Tag: ریمیڈیسیور انجیکشن

  • بھارت: نہر سے ریمیڈیسیور انجیکشن کی کھیپ برآمد

    بھارت: نہر سے ریمیڈیسیور انجیکشن کی کھیپ برآمد

    نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس کی خوفناک صورتحال کے بعد آکسیجن اور دواؤں کی قلت پیدا ہوگئی ہے تاہم پنجاب میں نہر سے ریمیڈیسیور انجیکشن کی پوری کھیپ برآمد ہونے کے بعد حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست پنجاب کی بھاکھڑا نہر سے سینکڑوں ریمیڈیسیور اور چیسٹ انفیکشن کے انجیکشن برآمد کیے گئے ہیں۔

    ان میں سرکاری اسپتالوں کو سپلائی کیے جانے والے 14 سو 56 انجیکشن، 621 ریمیڈیسیور انجیکشن اور 849 بغیر لیبل کے انجیکشن بھی شامل ہیں، انجیکشنز کے اصل یا نقل ہونے کی تصدیق ابھی نہیں ہو پائی ہے۔

    ریمیڈیسیور انجیکشن پر 5400 ایم آر پی اور مینو فیکچرنگ کی تاریخ مارچ 2021 درج ہے، ان انجیکشنز کی ایکسپائری تاریخ نومبر 2021 ہے، اسی طرح سیفو پیرازون انجیکشن پر مینو فیکچرنگ کی تاریخ اپریل 2021 اور ایکسپائری تاریخ مارچ 2023 درج ہے۔

    ان ٹیکوں پر فار گورنمنٹ سپلائی، ناٹ فار سیل بھی لکھا ہوا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کے خطرناک پھیلاؤ کے باعث ملک میں ریمیڈیسیور اور سینے کے انفیکشن کے انجکشنز کی نہ صرف قلت پیدا ہوگئی ہے بلکہ ان کی بلیک میں فروخت بھی جاری ہے۔

    پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کا کہنا ہے کہ ریاست آکسیجن، ٹینکر، ویکسین اور دوائیوں کی کمی کے علاوہ وینٹی لیٹر کی قلت کا بھی شکار ہورہی ہے۔

    اس کے باوجود نہر سے انجیکشنز کی کھیپ برآمد ہونے پر پورے ملک میں تنقید ہورہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے دوائیں ضائع ہورہی ہیں۔

  • بھارت: ریمیڈیسیور انجیکشن چرانے والا ملزم گرفتار

    بھارت: ریمیڈیسیور انجیکشن چرانے والا ملزم گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں ایک رکشہ ڈرائیور نے ٹی وی پر دواؤں کی قلت کے بارے میں سنا تو ریمیڈیسیور انجیکشن چرانے کے لیے نکل کھڑا ہوا تاہم اپنے مقصد میں ناکام رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ٹی وی پر دوائیوں کی قلت کی خبریں سن کر رکشہ ڈرائیور نے ریمیڈیسیور انجیکشن چرانے کے لیے میڈیکل اسٹورز کو نشانہ بنانا شروع کردیا۔

    رکشہ ڈرائیور نے باندرہ سے بوریولی کے درمیان متعدد میڈیکل اسٹورز کا تالا توڑ کر چوریاں کیں، اسے اپنی مطلوبہ چیز تو نہیں ملی تاہم وہ پیسے اور خشک میوہ جات چرا کر فرار ہوگیا۔

    پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چور کو گرفتار کرلیا، ملزم کی عمر 24 سال ہے اور وہ ایک درجن سے زائد میڈیکل اسٹورز میں چوری کی وارداتیں انجام دے چکا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے خبروں میں دوائیوں کی قلت کے بارے میں سنا جس کے بعد وہ انجیکشن چرانے نکل کھڑا ہوا، ملزم اس سے قبل بھی چوری کی وارداتوں میں جیل کاٹ چکا ہے۔