Tag: ریلیف فنڈ

  • وفاقی کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ ترک بھائیوں کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان

    وفاقی کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ ترک بھائیوں کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی کابینہ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ امدادی فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فنڈ سے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی مشکل گھڑی میں معاونت کی جائے گی، کابینہ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ امدادی فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے مخیر حضرات سے برادر ملک ترکیہ کی فراخدلانہ مدد کی اپیل بھی کی ہے۔

    خیال رہے کہ پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ پاکستان آرمی کی یو ایس اے آر ٹیم لے کر ترکیہ کے ادانہ ایئرپورٹ پر پہنچ چکا ہے، طیارہ نور خان بیس سے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم اور کمبل لے کر ترکیہ پہنچا ہے۔

    اسی پرواز میں حکومت پاکستان کی جانب سے کارگو ایڈ بھی بھیجی گئی ہے۔

    ایک اور سی 130 طیارہ خیمے اور کمبل کی پیکنگ مکمل ہوتے ہی آج ہی لاہور سے روانہ کیا جائے گا۔

  • ڈاکٹر زیلف منیر کی وزیر اعظم سے اسکائپ پر گفتگو، 100 ملین کا عطیہ

    ڈاکٹر زیلف منیر کی وزیر اعظم سے اسکائپ پر گفتگو، 100 ملین کا عطیہ

    اسلام آباد: انگلش بسکٹس مینوفیکچررز کی سی ای او ڈاکٹر زیلف منیر نے وزیر اعظم عمران کے کرونا ریلیف فنڈ میں 100 ملین روپے عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انگلش بسکٹس مینوفیکچررز کی سی ای او ڈاکٹر زیلف منیر نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اسکائپ پر گفتگو کی، انھوں نے وزیر اعظم کرونا ریلیف فنڈ میں 100 ملین روپے کا عطیہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

    گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان اور ڈاکٹر زیلف منیر کے درمیان قوم کو درپیش صورت حال پر بھی تبادلہ خیال بھی کیا گیا، ڈاکٹر زیلف منیر نے لاک ڈاﺅن کے دوران مستحق گھرانوں کو خوراک اور دیگر اشیائے ضرورت کی فراہمی کے لیے حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    سی ای او موبی لنک نے کرونا ریلیف فنڈ کے لیے 5 کروڑ کا چیک دے دیا

    یاد رہے چند دن قبل ڈاکٹر زیلف منیر نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی تھی، اس موقع پر انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو سندھ ریلیف فنڈ برائے کو وڈ 19 کے لیے 20 ملین روپے کے عطیے کا چیک پیش کیا تھا، جو انگلش بسکٹ کے جذبہ خیر سگالی اور سماجی ذمہ داری کے اقدامات کا حصہ تھا۔

    واضح رہے کہ کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر فنڈ قائم کیا گیا ہے جس میں مخیر حضرات سے عطیات جمع کرانے کی اپیل کی گئی تھی، گزشتہ روز سیلولر کمپنی جاز موبی لنک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے بھی وزیر اعظم کرونا ریلیف فنڈ میں 5 کروڑ روپے کا چیک دیا تھا۔