Tag: ریلوے

  • بھکر میں اتوار کو ریل گاڑی پٹری سے اترنے کے بعد ٹریک آج بحال

    بھکر میں اتوار کو ریل گاڑی پٹری سے اترنے کے بعد ٹریک آج بحال

    بھکر: پنجاب کے ضلع بھکر کی تحصیل کلور کوٹ کے قریب متاثرہ ریلوے ٹریک 36 گھنٹے کے بعد بحال کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کو بھکر میں کلور کوٹ کے قریب ایک مال بردار ریل گاڑی پٹری سے اتر گئی تھی، جس کے بعد ٹریک کو بند کر دیا گیا تھا، محکمہ ریلوے 22 گھنٹوں میں بھی ٹریک کو بحال نہ کر سکا تھا۔

    ریلو حکام کا کہنا ہے کہ آج ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے، راولپنڈی جانے والی ٹرین کو ٹریک سے گزار دیا گیا ہے۔

    ریلوے حکام کے مطابق اتوار کو کلورکوٹ کے قریب مال بردار ریل گاڑی پٹری سے اتر گئی تھی، اور اس کی 7 بوگیاں 6 فٹ گہری کھائی میں گر گئی تھیں، حادثے کی وجہ سے فوری طور پر کوٹ ادو، کندیاں سیکشن گاڑیوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ ملتان سے روالپنڈی جانے والی ٹرینوں کو بھی مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں، آپریشن معطل، ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر

    ریلوے حکام نے کہا تھا کہ دھند بہت زیادہ ہے اس لیے امدادی کارروائیاں دن میں شروع کی جائیں گی، تاہم دوسرے دن بھی ریلوے ٹریک کو بحال نہیں کیا جا سکا، 22 گھنٹوں میں صرف 2 بوگیاں ٹریک سے ہٹائی جا سکی تھیں۔

    گزشتہ روز مہر، تھل اور خوشحال خان ایکسپریس کو براستہ فیصل آباد، شاہین آباد روانہ کر دیا گیا تھا۔ ریلوے حکام کے مطابق آج 36 گھنٹے بعد کوٹ ادو کندیاں سیکشن پر ریلوے ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے۔

  • پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ایم ایل ون منصوبہ ناگزیر ہے: شیخ رشید

    پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ایم ایل ون منصوبہ ناگزیر ہے: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ایم ایل ون پر کام اگلے سال سے شروع کیا جارہا ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ایم ایل ون منصوبہ ناگزیر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے پاکستان میں چین کے سفیر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں کراچی تا پشاور مین لائن ون ریل منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 1872 کلو میٹر لائن ون منصوبے کا پی سی ون پیکج پلاننگ کمیشن کو بھجوا دیا، امید ہے اسی سال پی سی ون منظور ہوجائے گا۔ ایم ایل ون پر کام اگلے سال سے شروع کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ منصوبے کی رفتار کو مزید تیز کریں گے، ایم ایل ون پراجیکٹ سی پیک منصوبوں کا دل ہے۔ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ایم ایل ون منصوبہ ناگزیر ہے۔

    چینی سفیر کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون اہم منصوبہ ہے، چین اس کے لیے تمام وسائل فراہم کرے گا۔ چینی حکومت اور ریل کمپنیاں، پاکستان ریلوے کو معاونت فراہم کریں گی۔

    اس سے قبل شیخ رشید نے شیخوپورہ ریلوے اسٹیشن کے لیے ایک کروڑ فنڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیخوپورہ ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ شیخوپورہ کے لیے 16 ٹرینیں پہلے سے ہی چل رہی ہیں، قراقرم اسٹاپ کی بحالی میٹنگز میں طے پائے گی۔

  • عوام ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی

    عوام ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی

    کراچی: کراچی سے لاہور جانے والی عوام ایکسپریس روہڑی کےقریب ٹرین ڈرائیور کی حاضر دماغی کے باعث بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عوام ایکسپریس اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھی کہ ٹرین نے جیسے ہی مرادشاہ پھاٹک کراس کیا تو ٹریک کی فش پلیٹیں کھل گئیں جس سے ریلوے لائن دو حصوں میں تقسیم ہوگئی۔

    یہ بھی پڑھیں: سانحہ تیزگام : 62جاں بحق افراد میں سے اب تک صرف5 لاشوں کی شناخت ہوسکی

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اچانک پیدا ہونے والی اس غیر معمولی صورتحال میں ٹرین ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہنگامی بریک لگا کر ٹرین کو روک لیا جس کے باعث ٹرین بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ حادثےکے باعث اپ لائن پر ریلوے ٹریفک معطل ہو گئی اور کراچی سے آنے والی سندھ ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس کو روہڑی میں روک لیا گیا۔

  • نئے الیکشن کا مطالبہ کرنے والے الیکشن کمیشن بنانے میں تعاون نہیں کر رہے: شیخ رشید

    نئے الیکشن کا مطالبہ کرنے والے الیکشن کمیشن بنانے میں تعاون نہیں کر رہے: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جو نئے الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ الیکشن کمیشن بنانے میں تعاون نہیں کر رہے۔ شفاف الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں تو جج اپنا کیوں لگانا چاہتے ہیں؟

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رائل پام کا ریسٹورنٹ بنالیا ہے، فوڈ کورٹ کی بھی 25 دسمبر کو اوپننگ ہوگی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فریٹ ٹرین کا کرایہ کل سے 10 فیصد کم کر رہے ہیں، ریلوے خسارے کو 3 سال میں کم کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جس دن سچ بولیں گے وہ دن ان کی سیاست کا آخری دن ہوگا، انہوں نے ایک چیف الیکشن کمشنر 2013 اور دوسرا 2018 میں بنایا۔ جو نئے الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ الیکشن کمیشن بنانے میں تعاون نہیں کر رہے۔

    وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بیمار نواز شریف ہے اور ٹوکن کے طور پر شہباز شریف لندن میں ہے، اگر اختیار عدالتوں کو دے دیے گئے تو فیصلے بھی وہی کریں گے۔ شفاف الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں تو جج اپنا کیوں لگانا چاہتے ہیں؟

    انہوں نے کہا کہ ہم 2 چیف الیکشن کمشنرز کے فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف کے واپس آنے میں تاخیر دیکھ رہا ہوں۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ پاکستان میں ان ہاؤس تبدیلی یہ لوگ چیئرمین سینیٹ کے لیے نہیں لا سکے، جن کے اپنے 14 لوگ کم نکلے وہ ملک میں کیا خاک تبدیلی لائیں گے۔ مجرم نواز شریف باہر جا سکتا ہے تو یہ حق ملزم آصف زرداری کو بھی حاصل ہے۔

  • عمران خان کی قیادت میں بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں: شیخ رشید

    عمران خان کی قیادت میں بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں: شیخ رشید

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں، عالمی اداروں نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی چیمبرز کا رکن رہا ہوں، موٹر سائیکل بیچ کر چیمبرز کی فیس جمع کروا کر ممبر بنا تھا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک وقت آیا کہ میں سلک کا سب سے بڑا ایکسپورٹر بنا۔ میں نے بزنس کے بجائے سیاست کو ترجیح دی، 8 بار وفاقی وزیر رہا، کبھی کسی تاجر سے بھتہ نہیں لیا۔

    انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی خواتین تعلیم میں پہلے نمبر پر ہیں۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون سے راولپنڈی تا کراچی کا سفر صرف 8 گھنٹے ہوجائے گا، ایم ویل ون سے ایک لاکھ ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کل موڈیز نے پاکستان کے بہتر نتائج کی رپورٹ دی ہے، عمران خان کی قیادت میں بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ عالمی اداروں نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کیا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں چھوٹے موٹے مسئلے لگے رہتے ہیں۔ پاکستان کا بہترین اسپتال راولپنڈی میں بننے جا رہا ہے۔ اس اسپتال میں 14 آپریشن تھیٹر ہوں گے۔ وزارت ریلوے کا خسارہ 3 سال میں ختم کریں گے۔

  • عدالت تیزگام حادثے کے متاثرین کو معاوضہ ادا نہ کیے جانے پر برہم

    عدالت تیزگام حادثے کے متاثرین کو معاوضہ ادا نہ کیے جانے پر برہم

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے تیز گام حادثے کے متاثرین کو تاحال معاوضہ ادا نہ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے تیزگام ریلوے حادثے کی آزادانہ انکوائری کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

    عدالت نے کہا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے متاثرین کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا تو ٹرین حادثے کے متاثرین کو معاوضہ ابھی تک کیوں ادا نہیں کیا گیا؟ وکیل ریلوے نے عدالت کو بتایا کہ وفاق نے ٹرین متاثرین کے معاوضے ادا کرنے ہیں۔

    دریں اثنا، عدالت نے وفاق اور وزارت ریلوے سے ٹرین حادثات سے بچنے سے متعلق اقدامات پر اور تیز گام ٹرین حادثے کی انکوائری رپورٹ طلب کر لی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے حکم دیا کہ وزارت داخلہ ٹرین حادثے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائے، یہ رپورٹ دیکھنے کے بعد اس کیس کا فیصلہ دوں گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سانحہ تیزگام: تبلیغی جماعت کا اہم خط جاری

    خیال رہے کہ گزشتہ سماعت میں عدالت نے وفاق کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا تھا، تاہم عدالتی حکم کے باوجود وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ نے جواب داخل نہیں کرایا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت 13 جنوری تک کے لیے ملتوی کر دی۔

    یاد رہے کہ تیز گام کا یہ افسوس ناک سانحہ 31 اکتوبر کو پیش آیا تھا جب صوبہ پنجاب کے شہر لیاقت پور کے قریب تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں میں اچانک آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 74 افراد جاں بحق ہوئے۔

  • خسارے میں چلنے والی ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہونے لگا

    خسارے میں چلنے والی ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہونے لگا

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں وزیر ریلوے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خسارے میں چلنے والی ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہونے لگا ہے، ریلوے آمدن میں 9.96 فی صد اضافہ نوٹ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزارتِ ریلوے سے متعلق تحریری جواب پیش کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ خسارے میں چلنے والی ریلوے کی آمدن میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، مالی سال 2018-19 کے دوران ریلوے کی آمدن میں 9.96 فی صد اضافہ ہوا۔

    ریلوے کو گزشتہ مالی سال میں 4938 ملین روپے کی اضافی آمدن ہوئی تھی، 2018-19 میں ریلوے کے سالانہ اخراجات میں بھی 1085 ملین کی کمی ہوئی۔

    قومی اسمبلی کے وقفۂ سوالات میں وفاقی پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے کہا کہ تیز گام ٹرین حادثے میں 75 سے زائد لوگ جاں بحق ہوئے، حادثے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے، اصل وجوہ چند روز میں سامنے آ جائیں گی، جیسے ہی تحقیقات مکمل ہوں گی تو ایوان کے سامنے لے آئیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سانحہ تیز گام: وزارتِ ریلوے کے متعدد افسران معطل اور عہدوں سے برطرف

    پیپلز پارٹی کے رکن منور تالپور نے سوال کیا کہ ٹرین حادثے پر وزیر ریلوے کو برطرف کیوں نہیں کیا گیا، وزیر اعظم نے خود کہا تھا کہ ٹرین حادثے پر وزیر ریلوے کو مستعفی ہونا چاہیے، جس پر فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر ریلوے کے استعفے کی بات تب کریں جب پہلے کوئی مثال قائم کی گئی ہو۔

  • ریلوے میں 70 سال سے ڈیزاسٹرمینجمنٹ کا کوئی تصور نہیں، قرۃ العین

    ریلوے میں 70 سال سے ڈیزاسٹرمینجمنٹ کا کوئی تصور نہیں، قرۃ العین

    لاہور: ڈائریکٹر پبلک ریلیشن ریلوے قرۃ العین نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پرنقصان ہو تو دیگر ادارے معاونت کرتے ہیں، ریلوے میں 70 سال سے ڈیزاسٹرمینجمنٹ کا کوئی تصور نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر پبلک ریلیشن ریلوے قرۃ العین نے کہا کہ تبلیغی اجتماع کے لیے جانے والوں کی چیکنگ آسان نہیں ہوتی۔

    انہوں نے کہا کہ مسافر اسٹیشن پر آتے ہیں تو پہلے ریلوے پولیس چیکنگ کرسکتی ہے، مسافر کے سوار ہونے کے بعد ٹرین کا گارڈ بھی سامان چیک کرسکتا ہے۔

    ڈائریکٹر پبلک ریلیشن ریلوے نے کہا کہ بہت سی میتیں ناقابل شناخت ہیں، مسافروں کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرین کے اپنے پاور سپلائی میں اتنی بڑی آگ نہیں بھڑک سکتی، ٹرین میں چھوٹی موٹی اسپارک ہوسکتی ہے مگر آگ نہیں لگ سکتی۔

    قرۃ العین نے مزید کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پرنقصان ہو تو دیگر ادارے معاونت کرتے ہیں، ریلوے میں 70 سال سے ڈیزاسٹرمینجمنٹ کا کوئی تصور نہیں ہے۔

    لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 74 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

    تیزگام ایکسپریس کو حادثہ صبح چھ بجکر پندرہ منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا تھا۔

  • ریلوے میں سب سے کم حادثات میرے دور میں ہوئے، شیخ رشید

    ریلوے میں سب سے کم حادثات میرے دور میں ہوئے، شیخ رشید

    ملتان: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے کی تاریخ میں سب سے کم حادثات میرے دور میں ہوئے جس کا ریکارڈ موجو ہے جو پیش کر سکتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ تیز گام ایکسپریس کے زخمیوں کی عیادت کے بعد ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے سانحے میں 74 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

    وزیر ریلوے نے حادثے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سلنڈر اور چولہا جلانے کی وجہ سے اتنا بڑا سانحہ رونما ہوا، تبلیغی جماعت کے لوگ ناشتے کی تیاری کے لیے چولہا جلانے لگے تو گارڈ نے انہیں روکا لیکن گارڈ کےجانے کے بعد انہوں نےچولہا جلا لیا۔

    شیخ رشید نے سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو15،15لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 3 سے5 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان بھی کیا۔

    وزیر ریلوے نے بتایا کہ وزیراعظم نےواقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور 10 روز میں انکوائری مکمل کرکے مجرموں کو سزا دیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو ہٹانے کا مطالبہ

    شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ سب سے کم ٹرین حادثات ان کے دور میں ہوئے،ٹرین حادثات کا ریکارڈ موجود ہے جو پیش کرسکتا ہوں۔

    استعفے کے سوال پر وزیرریلوے نے جواب دیا کہ میرا استعفیٰ کوئی مسئلہ نہیں اس حوالے سے اتوار کو جواب دوں گا۔

    یاد رہےکہ لیاقت پور کے قریب تیزگام ایکسپریس میں آتشزدگی کے ہولناک واقعے میں تین بوگیوں میں سوار درجنوں مسافرزندہ جل گئے۔

    حادثے کے بعد بہاولپور ملتان اوررحیم یارخان کےسرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی،ایم ایس ڈی ایچ کیو لیاقت پورکےمطابق 12 مسافروں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ جاں بحق اورزخمیوں کی شناخت کی کوشش کررہے ہیں،14 لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔

  • ریلوے میں انقلابی قدم اٹھانے جا رہے ہیں، شیخ رشید

    ریلوے میں انقلابی قدم اٹھانے جا رہے ہیں، شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ریلوے میں انقلابی قدم اٹھانے جا رہے ہیں، ریلوے کے تمام ملازمین کے گریڈ کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم ایل ون میں اس ہفتے پی سی ون شامل کردیں گے، ایم ایل ون کی ایکنک سے منظوری کا انتظار ہے۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ 15 نومبر سے ریلوے میں فوڈ کوٹ بھی شروع کر رہے ہیں، 5 فریٹ ٹرینیں پرائیوٹ سیکٹرز کے ذریعے چلیں گی۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے کے تمام ملازمین کے گریڈ کو اپ گریڈ کیا جائے گا، نئی تعیناتیوں میں رشوت ثابت ہو جائے تو میں ذمہ دار ہوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی سرحدوں پر خطرات کا سامنا ہے، سرحدوں پر تقریباً غیر اعلانیہ جنگ شروع ہو چکی ہے، مودی کے بارے میں کہا تھا یہ ہندو طرز کا خطرناک نظام لانا چاہتا ہے۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے کہتا ہوں یہ وقت مناسب نہیں ہے، مولانا فضل الرحمان اپوزیشن کی جماعتوں کو لیڈ کر رہے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ قانون اپنا کام کرے گا لوگوں کو ڈنڈابردار کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا کے غبارہ 10 ایم جی کا تھا ہوا 100ایم جی بھر گئی ہے، مولانا صاحب کاغبارہ پھٹنے جا رہا ہے۔