لاہور: پنجاب پولیس نے اپنے اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے، جس میں طبی علاج کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ پولیس پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے پولیس اہلکاروں کی طبی امداد کے لیے 34.5 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق ریٹائرڈ کانسٹیبل محمد اقبال کو جگر کے ٹرانسپلانٹ کے لیے 10 لاکھ روپے جبکہ ٹریفک وارڈن فرحان پرویز کو گردے کے علاج کے لیے 10 لاکھ روپے دیے گئے،کانسٹیبل ضیاء اللہ کو سرجری کے لیے 5 لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔
ہیڈ کانسٹیبل عرفان شاہد کو کینسر کے علاج کے لیے ڈھائی لاکھ روپے اور سب انسپکٹر اورنگزیب کو دل کے علاج کے لیے دو لاکھ روپے دیے گئے، اسسٹنٹ سب انسپکٹر احسان، قمرالدین اور دلدار سبحانی کو ایک ایک لاکھ روپے ملے۔
مزید برآں، ریٹائرڈ کانسٹیبل اصغر علی اور فرحت عباس کو دو دو لاکھ روپے مختص کیے گئے، ترجمان نے تصدیق کی کہ فنڈز کی منظوری میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سفارش پر دی گئی۔
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کسانوں کے لیے قرض اسکیم کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ 26-2025 میں نوے لاکھ چھوٹے کسانوں کے لیے وزیراعظم ریلیف پیکج کی تیاری جاری ہے۔
ذرائع نے کہا کہ بجٹ میں چھوٹے کاشت کاروں کے لیے قرض اسکیم شروع کی جائے گی، ملک کے نوے لاکھ کاشت کاروں کو زرعی قرض دیئے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے کاشت کاروں کے لیے قرض اسکیم کی ہدایت جاری کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن کے درمیان خصوصی ملاقات میں چھوٹے کاشت کاروں کے لیے قرض اسکیم کے خدوخال پر بات چیت ہوئی ہے۔
اس سلسلے میں چھوٹے کاشت کاروں کے لیے قرضوں کی اسکیم کا پائلٹ پراجیکٹ ستمبر میں لانچ کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم زرعی پیکج کے تحت ساڑھے بارہ ایکڑ سے کم زمین کے کاشت کاروں کو قرض اور فصلوں کی انشورنس فراہم کیے جائیں گے اور کاشت کاروں کو جدید زراعت کے بارہ میں آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔
اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت 3 ماہ کے لیے بجلی سستی دی جارہی ہے، ریلیف مارچ سے جون تک فراہم کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت 3 ماہ کے لیے بجلی سستی دستیاب ہوگی، عمل درآمد پہلے سے حکومت کرچکی ہے جبکہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی 5 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی باقاعدہ منظوری بھی دی گئی ہے۔
نیپرا کا مزید کہنا ہے کہ ریلیف مارچ سے جون تک فراہم کیا جائے گا، حکومت صارفین کو 106 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔
اسلام آباد: یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ترجمان نے بیان جاری کیا ہے کہ رمضان ریلیف پیکج کا آغاز جلد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے احکامات کے مطابق رمضان ریلیف پیکج کا جلد آغاز ہوگا، جس میں 19 بنیادی اشیائے خور و نوش کی قیمتیں کم کی جائیں گی۔
ترجمان کا وفاقی حکومت کے ریلیف پیکج کے بارے میں کہنا تھا کہ کہ یہ پیکج پورے ملک کے عوام کے لیے ہے، کسی مخصوص طبقے کو نوازنے کے لیے نہیں، ملک بھر کے تمام اسٹورز پر ہر چیز وافر مقدار میں دستیاب ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ریلیف پیکج کا آغاز 8 جنوری سے ملک بھر میں بیک وقت کیا گیا ہے، اب تک کارپوریشن کی سیلز میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، مارچ کے مہینے میں 8 ارب سے زائد کی سیل ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم مشکل گھڑی میں عوام کو ان کی دہلیز پر اشیائے خور و نوش فراہم کر رہے ہیں۔ آٹے، چینی بحران کو کنٹرول کرنے میں یوٹیلٹی اسٹورز کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے ریلیف فنڈز قائم کرنے کا اعلان کیا تھا اور پاکستانیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ دل کھول کر عطیات دیں تاکہ اس مشکل وقت میں غریبوں یا متوسط طبقے کے لوگوں کی پریشانی دور کی جا سکے، اس سلسلے میں کرونا ریلیف ٹائیگر فورس بھی تشکیل دی گئی ہے۔
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کرونا سے لڑ نے کے لیے ریلیف فنڈ کے قیام اور ٹائیگرفورس بنانے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاکستانیوں اس وقت پوری دنیا کروناوائرس کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، ہرملک اس وقت اپنی استعداد کے مطابق کرونا کے خلاف لڑ رہا ہے،اس وقت دنیا میں کرونا کے خلاف کامیاب ہونے والا ملک چین ہے، چین نے ووہان میں 2 کروڑ لوگوں کو لاک ڈاؤن کیا اور کامیاب ہوگیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں 25 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے ہے، ہم لاک ڈاؤن کرلیں تو ایسے لوگوں کو راشن بھی فراہم کرنا ہوگا، ہم لوگوں کو راشن فراہم نہیں کرسکتے تو لاک ڈاؤن کا فائدہ نہیں ہوسکتا۔
کرونا وائرس کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ وائرس امیر یا غریب کا فرق نہیں کرتا، دنیا میں دیکھ لیں کیا ہو رہا ہے، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کرونا وائرس سے متاثر ہوئے۔
وزیراعظم نے بھارت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے 2،3 دن پہلے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کیا، آج وہ اپنی عوام سے معافی مانگ رہا ہے ۔انہوں نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کرونا کے خلاف جنگ حکمت سے لڑنی ہے، ہمیں اپنے ملک کے حالات دیکھنے ہیں اور اس کے مطابق فیصلے کرنے ہیں۔
وزیراعظم کا ریلیف پیکج کا اعلان
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دیا ہے، پاکستان کا ریلیف پیکج 8 ارب ڈالر کا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرونا ریلیف فنڈ کا اکاؤنٹ اسٹیٹ بینک میں ہوگا جس میں جمع کرائی گئی رقم پر کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایمان سب سے بڑی ہماری طاقت ہے، پاکستان وہ قوم ہے جو سب سے زیادہ خیرات دیتی ہے، دنیا میں دوسرے نمبر پر پاکستان میں نوجوان آبادی ہے، کرونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے ہمارے پاس یہ دو طاقتیں ہیں۔
وزیراعظم کا ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان
انہوں نے قوم سے خطاب کے دوران کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ یہ فورس فوج اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرےگی، جن علاقوں کو لاک ڈاؤن کریں گے ٹائیگر فورس کے رضا کار وہاں راشن پہنچائیں گے۔
کرونا سے متعلق وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا وائرس کے پھیلنے کے حوالے سے عوام کو آگاہ کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وائرس کے متاثرہ 4 سے 5 فیصد لوگوں کو اسپتال جانا پڑتا ہے، 86 فیصد ایسے مریض ہوتے ہیں جو ٹھیک ہوجاتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ وسائل سے نہیں جیتی جاسکتی،کرونا وائرس کے خلاف جنگ متحد ہو کر حکمت سے جیتی جاسکتی ہے، وسائل نہ ہونےکی وجہ سے ٹائیگر فورس کو استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ادارہ اپنے ملازمین کو بے روزگار نہیں کرے گا، اسٹیٹ بینک انہیں سستے قرضے دے گا۔
ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا
عمران خان نے قوم سے خطاب کے دوران کہا کہ ملک میں اناج کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزوں کو خبردار کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف ریاست سخت ایکشن لےگی، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کوکسی صورت نہیں چھوڑا جائےگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم کو بتاناچاہتا ہوں کرونا وائرس کے خلاف جنگ حکمت سے لڑنی ہے،لوگ خود احتیاط کریں،سماجی فاصلے رکھیں تا کہ کرونا جیسی وبا پر قابو پاسکیں۔
وزیراعظم پاکستان نے واضح کیا کہ ریاست کی سب سے پہلی ذمہ داری کمزور طبقے کی ہے، ہمیں کمزور طبقے کا بھرپور خیال رکھنا ہے،لوگوں کی تکلیف پر پیسہ بنانے والے لوگوں کو بھی ہم نے شکست دینی ہے۔
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے تعمیراتی انڈسٹری اور دیہاڑی دار افراد کے لیے ریلیف پیکج کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت ریلیف پیکج سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، وزیر اعظم نے حکومتی اداروں سمیت متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے اس سلسلے میں مشاورت کی۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے روزانہ اجرت پانے والے مزدوروں کے لیے ریلیف پیکج کا اصولی فیصلہ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ دیگر ممالک میں جب لاک ڈاؤن کیا جاتا ہے تو وہ لوگوں کے گھروں میں خوراک پہنچا دیتے ہیں، ہمارے کرونا ریلیف ٹائیگرز بھی پورے پاکستان میں بھیجے جائیں گے، ہم جائزہ لیں گے کہ کن علاقوں میں کرونا کا پھیلاؤ زیادہ ہے، وہاں یہ ٹائیگرز ضروری سپلائی فراہم کریں گے۔
دریں اثنا، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے بڑا پیکج لے کر آ رہے ہیں، ایسا پیکج پہلے اس انڈسٹری میں کبھی نہیں آیا۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ تعمیراتی انڈسٹری اپنے ساتھ جڑی دیگر صنعتوں کو بھی اوپر اٹھائے گی، روزگار پیدا ہوگا اور غریب کا چولھا بھی چلے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے کہا تھا کہ بزنس کمیونٹی کی مدد کرنے کے لیے بڑا سوچ سمجھ کر معاشی پیکج بنایا، مزدوروں کے لیے 200 ارب روپیا رکھا گیا ہے، ایکسپورٹ اور انڈسٹری جو سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، ان کو فوری طور پر 100ارب کے فنڈز دیے جائیں گے، سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری اور زراعت کے لیے 100 ارب رکھا ہے، ان کو کم شرح سود پر قرضے بھی دیے جائیں گے۔
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ ضرورت ہوئی تو ترقیاتی بجٹ سےکٹ لگا کر عوام پر خرچ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ریلیف پیکج سے متعلق میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ لاک ڈاؤن سے مشکلات ہیں ہمیں لوگوں کا احساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل کے مطابق معاشی پیکج کا اعلان کر رہا ہوں، احساس پروگرام میں رجسٹرڈ افراد کو 5 ہزار روپے تک دیں گے، 19 لاکھ خاندانوں کو احساس پروگرام کے تحت 5 ہزار روپے دیں گے،امدادی رقم وفاق اور صوبےکی طرف سے دی جائےگی۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ 11 ارب40 کروڑ روپے صوبائی حکومت کی جانب سے دیے جائیں گے، کاروباری طبقے کو ڈیڑھ ارب روپے کا ریلیف ٹیکسز میں دیں گے، ہیلتھ سیکٹر کے لیے 8 ارب روپےفوری جاری کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹیکس چھوٹ میں5 ارب روپے دےگی، مجموعی طور پر32 ارب روپے کا پیکج دیا جا رہا ہے، ہیلتھ، ریسکیو ورکز، سیکیورٹی اہلکار فرنٹ لائن پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں صحت کے شعبے میں 8 ارب روپےخرچ کیے جائیں گے، ضرورت ہوئی تو ترقیاتی بجٹ سے کٹ لگا کر عوام پر خرچ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1252 تک جا پہنچی ہے، سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے اب تک 10 افراد جاں بحق اور 23 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
کراچی: سندھ حکومت نے وفاقی کابینہ کے مہنگائی پیکج کو مذاق قرار دے دیا، وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ 15 ارب کا پیکج غریبوں کے ساتھ عجیب مذاق ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر زراعت اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ آٹا، چینی، گھی، پیٹرول سمیت عام اشیا کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، یہ پندرہ ارب بھی غیر شفاف طریقے سے ہڑپ کر لیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 22 کروڑ کی آبادی کے لیے 15 ارب روپے کا پیکج مذاق ہی ہے، یہ پیسے بھی ان کی جیب میں جائیں گے جنھوں نے آٹے چینی کا بحران پیدا کیا، موجودہ حالات میں اگر پندرہ ارب ہر ماہ دیے جائیں تو بھی کم ہیں، اگر پچاس کروڑ روزانہ بھی دیں گے تو مطلب یہ ہوا کہ 2 روپیا فی شخص، یہ مذاق نہیں تو کیا ہے۔
اسماعیل راہو نے کہا کہ حکومتی فیصلوں نے عوام کو کنگال کر کے رکھ دیا ہے، ہم سب سمجھتے ہیں بے وقوف نہیں ہیں، جو غریب پہلے 20 ہزار میں گزارہ کرتا تھا اب 35 ہزار میں بھی پریشان ہے، 15 ارب عوام کے لیے نہیں بلکہ اے ٹی ایم اور مافیا کے لیے ریلیف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم خود بھی سمجھ چکے ہیں کہ اب محض بیانات سے ریلیف کے دعوؤں کا وقت تمام ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے کابینہ اجلاس میں عوام کے لیے 15 ارب روپے کا ریلیف پیکج منظور کرتے ہوئے آٹے اور چینی کے سرکاری نرخ مقرر کر دیے تھے، حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمت پر 15 سے 20 روپے فی کلو رعایت دی جائے گی، یوٹیلٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 805 روپے میں دستیاب ہوگا، چینی کا سرکاری نرخ 70 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا، کھانے کا تیل 175 روپے فی کلو دستیاب ہوگا۔
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کے لیے 15 ارب روپے کاریلیف پیکج منظور کرتے ہوئے آٹے اور چینی کے سرکاری نرخ مقرر کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، وفاقی کابینہ نے 15 ارب روپے کا ریلیف پیکج منظور کر لیا۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے مشیر تجارت رزاق داؤد سے سوال کیا کہ جی آئی جی سی ختم کرنے کے باوجود کھاد کی قیمتیں کم کیوں نہ ہوئیں؟ وزیراعظم نے وزارت تجارت کو ہدایت کی کہ کھاد کمپنیوں کو مقررہ ریٹ کا پابند بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کا استحصال نہیں ہونے دوں گا، مہنگائی کے معاملے پر روزانہ کی بنیاد پر خود دیکھوں گا،مافیا کی سہولت کاری والے بھی جرم میں برابر شریک ہوں گے۔
حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمت پر 15 سے 20 روپے فی کلورعایت دی جائے گی، یوٹیلٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 805 روپے میں دستیاب ہوگا، چینی کا سرکاری نرخ 70 روپے فی کلو مقرر کر دیاگیا، کھانے کا تیل175 روپے فی کلو دستیاب ہوگا۔
کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے 50 ہزار منی یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے قرضے ملیں گے، یوتھ اسٹورز پر اشیائے خوردونوش سرکاری ریٹ پر مہیا کی جائیں گی۔ وفاقی کابینہ نے نجی شعبے کو چینی درآمد کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کر دی، کمپنیاں ریگولیٹری ڈیوٹی ادا کیے بغیر چینی درآمدکر سکیں گی۔