Tag: ریل گاڑی

  • ریل گاڑیاں اکثر پٹری سے اتر جاتی ہیں، وجہ کیا ہے؟

    ریل گاڑیاں اکثر پٹری سے اتر جاتی ہیں، وجہ کیا ہے؟

    اسلام آباد: ریلوے حادثات بالخصوص ریل اور مال گاڑیوں کی پٹری سے اترنے اور ریلوے کے دیگر مسائل کے حوالے سے قائمہ کمیٹی نے ایک سب کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو اس سلسلے میں تحقیقات کرے گی۔

    آج پیر کو رائے حسن نواز کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری ریلوے کی طرف سے وزارت ریلوے کی کارکردگی سے متعلق کمیٹی ممبران کو بریفنگ دی گئی۔

    چیئرمین کمیٹی نے نشان دہی کی کہ ریلوے کے حادثات سے متعلق آئے دن سنتے ہیں، مال گاڑیاں اکثر پٹری سے اتر جاتی ہیں، اس کی وجوہ کیا ہیں؟ پاکستان میں 279 ٹریک نان فنکشنل ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے ریلوے مسائل کے حوالے سے ایک سب کمیٹی تشکیل دے دی۔ ریلوے اراضی سے متعلق معاملے پر ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی، چیئرمین نے کہا ریلوے کی زمینوں پر قبضہ مافیا قابض ہے۔

    ذیلی کمیٹی کے کنوینر رمیش لال ہوں گے، اس کے ارکان میں وسیم قادر، ذوالفقار علی اور احمد سلیم صدیقی شامل ہوں گے، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ریلوے کے انچارج منسٹر میٹنگ میں نہیں آئے، انھیں کمیٹی کی آئندہ میٹنگ میں ضرور آنا چاہیے۔

    اجلاس میں چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ کیا ریلوے کا منافع وزارت ریلوے کی ڈیولپمنٹ پر خرچ ہو رہا ہے؟ پچھلے 10 سال میں کتنے لوگ رکھے گئے ہیں، کتنی سیاسی بھرتیاں ہوئیں؟ ریلوے کے ٹریک جو کام نہیں کر رہے ان سے متعلق کیا حکمت عملی ہے؟ پاکستان بننے کے بعد پاکستان ریلوے نے کتنے نئے ٹریک بنائے ہیں؟ ایم ایل ون کا کیا اسٹیٹس ہے؟

    سیکریٹری ریلوے نے ارکان کو بتایا کہ دنیا بھر میں ایک بار پھر سے ریلوے کو بحال کیا جا رہا ہے، ہم اپنے مشن کو نیشنل ٹرانسپورٹ وژن کے تحت لے کر آ رہے ہیں، ہم سرمایہ کاری کی بنیاد پر سولر سسٹم لگوانا چاہتے ہیں اور ریلوے میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کروا رہے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ ایم ایل فور ہماری پلاننگ مرحلے میں ہے، مستقبل میں دو نئی لائنیں بھی بنانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت ریلوے کے مسائل میں سے فیول اور پنشن بڑے مسائل ہیں، ریلوے کا 95 فی صد بجٹ پنشن اور فیول میں جا رہا ہے، پرائیویٹ سیکٹر کی سرمایہ کاری بھی ریلوے میں کم ہے، 2022 کے سیلاب میں بلوچستان اور سندھ میں ٹریک کو بھاری نقصان بھی پہنچا۔

    ایک ممبر کمیٹی نے بتایا کہ چارسدہ میں ریلوے ٹریک موجود ہے مگر ریلوے سروس نہیں ہے، ریلوے کی قیمتی زمین خالی پڑی ہے کسی نے قبضہ نہیں کیا، انھوں نے سوال اٹھایا کہ چارسدہ کی ریلوے کی زمین کو لیز پر دینے یا کارآمد بنانے کے لیے وزارت ریلوے نے کیا کردار ادا کیا ہے؟

  • شرط جیتنے کے لیے شہری ریل کے نیچے لیٹ گیا

    شرط جیتنے کے لیے شہری ریل کے نیچے لیٹ گیا

    ساہیوال: پنجاب کے شہر ساہیوال میں ایک شخص شرط کے لیے اپنی زندگی خطرے میں ڈالتے ہوئے ریل گاڑی کے نیچے لیٹ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ساہیوال میں ایک شخص نے مال گاڑی کے نیچے لیٹ کر رئیل لائف اسٹنٹ کھیلا، لیکن اسے یہ حرکت مہنگی پڑ گئی، ڈسٹرکٹ پولیس ساہیوال نے اسے گرفتار کر کے لاک اپ کر دیا ہے۔

    گرفتار شخص نے محض ایک شرط کے لیے پٹری کے درمیان لیٹ کر ٹرین اوپر سے گزرنے دی، اس کے ساتھیوں نے اس عمل کی ویڈیو بھی بنا ڈالی، ویڈیو کے مطابق مذکورہ ادھیڑ عمر شخص نے پٹری کے درمیان لیٹ کر مال گاڑی کا انتظار کیا اور پھر مال گاڑی آنے پر اس کے گزرنے تک لیٹا رہا۔

    پٹری کے نزدیک بیٹھے افراد اس کو گردن نیچے رکھنے کا مشورہ بھی دیتے رہے، مال گاڑی گزرنے کے بعد وہ پٹریوں سے ہٹا تو اس کے ساتھیوں نے اسے گلے لگا کر مبارکباد دی۔

    ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران نوجوان چلتی ٹرین سے گر گیا

    تاہم اس واقعے کی اطلاع مقامی پولیس کو بھی مل گئی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو گرفتار کر لیا۔ خیال رہے کہ اپنی زندگی جان بوجھ کر خطرے میں ڈالنے یا خود کشی کرنے پر بھی پولیس شہریوں کو گرفتار کر سکتی ہے۔

    زندگی اتنی ان مول شے ہے کہ ایک بار چلی جائے تو واپس کبھی نہیں آتی، اس لیے اس کی حفاظت انسان پر لازم ہوتی ہے، معمولی سے فائدے کے لیے اسے خطرے میں ڈالنا بے وقوفی ہی کہلائی جا سکتی ہے۔

  • سال 2019 محکمہ ریلوے کے لیے حادثوں کا سال رہا

    سال 2019 محکمہ ریلوے کے لیے حادثوں کا سال رہا

    سکھر: سال 2019 محکمہ ریلوے کے لیے حادثوں کا سال رہا ہے، جہاں ملک کے مختلف علاقوں میں ریل گاڑیوں کو حادثات پیش آئے وہاں سندھ کے ضلع سکھر کی حدود میں بھی 2 درجن سے زائد حادثے ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق سال 2019 میں ریلوے حادثات نے مسافروں کو خوف میں مبتلا رکھا، سفر غیر محفوظ ہونے کے باعث ریلوے کے ذریعے سفر کرنے میں کمی پائی گئی، ریلوے حکام حادثات پر کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے علی محمد شر کی رپورٹ کے مطابق جنوری سے دسمبر تک ریلوے سکھر ڈویژن کی حدود میں ڈی ایس ریلوے سکھر کے ریکارڈ کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ رواں سال کے دوران 30 سے زائد چھوٹے بڑے ریلوے کے حادثات پیش آئے، جن میں سو سے زائد انسانی جانیں لقمۂ اجل بنیں جب کہ کئی افراد کو معذوری کا سامنا کرنا پڑا، دوسری طرف ریلوے حکام افسوس اور معذرت کے علاہ کچھ نہ کر سکے۔

    رواں سال محکمہ ریلوے کی لاپرواہی کے سبب سب سے بڑا حادثہ تیز گام ایکسپریس کو پیش آیا، یہ سانحہ اکتوبر میں ہوا جس میں 75 جانیں ضایع ہوئیں، دوسرا بڑا حادثہ اکبر ایکسپریس کو پیش آیا جس نے 21 جانوں کا چراغ گُل کیا، اس حادثے میں 100 افراد ذخمی ہوئے تھے۔

    اسی طرح رواں سال ریلوے پھاٹک نہ ہونے کے باعث بھی 26 لوگ پٹریوں پر زندگی کی بازی ہارے، حسب روایت ریل گاڑیوں کا پٹریوں سے اترنا بھی معمول بنا رہا۔

  • پاکستان میں تمباکو نوشی کرنے والوں کے لیے بری خبر آ گئی

    پاکستان میں تمباکو نوشی کرنے والوں کے لیے بری خبر آ گئی

    کراچی: محکمہ ریلوے نے ایک بڑا فیصلہ کر لیا ہے، ہوائی جہاز کے بعد ریل گاڑیوں میں بھی تمباکو نوشی پر پابندی عائد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پولیس ریلوے آفس نے تمباکو نوشی پر پابندی سے متعلق مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ریلوے اسٹیشن اور ریلوے کے دفاتر میں تمام اقسام کی تمباکو نوشی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے تمام ریلوے اسٹیشنز اور دفاتر پر اس فیصلے کا اطلاق ہوگا، پابندی امتناع تمباکو نوشی آرڈیننس 2002 کے تحت عائد کی گئی ہے، تمباکو نوشی پر پابندی کا فیصلہ وزارت قومی صحت کی سفارش پر کیا گیا۔

    مراسلے کے مطابق ریلوے اسٹیشنز کی حدود میں تمام اقسام کی تمباکو نوشی پر پابندی ہوگی، ریلوے اسٹیشنز پر دکان دار، ویٹرز، ہاکر، قلی تمباکو نوشی نہیں کر سکیں گے، قانون شکن کے خلاف امتناع تمباکو نوشی ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی، امتناع تمباکو نوشی آرڈیننس کے تحت ٹرینیں پبلک ٹرانسپورٹ ہیں۔

    وزارت ریلوے کے افسران قانون شکنوں کے خلاف کارروائی کے مجاز مقرر کیے گئے ہیں، ٹرین ڈرائیور، کنڈیکٹر، گارڈ، ویٹنگ روم منیجر مجاز افسران ہوں گے، ریلوے پولیس کا اے ایس آئی، بالا رینک افسر کارروائی کا مجاز ہوگا، پولیس متعلقہ ریلوے اسٹیشن پر قانون پر عمل درآمد کے لیے ذمہ دار ہوگی۔

  • بھکر میں اتوار کو ریل گاڑی پٹری سے اترنے کے بعد ٹریک آج بحال

    بھکر میں اتوار کو ریل گاڑی پٹری سے اترنے کے بعد ٹریک آج بحال

    بھکر: پنجاب کے ضلع بھکر کی تحصیل کلور کوٹ کے قریب متاثرہ ریلوے ٹریک 36 گھنٹے کے بعد بحال کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کو بھکر میں کلور کوٹ کے قریب ایک مال بردار ریل گاڑی پٹری سے اتر گئی تھی، جس کے بعد ٹریک کو بند کر دیا گیا تھا، محکمہ ریلوے 22 گھنٹوں میں بھی ٹریک کو بحال نہ کر سکا تھا۔

    ریلو حکام کا کہنا ہے کہ آج ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے، راولپنڈی جانے والی ٹرین کو ٹریک سے گزار دیا گیا ہے۔

    ریلوے حکام کے مطابق اتوار کو کلورکوٹ کے قریب مال بردار ریل گاڑی پٹری سے اتر گئی تھی، اور اس کی 7 بوگیاں 6 فٹ گہری کھائی میں گر گئی تھیں، حادثے کی وجہ سے فوری طور پر کوٹ ادو، کندیاں سیکشن گاڑیوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ ملتان سے روالپنڈی جانے والی ٹرینوں کو بھی مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں، آپریشن معطل، ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر

    ریلوے حکام نے کہا تھا کہ دھند بہت زیادہ ہے اس لیے امدادی کارروائیاں دن میں شروع کی جائیں گی، تاہم دوسرے دن بھی ریلوے ٹریک کو بحال نہیں کیا جا سکا، 22 گھنٹوں میں صرف 2 بوگیاں ٹریک سے ہٹائی جا سکی تھیں۔

    گزشتہ روز مہر، تھل اور خوشحال خان ایکسپریس کو براستہ فیصل آباد، شاہین آباد روانہ کر دیا گیا تھا۔ ریلوے حکام کے مطابق آج 36 گھنٹے بعد کوٹ ادو کندیاں سیکشن پر ریلوے ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے۔

  • عید اسپیشل ٹرینیں چلانے، معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ

    عید اسپیشل ٹرینیں چلانے، معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ

    لاہور: وزارت ریلوے نے بقر عید پر اسپیشل ٹرینیں چلانے اور معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عید پر خصوصی ٹرینوں کے ساتھ ساتھ معمول کی ٹرینوں میں اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر کیا گیا۔

    ریلوے ترجمان نے بتایا ہے کہ 7، 8، 9، اور 10 اگست کو ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگائی جائیں گی۔

    ترجمان کے مطابق چاروں دن 5 شیڈول ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ ہوا ہے، ان اضافی کوچز کی بکنگ فوری طور پر کھول دی گئی ہے۔

    شیڈول کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین 10 اگست کو کراچی سے راولپنڈی براستہ لاہور روانہ ہوگی، دوسری عید اسپیشل ٹرین 10 اگست کو کوئٹہ سے راولپنڈی براستہ لاہور روانہ ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وفاقی حکومت کا عید الاضحیٰ پر چار چھٹیاں دینے کا اعلان، نوٹی فکیشن جاری

    ریلوے ترجمان کا کہنا تھا کہ عید اسپیشل ٹرینوں کی بکنگ 24 گھنٹے پہلے کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے عید الاضحیٰ پر ملک بھر میں سرکاری تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق چھٹیاں 12 سے 15 اگست تک ہوں گی۔

    واضح رہے کہ آئے دن ٹرینوں کی تاخیر کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے، آج بھی لاہور سے مختلف شہروں کے لیے روانہ ہونے والی ٹرینیں تاخیر کا شکار رہیں، ان ریل گاڑیوں میں کراچی ایکسپریس، جناح ایکسپریس، اکبر ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور پاکستان ایکسپریس شامل تھیں۔

    شیخ رشید نے ٹرینوں کی تاخیر کے حوالے سے کہا کہ ایک ماہ کی مہلت دے دیں، بارشوں کی وجہ سے سگنل سسٹم متاثر ہوتا ہے، ہماری 136 میں سے 6 ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں لیکن وہ بھی ایک ماہ میں ٹھیک ہو جائیں گی۔

  • حیدر آباد حادثے کے بعد ٹرین آپریشن تا حال تاخیر کا شکار

    حیدر آباد حادثے کے بعد ٹرین آپریشن تا حال تاخیر کا شکار

    کراچی: تین دن قبل پیش آنے والے حیدر آباد حادثے کے بعد ٹرین آپریشن تا حال تاخیر کا شکار ہے، ٹرینیں تاخیر سے آنے کی وجہ سے کراچی سے روانگی میں بھی تاخیر کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو حیدر آباد ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک ہی ٹریک پر چلنے والی دو ریل گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے حادثے کے بعد سے اب تک ٹرین آپریشن بحال نہیں کیا جا سکا ہے۔

    ریل گاڑیاں تاخیر سے کراچی آ رہی ہیں جس کی وجہ سے کراچی سے جانے والی ٹرینیں بھی تاخیر سے نکل رہی ہیں۔

    لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس 5 گھنٹے تاخیر سے سوا 9 بجے روانہ ہوگی، ملت ایکسپرس ایک گھنٹہ 45 منٹ تاخیر سے 6 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوگی۔

    تیزگام ایکسپریس 2 گھنٹے تاخیر سے 7 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگی جب کہ سکھر ایکسپریس ایک گھنٹہ تاخیر سے رات 11 بجے روانہ ہوگی۔

    تازہ خبریں پڑھیں:  اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق

    ریلوے حکام نے ہدایت جاری کی ہے کہ مسافر معلومات کے لیے ریلوے انکوائری 117ـ021 پر رابطہ کریں۔

    یاد رہے کہ حیدر آباد کے قریب کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، اس حادثے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں جناح ایکسپریس کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور اور گارڈ شامل تھے، حادثہ اتنا شدید تھا ٹرینوں کے ٹکرانے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

  • اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق

    اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق

    اسلام آباد: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے ریل حادثات کی وجہ اضافی ریل گاڑیوں کو قرار دے دیا، کہا اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریل سیکورٹی کی تمام ایس او پیز پر کمپرومائز کیا ہے، صدر کو خوش کرنے کے لیے انھوں نےدھابیجی ایکسپریس چلائی۔

    سابق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ن لیگ دور میں ریلوے کے ایندھن کا ذخیرہ 20 روز کا تھا، موجودہ حکومت میں ریلوے کے ایندھن کا ذخیرہ 3 دن رہ گیا ہے۔

    سعد رفیق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریل کرایوں میں اضافے کی بھی شدید مذمت کی، کہا تبدیلی سرکار نے ریلوے کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا، ن لیگ نے ریلوے ریونیو کو 50 ارب تک پہنچایا تھا، ریلوے کا سالانہ ترقیاتی بجٹ بھی 40 ارب تک پہنچایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  شیخ رشید کو وزارت ملنے کے بعد ریل حادثات بڑھ گئے: اپوزیشن، استعفے کا مطالبہ

    انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریلوے کے ترقیاتی بجٹ کے لیے 16 ارب رکھے ہیں، جب کہ اس بجٹ میں ریلوے کے خسارے کا تخمینہ بھی 39 ارب لگایا گیا۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے آنے کے ساتھ ہی ریل کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے، دو روز قبل ریل کرایوں میں دوبارہ 7 فی صد اضافہ کیا گیا۔

    متعلقہ خبر:  سندھ حکومت کا ریلوے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کو سالانہ 100 ارب روپے بجٹ درکار ہے، باقی اداروں کی طرح پاکستان ریلوے کو بھی تباہ کر دیا گیا، تبدیلی سرکار منتخب کرانے والے تبدیلی کے مزے لے رہے ہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے پر بھی حکومت قوم سے جھوٹ بول رہی ہے، ایم ایل ون پر چین سے معاہدہ نہیں محض ایم او یو ہوا۔

  • پشاور سے کراچی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آگ لگ گئی

    پشاور سے کراچی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آگ لگ گئی

    لودھراں: پشاور سے کراچی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آگ لگ گئی، تیزگام کو پنجاب کے شہر لودھراں میں روک کر ریسکیو آپریشن کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے شہر پشاور سے کراچی آنے والی تیز گام ایکسپریس میں آتش زدگی کے باعث ریل گاڑی لودھراں میں روک لی گئی۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ تیز گام ایکسپریس میں آگ کوچ نمبر 20 میں لگی، آگ لگنے پر تیز گام ایکسپریس کو بستی دوران والا پھاٹک کے قریب روک لیا گیا۔

    تیز گام ایکسپریس ٹرین میں وی آئی پی سیلون مکمل طور پر جل گیا، یہ وی آئی پی سیلون کراچی سے ڈی ایس (ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ) ریلوے کو لینے کے لیے لگایا گیا تھا۔

    ریسکیو ذرایع نے بتایا کہ آتش زدگی کے بعد وی آئی پی سیلون تیز گام ایکسپریس سے الگ کر دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  شیخ رشید وزیر اعظم کا خصوصی پیغام لے کر کل ایران روانہ ہوں گے

    خیال رہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید کل تین روزہ سرکاری دورے پر ایران روانہ ہو رہے ہیں، جہاں وہ اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے، اور ایرانی صدر حسن روحانی کو وزیرِ اعظم عمران خان کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے۔

    شیخ رشید قازوین تا رشت ریلوے روٹ کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک ہوں گے، ایرانی حکومت نے وزیر ر یلوے کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔