Tag: ریلوے

  • ریلوے کا 5 ارب روپے ماہانہ نقصان ہو رہا ہے: شیخ رشید

    ریلوے کا 5 ارب روپے ماہانہ نقصان ہو رہا ہے: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ریلوے کا 5 ارب روپے مہینے کا نقصان ہورہا ہے، ملک میں سفید پوش طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی جانب سے 3 ہزار بیگج دیے گئے ہیں، ہر قلی کو 12 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ این ڈی ایم اے نے 10 ہزار ماسک فراہم کیے ہیں، این ڈی ایم اے سے مزید ماسک بھی لیں گے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے نے کسی مزدور کی تنخواہ یا پنشن لیٹ نہیں ہونے دی، 30 کوچز پر مشتمل ٹرین کل چمن کے لیے روانہ کی جائے گی، چمن جانے والی ٹرین میں 2 میڈیکل وینز بھی لگائی جائیں گی، چمن اور تفتان میں ٹرینیں لگائیں اور زائرین کو آئسولیشن میں رکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ 30 ٹرینوں کا بیڑہ لاہور سے کل چمن کے لیے روانہ ہوجائے گا، میڈیا کو قلیوں کی فکر ہے جس پر ان کا مشکور ہوں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قرض ادائیگی میں آسانی کے لیے کردار ادا کیا، 70 ملکوں کی لسٹ میں پاکستان کا نام بھی شامل ہوگیا ہے۔ ملک میں سفید پوش طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قومیں قدرتی آفات میں مل کر مسائل کو بانٹتی ہیں، پہلے گولہ باری سندھ کی طرف سے نہیں ہونی چاہیئے تھی۔ شہباز شریف کا خیال تھا کہ کرونا سے معیشت مکمل ختم ہوجائے گی۔ شہباز شریف آخری فلائٹ پکڑ کر ملک واپس آگئے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان اگر جہانگیر ترین سے فاصلہ کر سکتے ہیں تو دوسروں سے بھی کر سکتے ہیں، سیاست ایسی چیز ہے جو ایک الیکشن کے بعد دوسرے کی تیاری کرتی ہے۔ عمران خان مافیاز کو گھیرے میں لے کر آرہے ہیں۔ مافیاز کے ترجمان اسی وجہ سے چیخ رہے ہیں۔

  • شرط جیتنے کے لیے شہری ریل کے نیچے لیٹ گیا

    شرط جیتنے کے لیے شہری ریل کے نیچے لیٹ گیا

    ساہیوال: پنجاب کے شہر ساہیوال میں ایک شخص شرط کے لیے اپنی زندگی خطرے میں ڈالتے ہوئے ریل گاڑی کے نیچے لیٹ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ساہیوال میں ایک شخص نے مال گاڑی کے نیچے لیٹ کر رئیل لائف اسٹنٹ کھیلا، لیکن اسے یہ حرکت مہنگی پڑ گئی، ڈسٹرکٹ پولیس ساہیوال نے اسے گرفتار کر کے لاک اپ کر دیا ہے۔

    گرفتار شخص نے محض ایک شرط کے لیے پٹری کے درمیان لیٹ کر ٹرین اوپر سے گزرنے دی، اس کے ساتھیوں نے اس عمل کی ویڈیو بھی بنا ڈالی، ویڈیو کے مطابق مذکورہ ادھیڑ عمر شخص نے پٹری کے درمیان لیٹ کر مال گاڑی کا انتظار کیا اور پھر مال گاڑی آنے پر اس کے گزرنے تک لیٹا رہا۔

    پٹری کے نزدیک بیٹھے افراد اس کو گردن نیچے رکھنے کا مشورہ بھی دیتے رہے، مال گاڑی گزرنے کے بعد وہ پٹریوں سے ہٹا تو اس کے ساتھیوں نے اسے گلے لگا کر مبارکباد دی۔

    ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران نوجوان چلتی ٹرین سے گر گیا

    تاہم اس واقعے کی اطلاع مقامی پولیس کو بھی مل گئی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو گرفتار کر لیا۔ خیال رہے کہ اپنی زندگی جان بوجھ کر خطرے میں ڈالنے یا خود کشی کرنے پر بھی پولیس شہریوں کو گرفتار کر سکتی ہے۔

    زندگی اتنی ان مول شے ہے کہ ایک بار چلی جائے تو واپس کبھی نہیں آتی، اس لیے اس کی حفاظت انسان پر لازم ہوتی ہے، معمولی سے فائدے کے لیے اسے خطرے میں ڈالنا بے وقوفی ہی کہلائی جا سکتی ہے۔

  • ریلوے ملتان ڈویژن نے سستا ترین ڈی انفیکشن گیٹ تیار کر لیا

    ریلوے ملتان ڈویژن نے سستا ترین ڈی انفیکشن گیٹ تیار کر لیا

    ملتان: محکمہ ریلوے ملتان ڈویژن نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں سستا ترین ڈی انفیکشن گیٹ تیار کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ ریلوے ملتان ڈویژن نے اپنی مدد آپ کے تحت سستا ڈی انفیکشن گیٹ تیار کر لیا ہے، ڈی ایس ملتان شعیب عادل کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر ملتان ڈی ایس آفس اور بڑے اسٹیشنز پر ڈی انفیکشن گیٹ لگائے جائیں گے۔

    اس سلسلے میں ٹرین آپریشن شروع ہونے سے پہلے ڈی ایس ملتان ڈویژن کے اسٹاف نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈی انفیکشن گیٹ کا ماڈل تیار کر لیا، ریلوے اسٹاف نے یہ گیٹ محض 2 دن میں تیار کیا ہے۔ خیال رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اسٹیشنز پر حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد سب سے پہلے ملتان ڈویژن نے کم خرچ پر ڈی انفیکشن گیٹ بنا لیا، اس طرح کے 8 ڈی انفیکشن گیٹ بنائے جائیں گے۔

    ریلوے کا ایک ہفتے میں 1ارب کا نقصان ہو رہا ہے،شیخ رشید

    ریلوے ملتان ڈویژن کے اسٹاف نے اپنی مدد آپ کے تحت یہ سینیٹائزر گیٹ 2 دن میں تیار کیا

    بتایا گیا کہ ڈی انفیکشن گیٹ ڈی ایس آفس، ملتان اسٹیشن، خانیوال، ساہیوال، بہاولپور میں ٹرین سروس شروع ہوتے ہی لگا دیے جائیں گے، دوسرے مرحلے میں لوکوشیڈ، واشنگ لائن، رننگ روم میں بھی ڈی انفیکشن گیٹ لگائے جائیں گے، ملتان ریلوے اسٹیشن سمیت ڈویژن بھر کے ریلوے اسٹیشنز پر جراثیم کش اسپرے اور صفائی کا عمل بھی جاری ہے، ملتان کینٹ اسٹیشن پر 2 اے سی کوچز پر مشتمل عارضی کرونا کیئر اسپتال بھی قائم کیا جا چکا ہے، ریلوے ملتان ڈویژن سے گزرنے والی فریٹ ریل گاڑیوں کے ملازمین کی اسکریننگ بھی کی جا رہی ہے-

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ 14 اپریل کے بعد ممکنہ ٹرین آپریشن کی بحالی کی صورت میں ریلوے اسٹیشنز پر ہر ممکن حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

  • ریلوے کا ایک ہفتے میں 1ارب کا نقصان ہو رہا ہے،شیخ رشید

    ریلوے کا ایک ہفتے میں 1ارب کا نقصان ہو رہا ہے،شیخ رشید

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ٹرینیں بند ہونے سے ریلوے کا ہر ہفتے ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ احساس پروگرام میں ان لوگوں کو پیسےمل رہے ہیں جو رجسٹرڈ ہیں۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کرونا سے جو دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوا ہے اس کا تو لسٹ میں نام نہیں ہے، دیہاڑی دار طبقے کو پیسے ملنے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ انسانوں کی جان بچالو معیشت کو بچالو،کرونا وائرس پھیل گیا تو جنازے نہیں سنبھالے جائیں گے،کرونا وائرس سے امریکا کی چیخیں نکل گئی ہیں۔

    وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک لاکھ 65 ہزار لوگوں کو اپنےگھروں کو پہنچایا، ہم نے آخری وقت تک لوگوں کو ٹرین کی سہولت دی، بھارت میں لوگ 300 کلو میٹر پیدل چل کر مرے ہیں۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ ٹرینیں بند ہونے سے ہر ہفتے ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 15اپریل سے کچھ ٹرینیں چلانے کی تجویز ہے۔

  • پاکستان ریلوے کا آج رات 12 بجے سے ٹرین آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ

    پاکستان ریلوے کا آج رات 12 بجے سے ٹرین آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ

    کراچی: پاکستان ریلوے نے آج رات 12 بجے سے ٹرین آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا، نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین آپریشن معطل کر دیا، نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹرین آپریشن آج رات 12 بجے سے 31 مارچ تک معطل رہے گا۔

    ایڈوانس بکنگ والے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فل ریفنڈ حاصل کرنے کے لیے ریلوے سے رابطہ کریں۔

    ترجمان ریلوے نے کہا ہے کہ آج رات 12 بجے سے پہلے تمام ٹرینیں اپنی منزل پر روانہ ہوں گی، جب کہ ٹرین آپریشن معطلی کا اطلاق صرف مسافر ٹرینوں پر ہوگا، فریٹ ٹرینوں پر نہیں۔

    آج شام تک دیگر صوبوں کے لوگ سندھ سے نکل جائیں گے: شیخ رشید

    ادھر ٹرین آپریشن معطلی کے اعلان کے ساتھ ہی کینٹ اسٹیشن کراچی پر مسافروں کا رش ہو گیا ہے، اندرون ملک جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد کینٹ اسٹیشن پر موجود ہے، ہزاروں مسافر بغیر کسی حفاظتی انتظام کے پلیٹ فارم میں داخل ہو گئے ہیں۔

    دوسری طرف ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں وفاقی وزیر شیخ رشید کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، شیخ رشید نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے وفاقی وزیر ریلوے عوام کو جلد آگاہ کریں گے۔ یاد رہے کہ آج صبح اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا تھا کہ ریلوے کو لاک ڈاؤن میں شامل نہ کرنا زیادتی تھی۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ لوگ سندھ سے پنجاب اور اپ کنٹری جا رہے ہیں، مزدوروں کو اگر گھروں تک نہیں پہنچایا تو بہت برا حال ہوگا، لاکھوں مزدور لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر جانا چاہتے ہیں، آج شام تک سندھ سے لوگوں کو گھروں کے لیے ٹرینوں پر روانہ کر دیا جائے گا۔

  • آج شام تک دیگر صوبوں کے لوگ سندھ سے نکل جائیں گے: شیخ رشید

    آج شام تک دیگر صوبوں کے لوگ سندھ سے نکل جائیں گے: شیخ رشید

    کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے کو لاک ڈاؤن میں شامل نہ کرنا زیادتی ہے، آج شام تک 40 ٹرینوں کے ذریعے بیش تر لوگ سندھ سے نکل جائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ لوگ سندھ سے پنجاب اور اپ کنٹری جا رہے ہیں، مزدوروں کو اگر گھروں تک نہیں پہنچایا تو بہت برا حال ہوگا، لاکھوں مزدور لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر جانا چاہتے ہیں، آج شام تک سندھ سے لوگوں کو گھروں کے لیے ٹرینوں پر روانہ کر دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ 142 ٹرینیں ہیں، 40 بند کر دی ہیں، باقی کا فیصلہ آج کریں گے، بورڈ میں فیصلہ ہوگا پھر وزیر اعظم کے پاس جاؤں گا، خود سے فیصلہ نہیں کر سکتے وفاق سے منظوری لینی ہوتی ہے، ہم نے زیادہ رش والی ٹرینیں بند کردی ہیں، وسائل کا مسئلہ ہے، ہم بکنگ کے ایک ارب روپے کیسے واپس کرتے، ریٹائرڈ افراد کو ملا کر تین لاکھ ملازمین کو تنخواہ اور پنشن دینی ہے۔

    ٹرینوں سے مسافروں کی آمد و رفت روکنے کا فیصلہ

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سب ٹرینیں بند کرنے سے متعلق وزیر اعظم سے منظوری لینا پڑے گی، تاہم لاک ڈاؤن میں ریلوے کو شامل نہ کرنا زیادتی ہے، ہم نےرش والی ٹرینیں بند کر دی ہیں لیکن لوگ ہر ٹرین پر سوار ہیں، اگر ہمیں پیشگی تمام ٹکٹ واپس کرنے پڑے تو نہیں کر سکتے۔

    خیال رہے کہ سندھ حکومت نے انٹرا بس سروس کی بندش کے بعد گزشتہ روز ٹرینوں سے مسافروں کی آمد و رفت روکنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرونا وائرس پر 26 واں اجلاس ہوا جس میں کسی بھی ریلوے اسٹیشن سےمسافروں کو جانے نہ دینےکا اہم فیصلہ ہوا۔

  • 25 مارچ سے ٹرین آپریشن محدود ہو جائے گا

    25 مارچ سے ٹرین آپریشن محدود ہو جائے گا

    لاہور: پاکستان ریلویز نے ٹرین آپریشن محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، محکمے کے ترجمان نے کہا ہے کہ  ٹرین آپریشن محدود کرنے پر عمل درآمد 25 مارچ سے شروع ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں ٹرین آپریشن محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں 10 مسافر ٹرینوں کو بند کیا جائے گا، صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے مزید ٹرینوں کی بندش کا فیصلہ ہوگا۔

    ریلوے ترجمان کے مطابق پاکستان میں اس وقت 134 مسافر ٹرینیں چل رہی ہیں۔ محکمے کی جانب سے کراچی سے چلنے والی 8 ٹرینیں بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مکمل ٹرین آپریشن بند کرنا میرے اختیار میں نہیں ہے، اس حوالے سے وزیر اعظم فیصلہ کریں گے۔

    کرونا وائرس، شیخ رشید کی صوبائی حکومتوں کو بڑی پیشکش

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کم مسافروں والی مختلف ٹرینوں کو آپس میں یک جا کیا جاسکتا ہے، ریلوے محکمہ مسافروں اور عملے کی حفاظت کے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔

    ذرایع کا کہنا تھا کہ ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ سندھ حکومت کی درخواست پر کیا گیا ہے، جو ٹرینیں معطل کی جا رہی ہیں ان مسافروں کے لیے متبادل انتظامات کیے جائیں گے، پاکستان ریلوے کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ کرایہ واپس کر دیا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ریلوے انتظامیہ کراچی کی ایک اور غفلت سامنے آئی تھی، ریلوے کا عملہ ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر کے بغیر کام کرنے پر مجبور ہے، غیر متعلقہ افراد کی بغیر چیکنگ آمد و رفت بھی عملے اور مسافروں کے لیے خطرہ بن گئی ہے، ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کے تحفظ کے لیے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے۔ ذرایع کا کہنا تھا کہ ریلوے انتظامیہ نے کلرک، واشنگ لائن کے کسی اہل کار کو سہولت نہیں دی، کلرکس، ٹکٹ چیکر بغیر ماسک اور سینیٹائزر کے کام کر رہے ہیں۔

  • 10 مئی سے پہلے ریلوے میں انقلاب آنے جا رہا ہے، شیخ رشید

    10 مئی سے پہلے ریلوے میں انقلاب آنے جا رہا ہے، شیخ رشید

    فیصل آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 10 مئی سے پہلے ریلوے میں انقلاب آنے جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کرونا وائرس سےگھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، کرونا وائرس کے مسئلے سے بھی نکلیں گے۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ریلوے کاپہیہ چلے گا تو ملک چلےگا، 10مئی سے پہلے ریلوے میں انقلاب آنے جا رہا ہے۔ مہنگائی سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری سےمتعلق عمران خان کو احساس ہے، مہنگائی سے سب سے زیادہ بوجھ غریب پر پڑا ہے۔

    بھارت کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت میں 3 دن میں 40 مسلمان شہید ہوئے،سیکولر اسٹیٹ آج انتہاپسندوں کی ترجمان بنی ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈھیل ہوئی ہے یا ڈیل ہوئی ہے کوئی فرق نہیں پڑتا، ن لیگ، پی پی عمران خان کے خلاف کوئی تحریک چلانےنہیں جا رہیں، وزیراعظم عمران خان کا کچھ نہیں بگڑے گا۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میں نہیں دیکھ رہا نوازشریف کو واپس آتے ہوئے، شہبازشریف کا کچھ نہیں کہہ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانافضل الرحمان بھی مایو س ہو کر میرے پاس آئیں گے، فضل الرحمان کا تعویز بھی میرے پاس ہے۔

  • چین کی پاکستان ریلوے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی

    چین کی پاکستان ریلوے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی

    کراچی: وزیرریلوے شیخ رشید سے پاکستان میں تعینات چینی سفیریاؤ ژنگ نے ملاقات کی، چین میں کرونا وائرس سے ہونی والی ہلاکتوں پر شیخ رشید نے افسوس کا اظہار کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم مشکل کی گھڑی میں چین کے ساتھ کھڑی ہے، ملاقات میں پاک چین ٹرین منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ مارچ میں وزارت پلاننگ سے منظوری کے بعد منصوبہ شروع کردیا جائے گا، منظوری کے بعد پشاور اور کراچی میں لائن ون منصوبہ رواں سال شروع ہوگا، کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے کام کو بھی تیز کیا جائے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم ایل ون منصوبے پر9 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی، ایم ایل ون منصوبہ1800کلو میٹر لمبا ہے جو 5سال میں مکمل ہوگا، منصوبہ پاکستان ریلوے اور ملکی معیشت کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

    اس موقع پر چینی سفیر یاؤژنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے سے مکمل تعاون کریں گے۔

  • شیخ رشید کا 100 روپے ٹکٹ والی ٹرین چلانے کا اعلان

    شیخ رشید کا 100 روپے ٹکٹ والی ٹرین چلانے کا اعلان

    گوجرانوالہ: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ لاہور ایکسپریس کا افتتاح کرنے جارہے ہیں، گوجرانوالہ تا لاہور ایکسپریس کا ٹکٹ 100 روپے رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں 6 ماہ میں چھوٹا ڈرائی پورٹ بنائیں گے، ایم ایل ون میں 1 لاکھ لوگوں کو نوکریاں دیں گے۔ عمران خان کی حکومت کا سب سے بڑا کام ایم ایل ون ہوگا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کے بعد لاہور سے کراچی 8 گھنٹے میں پہنچیں گے، عمران خان کی حکومت میں گوجرانوالہ لاہور ایکسپریس کا افتتاح کر رہے ہیں۔

    70 سال میں کسی نے نہیں سوچا کہ روڈ کی کیا حالت ہے، شٹل ٹرین 6 بار گوجرانوالہ اور لاہور کے درمیان چلے گی۔ گوجرانوالہ تا لاہور ایکسپریس کا 100 روپے کا ٹکٹ رکھا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ لاہور ایکسپریس میں اے سی بوگیاں بھی لگائیں جس کا ٹکٹ 300 ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اپریل میں دنیا کی بڑی شخصیت ایم ایل ون کی بنیاد رکھے گی۔ ایک دو ماہ کے اندر ریلوے میں انقلاب آرہا ہے۔ کوشش ہے ایم ایل ون کو جلال آباد تک لے کر جائیں گے۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے کے مقامی ٹریک کی حالت کو بھی بہتر کیا جارہا ہے، شٹل ٹرین کے باعث تاجروں کو بے حد فائدہ ہوگا۔