Tag: ریلی

  • پہلے ہی کہا تھا مودی انسان کا بچہ نہیں بنےگا، بھارت بدنام ہورہا ہے، شاہد آفریدی

    پہلے ہی کہا تھا مودی انسان کا بچہ نہیں بنےگا، بھارت بدنام ہورہا ہے، شاہد آفریدی

    کراچی: سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پہلے ہی مودی کے بارے میں کہا تھا انسان کا بچہ نہیں بنےگا، بھارت بدنام ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کی سربراہی میں ریلی نکالی گئی، انھوں نے کہا کہ ہرجگہ مودی کی وجہ سے بھارت بدنام ہورہا ہے۔

    شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم تو خود کافی عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہیں، کس منہ سے بغیر تحقیقات کیے ہم پر الزام لگاتے ہو۔

    سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا شکریہ، سلیوٹ پیش کرتاہوں، دن کی روشنی میں دکھا دیا ہمیں کمزور نہ سمجھیں، لڑو ہماری فوج کے ساتھ تو تمہیں پتا چلے کہ تم کتنے تگڑے ہو۔

    شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں، کرکٹ کے تعلقات بہتر ہونے چاہیئں، آپ اپنی ٹیم بھیج رہے ہو نہ کھیلناچاہ رہے ہو۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا دین ہمیں امن سکھاتا ہے، نریندر مودی اپنے فائدے کےلیے مذہب کارڈ کھیلتا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/shahid-afridi-youtube-channel-blocks-india/

  • بلاول بھٹو آج کراچی میں انتخابی ریلی نکالیں گے

    بلاول بھٹو آج کراچی میں انتخابی ریلی نکالیں گے

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی ریلی کا آغاز 1 بجے بلاول ہاؤس سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں ریلی شیریں جناح کالونی، کیماڑی اور ٹاور سے ہوتی ہوئی لی مارکیٹ پہنچے گی یہاں سے ریلی چاکیواڑہ، شیرشاہ، سائٹ اور پاک کالونی سے ہوتی ہوئی پرانا گولیمار جائے گی۔

    بلاول بھٹو کی قیادت میں ریلی نشتر روڈ، لسبیلہ، گلبہار سے ہوتی ہوئی رضویہ چورنگی پہنچے گی جس کے بعد ریلی ناظم آباد پٹرول پمپ، لیاقت آباد 10 نمبر  کے راستے سے حسن اسکوائر جائے گی۔

    پیپلز پارٹی کی یہ ریلی یونیورسٹی روڈ سے ہوتے ہوئے صفورا اور ملیر کینٹ جائے گی اور وہاں سے ملیر کالابورڈ سے ہوتے ہوئے داؤد چورنگی پر ریلی کا اختتام ہوگا۔

    اس ریلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شرکا سے مختلف مقامات پر خطاب کریں گے۔

  • پاکستان تحریک انصاف کا آج دوبارہ ریلی نکالنے کا اعلان

    پاکستان تحریک انصاف کا آج دوبارہ ریلی نکالنے کا اعلان

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کا آج دوبارہ ریلی نکالنے کا اعلان کردیا ، جس کی قیادت عمران خان خود کریں گے، ریلی آج دو بجے زمان پارک سے نکلے گی اور داتا دربار جا کر ختم ہو گی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف لاہورمیں آج پھر انتخابی ریلی نکالے گی ، ریلی دوپہر 2 بجے زمان پارک سے شروع ہوگی اور گڑھی شاہو اور ریلوےاسٹیشن سے ہوتی ہوئی داتا دربار پہنچ کر اختتام پذیرہوگی۔

    شاہ محمود قریشی نے کارکنوں کو پرامن رہنے اور زمان پارک میں رکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ چاہتے ہیں ہم باہر نکلیں اور وہ کارروائی کریں۔

    ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے پروگرام ساڑھے 5 بجے تک ختم کرنا ہوگا، سیکیورٹی کوبہتر رکھنےکیلئےپی ٹی آئی فوکل پرسن ضلعی انتظامیہ سےتعاون کریں گے۔

    استقبالیہ کیمپ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی راستے سے کسی جلوس کو ریلی میں شامل کیا جائے گا۔

    کمشنر لاہور نے ریلی کے روٹ میں آنے والے اسکولوں اور کالجوں کو دوپہر 12 بجے بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

    ،کمشنرلاہور کا کہنا تھا کہ ریلی کے روٹ میں آنے والی تمام دکانیں اور بازار بھی 12 بجے کے بعد بند کردی جائیں۔

    کمشنرلاہور کی جانب سے سیکریٹری اسکولز،ہائرایجوکیشن اور ڈپٹی کمشنر کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے کارکنوں کو پرامن رہنے اور زمان پارک میں رکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ چاہتے ہیں ہم باہر نکلیں اور وہ کارروائی کریں۔

  • کراچی میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد

    کراچی میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کے شرکا نے پاک فوج وی لو یو کے نعرے لگائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد کیا گیا، شہریوں کی بڑی تعداد ریلی میں شریک ہوئی۔

    ریلی کے شرکا نے پاک فوج وی لو یو کے نعرے لگائے جبکہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرکا نے کہا کہ ہمیں پاک فوج پر بھرپور اعتماد ہے۔

    پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ڈرگ روڈ سے شروع ہونے والی ریلی کالا پل تک جائے گی۔

  • یوم استحصال کشمیر: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ریلی

    یوم استحصال کشمیر: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ریلی

    اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کے یوم استحصال کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں دفتر خارجہ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے یوم استحصال کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں دفتر خارجہ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، ریلی میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے افسران بھی شریک ہیں۔

    ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں، دنیا بھر میں موجود کشمیریوں نے اس اقدام کی مذمت کی۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی قیادت نے بھارتی اقدامات کو مکمل مسترد کیا۔

    اس سے قبل یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو 24 ماہ ہوگئے، پاکستان کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے، عالمی برداری بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ منصفانہ جدوجہد میں ناقابل شکست جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارت نے کشمیری کے عوام کی منفرد شناخت اس غلط فہمی میں ختم کرنے کی کوشش کی کہ وہ اس اقدام سے جذبہ حریت کو کچل دے گا مگر مودی حکومت کی کوشش ہمیشہ رائیگاں جائے گی۔

    وزیر خآرجہ نے مزید کہا تھا کہ کشمیریوں کو استصواب رائے حق پر سمجھوتہ کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، بھارت کے عزائم بری طرح ناکامی سے دو چار ہیں، بھارتی اقدامات کو کشمیریوں، پاکستان اور عالمی برادری نے مسترد کردیا۔

  • اب کشمیریوں کے حقوق نہیں تشخص کو مٹانے کی بات ہورہی ہے: شاہ محمودقریشی

    اب کشمیریوں کے حقوق نہیں تشخص کو مٹانے کی بات ہورہی ہے: شاہ محمودقریشی

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج یوم آزادی کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی کے طور پر منا رہے ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

    اسلام آباد میں ’’یکجہتی کشمیر ریلی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ اب کشمیریوں کے حقوق نہیں تشخص کو مٹانے کی بات ہورہی ہے ، کیا مقبوضہ کشمیر میں خوشحالی کرفیو کے سائے میں آئے گی؟۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں آج اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے، مطالبہ کیا ہے اسکی تفصیلات قوم کی سامنے پیش کردی ہے، سلامتی کونسل سے ہنگامی اجلاس کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے مشاورت میں کہا یہ ہمارا تاریخی مطالبہ ہے، سوئے ہوئے ضمیروں کو جگانہ ہوگا، نریندر مودی کا ہٹلر حکومت سے نظریہ ملتا ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مودی کرفیو اٹھا کر کشمیریوں کو رائے اظہار کرنے کا موقع دے، دودھ کا اور پانی کا پانی ہوجائے گا، امید ہے حق اور سچ کی فتح ہوگی۔

    پاکستان نے مقبوضہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا

    شاہ محمود قریشی کا خطاب کے دوران کہنا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ کو کشمیریوں کی پٹیشن ارسال کردی ہے، بھارتی سپریم کورٹ میں انصاف کرنے کی ہمت ہے؟

    انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بھارتی سپریم کورٹ نے مودی سرکار کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے؟ کل لندن، امریکا اور یورپ میں باضمیر لوگ یوم سیاہ منائیں گے۔

  • فلپائن میں ہم جنس پرست سڑکوں پر آگئے

    فلپائن میں ہم جنس پرست سڑکوں پر آگئے

    منیلا/اسکوپیے : فلپائنی صدر ڈوٹیرٹے نے ہم جنس پرستوں کی پریڈ سے خطاب کے دوران اپنے مخالفین کےلیے کئی مرتبہ ’گے‘ لفظ استعمال کیا جس پر شرکا ء نے ناراضی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائنی دارالحکومت منیلا میں ”گے “پریڈ کا اہتمام کیا گیاجس پریڈ میں ہزاروں ہم جنس پرستوں نے شرکت کی، دوسری جانب شمالی مقدونیہ کے دارالحکومت اسکوپیے میں بھی ہم جنس پسندوں کی پہلی ریلی نکالی گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ پریڈ ایسے وقت میں منعقد کی گئی جب فلپائنی صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے چند روز قبل کہا تھا کہ وہ ہم جنسی پرستی کی بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ صدر ڈوٹیرٹے نے لفظ ”گے“ کئی مرتبہ اپنے مخالفین کے لیے تقاریر میں استہزائیہ انداز میں بھی استعمال کیا، پریڈ کے کئی شرکاءملکی صدر کے ایسے بیانات پر ناراضی کا اظہار کرتے دیکھے گئے۔

    منتظمین کے مطابق پریڈ میں تیس ہزار سے زائد افراد شریک تھے، دوسری جانب شمالی مقدونیہ کے دارالحکومت اسکوپیے میں بھی ہم جنس پرستوں کی جانب سے پہلی ریلی نکالی گئی۔

    یاد رہے کہ جنوب مشرقی ایشیا میں واقع مسلم اکثریتی ملک برونائی میں رواں سال اپریل میں نئے اسلامی قوانین کا اطلاق کیا گیا تھا، جس کے تحت ہم جنس پرستی کرنے اور بدفعلی کے مرتکب افراد کو سنگسار کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    انسانی حقوق کی عالمی تنظیم اور دیگر ممالک نے شرعی قوانین کے نفاذ کا اعلان کرنے کے بعد برونائی کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ اعلان کو واپس لیا جائے ، ابتدائی طور حکومت نے ان مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے اسے اندرونی معاملہ قرار دیا تھا۔

    بعد ازاں جنوب مشرقی ایشیاء کے ملک برونائی دارالسلام کے سلطان حسن البلقیہ نے عالمی سطح پر سخت تنقید کے بعد اعلان کیا ہے کہ ہم جنس پرستی اور زنا کے مرتکب افراد کو سنگسار نہیں کیا جائے گا۔

  • راولپنڈی ’’ اُن ‘‘ کا نہیں نواز شریف اور ن لیگ کا شہر ہے، سابق وزیراعظم

    راولپنڈی ’’ اُن ‘‘ کا نہیں نواز شریف اور ن لیگ کا شہر ہے، سابق وزیراعظم

    راولپنڈی: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی ’’ اُن ‘‘ کا نہیں بلکہ نواز شریف کا شہر ہے، ملک میں کسی وزیراعظم کو مدت پوری نہیں کرنے دی گئی اس سے ملک میں ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا ہوئی اور ملک پیچھے رہ گیا۔

    یہ بات انہوں نے کمیٹی چوک پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ نواز شریف آج شب پنجاب ہاؤس میں قیام کریں گے اور صبح 11 بجے کچہری چوک سے روانہ ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں کسی وزیراعظم کو مدت پوری نہیں کرنے دی گئی ،کسی وزیراعظم کو پھانسی پر چڑھادیا جاتا ہے کبھی صدر کے ذریعے فارغ کردیا جاتا ہے اور اب عدلیہ کے ذریعے منتخب وزیراعظم کو برطرف کیا جا رہا ہے آخر یہ سب کب تک چلتا رہے گا ؟

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو عوام منتخب کرتی ہے جسے قبول نہیں کیا جا رہا اور سازشیں کر کے عوام کے ووٹوں کی توہین کی جا تی ہے اور منتخب لوگوں کو باہر کردیا جاتا ہے اب عوام یہ سب برداشت نہیں کریں گے اپنے ووٹ کی توہین کے خلاف عوام میرے ساتھ اُٹھ کھڑی ہو گی۔

    سپریم کورٹ سے نااہل ہونے والے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بڑی مشکل سے جمہوریت کی ریل پٹڑی پر چڑھی تھی اور ہم نے آہستہ آہستہ ماضی کی خامیوں کو دور کرتے ہوئے ترقی کا سفر دوبارہ سے شروع کیا اور ملک سے لوڈ شیڈنگ کے 2017 کے آخر تک خاتمے کے لیے منصوبہ بندی مرتب دے رکھی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک پر کام جاری تھا سڑکوں کا جال بچھ رہا تھا معیشت بحال ہو چکی تھی، کراچی میں امن کا بول بالا ہوا اور بلوچستان میں امن بحال کیا اور سرمایہ کاری پاکستان آنے لگی لیکن مجھے برطرف کردیا گیا، تو کیا مجھے ان تمام کاموں کی سزا دی گئی ہے؟

    سابق وزیراعظم نے ریلی کے شرکاء سے وعدہ لیا کہ ووٹ کی عزت اور جمہوریت کے لیے میرے ساتھ مل کر جدو جہد کریں گے کسی خوف اور ڈر کے تابع ہو کر پیچھے نہیں ہٹیں گے بلکہ میرے ساتھ ساتھ جدو جہد کرتے رہیں گے اور اپنے وزیراعظم کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

    انہوں نے ریلی کے شرکا کے پرجوش استقبال پر راولپنڈی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں بغیر کسی اقتدار کے لالچ کے اپنے بزرگ، بھائی، بہن اور بچوں کا ساتھ دوں گا یہ انقلاب ہے جو اس ملک میں لانا ہوگا تاکہ پھر سے کوئی جمہوریت پر شب خون نہیں مارے۔

    سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آج ریلی میں کچھ میڈیا ہاؤسز کے خلاف غم و غصے کا مظاہرہ کیا گیا جس پر مجھے تکلیف ہوئی کیوں کہ ہماری جماعت میں میڈیا کا احترام کیا جاتا ہے اس لیے آپ کو ہدایت دیتا ہوں کہ میڈیا کے بھائیوں کے ساتھ بہترین رویے کا برتاؤ رکھیں۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ صبح کچہری چوک سے اپنے دوبارہ ریلی کا آغاز کریں گے اور اپنی منزل مقصود کی جانب سفر جاری رکھیں گے اور انشا اللہ ملک میں نیا انقلاب آئے گا جہاں کوئی کروڑوں کے ووٹوں کی توہین نہیں کرسکے گا اور نہ منتخب حکومت کو فارغ کر سکے گا اب آپ سے اجازت چاہتا ہوں اور اب انشا اللہ صبح ملاقات ہو گئی۔

    قبل ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف کا قافلہ اسلام آباد سے لاہور کے لیے صبح ساڑھے 11 بجے روانہ ہوا جو 6 گھنٹے بعد فیض آباد پہنچا جہاں کچھ دیر توقف بعد یہ قافلہ مری روڈ پر رواں دواں رہا جہاں کارکنان کی بڑی تعداد نے اپنے قائد کا استقبال کیا۔

    کارکنان کے جذبات کو دیکھتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی گاڑی سے باہر آگئے اور ہاتھ ہلا کر کارکنان کے نعروں کا جواب دیا اور کارکنان میں گھل مل گئے۔

    قبل ازیں پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے روانگی کے وقت سابق وزیراعطم نواز شریف کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، اور دیگر وفاقی وزراء نے قافلے کو الوداع کہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    قافلے میں مسلم لیگ ن کے کارکن اور رہنما مختلف گاڑیوں میں سوار تھے اندازہ کیا جارہا تھا کہ یہ ریلی تین دن میں لاہور پہنچے گی۔

    سابق وزیراعظم کی لاہورروانگی سے قبل پنجاب ہاؤس میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں شاہد خاقان عباسی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی قیادت نے ریلی کے روٹ کے حوالے سے مشاورت کی۔

    ریلی کا روٹ


    ذرائع کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو مجاہد پلازا بلیو ایریا، فیصل چوک، زیرو پوائنٹ، آئی ایٹ اور فیض آباد میں استقبالیہ دیا جائے گا، جس کے بعد ریلی مری روڈ پر فیض آباد، شمس آباد، رحمان آباد، چاندنی چوک، ناز سینما، کمیٹی چوک اور لیاقت باغ سے گزرے گی۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کی ریلی فیض آباد، شمس آباد اور کچہری چوک، جی ٹی روڈ سے مندرہ، گجر خان، سہاوا اور دینہ سے گزرتی ہوئی جہلم پہنچے گی، جہاں نواز شریف کارکنوں سے خطاب کریں گے اور رات کو قیام کریں گے۔

    دوسرے دن نوازشریف گوجرانوالہ میں قیام کریں گے جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ تیسرے دن سابق وزیراعظم گوجرانوالہ سے لاہور کےلیےنکلیں گے۔

    وفاقی وزیر مشاہد اللہ کا ریلی سے خطاب 


    وفاقی وزیر اور سینیٹر مشاہد اللہ نے پری روڈ پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف عوام کی آواز ہیں اور عوام اپنے محبوب کو شایان شان طریقے سے استقبال کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس ریلی میں نہ تو گانا گانے والے موجود ہیں اور نہ ہی ناچنے والیاں، اس کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد اپنے محبوب قائد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکلی ہے۔

    وفاقی وزیر طلال چوہدری کا ریلی سے خطاب 


    ریلی سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پاناما سے شروع ہونے والا کیس اقامہ پر جا کر ختم ہوا، پہلے کہا گیا کہ اربوں کی کرپشن ہوئی ہے کھربوں کا معاملہ ہے لیکن نکلا کیا محض ایک اقامہ اور اس بنیاد پر منتخب وزیراعظم کو گھر بھیج دیا گیا۔

    طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف آج بھی عوام کے وزیراعظم ہیں اور عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور آج مری روڈ پر موجود ایک ایک شخص کا یہی نعرہ ہے کہ ہمارا وزیراعظم نواز شریف ۔۔۔ وزیر اعظم نواز شریف۔

    وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا ریلی سے خطاب


    وفاقی وزیر برائے ریلوے اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نوازشریف کی نااہلی قبول نہیں کرتے، ہمارا قائد وزارتِ عظمیٰ کا خواہش مند پہلے بھی نہیں تھا اور اب بھی نہیں ہے۔

    ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نوازشریف کے خلاف کوئی ادارہ سازش نہیں کررہا اور نہ ہم کسی پر الزام لگا رہے ہیں، عوام اور کارکنان کی محبت یہ بتا رہی ہے کہ نوازشریف آئیں گے اور چھا جائیں گے۔


    کبھی صدر، کبھی آمر تو کبھی عدلیہ نے منتخب وزیراعظم کوبرطرف کیا، نوازشریف


    ٹریفک پلان کے مطابق نواز شریف کی ریلی کے دوران کم سے کم 600 ٹریفک پولیس اہلکار موجود تھے جن میں ایس ایس پی، ایس پی ٹریفک، چار ڈی ایس پیز اور 23 انسپیکٹرز تعینات تھے۔

    جناح ایونیو ایکسپریس چوک سے ایف ایٹ ایکسچینج اور فیصل چوک سے کھنہ پل تک ایکسپریس ہائی وے ٹریفک کے لیے بند رہی۔


    کارکنان اپنے قائد کا بھرپوراستقبال کریں، خواجہ سعد رفیق


    ٹریفک پولیس کے مطابق راول ڈیم چوک سے فیض آباد تک مری روڈ ٹریفک کے لیے بند ، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس بھی بند رہی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ شب میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینیٹر آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز کے کارکن نواز شریف کا استقبال کرنے کے لیے بے چین ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ نواز شریف کے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پاکستان کے عوام خود انھیں سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

    یاد رہے کہ نواز شریف نے وزیراعظم کے عہدے سے معزولی کے بعد بدھ کو لاہور جانے کے پروگرام میں تبدیلی کرتے ہوئے موٹروے کے بجائے جی ٹی روڈ کے ذریعے لاہور جانے کا اعلان کیا تھا۔

    اس سے قبل طے شدہ شیڈول کے مطابق سابق وزیراعظم نے اتوار کو موٹروے کے ذریعے لاہور پہنچنا تھا۔


    پاناما کیس: وزیراعظم نوازشریف نا اہل قرار


    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 28 جولائی کو سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے حوالے سے جے آئی ٹی کی رپورٹ پر سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دے دیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • جہاں کارکنوں کا پیاربڑھےگا وہاں نوازشریف خطاب کریں گے‘ آصف کرمانی

    جہاں کارکنوں کا پیاربڑھےگا وہاں نوازشریف خطاب کریں گے‘ آصف کرمانی

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے سینیٹر آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ سدا بہارقائد اور لیڈرنوازشریف کی جھلک دیکھنےلوگ نکل گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینیٹر آصف کرمانی نے پنجاب ہاؤس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کا قافلہ پورےعزم کےساتھ جی ٹی روڈ پررواں دواں ہوگا۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ نوازشریف کےخطاب کے بارےمیں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا جہاں کارکنوں کا پیاربڑھےگا وہاں نوازشریف خطاب کریں گے۔

    آصف کرمانی نے کہا کہ ٹائم فریم نہیں دےسکتا،معلوم نہیں دوپہرکہاں اوررات کہاں ہوگی،معلوم نہیں لاہورکب پہنچیں گے،ہماری منزل داتا کی نگری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریلی سےخوفزدہ لوگ افواہیں پھیلارہےہیں، ہماری سیکیورٹی اللہ کی ذات اورپاکستان کےعوام ہیں۔


    سیکیورٹی خدشات کے باوجود نوازشریف لاہور جائیں گے، آصف کرمانی


    یاد رہے کہ گزشتہ شب مسلم لیگ ن کےسینیٹر آصف کرمانی نے کہا تھا کہ جی ٹی روڈ پر عوام اپنے قائد کو دیکھنے کے لیے بے چین ہیں، سیکیورٹی خدشات ہیں مگر اللہ کا نام لے کر نوازشریف کا کارواں لاہور کے لیے نکلے گا۔

    واضح رہے کہ آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ قافلہ نکلنے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ کہاں قیام کرنا ہے اور جہاں بھی اتفاق ہوا وہی پر پڑاؤ ڈالا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی: ایم کیو ایم پاکستان آج حقوق ریلی نکالے گی

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان آج حقوق ریلی نکالے گی

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان آج شہرقائد میں حقوق ریلی نکالے جو لیاقت آباد 10نمبر سے ہوتے ہوئے مزارقائد پراختتام پذیر ہوگی۔

    تفصیلات کےمطابق کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان آج لیاقت آباد10نمبر سے مزار قائد تک حقوق ریلی نکالے گی۔جس میں فاروق ستار سمیت اراکین رابطہ کمیٹی خطاب کریں گے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان کاکہناہےکہ آج کی ریلی عوام کے حقوق کے حصول کا آغاز ہے اور آج ہم حکومت کی کرپشن کو بے نقاب کریں گے۔

    دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کےرہنما فیصل سبزواری کا کہناہےکہ 8سال میں سندھ حکومت نے کراچی کو پتھر کےدور میں دھکیل دیا۔

    ادھر ایم کیوایم پاکستان کےرہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہناہےکہ آج کی ریلی میں عوام کا سیلاب ہوگا جو پیپلزپارٹی کا احتساب کرے گا۔


    ایم کیو ایم پاکستان کی ریلی : ڈاکٹرفاروق ستار کی مصطفیٰ کمال کو دعوت


    یاد رہےکہ گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے سربراہ پی ایس پی مصطفی کمال کو تئیس اپریل کی احتجاجی ریلی میں شرکت کی دعوت دی تھی

    واضح رہےکہ ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق ان کے احتجاج کا آغاز لیاقت آباد نمبر 10 سے ہوگا اور اس کا اختتام مزار قائد پر ہوگا


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں