Tag: ریلی کی اجازت

  • ریلی کی اجازت نہ دینے پر ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

    ریلی کی اجازت نہ دینے پر ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

    اسلام آباد: پی ٹی آئی نے ریلی کی اجازت نہ دینے پر ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحریک انصاف نے ڈی سی اسلام آباد کے خلاف ریلی کی اجازت نہ دینے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیف جسٹس سے اظہار یک جہتی کے لیے آج ریلی نکالی جانی تھی، لیکن اس کی اجازت نہیں دی گئی، جو عدالتی حکم کی توہین ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے ڈی سی اسلام آباد کو پی ٹی آئی کی ریلی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم ڈی سی ریلی کی اجازت نہیں دی۔

    پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں ریلی کی اجازت نہیں مل سکی

    جسٹس بابر ستار نے یہ بھی کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی درخواست بنیادی حقوق کے حوالے سے ہے، اس لیے اس پر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔ پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ ڈی سی اسلام آباد نے ریلی سے متعلق فیصلہ قانون کے مطابق نہیں کیا، جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

  • تحریک انصاف کو کون سی  شرائط پر ریلی کی اجازت دی گئی؟

    تحریک انصاف کو کون سی شرائط پر ریلی کی اجازت دی گئی؟

    اسلام آباد : اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون اور باقی علاقوں میں دفعہ 144 کا نفاذ رہے گا، کوئی بھی سڑک کسی طرح سے بلاک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پرامن ریلی کے لئے کورال سے روات تک اجازت دے دی گئی، اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے ریلی کے لئے باقاعدہ این او سی جاری کردیا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ریلی کو پرامن بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے 35 شرائط رکھی ہیں، اجازت صرف کورال چوک سےروات تک روٹ کے لئے دی گئی ہے۔

    اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا کہ ریڈ زون اور باقی علاقوں میں دفعہ 144 کا نفاذ رہے گا، کوئی بھی سڑک کسی طرح سے بلاک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    سرکاری اورنجی املاک کو ہرگز نقصان نہیں پہنچایا جائے گا، ریاست، مذہب، نظریہ پاکستان کے مخالف نعروں اور تقریروں کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ریلی میں ہتھیار، اسلحہ اور ڈنڈے وغیرہ لانے پر کارروائی ہوگی تاہم شرائط کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ریلی کے لئے اسلام آباد کیپیٹل پولیس باقاعدہ ٹریفک پلان جاری کرے گی۔