Tag: ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

  • عدلیہ مخالف نعرے لگانے والے ملزمان 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    عدلیہ مخالف نعرے لگانے والے ملزمان 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    لاہور : قصور میں ہونے والے عدلیہ مخالف مظاہرے کے گرفتار ملزمان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کردیا گیا، عدالت نے تمام ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، ججز کو گالیاں دینے کا معاملہ اے آر وائی نیوز نے اٹھایاتھا۔

    تفصیلات کے مطابق قصور میں ہونے والے عدلیہ مخالف مظاہرے کے ملزمان کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    سرکاری وکیل نے مؤقف اپنایا کہ نامزد ملزمان نے13اپریل کو قصور کشمیر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا، ملزمان نے احتجاج کے دوران عدلیہ مخالف نعرے بازی کی اور چیف جسٹس کیخلاف نامناسب الفاظ استعمال کیے۔

    مزید پڑھیں: عدلیہ مخالف ریلی، مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی گرفتار

    اس حوالے سے  ملزمان کیخلاف ویڈیو ثبوت بھی موجود ہیں، انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل ہونے کے بعد دوبارہ سے تفتیش کی ضرورت ہے۔ سرکاری وکیل نے استدعا کی ملزمان سے تفتیش کے لیے15روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

    مزید پڑھیں: ن لیگی رہنماؤں کا عدلیہ مخالف ریلی میں اشتعال انگیز زبان کا استعمال

    عدالت میں ملزمان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کیخلاف جو ایف آئی آر درج ہوئی ہے، اس میں دہشت گردی کی دفعہ شامل نہیں ہو سکتی، پولیس نے جن ملزمان کو گرفتار کیا ہے ان کا اس احتجاج سے کوئی تعلق نہیں۔ بعدا زاں فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے تمام ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

  • بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر رئیس مما 20روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر رئیس مما 20روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کراچی : انٹرپول کی مدد سے ملائیشیا سے گرفتار ہونے والے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر کو بیس روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اہم انکشافات کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سنگین جرائم میں کراچی پولیس کو مطلوب ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر رئیس مما نے تفتیش میں بڑے انکشاف کر دیئے۔ پولیس نے ان انکشافات کی تحقیقات کے لئے جےآئی ٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

    قتل، دہشت گردی، بھتہ خوری  اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث  مطلوب مبینہ ٹارگٹ کلر رئیس مما پولیس کی گرفت میں آگیا، ایم کیو ایم کورنگی کے سابق سیکٹر انچارج کو انٹرپول کی مدد سےملائیشیا سے گرفتارکر کے گزشتہ روز پاکستان لایا گیا۔

    ملزم کو کراچی ایئر پورٹ سے پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا، ملزم رئیس مما کو آج سندھ ہائی کورٹ میں پیش کیا گیا، اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، عدالت نے پولیس کی استدعا پر ملزم کو بیس دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ وہ ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی کا فرنٹ مین تھا،چکراگوٹھ میں پولیس وین پر فائرنگ کی تھی،جس میں بارہ سے زائد اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا۔

    مزید پڑھیں:  ٹارگٹ کلر رئیس مما انٹرپول کے ذریعے گرفتار، ملزم ملائیشیا سے پاکستان منتقل

    اس کے علاوہ ایم کیوایم حقیقی کے درجنوں کارکنوں سمیت لیاری گینگ وار عزیرگروپ کے کمانڈر ملا راجو اور اس کے درجن سے زائد ساتھیوں کو قتل کیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ کورنگی میں چار اور زمان ٹاؤن میں آٹھ مقدمات کا ریکارڈ ملا ہے، رئیس مما سے تفتیش کے لئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔