

    ٹرینیں چلانے سے متعلق فیصلہ

    ریلوے کے تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ اگلے احکامات تک ایڈاونس بکنگ جاری رکھی جائے۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل ایک پریس کانفرنس میں وزیر ریلوے شیخ رشید نے بتایا تھا کہ ٹرینوں کی بکنگ کی مد میں 23.2 کروڑ روپے ایڈوانس جمع ہیں۔

    گزشتہ ماہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں ریلوے کا 5 ارب روپے مہینے کا نقصان ہو رہا ہے، جس سے ملک میں سفید پوش طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

  • ملک بھر میں آج سے ٹرین آپریشن کا آغاز ہوگیا

    ملک بھر میں آج سے ٹرین آپریشن کا آغاز ہوگیا

    لاہور: ملک بھر میں ٹرین آپریشن کا آغاز آج سے ہو گیا ہے، اس سلسلے میں کراچی، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ اور پشاور ریلوے اسٹیشنز پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، صبح سویرے کئی ٹرینیں اپنی منازل کے لیے روانہ بھی ہو گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے سلسلے میں معطل ٹرین آپریشن کا آج سے پھر آغاز ہو گیا ہے، آج سبک رفتار صبح 7:30 بجے لاہور سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی، راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سے صبح سویرے 2 ٹرینیں روانہ ہو گئیں، پشاور کینٹ اسٹیشن سے آج 3 ٹرینیں چلائی جائی جا رہی ہیں۔

    قراقرم ایکسپریس دوپہر 3 بجے لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی، پاک بزنس ایکسپریس سہ پہر 4:30 پر لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی، شاہ حسین ایکسپریس شام 7 بجے لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی، راولپنڈی سے پاکستان ایکسپریس 393 مسافروں کو لے کر کراچی روانہ ہو گئی، دوسری ٹرین سبک رفتار لاہور روانہ ہوئی۔

    کراچی سے پشاور کے لیے عوام ایکسپریس صبح 10 بجے روانہ ہوگی، پشاور کینٹ اسٹیشن سے آج 3 ٹرینیں چلائی جائی جا رہی ہیں، عوامی ایکسپریس ساڑھے 8 بجے کراچی کے لیے روانہ کی جائے گی، کوئٹہ کے لیے جعفعر ایکسپریس ساڑھے 9، کراچی کے لیے خیبر میل رات 11 بجے روانہ ہوگی۔ ڈی ایس ریلوے کے مطابق کوئٹہ سے آج صرف ایک ہی ٹرین چلائی جا رہی ہے، جعفر ایکسپریس صبح 9 بجے کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوگی، مسافروں کو ٹرین میں فاصلے پر بیٹھایا جائے گا۔

    ٹرین میں سفر کے لیے ایس او پیز

    محکمہ ریلوے نے ٹرین میں سفر کے لیے ایس او پیز جاری کر دیے، ٹرین کے ہر اسٹاپ، اسٹیشن پر ہر ایک گھنٹے بعد جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا، جراثیم کش اسپرے میڈیکل آفیسر کی نگرانی میں ہوگا، ہر اسٹیشن کا میڈیکل آفیسر اسپرے کیے جانے کا سرٹیفکیٹ جاری کرے گا، کراچی سے لاہور، راولپنڈی اور پشاور جانے والی ٹرینیں براستہ ملتان جائیں گی، ہر اسٹیشن پر 24 گھنٹے میڈیکل آفیسر ڈیوٹی دے گا۔

    اسٹیشن پر کھانے پینے کے اسٹال پر اسپرے کی ذمہ داری مالک کی ہوگی، اسٹیشن کے 200 میٹر اطراف تک کی ذمہ داری ریلوے اور ضلعی پولیس کی ہوگی، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کی اسٹیشن پر موجودگی کا ذمہ دار ایس ایچ او ہوگا، مسافروں کی سینیٹائزنگ، حرارت چیک کرنے کا ذمہ دار میڈیکل آفیسر ہوگا، مسافروں میں سماجی فاصلے، ایس او پی پر عمل درآمد کی ذمہ داری ٹرین اسٹاف کی ہوگی۔

    مسافروں کو ٹرین روانگی سے ایک گھنٹہ پہلے اسٹیشن میں داخلے کی اجازت ہوگی، اسٹیشن سے 200 میٹر تک کا ایریا غیر ضروری افراد کے لیے بند کر دیا جائے گا، مسافروں کے ساتھ اسٹیشن کوئی اور شخص داخل نہیں ہو سکتا، ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ دوران سفر مسافروں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے گا۔

    عید پر خصوصی ٹرین بھی چلے گی

    لاک ڈاؤن کے دوران عید الفطر کے موقع پر ریلوے انتظامیہ نے خصوصی ٹرین چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، کراچی ڈویژن ریلوے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی ٹرین کو خفیہ رکھا گیا ہے، یہ خصوصی ٹرین 21 مئی کو کراچی سے پشاور تک چلائی جائے گی، اس ٹرین میں مجموعی طور پر 14 کوچز لگائی جائیں گی، 12 کوچز اکانومی اور 2 اے سی کلاس ہوں گی۔

    خصوصی ٹرین میں 25 مارچ سے 19 مئی تک مسافروں کو بکنگ دی گئی ہے، جب کہ پرانے ٹکٹ کے بدلے نئی بکنگ فراہم کی گئی ہے، مسافروں کو خصوصی ٹرین کی روانگی کی اطلاع فون کے ذریعے دی جائے گی اور مسافروں کی ٹکٹس میں کسی بھی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔

  • ٹرین چلنے نہیں دیں گے کے بیان پر شیخ رشید کا جواب آ گیا

    ٹرین چلنے نہیں دیں گے کے بیان پر شیخ رشید کا جواب آ گیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سندھ حکومت کے اس بیان پر کہ ٹرین چلنے نہیں دیں گے، جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے اور اس کے اسٹیشنز میری ذمہ داری ہے، سندھ کچھ نہیں کر سکتی۔

    شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت بہت انتہا پر چلی گئی ہے، لیکن وزیر اعظم عمران خان کی سوچ کامیاب اور سندھ حکومت کو شکست ہوگی۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ٹرین مرکز کی سواری ہے، اسٹیشن کے باہر سندھ حکومت کو جو کرنا ہے کرے، ریلوے اسٹیشن کے اندر معاملات کی ریلوے پولیس ذمہ دار ہے، جو ایس او پی پر عمل نہیں کرتا اسے سندھ حکومت اسٹیشن سے باہر پکڑے۔

    انھوں نے کہا کہ ٹرینیں چلانا وفاق کا فیصلہ ہے اس میں صوبوں کا عمل دخل نہیں، انشاء اللہ کل سے 30 ٹرینیں چلائیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے ٹرینیں چلانے کا عندیہ دے دیا ہے، اللہ تعالیٰ نے ہاتھ پکڑا تو یکم جون سے تمام ٹرینیں چلا دیں گے، ٹرینوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرواؤں گا۔

    وزیراعظم عمران خان کا بدھ سے ٹرینیں چلانے کا اعلان

    انھوں نے پروگرام میں نیب ترمیم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم کو کہہ دیا نیب ترمیم کے معاملے پر میں ووٹ نہیں دوں گا، عید کے بعد ٹارزن کی ایک ٹانگ اسلام آباد دوسری کراچی میں ہوگی، یہ بیانیہ ختم ہو جائے گا کہ نیب نے صرف اپوزیشن پر ہاتھ ڈالا ہوا ہے۔

  • کوشش ہے لوگوں کو ان کے ٹکٹس گھروں تک پہنچائیں: شیخ رشید

    کوشش ہے لوگوں کو ان کے ٹکٹس گھروں تک پہنچائیں: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کراچی اور لاہور میں لوگوں کو ان کے ٹکٹس گھروں تک پہنچائیں، آن لائن 60 فیصد اور باقی 40 فیصد ٹکٹس گھروں تک پہنچائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے کو ضرورت پڑی تو ٹرینیں بارڈرز پر بھیجنے کو تیار ہیں، محمد افضل کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے 10 ہزار ماسک دیے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے کے قلیوں کے لیے آرمی چیف نے 3 ہزار راشن بیگ بھیجے ہیں، ہر قلی کو 12 ہزار روپے ملیں گے، یہ میرا وعدہ ہے۔ جون سے پہلے تمام پی ایل اے ملازمین کو کنفرم کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت میں لوگ اپنے گھروں کو جاتے ہوئے مر گئے، ہم نے لاک ڈاؤن کے شروع میں ہی ٹرین چلا کر لوگوں کو گھروں تک پہنچایا۔ کوشش ہے کراچی اور لاہور میں لوگوں کو ان کے ٹکٹس گھروں تک پہنچائیں، آن لائن 60 فیصد اور باقی 40 فیصد ٹکٹس گھروں تک پہنچائیں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کنٹرول میں ہے، امریکا، اسپین، فرانس اور بیلجیئم کی طرح لوگ سڑکوں پر نہیں مر رہے۔ کل اجازت دی گئی ہے نمازی فاصلہ رکھ کر نماز پڑھ سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے ملازمین نے 5 کروڑ ایک لاکھ 85 ہزار ریلیف فنڈ میں دیا ہے، اللہ پر یقین ہے انشا اللہ پاکستان میں کرونا جلد ختم ہوجائے گا۔